Baaghi TV

Author: عائشہ ذوالفقار

  • سعودی عرب میں امریکی صدر کا استقبال،سرخ کارپٹ کی جگہ بنفشی کارپٹ کیوں بچھائے گئے؟

    سعودی عرب میں امریکی صدر کا استقبال،سرخ کارپٹ کی جگہ بنفشی کارپٹ کیوں بچھائے گئے؟

    امریکی صدر جوبائیڈن کی سعودی عرب آمد پر استقبال کے لیے سرخ کارپٹ کی جگہ بنفشی کارپٹ بچھائے گئے۔

    باغی ٹی وی : عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب نے بائیڈن کے استقبال کے لیے ریڈ کے بجائے بنفشی کارپٹ کا انتخاب کیا کیونکہ بنفشی کارپٹ کو سعودی ثقافت میں بھی خاص اہمیت حاصل ہے۔

    امریکی صدر جو بائیڈن سعودی عرب پہنچ گئے: شاہ سلمان اور ولی عہد سے ملاقات

    ایسا کرنے کے پیچھے ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ موسم بہار کے دوران سعودی عرب کا ریگستان اور پہاڑی علاقہ الخزامی بنفشی رنگ کے پھولوں سے سج جاتا ہے جس کی مناسبت سے بنفشی رنگ کو اہم سمجھا جاتاہے۔

    تاہم اسی وجہ سے امریکی صدر کے استقبال کے لیے بھی بنفشی کارپٹ کا انتخاب کیا گیا تھاکارپٹ کا انتخاب سعودی وزارت ثقافت اور شاہی پروٹوکول نے مل کر کیا تھا۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن کےصدارت کا منصب سنبھالنے کے بعد مشرق وسطیٰ کا پہلا دورہ تھا ۔سعودی عرب پہنچنے سے قبل انہوں نے اسرائیل کا دورہ کیا انہوں نے شاہ سلمان اور سعودی ولی عہد نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شہزادہ محمس بن سلمان سے ملاقات کی-

    چین سری لنکا کی اقتصادی اور سماجی ترقی میں مدد جاری رکھے ہوئے ہے

    قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب اور امریکا خطے اور دنیا کی سلامتی اور استحکام کے لیے ایران کے غیر مستحکم رویے کا مقابلہ کرنے اور تہران کی حمایت یافتہ ملیشیاؤں کے خطرے کو بے اثر کرنے کی اہمیت پر متفق ہیں۔ امریکا نے یمن میں ایک جامع سیاسی حل تلاش کرنے کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کی بھی حمایت کی اور ان کوششوں کو یمن کی سلامتی اور استحکام کے حصول کی ضمانت قرار دیا ہے۔

    انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ سعودی عرب اور امریکا کے درمیان سٹریٹجک پارٹنرشپ کے اہم ترین پہلوؤں میں سے ایک ہے اور اس میدان میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون نے انتہا پسند تنظیموں کے خلاف کھڑے ہونے اور ان کے خطرے کو بے اثر کرنے میں کئی اہم کامیابیاں حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر اسرائیلی شہر تل ابیب سے براہ راست جدہ پہنچے۔ وہ پہلے امریکی صدر ہیں جو اسرائیل سے براہ راست ایسے عرب ملک پہنچے ہیں جو اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا۔

    جو بائیڈن کو شروع سے ہی سعودی رہنماؤں کے ساتھ کام کرنا چاہیے تھا،سینیٹر ٹام کاٹن

  • پنجاب کے ضمنی انتخابات میں فوج کی تعیناتی ضروری ہے،چیف الیکشن کمشنر

    پنجاب کے ضمنی انتخابات میں فوج کی تعیناتی ضروری ہے،چیف الیکشن کمشنر

    لاہور: چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجا کا کہنا ہے کہ ووٹرز کی حفاظت کے لئے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں فوج کی تعیناتی ضروری ہے۔

    باغی ٹی وی : انہوں نے سیکریٹری الیکشن کمیشن کو سیکورٹی اورانتظامات کا جائزہ لینے کے لئے لاہور کیمپ آفس قائم کرنے کی ہدایت کی دوسری جانب سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان لاہور پہنچ گئے ضمنی انتخابات کے لئے سیکورٹی اورالیکشن انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے صوبائی الیکشن کمشنر کے دفترمیں کیمپ آفس قائم کردیا گیا ہے۔

    وزارت داخلہ نےالیکشن کمیشن کی درخواست پرضمنی انتخابات کےموقع پر 2000 ایف سی اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ امن و امان کی ممکنہ صورت حال کے باعث کیا گیا۔ الیکشن کے دوران کسی قسم کی بدامنی برداشت نہیں کی جائے گی اورتخریبی عناصر کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی کی جائے گی تمام ریاستی اداروں کی بھرپور مدد حاصل ہے۔ بہتر انتظامات اور مکمل سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ عوام بلا خوف و خطر گھر سے باہر نکلیں اور ووٹ ڈالیں-

    قبل ازیں الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل نے کہا تھا کہ ہم نے قانون و آئین کے تحت کام کرنا ہے اور ہم مکمل طور پر غیرجانبداری سے کام کر رہے ہیں پولیس تعینات ہے اور رینجرز کیو آر ایف کی صورت میں موجود ہو گی جب کہ تمام نتائج کے لیے لاہور کے کیمپ آفس میں بڑی اسکرین لگائی گئی ہے اور تمام آر اوز کے پاس پریزا ئیڈ نگ افسران واٹس ایپ پر فارم 45 بھیجیں گے۔

    الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا تھا کہ ہم نے قانون و آئین کے تحت کام کرنا ہے اور ہم مکمل طور پر غیر جانبداری سے کام کر رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن پر جو الزامات لگائے جارہے ہیں اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے، تمام آر اوز کے کیمپ آفس سے پریزائیڈنگ افسران سامان لے کر جائیں گے اور تمام پولنگ اسٹیشنز پر سامان لے جانے کے لیے سیکیورٹی کی الگ الگ گاڑیاں ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ پنجاب پلین ایریا ہے پولنگ اسٹیشنز کا زیادہ سے زیادہ فاصلہ ایک گھنٹہ ہو گا اس لیے نتائج میں تاخیر نہیں ہو گی اور پریزائیڈنگ افسر وٹس ایپ پر نتائج بھیج دیں گے لیکن اگر پریزائیڈنگ افسر وٹس ایپ پر نہیں بھیج سکتا تو آر او آفس پہنچ جائے گا۔

  • اسرائیل اورمتحدہ عرب امارات کےدرمیان کینسراورذیابیطس پرتحقیق کا معاہدہ

    اسرائیل اورمتحدہ عرب امارات کےدرمیان کینسراورذیابیطس پرتحقیق کا معاہدہ

    اسرائیل اورمتحدہ عرب امارات کے درمیان کینسر اور ذیابیطس پر تحقیق کا معاہدہ طے پا گیا،نیز خطے میں وٹامن ڈی کی کمی کے مسئلے پر بھی مشترکہ طور پر تحقیقات کی جائیں گی۔

    باغی ٹی وی : اسرائیل کے ریسرچ سنٹر ‘کے ایس ایم ‘ (The Kahn-Sagol-Maccabi (KSM) research and innovation centre) اور اماراتی ہیلتھ آرگنائزیشن صحہ (SEHA) نے رواں ہفتے ابوظبی میں معاہدے پر دستخط کیے ہیں معاہدے کا بنیادی مقصد میڈیکل ریسرچ اور ٹیکنالوجی کی ترقی و فروغ میں باہم تعاون کرنا ہے۔

    معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب کے دوران متحدہ عرب امارات میں اسرائیلی سفیر امیر حایک اور اسرائیل کے معاشی اتاشی افیاد تمیر بھی موجود تھے متحدہ عرب امارات کے ادارے ‘صحہ’ ( SEHA) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سعید الکویتی بھی موجود تھے۔

    واضح رہے امریکی ثالثی میں ہونے والے معاہدہ ابراہم کے تحت اسرائیل اور عرب امارات کے درمیان 2020 میں سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد یہ اسرائیلی میڈیکل ریسرچ کے ادارے اور اماراتی ادارے صحہ کے درمیان یہ پہلا باضابطہ اور اہم معاہدہ ہے۔

    رواں ماہ مارچ میں دونوں ملکوں نےموٹاپےاور ذیابیطس سےنمٹنے کےلیے ایک علاقائی فورم قائم کیا تھا کیونکہ دونوں ملکوں میں ذیابیطس کا مرض مقابلتاً زیادہ ہے اسی طرح دونوں ممالک میں موٹاپا باقی دنیا سے زیادہ ہےمتحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے اس معاہدے سے قبل بحرین اور اسرائیل کے درمیان بھی ایسا ہی معاہدہ اسی اسرائیلی ادارے ‘کے ایس ایم ‘ کے ساتھ کیا جا چکا ہے بحرین اور امارات نے اکٹھے ہی 2020 میں اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کیے تھے۔

    علاوہ ازیں اسرائیل اور امارات کے صحت سےمتعلقہ ادارے اس معاہدے کےعلاوہ امارات میں کلینیکل ڈیٹا مرتب اور محفوظ کرنے کے لیے ایک ‘جینومک ریسرچ رجسٹری’ بھی قائم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں گذشتہ سال دونوں ملکوں کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے ۔ اس معاہدے کا مقصد بھی صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانا ہے۔

  • پشاور: پولیس چیک پوسٹ پر فائرنگ ، دو اہلکار شہید

    پشاور: پولیس چیک پوسٹ پر فائرنگ ، دو اہلکار شہید

    پشاور: پولیس چیک پوسٹ پر فائرنگ کے نتیجے میں دو اہلکار شہید ہو گئے-

    باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق تھانہ حدود باڑہ کے علاقے ارجلی ندی میں نامعلوم افراد نے پولیس چیک پوسٹ پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

    پشاور: پولیس چوکی کے قریب بم دھماکہ ایک اہلکار شہید ،4 افراد زخمی

    ایس ایچ او باڑہ کے مطابق نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ پولیس ناکے پر کی گئی، ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوئے تاہم علاقے کو گھیرے میں لےکر کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور شہداء کے درجاتِ کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

    وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ فعل ہے، پولیس نے امن کی بحالی کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں، ہم اپنے شہداء کی قربانیاں رائیگاں جانے نہیں دیں گے۔

    کراچی میں اسٹریٹ کرمنلز بے لگام،رواں سال 6 ماہ میں وارداتیں 42 ہزار7 سوسے تجاوز

    قبل ازیں مردان میں پولیس چوکی چمتار کے قریب بم دھماکے میں ایک اہلکار شہید اور 4 زخمی ہو گئے تھے دھماکے کے نتیجے میں حوالدار مقصود موقع پر شہید جبکہ اے ایس آئی سہیل، کانسٹیبل کریم سمیت دوعام شہری بھی دھماکے کی زد میں آکر زخمی ہوئے تھے دھماکے سے پولیس چوکی کو نقصان پہنچا تھا-

    وزیراعظم شہباز شریف نے مردان پولیس چوکی چمتار میں دھماکے سے 2پولیس اہلکاروں کی شہادت پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا تھا وزیراعظم نے شہدا کے اہل خانہ اور زخمی ہونے والوں سے اظہار ہمدردی کیا تھا اور کہا تھا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں پولیس پر بڑھتے ہوئے حملوں اور شہادتوں پر بہت تشویش ہے –

    غیراخلاقی ویڈیو شیئرکرنا سنگین جرم،عامرلیاقت کی فیملی نے درخواست نہیں دی،ایف آئی…

  • لاہور: فیکٹری ایریا سے مبینہ طور پر ووٹ خریدنے والا ملزم گرفتار

    لاہور: فیکٹری ایریا سے مبینہ طور پر ووٹ خریدنے والا ملزم گرفتار

    لاہور: پولیس نے فیکٹری ایریا سے مبینہ طور پر ووٹ خریدنے والا ملزم گرفتار کر لیا-

    باغی ٹی وی : لاہور پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزم کو فیکٹری ایریا سے ووٹ خریدنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے پولیس کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکن سے 200 شناختی کارڈ زبرآمد ہوئے-

    پولیس کے مطابق ملزم خالد سندھو پی پی 168 میں شناختی کارڈز کے ذریعے ووٹ خریدنے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے پی پی 168 لاہور کی مختلف یوسیز میں ووٹروں کے شناختی کارڈ لےکر انہیں پیسے دئیے ملزم خالد سندھو نے بتایا کہ ان لوگوں کی ڈیمانڈ تھی اور ہر کارڈ کے عوض پیسے دینے کی ڈیل ہوئی تھی، ڈیل یہ تھی کہ ہر کارڈ پر اتنے پیسے دیں تو ووٹ ڈالیں گے، اس لیے کارڈ اکٹھے کیے تھے کہ ہر کارڈ کے عوض کسی کو 2 اور کسی کو 3 ہزار روپے دینے تھے-

    واضح رہے کہ پنجاب کے14 اضلاع کے 20حلقوں میں اہم ترین ضمنی انتخابات کا میدان کل سجے گا۔20 حلقوں میں 175 امیدواروں میں مقابلہ ہوگا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق مجموعی طور پر 45 لاکھ 79 ہزار 898 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔رجسٹرڈ ووٹرز میں 24 لاکھ 60 ہزار 206 مرد ، 21 لاکھ 19 ہزار 692 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

    20حلقوں کے لیے3ہزار131پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ مرد پولنگ اسٹیشنز کی تعداد731،خواتین کیلئے700جبکہ1700مشترکہ اسٹیشنز قائم ہیں۔مجموعی طور پر 1900 پولنگ اسٹیشن حساس قرار دیے گئے ہیں۔696پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس،ایک ہزار204حساس قرار دیے گئے ہیں۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق لاہور اور ملتان کے حلقے انتہائی حساس اضلاع قرار دیئے گئے ہیں لاہور کے تمام پولنگ اسٹیشنوں کو حساس قرار دیا گیا ہے بیلٹ پیپرز کی ترسیل ریٹرننگ افسران تک کردی گئی ہے. آج الیکشن مٹیریل ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے پریذائیڈنگ افسران کے حوالے کیا جائے گا۔

    ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں، پولیس اور رینجرز کی نفری حساس،انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر ڈیوٹی سر انجام دے گی۔

  • 92 سالہ بھارتی خاتون اپنا آبائی گھر” پریم نیواس” دیکھنے پاکستان پہنچ گئیں

    92 سالہ بھارتی خاتون اپنا آبائی گھر” پریم نیواس” دیکھنے پاکستان پہنچ گئیں

    لاہور: 92 سالہ بھارتی خاتون رینا چھبر اپنا آبائی گھردیکھنے کے لئے پاکستان پہنچ گئیں۔

    باغی ٹی وی : میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستانی ہائی کمیشن نے خیرسگالی طورپر بھارتی بزرگ خاتون کو تین ماہ کا ویزاجاری کیا ہے بھارتی بزرگ خاتون اوران کا خاندان راولپنڈی میں رہتا تھا۔ 1947 میں ان کا خاندان پاکستان سے انڈیاچلا گیا، رینا چھبرکی عمراس وقت تقریبا 15 برس تھی پریم نیواس 1935 میں تعمیرکیا گیا تھا اوراس کا نام رینا کے والد بھائی پریم چند چھبرکے نام پر پریم نیواس رکھا گیا۔

    بابر اعظم نے ویرات کوہلی کو پیغام کیوں جاری کیا؟

    رینا چھبر نے سوشل میڈیا پرشیئرکی جانیوالی اپنی ویڈیو میں کہا ہے کہ انہوں نے 2021 میں ویزا اپلائی کیا جو مستردہوگیا اس کے بعد انہوں نے سوشل میڈیا پراپنا گھردیکھنے کی خواہش کی اورحناربانی کھرکو بھی ٹیگ کیا حنا ربانی کھرنے فورا پاکستانی ہائی کمیشن کو ویزاجاری کرنے کی ہدایت کی ، نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ناظم الامورآفتاب حسن خان نے ان سے ملاقات کی اور 90 دن کا ویزا دیا ہے۔

    رینا چھبر ہفتے کی صبح واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں، پاک انڈیا سرحد عبور کرتے ہی ان کی آنکھیں نم ہوگئیں، واہگہ بارڈر سے رینا چھبر راولپنڈی کے لئے روانہ ہوئیں جہاں وہ اپنا آبائی گھر پریم نیواس دیکھیں گی اوراپنی بچپن کی سہیلیوں محلے داروں سے ملاقات کریں گی۔

    میڈیا ذرائع کے مطابق بزرگ خاتون رینا کا کہنا ہے وہ 75 برس گزرجانے کے باوجود اپنے دل سے اپنے آبائی گھر،اپنے محلے اورگلیوں کونہیں نکال سکیں، انہیں اپنی کئی سہلیاں بھی یاد ہیں انہوں نے 1965 میں پاکستان آنے کے لئے ویزااپلائی کیا تھا مگر پاک بھارت جنگ کی وجہ سے حالات کشیدہ ہونے کے باعث نہیں آسکی تھیں تاہم ایک بارپاکستان اورانگلینڈ کا کرکٹ میچ دیکھنے لاہورآئی تھیں ،اس وقت پاکستان نے بھارتی شہریوں کو میچ کے لئے ویزے جاری کئے تھے۔

    رینا کے مطابق انہوں نے2021 میں کورونا وبا کے دوران سوشل میڈیا پراپنا آبائی گھر پریم نیواس دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا جس پر راولپنڈی سے ایک پاکستانی شہری سجاد حیدر نے ان سے رابطہ کیا اورانہیں ان کے آبائی گھر کی تصاویراورویڈیوز سینڈ کی تھیں۔

    ہم مکمل طور پر غیرجانبداری سے کام کر رہے ہیں،الیکشن کمشنر پنجاب

  • جو بائیڈن کو شروع سے ہی سعودی رہنماؤں کے ساتھ کام کرنا چاہیے تھا،سینیٹر ٹام کاٹن

    جو بائیڈن کو شروع سے ہی سعودی رہنماؤں کے ساتھ کام کرنا چاہیے تھا،سینیٹر ٹام کاٹن

    ریپبلکن سینیٹر ٹام کاٹن نے کہا ہے کہ سعودی عرب ایک اہم اور مضبوط اسٹریٹجک اتحادی اور ایک فوجی قوت ہے اورایک سٹریٹجک اتحادی کے طور پر امریکا کی حمایت کر رہا ہے۔

    باغی ٹی وی : "فاکس نیوز” کے مطابق ریپبلکن سینیٹر ٹام کاٹن نے کہا کہ سعودی عرب نے امریکی عوام کو تحفظ اور خوشحالی فراہم کرنے کے لیے امریکا کے ساتھ 80 سال تک کام کیا ہےامریکی انتظامیہ کو سعودی عرب کو خارج نہیں کرنا چاہیے اورجو بائیڈن کو شروع سے ہی سعودی رہنماؤں کے ساتھ کام کرنا چاہیے تھا، جیسا کہ امریکی صدر روزویلٹ نے کیا تھا۔

    ٹام کے مطابق انھیں یہ کہنا چاہیے تھا کہ سعودی عرب ایک اہم اور مضبوط اسٹریٹجک اتحادی اور ایک فوجی قوت ہے جو امریکی مفادات کو درپیش ایرانی خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے خطے میں امریکا کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔

    امریکی سینیٹر نے سعودی عرب کے بارے میں یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے جب امریکی صدر سعودے عرب کے دورے پر ہیں۔ امریکی صدر نے کل جمعہ کی شام سعودی عرب کے دورے کے دوران مملکت کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔

    بائیڈن اور شاہ سلمان کے درمیان دو طرفہ مذاکرات کے سیشن کے بعد ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے دونوں ممالک کے حکام کی موجودگی میں امریکی صدر سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد ولی عہد اور بائیڈن کے درمیان جدہ کے السلام محل میں دو طرفہ بات چیت ہوئی۔

    سعودی عرب کے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان، وزیر برائے سرمایہ کاری، مواصلات اور صحت نے اپنے امریکی ہم منصوبوں کی موجودگی میں مشترکہ تعاون کے 18 معاہدوں اور یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔

    یہ معاہدے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں "مملکت کے ویژن 2030″ کی روشنی میں سامنے آئے ہیں۔ ان معاہدوں سے یہ امید پیدا ہوئی ہے کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے ہاں دونوں اقوام کے مفادات کی خاطر سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کریں گے۔

    دونوں فریقوں کے درمیان طے پانے والے معاہدوں میں سے 13 پر وزارت توانائی، وزارت سرمایہ کاری، رائل کمیشن برائے جبیل اور ینبع اور نجی شعبے کی متعدد کمپنیوں نے بوئنگ جیسی معروف امریکی کمپنیوں کے ایک گروپ کے ساتھ دستخط کیے تھے۔ اس کے علاوہ ایرو اسپیس انڈسٹریز، ریتھیون ڈیفنس انڈسٹریز، میڈٹرونک اور ڈیجیٹل ڈائیگناسٹک اور صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں IKVIA اور توانائی، سیاحت، تعلیم، مینوفیکچرنگ اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں تعاون کے شعبوں پر دستخط کیے گئے۔

    سعودی اسپیس اتھارٹی نے امریکی خلائی ایجنسی”ناسا” کے ساتھ چاند اور مریخ کی تلاش کے لیے "آرٹیمس” کے معاہدے پر بھی دستخط کیے۔سول ایکسپلوریشن کے شعبے میں بین الاقوامی اتحاد میں شامل ہونے اور چاند، مریخ کے استعمال کے لیے سعودی خلائی ادارے نے "ناسا” کے ساتھ معاہدہ کیا۔

    مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت نے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک معروف کمپنی IBM کے ساتھ تعاون کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں تاکہ پانچ سال کے دوران 100,000 نوجوان مرد اور خواتین کو آٹھ اختراعی اقدامات کے حصے کے طور پر قابل بنایا جا سکے جس کا مقصد سعودی عرب کی پوزیشن کو ایک اہم حیثیت سے مضبوط کرنا ہے اور مشرق وسطی اور شمالی افریقہ کے علاقے میں ٹیکنالوجی اور جدت طرازی کا مرکز بنانا ہے-

    مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت نے یو ایس نیشنل کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ایڈمنسٹریشن (NTIA) کے ساتھ تعاون کی ایک یادداشت پر بھی دستخط کیے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان ’جی فائیو اور جی6‘ ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں تعاون شامل ہے۔

    دونوں ممالک نے شفاف توانائی کے شعبوں میں شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے جس میں اس شعبے میں تعاون کے شعبوں اور منصوبوں کی وضاحت اور جوہری توانائی کے پرامن استعمال میں تعاون سمیت کلین انرجی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے فروغ میں دونوں ممالک کی کوششوں کو فروغ دینا ہے۔

    سعودی اور امریکی وزارت صحت نے صحت عامہ، طبی علوم اور تحقیق کے شعبوں میں مشترکہ تعاون کی ایک یادداشت پر بھی دستخط کیے، جس کا مقصد افراد، تنظیموں اور اداروں کے درمیان صحت عامہ کے شعبوں میں موجودہ تعلقات کو مزید وسیع کرنا ہے۔

  • عالمی بینک کی پاکستان کو 20 کروڑ ڈالر قرض فراہم کرنے کی منظوری

    عالمی بینک کی پاکستان کو 20 کروڑ ڈالر قرض فراہم کرنے کی منظوری

    عالمی بینک نے پاکستان کو 20 کروڑ ڈالر قرض فراہم کرنے کی منظوری دے دی۔

    باغی ٹی وی : عالمی بینک کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رقم صوبہ پنجاب کے لیے فراہم جائے گی، پاکستان کو فراہم کی جانے والی رقم زرعی شعبے کی بہتری اور چھوٹے کسانوں کے منصوبوں کے لیے خرچ ہو گی رقم کی فراہمی کے بعد پاکستان کو پانی کے استعمال میں بہتری اور چھوٹے کسانوں کی آمدنی بڑھانا ہو گی۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل آئی ایم ایف نے بھی پاکستان کے لیے ایک ارب 17 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دی تھی پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد فریقین کے درمیان معاہدہ طے پا یا تھا تاہم پاکستان کو بجٹ میں دی گئی پالیسیوں اور کرپشن کی روک تھام کے لیے سختی سے عمل درآمد کرنا ہو گا۔

    یاسر شاہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پاکستانی اسپنر بن گئے

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدے کے نتیجے میں پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی بحالی پر وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی کوششوں کو سراہا تھا

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معاہدے کی بحالی کے لیے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں وزارت خارجہ کی کوششوں کو بھی سراہتا ہوں آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی بحالی بہترین ٹیم ورک کی عمدہ مثال ہے آئی ایم ایف سے معاہدے کے نتیجے میں پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

    پاکستان ریلوے اور پی آئی اے کے کرایوں میں کمی کا اعلان

  • مریم نواز کورونا وائرس کا شکار ہو گئیں

    مریم نواز کورونا وائرس کا شکار ہو گئیں

    لاہور: پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات سے ایک دن قبل مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کورونا وائرس کا شکار ہو گئیں-

    باغی ٹی وی : صدر مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

    واضح رہے کہ مریم نواز لاہور سمیت مختلف حلقوں میں انتخابی مہم چلا رہی تھیں گزشتہ چند دن میں انہوں نے پنجاب کے مختلف شہروں میں انتخابی جلسے کیے اور کل انتخابی مہم کے آخری روز بھی انہوں نے جلسے سے خطاب کیا تھا۔

    پنجاب کے 20حلقوں میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کل بروز 17 جولائی کو ہوگی جس میں پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے –

    خیال رہے کہ ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کیسز میں تیزی آ گئی اور 10 مریض انتقال کر گئے۔قومی ادارہ برائے صحت (این آئی ایچ) کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 737 کیسز رپورٹ ہوئے اور کورونا مثبت کیسز کی شرح کم ہو کر 3.28 فیصد ہو گئی۔این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں 22 ہزار 451 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جبکہ کورونا سے متاثرہ 189 مریضوں کی حالت تشویش ناک رہی۔

    دوسری جانب محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرپنجاب نے کوروناوائرس کے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے اعداد وشمار جاری کردیئے ،سیکرٹری صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ تمام شہری خاص طور پر کورونا کی مکمل احتیاط کو یقینی بنائیں۔ ہم صرف ویکسی نیشن اوراحتیاط کے ذریعے ہی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روک سکتے ہیں- گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے کورونا کیسز 172 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔صوبہ بھر میں کورونا کے کیسز کی کل تعداد 510,099 ہو چکی ہے اب تک صوبہ بھر میں 494,812 مریض علاج کے بعد مکمل صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو واپس جاچکے ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں کورونا کے باعث 1 ہلاکت لاہور سے رپورٹ ہوئی۔ صوبہ بھر میں کورونا کے باعث اموات کی کل 13,581 تعداد ہو چکی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 6998 تشخیصی ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔صوبہ بھر میں کورونا کےاب تک مجموعی طور پر 11,397,843 تشخیصی ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہورسے کورونا وائرس سے 131 جبکہ راولپنڈی سے 12 کیسز رپورٹ ہوئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فیصل آباد سے 9، سیالکوٹ سے 8 اور سرگودھا سے 8 کیسز رپورٹ ہوئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملتان سے 2 جبکہ ساہیوال اور بہاولپور سے 1 ایک کیس رپورٹ ہوا۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر کے تمام شہروں میں کورونا کے مثبت کیسز کی مجموعی شرح 2.5 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 6.6 فیصد، راولپنڈی سے 1.0 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران فیصل آباد میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 2.4 فیصد، سیالکوٹ میں 2.5 فیصد، سرگودھا سے 1.8فیصد ریکارڈ کی گئی ۔ شہری کورونا کے خلاف خصوصی حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں۔ سماجی فاصلے اور ماسک کے استعمال کوہرصورت یقینی بنائیں 12 سال سے زائد عمر کے تمام شہری کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لازمی اور فوری لگوائیں۔ ریچ ایوری ڈورویکسی نیشن مہم کے چوتھے مرحلے کا آغاز کردیا گیا ہے کوویکسن لگائی گئی ہے۔ عوام کسی بھی قسم کی رہنمائی یا شکایات کے لئے1033 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

  • ہم مکمل طور پر غیرجانبداری سے کام کر رہے ہیں،الیکشن کمشنر پنجاب

    ہم مکمل طور پر غیرجانبداری سے کام کر رہے ہیں،الیکشن کمشنر پنجاب

    لاہور: الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل نے کہا ہے کہ ہم نے قانون و آئین کے تحت کام کرنا ہے اور ہم مکمل طور پر غیرجانبداری سے کام کر رہے ہیں۔

    باغی ٹی وی : الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس تعینات ہے اور رینجرز کیو آر ایف کی صورت میں موجود ہو گی جب کہ تمام نتائج کے لیے لاہور کے کیمپ آفس میں بڑی اسکرین لگائی گئی ہے اور تمام آر اوز کے پاس پریزا ئیڈ نگ افسران واٹس ایپ پر فارم 45 بھیجیں گے۔

    الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا کہ ہم نے قانون و آئین کے تحت کام کرنا ہے اور ہم مکمل طور پر غیر جانبداری سے کام کر رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن پر جو الزامات لگائے جارہے ہیں اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے، تمام آر اوز کے کیمپ آفس سے پریزائیڈنگ افسران سامان لے کر جائیں گے اور تمام پولنگ اسٹیشنز پر سامان لے جانے کے لیے سیکیورٹی کی الگ الگ گاڑیاں ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب پلین ایریا ہے پولنگ اسٹیشنز کا زیادہ سے زیادہ فاصلہ ایک گھنٹہ ہو گا اس لیے نتائج میں تاخیر نہیں ہو گی اور پریزائیڈنگ افسر وٹس ایپ پر نتائج بھیج دیں گے لیکن اگر پریزائیڈنگ افسر وٹس ایپ پر نہیں بھیج سکتا تو آر او آفس پہنچ جائے گا۔

    دوسری جانب پنجاب کے 20 حلقوں میں الیکشن کے لیے مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی نے حکمت عملی طے کر لی مسلم لیگ ن نے پنجاب کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے اپنی حکمت عملی تیار کر لی مسلم لیگ ن نے ضمنی انتخابات کی مانیٹرنگ کیلئے ماڈل ٹاؤن لاہور میں سیل قائم کردیا ہے الیکشن کے دن کیلئے سینٹرل کنٹرول روم اور سوشل میڈیا ونگ قائم کیے گئے ہیں۔

    پاکستان ریلوے اور پی آئی اے کے کرایوں میں کمی کا اعلان

    مسلم لیگ ن کی طر ف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ مرکزی کنٹرول روم سے تمام حلقوں کی معلومات جمع کر کے عوام اور میڈیا تک پہنچایا جائے گا۔ سیل بنانے کا مقصد ڈسکہ کے ووٹ اورالیکشن عملہ چور فسادیوں پر نظر رکھنا ہے۔

    دوسری جانب تحریک انصاف کے مطابق انتخاب پر ڈاکہ ڈالنے کی کوششوں کیخلاف فوری طور پر شدید مزاحمت کی جائے گی مرکزی قائدین ہر صوبائی نشست پر پورے انتخابی عمل پر کڑی نگاہ رکھیں گے تحریک انصاف کی حکمت عملی کے مطابق پولیس، انتظامیہ اور پولنگ اسٹاف کی سرگرمیوں پر بھی گہری نظر رکھی جائے گی۔

    حکمران اتحاد کے امیدواروں کی قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوششوں پر فوری ردعمل دیا جائے گا تحریک انصاف کے قائدین خواتین پولنگ بوتھ اور حساس پولنگ سٹیشنز پر گڑبڑ کے تدارک کیلئے تشکیل دی گئی خصوصی ٹیموں سے مسلسل فیڈبیک حاصل کریں گے۔

    پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے پنجاب کے ضمنی الیکشن میں دھاندلی کی کوشش کا الزام دہرادیا ان کا کہنا ہے کہ انتظامیہ ضمنی الیکشن پر اثر انداز ہونے کی کوشش کررہی ہے۔ایک طرف تمام جماعتیں اور حکومتی مشینری ہے دوسری طرف عمران خان اور پی ٹی آئی ہے۔

    بابر اعظم نے ویرات کوہلی کو پیغام کیوں جاری کیا؟

    اسدعمر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ضمنی الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔یہ الیکشن عمران خان اور پرویز الہٰی کا نہیں ہم سب کا ہے علی امین گنڈاپور کو پنجاب آنے سے روکنا قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش ہے۔علی امین گنڈاپور کا اتنا خوف ہے پتہ نہیں وہ کیا کرے گا اس وقت سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ان حالات میں بھی الیکشن کمیشن کوئی کارروائی نہیں کررہا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے ایک آرڈر بھی نظر نہیں آیا۔

    جبکہ ن لیگ سے تعلق رکھنے والے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ‎عمران خان الیکشن ہار چکا ہے اور اب عوام سے لڑنے کی تیاری کر رہا ہے۔ ‎عمران اور اس کے ٹائیگرز قانون کے دائرے میں رہیں ڈسکہ الیکشن والی کوئی حرکت کی گئی تو قانون حرکت میں آئے گا اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 500 سے زائد افراد حالات خراب کرنے کی نیت سے پنجاب پہنچائے گئے ہیں اور حلقے سے باہر کے پولنگ ایجنٹ لگانے کی درخواست اسی سازش کا حصہ تھی۔

    رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ‎خیبر پختونخوا کے بھائیوں کو پنجاب کے بھائیوں سے لڑانے کا پلان ہے، جس کے لیے ‎پرویز خٹک، اسد قیصر، علی محمد خان اور مراد سعید ان فسادیوں کو شیلٹر دے رہے ہیں۔ ‎الیکشن کمیشن کے احکامات اور قانون کو توڑنے والوں کو قانون کی گرفت کا سامنا کرنا پڑے گا ‎پی ٹی آئی ٹائیگرز سے غنڈہ گردی کرائی گئی تو نتائج کا ذمہ دار عمران نیازی ہو گا اور 4 سال عوام کو لوٹنے والوں کو 20 حلقوں کے عوام کا مینڈیٹ لوٹنے نہیں دیں گے عمران کی سیاست کا جنازہ نکل چکا ہے اور 17 جولائی کو 20 حلقوں میں ووٹ کے ذریعے عوام تدفین کی رسم ادا کریں گے۔

    ایشیا کپ کا انعقاد: پاکستان کی سری لنکا کی حمایت کا فیصلہ

    واضح رہے کہ پنجاب کے14 اضلاع کے 20حلقوں میں اہم ترین ضمنی انتخابات کا میدان کل سجے گا۔20 حلقوں میں 175 امیدواروں میں مقابلہ ہوگا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق مجموعی طور پر 45 لاکھ 79 ہزار 898 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔رجسٹرڈ ووٹرز میں 24 لاکھ 60 ہزار 206 مرد ، 21 لاکھ 19 ہزار 692 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

    20حلقوں کے لیے3ہزار131پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ مرد پولنگ اسٹیشنز کی تعداد731،خواتین کیلئے700جبکہ1700مشترکہ اسٹیشنز قائم ہیں۔مجموعی طور پر 1900 پولنگ اسٹیشن حساس قرار دیے گئے ہیں۔696پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس،ایک ہزار204حساس قرار دیے گئے ہیں۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق لاہور اور ملتان کے حلقے انتہائی حساس اضلاع قرار دیئے گئے ہیں لاہور کے تمام پولنگ اسٹیشنوں کو حساس قرار دیا گیا ہے بیلٹ پیپرز کی ترسیل ریٹرننگ افسران تک کردی گئی ہے. آج الیکشن مٹیریل ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے پریذائیڈنگ افسران کے حوالے کیا جائے گا۔

    ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں، پولیس اور رینجرز کی نفری حساس،انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر ڈیوٹی سر انجام دے گی۔

    قوم کسی قسم کی دھاندلی برداشت نہیں کرے گی۔ شیخ رشید