Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • احمدپور شرقیہ: خاتون نے خود کو آگ لگا لی، 88 فیصد جھلسنے کے بعد بہاول وکٹوریہ ہسپتال منتقل

    احمدپور شرقیہ: خاتون نے خود کو آگ لگا لی، 88 فیصد جھلسنے کے بعد بہاول وکٹوریہ ہسپتال منتقل

    اوچ شریف(باغی ٹی وی،نامہ نگار حبیب خان)ضلع بہاولپور کی تحصیل احمدپور شرقیہ کے علاقے مہراب والا میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 54 سالہ خاتون نے مبینہ طور پر خود پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا لی، جس کے نتیجے میں وہ 88 فیصد جھلس گئیں۔

    ریسکیو 1122 ذرائع کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی گورنمنٹسکول مہراب والا کے قریب جائے وقوعہ پر ریسکیو وہیکل BPA-32 روانہ کی گئی۔ ریسکیو عملے نے فوری طور پر متاثرہ خاتون کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور تشویشناک حالت کے پیش نظر انہیں ٹی ایچ کیو ہسپتال احمدپور شرقیہ منتقل کیا۔

    ریسکیو اسٹاف کے مطابق متاثرہ خاتون کے بیٹے نے بیان دیا کہ گھر میں کسی قسم کی لڑائی یا جھگڑا نہیں ہوا تھا، تاہم ان کی والدہ پر نامعلوم افراد کی جانب سے تعویز اور عاملانہ عمل کروایا گیا تھا، جس کے باعث وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھیں۔ اہل خانہ کے مطابق اسی ذہنی کیفیت کے تحت خاتون نے خود پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا لی۔

    ٹی ایچ کیو ہسپتال احمدپور شرقیہ میں ابتدائی طبی معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے خاتون کی حالت نازک قرار دیتے ہوئے انہیں فوری طور پر بہاول وکٹوریہ ہسپتال (BVH) ریفر کر دیا، جہاں وہ برن یونٹ میں زیر علاج ہیں۔

    ریسکیو رپورٹ کے مطابق متاثرہ خاتون کے جسم کا تقریباً 88 فیصد حصہ شدید طور پر جھلس چکا ہے، جس میں زیادہ تر جلنے کی نوعیت Superficial (جلد کی سطحی مگر وسیع جلن) بتائی جا رہی ہے۔

    متاثرہ خاتون کی شناخت سکینہ بی بی زوجہ خادم حسین، عمر 54 سال کے طور پر ہوئی ہے، جو بستی رنگ پور، مہراب والا، احمدپور شرقیہ کی رہائشی ہیں۔

    ریسکیو حکام کے مطابق ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات متعلقہ ادارے کر رہے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ خاتون کن حالات اور عوامل کے باعث اس انتہائی اقدام تک پہنچیں۔

  • اوکاڑہ: اسسٹنٹ کمشنر کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ، طبی سہولیات کا سخت جائزہ

    اوکاڑہ: اسسٹنٹ کمشنر کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ، طبی سہولیات کا سخت جائزہ

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی/نامہ نگار ملک ظفر)اوکاڑہ میں اسسٹنٹ کمشنر احمد شیرگوندل نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ کر کے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔

    اس موقع پر انہوں نے ایمرجنسی وارڈ، فارمیسی اور دیگر شعبوں کا دورہ کیا، زیر علاج مریضوں کی خیریت دریافت کی اور علاج معالجے کے معیار پر توجہ دی۔ اس کے علاوہ ہسپتال کے سٹاک رجسٹر اور عملے کے حاضری رجسٹر کی پڑتال بھی کی گئی، جبکہ فارمیسی میں ادویات کے سٹاک اور معیاد کا جائزہ بھی لیا گیا۔

    اسسٹنٹ کمشنر احمد شیرگوندل نے ہسپتال کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف سے کہا کہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت فرائض انجام دیں اور صحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز نہ کریں، تاکہ مریضوں کو معیاری علاج اور سہولیات بروقت میسر آ سکیں۔

  • عوام کے پاس پیپلز پارٹی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں،اگلا وزیراعظم بلاول بھٹو ہوگا.گورنر سلیم حیدر

    عوام کے پاس پیپلز پارٹی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں،اگلا وزیراعظم بلاول بھٹو ہوگا.گورنر سلیم حیدر

    سرگودھا (باغی ٹی وی،نامہ نگارملک شاہنوازجالپ)سرگودھا میں ڈویثرنل بلدیاتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ عوام نوشتہ دیوار پڑھ لیں، اگلا وزیر اعظم بلاول بھٹو ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم حکومت کے ساتھ محبت میں نہیں بلکہ مجبوری میں ہیں، جبکہ ائیر کنڈیشنر کمروں میں بننے والی پالیسیوں سے عوام مایوس اور پریشان ہیں۔ سردار سلیم حیدر نے پیپلز پارٹی کو غریب اور کمزور کی آواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ پریشان عوام کے پاس پارٹی کے علاوہ کوئی متبادل نہیں۔

    گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ذاتی مفادات کی بجائے ملکی مفادات کو ترجیح دی ہے اور عوامی مسائل کے حل میں پیش پیش رہی ہے۔

    پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے خطاب میں پنجاب حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صوبے میں سی سی ڈی کے ذریعے چھوٹے ڈاکوؤں کو مروایا جا رہا ہے، جبکہ بڑے ڈاکو بنک لوٹنے میں مصروف ہیں اور انہیں تحفظ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کسانوں اور کاشتکاروں کی حالت زار پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ کینو یا آلو کی فصلیں سب تباہ ہو رہی ہیں، جس سے کسان و کاشتکار شدید پریشان ہیں۔

    سابق وزیر مملکت تسنیم احمد قریشی نے کنونشن سے خطاب میں بتایا کہ 31 جنوری کو لاہور میں صوبے بھر کے بلدیاتی نمائندوں اور عہدیداران کے لیے صوبائی کنونشن منعقد کیا جائے گا۔ ڈویثرنل بلدیاتی کنونشن میں سرگودھا ڈویژن کے پارٹی عہدیداروں اور جیالوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

  • اوکاڑہ میں گڈ گورننس اقدامات پر عملدرآمد کے لیے اہم اجلاس

    اوکاڑہ میں گڈ گورننس اقدامات پر عملدرآمد کے لیے اہم اجلاس

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی/نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت مفادِ عامہ کے پیش نظر حکومتِ پنجاب کے گڈ گورننس اقدامات پر مؤثر عملدرآمد کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شعجین وسطرو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر نور محمد، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مرغوب حسین ڈوگر، ایس ڈی ای او پیرا وسیم جاوید، ایس این اے افضال حسین بلوچ سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں پرائس کنٹرول میکانزم، ستھرا پنجاب مہم، تجاوزات کے خلاف جاری اور آئندہ سخت کارروائیوں، شہر کی خوبصورتی کے لیے جاری ڈویلپمنٹ اسکیمز، پارکس کی تزئین و آرائش اور وزیراعلیٰ پنجاب کے دیگر گڈ گورننس اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ ان منصوبوں پر مکمل سنجیدگی، شفافیت اور تسلسل کے ساتھ عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو براہِ راست ریلیف مل سکے۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوامی خدمت کی واضح پالیسی پر عمل پیرا ہیں اور انہی گائیڈ لائنز کے مطابق حکومتِ پنجاب فلاحِ عامہ کے لیے وسیع اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ فیلڈ میں موجود رہ کر عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں، لوگوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے متحرک انداز اپنائیں اور حکومتی پالیسیوں کے ثمرات نچلی سطح تک پہنچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

  • سیالکوٹ: آل راجپوت ویلفیئر آرگنائزیشن کی نئی قیادت، فلاحی سرگرمیوں کا آغاز

    سیالکوٹ: آل راجپوت ویلفیئر آرگنائزیشن کی نئی قیادت، فلاحی سرگرمیوں کا آغاز

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی/بیورو چیف مدثر رتو)سیالکوٹ میں آل راجپوت ویلفیئر آرگنائزیشن ضلع سیالکوٹ کی حلف برداری کی شاندار اور پروقار تقریب 24 جنوری 2026 بروز ہفتہ شام 7 بجے تاج ہوٹل، کچہری روڈ میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں راجپوت برادری سے تعلق رکھنے والے پروفیسرز، ڈاکٹرز، انجینئرز، وکلا سمیت سرکاری و غیر سرکاری شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی، جس سے تقریب کے وقار میں نمایاں اضافہ ہوا۔

    تقریب کے دوران ضلعی عہدیداران سے حلف لیا گیا، جن میں ضلعی صدر رانا ظفر اقبال، سینئر نائب صدر ندیم السلام سلہری، نائب صدر رانا اجمل، جنرل سیکرٹری صائم طاہر اور فنانس سیکرٹری محمد عارف سلہری شامل ہیں۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر رانا ظفر اقبال نے تنظیم کے آئندہ لائحہ عمل پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ آل راجپوت ویلفیئر آرگنائزیشن کو ضلع سیالکوٹ کی چاروں تحصیلوں اور گلی محلوں تک منظم انداز میں متعارف کرایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تنظیم الخدمت کے ماڈل پر فری ڈسپنسری کے قیام، رمضان پیکجز کی تقسیم، مستحق بچوں کی کفالت اور دیگر فلاحی سرگرمیوں میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔

    تقریب میں شریک مخیر حضرات نے تنظیم کے فلاحی مشن کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ آخر میں ضلعی صدر نے تمام معزز مہمانوں اور شرکائے تقریب کا شکریہ ادا کیا، جبکہ کھانے کے بعد اجتماعی دعا کے ساتھ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔

  • ڈیرہ غازی خان میں ہیلمٹ پابندی ختم کرنے کا مطالبہ

    ڈیرہ غازی خان میں ہیلمٹ پابندی ختم کرنے کا مطالبہ

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی/نیوز رپورٹر شاہد خان)ڈیرہ غازی خان شہر کے اندر موٹر سائیکل سواروں پر عائد ہیلمٹ پابندی ختم کرنے کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے۔ شہریوں کا مؤقف ہے کہ ڈیرہ غازی خان ایک چھوٹا اور محدود رقبے پر مشتمل شہر ہے، جہاں اندرونِ شہر سفر نہایت کم وقت میں مکمل ہو جاتا ہے، اس لیے بڑے شہروں کی طرز پر سخت ہیلمٹ پابندی شہریوں کے لیے غیر ضروری مشکلات کا سبب بن رہی ہے۔

    شہریوں کے مطابق ڈیرہ غازی خان شہر کا مجموعی رقبہ تقریباً دو سے اڑھائی کلومیٹر پر محیط ہے، جہاں قادریہ چوک سے گھنٹہ گھر، گھنٹہ گھر سے کلمہ چوک، کلمہ چوک سے گولائی کمیٹی، گولائی کمیٹی سے ٹریفک چوک اور ٹریفک چوک سے لاری اڈا جیسے مصروف روٹس پر سفر عموماً دو سے چار منٹ جبکہ زیادہ سے زیادہ پانچ منٹ میں طے ہو جاتا ہے۔ ایسے مختصر فاصلے اور کم دورانیے کے سفر میں ہیلمٹ پابندی کو شہری غیر عملی قرار دے رہے ہیں۔

    عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ڈیرہ غازی خان کو ملتان یا لاہور جیسے بڑے شہروں کے ساتھ موازنہ کرنا درست نہیں، کیونکہ یہاں کی جغرافیائی ساخت، ٹریفک کا دباؤ اور شہری ضروریات یکسر مختلف ہیں۔ بڑے شہروں میں طویل فاصلے، شدید ٹریفک رش اور حادثات کی شرح زیادہ ہوتی ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان میں اندرونِ شہر ٹریفک کی نوعیت اور فاصلوں کی صورتحال اس کے برعکس ہے۔

    شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈیرہ غازی خان شہر کی حدود میں ہیلمٹ پابندی پر نظرثانی کی جائے اور مقامی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب فیصلہ کیا جائے، تاکہ عوام کو روزمرہ کے مختصر سفروں میں سہولت میسر آ سکے اور غیر ضروری جرمانوں اور مشکلات سے نجات حاصل ہو۔

  • رینالہ خورد: ڈرینوں کی تعمیر میں مبینہ کرپشن اور مجرمانہ بے ضابطگیاں، عمارتیں گرنے کا خدشہ

    رینالہ خورد (باغی ٹی وی/نامہ نگار)رینالہ خورد میں جاری ڈرینوں کی تعمیر کے دوران ناقص میٹریل کے استعمال اور بنیادوں (بیڈز) کی غیر معیاری کمپیکشن کے سنگین الزامات سامنے آئے ہیں، جس کے باعث نہ صرف قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے بلکہ مستقبل میں کروڑوں روپے مالیت کی تجارتی عمارتوں کو بھی شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کی ضلعی و تحصیل انتظامیہ کی جانب سے شہروں میں بیوٹیفیکیشن منصوبے کے پہلے مرحلے کے تحت بازاروں میں ڈرینوں کی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے۔ رینالہ خورد کے مصروف ترین علاقوں صدر بازار، پھاٹک بازار اور گوشت مارکیٹ میں بھی ڈرینوں کی تعمیر جاری ہے۔ تاہم شہریوں اور تاجروں کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں اور ٹھیکیداروں کی مبینہ ملی بھگت سے ڈرینوں کے بیڈز کی کمپیکشن مناسب طریقے سے نہیں کی جا رہی اور تعمیر میں مبینہ طور پر ناقص میٹریل استعمال کیا جا رہا ہے۔

    شہری حلقوں کے مطابق غیر معیاری تعمیر کے باعث ڈرینوں میں بہنے والا سیوریج اور بارشی پانی مستقبل میں ڈرینوں کے کناروں پر واقع دکانوں اور عمارتوں کی بنیادوں کو کمزور کر سکتا ہے، جس سے بڑے مالی نقصانات اور حادثات کا خدشہ بڑھ جائے گا۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اصلاح نہ کی گئی تو یہ مسئلہ آنے والے وقت میں ایک بڑے بحران کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔

    تاجروں اور شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، کمشنر ساہیوال، اینٹی کرپشن، ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ اور اسسٹنٹ کمشنر رینالہ خورد سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی فوری تحقیقات کر کے ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ڈرینوں کی تعمیر کو معیاری اصولوں کے مطابق یقینی بنایا جائے تاکہ شہر اور شہریوں کو ممکنہ نقصانات سے بچایا جا سکے۔

  • ننکانہ صاحب: رحمت سنٹر میں ریسکیو 1122 کی فائر سیفٹی موک ایکسرسائز، ڈپٹی کمشنر کا معائنہ

    ننکانہ صاحب: رحمت سنٹر میں ریسکیو 1122 کی فائر سیفٹی موک ایکسرسائز، ڈپٹی کمشنر کا معائنہ

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی/نامہ نگار احسان اللہ ایاز)عوام کے جان و مال کے تحفظ اور فائر سیفٹی اقدامات کو عملی شکل دینے کے لیے ریسکیو 1122 کی جانب سے ننکانہ صاحب لاری اڈا کے قریب واقع رحمت سنٹر میں فائر سیفٹی موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔ اس موک ایکسرسائز کی قیادت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 محمد اکرم پنوار نے کی، جس میں ریسکیو 1122 کے فائر فائٹرز اور ایمرجنسی ٹیموں نے فرضی آتشزدگی کی صورتحال میں بروقت رسپانس، ریسکیو اور فائر فائٹنگ کا بھرپور عملی مظاہرہ کیا۔

    ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے موک ایکسرسائز کا معائنہ کیا، ریسکیو 1122 کی کارکردگی کو سراہا اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو مزید بہتر انداز میں ادا کرنے پر زور دیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام کمرشل عمارتوں، مارکیٹوں اور ہائی رائز بلڈنگز میں فائر سیفٹی آلات کی دستیابی، کلیئر ایگزٹ و انٹری پوائنٹس اور حفاظتی سائن ایج کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آگ لگنے کے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر لائحہ عمل اور حفاظتی انتظامات نا مکمل ہونے کی صورت میں متعلقہ عمارت کو سیل کیا جائے گا۔

    ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ فائر سیفٹی ضوابط پر کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور متعلقہ ادارے باقاعدگی سے فائر ڈرلز اور موک ایکسرسائزز کا انعقاد یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی مقامات پر فائر سیفٹی کے حوالے سے آگاہی انتہائی ضروری ہے، جس کے لیے انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کے درمیان مؤثر کوآرڈینیشن کو مزید مضبوط کیا جا رہا ہے۔

    اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر محکموں کے ضلعی افسران بھی موجود تھے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ موک ایکسرسائز کا مقصد کسی بھی ممکنہ آتشزدگی کی صورت میں فوری رسپانس، ریسکیو آپریشن اور فائر فائٹنگ کے طریقہ کار کو جانچنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 جدید آلات اور تربیت یافتہ عملے کے ساتھ ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ موجودہ فائر ایمرجنسی کے تناظر میں ضلع بھر میں فائر سیفٹی اقدامات، فائر آڈٹ اور موک ایکسرسائزز کا سلسلہ جاری ہے تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

  • ننکانہ صاحب: تھانہ سٹی پولیس کی بڑی کارروائی، 40 لاکھ مالیت کی چوری شدہ گاڑی سمیت ملزم گرفتار

    ننکانہ صاحب: تھانہ سٹی پولیس کی بڑی کارروائی، 40 لاکھ مالیت کی چوری شدہ گاڑی سمیت ملزم گرفتار

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی/نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ڈی پی او ننکانہ فراز احمد کی ہدایات پر تھانہ سٹی ننکانہ پولیس نے بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو روز قبل 40 لاکھ روپے مالیت کی گاڑی چوری کرنے والے ملزم کو گرفتار کر کے چوری شدہ گاڑی برآمد کر لی ہے۔ اس کارروائی کو ننکانہ پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ قرار دیا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزم عدیل اسلم نے تھانہ سٹی کے علاقہ کرمانوالا کوٹ شورہ کوٹھی روڈ سے رینٹ اے کار کے ذریعے حاصل کی گئی گاڑی چوری کی اور موقع سے فرار ہو گیا تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ سٹی پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا اور جدید تکنیکی ذرائع اور پیشہ ورانہ مہارت کی مدد سے قلیل وقت میں ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس کے مطابق گرفتار ملزم عدیل اسلم ایک ریکارڈ یافتہ ملزم ہے جس کے خلاف اغواء سمیت 5 مقدمات درج ہیں۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ اس کے دیگر جرائم میں ملوث ہونے کے پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

    اس موقع پر ڈی پی او ننکانہ فراز احمد نے کہا کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا جا چکا ہے اور ننکانہ پولیس شہریوں کے جان و مال اور عزت کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔

  • ننکانہ صاحب: لیڈی کنسٹیبل سدرہ نسیم نے قومی سطح پر دو برانز میڈلز جیت کر ضلعی پولیس کا نام روشن کر دیا

    ننکانہ صاحب: لیڈی کنسٹیبل سدرہ نسیم نے قومی سطح پر دو برانز میڈلز جیت کر ضلعی پولیس کا نام روشن کر دیا

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی/نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ننکانہ صاحب ضلعی پولیس کی لیڈی کنسٹیبل سدرہ نسیم نے قومی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محکمہ پولیس کا نام روشن کر دیا۔ اس کامیابی پر ڈی پی او ننکانہ فراز احمد نے اپنے دفتر میں لیڈی کنسٹیبل سدرہ نسیم کو اعزازی شیلڈ، تعریفی سند اور نقد انعام سے نوازا۔ اس موقع پر ڈی پی او نے کہا کہ لیڈی کنسٹیبل سدرہ نسیم محکمہ پولیس کے لیے باعثِ فخر ہیں اور ان کی کامیابی دیگر اہلکاروں خصوصاً خواتین کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لیڈی کنسٹیبل سدرہ نسیم نے نیشنل گیمز اور نیشنل چیمپیئن شپ 2025 کے سلسلے میں کراچی میں ہونے والے سوفٹ بال مقابلوں میں حصہ لیا، جہاں انہوں نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے دو برانز میڈلز اپنے نام کیے۔ سدرہ نسیم اس وقت پولیس خدمت مرکز ننکانہ میں تعینات ہیں اور اپنے محکمانہ فرائض بھی نہایت ذمہ داری اور محنت سے سرانجام دے رہی ہیں۔

    اس موقع پر ایس پی انویسٹی گیشن حنا نیک بخت نے بھی لیڈی کنسٹیبل سدرہ نسیم کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے تعریفی سند پیش کی۔ ڈی پی او ننکانہ فراز احمد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ کھیل کے میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ننکانہ پولیس کے اہلکار ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی پولیس آئندہ بھی لیڈی کنسٹیبل سدرہ نسیم کو کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

    لیڈی کنسٹیبل سدرہ نسیم نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی جانب سے ملنے والی عزت افزائی اور افسران کے تعاون پر وہ دل سے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام خواتین کو یہ پیغام دینا چاہتی ہیں کہ چاہے کوئی بھی میدان ہو، ہمت، عزم اور لگن کے ساتھ کام کیا جائے تو کامیابی ضرور ملتی ہے۔ انہوں نے اپنے ڈیپارٹمنٹ کے تمام افسران کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کیا۔

    تقریب میں انچارج پولیس خدمت مرکز ریاست گجر اور دیگر افسران و اہلکار بھی موجود تھے۔