Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • لبنان پر جنگ بندی معاہدے کا اطلاق نہیں ہوگا، اسرائیل

    لبنان پر جنگ بندی معاہدے کا اطلاق نہیں ہوگا، اسرائیل

    اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے دفتر نے تصدیق کی ہے کہ ایران کے ساتھ مجوزہ جنگ بندی میں لبنان شامل نہیں ہوگا۔

    اسرائیلی وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے ایران کے خلاف حملے دو ہفتوں کے لیے معطل کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے، تاہم یہ فیصلہ چند شرائط سے مشروط ہے، ایران کو فوری طور پر آبنائے ہرمز کھولنا ہوگا اور امریکا، اسرائیل اور خطے کے دیگر ممالک پر حملے روکنا ہوں گے۔

    اسرائیلی حکام نے واضح کیا کہ یہ دو ہفتوں کی جنگ بندی صرف ایران تک محدود ہے اور اس میں لبنان شامل نہیں ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ لبنان کے محاذ پر کشیدگی برقرار رہ سکتی ہے، اسرائیل امریکا کی ان کوششوں کی حمایت کرتا ہے جن کا مقصد ایران کو جوہری، میزائل اور دہشت گردی کے خطرات سے روکنا ہے۔ اسرائیلی موقف کے مطابق ایران کو خطے میں سیکیورٹی خطرہ تصور کیا جاتا ہے۔

    دوسری جانب ایران کی جانب سے اس بیان پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ لبنان کو جنگ بندی سے باہر رکھنے سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے لبنانی تنظیم حزب اللہ نے اس جنگ بندی پر اب تک کوئی براہِ راست تبصرہ نہیں کیا، لیکن سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ایک معنی خیز پیغام شیئر کیا ہے۔

    حزب اللہ نے ایران کے سابق سپریم لیڈر علی خامنہ ای کا ایک پرانا بیان شیئر کیا ہے جس کے ساتھ پھٹے ہوئے امریکی اور اسرائیلی پرچموں کی تصویر لگائی گئی ہے،اس پیغام میں دو ٹوک الفاظ میں کہا گیا ہے کہ ہم دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیں گے۔

    حزب اللہ کے اس انداز سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ لبنان کے محاذ پر اسرائیل کے خلاف اپنی مزاحمت جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں اور تہران و واشنگٹن کے درمیان ہونے والے اس عارضی سمجھوتے سے ان کے عسکری موقف میں کوئی نرمی نہیں آئی۔

  • ٹرمپ کی امریکی پائلٹ کی گمشدگی رپورٹ کرنیوالے صحافی کو جیل بھیجنے کی دھمکی

    ٹرمپ کی امریکی پائلٹ کی گمشدگی رپورٹ کرنیوالے صحافی کو جیل بھیجنے کی دھمکی

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ وہ اس شخص کو تلاش کر رہے ہیں جس نے ایران میں پھنسے دوسرے پائلٹ کی خبر لیک کی، لیک ہونے والی معلومات سے ریسکیو آپریشن متاثر ہوا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ امریکی حکام اس شخص یا ادارے کی تلاش میں ہیں جس نے ایران میں پھنسے دوسرے پائلٹ کی معلومات لیک کیں صدر کے مطابق یہ معلومات منظرِ عام پر آنے سے ریسکیو آپریشن مزید مشکل ہو گیا اور اس سے پہلے ایران کو دوسرے پائلٹ کے بارے میں علم نہیں تھا۔

    ٹرمپ نے کہا کہ جس میڈیا ادارے نے یہ رپورٹ شائع کی، امریکی حکام اس سے لیک کرنے والے کی شناخت طلب کریں گے اور اگر تعاون نہ کیا گیا تو قانونی کارروائی کی جائے گی ہم بھرپور کوشش کر رہے ہیں کہ خبر لیک کرنے والے کو ڈھونڈیں ہمیں یقین ہے کہ ہم اسے تلاش کر لیں گے کیونکہ ہم اس میڈیا کمپنی کے پاس جائیں گے اور کہیں گے یہ قومی سلامتی کا معاملہ ہے، معلومات دو یا جیل جاؤ۔

    پریس بریفنگ آغاز میں صدر ٹرمپ نے ایران میں گرنے والے امریکی لڑاکا طیارے کے بعد کیے گئے بڑے ریسکیو آپریشن کی تفصیلات بھی جاری کیں۔

    اُنھوں نے بتایا کہ ایک امریکی ایف-15 طیارہ ایران میں ایک آپریشن کے دوران گر کر تباہ ہوگیا، تاہم اس میں سوار دونوں اہلکار بروقت ایجیکٹ کرنے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک پائلٹ محفوظ رہا جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا تھا، جسے ایرانی فورسز اور مقامی افراد تلاش کر رہے تھے زخمی پائلٹ ایک بلند مقام تک پہنچنے میں کامیاب ہوگیا، جہاں اس نے خود اپنے زخموں کا علاج کیا اور ایک خصوصی کمیونیکیشن ڈیوائس (بیپر طرز) کے ذریعے امریکی فوج سے رابطہ قائم کیا۔

    ٹرمپ کے مطابق پائلٹ کی تلاش اور بازیابی کے لیے تقریباً 200 امریکی فوجیوں کو تعینات کیا گیا اور ایک تاریخی ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، جس میں 4 بمبار طیاروں، 13 ریسکیو ایئرکرافٹ سمیت مجموعی طور پر تقریباً 150 طیاروں نے حصہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ امریکی فورسز سات مختلف مقامات پر پھیل گئیں تاکہ ایرانی فورسز کو الجھایا جا سکے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس دوران نچلی پرواز کرنے والے کئی طیاروں اور ہیلی کاپٹروں پر شدید فائرنگ ہوئی، حتیٰ کہ امریکی ہیلی کاپٹروں کو بھی متعدد گولیاں لگیں، تاہم فوری مرمت کے ذریعے انہیں دوبارہ قابلِ پرواز بنا دیا گیا۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ کچھ کمپنیوں کو ایسی مرمت میں کئی دن لگ جاتے، مگر امریکی فوج نے یہ کام محض 10 منٹ میں انجام دیا۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ شدید موسمی اور زمینی حالات، خصوصاً ریت کی وجہ سے دو پرانے طیارے پرواز نہ کرسکے، جس کے بعد امریکی فورسز نے کم وزن طیاروں کے ذریعے وہاں پہنچ کر ان طیاروں کو بھی تباہ کر دیا تاکہ کوئی اور انہیں استعمال یا جانچ نہ سکے۔

    ٹرمپ کے مطابق ایرانی حکام نے زخمی پائلٹ کو پکڑنے پر انعام کا بھی اعلان کیا تھا، تاہم امریکی فوج نے تمام خطرات کے باوجود کارروائی کرتے ہوئے 48 گھنٹوں کے اندر پائلٹ کو بحفاظت ریسکیو کر لیا۔

    انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس پورے آپریشن میں کوئی بھی امریکی اہلکار زخمی نہیں ہوا اور تمام طیارے شدید نقصان کے باوجود بحفاظت واپس لوٹ آئے۔ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے فوج کو واضح ہدایت دی تھی کہ کسی بھی صورت میں اپنے اہلکاروں کو واپس لایا جائے، کیونکہ امریکی فوج کسی کو پیچھے نہیں چھوڑتی۔

    اپنے خطاب میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکی فوج نے وسیع پیمانے پر کارروائیوں کے دوران ہزاروں اہداف کو نشانہ بنایا اور اس آپریشن میں غیر معمولی مہارت اور صلاحیت کا مظاہرہ کیا گیا۔

  • مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 6 دہشت گرد ہلاک

    مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 6 دہشت گرد ہلاک

    ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے چھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا علاقے میں مزید دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس کا عمل شروع کر دیا ہے۔

    دوسری جانب مستونگ میں شرپسند عناصر کی جانب سے جوڈیشل مجسٹریٹ کی گاڑی چھیننے کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی شروع کر دی نامعلوم ملزمان نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی گاڑی کو اس وقت چھینا جب وہ معمول کے سفر پر تھے واقعے کے بعد پولیس نے ملزمان اور چھینی گئی گاڑی کی تلاش کے لیے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

  • امریکا واسرائیل کی حملوں کی دھمکی،جوابی وار میں ایران نے مشرق وسطیٰ میں 5 اہداف کے نام بتا دیئے

    امریکا واسرائیل کی حملوں کی دھمکی،جوابی وار میں ایران نے مشرق وسطیٰ میں 5 اہداف کے نام بتا دیئے

    اپریل 2026 کے اوائل کی حالیہ رپورٹس کی بنیاد پر بڑھتے ہوئے تناؤ اور ایرانی انفراسٹرکچر پر حملوں کے ممکنہ جوابی اقدامات کی بنیاد پر، ایران کے اسلامی انقلابی گارڈ کور (IRGC) یا اس سے منسلک میڈیا نے مشرق وسطیٰ میں کئی اہم اہداف اور اقتصادی لائف لائنز کی نشاندہی کی ہے۔

    رپورٹس میں ایران نے صرف فوجی مقامات کے بجائے اہم انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے،جن میں سرائیل میں حیفہ میں آئل ریفائنری ،متحدہ عرب امارات میں میں موبل ایگسن اور شیورون گیس کمپنی جبکہ ابوظہبی میں نیشنل آئل کمپنی پیٹروکیمیکل کشامل ہیں اسی طرح بحرین کے اندر سطرہ میں پیٹروکیمیکل کو نشانہ بناے کی دھمکی دی ہے علاوہ ازیں ایران کی جانب سے ٹارگٹ میں کویت کے شہر شعیبہ میں موجود پیٹروکیمیکل بھی شامل ہیں-

    علاوہ ازیں کنگ فہد کاز وے (سعودی عرب/بحرین) دونوں ممالک کے درمیان 25 کلومیٹر کا ایک اہم رابطہ جو کہ امریکی 5ویں بحری بیڑے کے لیے رسد کے راستے کے طور پر بھی کام کرتا ہے شیخ جابر الاحمد الصباح پل (کویت): 48 کلومیٹر طویل کاز وے جو کہ ایک اہم اقتصادی اور اقتصادی راہداری کے طور پر کام کرتا ہے ابوظہبی میں پل، بنیادی ڈھانچے کی جوابی کارروائیوں کی فہرست کے ایک حصے کے طور پر شناخت کیا گیا ہے شیخ خلیفہ پل (یو اے ای): ابوظہبی میں ایک اور اہم پل کو ہدف کے طور پر درج کیا گیا ہے المقطہ پل (یو اے ای): متحدہ عرب امارات کے اہم انفراسٹرکچر کے حصے کے طور پر بھی درج کیا گیا ہے جس کو نشانہ بنایا جائے گا قطر میں راس لافن ایل این جی حب سمیت توانائی کی اہم سہولیات یہ انتباہ ایرانی انفراسٹرکچر کو بھی امریکی،اسرائیلی حملوں کے بعد نشانہ بناے کی دھمکی دی گئی ہے-

  • ایران کی حفاظت کے لیے مجھ سمیت 1 کروڑ 40 لاکھ رضاکار جان دینے کو تیار ہیں، صدر پزشکیان

    ایران کی حفاظت کے لیے مجھ سمیت 1 کروڑ 40 لاکھ رضاکار جان دینے کو تیار ہیں، صدر پزشکیان

    ایران کے صوبے البرز میں منگل کو بڑے فضائی حملے کئے گئے جن میں کم از کم 18 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جن میں دو بچے بھی شامل ہیں۔

    ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ’فارس‘ کے مطابق، ان حملوں میں رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، تاہم ابھی تک یہ مکمل طور پر واضح نہیں ہو سکا کہ اصل ہدف کیا تھا ان حملوں کے ساتھ ساتھ ایران کے دارالحکومت تہران، پہاڑی علاقوں میں قائم اسلحہ خانوں اور مغربی ایران میں واقع خرم آباد کے ہوائی اڈے پر بھی شدید بمباری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

    اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے جنوبی ایران کے شہر شیراز میں ایک پیٹرو کیمیکل پلانٹ کو بھی نشانہ بنایا ہے جہاں مبینہ طور پر بیلسٹک میزائلو ں اور دھماکہ خیز مواد کے لیے کیمیائی اجزاء تیار کیے جا رہے تھے بکہ اسرائیل اب ایران کے ریلوے نیٹ ورک کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکیاں دے رہا ہے کیونکہ اس کا ماننا ہے کہ یہ نظام اسلحے کی نقل و حمل کے لیے استعمال ہو رہا ہے اسرائیلی فوج نے سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر فارسی میں جار ی پیغام میں ایرانی شہریوں کو ٹرین میں سفر کرنے سے گریز کی ہدایت کی ہے۔

    ایرانی ہلالِ احمر نے ان حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں جنگی جرم قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ملک بھر میں 17 سویلین علاقوں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے،ان حملوں کا ایک مقصد مقامی آبادی کی زندگی مشکل بنا کر انہیں حکومت کے خلاف اکسانا بھی ہو سکتا ہے، لیکن ماہرین کا خیال ہے کہ اس سے عوام الٹا حکومت کے گرد متحد ہو سکتے ہیں۔

    اس کشیدہ صورتحال اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بجلی گھروں اور پلوں کو تباہ کرنے کی ڈیڈ لائن کے جواب میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا ہے کہ مجھ سمیت 1 کروڑ 40 لاکھ ایرانیوں نے جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کے لیے رضاکارانہ طور پر نام لکھوا دیے ہیں،جبکہ میں خود بھی ایران کے لیے اپنی جان دینے کو تیار ہوں۔

  • شراب پی کر ڈرائیونگ کا الزام:کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر پر مقدمہ درج

    شراب پی کر ڈرائیونگ کا الزام:کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر پر مقدمہ درج

    پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم کراچی کنگز کے کپتان آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر پر شراب پی کر ڈرائیونگ کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    آسٹریلوی میڈیا کے مطابق سڈنی کے علاقے ماروبرا میں پولیس نے گاڑی چلاتے ڈیوڈ وارنر کا ٹیسٹ کیا،ڈیوڈ وارنر نے پولیس کے ٹیسٹنگ سینٹر سے پہلے ہی گاڑی روکی تاہم اہلکاروں نے ان کا بریتھ ٹیسٹ لیا،وارنر کا ٹیسٹ مثبت آنے پر پولیس نے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے، ڈیوڈ وارنر کو نیو ساؤتھ ویلز پولیس نے گرفتار کر کے پولیس اسٹیشن منتقل کیا تھا۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈیوڈ وارنر کو 7 مئی کو عدالت میں پیش کیا جائے گا ڈیوڈ وارنر پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی کپتانی کر رہے ہیں جب کہ وہ پی ایس ایل سے چند روز کی چھٹیوں پر آسٹریلیا گئے تھے اور انہیں 9 اپریل کو ٹیم کو دوبارہ جوائن کرنا تھا۔

  • تارکین وطن کی  ایک اورکشتی ڈوب گئی، 6 پاکستانی لاپتہ

    تارکین وطن کی ایک اورکشتی ڈوب گئی، 6 پاکستانی لاپتہ

    لیبیا سے اٹلی جانے کی کوشش میں تارکین وطن کی ایک کشتی ڈوب گئی، جس کے نتیجے میں صوبہ پنجاب کی تحصیل پھالیہ سے تعلق رکھنے والے 6 نوجوان لاپتہ ہو گئے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق یہ کشتی 4 اپریل کو لیبیا سے روانہ ہوئی تھی جس میں مجموعی طور پر 105 افراد سوار تھے لاپتہ ہونے والے 6 نوجوانوں میں سے چار کا تعلق ایک ہی گاؤں ٹھٹہ کدھیوالہ سے ہے جن میں طیب عباس گھمن، عرفان ورک، تنویر صادق اور فیضان ساجد شامل ہیں ان کے علاوہ پنڈی لالہ کے رہا ئشی اقبال ارشد اور سعد ظفر بھی لاپتہ افراد کی فہرست میں شامل ہیں۔

    ان نوجوانوں کے والدین اور اہل خانہ اپنے پیاروں کی سلامتی کے لیے دعائیں کر رہے ہیں اور انہوں نے حکومت پاکستان سے اپیل کی ہے کہ ان کی تلاش اور واپسی کے لیے فوری طور پر سفارتی سطح پر اقدامات کیے جائیں اس حادثے میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 30 افراد اپنی جانیں بچا کر اٹلی کے پناہ گزین کیمپ پہنچنے میں کامیاب رہے ہیں جن میں زیادہ تر افغان باشندے بتائے جاتے ہیں۔

    ان بچ جانے والوں میں پھالیہ کا ایک نوجوان عمران اصغر گھمن بھی شامل ہے جس نے پہلے پاکستان سے قطر کا ویزا لگوایا اور پھر وہاں سے غیر قانونی راستے کے ذریعے اٹلی کے لیے روانہ ہوا ،تاہم 75 سے زائد افراد اب بھی لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے سمندر میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پورے واقعے کے پیچھے مبینہ طور پر ایک انسانی اسمگلر ملوث ہے جس کا نام عمران بتایا جا رہا ہے اور وہ خود بھی پھالیہ کے گاؤں کدھیوالہ کا ہی رہائشی ہےمتاثرہ خاندانوں نے وزیراعظم اور وزیر خارجہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں تاکہ لاپتہ نوجوانوں کے بارے میں درست معلومات حاصل کی جا سکیں۔

  • پنجاب کو تین حصوں میں تقسیم کیا جائے،رانا ثنااللہ کی نواز شریف کہ تجویز

    پنجاب کو تین حصوں میں تقسیم کیا جائے،رانا ثنااللہ کی نواز شریف کہ تجویز

    ن لیگ کے صوبائی صدر اور مشیر وزیراعظم رانا ثنا اللہ نے پارٹی قائد نواز شریف کو تجویز دی ہے کہ پارٹی کا مرکزی سیکریٹری جنرل پنجاب کے علاوہ کسی اور صوبے سے ہونا چاہیے-

    نجی خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف پارٹی کے مختلف عہدوں پر بڑی تبدیلیاں لانا چاہتے ہیں، اس حوالے سے جلد ہی پارٹی کا مرکزی اجلاس بلانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

    رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ پارٹی صدر میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ آپ مرکزی پارٹی کو دیکھیں، احسن اقبال اپنی وزرات کے اندر مصروف ہیں اور بہت سے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ مجھے آفر کروائی گئی کہ پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل بن جائیں لیکن میں اس عہدے کے لیے تیار نہیں ہوں –

    ایران کے رہائشی علاقوں پر اسرائیل کےشدید فضائی حملے

    ان کے مطابق میں نے پارٹی صدر میاں نواز شریف کو تجویز دی ہے کہ پارٹی کا مرکزی سیکریٹری جنرل پنجاب کے علاوہ کسی اور صوبے سے ہونا چاہیے، پارٹی صدر بھی پنجاب سے ہو اور مرکزی سیکریٹری جنرل بھی پنجاب سے ہو یہ ٹھیک نہیں ہے، اس عہدے پر تبدیلی لائے جائے،اگر پارٹی نے مجھے مرکزی جنرل سیکریٹری بنایا تو میں قائم مقام سیکرٹری جنرل بنوں گا کیونکہ میں وفاق میں بہت مصروف ہوں ،پارٹی کا اگر مرکزی سیکریٹری جنرل مجھے بنایا گیا تو میرے لیے پنجاب میں بیٹھنا بہت ضروری ہوگا-

    رانا ثنا اللہ بتایا کہ میں نے تجویز دی ہے کہ پنجاب کے حد تک نئی تنظیم سازی کی جائے، پنجاب کو تین حصوں میں تقسیم کیا جائے، جنوبی پنجاب، وسطحی پنجاب کا الگ سے پارٹی صدر ہو اور سنٹرل پنجاب میں الگ سے تاکہ منظم طریقے سے پارٹی کو چلایا جا سکے ڈویژن اور ضلعی صدور کو تبدیل کیا جائے اور تمام عہدوں کی مدت 5 سال کی جائے تاکے جس سطح پر عہدے دیے جائیں وہاں پر کام ہو سکے ، حمزہ شہباز شریف پنجاب کے صدر کے لیے بہترین چوائس ہیں اگر وہ مان جائیں تو یہ پارٹی کے لیے بہت اچھا ہوگا، پارٹی کے لوگوں کے جو مسائل ہیں وہ با آسانی حل ہو سکیں گے۔

    تہران کی فضا میں لڑاکا طیارے، بمباری سے یہودی عبادت گاہ ملبے کا ڈھیر

  • چین نے دنیا کی سب سے گہری زیرِ آب ہائی اسپیڈ ریل ٹنل بنا لی

    چین نے دنیا کی سب سے گہری زیرِ آب ہائی اسپیڈ ریل ٹنل بنا لی

    چین نے دنیا کی سب سے گہری زیرِ آب ہائی اسپیڈ ریل ٹنل بنا کر ریکارڈ قائم کردیا-

    چینی میڈیا کے مطابق چین کی شینجیانگ نمبر 1 ٹنل بورنگ مشین نے دنیا کا ریکارڈ قائم کیا ہے، جس نے 113 میٹر گہرائی پر زیرِ آب ہائی اسپیڈ ریل ٹنل تعمیر کیا یہ ٹنل جنوبی چین کے پرل ریور ایسچوری میں واقع ہے اور طویل شینزین جیانگمن ریلویز کے ایک اہم منصوبے کا حصہ ہے مکمل ہونے پر یہ ٹنل گوا نگ ڈونگ، ہانگ کانگ، میکاؤ گریٹر بے ایریا میں ریل نیٹ ورک کو مزید بہتر بنائے گا۔

    ٹنل بورنگ مشین کے اگلے حصے میں ایک بڑا کٹر ہیڈ موجود ہے جو مستقل گردش کرتے ہوئے چٹان اور مٹی کو توڑتا ہے کٹر ہیڈ کے پیچھے مشین کا اسمبلی سیکشن ہوتا ہے، جہاں مزدور قریباً 2 میٹر چوڑائی کے ٹنل لائننگ کے سیکشن نصب کرتے ہیں، اس طرح کھدائی اور لائننگ بیک وقت کی جاتی ہے تاکہ کام کی رفتار بڑھائی جا سکے،حال ہی میں شینجیانگ نمبر 1 نے 4 کلومیٹر سے زائد فاصلہ طے کیا، اور 113 میٹر گہرائی تک پہنچا۔ ٹنل کا سب سے گہرا حصہ 116 میٹر زیرِ آب ہے، جہاں پانی کا دباؤ بہت زیادہ ہے۔

  • نیدرلینڈز میں گزشتہ سال میوزیم سے چوری ہونے والا ڈھائی ہزار سالہ قدیم سونے کا ہیلمٹ برآمد

    نیدرلینڈز میں گزشتہ سال میوزیم سے چوری ہونے والا ڈھائی ہزار سالہ قدیم سونے کا ہیلمٹ برآمد

    نیدرلینڈز میں گزشتہ سال میوزیم سے چوری ہونے والا 2 ہزار 500 سال قدیم سونے کا نایاب ہیلمٹ برآمد کر لیا گیا ہے۔

    ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق حکام نے مشرقی ڈچ شہر اسن میں پریس کانفرنس کے دوران رومانیا کے تاریخی ورثے سے تعلق رکھنے والا ‘کوٹوفینیستی’ ہیلمٹ میڈیا کے سامنے پیش کیا یہ ہیلمٹ قدیم ڈیشیا تہذیب سے منسوب ایک قیمتی قومی خزانہ تصور کیا جاتا ہے،استغاثہ کی نمائندہ کورین فاہنر نے بتایا کہ ہم اس کامیابی پر بے حد خوش ہیں، یہ ایک مشکل اور طویل مرحلہ تھا، خاص طور پر رومانیا کے لیے-

    یہ ہیلمٹ جنوری 2025 میں ڈرینٹس میوزیم میں نمائش کے دوران چوری کیا گیا تھا، جہاں نامعلوم چور اسے 3 سونے کے کنگنوں سمیت لے گئے تھےحکام کو خدشہ تھا کہ اپنی منفرد ساخت اور شہرت کے باعث اسے فروخت کرنا مشکل ہونے کی وجہ سے ممکنہ طور پر پگھلا دیا جائے گا۔

    پولیس نے واقعے کے کچھ ہی عرصے بعد 3 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا تھا، جن کے ساتھ معاہدے کے نتیجے میں دو کنگن بھی برآمد کر لیے گئے ہیں، جبکہ تیسرے کنگن کی تلاش جاری ہے ملزمان کے خلاف مقدمے کی سماعت اپریل کے آخر میں شروع ہوگی۔

    میوزیم کے ڈائریکٹر رابرٹ وان لانگھ کے مطابق ہیلمٹ کو معمولی نقصان پہنچا ہے اور اس پر ہلکی سی ڈینٹ آئی ہے، تاہم اسے مستقل نقصان نہیں پہنچا، جبکہ کنگن بالکل محفوظ حالت میں ہیں،تحقیقات کے مطابق چوروں نے میوزیم میں داخل ہونے کے لیے دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد اور ہتھوڑے کا استعمال کیا، جبکہ سیکیورٹی فوٹیج میں 3 افراد کو دروازہ توڑتے اور دھماکا کرتے دیکھا گیا تھا-