Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • اٹھارویں آئینی ترمیم پر نظر ثانی کی ضرورت ہے،وفاقی وزیر خزانہ

    اٹھارویں آئینی ترمیم پر نظر ثانی کی ضرورت ہے،وفاقی وزیر خزانہ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اعتراف کیا ہے کہ اٹھارویں آئینی ترمیم، سپریم کورٹ کے فیصلوں اور بین الاقوامی بہترین طریقوں کے پس منظر میں اے جی پی ایکٹ پر نظر ثانی کی ضرورت ہے –

    باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے آڈیٹر جنرل آف پاکستان اسلام آباد آفس کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس دورہ کے موقع پر آدیٹر جنرل آف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل پالیسی محمد سلیم خان نے آڈیٹر جنرل کے محکمے کے کام کے بارے میں ایک تفصیلی پریزنٹیشن دی جس میں اس کے مینڈیٹ اور دائرہ کار، اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت، داخلی نظم و نسق اور سالمیت کے طریقہ کار اور اثرات کا احاطہ کیا گیا ہے۔

    وزیر خزانہ نے پاکستان کے آڈیٹر جنرل کے محکمے کی طرف سے کیے گئے پیشہ ورانہ کاموں کو سراہتے ہوئے محکمہ اکاؤنٹس کمیٹی کے نمونے میں اصلاحات پر زور دیا ہے جس سے پرنسپل اکاؤنٹنگ افسران شفافیت کے فروغ کے لیے آڈٹ کی سفارشات پر بروقت توجہ دیں،انہوں نے اے جی پی کی آئینی ذمہ داری کو پورا کرنے کے لیے صوبائی سطح پر ڈی جی رسید آڈٹ کے دفاتر کے قیام کے لیے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

  • برطانیہ نے بھی  نیتن یاہو کی گرفتاری کا عندیہ دے دیا

    برطانیہ نے بھی نیتن یاہو کی گرفتاری کا عندیہ دے دیا

    لندن: عالمی فوجداری عدالت کی جانب سے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے وارنٹ جاری کرنے پر برطانیہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو برطانیہ آئے تو عالمی عدالت کے جاری وارنٹ کی پیروی کی جائے گی۔

    باغی ٹی وی: برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے کہا کہ نیتن یاہوکے برطانیہ آنے پر عدالتی فیصلےکی پیروی اور اس پر مناسب کارروائی کریں گے برطا نیہ ہمیشہ بین الاقوامی قانون اور عالمی انسانی قانون کا پابند رہاہے۔

    اس سےقبل اٹلی اور نیدرلینڈز بھی اسرائیلی وزیر اعظم کی گرفتاری کاعندیہ دے چکے ہیں،واضح رہے کہ عالمی فوجداری عدالت نے گز شتہ ہفتےغزہ میں جنگی جرائم کے ارتکاب کے الزام میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے وارنٹ جاری کیے تھے، عالمی فوجداری عدالت نے جنگی جرائم کے ارتکاب کے الزام میں سابق اسرائیلی وزیر دفاع یواف گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے ہیں۔

  • پی ٹی آئی نے پریڈگراؤنڈ یا پشاور موڑ پر دھرنے کی حکومتی پیشکش مسترد کردی

    پی ٹی آئی نے پریڈگراؤنڈ یا پشاور موڑ پر دھرنے کی حکومتی پیشکش مسترد کردی

    اسلام آباد: پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات بے نتیجہ ختم ہو گئے-

    باغی ٹی وی:میڈیا ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے امیر مقام، ایاز صادق، محسن نقوی اور رانا ثنا اللہ مذاکرات میں شریک ہیں جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے اسد قیصر، شبلی فراز اور بیرسٹر گوہر مذاکرات کر رہے ہیں،یہ مذاکرات منسٹر انکلیو میں جاری ہیں –

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی رہنماؤں کو اسلام آباد نہ آنے کی درخواست کی گئی اور مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بیلاروس کے سرمایہ کاروں کے ساتھ کل اسلام آباد میں بزنس کانفرنس ہورہی ہے،پی ٹی آئی کو دھرنے کے لیے پریڈ گراؤنڈ یا پشاور موڑپر جگہ دینے کی پیش کش کی گئی ہے، جس کو پی ٹی آئی نے مسترد کردیا، پی ٹی آئی رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو فوری رہا کیا جائے پھر ہی بات آگے ہوسکتی ہے۔

    ذرائع کے مطابق مذاکرات میں متفقہ طور پر دھرنا پوائنٹ فائنل کیا جائے گا، ممکنہ طور پر پشاور موڑ کو دھرنا پوائنٹ ڈکلیئر کیاجائے گا دھرنا پوائنٹ ڈکلئیر ہونے کے بعد حکومت مظاہرین کی راہ میں رکاوٹیں نہیں کھڑی کرے گی، مظاہرین بھی پشاور موڑ سے آگے ریڈ زون کی جانب پیش قدمی نہیں کریں گے۔

    واضح رہے کہ بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور کی قیادت میں احتجاجی قافلہ اسلام آباد میں داخل ہوچکا ہے،جبکہ تحریک انصاف پر پابندی عائد کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی، قرارداد مسلم لیگ ن کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کروائی گئی-

    قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ یہ ایوان تحریک انصاف کی جانب سے فیڈریشن پر جتھوں کے ساتھ حملہ کرنے کی شدید مذمت کرتا ہے، ایک صوبے کا چیف ایگزیکٹو اور سابق خاتون اول فیڈریشن پر جتھوں کے ساتھ حملہ آور ہو رہے ہیں،شر پسندوں اور بلوائیوں نے پولیس اہلکاروں کو زخمی کیا اور گاڑیوں کو نذرِ آتش کر دیا ہے،ایک مخصوص ٹولے نے سوچی سمجھی سازش کے تحت عوام کے جان و مال کو نقصان پہنچایا ہے، تحریک انصاف کے ایک دن کے احتجاج کے باعث پاکستان کو 190 ارب روپے کا نقصان ہو چکا ہے، تحریک انصاف ایک شدت پسند جماعت ہے اس پر فوری پابندی عائد کی جائے.

  • کرم تنازعہ: گورنر خیبرپختونخوا  کی  متاثرہ افراد کیلئےامدادی سامان فراہم کرنے کی ہدایت

    کرم تنازعہ: گورنر خیبرپختونخوا کی متاثرہ افراد کیلئےامدادی سامان فراہم کرنے کی ہدایت

    پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ہلال احمر اور ضم شدہ اضلاع کی ٹیموں کو کرم تنازعہ کے متاثرہ افراد کے لیے خیمے اور دیگر امدادی سامان فراہم کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔

    باغی ٹی وی: گورنر خیبرپختونخوا کی ہدایات پر ہلال احمر خیبرپختونخوا اور ضم شدہ اضلاع کی ٹیمیں متحرک ہوگئیں، ہلال احمر ضم شدہ اضلاع کے چیئرمین کو مستحقین کو فوری خیمے پہنچانے کا حکم جاری کیا گیا،ہلال احمر ضم شدہ اضلاع کے چیئرمین عمران وزیر نے نقصانات اور ضروریا ت کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی جس کے مطابق بگن کے 250 خاندان اور علیزئی کے 175 خاندان نقل مکانی کر گئے ہیں-

    ہلال احمر خیبرپختونخوا کے چیئرمین ملک حبیب اورکزئی کی رپورٹ کے مطابق 915 آئی ڈی پیز کو گزشتہ دو روز میں کھانا اور پینے کا پانی فراہم کیا گیا، گورنر کی ہدایات پر ہلال احمر ضم شدہ اضلاع کا وفد متاثرین کے نمائندوں سے ملاقات کرے گا۔

    دوسری جانب امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ روڈز کی بندش امدادی کاموں میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے مزید امدادی سامان تیار ہے لیکن روڈز کی بندش کے خاتمہ کا انتظار کیا جارہا ہے۔

  • پاکستان اور بیلاروس کے درمیان متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

    پاکستان اور بیلاروس کے درمیان متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

    اسلام آباد: پاکستان اور بیلاروس کے درمیان متعددمفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہو گئے،جبکہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بیلاروس کے وزیرخارجہ میکسم ریزینکوف نے ملاقات کی ہے-

    باغی ٹی وی: ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزرائے خارجہ نے صدر بیلاروس کے دورہ پاکستان کے پروگرام پر تبادلہ خیال کیا ملاقات میں پاکستان اور بیلاروس کے تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے دوروں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، اس موقع پر صدر بیلاروس کے دورے کو دو طرفہ تعلقات کے فروغ کا باعث قرار دیا گیا۔

    دوسری جانب پاکستان بیلا روس بزنس فورم کےد وران دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوئے، پاک بیلاروس 5سالہ تعاون پر نیوٹریفوڈ اینڈ فارماسیوٹیکل کمپنی اور بیلاکٹ سمیت مختلف مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

    تقریب میں "شہزاد ٹریڈ لنکس” اور "منسک موٹر پلانٹ” کے درمیان مصنوعات کی فراہمی کے لئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے، "شہزاد ٹریڈ لنکس” اور "بیلشینا” کے مابین پاکستانی منڈی میں ٹائرز کی فراہمی کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔

    قبل ازیں بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجاری سردار جام کمال کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان تجارت میں اضافہ ضروری ہے، پاکستان میں بیلاروس کے ٹریکٹرز پائیداری اور مضبوطی کی علامت سمجھے جاتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان 27-2025 کے لیے روڈ میپ پر اتفاق ہوا ہے ، دونوں ممالک تعاون کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس علاقائی تجارت اور کنیکٹیویٹی کے فروغ کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم میں شراکت دار ہیں، پاکستان بیلاروس سے ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مشترکہ منصوبوں میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے، پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے توانائی، زراعت، آئی سی ٹی اور دیگر شعبے کھلے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت میں تنوع لانے کی ضرورت ہے، پاکستان کے گوشت، ڈیری، زرعی مصنوعات اور کاغذی مصنوعات کی برآمدات بڑھائی جا سکتی ہیں، بیلاروس کے ساتھ تجارتی رکاو ٹوں کو کم کرنے اور مارکیٹ تک رسائی کو آسان بنانے کی ضرورت ہے، پاکستان خطے میں تجارتی اور ٹرانزٹ حب بننے کے لیے پر عزم ہے۔

  • بیلاروس کے صدر 3 روز کے دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

    بیلاروس کے صدر 3 روز کے دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

    اسلام آباد: بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکا شنکو 3 روز کے دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔

    باغی ٹی وی: وزیراعظم شہبازشریف نے نور خان ائیربیس پر بیلا روس کے صدر کا استقبال کیا، بیلا روس کے صدر 27 نومبر تک پاکستان کا دورہ کررہے ہیں، نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی ، وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور سینیئر سرکاری حکام بھی معزز مہمان کے استقبال کیلئے موجود تھے۔

    بیلاروس کے صدر کی دورہ پاکستان میں اسلام آباد میں وزیراعظم شہبازشریف کے ساتھ ملاقات ہوگی پاک بیلاروس قیادت دوطرفہ تعاون اور روابط بڑھانےکیلئے بات چیت کرے گی،اس کے علاوہ بیلا روس کے صدر کے دورہ پاکستان میں کئی معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط ہوں گے۔

    واضح رہے کہ بیلاروس کے وزیرخارجہ کی زیر قیادت 68 رکنی اعلیٰ سطحی وفد گزشتہ روز پاکستان پہنچا تھا وفد میں بیلاروس کی کابینہ کے اہم وزراء سمیت معروف کاروباری شخصیات اور سرمایہ کار شامل ہیں۔

  • جوڈیشل کمیشن نے سندھ ہائی کورٹ میں آئینی بینچز کیلئے 9 ججز کی نامزدگی کر دی

    جوڈیشل کمیشن نے سندھ ہائی کورٹ میں آئینی بینچز کیلئے 9 ججز کی نامزدگی کر دی

    اسلام آباد: جوڈیشل کمیشن نے سندھ ہائی کورٹ میں آئینی بینچز کے لیے 9 ججز کی نامزدگی کر دی –

    باغی ٹی وی:جسٹس کے کے آغا آئینی بینچز اور آئینی کمیٹی کے سربراہ ہوں گے،آئینی کمیٹی جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں جسٹس عمر سیال اور محمد سلیم جیسر پر مشتمل ہو گی ، آئینی بینچز کے لیے جسٹس ذوالفقار علی سانگی ، جسٹس ارباب علی ، جسٹس یوسف علی سید ، جسٹس خادم حسین سومرو ، جسٹس ثنا منہاس اکرام شامل ہیں-

    ذرائع کے مطابق آئینی بینچز کی تشکیل کے لیے جوڈیشل کمیشن میں اکثریتی رائے سے فیصلہ ہوا ،آئینی بینچز کے لیے 9 ججز کے حق میں گیارہ ووٹ آئے ،جسٹس منصور علی شاہ جسٹس منیب اختر اور چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے اختلافی رائے دی ، چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے حق یا مخالفت میں ووٹ نہیں دی، اجلاس کے دو ممبران عمر ایوب اور شبلی فراز شریک نہیں ہوئے،اجلاس میں دونوں ممبران کا تقریباً دو گھنٹے تک انتظار کیا گیا-

  • صوبے میں ٹارگٹڈ آپریشن کرنے جارہے ہیں، وزیراعلی بلوچستان

    صوبے میں ٹارگٹڈ آپریشن کرنے جارہے ہیں، وزیراعلی بلوچستان

    کوئٹہ: وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کیخلاف کارروائیاں کر رہے ہیں –

    باغی ٹی وی: کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردوں کیخلاف کارروائیاں کر رہے ہیں صوبے میں ٹارگٹڈ آپریشن کرنے جارہے ہیں ، آپریشن کی مخالف سیاسی جماعتیں ہمیں اس کا حل بتائیں۔

    انہوں نے کہا کہ مصور کاکڑ کے اغوا پر افسوس ہوا، ایسا لگا اغوا ہونے والا میرا بچہ ہے ، کوئی حکومت بھی نہیں چاہے گی بچے اغوا ہوں ، اغوا کاروں کے خلاف کارروائی کریں گے،بلوچستان کے عوام کی خدمت کرتا رہوں گا ، وزیر اعلیٰ کی تبدیلی کے حوالے سے کوئی بات نہیں سنی ہے۔

    دوسری جانب 11 سالہ مغوی بچے مصور کاکڑ کے اغوا کیخلاف آج بلوچستان میں پہیہ جام ہڑتال ہے ، جس کے باعث مختلف شاہرا ہیں اور تعلیمی ادارے بند ہیں، سیاسی جماعتوں اور تاجر تنظیموں نےہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہےجبکہ ہڑتال کے موقع پر محکمہ تعلیم بلوچستان نے تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے، آج بلوچستان میں اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں بند ہیں.

    مغوی بچےکی عدم بازیابی کیخلاف کوئٹہ چمن شاہراہ متعددمقامات پربند ہیں ، کوئٹہ چمن شاہراہ کی بندش سےسیکڑوں گاڑیاں،مال بردارٹرک،کنٹینرز پھنس گئے ہیں، ریلوے حکام نے بھی کہا ہے کہ کوئٹہ چمن پسنجر ٹرین آج نہیں چلےگی، آج ہڑتال کےباعث کوئٹہ چمن پسنجرٹرین معطل کی گئی ہے.

    واضح رہے کہ چند روزقبل 10سالہ بچے مصورکو نامعلوم افراد نےکوئٹہ میں اسکول وین سے اغواکیا تھا اور تاحال بچے کا کوئی سراغ نہیں لگایا جاسکابعد ازاں سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے بھی بچوں کے اغوا سے متعلق ایک کیس کی سماعت کے دوران کوئٹہ سے 10 سالہ بچے کے اغوا اور اس کا کوئی سراغ نہ ملنے پر نوٹس لے کر بچوں کے اغوا کے معاملے پر تمام آئی جیز اور سیکرٹری داخلہ کو طلب کیا تھا۔

  • 50 فیصد سے زائد پاکستانی  پسند کی شادی کے مخالف، گیلپ سروے

    50 فیصد سے زائد پاکستانی پسند کی شادی کے مخالف، گیلپ سروے

    لاہور: پاکستان میں 52 فیصد پاکستانی پسند کی شادی کے مخالف نکلے –

    باغی ٹی وی : یہ انکشاف حال گیلپ پاکستان کے سروے میں ہوا جس میں 52 فیصد افراد نے کہا کہ وہ پسند کی شادی کی بالکل حمایت نہیں کرتے جبکہ 39 فیصد نے پسند کی شادی کی حمایت کی ہےانہوں نے کہا کہ پسند کی شادی پر کوئی اعتراض نہیں جب کہ حیران کن طور پر پسند کی شادی کی سب سے زیادہ مخالفت شہری آبادی کی جانب سے کی گئی۔

    سروے کے مطابق شہری آبادی میں58 فیصد نے اس پر اعتراض کیا جبکہ دیہی آبادی میں پسند کی شادی کی مخالفت کی شرح 49 فیصد دیکھی گئی۔

  • وزیر اعلیٰ صوبے کے وسائل جلسے جلوسوں کیلئے استعمال کر رہے ہیں،میاں افتخار حسین

    وزیر اعلیٰ صوبے کے وسائل جلسے جلوسوں کیلئے استعمال کر رہے ہیں،میاں افتخار حسین

    کرم:عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ صوبے میں دہشتگردی کے پیچھے منظم قوتیں ہیں، کرم میں دہشتگردی کے پیچھے امریکا کا ہاتھ ہے،امریکا سی پیک کے خلاف مسلسل سازشیں کر رہا ہے-

    باغی ٹی وی:عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے خیبر پختونخوا میں بدامنی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے میں صوبائی قیادت اور کارکنان کی شرکت نے بڑی تعداد میں شرکت کی،مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے کہا کہ امریکا سی پیک کے خلاف مسلسل سازشیں کر رہا ہے، کرم واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ منظم طریقے سے پارا چنار میں فرقہ وارانہ فسادات کرائے جا رہے ہیں ، وزیر اعلیٰ کو صوبے کی کوئی فکر نہیں ، صوبے کے عوام اپیل کرتا ہوں کہ دہشتگردوں کے سازشوں میں نہ آئیں،وزیر اعلیٰ صوبے کے وسائل جلسے جلوسوں کے لیے استعمال کر رہے ہیں ، وفاق اور صوبے کے درمیان گٹھ جوڑ ہے، کوئی خیبرپختونخوا کو نہیں پوچھ رہا ہے۔

    میاں افتخار حسین نے کہا کہ ہمیں دشمن کے خلاف ڈٹ کر کھڑا ہونا پڑے گا ، ہم کرم کے عوام کے ساتھ ہیں، ہم صرف امن چاہتے ہیں ، عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ فرقہ وارانہ فسادات میں ایک دوسرے کو مت ماریں، سب سے آسان ٹارگٹ فرقہ وارانہ فسادا ت ہیں ، بنوں، ڈی آئی خان اور باجوڑ میں منظم منصوبے کے تحت دہشت گردی کی جا رہی ہےہمیں زبردستی اسمبلیوں سے نکالا گیا، وزیراعلیٰ گنڈا پور ہروقت احتجاج سے بھاگ جاتا ہے، ایک دفعہ پھر یہ احتجاج سے بھاگ کرواپس آ جائے گا۔

    عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی سربراہ نے کہا کہ صوبائی حکومت دہشت گرد حکومت ہے ، وزیر داخلہ صرف مذمت کے لیے بیٹھا ہوا ہے، دہشت گردی فیض حمید کی باقیات کر رہے ہیں ہم جنرل فیض حمید اور ان کے ساتھیوں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہیں، ہم پارا چنارکے عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں ، ہم نے واقعے کے لیے جرگہ تشکیل دیدیا ہے ، ہم پارا چنار میں امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، دہشتگردی کے خاتمے کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔

    اے این پی کے رہنما سردار حسین بابک نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم کرم واقعہ کے خلاف پورے صوبے میں نکلے ہوئے ہیں، پختون قوم نے اپنا سرمایہ پنجاب منتقل کیا ہوا ہے ، جسے واپس لانا ہوگا، پختونوں کو پارلیمنٹ سے باہرکردیا گیا ، دہشت گردوں کا پہلا ٹار گٹ پولیس ہے جو دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کر رہی ہے۔