Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • آئی سی سی کا انکار:بنگلا دیش نےکھلاڑیوں کو بلا لیا

    آئی سی سی کا انکار:بنگلا دیش نےکھلاڑیوں کو بلا لیا

    آئی سی سی نے بنگلا دیش کے تحفظات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ میچز بھارت میں ہی ہوں گے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلا دیشی ٹیم کے بھارت نہ جانے کے معاملے پر بنگلادیش کے اسپورٹس ایڈوائزر ڈاکٹرآصف نذرل نے کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو ملاقات کے لئے بلا لیا ہےاس ملاقات میں مشیر کھیل ڈاکٹر آصف نذرل کھلاڑیوں کو موجودہ صورتحال کے بارے میں بتائیں گے، مشیر کھیل اور کھلاڑیوں کی ملاقات آج سہہ پہر ہوگی۔

    مشیر کھیل ورلڈکپ سے متعلق کھلاڑیوں کی رائے پوچھیں گے اور کھلاڑیوں کے ساتھ میٹنگ میں حکومت ورلڈکپ میں شرکت سے متعلق اپنی پوزیشن بھی واضح کرے گی،ڈاکٹر آصف نذرل بحران کے حل کیلئے ممکنہ اقدامات پر بھی بات کریں گے، ذرائع کے مطابق کچھ کھلاڑی ورلڈکپ تنازعے کو باہمی افہام و تفہیم سے حل کرنے کے حامی ہیں۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی نے کہا ہے کہ بنگلا دیش کے میچز بھارت میں ہی ہوں گے جبکہ بنگلا دیش سیکیورٹی تحفظات کی بنیاد پر بھارت نہیں جانا چاہتا۔

  • صدرِ مملکت نے ہائیکورٹس ایڈیشنل ججز کی توثیق اور مدتِ ملازمت میں توسیع کی منظوری دے دی

    صدرِ مملکت نے ہائیکورٹس ایڈیشنل ججز کی توثیق اور مدتِ ملازمت میں توسیع کی منظوری دے دی

    صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ہائیکورٹس ایڈیشنل ججز کی توثیق اور مدتِ ملازمت میں توسیع کی منظوری دے دی۔

    صدر آصف علی زرداری نے سندھ، لاہور اور پشاور ہائیکورٹس کے ایڈیشنل ججز کی توثیق اور مدتِ ملازمت میں توسیع کی منظوری دی، صدرِ کیجانب سے جوڈ یشل کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں منظوری دی گئی،صدر مملکت آصف علی زرداری نے تمام منظوریاں وزیراعظم شہبازشریف کے مشورے پر دیں۔

    صدر نے لاہور ہائی کورٹ کے 11 ایڈیشنل ججز کو مستقل کرنے کی منظوری دی جن میں جسٹس حسن نواز مخدوم، جسٹس ملک وقار حیدر اعوان، جسٹس سردار اکبر علی، جسٹس سید احسن رضا کاظمی، جسٹس ملک جاوید اقبال وینس، جسٹس محمد جواد ظفر، جسٹس خالد اسحاق، جسٹس ملک محمد اویس خالد، جسٹس چودھری سلطان محمود، جسٹس تنویر احمد شیخ اور جسٹس عبہر گل خان کی بطور مستقل جج منظوری دی گئی جبکہ لاہور ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج جسٹس طارق محمود باجوہ کی مدت میں 6 ماہ کی توسیع کی گئی۔

    سندھ ہائی کورٹ کے 10 ایڈیشنل ججز جسٹس میران محمد شاہ، جسٹس تسنیم سلطانہ، جسٹس ریاضت علی سحر، جسٹس محمد حسن، جسٹس عبدالحمید بھگی، جسٹس جان علی جونیجو، جسٹس نثار احمد بھنبھرو، جسٹس علی حیدر، جسٹس محمد عثمان علی ہادی اور جسٹس محمد جعفر رضا کو مستقل کرنے کی منظوری دی گئی۔

    سندھ ہائی کورٹ کے 2 ایڈیشنل ججز جسٹس خالد حسین شاہانی اور جسٹس سید فیض الحسن شاہ کی مدت میں چھ ماہ کی توسیع کی منظوری دی گئی۔

    صدر مملکت نے پشاور ہائی کورٹ کے 6 ایڈیشنل ججز جسٹس محمد طارق آفریدی، جسٹس عبدالفیاض، جسٹس صلاح الدین مستقل، جسٹس صادق علی، جسٹس سید مدثر امیر اور جسٹس قاضی جواد احسان اللہ کو مستقل کرنے کی منظوری دی۔

    پشاور ہائی کورٹ کے 4 ایڈیشنل ججز کی مدت ملازمت میں 6 ماہ کی توسیع کی گئی، ان ججز میں جسٹس انعام اللہ خان، جسٹس فرح جمشید، جسٹس ثابت اللہ خان اور جسٹس اورنگزیب شامل ہیں۔

  • مصطفیٰ کمال نے اٹھارویں ترمیم کے خاتمے کا مطالبہ کر دیا

    مصطفیٰ کمال نے اٹھارویں ترمیم کے خاتمے کا مطالبہ کر دیا

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما مصطفیٰ کمال نے سانحہ گل پلازہ کے بعد کراچی کو وفاق کا حصہ بنانے اور اٹھارویں ترمیم کے خاتمے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز بہادر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں میری نسل کشی ہو رہی ہے، یہ جمہوری دہشت گردی ہے، کراچی کو پاکستان کا معاشی دارالخلافہ بنایا جائے، اس کو وفاق کا حصہ بنایا جائے 18 سال حکومت کرنے کے بعد جب پیپلز پارٹی سے آگ کے حوالے سے سوال کیا جاتا ہے تو جواب آتا ہے کہ ایم کیو ایم نے بلدیہ فیکٹری میں آگ لگائی تھی،بھتہ خوری اور بوری بند لاشوں کے الزامات لگا دیے جاتے ہیں، آج کی ایم کیو ایم یہ کام نہیں کر رہی، یہ وہ ہوا تو آپ کے صدر اس وقت ایم کیو ایم کے مرکز پر گھٹنے ٹیکتے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ شہر کن لوگوں کے حوالے کر دیا ہے، ایک دن میں 100 سو لوگ مرتے تھے، یہ کھلی کھلی جمہوری دہشتگردی ہے، کتنے اور لوگ جل کر مریں، کتنے مزید بچےگٹر میں گرکرمریں، ہماری داد رسی کب ہوگی ؟ لوگوں کو کیا تسلی دیں، ریاست نے کراچی کو کس کے حوالے کر رکھا ہے، پورا شہر سوال کر رہا ہے کہ آخر کچھ کیوں نہیں کیا جا رہاہ کراچی کے عوام ریاست کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ وہ آگے بڑھ کر ان کی بات سنےکراچی کے عوام کی نسل کشی کی جا رہی ہے-

    انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کو چلانے کے لیے پیپلز پارٹی کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے، جس کے باعث نظام درہم برہم ہو چکا ہے اگر نظام کو بچانے کے لیے کراچی کو قربانیاں دینی پڑیں گی تو ریاست واضح طور پر بتا دے کہ مزید کتنی جانیں درکار ہیں ہمیں مار دیں، سولی پر لٹکا دیں، مگر ہماری نسل کشی بند کی جائے۔

    ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ کراچی کو بھٹو کے دیے گئے آئین کے مطابق ملک کا فنانشل کیپیٹل بنایا جائے اور اسے وفاق کے تحت لیا جائے، کیونکہ موجودہ نظام میں یہ لوگ ٹھیک ہونے والے نہیں،انہوں نے الزام لگایا کہ اٹھارویں ترمیم کے ذریعے کراچی کے عوام کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے اور یہ ترمیم ملک کے لیے ناسور بن چکی ہے۔

    مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کوئی مقدس شق نہیں، پاکستان کو بچانے کے لیے اسے واپس لینا ہوگا انہوں نے آرٹیکل 148 اور 149 کے تحت وفاقی مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایم کیو ایم صوبے میں اقلیت میں بھی رہے تو کیا شہریوں کو پانی، سڑکیں اور بنیادی سہولیات نہیں دی جائیں گی؟

    انہوں نے پیپلز پارٹی پر الزام عائد کیا کہ ایم کیو ایم کی جانب سے وزیراعظم سے فنڈز حاصل کرنے پر وزیراعلیٰ سندھ انہیں رکوا دیتے ہیں۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ یہ جمہوری دہشت گردی ہے جسے سندھ میں فوری طور پر ختم ہونا چاہیے امید ہے حکومتِ پاکستان اور ریاستِ پاکستان ان کی بات سنیں گے اور کرا چی کے عوام کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔

  • نوجوانوں کی تربیت کیلئے پاک فوج کے زیر اہتمام آئی ایس پی آر انٹرن شپ پروگرام

    نوجوانوں کی تربیت کیلئے پاک فوج کے زیر اہتمام آئی ایس پی آر انٹرن شپ پروگرام

    نوجوان نسل کی قومی تربیت کیلئے پاک فوج کے زیر اہتمام آئی ایس پی آر انٹرن شپ پروگرام ملک بھر میں جاری ہے۔

    آئی ایس پی آر ونٹر انٹرن شپ میں مشہور تجزیہ نگار اور اسکالر احمد حسن العربی کی طلبہ کیساتھ خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا احمد حسن العربی نے پاکستان میں موجود دہشتگرد عناصر اور ان کے گمراہ کن پروپیگنڈا سے متعلق نوجوانوں کو آگاہ کیا، معروف تجزیہ نگار اور اسکالر احمد حسن العربی نے طلبہ کے سوالات کے جامع اور مدلل جوابات دیے۔

    احمد حسن العربی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے ہمیں فتنہ الخوارج کی نظریاتی بنیاد کو سمجھنا اور ہدف بنانا ہوگا یہ گروہ قرآن کی اُن آیات کو، جو غیر مسلموں کیلئے مخصوص ہیں مسلمانوں پر لاگو کر کے گمراہ کن بیانیہ پھیلاتے ہیں فتنہ الخوارج کے پیچھے بھارت کا کردار واضح ہے، ان کا مقصد پاکستان میں بدامنی اور عدم استحکام پیدا کرنا ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم کو متحد ہو کر خوارجی عناصر کا مقابلہ کرنا ہوگا احمد حسن العربی نے بلوچستا ن میں موجود دہشتگرد تنظیموں کو بلوچ قوم کا سب سے بڑا دشمن قرار دیا اور کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی پھیلانے کیلئے فتنہ الخوارج کو بھارت کی پشت پناہی حاصل ہے۔

  • وزیراعلیٰ سندھ کی دو ماہ کے اندر کراچی سیف سٹی پراجیکٹ فعال کرنے کی ہدایت

    وزیراعلیٰ سندھ کی دو ماہ کے اندر کراچی سیف سٹی پراجیکٹ فعال کرنے کی ہدایت

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دو ماہ کے اندر کراچی سیف سٹی پراجیکٹ فعال کرنے کی ہدایت کی ہے-

    وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ سیف سٹیز اتھارٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں وزیر داخلہ ضیاءالحسن لنجار اور چیف سیکریٹری آصف حیدرشاہ سمیت دیگر حکام شریک ہوئےاجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کو کراچی سیف سٹی پراجیکٹ پر ڈی جی سیف سٹیز اتھارٹی سرفراز نواز نے بریفنگ دی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کراچی سیف سٹی پراجیکٹ شہر کے لیئے تمام اہم ہے کراچی کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ای چالان متعارف کرانے کے بعد اب کراچی سیف سٹی کا پہلا فیز لانچ کرنے والے ہیں، دو ماہ کے اندر کراچی سیف سٹی پراجیکٹ فعال کیا جائے گا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے سیف سٹی پراجیکٹ کو فعال بنانے کے لیے ضروری عملے کی فوری بھرتی کی ہدایت دے دی ہے علاوہ ازیں سیف سٹی پراجیکٹ کے لیے 34 ماہر تکنیکی و انتظامی افسران کی بھرتی کی منظوری بھی دے دی گئی ہے عملے کی بھرتی سلیکشن کمیٹی کرےگی جو سروس اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمینٹ نوٹیفائی کرچکی ہے وزیراعلیٰ سندھ نے سیف سٹی پراجیکٹ کے لیے 200 ملین روپے کا نظرثانی شدہ بجٹ کی منظور دے دی۔

  • آئین کا پورا ڈھانچہ اصلاح کی اجازت دیتا ہے،رانا ثنااللہ

    آئین کا پورا ڈھانچہ اصلاح کی اجازت دیتا ہے،رانا ثنااللہ

    سلام آباد:وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ اٹھارویں ترمیم اتفاقِ رائے سے منظور ہوئی تھی، تاہم اسی اتفاقِ رائے کے ذریعے اس میں بہتری کی گنجائش موجود ہے۔

    نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آئین کا پورا ڈھانچہ اصلاح کی اجازت دیتا ہے اور اس معاملے پر ان کے مؤقف پر سنجیدہ بات ہونی چاہیےگل پلازہ کراچی میں آتشزدگی کے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اس بات کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیے کہ پلازہ کی اضافی منزلوں کی منظوری کس نے دی اور یہ تعمیرات کب ہوئیں؟ واقعے میں ذمہ داران کا احتساب ناگزیر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان ماضی میں ہر ملاقات کو ریاست اور اداروں کے خلاف استعمال کرتے رہے ہیں، اسی لیے اسلام آباد ہائیکورٹ نے ملاقاتوں کا باقاعدہ طریقہ کار طے کر دیا ہے عدالتی فیصلے کے بعد اب اس معاملے میں ابہام نہیں رہنا چاہیے۔

    ضلعی حکومتوں کے حوالے سے رانا ثنااللہ نے کہا کہ مقامی سطح پر مسائل کے حل کے لیے ضلعی حکومتوں کو بااختیار بنانا آئینی تقاضا ہےجب تک اختیارا ت نچلی سطح تک منتقل نہیں ہوں گے، عوام کو درپیش بنیادی مسائل حل نہیں ہو سکیں گے، اسمبلی میں ہر رکن کو اظہارِ رائے کا حق حاصل ہے اور خوا جہ آصف نے بھی ذاتی رائے ہی دی تھی، جو کہ پارٹی پالیسی نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی رائے کو ذاتی ہی رہنا چاہیے ۔

  • گرین لینڈ پر ممکنہ معاہدے کا فریم ورک طے پا گیا، صدر ٹرمپ

    گرین لینڈ پر ممکنہ معاہدے کا فریم ورک طے پا گیا، صدر ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ گرین لینڈ کے حوالے سے ایک ممکنہ معاہدے کا ابتدائی فریم ورک نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے سے ملاقات کے بعد طے پا گیا ہے۔

    یہ اعلان انہوں نے ورلڈ اکنامک فورم، ڈیووس میں خطاب اور بعد ازاں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کیاکہا کہ اس سمجھوتے کے بعد وہ یورپی اتحادی ممالک پر وہ ٹیرف نافذ نہیں کریں گے جو یکم فروری سے عائد کیے جانے تھے یہ ٹیرف گرین لینڈ کے معاملے پر یورپی مزاحمت کے جواب میں تجویز کیے گئے تھے۔

    ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے گرین لینڈ اور درحقیقت پورے آرکٹک خطے کے حوالے سے مستقبل کے معاہدے کا ایک فریم ورک تشکیل دے دیا ہے۔‘ تاہم انہوں نے اس فریم ورک کی تفصیلات فراہم نہیں کیں،صدر ٹرمپ نے پہلی بار واضح طور پر کہا کہ وہ گرین لینڈ کے حصول کے لیے فوجی طاقت استعمال نہیں کریں گے۔

    انہوں نے کہا میں طاقت استعمال نہیں کرنا چاہتا، نہ ہی کروں گا، امریکہ صرف گرین لینڈ نامی ایک جگہ مانگ رہا ہے۔

    ڈنمارک کے وزیر خارجہ لارس لوکے راسموسن نے ٹرمپ کے فوجی طاقت نہ استعمال کرنے کے بیان کو مثبت اشارہ قرار دیا، تاہم کہا کہ امریکی صدر اب بھی گرین لینڈ کے حصول کے اپنے ارادے سے پیچھے نہیں ہٹے۔

    گرین لینڈ کی حکومت نے بھی بدھ کے روز ایک نئی بروشر جاری کی، جس میں کسی ممکنہ بحران کی صورت میں عوام کو ہدایات دی گئی ہیں۔ حکومت کے مطابق یہ ایک انشورنس پالیسی ہے-

    ٹرمپ کے بیانات کے بعد یورپی پارلیمنٹ نے امریکا کے ساتھ مجوزہ تجارتی معاہدے پر کام عارضی طور پر معطل کر دیا ہےٹرمپ کے خطاب اور بیانات کے بعد وال اسٹریٹ میں حصص کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا، جسے سرمایہ کاروں نے مثبت پیش رفت قرار دیا۔

  • اسلام آباد میں دھماکہ، متعدد افراد زخمی

    اسلام آباد میں دھماکہ، متعدد افراد زخمی

    اسلام آباد کے تھانہ شمس کالونی کی حدود میں ایک گھر میں گیس لیکج کے باعث زور دار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہو گئے۔

    کیپیٹل ایمرجنسی سروس کے مطابق دھماکا اس قدر شدید تھا کہ گھر کی دیواریں اور چھت گر گئیں، زخمیوں میں ایک مرد، دو خواتین اور دو بچے شامل ہیں، وا قعے کے بعد ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں، دو افراد کو معمولی زخم آئے ہیں، جبکہ تین زخمیوں کو اسپتال منتقل کر کے داخل کر لیا گیا ہے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    ڈیرہ اسماعیل خان ٹانک روڈ پر نامعلوم افراد نے پیٹرول اسٹیشن کو آگ لگا دی ڈی آئی خان پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے اسٹاف کو رسیوں کے ساتھ باندھ کر پیٹرول پمپ کو آگ لگا دی، جبکہ پیٹرول پمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد رقم بھی لوٹ کر لے گئے واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ ہو گئیں ، دوسری جانب پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

  • ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی

    ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی

    محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج دوپہر سے شام تک بارش ہونے کی توقع ہے،آج بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، اسلام آباد، پنجاب اور سندھ میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہونے کی توقع ہے۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق جمعرات کو کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی، ژوب، مستونگ، واشک، تربت، آواران، ڈیرہ بگٹی، موسیٰ خیل، لورالائی اور سوراب میں تیز بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہے گا اس دوران زیارت، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، پشین اور چمن میں 9 سے 12 انچ جبکہ کوئٹہ، مستونگ، نوشکی، قلات اور ژوب میں 2 سے 5 انچ برفباری کا امکان ہے۔

    دوسری جانب کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش و برفباری کا آغاز ہو گیا ہے، زیارت، پشین، قلعہ سیف اللہ، کوژک ٹاپ اور قلعہ عبداللہ میں برفباری ہوئی برفباری کے باعث کان مہترزئی میں ہنگامی اقدامات اٹھانا پڑے، بارش کے باعث کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں بجلی معطل ہو گئی، نوشکی میں برفباری کے بعد سردی میں اضافہ ہو گیا ہے،بالائی علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے کئی درجے نیچے گر گیا-

    رپورٹس کے مطابق توبہ اچکزئی میں ڈیڑھ فٹ، کوژک ٹاپ میں ایک فٹ اور چمن شہر میں 10 انچ تک برف پڑ چکی ہے۔ شدید برفباری کے باعث بالائی علاقوں میں سردی کی لہر مزید مضبوط ہو گئی ہے،کوژک ٹاپ اور خواجہ عمران میں درجہ حرارت منفی 3 ڈگری جبکہ توبہ اچکزئی میں منفی چار ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جس کے باعث سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔

  • ٹی 20 ورلڈ کپ : بنگلہ دیش کے انکار پر اسکاٹ لینڈ کی شمولیت کا امکان

    ٹی 20 ورلڈ کپ : بنگلہ دیش کے انکار پر اسکاٹ لینڈ کی شمولیت کا امکان

    بنگلہ دیش کے سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر بھارت میں کھیلنے سے انکار پر آئی سی سی بورڈ نے ٹیم رینکنگ کی بنیاد پراسکاٹ لینڈ کو ٹورنامنٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    یہ فیصلہ بدھ کے روز ہونے والے آئی سی سی بورڈ اجلاس میں کیا گیا، جہاں اکثریتی ڈائریکٹرز نے بنگلہ دیش کے انکار کی صورت میں متبادل ٹیم شامل کرنے کے حق میں ووٹ دیا اجلاس میں موجود 15 ڈائریکٹرز میں سے صرف پاکستان نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی حمایت کی۔

    یہ اجلاس پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے منگل کے روز آئی سی سی اور دیگر کرکٹ بورڈز کو لکھے گئے خط کے بعد بلایا گیا تھا، جس میں پی سی بی نے بی سی بی کے مؤقف کی حمایت کا اعلان کیا تھابورڈ اجلاس میں تمام فل ممبر ممالک کے ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔

    آئی سی سی چیئرمین جے شاہ کے علاوہ اجلاس میں بی سی بی کے صدر امین الاسلام، بی سی سی آئی سیکریٹری دیوا جیت سائیقیا، سری لنکا کرکٹ کے صدر شمی سلوا، پی سی بی چیئرمین محسن نقوی، کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین مائیک بیئرڈ، زمبابوے کرکٹ کے صدر تاوینگا موکُہلانی، ویسٹ انڈیز کرکٹ کے صدر کشور شیلو، کرکٹ آئرلینڈ کے چیئرمین برائن میک نیس، کرکٹ نیوزی لینڈ کے نمائندے راجر ٹووز، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رچرڈ تھامسن، کرکٹ جنوبی افریقہ کے نمائندے محمد موساجی اور افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین میرواعش اشرف شامل تھے۔

    اس کے علاوہ دو ایسوسی ایٹ ممبر ڈائریکٹرز مبشر عثمانی اور مہندا ولی پورم، آئی سی سی کے سی ای او سنجوگ گپتا، آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ اور آئی سی سی کے جنرل منیجر گوروو سکسینہ بھی اجلاس میں شریک تھے جبکہ آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ اینڈریو ایفرگریو بھی اجلاس کا حصہ تھے، جو گزشتہ ہفتے ڈھاکہ میں بی سی بی کے ساتھ بالمشافہ ملاقاتیں کر کے سکیورٹی خدشات دور کرنے کی کوشش کر چکے ہیں۔