Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • سرگودھا پریس کلب کا اہم اجلاس، ممبر سازی اور انتخابات 2026–27 کی منظوری

    سرگودھا پریس کلب کا اہم اجلاس، ممبر سازی اور انتخابات 2026–27 کی منظوری

    سرگودھا (باغی ٹی وی،نامہ نگار ملک شاہنواز جالپ)سرگودھا پریس کلب کی ایگزیکٹو باڈی کا اہم اجلاس ہفتہ کے روز صدر عبدالحنان چوہدری کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں کلب کی تاریخ کی بڑی ممبر سازی سمیت متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا، بعد ازاں جنرل سیکرٹری نے شرکاء کو خوش آمدید کہا۔

    اجلاس میں گزشتہ کارروائی کی توثیق کی گئی جبکہ خزانچی جاوید گجر نے کلب کے آمدن و اخراجات پر مشتمل تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ اس موقع پر حال ہی میں منعقد ہونے والے سپورٹس گالا کی مالی تفصیلات بھی ایگزیکٹو باڈی کے سامنے رکھی گئیں، جنہیں تسلی بخش قرار دیا گیا۔

    ایگزیکٹو باڈی نے سالانہ کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے متفقہ طور پر انتخابات 2026–27 کے شیڈول، انتخابی ٹائم لائن اور طریقۂ کار کی منظوری دی، جبکہ الیکشن بورڈ کی تقرری کی بھی اصولی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ الیکشن شیڈول اور فہرستِ ووٹران 31 جنوری کو آویزاں کی جائے گی۔

    اجلاس کے دوران کلب کی رکنیت میں توسیع کا تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے 40 مستقل ممبران، 40 ایسوسی ایٹ ممبران اور 10 اعزازی ممبران بنانے کی منظوری دی گئی۔ مزید فیصلہ کیا گیا کہ انتخابات ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اور سینئر صحافیوں کی نگرانی میں کرائے جائیں گے۔

    صدر سرگودھا پریس کلب عبدالحنان چوہدری نے اختتامی کلمات میں کہا کہ انتخابات مکمل شفافیت کے ساتھ منعقد کیے جائیں گے، جن کی نگرانی کے لیے تاجر، وکلاء، ڈاکٹرز اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کو بطور مبصر مدعو کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن کے لیے ضابطۂ اخلاق بھی مرتب کیا جائے گا، جس پر تمام امیدواران اور ووٹروں کو عملدرآمد کرنا ہوگا۔

    اجلاس میں دیگر تنظیمی امور بھی زیر بحث آئے۔ اختتام پر دعائے خیر کی گئی اور شرکاء کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔

  • گوجرانوالہ ڈویژن میں غیر محفوظ پلازوں کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد عمارتیں سیل

    گوجرانوالہ ڈویژن میں غیر محفوظ پلازوں کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد عمارتیں سیل

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی/نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) گوجرانوالہ ڈویژن میں غیر محفوظ کمرشل عمارتوں اور پلازوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ نے سخت کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی کی ہدایات پر فائر سیفٹی اور حفاظتی انتظامات کی عدم موجودگی پر مختلف علاقوں میں متعدد پلازوں کو سیل کر دیا گیا۔

    انتظامیہ کے مطابق ڈنگہ اور لالہ موسیٰ میں فاضل فارمیسی اینڈ مارٹ سمیت کئی پلازوں میں فائر سیفٹی کے ناقص انتظامات، ایمرجنسی ایگزٹ کی عدم دستیابی اور دیگر سنگین خلاف ورزیاں سامنے آئیں، جس پر فوری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ان عمارتوں کو سیل کر دیا گیا۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کا کہنا ہے کہ ایسے پلازے جو انسانی جانوں کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں، ان کے خلاف کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

    کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے واضح کیا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فائر سیفٹی قوانین اور ایمرجنسی اخراج کے انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور تمام کمرشل عمارتوں کو مقررہ معیار پر پورا اترنا ہوگا۔

    کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کے مطابق سیل کیے گئے پلازے اس وقت تک بند رہیں گے جب تک متعلقہ مالکان فائر سیفٹی، ایمرجنسی ایگزٹ اور دیگر حفاظتی تقاضوں کو مکمل طور پر پورا نہیں کرتے۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ڈویژن بھر میں ایسے تمام پلازوں اور کمرشل عمارتوں کی جامع جانچ پڑتال جاری رکھی جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے قبل حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • اوکاڑہ میں ہارٹیکلچر ایجنسی کا قیام، پبلک پارکس کی خوبصورتی کے سفر کا نیا آغاز

    اوکاڑہ میں ہارٹیکلچر ایجنسی کا قیام، پبلک پارکس کی خوبصورتی کے سفر کا نیا آغاز

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی/نامہ نگار ملک ظفر) ضلع اوکاڑہ کے پبلک پارکس اور شہری خوبصورتی کے فروغ کا سفر ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، جہاں ہارٹیکلچر ایجنسی اوکاڑہ کے افتتاح کی پروقار تقریب ڈی سی آفس کے لان میں منعقد کی گئی۔ افتتاحی تقریب میں رکن قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج، ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید اور رکن صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر نے باقاعدہ طور پر ہارٹیکلچر ایجنسی کا افتتاح کیا۔

    تقریب میں ضلعی انتظامیہ، مختلف محکموں کے افسران، میڈیا نمائندگان اور دیگر سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب کے اختتام پر ایم این اے چوہدری ریاض الحق جج، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ایم پی اے میاں محمد منیر نے ڈی سی آفس کے لان میں پودے لگا کر شجرکاری مہم کا بھی آغاز کیا۔ اس موقع پر ضلع اوکاڑہ میں ہارٹیکلچر ایجنسی کے قیام پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا گیا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے چوہدری ریاض الحق جج نے کہا کہ عوام سے دو سال قبل کیے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے اور عوام مل کر پارکس کی خوبصورتی کو مزید بہتر بنائیں گے، جبکہ مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید طرز کے نئے پارکس بھی قائم کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلوے لائنز سے ملحقہ فلتھ ڈپو کو خوبصورت پھولوں اور پودوں سے مزین کیا جائے گا اور اوکاڑہ کے شہریوں کو تفریح کے بہترین مواقع فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔

    ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید نے اس موقع پر کہا کہ اوکاڑہ کے عوام کے لیے آج کا دن نہایت خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کی تعمیر و ترقی اور خوبصورتی کے لیے ہارٹیکلچر ایجنسی کا قیام ترقی کے سفر کی ایک اہم کڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہارٹیکلچر ایجنسی کے لیے ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹی سے پارکس کا عملہ شامل کیا گیا ہے، جو پارکس، گرین بیلٹس کی دیکھ بھال اور دیگر اہم امور انجام دے گا۔ ہارٹیکلچر ایجنسی کے قیام سے شہروں کی خوبصورتی میں نمایاں بہتری آئے گی، جبکہ موجودہ پارکس کی بہتری کے ساتھ ساتھ عوام کے لیے نئے پارکس بھی تعمیر کیے جائیں گے۔

    ایم پی اے میاں محمد منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں عوام کے بے شمار دیرینہ مسائل حل کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع اوکاڑہ کی خوبصورتی کے لیے ہارٹیکلچر ایجنسی کا قیام ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ترقی کا یہ سفر تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔

  • اوکاڑہ : پولیس نے مسروقہ مال برآمد کر کے شہریوں کے حوالے کر دیا

    اوکاڑہ : پولیس نے مسروقہ مال برآمد کر کے شہریوں کے حوالے کر دیا

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی/نامہ نگار ملک ظفر) آر پی او ساہیوال محمد ایاز سلیم کی کھلی کچہری کے مثبت ثمرات سامنے آ گئے، جہاں پولیس نے قلیل وقت میں مؤثر کارروائی کرتے ہوئے مسروقہ مال برآمد کر کے شہریوں کا اعتماد بحال کر دیا۔ اس سلسلے میں ڈی پی او آفس اوکاڑہ میں تقریبِ تقسیمِ مالِ مسروقہ کا انعقاد کیا گیا، جس میں برآمد شدہ مال اصل مالکان کے حوالے کیا گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق بروقت اور مؤثر تفتیش کے نتیجے میں ساڑھے چھ لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ مال برآمد کیا گیا، جس میں 5 موٹر سائیکلیں اور 50 ہزار روپے نقد شامل ہیں۔ یہ کامیاب ریکوریاں تھانہ حویلی لکھا کے دائرہ اختیار میں کی گئیں، جو آر پی او ساہیوال محمد ایاز سلیم کی جانب سے منعقدہ کھلی کچہری میں شہریوں کی جانب سے دی گئی درخواستوں پر فوری عمل درآمد کا نتیجہ ہیں۔

    تقریب کے دوران مسروقہ مال وصول کرنے والے شہریوں نے پولیس کی فوری داد رسی، شفاف تفتیش اور مؤثر کارکردگی کو سراہتے ہوئے اظہارِ تشکر کیا اور کہا کہ کھلی کچہری جیسے اقدامات سے عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کی فضا مضبوط ہو رہی ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ، فوری اور منصفانہ انصاف کی فراہمی اور عوامی اعتماد کا فروغ پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کھلی کچہریوں کے ذریعے عوامی شکایات کے فوری ازالے اور جرائم کی روک تھام کے لیے اقدامات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

  • اوچ شریف:نام نہاد بورڈ آف پیس میں ٹرمپ اور نیتن یاہو کی شمولیت، عالمی امن پر سوالیہ نشان، مولانا محمد صفی اللہ

    اوچ شریف (باغی ٹی وی/نامہ نگار حبیب خان) جمعیت علمائے اسلام (پنجاب) کے قائم مقام امیر مولانا محمد صفی اللہ نے کہا ہے کہ نام نہاد بورڈ آف پیس کی سربراہی ڈونلڈ ٹرمپ کے سپرد ہونا اور اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو کی بطور رکن شمولیت عالمی امن کے دعوؤں پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار مدرسہ امیر المدارس اوچ شریف میں ضلعی جنرل سیکریٹری قاری سیف الرحمن راشدی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    اس موقع پر قاری محمد صادق مہتمم مدرسہ عربیہ امیر المدارس اوچ شریف، تحصیل جنرل سیکریٹری قاضی محمد عمر فاروق فاروقی، جنرل سیکریٹری حلقہ پی پی 250 مولانا بابر علی صدیقی اور سیکریٹری اطلاعات اوچ شریف مولانا سمیع اللہ عثمانی بھی موجود تھے۔

    مولانا محمد صفی اللہ نے کہا کہ دنیا بھر میں امن کے بلند بانگ دعوے کیے جا رہے ہیں، مگر یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ ایسے افراد کی قیادت میں قائم اداروں سے حقیقی امن کی توقع رکھنا خود فریبی کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا سیاسی اور سفارتی ریکارڈ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ان کی پالیسیاں ہمیشہ یکطرفہ فیصلوں، طاقت کے استعمال اور مخصوص عالمی مفادات کے گرد گھومتی رہی ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین کے مسئلے پر ڈونلڈ ٹرمپ کا کردار غیرجانبداری، انصاف اور بین الاقوامی اصولوں کے سراسر منافی رہا ہے، جبکہ نیتن یاہو کی قیادت میں اسرائیل پر غزہ اور فلسطینی عوام کے خلاف سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات عالمی سطح پر ایک تسلیم شدہ حقیقت بن چکے ہیں۔

    مولانا محمد صفی اللہ کا کہنا تھا کہ ایسے متنازع کرداروں پر مشتمل کوئی بھی نام نہاد ’’امن بورڈ‘‘ درحقیقت امن کے قیام کے بجائے طاقتور فریق کے مفادات کے تحفظ کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ حقیقی اور پائیدار امن انصاف، بین الاقوامی قوانین کی پاسداری اور مظلوم اقوام کے بنیادی حقوق تسلیم کیے بغیر ممکن نہیں۔

    آخر میں انہوں نے واضح کیا کہ عالمی امن کے نام پر قائم کیے جانے والے اداروں کو غیرجانبدار، باکردار اور قابلِ اعتماد قیادت کی اشد ضرورت ہے، نہ کہ ایسے افراد کی جو خود تنازعات، جنگوں اور مظالم کا حصہ رہے ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو نمائشی امن کے نعروں کے بجائے انصاف پر مبنی عملی اقدامات کی فوری ضرورت ہے۔

  • ٹھٹھہ:ڈپٹی کمشنرکا سول ہسپتال مکلی کا دورہ، مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کی ہدایت

    ٹھٹھہ:ڈپٹی کمشنرکا سول ہسپتال مکلی کا دورہ، مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کی ہدایت

    ٹھٹھہ (باغی ٹی وی /ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں) ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی نے سول اسپتال مکلی کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور مجموعی انتظامی صورتحال کا جائزہ لیا۔ دورے کا مقصد مریضوں کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔

    ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی بلاک، او پی ڈی، نو تعمیر شدہ ڈائگنوسٹک سینٹر، کارڈیالوجی یونٹ، میڈیکل اسٹور، فیمیل وارڈ، حفاظتی ٹیکہ جات مرکز، ملیریا سینٹر سمیت دیگر اہم شعبوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ہر شعبے میں دستیاب سہولیات، عملے کی حاضری، ادویات کی فراہمی اور مریضوں کے علاج معالجے کے انتظامات کا بغور جائزہ لیا۔

    دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر سرمد علی نے ہسپتال میں زیرِ علاج مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے ملاقات کی اور ان سے علاج، ادویات اور دیگر سہولیات کے بارے میں براہِ راست معلومات حاصل کیں۔ مریضوں اور تیمارداروں نے مجموعی طور پر ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ادویات کی مکمل دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے، ہسپتال کے ماحول کو صاف رکھنے اور ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کو فوری اور مؤثر طبی امداد فراہم کرنے پر خصوصی زور دیا۔

    اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سرمد علی کا کہنا تھا کہ عوام کو صحت کی معیاری اور بروقت سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں تاکہ عوام کو سرکاری ہسپتالوں میں بہتر علاج میسر آ سکے۔

  • کوٹ دادو جھانگڑہ روڈ حادثہ، خاتون اور کمسن بچہ جاں بحق

    کوٹ دادو جھانگڑہ روڈ حادثہ، خاتون اور کمسن بچہ جاں بحق

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) احمد پور شرقیہ کے نواحی علاقے کوٹ دادو گھلو جھانگڑہ روڈ پر ایک دلخراش ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں ہتھیجی سے تعلق رکھنے والی فیملی شدید متاثر ہوئی۔ حادثے کے نتیجے میں ایک خاتون اور تین سالہ کمسن بچہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق دو موٹر سائیکلیں آمنے سامنے ٹکرا گئیں، اسی دوران پیچھے سے آنے والا ایک تیز رفتار ٹریلر دونوں موٹر سائیکلوں کے اوپر سے گزرتا ہوا موقع سے فرار ہو گیا۔ حادثے میں شدید سر کی چوٹیں لگنے کے باعث 32 سالہ روبینہ بی بی اور ان کا تین سالہ بیٹا محمد منیب موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

    زخمی ہونے والے دو افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد بہاول وکٹوریہ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ جاں بحق افراد کی میتیں قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد لواحقین کے حوالے کر دی گئیں۔ حادثے کے بعد ہتھیجی اور گردونواح کے علاقوں میں سوگ کی فضا چھا گئی۔

  • ڈی آئی جی سکھر کا کچہ علاقوں کا ہنگامی دورہ، ڈرون سے نگرانی

    ڈی آئی جی سکھر کا کچہ علاقوں کا ہنگامی دورہ، ڈرون سے نگرانی

    گھوٹکی (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ڈی آئی جی سکھر رینج ناصر آفتاب نے رونتی کچہ اور ماچکہ کچہ کے انتہائی حساس علاقوں کا ہنگامی اور تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران جدید ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے کچہ کے دشوار گزار اور مشکوک مقامات کا فضائی معائنہ کیا گیا تاکہ جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت اور ممکنہ ٹھکانوں پر کڑی نظر رکھی جا سکے۔

    ڈی آئی جی ناصر آفتاب نے موقع پر موجود پولیس افسران کو ہدایت کی کہ کچہ کے علاقوں میں ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیاں مزید تیز کی جائیں اور جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ کچہ کے علاقوں میں امن و امان کی بحالی، اغواء برائے تاوان، ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم کا خاتمہ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

    ڈی آئی جی سکھر نے جوانوں کے حوصلے اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سکھر رینج پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی اور جرائم کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

  • اوکاڑہ میں ٹریفک حادثات پر سخت اقدامات کا فیصلہ

    اوکاڑہ میں ٹریفک حادثات پر سخت اقدامات کا فیصلہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایکسیڈنٹ ریویو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر چوہدری ظفر اقبال، سیکرٹری ڈی آر ٹی اے اقصیٰ ریاض، ڈی ایس پی ٹریفک سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں ضلع بھر میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات کے ڈیٹا کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ متعلقہ افسران نے حادثات کی وجوہات، ذمہ دار عناصر اور ان کی روک تھام کے اقدامات پر بریفنگ دی۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بنتی ہے، جبکہ احتیاطی تدابیر اپنا کر ٹریفک حادثات سے بچاؤ ممکن ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اوور اسپیڈنگ، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے، اوور لوڈنگ، ون ویلنگ اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔

    ڈپٹی کمشنر نے ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ حادثات کے مقامات کی نشاندہی کر کے فوری حفاظتی اقدامات کیے جائیں، آگاہی مہمات کو مزید مؤثر بنایا جائے اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ جان لیوا ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے عوام کو بھی مثبت رویہ اختیار کرتے ہوئے ٹریفک قوانین کی پابندی کرنا ہوگی، اور اس مقصد کے لیے متحرک آگاہی مہم کے ذریعے عوام میں شعور اجاگر کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔

  • کندھ کوٹ : ٹریفک حادثہ، ٹرک کی ٹکر سے دو نوجوان جاں بحق

    کندھ کوٹ : ٹریفک حادثہ، ٹرک کی ٹکر سے دو نوجوان جاں بحق

    کندھ کوٹ(نامہ نگار) انڈس ہائی وے انڑ واہ کے قریب تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں دو نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب انڈس ہائی وے پر ٹرک اور موٹر سائیکل میں شدید تصادم ہوا۔ موٹر سائیکل پر سوار حب علی چاچڑ اور اویس ملک ٹرک کی زد میں آ کر موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

    حادثے کے بعد مقامی افراد اور پولیس موقع پر پہنچ گئے، لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واقعے کے باعث کچھ دیر کے لیے ٹریفک بھی متاثر رہی۔ پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔