Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • راحت فتح علی خان  کو بیٹے سمیت برطانوی پارلیمنٹ میں ایوارڈ سے نوازا گیا

    راحت فتح علی خان کو بیٹے سمیت برطانوی پارلیمنٹ میں ایوارڈ سے نوازا گیا

    عالمی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان اور ان کے بیٹے شاہ زمان خان کو برطانوی پارلیمنٹ میں خصوصی ایوارڈز سے نوازا گیا-

    تقریب میں طارق احمد، محمد یاسین اور افضل خان سمیت متعدد ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی، اس تقریب کا اہتمام پاکستانی اور بنگلہ دیشی موسیقار جوڑے کاشف راجہ اور ربائیت جہان نے کیا اس سے قبل راحت فتح علی خان اور شاہ زمان خان نے اتوار کے روز لندن کے تاریخی مقام رائل البرٹ ہال میں شاندار پرفارمنس پیش کر کے حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔

    اس موقع پر راحت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ برطانوی پارلیمنٹ میں ایوارڈ حاصل کرنا ان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے اور یہ کامیابی والدین کی دعاؤں اور انتھک محنت کا نتیجہ ہے، وہ جلد ہی بنگالی زبان میں اپنا نیا گانا بھی ریلیز کرنے جا رہے ہیں، جس کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار ہے-

  • ٹرمپ ایران سے مذاکرات عالمی مارکیٹس کو پرسکون کرنے کی کوشش کا حصہ ہو سکتا ہے: سابق امریکی عہدیدار

    ٹرمپ ایران سے مذاکرات عالمی مارکیٹس کو پرسکون کرنے کی کوشش کا حصہ ہو سکتا ہے: سابق امریکی عہدیدار

    امریکا کے سابق نائب معاون وزیر خارجہ جوئل روبن نے کہا ہے کہ ممکن ہے حقیقت میں کوئی بات چیت نہ ہو رہی ہو اور یہ صرف عالمی مارکیٹس کو سنبھالنے کا اشارہ دیا جا رہا ہو۔

    جوئل روبن نے منگل کو امریکی نشریاتی ادارے سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات پر حیرت نہیں ہوگی اگر امریکا ایرانی حکام سے رابطے میں ہو ،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایران کے ساتھ مذاکرات بحال ہونے کا دعویٰ ممکنہ طور پر تیل کی بڑھتی قیمتوں کے باعث عالمی مارکیٹس کو پرسکون کرنے کی کوشش کا حصہ ہو سکتا ہے تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ ممکن ہے حقیقت میں کوئی بات چیت نہ ہو رہی ہو اور یہ صرف عالمی مارکیٹس کو سنبھالنے کا اشارہ دیا جا رہا ہو، صدر ٹرمپ اس بات سے آگاہ ہیں کہ پیٹرول کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں اور آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل میں دباؤ بڑھ رہا ہے، اس لیے وہ اس صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے فوری اقدامات کرنا چاہتے ہیں۔

    سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے سابق امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) کی مشیر جیسمین ایل جمال نے کہا ہے کہ ایران کو اس وقت امریکا پر زیادہ برتری حاصل ہو چکی ہے کیونکہ وہ پورے خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے اور آبنائے ہرمز کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت رکھتا ہےایران نے امریکا اور اسرائیل کے خلاف اپنی پوزیشن برقرار رکھی ہے اور آبنائے ہرمز پر کنٹرول کے باعث وہ کسی بھی نئے مذاکرات میں زیادہ مضبوط حیثیت کے ساتھ داخل ہو رہا ہے، ایرا ن ممکنہ طور پر مذاکرات میں سیکیورٹی ضمانتوں جیسے مطالبات سامنے رکھ سکتا ہے اور یہ بھی یقینی بنانا چاہتا ہے کہ اس کا نظام ایران کی سرزمین سے جڑا رہے، ایران کے پاس یہ صلاحیت بھی موجود ہے کہ اگر اسے اشتعال دلایا جائے تو وہ پورے خطے میں افراتفری پھیلا سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس سے قبل ایران کے توانائی انفراسٹرکچر پر حملے کی دھمکی دی تھی جس کے فوراً بعد تہران کے ساتھ نئی بات چیت کے آغاز کا دعویٰ کیا تھا، ساتھ ہی انہوں نے حملوں کو مؤخر کرنے کا اعلان بھی کر دیا تھا۔

  • بنگلہ دیش اور پاکستان کا شہری ہوا بازی اور سیاحت میں تعاون کو وسعت دینے پر زور

    بنگلہ دیش اور پاکستان کا شہری ہوا بازی اور سیاحت میں تعاون کو وسعت دینے پر زور

    بنگلہ دیش میں پاکستانی ہائی کمشنر عمران حیدر نے بنگلہ دیش کی وزیر برائے شہری ہوا بازی و سیاحت افروزہ خانم اور وزیر مملکت ایم رشید الزمان سے ملاقات کی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان موجودہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں خصوصاً شہری ہوا بازی اور سیاحت میں تعاون کو وسعت دینے پر زور دیا۔

    پاکستانی ہائی کمشنر عمران حیدر نے ہوا بازی کے شعبے میں بنگلہ دیش کے ساتھ مشترکہ کام کرنے میں پاکستان کی دلچسپی کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطوں میں اضافے کی اہمیت پر روشنی ڈالی انہوں نے ڈھاکہ لاہور روٹ کا حوالہ دیتے ہوئے مستقبل میں پروازوں کی تعداد بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ سفر اور تجارت کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

    دونوں فریقین نے سیاحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کے امکان پر بھی تبادلہ خیال کیا،بنگلہ دیش کی وزیر برائے شہری ہوا بازی اور وزیر مملکت نے شہری ہوا بازی اور سیاحت کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے اس امید کا اظہار کیا گیا کہ ٹرانسپورٹ اور سیاحت کے شعبوں میں مضبوط روابط سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطوں اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔

  • عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت پھر 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز

    عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت پھر 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز

    عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں معمولی کمی کے بعد ایک بار پھر 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی ہیں۔

    منگل کے روز اسرائیل اور ایران کے درمیان رات بھر ہونے والی جھڑپوں کے بعد برینٹ کروڈ کی قیمت میں 1.6 فیصد اضافہ ہوا ہے جس کے بعد قیمت 101.5 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے، جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ 2.7 فیصد اضافے کے ساتھ 90.5 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا ہے۔

    پیر کے روز برینٹ کروڈ ایک موقع پر 114 ڈالر فی بیرل سے بھی تجاوز کر گیا تھا، تاہم بعد میں کمی کے بعد 99.94 ڈالر پر بند ہوا۔ گزشتہ روز تیل کی قیمتوں میں 10 فیصد سے زائد کمی آئی تھی،اس کمی کی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا وہ بیان تھاجس میں انہوں نےایران کےساتھ جنگ کےخاتمے کے لیے مثبت اور مفید بات چیت کا کا دعویٰ کیا تھا۔

    تاہم ایران نے امریکا کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات کی سختی سے تردید کی ہے، تاہم وہیں دونوں ممالک کے درمیان جنگ روکنے کے لیے پاکستان، ترکیہ اور مصر سمیت دیگر ممالک کی جانب سے ثالثی کی کوششیں جاری ہیں۔

  • ایران میں قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے الزام میں 466 افراد گرفتار

    ایران میں قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے الزام میں 466 افراد گرفتار

    ایران میں قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے مبینہ گروہ کے 466 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    ایران کی سرکاری خبر ایجنسی ارنا کے مطابق یہ گرفتاریاں منگل کے روز کی گئیں، جو اسرائیل اور امریکا کے ساتھ جنگ کے آغاز کے بعد سیکیورٹی کے حوا لے سے سب سے بڑی کارروائیوں میں سے ایک قرار دی جا رہی ہیں،رواں ماہ کے دوران ایک ہزار سے زائد افراد کو مختلف الزامات کے تحت حر ا ست میں لیا جا چکا ہے،ان افراد پر حساس مقامات کی ویڈیوز بنانے، حکومت مخالف مواد آن لائن شیئر کرنے یا دشمن ملک کے ساتھ تعاون کرنے جیسے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

    پولیس کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں انٹیلی جنس معلومات اور تکنیکی نگرانی کے بعد یہ گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں،زیر حراست افراد کا تعلق ایسے دشمن نیٹ ورکس سے بتایا گیا ہے جو ملک کے اندر عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایران کی وزارتِ داخلہ نے ملک بھر میں بڑے سیکیورٹی آپریشن کے دوران امریکا کے لیے مخبری اور تخریب کاری کے الزام میں درجنوں افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا جب کہ اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد سے مبینہ تعلق پر ایک ایرانی شہری کو سزائے موت دے دی گئی تھی۔

  • سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

    سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

    عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ہوگیا۔

    بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت یکدم 163ڈالر کی بڑی نوعیت کے اضافے سے 4ہزار 413ڈالر کی سطح پر آگئی جس کے نتیجے میں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی منگل کو فی تولہ سونے کی قیمت 16 ہزار 300 روپے کی بڑی نوعیت کے اضافے سے 4 لاکھ 64 ہزار 062 روپے کی سطح پر آگئی اور فی دس گرام سونے کی قیمت بھی 13ہزار 975روپے کے اضافے سے 3لاکھ 97ہزار 858 روپے کی سطح پر آگئی۔

    اسی طرح عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت 5ڈالر 7سینٹس کے اضافے سے 69 ڈالر 80 سینٹس کی سطح پر آنے سے مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ چاندی کی قیمت 570 روپے کے اضافے سے 7ہزار 454روپے ہوگئی اور فی دس گرام چاندی کی قیمت بھی 489روپے کے اضافے سے 6ہزار 390روپے کی سطح پر آگئی۔

  • صدر مملکت کی مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کو  فوجی اعزازات دینے کی منظوری

    صدر مملکت کی مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کو فوجی اعزازات دینے کی منظوری

    صدر پاکستان آصف علی زرداری نے پاکستان کی مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کو مجموعی طور پر 1,989 فوجی اعزازات دینے کی منظوری دے دی ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ان اعزازات میں 23 ہلالِ امتیاز (ملٹری)، 100 ستارۂ امتیاز (ملٹری)، 136 تمغۂ امتیاز (ملٹری)، 11 ستارۂ بسالت، 475 تمغۂ بسالت اور 130 امتیازی اسناد شامل ہیں، 175 تمغۂ خدمت (ملٹری) کلاس اول، 319 تمغۂ خدمت (ملٹری) کلاس دوم اور 620 تمغۂ خدمت (ملٹری) کلاس سوم دینے کی بھی منظوری دی گئی ہے، جبکہ 378 چیف آف آرمی اسٹاف تعریفی کارڈز بھی دیے جائیں گے۔

    صدر سیکرٹریٹ کے مطابق یہ اعزازات یومِ پاکستان کے موقع پر وزیر اعظم کی سفارش پر اور آئینِ پاکستان 1973 کے آرٹیکل 259(2) کے تحت دیے جائیں گے۔

  • شوہر سے علیحدگی کے بعد جہیز کی واپسی ، فیملی کورٹ اور ڈسٹرکٹ کورٹ کے فیصلے کالعدم قرار

    شوہر سے علیحدگی کے بعد جہیز کی واپسی ، فیملی کورٹ اور ڈسٹرکٹ کورٹ کے فیصلے کالعدم قرار

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے شوہر سے علیحدگی کے بعد جہیز کے سامان کی واپسی سے متعلق فیملی کورٹ اور ڈسٹرکٹ کورٹ کے فیصلے کالعدم قرار دے دیے۔

    جسٹس محسن اختر کیانی نے 28 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، جس میں اسلامی قوانین، قرآنی آیات اور غیر ملکی عدالتوں کے فیصلوں کا حوالہ بھی دیا گیا عدالت نے قرار دیا کہ اپیلٹ کورٹ نے غلطی کی اور درخواست گزار خاتون کے حقوق کو نظرانداز کیا، عدالت کے مطابق جہیز اور دلہن کو ملنے والے ذا تی تحائف مکمل طور پر خاتون کی ملکیت ہیں، اور اگر جہیز واپس نہ کیا جائے تو خاتون اس کی متبادل قیمت حاصل کرنے کی حقدار ہوگی۔

    فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ شادی کے دوران حاصل ہونے والی جائیداد میں بیوی کا حق تسلیم کیا جا سکتا ہے، بشرطیکہ اس کی شراکت داری ثابت ہوعدالت نے فیملی کورٹ کو ہدایت کی کہ کیس کا فیصلہ 2 ماہ کے اندر کیا جائے۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکومت کو خواتین کے مالی اور ملکیتی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر قانون سازی کی ہدایت بھی کی،عدالت نے کہا کہ خواتین کے آئینی اور قانونی حقوق کو عملی طور پر یقینی بنانے کے لیے پالیسی اقدامات ناگزیر ہیں نکاح نامہ میں ایسی شرط شامل کی جائے جس کے تحت شادی کے دوران حاصل ہونے والی جائیداد طلاق، وفات یا دیگر صورتوں میں بیوی کے ساتھ مساوی طور پر تقسیم ہو سکے۔

    فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ تعلیمی اداروں میں لڑکیوں کو ازدواجی حقوق کے بارے میں آگاہی دی جائے تاکہ وہ نکاح نامہ میں اپنے حقوق کا مؤثر استعمال کر سکیں،خواتین ملک کی قریباً نصف آبادی ہیں اور ان کے حقوق کا تحفظ ایک منصفانہ اور ترقی پسند معاشرے کے قیام کے لیے ضروری ہے۔

    دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے خواتین کے حقوق اور حق مہر کی ادائیگی کے حوالے سے ایک انتہائی اہم اور وضاحتی فیصلہ جاری کیا ہے جس میں یہ واضح کر دیا گیا ہے کہ بیوی اپنے شوہر سے کسی بھی وقت مہر کا مطالبہ کرنے کا قانونی حق رکھتی ہے۔

    لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس عابد حسین چھٹہ نے فاطمہ بی بی نامی خاتون کی درخواست پرتحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کا مہر سے متعلق فیصلہ کالعدم قرار دے دیا اور فیملی کورٹ کا فیصلہ بحال کر دیا۔

    کیس کے مطابق درخواست گزار نے شوہر کے خلاف روز مرہ اخراجات یونی نان نفقہ، جہیزکی واپسی اور پانچ تولہ سونے کے مہر کا دعویٰ دائر کیا تھاابتدائی طور پر فیملی کورٹ نے خاتون کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے شوہر کو پانچ ہزار روپے ماہانہ خرچ اور حق مہر ادا کرنے کا حکم دیا تھا تاہم بعد میں ٹرائل کورٹ نے مہر کا دعویٰ ختم کر دیا تھا۔

    لاہور ہائیکورٹ نے اس قانونی نکتے پر گہری نظر ڈالتے ہوئے قرار دیا ہے کہ اگر نکاح نامہ کے اندراج کے وقت مہر کی ادائیگی کا کوئی مخصوص وقت یا مدت طے نہ کی گئی ہو تو ایسی صورت میں بیوی ’جب بھی‘ مطالبہ کرے گی، شوہر پر مہر ادا کرنا لازم ہوگا عدالت نے واضح کیا گیا کہ شادی برقرار رہنے کے باوجود بیوی اپنے مہر کی مکمل حقدار رہتی ہے چنانچہ ہائیکورٹ نے فیملی کورٹ کے پرانے فیصلے کو دوبارہ بحال کر دیا ہے جبکہ نان نفقہ اور جہیز سے متعلق اپیلیٹ کورٹ کا فیصلہ درست قرار دیا گیا عدالت نے درخواست جزوی طور پر منظور کرتے ہوئے مہر سے متعلق فیملی کورٹ کا فیصلہ بحال کر دیا

    اس عدالتی فیصلے سے یہ بات واضح اور ہو گئی ہے کہ حق مہر بیوی کا وہ بنیادی حق ہے جو نکاح کے معاہدے کے تحت اسے حاصل ہوتا ہے اور شوہر اس کی ادائیگی سے انکار نہیں کر سکتا۔

  • توانائی بحران :محکمہ توانائی نے نئی اہم سفارشات وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کردیں

    توانائی بحران :محکمہ توانائی نے نئی اہم سفارشات وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کردیں

    ملک میں توانائی بحران کے پیش نظر محکمہ توانائی نے نئی اہم سفارشات وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کردیں۔

    رپورٹ کے مطابق ذرائع کے مطابق وفاق کی طرز پر فیول راشننگ کی تجویز، 15 اپریل تک تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کی سفارش، اسکولوں میں ہائبرڈ نظام تعلیم غور ہے،اس کے علاوہ پیٹرول اور ڈیزل کی منصفانہ تقسیم کے لیے کوپن یا ڈیجیٹل سسٹم متعارف کرانے کی تجویز ہے، مخصوص دنوں میں محدود گاڑیوں کو ایندھن فراہم کرنے کی تجویز ہے۔

    نجی اداروں کے لیے ورک فرام ہوم کے لیے سخت ہدایات کی سفارش کردی گئی، غیر ضروری تقریبات پر مکمل پابندی کی تجویز ہے، میٹرو اور بس سروس بڑھانے کی سفارش ہے،ایل ای ڈی بل بورڈز اور آرائشی لائٹس بند کرنے کا پلان شامل ہے، رات 10 بجے کے بعد اسٹریٹ لائٹس متبادل موڈ پر چلانے کی تجویز، مارکیٹ اوقات کار مزید محدود کرنے کی تجویز ہے۔

  • امریکا اور اسرائیل ایک دلدل میں پھنس چکے ہیں،ایران کی امریکا سے مذاکرات کی خبریں ’بے بنیاد‘ قرار

    امریکا اور اسرائیل ایک دلدل میں پھنس چکے ہیں،ایران کی امریکا سے مذاکرات کی خبریں ’بے بنیاد‘ قرار

    ایران نے منگل کی علی الصباح اسرائیل کے مختلف علاقوں پر متعدد میزائل حملے کیے ہیں جس کے نتیجے میں مقامی آبادی کو نقصان پہنچا ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایرانی حملوں کے دوران تل ابیب سمیت اسرائیل کے مختلف حصوں میں ایئر ریڈ سائرن بج اٹھے، جہاں انٹر سیپٹرز کے ذریعے میزائلوں کو روکتے ہوئے دھماکوں کی آوازیں سنائی دی گئیں، اسرائیلی فوج نے بھی ان حملوں کی تصدیق کی ہےایک حملے میں شمالی ا سرائیل میں واقع میزائل کے ٹکڑے گھروں سے ٹکرانے سے نقصان پہنچا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

    ایران کے میزائل حملے صدر ٹرمپ کی جانب سے ایران کے بجلی نظام پر پانچ دن کے لیے حملے روکے جانے کے اعلان کے بعد کیے گئے ہیں، جس کا حوالہ انہوں نے ایرانی حکام کے ساتھ ہونے والی مفید اور مثبت بات چیت کے طور پر دیا تھا۔

    صدر ٹرمپ نے پیر کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ٹروتھ سوشل“ پر دعویٰ کیا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مشرق وسطیٰ میں مکمل اور جامع جنگ بندی کے سلسلے میں بہت مثبت اور مفید گفتگو ہوئی ہے اسی بنیاد پر ایران کے توانائی کے نظام پر حملے کا منصوبہ پانچ دن کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے، ان کے اعلان کے بعد عالمی مالیاتی مارکیٹس میں بہتری دیکھنے میں آئی، تیل کی قیمتیں 100 ڈالر فی بیرل سے نیچے گر گئیں، جبکہ شیئر مارکیٹس میں اضافہ ہوا۔

    تاہم یہ فوائد منگل کو اس وقت خطرے میں پڑ گئے جب ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا کہ امریکا کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہوئے،انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان کسی قسم کی کوئی بات چیت نہیں ہو رہی اور اس حوالے سے پھیلائی جانے والی خبریں سراسر جھوٹ ہیں،امریکا اور اسرائیل ایک دلدل میں پھنس چکے ہیں اور اس صورتِ حال سے نکلنے کے لیے ایسی بے بنیاد خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔

    ایران کی ایلیٹ فورس انقلابی گارڈز نے بھی اعلان کیا کہ وہ امریکی اہداف پر تازہ حملے کر رہے ہیں، اور صدر ٹرمپ کے بیانات کو نفسیاتی حربے قرار دے چکے ہیں۔

    دوسری جانب مغربی میڈیا سے اطلاعات سامنے آئیں کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے لیے پاکستان، ترکیہ اور مصر نے ثالثی کی پیشکش کی، جس کے لیے رواں یا آئندہ ہفتے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں اہم بیٹھک لگنے کا امکان ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور کشیدگی کم کرانے کے لیے ثالثی کی کوششوں میں سرگرم ہوگیا ہے اس سلسلے میں پاکستان نے اسلام آباد کو ممکنہ مذاکراتی مقام کے طور پر پیش کیا ہے جہاں آئندہ دنوں میں اہم ملاقاتیں متوقع ہیں، مذاکرات میں ایران کی نمائندگی ایران کی مجلسِ شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف کریں گے جب کہ امریکا کی جانب سے اسٹیو وٹکوف، جیرڈ کشنر اور ممکنہ طور پر جے ڈی وینس شریک ہوں گے۔