Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • امریکی صدر کی کابینہ کے ہمراہ اے آئی سے تیار تصویر کے انٹرنیٹ پر چرچے

    امریکی صدر کی کابینہ کے ہمراہ اے آئی سے تیار تصویر کے انٹرنیٹ پر چرچے

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے تیار کردہ کئی تصاویر شیئر کیں، جن میں سے ایک تصویر انٹرنیٹ پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں 79 سالہ صدر ٹرمپ اپنے کابینہ کے اعلیٰ حکام کے ساتھ واشنگٹن ڈی سی کے تاریخی لنکن میموریل ریفلیکٹنگ پول میں بغیر شرٹ کے آرام کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

    یہ تصویر ان کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر 2 دن قبل مقامی وقت کے مطابق 11 بج کر 3 منٹ پر بغیر کسی کیپشن کے پوسٹ کی گئی، وائرل ہونے والی اس مصنوعی تصویر میں صدر ٹرمپ کو سنہری رنگ کے ہوا سے بھرے صوفے پر لیٹے، مسکراتے اور انگوٹھے کا اشارہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے،ٹرمپ کے ساتھ نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وزیر داخلہ ڈوگ برگم بھی تالاب میں موجود ہیں، تصویر کے دائیں جانب ایک نامعلوم خاتون بھی نظر آ رہی ہیں-

    یہ پوسٹ صدر ٹرمپ کی 42 منٹ تک جاری رہنے والی تصاویر کی سیریز کا حصہ تھی، اس دوران انہوں نے رات 11:03 سے 11:45 کے درمیان کل 11 اے آئی تصاویر شیئر کیں، جن میں ایک تصویر ماؤنٹ رشمور پر ان کے چہرے کی بھی تھی،یہ تصویر دیکھنے میں عجیب لگ سکتی ہے، لیکن اس کا پس منظر اہم ہے، لنکن میموریل ریفلیکٹنگ پول اس وقت صدر ٹرمپ کے حکم پر 1.5 ملین ڈالر کی تزئین و آرائش کے عمل سے گزر رہا ہے، جس کی نگرانی وزیر داخلہ ڈوگ برگم کر رہے ہیں۔

    اس منصوبے کا مقصد تالاب کی گرینائٹ فاؤنڈیشن میں رساؤ کو ٹھیک کرنا اور 4 جولائی کو امریکا کی 250 ویں سالگرہ سے پہلے اسے امریکی پرچم جیسے نیلے رنگ کی نئی کوٹنگ دینا ہے۔

    صدر ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ وزیر داخلہ ڈوگ برگم اور میں لنکن میموریل اور واشنگٹن مونیومنٹ کے درمیان واقع اس انتہائی گندے ریفلیکٹنگ پول کو ٹھیک کرنے پر کام کر رہے ہیں، انہوں نے تالاب کی موجودہ خراب حالت کا ذمہ دار پچھلی انتظامیہ کو ٹھہرایا ہے۔

  • مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران شاہراہ پر موجود بجلی کے کھمبے اور ٹرک سے ٹکرا گیا

    مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران شاہراہ پر موجود بجلی کے کھمبے اور ٹرک سے ٹکرا گیا

    نیوآرک ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران یونائیٹڈ ایئر لائنز کا مسافر طیارہ شاہراہ پر موجود بجلی کے کھمبے اور ٹرک سے ٹکرا گیا۔

    سی این این کے مطابق مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوا یہ واقعہ اتوار کے روز دوپہر دو بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب فلائٹ نمبر 169 وینس، اٹلی سے نیوارک لبرٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ رہی تھی طیارہ جب اپنی منزل کے قریب تھا تو اس کا نچلا حصہ اور ٹائر نیو جرسی ٹرن پائیک نامی شاہراہ پر موجود ایک بجلی کے کھمبے اور ٹریلر سے ٹکرا گئے۔

    فیڈرل ایوی ایشن انتظامیہ نے اس حوالے سے تصدیق کی ہے کہ یہ طیارہ بوئنگ 767-400 ماڈل کا تھا اور ٹکر کے باوجود پائلٹ اسے رن وے پر بحفا ظت اتارنے میں کامیاب رہا خوش قسمتی سے طیارے میں سوار کسی بھی مسافر یا عملے کے رکن کو کوئی چوٹ نہیں آئی، البتہ طیارے کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔

    یونائیٹڈ ایئر لائنز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ان کی تکنیکی ٹیم جہاز کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لے رہی ہے اور حفاظتی پروٹوکول کے تحت متعلقہ پرواز کے عملے کو فی الحال ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا ہے تاکہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جا سکیں اس حادثے کے نتیجے میں ٹریلر کا ڈرائیور معمولی زخمی ہوا جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے فارغ کر دیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق جہاز سے ٹکرانے والا بجلی کا کھمبا وہاں سے گزرنے والی ایک جیپ پر بھی گرا جس سے گاڑی کو نقصان پہنچا ایئرپورٹ حکام نے رن وے کی صفائی اور ملبے کی جانچ پڑتال کے بعد پروازوں کی آمد و رفت کا سلسلہ دوبارہ بحال کر دیا ہے۔

    نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ اور وفاقی حکام نے اس معاملے کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تحقیقاتی ادارے کے اہلکار پیر کے روز نیوآرک پہنچیں گے تاکہ جائے وقوعہ کا معائنہ کیا جا سکے اس سلسلے میں یونائیٹڈ ایئر لائنز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ طیارے کا کاک پٹ وائس ریکارڈر اور فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر حکام کے حوالے کرے تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔

  • موت دراصل اختتام نہیں بلکہ ایک تبدیلی ہے،سائنسدانوں کا حیران کن انکشاف

    موت دراصل اختتام نہیں بلکہ ایک تبدیلی ہے،سائنسدانوں کا حیران کن انکشاف

    مشہور ماہرِ فلکیات نیل ڈی گراس ٹائسن کے مطابق، موت کے بعد انسانی جسم حقیقت میں ختم نہیں ہوتا، بلکہ یہ اپنی حالت تبدیل کر کے کائنات کے لامتناہی سفر کا حصہ بن جاتا ہے۔

    ’نیویارک پوسٹ’ کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق ٹائسن کا ماننا ہے کہ موت درحقیقت کسی ’غائب‘ ہو جانے کا نام نہیں، بلکہ یہ مادے کی وہ تبدیلی ہے جو کائنات کے مستقل ہونے کی گواہی دیتی ہے، ان کے اس نظریے نے لاکھوں قارئین کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ ہمارا وجود اس کائنات میں کتنا گہرا اور غیر فانی ہے، جہاں ہم فنا ہونے کے بجائے صرف اپنی شکل بدل کر کائنات کی وسعتوں میں بکھر جاتے ہیں

    انسانی وجود کے اس سفر کو اگر باریک بینی سے دیکھا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ ہم نے زندگی بھر جس جسم کی آبیاری کی، وہ موت کے بعد بھی بیکار نہیں جا تا، نیل ڈی گراس ٹائسن کی وضاحت کے مطابق، جب کسی جسم کو دفن کیا جاتا ہے، تو اس میں موجود توانائی ضائع ہونے کے بجائے ’ری سائیکلنگ‘ کے عمل سے گزرتی ہے جسم کے مالیکیولز مٹی میں موجود خرد بینی اجسام اور پودوں کے لیے خوراک بن جاتے ہیں، جس کا مطلب ہے کہ ہماری حیاتیاتی توانائی ز مین کی ہریالی اور نئے جانداروں کی صورت میں دوبارہ زندہ ہو اٹھتی ہے۔

    دوسری جانب، احتراق یا جسم کو جلانے کا عمل اس توانائی کو ایک کائناتی وسعت عطا کرتا ہے۔ اس عمل کے دوران جسم کی ذخیرہ شدہ توانائی حرارت میں تبدیل ہو کر انفراریڈ لہروں کی صورت میں کائنات کی طرف سفر شروع کر دیتی ہے ٹائسن اس بات کی ایک حیرت انگیز مثال دیتے ہیں کہ اگر کسی شخص کو محض چار سال قبل جلایا گیا ہو، تو اس کے وجود کی لہریں اب تک زمین کے قریب ترین ستارے ’الفا سنٹوری‘ تک پہنچ چکی ہوں گی۔ یہ تصور ہمیں احساس دلاتا ہے کہ ہم مرنے کے بعد بھی ستاروں کی روشنی اور خلا کی خاموشی کا حصہ بن جاتے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق یہ سارا عمل دراصل ”تھرمو ڈائنامکس کے پہلے قانون“ کی عملی تفسیر ہے، جس کی رو سے مادہ یا توانائی کبھی فنا نہیں ہوتی، بلکہ صرف اپنا روپ بدلتی ہے، اس تصور میں ایک گہری فکر بھی پوشیدہ ہے۔ ہمارے جسم کے ایٹمز مٹی میں مل کر دوبارہ پودوں کا حصہ بنتے ہیں اور بالآخر خوراک کے ذریعے دوسرے جانداروں کے جسم میں منتقل ہو جاتے ہیں۔ یہ اس بات کی علامت ہے کہ ہم مر کر بھی کسی نہ کسی صورت میں اس کائنات کا مستقل حصہ رہتے ہیں ہماری ہستی مٹتی نہیں، بلکہ وہ زندگی کے ایک لامتناہی اور خوبصورت چکر میں شامل ہو کر کائنات کی وسعتوں میں بکھر جاتی ہے، یعنی سا ئنس کے مطابق موت دراصل اختتام نہیں بلکہ ایک تبدیلی ہے، جس میں انسان کسی نہ کسی صورت میں کائنات کے ساتھ جڑا رہتا ہے۔

  • تاجکستان میں زلزلہ، اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی جھٹکے

    تاجکستان میں زلزلہ، اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی جھٹکے

    تاجکستان کے سرحدی علاقے میں زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی محسوس کئے گئے-

    زلزلہ پیما مرکز اسلام آباد کے مطابق 4 مئی 2026 کو صبح 10:56 بجے ریکٹر اسکیل پر 5.2 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا زلزلے کی گہرائی 128 کلومیٹر تھی جبکہ اس کا مرکز تاجکستان اور سنکیانگ سرحدی علاقہ تھا،زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت قریبی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے، تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

    قبل ازیں آج بلوچستان کے ضلع خضدار اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے،زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ پسنی اور گرد و نواح میں آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.9 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کی زیر زمین گہرائی 10 کلومیٹر تھی،اس کا مرکز خضدار سے 62 کلومیٹر جنوب مشرق کی جانب تھا۔ کسی جانی و مالی نقصان کی اب تک اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

  • بشریٰ بی بی تک ذاتی معالج کی رسائی سے متعلق درخواست ،سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل طلب

    بشریٰ بی بی تک ذاتی معالج کی رسائی سے متعلق درخواست ،سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل طلب

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی تک ذاتی معالج کی رسائی اور فیملی ملاقات سے متعلق درخواست پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو 6 مئی کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا –

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے بشریٰ بی بی کی بیٹی مبشرہ کی درخواست پر سماعت کی، جس میں درخواست گزار کی جانب سے وکیل سلمان اکرم راجہ پیش ہوئے،دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ آیا جیل حکام کو باقاعدہ درخواست دی گئی ہے، جس پر سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ درخواست نہ صرف کورئیر کے ذریعے بھیجی گئی بلکہ خود جا کر بھی جیل حکام کو جمع کروائی گئی۔

    درخواست کی کاپی عدالت میں پیش کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے مزید بتایا کہ 16 اور 17 اپریل کی درمیانی شب بشریٰ بی بی کی سرجری ہوئی تھی، جس پر جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ عدالت اس صورتحال سے آگاہ ہے اور یہ معاملہ سوشل میڈیا پر بھی زیر بحث رہا۔

    عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ہدایت کی ہے کہ وہ 2 روز کے اندر درخواست گزار کی استدعا پر فیصلہ کریں عدالت نے حکم دیا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ وجوہا ت کیساتھ تحریری آرڈر جاری کریں، مزید برآں عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو 6 مئی کو ذاتی حیثیت میں طلب بھی کر لیا ہے،عدالت نے اسٹیٹ کونسل کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت سے قبل درخواست پر فیصلہ یقینی بنایا جائے، جبکہ کیس کی مزید سماعت 6 مئی تک ملتوی کر دی گئی۔

  • ٹرمپ کا آبنائے ہرمز میں پھنسے جہازوں کو نکالنے کیلئے آپریشن شروع کرنے کا اعلان

    ٹرمپ کا آبنائے ہرمز میں پھنسے جہازوں کو نکالنے کیلئے آپریشن شروع کرنے کا اعلان

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی نقل و حرکت بحال کرنے کے لیے ایک بڑے آپریشن کا اعلان کر دیا ہے۔

    سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے بتایا کہ ’پروجیکٹ فریڈم‘ کے نام سے یہ مشن پیر کی صبح شروع کیا جائے گا جس کا مقصد ان ممالک کے جہازوں کو آزاد کرانا ہے جو مشرق وسطیٰ کے حالیہ تنازع میں فریق نہیں ہیں دنیا کے کئی ممالک نے اپنے پھنسے ہوئے جہاز اور عملہ نکالنے کے لیے امریکا سے مدد مانگی ہے جس کے جواب میں انہوں نے اپنے نمائندوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان ممالک کو بھرپور تعاون کا یقین دلائیں، آبنائے ہرمز میں پھنسے ہوئے جہازوں میں کھانے پینے کے سامان سمیت انسانی ضرورت کی بہت سی اشیاء کی شدید کمی ہو چکی ہے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ اس مشن کا مقصد ان کمپنیوں اور ملکوں کو ریلیف دینا ہے جنہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔

    صدر ٹرمپ کے بقول یہ اقدام فریقین کے درمیان خیرسگالی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے تاہم انہوں نے خبردار بھی کیا کہ اگر اس انسانی ہمدرد ی کے عمل میں کسی نے بھی رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا میرے نمائندے ایران کے ساتھ بہت مثبت بات چیت کر رہے ہیں اور یہ عمل سب کے لیے انتہائی بہتر ثابت ہو سکتا ہے۔

    امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے مطابق اس مشن کے تحت تجارتی جہازوں کو محفوظ راستہ فراہم کیا جائے گا کیونکہ دنیا بھر میں سمندر کے ذریعے ہونے والی تیل کی تجارت کا ایک چوتھائی حصہ اسی راستے سے گزرتا ہے،سینٹ کام کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر نے اس حوالے سے کہا ہے کہ اس دفاعی مشن کے لیے ہمارا تعاون علاقائی سلامتی اور عالمی معیشت کے لیے انتہائی ضروری ہے، جبکہ ہم بحری محاصرہ بھی برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

    اس بڑے آپریشن کی کامیابی کے لیے امریکی فوج اپنے گائیڈڈ میزائل ڈیسٹرائرز، 100 سے زائد طیاروں، جدید ڈرونز اور 15 ہزار فوجی اہلکاروں کا استعمال کرے گی تاکہ اس عالمی تجارتی راہداری میں بحری جہازوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

  • 190 ملین پاؤنڈ کیس: بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلیں سماعت کے لیے مقرر

    190 ملین پاؤنڈ کیس: بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلیں سماعت کے لیے مقرر

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلیں 7 مئی کو سماعت کیلئے مقرر کر لیں-

    عدالت نے مرکزی اپیلوں کو 7 مئی کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہےعدالت نے بانی پی ٹی آئی کی سزا معطلی کی درخواست بھی نمٹا دی ہے، عدالت کے مطابق مرکزی اپیلوں کی سماعت شروع ہونے کے باعث سزا معطلی کی درخواستیں غیر مؤثر ہو گئی ہیں،اسلام آباد ہائیکورٹ نے اس حوالے سے محفوظ کیا گیا فیصلہ بھی جاری کر دیا ہے۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بننچ نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا معطل کرکے ضمانت پر رہا کرنے کرنے کی درخواستیں غیر موثر ہونے پر نمٹا ئیں۔

    بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے مرکزی اپیل پر سماعت سے قبل سزا معطلی کی درخواستیں سننے کی استدعا کی تھی جسے عدالت نے مسترد کردیا،بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے مارچ 2025 میں سزا معطلی کی درخواستیں دائر کی تھیں۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی کو 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ اور بشریٰ بی بی کو سات برس قید اور پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا رکھی ہے۔

  • ڈچ سیاحتی جہاز  پر ہنٹا وائرس کا حملہ،تین افراد ہلاک،ایمرجنسی نافذ

    ڈچ سیاحتی جہاز پر ہنٹا وائرس کا حملہ،تین افراد ہلاک،ایمرجنسی نافذ

    بحر اوقیانوس (اٹلانٹک) میں سفر کرنے والے ایک ڈچ سیاحتی جہاز پر ہنٹا وائرس نامی نایاب بیماری پھیلنے سے ایک بوڑھے شادی شدہ جوڑے سمیت تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ کم از کم تین دیگر افراد اس کا شکار ہوئے ہیں۔

    عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور جنوبی افریقہ کے محکمہ صحت نے اتوار کے روز اس واقعے کی تصدیق کی ہےعالمی ادارہ برائے صحت نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ کم از کم ایک مریض میں ہنٹا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ ایک مریض جنوبی افریقہ کے اسپتال میں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیر علا ج ہے،ہم اس عوامی صحت کے واقعے سے آگاہ ہیں اور اس کی مکمل تحقیقات میں مدد کر رہے ہیں، جس میں لیبارٹری ٹیسٹ اور وائرس کی جینیاتی جا نچ بھی شامل ہے۔

    یہ سیاحتی جہاز جس کا نام ’ایم وی ہونڈیئس‘ ہے، تقریباً تین ہفتے قبل ارجنٹائن سے روانہ ہوا تھا اور اس نے انٹارکٹیکا سمیت کئی جزائر کا دورہ کرنا تھااس سفر کے دوران پہلا شکار 70 سالہ شخص ہوا جس کی موت جہاز پر ہی واقع ہوئی، جبکہ اس کی اہلیہ جنوبی افریقہ کے ایئرپورٹ پر اپنے وطن نیدرلینڈز واپسی کے لیے فلائٹ لیتے ہوئے اچانک گر گئیں اور قریبی اسپتال میں دم توڑ گئیں۔جنوبی افریقہ کے محکمہ صحت کے مطابق جہاز پر اس وقت تقریباً 150 سیاح سوار تھے اور وائرس کے پھیلاؤ کے بعد جنوبی افریقہ میں ان لوگوں کا پتا لگایا جا رہا ہے جو متاثرہ مسافروں کے رابطے میں رہے ہوں گے۔

    ہنٹا وائرس عام طور پر چوہوں کے فضلے یا پیشاب سے انسانی جسم میں منتقل ہوتا ہے اور یہ پھیپھڑوں یا گردوں کی سنگین بیماری کا سبب بن سکتا ہے اگرچہ یہ بیماری نایاب ہے، لیکن عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ یہ انسان سے انسان میں بھی پھیل سکتی ہےفی الحال اس وائرس کا کوئی خاص علاج یا ویکسین موجود نہیں ہے، تاہم جلد طبی امداد سے بچاؤ ممکن ہے۔

    جہاز چلانے والی کمپنی ’اوشین وائڈ ایکسپیڈیشنز‘ نے بتایا کہ جہاز فی الحال مغربی افریقہ کے قریب جزیرہ کیپ ورڈی کے ساحل پر موجود ہے، جہاں مقامی حکام جہاز کے عملے کا معائنہ کر رہے ہیں،ہماری ترجیح یہ ہے کہ بیمار عملے کے دو ارکان کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے، تاہم مقامی حکام نے ابھی تک کسی کو جہاز سے اترنے کی اجازت نہیں دی ہے۔

  • امریکا نے ایرانی جہاز عملے سمیت پاکستان کے حوالے کر دیا

    امریکا نے ایرانی جہاز عملے سمیت پاکستان کے حوالے کر دیا

    امریکی بحری ناکہ بندی توڑنے کی کوشش پر تحویل میں لیا گیا ایرانی جہاز عملے سمیت ایران واپسی کے لیے پاکستان کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان ترجمان کیپٹن ٹِم ہاکنز کا کہنا ہے کہ آج امریکی افواج نے ایم وی توسکا کے 22 عملے کے ارکان کو وطن واپسی کے لیے پاکستان منتقل کر دیا ہے، مزید 6 افراد کو گزشتہ ہفتے ہی ایک علاقائی ملک منتقل کر دیا گیا تھا، ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق یہ 6 افراد عملے کے بعض ارکان کے اہلِ خانہ تھے۔

    کیپٹن ہاکنز کے مطابق توسکا جہاز کی تحویل بھی اس کے اصل مالک کو واپس کی جا رہی ہے، کیونکہ اسے گزشتہ ماہ ایران کے خلاف امریکی بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی کوشش کے دوران روکا اور ضبط کیا گیا تھا۔

    امریکی حکام کے مطابق 19 اپریل کو جب توسکا کے عملے نے امریکی بحری جہازوں کی جانب سے دی گئی 6 گھنٹے کی وارننگ کو نظر انداز کیا تو ایک امریکی ڈسٹرائر نے جہاز کے انجن روم پر متعدد گولے داغے،بعد ازاں امریکی میرینز نے جہاز پر چڑھائی کر کے اسے اپنی تحویل میں لے لیا۔

  • ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع

    ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع

    ملک کے بیشتر علاقوں میں پیر کے روز موسم گرم اور خشک جبکہ جنوبی علاقوں میں شدید گرم رہنے کی توقع ہے-

    محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، شمال مشرقی و مشرقی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہےبعض علاقوں میں ژالہ باری بھی متوقع ہے اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

    پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ جنوبی و وسطی علاقوں میں آندھی اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے مری، گلیات، راولپنڈ ی، لاہور سمیت مختلف شہروں میں کہیں کہیں بارش اور ژالہ باری متوقع ہے،خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا اور چترال، سوا ت، ایبٹ آباد، پشاور اور دیگر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

    سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، جبکہ بلوچستان کے جنوبی اضلاع میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہنے کی توقع ہے، البتہ ژوب، لورالائی اور گردونواح میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے،کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر بارش اور کہیں کہیں ژا لہ باری کا امکان ہے۔