Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • پشاور موٹر وے اچانک کھول دی گئی،پی ٹی آئی کارکنان  پہنچنا شروع

    پشاور موٹر وے اچانک کھول دی گئی،پی ٹی آئی کارکنان پہنچنا شروع

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے آج اسلام آباد میں احتجاج کے باعث موٹروے ایم ون پشاور ٹول پلازہ جو ہر قسم کے ٹریفک کے لیے مکمل طور بند کر دی گئی تھی، پولیس کی جانب سے اچانک کھول دی گئی۔

    باغی ٹی وی :قبل ازیں موٹروے پولیس کی جانب سے موٹروے ایم ون پشاور کو ٹول پلازہ کو 3 مختلف مقامات سے دنوں اطراف سے ہرقسم کے ٹریفک کے لیے مکمل طور بند کر دیا گیا تھا،اس حوالے سے موٹروے پولیس کا کہنا تھا کہ موٹروے دھند کے باعث بند کردی گئی ہے، دھند میں کمی کے بعد موٹروے ٹریفک کے لیے کھول دی جائے گی، تاہم اب موٹروے ایم ون پشاور ٹول پلازہ کھولے جانے کے بعد پی ٹی آئی کارکنان پشاورٹول پلازہ پہنچنا شروع ہوگئے۔

    پاکستان ریلوے نے پی ٹی آئی احتجاج کے معاملے پر لاہور، راولپنڈی اور پشاور کے درمیان تمام ٹرینیں فوری بند کر دی ہیں،ریلوے نے پشاور سے راولپنڈی، لاہور سے راولپنڈی جبکہ ملتان اور فیصل آباد سے راولپنڈی کے درمیان تمام ٹرین سروس بند کر دی ہیں۔

    ریلوے حکا م کے مطابق آج اتوار 24 نومبر کی تمام 25 ریل گاڑیوں کی بک ٹکٹیں بھی منسوخ کر دی گئیں جبکہ اتوار کی تمام گاڑیوں کے مسافروں کو ٹکٹوں کے پیسے فوری واپس کرنے کا حکم دیا گیا ہے ریلوے اسٹیشن پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی جبکہ ریلو ے اسٹیشن پر مسافروں کا داخلہ بھی مکمل بند کرکے اسٹیشن سیل کر دیا گیا، مسافروں کو اسٹیشن کے عارضی ٹکٹ گھر سے ہی بکنگ ٹکٹوں کے پیسے واپس کیے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے، سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے واضح کیا تھا کہ احتجاج میں رہنماؤں کی کارکردگی کی بنیاد پر اگلے عام انتخابا ت میں پارٹی ٹکٹ دیا جائے گا۔

    احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی اور اسلام آباد کے داخلی و خارجی جبکہ لاہور اور فیصل آباد سے وفاقی دارالحکومت کو آنے والے تمام راستے بند کر دیئے گئے ہیں جبکہ جڑواں شہروں میں داخل ہونے والے تمام راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے۔

    فیض آباد سمیت 6 مقامات کو کنٹینرز رکھ کر بند کر دیا گیا ہے، فیض آباد، آئی جے پی روڈ، روات ٹی چوک، کیرج فیکٹری، مندرہ اور ٹیکسلا روڈ کو بند کر دیا گیا ہے جبکہ کچہری چوک کو یکطرفہ ٹریفک کے طور پر چلایا جائے گا، اسلام آباد اور راولپنڈی کی تمام رابطہ سڑکوں کو مکمل سیل کیا جائے گا۔

    وزارت داخلہ نے موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز معطل کرنے کے لیے پی ٹی اے کو خط لکھا تھا جو پی ٹی اے کو موصول ہوگیا ہےپی ٹی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ موبائل فون کھلا ہوگا مگر انٹرنیٹ اور وائی فائی بند ہوگا، موبائل سنگل کی بندش کا فیصلہ حالات کو دیکھ کر کیا جائے گا۔

    ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ صرف سیکیورٹی کے خدشات والے علاقوں میں موبائل ڈیٹا اور وائی فائی سروس کی بندش کا تعین کیا جائے گا، ملک کے باقی حصوں میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس معمول کے مطابق چلتی رہے گی۔

    تحریک انصاف کے احتجاج میں خودکش حملے کے خطرے کے پیش نظر نیکٹا کے بعد وزارت داخلہ خیبرپختونخوا نے بھی دہشت گرد حملوں کا الرٹ جاری کردیا۔

    وزارت داخلہ کے مطابق پی ٹی آئی کے اجتماع پر خودکش حملے کا مقصد عوام میں افراتفری پھیلانا ہے نیکٹا نے بھی اپنے الرٹ میں کہا تھا کہ اطلاعات ہیں کہ 19 اور 20 نومبر کی درمیانی رات فتنہ خوارج کے دہشت گرد پاک افغان بارڈر سے پاکستان میں داخل ہوگئے ہیں، جو آج عوامی مقامات پر دہشت گردی کرسکتے ہیں، نیکٹا نے حملوں کے خطرے کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایات کی ہے۔

  • مسافروں کو اسلام آباد ائیرپورٹ پر روکے جانے سے متعلق افواہیں سراسر جھوٹی ہیں،سی اے اے

    مسافروں کو اسلام آباد ائیرپورٹ پر روکے جانے سے متعلق افواہیں سراسر جھوٹی ہیں،سی اے اے

    اسلام آباد: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام ائیرپورٹس پر قومی اور بین الاقوامی پروازیں معمول کے مطابق جاری ہیں۔

    باغی ٹی وی : سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق اسلام آباد ائیرپورٹ پر بھی تمام پروازیں معمول کے مطابق جاری ہیں اور اسلام آباد آنے والی پروازیں حسب معمول جاری رہیں گی، بین الاقوامی پروازوں کے مسافروں کو اسلام آباد ائیرپورٹ پر روکے جانے سے متعلق افواہیں سراسر جھوٹی اور بے بنیاد ہیں۔

    بیان میں عوام سے اپیل کی گئی کہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور کسی خبر کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مصدقہ پلیٹ فارم سے رجوع کریں، فیک نیوز پھیلانے والے اکاؤنٹس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے، سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے واضح کیا تھا کہ احتجاج میں رہنماؤں کی کارکردگی کی بنیاد پر اگلے عام انتخابات میں پارٹی ٹکٹ دیا جائے گا۔

    بشریٰ بی بی نے پارٹی رہنماؤں پر زور دیا تھا کہ وہ احتجاج کے دوران گرفتاریوں سے بچیں جبکہ احتجاج کے لیے موثر تحریک اور وفاداری کی بنیاد پر ہی پی ٹی آئی میں ان کے مسقبل کا فیصلہ ہوگا،انہوں نے متنبہ کیا تھا کہ کسی بھی رہنما کی پارٹی کے ساتھ دیرینہ وابستگی بھی انتخابات میں پارٹی ٹکٹ کی ضمانت نہیں دے گی اگر وہ احتجاج کے دوران توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہے۔

  • اسرائیلی وزیراعظم  کو گرفتار کیا تو  برطانیہ کی معیشت تباہ کر دی جائے گی،لنزی گراہم

    اسرائیلی وزیراعظم کو گرفتار کیا تو برطانیہ کی معیشت تباہ کر دی جائے گی،لنزی گراہم

    واشنگٹن:امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی سینیٹر لنزی گراہم نے برطانوی وزیراعظم کئیر اسٹارمر کو دھمکی دی ہے کہ اگر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو بین الاقوامی فوجداری عدالت (ICC) کے حکم پر گرفتار کیا گیا تو برطانیہ کی معیشت تباہ کر دی جائے گی۔

    باغی ٹی وی : امریکی میڈیا کے مطابق گراہم نے واضح طور پر کہا کہ وہ ممالک جو آئی سی سی کے حکم کی پیروی کریں گے، انہیں اقتصاد ی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا یہ دھمکی اس وقت دی گئی جب عالمی فوجداری عدالت نے نیتن یاہو اور ان کے سابق وزیر دفاع یووا ف گیلنٹ کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کیے، اس فیصلے کے بعد برطانوی وزیراعظم کئیر اسٹارمر نے کہا کہ برطانیہ کو اپنے قانونی فرائض ادا کرنا ہوں گے، جس سے آئی سی سی کے فیصلے کی پیروی کی بات سامنے آئی۔

    یورپی یونین کے خارجہ پالیسی چیف جوزف بوریل نے بھی کہا تھا کہ تمام رکن ممالک اس فیصلے پر عمل درآمد کے پابند ہیں بین الاقوامی فوجداری عدالت کے وارنٹ گرفتاری کے مطابق، اسرائیلی رہنماؤں نیتن یاہو اور گیلنٹ پر مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں نسل کشی کے الزامات ہیں، جس کے باعث دونوں افراد کو مفرور مجرم سمجھا جا رہا ہے۔

    کینیڈا نے آئی سی سی کے حکم کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس کے فیصلے کا احترام کرتا ہے، جبکہ اٹلی اور نیدرلینڈز نے بھی اعلان کیا ہے کہ اگر نیتن یاہو اور گیلنٹ ان کے ممالک میں داخل ہوتے ہیں تو انہیں گرفتار کر لیا جائے گا، اس تناظر میں برطانوی وزیراعظم کو اس معاملے میں مشکل فیصلوں کا سامنا ہے اور عالمی سطح پر اس بات پر زور دیا جا رہا ہے کہ بین الاقوامی عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کیا جائے۔

  • ایچ آر سی پی کا  طلبہ سے ہاسٹلز خالی کروانے پر تشویش کا اظہار

    ایچ آر سی پی کا طلبہ سے ہاسٹلز خالی کروانے پر تشویش کا اظہار

    اسلام آباد: انسانی حقوق کمیشن پاکستان (ایچ آر سی پی) نے اسلام آباد انتظامیہ کی طرف سے طلبہ سے ہاسٹلز خالی کروانے اور اسلام آباد کی طرف جانے والے راستوں کی بندش پر تشویش کا اظہار کیا ہے-

    باغی ٹی وی : اپنے ایک بیان میں ایچ آر سی پی کے ترجمان نے کہا کہ گرلز اور بوائز ہاسٹلیں خالی کروانا باعث تشویش ہے، طلبہ کو بغیر کسی قصور کے پناہ سے محروم کر دیا گیا ہے پنجاب اور خیبرپختونخوا سے اسلام آباد کی طرف موٹروے سمیت دیگر سڑکوں کی بندش سے عام شہری اور مزدور متاثر ہو رہے ہیں، جن کی آزادانہ نقل و حرکت ان کے روزی کے حق سے جُڑی ہوئی ہے۔

    ایچ آر سی پی نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر ان اقدامات پر نظر ثانی کرے اور شہریوں کے حقوق کی حفاظت کرے، تاکہ عوامی نقل و حرکت میں رکاوٹ نہ آئے اور طلبہ کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

  • پی ٹی آئی والے گول گول گھوم کر جہاں سے آئے وہیں واپس جائیں گے،کامران ٹیسوری

    پی ٹی آئی والے گول گول گھوم کر جہاں سے آئے وہیں واپس جائیں گے،کامران ٹیسوری

    لندن: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے گول گول گھوم کرواپس وہیں جائیں گے جہاں سے آئے تھے-

    باغی ٹی وی : نجی خبررساں ادارے سے گفتگو میں کامران ٹیسوری نے کہا کہ یہ سیاسی، جذباتی اور آخری اوور کا گیم ہے،اس کے بعد اوورختم ہوجائےگا، ان کی باتوں سے فرسٹریشن ظاہر ہوتی ہےبشریٰ بی بی کے بیان کو ان کی اپنی پارٹی نے بھی اون نہیں کیا اگر بانی نے بشریٰ بی بی سے ایسی کوئی بات کی ہے تو حلف توڑا ہے۔

    کامران ٹیسوری نے کہا کہ اگر کچھ ہوا بھی تھا تو بانی پی ٹی آئی نے بطور وزیراعظم راز افشا نہ کرنے حلف اٹھایا ہےاگر یہ سب بہت سی باتوں کو جوڑ کر رہے ہیں تو یہ ملکی خودمختاری و سالمیت کے خلاف ہے پاکستان معاشی استحکام کیلئے کوششیں کر رہا ہے، دوست ممالک ساتھ ہیں، پی ٹی آئی والے جو بھی کریں گے وہ نہ دوست ممالک کو پسند آئے گا نہ ہی پاکستانی عوام کو پسند آئے گا۔

    انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ایسا دوست ملک ہے جس نے پاکستان کو ہمیشہ مشکل حالات سے نکالا، سعودی عرب کے ساتھ ہمارے دیرینہ مذہبی اور بردرانہ تعلقات ہیں سیاسی طور پر وہ جو باتیں کر رہے ہیں وہ سیاسی لوگ ضرور کرتے ہیں، اس سے پہلے بھی جو اپوزیشن میں رہے وہ ان سے زیادہ باتیں کرتے رہے۔

  • پہلا ون ڈے: زمبابوے کا پاکستان کو جیت کیلئے 206 رنز کا ہدف

    پہلا ون ڈے: زمبابوے کا پاکستان کو جیت کیلئے 206 رنز کا ہدف

    بلاوائیو:پاکستان نے زمبابوے کے خلاف پہلے ون ڈے میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    باغی ٹی وی : زمبابوے کی ٹیم 40.2 اوورز میں 205 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، قومی ٹیم کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے فیصل اکرم اور سلمان علی آغا نے تین تین وکٹیں حاصل کیں،حارث رؤف ن اور عبداللہ شفیق، عامر جمال اور محمد حسنین نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا-

    پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ون ڈے میچ آج بلاوائیو میں کھیلا جارہا ہے،میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 12 شروع ہواقومی ٹیم ورلڈ چیمپئین آسٹریلیا کو ون ڈے سیریز میں ہوم گراؤنڈ پر شکست دیکر آئی ہے، جس کے باعث کھلاڑیوں کو مورال بلند ہے۔

    3 میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے زمبابوے کو بیٹنگ کی دعوت دی،ٹاس کے بعد پاکستانی کپتان محمد رضوان نے کہا کہ کوشش کریں میزبان ٹیم کو کم ازکم اسکور پر آؤٹ کریں اور دورے کا فاتحانہ آغاز کریں،انہوں نے بتایا کہ آج کے میچ میں 3 کھلاڑی اپنا ڈیبیو کریں گے، عامر جمال، فیصل اکرم اور حسیب اللہ ون ڈے میں ڈیبیو کررہے ہیں، امید ہے نوجوان کھلاڑی سیریز میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔

    اس موقع پر زمبابوین ٹیم کے کپتان کریگ ایروائن نے کہا کہ ہوم گرؤنڈ پر پاکستان کے خلاف جیت کے لیے پُرعزم ہیں۔

    پاکستان کا اسکوڈ
    پاکستانی ٹیم میں کپتان محمد رضوان، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، کامران غلام، حسیب اللہ خان، سلمان علی آغا، محمد عرفان خان، عامر جمال، حارث رؤف، محمد حسنین، اور فیصل اکرم شامل ہیں۔

    زمبابوے کا اسکواڈ
    زمبابوے کی ٹیم میں کپتان کریگ ایروائن، برائن بینیٹ، جویلورڈ گمبی، ٹریور گوانڈو، توانداناشے مارومانی، برینڈن ماوتا، بلیسنگ مزاربانی، رچرڈ نگروا، ڈیون مائرز، سکندر رضا اور شان ولیمز شامل ہیں۔

    پاکستان اور زمبابوین کرکٹ ٹیموں کے پلئیرز اونج کیپ پہن کر میچ کھیل ر ہے ہیں،کینسر سے متاثرہ بچوں سے اظہار یکجہتی کیلئے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے اورنج کیپ پہنی ہوئی ہے تاکہ آگاہی فراہم کی جاسکے۔

    دونوں ممالک کے درمیان 3 ون ڈے انٹرنیشنلز اور 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کھیلی جانی ہے، دوسرا ایک روزہ میچ 26 اور تیسرا 28 نومبر کو کھیلا جائے گا جبکہ قومی ٹیم یکم، 3 اور 5 دسمبر کو تین 20 ٹوئنٹی انٹرنیشنلز کھیلے گی، ان تمام میچز کا انعقاد بلاوائیو میں ہوگا، دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 62 ون ڈے میچز ہوئے ہیں، جن میں سے پاکستان نے 54 اور زمبابوے نے 5 میچ جیتے ہیں جبکہ 2 میچ بے نتیجہ رہے ہیں۔

    دوسری جانب سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید کے ہیڈ کوچ بننے کے بعد پاکستانی ٹیم کا دورہ زمبابوے پہلا اسائنمنٹ ہے، زمبا بو ے سیریز میں پاکستان نے تین اہم کرکٹرز بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کو آرام دیا ہے جبکہ ان کی جگہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے۔

    کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کی سیریز اب ماضی کا حصہ بن چکی ہے یہ سیریز آئی سی سی چیمپنز ٹرافی کی تیاریوں کا حصہ ہے، ہم یہاں بھی جیت کے لیے پر امید ہیں، پاکستان نے سیریز میں حارث روف اور محمد حسنین کے ساتھ شاہ نواز دھانی، احمد دانیال اور عامر جمال کو موقع دیا ہے-

  • پی ٹی آئی احتجاج:کراچی میں انٹرنیٹ اورموبائل سروس بند،اسلام آباد کنٹینر سٹی میں تبدیل

    پی ٹی آئی احتجاج:کراچی میں انٹرنیٹ اورموبائل سروس بند،اسلام آباد کنٹینر سٹی میں تبدیل

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آج ہر صورت احتجاج کا اعلان کیا ہے، حکومت نے پی ٹی آئی کے احتجاج سے نمٹنے کی تیاری مکمل کرلی۔

    باغی ٹی وی :شہر قائد کے مختلف علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں، متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو موبائل ڈیٹا اور وائی فائی سروسز کی بندش کا سامنا ہے۔

    وزارت داخلہ کے ترجمان نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا تھا کہ صرف سیکیورٹی خدشات والے علاقوں میں ہی موبائل ڈیٹا اور وائی فائی سروس کی بندش کی جائے گی،ملک کے دیگر حصوں میں انٹرنیٹ اور موبائل سروسز معمول کے مطابق چلتی رہیں گی۔

    واضح رہے کہ اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا احتجاج آج ہونے جا رہا ہے، جس کے پیش نظر وفاقی حکومت نے انتظامی اقدامات بڑھا دیئے ہیں،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی قیادت میں خیبرپختونخوا سے قافلے صوابی پہنچیں گے اور پھر صبح 11 بجے مرکزی قافلے کی صورت میں اسلام آباد کی جانب چل پڑیں گے۔

    اس حوالے سے اسلام آباد آنے والے راستے بند اور ہرطرف کنٹینرز ہی کنٹینرز لگادیئے گئے، لاہور کے تمام داخلی راستے بھی سیل کردیئے گئے جبکہ گوجرانوالہ، ٹیکسلا، جہلم کی شاہراہوں پر سمیت 24 مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کردی گئیں اور منگلہ پل بھی بند کردیا گیا، اس کے علاوہ میٹرو سروس معطل، بس اڈے بند، ہوٹل اور ہاسٹل بھی خالی کرالیے۔

    داخلی و خارجی راستوں پر پولیس، رینجرز اور ایف سی کے 30 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہیں جبکہ 17 اضلاع کے ڈی پی اوز اٹک اور راولپنڈی میں تعینات کردیئے گئے جبکہ اٹک فورس کو 40 ہزار شیل بھی دے دیئے گئے-

    پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، 6 ہزار پولیس اہلکار اور افسران تعینات کیے گئے ہیں جبکہ 2 ہزار پولیس نفری بیک اپ کے لیے تیار ہے۔ راولپنڈی سے اسلام آباد داخلے کے لیے 135 بلاگنگ پوائنٹس اور چوکیاں قائم ہیں، اینٹی رائڈ اور ایلیٹ فورس کو فسادات سے نمٹنے کے لیے آلات فراہم کردیئے گئے۔

    پولیس اہلکاروں کو موبائل فون کے استعمال سے روک دیا گیا، انٹرینٹ کی سہولت انتہائی سلو کردی گئی جبکہ میٹرو بس سروس تاحکم ثانی بند ہے، جڑواں شہروں کا مرکزی رابطہ پل فیض آباد انٹرچینج ہرطرح کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا، اسلام آباد ایکسپریس وے اور آئی جی پی روڈ کو مختلف مقامات پر بند کردیا گیا جبکہ مری روڈ کو فیض آباد سے صدر تک مختلف پوائنٹس سے بند کر دیا گیا70 مقامات کی سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی جائے گی، پولیس کو آنسو گیس کے شیل فراہم کردیئے گئے-

    علاوہ ازیں پنجاب اور خیبرپختونخوا کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا جی ٹی روڈ اٹک خورد کے مقام کو دونوں اطراف سے کنٹینر لگا کر مکمل سیل کردیا گیا، اٹک خورد چیک پوسٹ پر رینجر، ایف سی اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔

    موٹروے ایم ون بھی 3 مختلف مقامات سے دونوں اطراف سے مکمل بند ہے جبکہ پی ٹی آئی ضلع اٹک کی قیادت اور کارکنان خیبرپختونخوا پہنچ چکے ہیں، وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے قافلے کو پنجاب داخلے سے روکنے کے تمام ترانتظامات مکمل کرلیے گئے جبکہ فورسز موٹروے اور جی ٹی روڈ پر الرٹ ہے۔

    ادھر پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر لاہور کے تمام داخلی اور خارجی راستے بند کردیئے گئے، جس کے باعث شہریوں کومشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے احتجاج کے باعث تمام رابطہ سڑکیں کنٹینرز لگا کر بند کردی گئی، لاہور سے دیگر شہروں کو جانے والی موٹرویز کو بند کر دیا گیا، بابو صابو کو بھی کنٹینرز اور بیریئرز لگا کر بند کرکے پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔

    شاہدرہ اور بتی چوک جانے والی سڑک کو بھی دونوں اطراف سے بند کیا گیا، آزادی فلائی اوور پر بھی کنٹینرز موجود ہیں، جبکہ آزادی فلائی آوور پر پولیس کی نفری موجود ہے،لاہور سے اسلام آباد جانے والی موٹر وے بھی بند ہے، بند روڈ پر واقع تمام بس اڈے بھی بند کردیئے گئے جبکہ لاہور رنگ روڈ تمام انٹرچینجز سے ٹریفک کے لیے مکمل بند ہے۔

    راوی پل، پرانا راوی پل، سگیاں راوی پل، ایسٹرن بائی پاس اور بابوصابو مکمل ان اور آؤٹ کے لیے بند ہیں، ٹھوکر نیاز بیگ سے ملتان روڈ ٹریفک کیلئے کھلا ہے، رائے ونڈ روڈ، فیروز پور روز، گجومتہ ٹریفک کے لیے کھلے ہیں، ترجمان ٹریفک پولیس لاہور کے مطابق شہر کے اندر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔

  • راولپنڈی:سی ٹی ڈی اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ،فتنہ الخوارج کے 3 خطرناک دہشتگرد ہلاک 2 فرار

    راولپنڈی:سی ٹی ڈی اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ،فتنہ الخوارج کے 3 خطرناک دہشتگرد ہلاک 2 فرار

    راولپنڈی بڑی تباہی سے بچ گیا ،راولپنڈی چکری کے قریب سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں فتنہ الخوارج کے 3 خطرناک نامعلوم دہشت گرد ہلاک اور 2 فرار ہوگئے –

    باغی ٹی وی: ترجمان سی ٹی ڈٰ کے مطابق سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی ، دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر فائرنگ کردی ، فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے جبکہ 2 فرار ہو گئے –

    ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں خودکش جیکٹ ،سیفٹی فیوز وائر ،رائفلیں ،آئی ای ڈی بم ، گولیاں اور بارودی مواد برآمد ہوا
    فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے،سی ٹی ڈی ٹیموں نے چکری کے قریب ناکہ بندی کرلی ،ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے ،دہشت گرد راولپنڈی پر بڑے حملے کی منصوبہ بندی مکمل کرچکے تھے –

  • غزہ :اسرائیلی حملوں میں 48 گھنٹوں کے دوران 120 فلسطینی شہید

    غزہ :اسرائیلی حملوں میں 48 گھنٹوں کے دوران 120 فلسطینی شہید

    غزہ پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری جاری ہے،پچھلے 48 گھنٹوں کے دوران مزید 120 فلسطینی شہید ہو گئے-

    باغی ٹی وی : غزہ کی وزارت صحت کے جاری کردہ بیان کے مطابق صرف پچھلے 48 گھنٹوں کے دوران غزہ کی پٹی پر 120 فلسطینی اسرائیلی فوج نے قتل کیے ہیں یہ تازہ قتل و غارت گری زیادہ تر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں ہوئی-

    غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل نے 13 ماہ سے زیادہ عرصے پر محیط غزہ جنگ کے دوران اب تک 44176 فلسطینیوں کو قتل کر دیا ہے زیادہ تعداد فلسطینی بچوں اور فلسطینی عورتوں کی ہے،غزہ کی وزارت صحت کے جاری کردہ بیان میں اب تک غزہ میں زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 104473 بتائی گئی ہے۔

    حکام نے بتایا کہ غزہ سٹی کے مضافات میں زیتون کے علاقے میں رہائشی عمارت پر ہونے والی بمباری میں 7 فلسطینی شہید ہوئے اور دیگر شہادتیں وسطی اور جنوبی غزہ میں ہوئی ہیں، اسرائیلی بمباری سے وسطی غزہ کے مہاجر کیمپ نصیرت میں قائم مسجد الفاروق کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

    اسرائیلی فورسز شمالی غزہ میں بمباری کے ساتھ ساتھ زمینی حملوں میں بھی تیزی لا رہی ہیں جہاں ایک اسپتال کو بھی نشانہ بنایا گیا اور اسپتال میں کئی افراد زخمی ہوگئے،غزہ کے کمال عدوان اسپتال کے ڈائریکٹر حسام ابو صفیہ نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی فورسز نے اسپتال کے دروازے اور استقبالیہ پر براہ راست حملہ کیا اور اس کے ساتھ برآمدے، بجلی کے جنریٹرز اور اسپتال کے گیٹ کو بھی نشانہ بنایا،اس بمباری کے نتیجے میں ڈاکٹروں، نرسوں اور انتظامیہ کے اہلکاروں سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے۔

    دوسری جانب اسرائیلی فوج نے ان رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کمال عدوان اسپتال میں حملوں کا علم نہیں ہے۔

    غزہ کی وزارت صحت نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ اسپتال میں صرف دو دن کے لیے ایندھن رہ گیا ہے اور اس کے بعد سروسز محدود کردی جائیں گی۔

    واضح رہے کہ پچھلے چند ہفتوں کے دوران امریکہ جس ممکنہ جنگ بندی کے لیے خود کو کوشاں بتا رہا ہے امریکی صدارتی انتخاب کے بعد امریکہ کی طرف سے سلامتی کونسل میں پیش کردہ جنگ بندی قرارداد کو ویٹو کر کے جنگ بندی کی امید خود ہی ختم کر دی ہے۔

  • اسلام آباد کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ،آئی جی اسلام آباد

    اسلام آباد کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ،آئی جی اسلام آباد

    اسلام آباد: انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا-

    باغی ٹی وی : علی ناصر رضوی نے کہا کہ اسلام آباد کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا وفاقی دارالحکومت میں دفعہ144 کے تحت احتجاج، ریلی یا مجمع پر پابندی عائد ہے، خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج ہوں گے، سیکیورٹی انتظامات عوام کی جان اور مال کی حفاظت کے پیش نظر کیے گئے ہیں، شہری کسی قسم کی ہنگامہ آرائی اور غیر قانونی عمل کا حصہ نہ بنیں، کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔

    دوسری جانب وفاقی دارالحکومت میں پولیس نے سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے 300 پی ٹی آئی کارکنان کو گرفتار کرلیا ہے- پولیس نے گیسٹ ہاؤسز، ہاسٹلز کی چیکنگ کی، تھانہ کراچی کمپنی کی حدود سے 70 پی ٹی آئی کارکن گرفتار کیے گئے ہیں، گرفتار پی ٹی آئی کارکن جتھوں کی شکل میں اسلام آباد پہنچے تھےتھانہ کوہسار سے 60، تھا نہ بارہ کہو سے 20، تھانہ رمنانے سے 25 پی ٹی آئی کارکن گرفتار کر لیے گئے،اسلام آباد کے تھانہ لوئی بھیر سے 35، سنگجانی سے 45، تھانہ ترنول پولیس نے 42 کارکن گرفتار کیے۔