Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • پاکستان ایئر فورس کی ورلڈ ڈیفنس شو 2026 میں شرکت،JF-17 بلاک تھری اور سپر مشاق کی نمائش

    پاکستان ایئر فورس کی ورلڈ ڈیفنس شو 2026 میں شرکت،JF-17 بلاک تھری اور سپر مشاق کی نمائش

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان ایئر فورس کا دستہ مملکتِ سعودی عرب میں منعقدہ ورلڈ ڈیفنس شو 2026 میں شرکت کر رہا ہے، جہاں جدید ترین JF-17 تھنڈر بلاک-III ملٹی رول فائٹر جیٹ اور سپر مشاق بیسک ٹرینر طیارہ نمائش کے لیے پیش کیے گئے ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ورلڈ ڈیفنس شو عالمی سطح پر دفاع اور سیکیورٹی کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے، جہاں پی اے ایف کی شرکت پاکستان کو ایرو اسپیس جدت، آپریشنل مہارت اور قابلِ اعتماد دفاعی حل فراہم کرنے والے ملک کے طور پر اجاگر کرتی ہے JF-17 بلاکIII جدید ایویونکس، AESA ریڈار، بہتر الیکٹرانک وارفیئر سسٹم اور بی وی آر صلاحیتوں سے لیس 4.5 جنریشن فائٹر جیٹ ہے، جو جدید فضائی افواج کی ضروریات پوری کرتا ہے۔

    سپر مشاق طیارہ اپنی کم لاگت، آسان دیکھ بھال اور قابلِ اعتماد کارکردگی کے باعث دنیا بھر میں بنیادی فلائنگ ٹریننگ کا ایک کامیاب پلیٹ فارم تسلیم کیا جاتا ہے اور متعدد دوست ممالک اس کو استعمال کر رہے ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پی اے ایف کی اس نمائش میں شرکت دفاعی تعاون کے فروغ، دفاعی برآمدات اور دوست ممالک کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کی عکاس ہے نمائش کے دوران عالمی وفود، دفاعی حکام اور عسکری صنعت کے نمائندوں کو تعاون، تربیت اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کے مواقع میسر آئیں گے۔

  • پاکستان کو ماحولیاتی دہشتگردی کے خلاف بھی جہاد کرنا ہوگا،مصدق ملک

    پاکستان کو ماحولیاتی دہشتگردی کے خلاف بھی جہاد کرنا ہوگا،مصدق ملک

    چوتھی پاکستان کلائمیٹ کانفرنس 2026 سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیاں ملک کے لیے ایک سنگین قومی سلامتی کا مسئلہ بن چکی ہیں۔

    مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان کو ماحولیاتی دہشتگردی کے خلاف بھی جہاد کرنا ہوگا، کیونکہ موسمیاتی تبدیلیاں ملک کے لیے ایک سنگین قومی سلامتی کا مسئلہ بن چکی ہیں،انہوں نے انکشاف کیا کہ گزشتہ 4 بڑے سیلابوں کے نتیجے میں 19 ہزار افراد مستقل معذوری کا شکار ہوچکے ہیں، جبکہ یہ نقصان معاشی اور اقتصادی خسارے کے علاوہ ہے-

    انہوں نے کہا کہ ان سیلابوں کے باعث 4 کروڑ افراد بے گھر ہوئے، جن میں سے 50 فیصد اسکول جانے کی عمر کے بچے ہیں، جو تعلیم اور مستقبل دونوں کے لیے خطرناک صورتحال ہے، ایک بڑے سیلاب سے ایک پوری نسل غربت کے دلدل میں دھکیل دی جاتی ہے، جس کے اثرات دہائیوں تک رہتے ہیں۔

    انہوں نے عالمی سطح پر عدم مساوات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے 10 بڑے ممالک 70 سے 75 فیصد کاربن کا اخراج کر رہے ہیں، جبکہ یہی ممالک دنیا کی 80 فیصد گرین فنانسنگ بھی حاصل کر رہے ہیں موسمیاتی انصاف کے بغیر عالمی ماحولیاتی نظام کو محفوظ بنانا ممکن نہیں، اور ترقی پذیر ممالک کو اس بحران کی قیمت نہیں چکانی چاہیے جو انہوں نے پیدا نہیں کیا۔

  • پاکستانی نژادکھلاڑی کوٹیم سے نکالنے پر اماراتی کرکٹ بورڈ کا وضاحتی بیان جاری

    پاکستانی نژادکھلاڑی کوٹیم سے نکالنے پر اماراتی کرکٹ بورڈ کا وضاحتی بیان جاری

    پاکستانی نژادکھلاڑی کوٹیم سے نکالنے پر اماراتی کرکٹ بورڈ نے وضاحتی بیان جاری کیا ہے-

    متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کرکٹ ٹیم کے بیٹر محمد زوہیب کو نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر وطن واپس بھیج دیا گیا ہےایمریٹس کرکٹ بورڈ نے جاری بیان میں تصدیق کی کہ کھلاڑی کو ڈسپلنری وجوہات کی بنیاد پر اسکواڈ سے الگ کیا گیا ہے جبکہ مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

    یو اے ای اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز آج نیوزی لینڈ کے خلاف چنئی میں کرے گی جو 2022 کے بعد ٹیم کا پہلا ورلڈ کپ میچ ہوگا زوہیب کی عدم موجودگی ٹیم کے لیے بڑا نقصان سمجھی جا رہی ہے کیونکہ حالیہ وارم اپ میچ میں یو اے ای ٹیم اٹلی کے خلاف صرف 81 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی، جس سے بیٹنگ لائن پر پہلے ہی دباؤ موجود تھا۔

    محمد زوہیب نے مئی 2025 میں یو اے ای کے لیے ڈیبیو کیا تھا اور اب تک 16 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں 303 رنز بنا چکے ہیں، جن کی اوسط 20.20 اور اسٹرائیک ریٹ 103.76 رہا ہے ٹیم مینجمنٹ پہلے ہی 21 سالہ آریانش شرما کو کپتان محمد وسیم کے ساتھ اوپننگ کے لیے فائنل کر چکی ہے۔

    میچ سے قبل یو اے ای کپتان محمد وسیم نے ٹیم اتحاد اور تیاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں بھارتی اور پاکستانی نژاد کھلاڑی شامل ہونے کے باوجود سب ایک خاندان کی طرح ہیں اور صرف یو اے ای کے لیے کھیل رہے ہیں انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف 2023 میں حاصل ہونے والی کامیابی کو ٹیم کے اعتماد کے لیے اہم قرار دیا۔

  • بنگلہ دیش کی 200 ملین سے زائد کرکٹ مارکیٹ کی ترقی میں تعاون جاری رکھیں گے،آئی سی سی

    بنگلہ دیش کی 200 ملین سے زائد کرکٹ مارکیٹ کی ترقی میں تعاون جاری رکھیں گے،آئی سی سی

    آئی سی سی کا کہنا ہے کہ وہ بنگلہ دیش کی 200 ملین سے زائد کرکٹ مارکیٹ کی ترقی میں تعاون جاری رکھے گا۔

    ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے بھارت سے میچ کھیلنے کی حامی بھر لی جس کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ پی سی بی سے بات چیت وسیع تر رابطے کے عمل کا حصہ تھی، دونوں فریقوں نے کھیل کے مفاد میں کام کرنے کا عزم کیا۔

    آئی سی سی نے واضح کیا کہ تمام رکن ممالک ایونٹس سے متعلق اپنے وعدوں کا احترام کریں گے اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ضروری اقدام اٹھائیں گے تمام ممبرز مشترکہ طور پر ایونٹ کی کامیابی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔

    آئی سی سی نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ وہ بنگلہ دیش کی 200 ملین سے زائد کرکٹ مارکیٹ کی ترقی میں تعاون جاری رکھے گا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں عدم شرکت کی صورت میں بھی اس کے بنگلہ دیش کرکٹ پر طویل مدتی منفی اثرات مرتب نہیں ہونے دیے جائیں گے۔

  • سپریم کورٹ کا حکم، سلمان صفدر کی عمران خان سے دن دو بجے ملاقات طے پا گئی

    سپریم کورٹ کا حکم، سلمان صفدر کی عمران خان سے دن دو بجے ملاقات طے پا گئی

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ایڈووکیٹ سلمان صفدر کو فرینڈ آف دی کورٹ مقرر کرتے ہوئے عمران خان کی جیل میں حالت سے متعلق رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

    بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ان کے وکلا کی ملاقات کے معاملے پر آج بھی سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی، جو چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کی سماعت کا آغاز ہوا تو چیف جسٹس پاکستان نے لطیف کھوسہ کو بات کرنے سے روک دیا۔

    اس موقع پر اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ 24 اگست 2023 کے حکمنامے کی روشنی میں ہم نے تحریری جواب چیمبر میں جمع کرا دیا تھا بانی پی ٹی آئی اس وقت اٹک جیل میں تھے،جب آرڈر دیا گیا تھا ہم نے چیمبر میں تحریری رپورٹ 28 اگست 2023 کو جمع کرا دی تھی، رپورٹ کے ساتھ 5 اگست سے لے کر 18 اگست تک کی میڈیکل رپورٹ بھی شامل کی گئی تھی۔ اٹارنی جنرل نے استدعا کی کہ عدالتی حکم میں ذکر کردیں ہم نے رپورٹ جمع کرا دی تھی۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ 24 اگست 2023 کے حکمنامے کے بعد ایسا کوئی آرڈر ریکارڈ پر نہیں ہے جس پر سپریم کورٹ نے اطمنان کا اظہار کیا ہو ہم سلمان صفدر کو فرینڈ آف کورٹ مقرر کر رہے ہیں ہمیں سلمان صفدر پر مکمل اعتماد ہے۔

    سپریم کورٹ نے ایڈووکیٹ سلمان صفدر کو فرینڈ آف دی کورٹ مقرر کردیا اور ہدایت کی کہ سلمان صفدر جائیں اور بانی پی ٹی آئی کی جیل میں حالت زار کے بارے میں تحریری رپورٹ دیں بانی پی ٹی آئی کو دستیاب سہولیات کے بارے میں بھی تحریری رپورٹ دیں۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ ذہن میں رکھیں سلمان صفدر فرینڈ آف دی کورٹ ہیں ، انہیں جیل کے باہر انتظار نہ کرایا جائے توقع ہے کہ احترام کے ساتھ ہمارے فرینڈ آف دی کورٹ کو اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی تک رسائی دی جائے گی فرینڈ آف دی کورٹ کو کوئی بھی مسئلہ ہو تو میرا ذاتی اسٹاف افسر موجود ہے۔

    ایڈووکیٹ سلمان صفدر نے استفسار کیا کہ کیا میری رپورٹ جمع کرانے کا اسکوپ صرف لیونگ کنڈیشن تک ہی محدود ہے؟ آنکھ کے طبی معائنہ کے بعد بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق کچھ خدشات موجود ہیں ، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ لیونگ کنڈیشن کی رپورٹ چیمبر میں جمع کرائیں۔

    بعد ازاں عدالت نے حکم نامہ جاری کردیا، جس میں بتایا گیا کہ کیس میں اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان پیش ہوئے 24 اگست 2023 کے حکمنامے کے تحت جو رپورٹ جمع کرائی گئی اس وقت بانی پی ٹی آئی اٹک جیل میں تھے۔یہ مناسب ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی لیونگ کنڈیشن کے بارے میں رپورٹ منگوائی جائے۔

    سپریم کورٹ نے حکم نامے میں کہا کہ سلمان صفدر بطور فرینڈ آف دی کورٹ اڈیالہ جیل جائیں سلمان صفدر کو بانی پی ٹی آئی کی جیل بریک تک رسائی دی جائے تاکہ وہ تحریری جواب داخل کر سکیں کل تک تحریری رپورٹ فرینڈ آف دی کورٹ سلمان صفدر جمع کرائیں کیس کی سماعت پرسوں تک ملتوی کی جاتی ہے۔

    سماعت کے اختتام پر ایڈووکیٹ لطیف کھوسہ پھر روسٹرم پر آگئے اور استدعا کی کہ مجھے بھی ملاقات کی اجازت دی جائے، جس پر سپریم کورٹ نے لطیف کھوسہ کو ملاقات کی اجازت دینے کی استدعا مسترد کردی اور آج ہی سلمان صفدر کو اڈیالہ جیل جانے کا حکم دیدیا۔

  • کوٹلی آزاد کشمیر کے لیے دانش اسکول کی منظوری کا نوٹیفیکیشن جاری

    کوٹلی آزاد کشمیر کے لیے دانش اسکول کی منظوری کا نوٹیفیکیشن جاری

    وفاقی حکومت نے کوٹلی آزاد کشمیر میں دانش اسکول کی باضابطہ منظوری دے دی ہے جس کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    آزاد کشمیر میں دانش اسکولز کے قیام کا مقصد علاقے کے طلبا کو اعلیٰ تعلیمی معیار فراہم کرنا، علاقائی تعلیمی ترقی کو فروغ دینا اور نوجوانوں میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دلچسپی پیدا کرنا ہے کوٹلی کے لیے دانش اسکول کی منظوری میں پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر چوہدری عبدالرحمان آرائیں کا اہم کردار ہے۔

    دانش اسکول سسٹم کا آغاز پنجاب سے کیا گیا، جو ایک انقلابی تعلیمی منصوبہ ہے جو پسماندہ علاقوں کے ذہین مگر مستحق، غریب اور یتیم بچوں کو 6ویں سے 12ویں جماعت تک معیاری تعلیم، رہائش، کھانا اور دیگر سہولیات مکمل طور پر مفت فراہم کرتا ہے اس منصوبے کا مقصد غریب خاندانوں کے بچوں کو ایچی سن جیسے تعلیمی ادارے جیسی سہولیات دے کر ان کا مستقبل روشن کرنا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھمبر، نیلم اور باغ کے لیے بھی دانش اسکولز کی منظوری دی جا چکی ہے، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف بھمبر اور باغ میں اسکولوں کے سنگ بنیاد بھی رکھ چکے ہیں، جبکہ نیلم میں اسکول کے قیام کا معاملہ ابھی پراسیس میں ہے۔

  • ازبکستان کے سفیر کی صدر مملکت سے ملاقات،ازبک صدر کا خط بھی پیش کیا

    ازبکستان کے سفیر کی صدر مملکت سے ملاقات،ازبک صدر کا خط بھی پیش کیا

    صدرِ مملکت آصف زرداری سے ازبکستان کے پاکستان میں سفیرعلیشر تُختایوف نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی اور صدرِ پاکستان کو ازبک صدر شوکت مرزیایوف کا خط بھی پیش کیا۔

    ملاقات کے دوراھن صدرِ مملکت آصف زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان، ازبکستان کے ساتھ اپنے قریبی برادرانہ تعلقات کو غیرمعمولی اہمیت دیتا ہے اور حالیہ تاریخی اور نتیجہ خیز سرکاری دورۂ پاکستان کے ثمرات پر مؤثر عملدرآمد کو ناگزیر قرار دیتا ہے۔

    اپنے خط میں ازبک صدر نے دورۂ پاکستان کے دوران غیرمعمولی مہمان نوازی اور پرتپاک استقبال پر صدر زرداری، حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا،انہوں نے پاکستان کا اعلیٰ ترین سول اعزاز نشانِ پاکستان سے نوازے جانے اور اعزازی پروفیسرشپ و ڈاکٹریٹ عطا کیے جانے پر بھی دلی مسرت اور قدردانی کا اظہار کیا۔

    صدرِ مملکت آصف زرداری نے ازبکستان کے ساتھ خوراک و زراعت، کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت، صحت اور بینکاری سمیت اہم شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    انہوں نے ازبکستان کی جانب سے پاکستان سے حلال گوشت، پھل اور آلو درآمد کرنے میں دلچسپی کو دوطرفہ تجارت کے فروغ کی جانب مثبت قدم قرار دیا۔

    ازبک صدر شوکت مرزیایوف نے صدر زرداری کو دورۂ ازبکستان کی اپنی دعوت کا اعادہ کیا، جو اس سے قبل دونوں رہنماؤں کی بالمشافہ ملاقات کے دوران دی گئی تھی صدرِ پاکستان نے یہ دعوت قبول کرتے ہوئے متعلقہ پاکستانی حکام کو ہدایت کی کہ وہ ازبک ہم منصبوں سے رابطہ کر کے رواں سال کے دوران اس دورے کو حتمی شکل دیں۔

    صدرِ مملکت نے حالیہ اسلام آباد میں ہونے والے دہشتگرد حملے کے بعد یکجہتی اور تعاون کے پیغام پر ازبک صدر کا شکریہ اداکرتے ہوئے امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ سفر کو جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

    اس موقع پر ازبک سفیر علیشر تُختایوف نے صدرِ پاکستان کو آگاہ کیا کہ ازبکستان اسلام آباد کے ایف 7 سیکٹر میں واقع بابر پارک کی تعمیر و ترقی میں دلچسپی رکھتا ہے اس سلسلے میں ایک متعلقہ ازبک وزیرپاکستانی حکام سے مشاورت کی غرض سے آئندہ ہفتے اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔

  • پاک بھارت میچ: سری لنکا پاکستان کے فیصلے پر مشکور

    پاک بھارت میچ: سری لنکا پاکستان کے فیصلے پر مشکور

    سری لنکا کے وزیر خارجہ، امورِ بیرونِ ملک روزگار اور سیاحت وجیتھا ہیراتھ نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، حکومتِ پاکستان اور دفترِ خارجہ کا سری لنکا کی درخواست پر مثبت غور کرنے پر شکریہ ادا کیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وجیتھا ہیراتھ نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستان کے اسپورٹس حکام کے تعاون کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ یہ قدم اسپورٹس مین اسپرٹ، دوستی اور پاکستان و سری لنکا کے مضبوط دوطرفہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان اور صدرِ سری لنکا کے درمیان حال ہی میں ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے یاد دلایا کہ مشکل حالات میں پاکستان اور سری لنکا ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

    صدرِ سری لنکا نے وزیراعظم پاکستان سے موجودہ صورتِ حال کو دوستانہ اور خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لیے سنجیدہ غور و فکر کی درخواست کی تھی،بین الاقوامی برادری اور دوست ممالک کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے نتائج کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومتِ پاکستان نے قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت کے خلاف شیڈول میچ کھیلنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

  • مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کا صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کا اعلان

    مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کا صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کا اعلان

    مسلم لیگ ن آزاد کشمیر نے صدارتی انتخاب میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان کیا ہے-

    سابق وزیراعظم آزاد کشمیر اور ن لیگ کے نائب صدر راجا فاروق حیدر نے کہا ہے کہ کہ آئندہ صدر ہمارا ہوگا پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس اپنا صدر منتخب کرانے کے لیے مطلوبہ اکثریت موجود نہیں،یہ بھی ممکن ہے کہ موجودہ قانون ساز اسمبلی نئے صدر کا انتخاب نہ کرے اور معاملہ آئندہ اسمبلی پر چھوڑ دیا جائے۔

    واضح رہے کہ صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کے انتقال کے بعد اسپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر قائم مقام صدر کے فرائض انجام دے رہے ہیں،آزاد کشمیر میں اس وقت پیپلز پارٹی کی حکومت قائم ہے اور پارٹی قیادت کی جانب سے اپنا امیدوار صدر منتخب کرانے کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ تاہم پارٹی کے اندر مختلف گروپس بھی صدارت کے حصول کے لیے سرگرم ہیں۔1

    بیرسٹر سلطان گروپ نے مطالبہ کیا ہے کہ صدر کا عہدہ ان کے گروپ سے کسی رکن کو دیا جائے، جس کے باعث پیپلز پارٹی کے اندرونی اختلافات بھی کھل کر سامنے آ رہے ہیں، صدر کا انتخاب الیکشن کمیشن نے کرانا ہوتا ہے، تاہم آزاد کشمیر میں کچھ عرصے سے چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ خالی ہے، جس کے باعث آئینی بحران کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

  • اٹلی میں دن دیہاڑے  فلمی انداز   کیش وین لوٹنے کی کوشش،ویڈیو

    اٹلی میں دن دیہاڑے فلمی انداز کیش وین لوٹنے کی کوشش،ویڈیو

    اٹلی میں دن دیہاڑے پولیس کی وردی میں ملبوس ڈاکوؤں نے فلمی انداز میں کیش وین لوٹنے کی کوشش کی، تاہم یہ واردات ناکام بنا دی گئی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعہ اسٹیٹ روڈ 613 پر پیش آیا جہاں ملزمان نے ایک ٹرک سڑک کے درمیان کھڑا کر کے اسے آگ لگا دی ڈاکوؤں نے پولیس کی طرز پر گاڑیوں کی لائٹس روشن کر کے یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ اہلکار کسی ہنگامی صورتحال پر قابو پا رہے ہیں اسی دوران آرمرڈ کیش وین کے قریب دھماکا ہوا اور ملزمان کا پولیس سے فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔

    واقعے کے دوران سڑک پر موجود کئی شہریوں کو زبردستی گاڑیاں روکنے پر مجبور کیا گیا اور ڈاکوؤں نے ان سے نقدی اور قیمتی اشیاء بھی چھین لیں، تاہم کیش وین لوٹنے میں ناکامی رہی فرار کی کوشش کے دوران ملزمان نے پولیس کی گاڑی پر بھی فائرنگ کی، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ دیگر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے،خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے اور فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔