Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • پنجاب بار کونسل ڈیرہ نشست،عظمت اسلام غلزئی ایڈووکیٹ نےاکثریتی حمایت حاصل کرلی

    پنجاب بار کونسل ڈیرہ نشست،عظمت اسلام غلزئی ایڈووکیٹ نےاکثریتی حمایت حاصل کرلی

    ڈیرہ غازی خان (جواد اکبر بھٹی) ممبر پنجاب بار کونسل کے انتخابات قریب آتے ہی وکلاء برادری میں مشاورتی سرگرمیاں تیز ہو گئیں۔ اسی سلسلے میں 21 ستمبر 2025 کو ملک رشید احمد بھٹی ایڈووکیٹ کے دولت خانہ ملک ہاؤس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وکلاء اور معزز شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    ملک رشید احمد بھٹی ایڈووکیٹ نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور پرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا۔ اجلاس میں بھٹی لائرز گروپ اور ہم خیال دوستوں کی اکثریت نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ ممبر پنجاب بار کونسل ڈیرہ غازی خان کی نشست کے لیے عظمت اسلام غلزئی ایڈووکیٹ کی مکمل حمایت اور ووٹ دینے کا اعلان کیا جائے۔

    اجلاس میں محمد سلیم ملک ایڈووکیٹ سپریم کورٹ (سابق صدر و ممبر پنجاب بار کونسل)، عبدالغنی خان کھوسہ صدر بار ایسوسی ایشن ڈیرہ غازی خان، ملک رشید احمد بھٹی ایڈووکیٹ، خالد اقبال بھٹی ایڈووکیٹ،میاں عامر محمود بھٹی ایڈووکیٹ، ملک ایاز بھمبھانی، سردار محمود خان کھتران، عرفان اشرف بھٹی، اعجاز احمد خان کلاچی (سابق سیکرٹری بار)، محمد حنیف بھٹی، مظہر حسین بھٹی اور جواد اکبر بھٹی شریک ہوئے۔

    شرکاء نے کہا کہ اجلاس میں شریک نہ ہو سکنے والے وکلاء اور دوستوں کو بھی فیصلے پر اعتماد میں لے لیا گیا ہے۔ اختتام پر دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ عظمت اسلام غلزئی ایڈووکیٹ کو کامیابی عطا فرمائے اور دوستوں کو صحت و تندرستی کے ساتھ لمبی زندگی دے۔

  • غازی یونیورسٹی میں محکمہ بہبود آبادی کی یوتھ کانفرنس، متوازن خاندان اور ترقی پر زور

    غازی یونیورسٹی میں محکمہ بہبود آبادی کی یوتھ کانفرنس، متوازن خاندان اور ترقی پر زور

    ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر بھٹی) غازی یونیورسٹی میں محکمہ بہبود آبادی کے اشتراک سے ’’بااختیار نوجوان، متوازن خاندان، ترقی کی راہ پر گامزن‘‘ کے عنوان سے یوتھ کانفرنس منعقد ہوئی۔ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر نذر حسین کو رائی، ضلعی آفیسر بہبود آبادی ہما مہدی لغاری، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عتیق الرحمن، راؤ راشد حفیظ، محمد فیاض ڈھول، ڈاکٹر محمد عابد، عبد القدوس، محمد صدیق، پروفیسر ڈاکٹر ارشد منیر لغاری، پروفیسر ڈاکٹر سعد اللہ لغاری، ڈاکٹر محمد علی تارڑ اور دیگر اساتذہ شریک ہوئے۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر سمیرا بانو نے انجام دیے۔

    مقررین نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی ضرورت اور ان کے مثبت کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہی مستقبل کے معمار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معیاری تعلیم، صحت کی سہولیات، رہنمائی اور بہتر مواقع فراہم کرکے نوجوان نسل کو اپنی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کے قابل بنایا جا سکتا ہے، تاکہ وہ ایک متوازن، خوشحال اور ترقی یافتہ معاشرے کے قیام میں مؤثر کردار ادا کریں۔

    مقررین نے مزید کہا کہ متوازن خاندان ہی معاشرتی استحکام کی بنیاد ہے اور نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ علم، برداشت اور تعاون کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ نوجوان جب بااختیار ہوتے ہیں تو درست فیصلے کرنے اور آنے والی نسلوں کے لیے بہترین مثال قائم کرنے کی صلاحیت پیدا کرتے ہیں۔

    تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں کو شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔

  • اوکاڑہ: وزیراعلیٰ کی ہدایت پر اوورسیز کے کیسز ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کا فیصلہ

    اوکاڑہ: وزیراعلیٰ کی ہدایت پر اوورسیز کے کیسز ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کا فیصلہ

    اوکاڑہ(نامہ نگارملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) محمد شجین وسطرو کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سمندر پار پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔

    اجلاس کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے پیش کیے گئے مختلف کیسز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے تمام کیسز کو فوری طور پر حل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ سمندر پار پاکستانی ہمارے لیے ایک قیمتی اثاثہ ہیں، اور ان کے جان و مال اور جائیدادوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔

    محمد شجین وسطرو نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی احکامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے اوورسیز کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور جائیدادوں کے تنازعات کو قانون کے مطابق میرٹ پر اور بروقت نمٹائیں۔

    انہوں نے واضح کیا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے، اور انتظامیہ ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔

  • اوچ شریف: حکومتی بے حسی، عوام کا حوصلہ،سیلاب متاثرین نے اپنی مدد آپ کے تحت کھجور کے تنوں کا پل بنا لیا

    اوچ شریف: حکومتی بے حسی، عوام کا حوصلہ،سیلاب متاثرین نے اپنی مدد آپ کے تحت کھجور کے تنوں کا پل بنا لیا

    اوچ شریف(نامہ نگار حبیب خان )سیلاب کا پانی تو اتر گیا مگر تباہ شدہ سڑکوں اور راستوں کی وجہ سے اوچ شریف کے متاثرہ علاقوں میں زمینی رابطے ابھی تک بحال نہیں ہو سکے۔ اس صورتحال میں سب سے زیادہ مشکلات کا سامنا متاثرین کو ہے جنہیں نہ تو اپنے گھروں تک رسائی مل پا رہی ہے اور نہ ہی امدادی سامان ان تک پہنچ پا رہا ہے۔

    موضع بکھری سرور آباد کے باسیوں نے حکومتی بے حسی اور غفلت کے باوجود ایک شاندار مثال قائم کی۔ انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت کھجور کے تنوں کا استعمال کر کے ایک عارضی پل بنا ڈالا۔ اس پل کی مدد سے نہ صرف درجنوں خاندان اپنے گھروں تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے بلکہ مقامی لوگوں نے ضروری سامان کی ترسیل کا راستہ بھی کھول دیا۔

    اس موقع پر مقامی افراد نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "اگر ہم یہ قدم نہ اٹھاتے تو کئی دنوں تک اپنے گھروں میں محصور رہتے اور بنیادی ضروریات سے بھی محروم رہ جاتے۔” اس واقعے نے علاقے کے عوام میں خود انحصاری اور اتحاد کا ایک نیا جذبہ پیدا کر دیا ہے۔

    علاقے کے سماجی و عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور منتخب نمائندوں سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ تباہ شدہ سڑکوں کی فوری مرمت اور شگافوں کو بھرنے کے لیے فوری طور پر اقدامات کیے جائیں تاکہ متاثرہ دیہات کے باسیوں کو مزید مشکلات سے نجات مل سکے۔ اس مشکل گھڑی میں یہ ضروری ہے کہ حکومتی ادارے عوام کے ساتھ کھڑے ہوں اور ان کی مدد کریں۔

  • پھالیہ میں پنجاب وسیب کا احتجاج، سیلاب متاثرین کیلئے امداد کا مطالبہ

    پھالیہ میں پنجاب وسیب کا احتجاج، سیلاب متاثرین کیلئے امداد کا مطالبہ

    منڈی بہاؤالدین (نامہ نگار محمد افنان طالب) منڈی بہاؤالدین کے علاقہ پھالیہ میں پنجاب وسیب کے رہنماؤں نے حال ہی میں آنے والے سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد عوام کو درپیش مشکلات کے متعلق ایک پُرہجوم پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس میں حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فوری طور پر جانی و مالی نقصانات کا تخمینہ لگا کر متاثرین کی مالی مدد کرے۔

    پنجاب وسیب کے چیئرمین فرحان بابر وڑائچ، صدر اختر علی وڑائچ اور سینئر ممبر سیف اللہ ذیلدار ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے انتہائی کشیدہ صورتحال پیدا ہو چکی ہے اور حکومت کو اس سے نمٹنے کے لیے ایک جامع حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب وسیب کی ٹیم نے تمام سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور ریلیف کے کاموں میں حصہ لیا، لیکن یہ بحران اتنا بڑا ہے کہ اس کے لیے حکومتی سطح پر بڑے وسائل درکار ہیں۔

    رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ متاثرین کو فوری امدادی پیکیج فراہم کیا جائے، فصلوں اور مال مویشیوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے، اور فش فارمنگ سے منسلک لوگوں کو بھی معاوضہ دیا جائے۔ اس کے علاوہ، انہوں نے سیلاب میں گرنے والے مکانات اور دریا برد ہونے والے گھروں کے متاثرین کو معاوضہ اور نئے گھر بنا کر دینے کی بھی اپیل کی۔

  • ٹھٹھہ: ‘اندھے قتل’ کا معمہ حل، 2 ملزمان گرفتار

    ٹھٹھہ: ‘اندھے قتل’ کا معمہ حل، 2 ملزمان گرفتار

    ٹھٹھہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں) ٹھٹھہ پولیس نے ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ولیج اگاریو پٹیل خاصخیلی میں پیش آنے والے ‘اندھے قتل’ کیس کو حل کر لیا ہے۔ پولیس نے اس واردات میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق 13 ستمبر 2025 کو کھیتوں میں علی نواز ملاح نامی شخص کی تشدد زدہ لاش ملی تھی، جس پر تھانہ ساکرو میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ایس ایس پی ٹھٹھہ فاروق احمد بجارانی نے کیس کی اہمیت کے پیش نظر ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی۔

    اس ٹیم نے ایس ڈی پی او ساکرو قادر بخش خاصخیلی کی زیر نگرانی خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان سلیم ملاح اور غلام مصطفیٰ ملاح کو گرفتار کر لیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران دونوں ملزمان نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔

    ایس ایس پی ٹھٹھہ نے اس اہم کیس کو حل کرنے پر پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔

  • میرپورخاص: چھالیہ کا بڑا چورا برآمد، ایک گرفتار

    میرپورخاص: چھالیہ کا بڑا چورا برآمد، ایک گرفتار

    میرپورخاص (نامہ نگار سید شاہزیب شاہ): میرپورخاص پولیس نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے مین پڑی میں استعمال ہونے والی چھالیہ کے چورے کی ایک بڑی کھیپ کو قبضے میں لے لیا ہے۔ ایس ایچ او تعلقہ غازی خان، راجڑ کی زیرِ نگرانی انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں تقریباً 2860 کلوگرام چھالیہ کا چورا برآمد کیا گیا اور ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

    پولیس کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ بھاری مقدار میں چھالیہ کا چورا مین پڑی کیلئے سپلائی کیا جا رہا ہے۔ اس اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ہینو ٹرک (نمبر TTA-580) کو روکا اور اس کی تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران، ٹرک سے 260 کٹے برآمد ہوئے، جن میں چھالیہ کا چورا بھرا ہوا تھا۔ اس کھیپ کا مجموعی وزن 2860 کلوگرام ہے۔

    پولیس نے موقع پر ہی ٹرک ڈرائیور محمد جاوید گوپانگ کو حراست میں لے لیا، جس کا تعلق ضلع مظفرگڑھ، پنجاب سے ہے۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کارروائی سے علاقے میں مضر صحت اشیاء کی سپلائی کا سلسلہ روکنے میں مدد ملے گی۔

  • اوکاڑہ: پولیس کا بڑا کارنامہ، 35 لاکھ مالیت کے 71 چوری شدہ موبائل فونز برآمد

    اوکاڑہ: پولیس کا بڑا کارنامہ، 35 لاکھ مالیت کے 71 چوری شدہ موبائل فونز برآمد

    اوکاڑہ (نامہ نگار،ملک ظفر)ڈسٹرکٹ پولیس اوکاڑہ کی آئی ٹی ونگ نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ایک ماہ کے اندر 35 لاکھ روپے مالیت کے 71 چوری اور ڈکیتی شدہ موبائل فونز برآمد کر کے ان کے اصل مالکان کے حوالے کر دیے۔

    اس سلسلے میں ڈی پی او آفس کے کمیونٹی لائنزون سینٹر میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) راشد ہدایت نے خود شہریوں کو ان کے موبائل فونز واپس کیے۔ اس موقع پر شہریوں نے پولیس کی اس شاندار کارکردگی پر خوشی کا اظہار کیا اور اوکاڑہ پولیس کا شکریہ ادا کیا۔

    ڈی پی او راشد ہدایت نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پولیس کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے، جس کا فائدہ براہِ راست عوام کو ہو رہا ہے۔ انہوں نے آئی ٹی ونگ کی ٹیم اور انچارج نور صمند ناہرہ کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں شاباش دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رہیں گی۔

  • اوکاڑہ: خصوصی افراد کو معاون آلات کی فراہمی، مریم نواز شریف کے اقدام کو سراہا گیا

    اوکاڑہ: خصوصی افراد کو معاون آلات کی فراہمی، مریم نواز شریف کے اقدام کو سراہا گیا

    اوکاڑہ (نامہ نگار،ملک ظفر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی پروگرام کے تحت اوکاڑہ میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں خصوصی افراد میں وہیل چیئرز اور ٹرائی سائیکلز تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر صوبائی اسمبلی کے ممبران، چوہدری غلام رضا ربیرہ اور چوہدری جاوید علاؤالدین، نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علیزہ ریحان کے ہمراہ 52 خصوصی افراد کو امدادی آلات فراہم کیے۔

    اس تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد اشتیاق خان سمیت متعدد سرکاری افسران، خصوصی افراد اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ معاون آلات حاصل کرنے والے افراد اور ان کے لواحقین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

    ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری غلام رضا ربیرہ نے کہا کہ مریم نواز کی حکومت خصوصی افراد کے لیے نچلی سطح پر کام کر رہی ہے اور ان کی مدد کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔ انہوں نے صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال، شوکت سہیل بٹ کی عوامی خدمات کو بھی سراہا۔

    دوسری جانب نممبر صوبائی اسمبلی چوہدری جاوید علاؤالدین نے خصوصی بچوں کے والدین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد کو سہولیات فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کی مختصر مدت میں شاندار کارکردگی کی تعریف بھی کی۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علیزہ ریحان نے خصوصی افراد کو معاشرے کا قیمتی حصہ قرار دیا اور کہا کہ ان کی امداد کرنا ایک فرض ہے اور حکومت اور ضلعی انتظامیہ اس سلسلے میں ہمیشہ ان کے ساتھ ہیں۔

  • گوجرانوالہ:ملازم کے قتل کا مقدمہ درج نہ کرنے پر لواحقین کا احتجاج، حافظ آباد روڈ بلاک

    گوجرانوالہ:ملازم کے قتل کا مقدمہ درج نہ کرنے پر لواحقین کا احتجاج، حافظ آباد روڈ بلاک

    گوجرانوالہ (نامہ نگار،محمدرمضان نوشاہی) گوجرانوالہ کے علاقہ قلعہ دیدار سنگھ میں جنرل سٹور کے مالک کے تشدد سے ایک ملازم کی ہلاکت کے بعد لواحقین نے مقدمہ درج نہ ہونے پر نعش سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا۔ شدید غم و غصے میں مبتلا مظاہرین نے حافظ آباد روڈ دونوں اطراف سے بند کر دی اور پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

    احتجاج کے دوران ایک ناخوشگوار واقعہ بھی پیش آیا جب مظاہرین میں شامل خواتین سے چھیڑ چھاڑ کرنے والے ایک شخص کو مظاہرین نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ تاہم، مقامی ڈی ایس پی سرکل اور پولیس نے بروقت مداخلت کر کے ملزم کو مظاہرین کے ہتھے سے چھڑوا لیا۔

    تھانہ لدھیوالہ پولیس کی جانب سے قتل کا مقدمہ درج کرنے کی یقین دہانی کے بعد لواحقین نے احتجاج ختم کر دیا اور ٹریفک کی روانی بحال ہو سکی۔