Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • نادرا  نے زندہ خاتون کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کردیا، شہری کی شکایت پر وزیر داخلہ کا نوٹس

    نادرا نے زندہ خاتون کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کردیا، شہری کی شکایت پر وزیر داخلہ کا نوٹس

    نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے زندہ خاتون کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کردیا، جس کا وزیر داخلہ محسن نقوی نے نوٹس لے لیا۔

    ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے نادرا سینٹر ڈیفنس کراچی کا اچانک دورہ کیا اور شہریوں سے براہِ راست ملاقات کی محسن نقوی نے شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات بنوانے آئے شہریوں سے باری آنے کے اوقات اور پراسیس کے بارے میں دریافت کیا تو شہریوں نے تاخیر سے باری آنے کی شکایات کیں، جس پر وزیرداخلہ نے یقین دہانی کرائی کہ اس مسئلے کا فوری اور مستقل حل نکالا جائے گا اور موقع پر ہی شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لیے احکامات جاری کیے۔

    دورے کے دوران ایک شہری نے اپنی زندہ بیوی کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری ہونے کی شکایت کی، جس پر محسن نقوی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے دستاو یز ات کو درست کرانے کا حکم دیا اسی طرح ایک خاتون کے شناختی کارڈ پر نام کے غلط اندراج کی شکایت پر وزیر داخلہ نے نادرا انچارج کو بغیر اضافی فیس نام درست کرنے کی ہدایت کی۔

    وزیر داخلہ مختلف کاونٹرز پر گئے، عملے سے ملاقات کی اور نادرا حکام کو ہدایت دی کہ شہریوں کا کام مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے، اور انہیں بار بار چکر لگوانے کی بجائے ایک ہی دفعہ میں مکمل خدمات فراہم کی جائیں،جبکہ سسٹم کی بہتری اور دیر سے باری آنے کے مسئلے کے مستقل حل پر زور دیا۔

  • کوئٹہ:  شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا، محسن نقوی سمیت اعلیٰ حکام کی شرکت

    کوئٹہ: شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا، محسن نقوی سمیت اعلیٰ حکام کی شرکت

    کوئٹہ میں دہشتگردی کے واقعات میں شہید ہونے والے بلوچستان پولیس کے بہادر اسپوتوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے-

    نماز جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان، صوبائی وزرا، اراکین اسمبلی اور آئی جی پولیس بلوچستان سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی،شہدا کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے حکام نے کہا کہ یہ بہادر اسپوت ہمار ے ماتھے کا جھومر اور قوم کا فخر ہیں، اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

    وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شہدا کے ورثاء سے ملاقات کی اور ان سے تعزیت کی، انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ دہشتگرد عناصر کبھی ریاست اور عوام کے عزم کے سامنے کامیاب نہیں ہوں گے،بلوچستان کے عوام اور سیکیورٹی فورسز نہایت بہادر اور باہمت ہیں،ہمارے بہادر جوانوں نے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور اور مؤثر کارروائی کی، شہداء کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں، پوری قوم ان کو سلام پیش کرتی ہے،

    وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ شہدا کی قربانیوں سے ملک اور صوبے میں امن و امان کے قیام کا عزم مزید مضبوط ہوا ہے اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ 2 روز کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 108 دہشتگردوں کو ہلاک کیا ہے، اس دوران دہشتگردوں کے خلاف لڑتے ہوئے 10 بہادر پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے جوان شہید ہوئے ہیں۔

  • عثمان خان کی صلاحیت پر پورا بھروسہ تھا،سلمان علی آغا

    عثمان خان کی صلاحیت پر پورا بھروسہ تھا،سلمان علی آغا

    سلمان علی آغا نے کہا کہ ہم نے پاور پلے، مڈل اوورز میں اچھی بیٹنگ کی اور بولنگ میں بھی غیر معمولی کارکردگی دکھائی-

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے آسٹریلیا کے خلاف ٹی20 سیریز کے دوسرے میچ میں شاندار کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ہمارے لیے ایک پرفیکٹ گیم تھی، ہم نے پاور پلے، مڈل اوورز میں اچھی بیٹنگ کی اور بولنگ میں بھی غیر معمولی کارکردگی دکھائی، سلما ن علی آغا نے اسے اپنی ٹیم کے لیے ایک مکمل اور مثالی میچ قرار دیا انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ عثمان خان اسپن کے خلاف ہماری ٹیم کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں، ہمیں اس کی صلاحیت پر پورا بھروسہ تھا اور ہمیں یقین تھا کہ اس کی اننگز جلد سامنے آئے گی-

    اپنے نمبر 3 پر بیٹنگ کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے سلمان آغا نے کہا کہ ’میں نے خود کو اوپر اس لیے بھیجا کیونکہ مجھے معلوم ہے کہ میں اسپن اچھا کھیل سکتا ہوں، اور یہی پلان ہم مستقبل میں بھی رکھنا چاہتے ہیں، خاص طور پر سری لنکا میں، ہم چاہتے ہیں کہ 2-0 کو بھلا کر ہر میچ کو نیا میچ سمجھا جائے اور اسی انداز میں کرکٹ کھیلی جائے، امید ہے کہ کل ہم لاہور کے شائقین کو ایک بار پھر بہترین کرکٹ سے محظوظ کریں گے-

    پاکستان کے ہاتھوں بھاری شکست کے بعد آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے اعتراف کیا ہے کہ اس میچ میں پاکستان نے ان کی ٹیم کو ہر شعبے میں آؤٹ کلاس کیا-

    میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلیا کے کپتان مچل مارش نے کہا کہ ’پاکستان کو کریڈٹ جاتا ہے، انہوں نے ہمیں آؤٹ پلے کیا آج سے پہلے سیریز ابھی زندہ تھی، امید ہے کہ ہم کل واپسی کریں گے پاور پلے میں انہوں نے ہمیں شدید دباؤ میں رکھا، یہ پچ شاید 160 سے 170 رنز کی تھی۔ ہمارے پاس تجربہ کار کھلاڑی ہیں جو جانتے ہیں کہ رن چیز میں پارٹنرشپس کتنی اہم ہوتی ہیں، مگر آج ہم ایسا نہ کر سکے۔ یہ ہمارے لیے ایک بڑا سبق ہے‘۔

    یاد رہے کہ پاکستان نے ٹی20 سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا کو 90 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے، بہترین کاکردگی پر کپتان سلمان علی آغا کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ہے۔

  • جنگ بندی کی خلاف ورزی،  اسرائیل کی غزہ میں فضائی حملے،6 بچوں سمیت 31 فلسطینی شہید

    جنگ بندی کی خلاف ورزی، اسرائیل کی غزہ میں فضائی حملے،6 بچوں سمیت 31 فلسطینی شہید

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے، آج ہونے والے حملوں میں 6 بچوں سمیت 31 فلسطینی شہید ہوگئے۔

    عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے غزہ سٹی اور خان یونس میں فضائی حملے کیے جن میں 6 بچوں سمیت 31 فلسطینی شہید ہوئے جب کہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں،اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہےکہ اسرائیلی طیاروں نے حماس اور اسلامی جہاد کے سرکردہ رہنماؤں کو نشانہ بنایا، اس کے علاوہ اسلحےکے ذخیرے کو بھی نشانہ بنایا گیا تاہم ان دعوؤں کے حق میں کوئی ثبوت نہیں پیش کیےگئے۔

    دوسری جانب حماس کے ترجمان حازم قاسم نے عام شہریوں کو نشانہ بنائے جانےکی مذمت کرتے ہوئےکہا ہےکہ اسرائیل کے بے بنیاد اور کھوکھلے دعوے امن معاہدے کے ثالثوں، اسرائیل کے ضامنوں او ر پیس کونسل میں شامل تمام فریقین کی توہین ہے۔

    ٹرمپ نے ایران کو ’ڈیڈ لائن‘ دیدی،امریکی میزائل بردار بحری جہاز ایلات پہنچ گیا

    قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق اکتوبر میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کے بعد سے اسرائیل 1300سے زائد مرتبہ اس کی خلاف ورزی کرچکا ہے ان خلاف ورزیوں کے نتیجے میں کم از کم 509 فلسطینی شہید اور 1405 زخمی ہوچکے ہیں جنگ بندی معاہدے کے بعد سے 430 مرتبہ عام فلسطینیوں پر فائرنگ کی گئی، رہائشی علاقوں میں ییلو لائن سے آگے 66 چھاپے مارے گئے، 200 مرتبہ فلسطینی املاک کو مسمار کیا گیا، گزشتہ ایک ماہ کے دوران ہی کم از کم 50 فلسطینیوں کو گرفتارکیا گیا۔

    امریکا و اسرائیل کی غلطی سے پورا خطہ خطرے میں پڑ سکتا ہے، ایرانی آرمی چیف

  • ٹرمپ نے ایران کو ’ڈیڈ لائن‘ دیدی،امریکی میزائل بردار بحری جہاز ایلات پہنچ گیا

    ٹرمپ نے ایران کو ’ڈیڈ لائن‘ دیدی،امریکی میزائل بردار بحری جہاز ایلات پہنچ گیا

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے خفیہ طور پر ایران کو ڈیڈ لائن دیدی ہے۔

    عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران نے ڈیڈ لائن سے قبل جوہری معاہدہ قبول نہیں کیا تو بہت بڑی فوجی کارروائی کریں گے ایران کو ڈیڈ لائن دینے کے ساتھ ہی خطے میں امریکی فوجیوں نقل و حرکت تیز کردی گئی-

    تازہ پیشرفت میں ایک امریکی میزائل بردار تباہ کن جہاز اسرائیل کے بحیرۂ احمر کے شہر ایلات کی بندرگاہ پر لنگرانداز ہوا ہےصدرٹرمپ نے اس ڈیڈ لائن کی مدت ظاہر نہیں کی البتہ ان کا کہنا تھا کہ صرف وہی جانتے ہیں کہ ڈیڈ لائن کیا ہے امید ہے معاہدہ ہوجائے، ورنہ دیکھیں گے کیا ہوتا ہے۔

    کوئٹہ سے چلنے والی تمام ٹرینیں معطل

    دوسری جانب ایرانی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کسی بھی صورت اپنے جوہری اور دفاع پروگرام پر نظرثانی نہیں کرے گا۔

    واضح رہے کہ امریکا ایران میں یورینیم افزودگی پر پابندی، پہلے سے افزودہ یورینیم کی ملک سے منتقلی، طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کے ذخیرے پر حد بندی اور خطے میں پراکسی گروہوں کی حمایت میں کمی چاہتا ہے یہ وہ تمام نکات جنھیں ایران متعدد بار پہلے ہی ناقابلِ قبول قرار دے چکا ہے اور جس کا اعادہ وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ترکیہ کے دورے پر بھی کیا۔

    انہوں نے صحافیوں سے گفتگو میں واضح کیا کہ ایران کی دفاعی اور میزائل صلاحیتیں کبھی بھی مذاکرات کا حصہ نہیں بنیں گی ایران باہمی احترام اور برابری کی بنیاد پر بات چیت کے لیے تیار ہے مگر قومی دفاع پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا ایران نہ صرف اپنی دفاعی صلاحیتوں کو اپنی ضرورت کے مطابق برقرار رکھے گا بلکہ اس میں مزید اضافہ بھی کرے گا۔

    امریکا و اسرائیل کی غلطی سے پورا خطہ خطرے میں پڑ سکتا ہے، ایرانی آرمی چیف

  • کوئٹہ سے چلنے والی تمام ٹرینیں معطل

    کوئٹہ سے چلنے والی تمام ٹرینیں معطل

    سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کوئٹہ سے اندرون ملک اور اندرون صوبہ چلنے والی تمام ٹرینیں معطل کر دی گئیں۔

    ریلوے ذرائع کے مطابق کوئٹہ سے چلنے والی ٹرینیں عارضی طور پر معطل کی گئی ہیں ٹرینوں کی معطلی کا فیصلہ سیکیورٹی خدشات کے باعث کیا گیا کوئٹہ سے پنجاب جانے والی جعفر ایکسپریس، کراچی جانے والی بولان میل سروس اور کوئٹہ سے چمن جانے والی چمن پسنجر ٹرین کو معطل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کو جیکب آباد میں روک لیا گیامتاثرہ مسافروں کو ان کے ٹکٹ کی مکمل رقم واپس کی جائے گی جبکہ ٹرین سروس کی بحالی کا فیصلہ سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ 29 جنوری 2026 کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں کارروائی کے دوران 30 دہشت گردوں کو ہلاک کیا جبکہ پنجگور میں بھی 11 دہشت گرد مارے گئے تھےسیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

  • ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ

    ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ

    اسلام آباد، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمت میں اضافہ کر دیا ہے۔

    اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی 6 روپے 37 پیسے فی کلو مہنگی ہو گئی ہے، جس کے بعد گھریلواستعمال کے لیے ایل پی جی سلنڈر کی نئی قیمت 75 روپے 21 پیسے ہو گئی ہےاوگرا نے بتایا کہ نئی قیمت کا اطلاق یکم فروری 2026 سے ہوگا قیمت میں اضافہ عالمی منڈی میں ایل پی جی کی بڑھتی قیمتوں اور درآمدی لاگت میں اضافے کی وجہ سے کیا گیا ہے صارفین پر اضافی بوجھ کے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، خاص طور پر وہ گھرانے جو ایل پی جی پرانحصار کرتے ہیں،جنوری میں فی کلو ایل پی جی کی قیمت 219.67 روپے تھی، اور اسی حساب سے 11.8 کلو گرام کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 75.21 روپے کا اضافہ ہوا ہےاس طرح 11.8 کلو گرام کے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2 ہزار 667 روپے 40 پیسے ہوگئی ہے

  • امریکا و اسرائیل کی غلطی سے پورا خطہ خطرے میں پڑ سکتا ہے، ایرانی آرمی چیف

    امریکا و اسرائیل کی غلطی سے پورا خطہ خطرے میں پڑ سکتا ہے، ایرانی آرمی چیف

    ایران کے آرمی چیف امیر حاتمی نے امریکا اور اسرائیل کو کسی بھی قسم کی جارحیت سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن کی معمولی سی غلطی بھی پورے خطے کی سلامتی کو شدید خطرات سے دوچار کرسکتی ہے۔

    غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امیر حاتمی نے امریکا اور اسرائیل کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ دشمن نےکوئی غلطی کی تو صرف اس کی نہیں پورے خطے کی سلامتی خطرے میں پڑ جائے گی، ایران کی مسلح افواج ہائی الرٹ ہیں، دشمن نےکوئی غلطی کی توصہیونی ریاست کی سلامتی بھی خطرے میں پڑ جائے گی۔

    ایرانی آرمی چیف نے مزید کہا کہ ایران کی جوہری تنصیبات اور ٹیکنالوجی کو ختم نہیں کیا جا سکتا، چاہے قوم کے سائنسدان اور فرزند شہید ہی کیوں نہ ہو جائیں، ایرانی جوہری صلاحیت برقرار رہے گی، کسی بھی حملے کی صورت میں صہیونی ریاست کی سلامتی بھی سنگین خطرے میں پڑ جائے گی،ایران اپنی خودمختاری، سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔ ایرانی آرمی چیف کے اس بیان کو خطے میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

  • صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود انتقال کرگئے

    صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود انتقال کرگئے

    آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری انتقال کرگئے۔

    خاندانی ذرائع نے صدر بیرسٹر سلطان محمود کے انتقال کی تصدیق کردی ہے بیرسٹر سلطان محمود کی نماز جنازہ ان کے آبائی ضلع میرپور میں ادا کی جائےگی۔

    واضح رہے کہ بیرسٹر سلطان محمود کچھ عرصہ سے علالت کے باعث سیاسی سرگرمیوں سے دور ہو گئے تھے، جس کے بعد اسپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے قائم مقام صدر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالی ہوئی تھیں۔

    بیرسٹر سلطان محمود کو 2021 کے عام انتخابات کے بعد صدر ریاست بنایا گیا تھا،بیرسٹر سلطان محمود نے حال ہی میں اپنے گروپ سمیت پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی اس سے قبل وہ پی ٹی آئی فارورڈ بلاک کا حصہ تھے۔

    ان کا تعلق ایک سیاسی گھرانے سے تھا، ان کے والد چوہدری نور حسین بھی کشمیر کی سیاست کا ایک نمایاں نام رہے، جنہوں نے آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس سے علیحدگی اختیار کر کے ’آزاد مسلم کانفرنس‘ کے نام سے اپنی جماعت بنائی اور اسی پلیٹ فارم سے سیاسی سرگرمیاں جاری رکھیں۔

    بیرسٹر سلطان محمود نے برطانیہ سے بار ایٹ لا کی ڈگری حاصل کی اور 1980 کی دہائی میں وطن واپسی کے بعد عملی سیاست میں قدم رکھا۔ واپسی پر انہوں نے اپنے والد کی قائم کردہ جماعت آزاد مسلم کانفرنس کی قیادت سنبھالی۔

    1985 میں وہ پہلی بار قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ اس کے بعد انہوں نے 8 مرتبہ انتخابات میں کامیابی حاصل کی، اور اس سیاسی سفر کے دوران ایک مرتبہ وزیراعظم اور ایک مرتبہ اپوزیشن لیڈر اور پھر صدر ریاست کے عہدے پر فائز ہوئے-

  • پاکستان نے تاریخ میں پہلی بار قرضہ وقت سے پہلے واپس کردیا

    پاکستان نے تاریخ میں پہلی بار قرضہ وقت سے پہلے واپس کردیا

    پاکستان نے تاریخ میں پہلی بار قرضہ وقت سے پہلے واپس کر دیا، مالی سال 2026 میں قرضوں کی قبل از وقت ادائیگی مالی سال 2025 کے مقابلے میں 44 فیصد زیادہ رہی۔

    پاکستان نے اپنی تاریخ میں پہلی بار بڑے پیمانے پر قرضے مقررہ میعاد سے قبل واپس کرکے ایک اہم معاشی سنگ میل حاصل کر لیا ہے،وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ 2024 کے آخر سے جنوری 2026 تک صرف 14 ماہ کے دوران پاکستان کی حکومت نے مجموعی طور پر 3 ہزار 654 ارب روپے کا اندرونی قرضہ وقت سے پہلے واپس کر دیا ہے جو اس سے قبل کبھی نہیں ہوا۔

    تازہ ترین ادائیگی کے تحت حکومت نے جنوری 2026 میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو 300 ارب روپے ادا کیے جبکہ مالی سال 26 کے ابتدائی سات ماہ (جولائی 2025 تا جنوری 2026) میں 2,150 ارب روپے سے زائد قرضہ قبل از وقت واپس کیا گیا،مالی سال 26 میں قرضوں کی قبل از وقت ادائیگی مالی سال 25 کے مقابلے میں 44 فیصد زیادہ ریکارڈ کی گئی۔ قبل از وقت ادائیگیوں میں 65 فیصد اسٹیٹ بینک، 30 فیصد ٹی بلز اور 5 فیصد پی آئی بیز شامل ہیں۔

    بارش اور برفباری کے نئے سلسلے کی پیشگوئی

    ان ادائیگیوں کے نتیجے میں اسٹیٹ بینک کا قرضہ 5,500 ارب سے کم ہو کر تقریباً 3,000 ارب روپے رہ گیا ہے۔ اسٹیٹ بینک کا وہ قرضہ جس کی میعاد 2029 میں پوری ہونی تھی، مدت سے قبل ادا کر دیا گیا۔ پاکستان کا قرضہ برائے جی ڈی پی تناسب 74 فیصد سے کم ہو کر تقریباً 70 فیصد تک آ گیا، بہتر قرض نظم و نسق کے باعث مالی سال 25 میں 850 ارب روپے کی بچت ہوئی۔

    وزیراعظم نے پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کا افتتاح کردیا