Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • بابر اعظم بگ بیش لیگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے کھلاڑی

    بابر اعظم بگ بیش لیگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے کھلاڑی

    بگ بیش ٹی 20 لیگ کا آج سے آغاز ہو رہا ہے جس میں 5 پاکستانی کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

    بابر اعظم بگ بیش لیگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے کھلاڑی ہیں،جبکہ حارث رؤف، شاداب خان، شاہین آفریدی، حسن علی اور محمد رضوان حصہ لے رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ افغانستان میں خواتین کی کرکٹ کو منصفانہ اجازت نہ دینے پر آسٹریلیا کے واضح موقف پر کسی افغان کھلاڑی نے کرکٹ میں حصہ نہیں لیا اور نہ ہی اسے منتخب کیا ہے۔

    قومی ٹیم کے سپن بولنگ آل راؤنڈر شاداب خان نے کہا ہے کہ خوشی ہو رہی ہے کہ پاکستان کے کرکٹرز کی وجہ سے آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ کو شہرت مل رہی ہے شاداب خان نے سڈنی سے ورچوئل میڈیا ٹاک کے دوران کہا ہے کہ بگ بیش لیگ کے لیے اچھی تیاری ہے، گزشتہ سال کے رنرز اپ ہیں، کوشش ہوگی گزشتہ برس جو کمی رہ گئی تھی اس کو پورا کریں۔

    انہوں نے کہا ہے کہ خوشی ہو رہی ہے کہ پاکستان کے بڑے نام اس مرتبہ بی بی ایل کھیل رہے ہیں، پاکستان کے بڑے ناموں کی وجہ سے لیگ کو بھی شہرت مل رہی ہے، پہلے بھی پاکستان کے کرکٹرز آسٹریلیا آکر کھیلتے رہے ہیں لیکن ایک ساتھ اتنی تعداد پہلے نہیں تھی ملک میں تو ہم ایک دوسرے کے خلاف کھیلتے رہے ہیں، بیرون ملک پہلی مرتبہ کھیل رہے ہیں، ہم سب ایک دوسرے کے خلاف کھیلنے کے منتظر ہیں، دوستوں کے خلاف کھیلنے کا الگ احساس ہے۔

    شاداب خان نے کہا ہے کہ بی بی ایل میرے لیے بڑی اہم ہے، 5 ماہ کے بعد میں ایکشن میں ہوں گا، بی بی ایل میرے لیے اچھا موقع ہے، مجھے اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا ہے، انجری ہونا کھیل کا حصہ ہے، ایسا نہیں ہے کہ مجھے ہی انجری ہوتی ہے۔ آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ فینز بھی پُرجوش ہیں، وہ بی بی ایل شروع ہونے کے منتظر ہیں، 2022 میں ہم نے یہاں ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلا، بہت سپورٹ ملی تھی، بی بی ایل میں بھی پاکستان کے بڑے نام ایکشن میں ہوں گے۔

    شاداب خان کا ماننا ہے کہ پیٹ کمنز ایک بڑا نام ہیں، ان سے سیکھنے کا موقع ملے گا، ڈیوڈ وارنر بھی ٹیم میں ہیں، بڑے ناموں کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنے کا فائدہ ہوتا ہے، بابر اعظم کی وکٹ لینے سے ہی مجھے سپر فٹ مان نہیں لینا چاہیے، ہم ایک دوسرے کو قریب سے جانتے ہیں، دیکھتے ہیں کہ میچ والے دن کیا ہوتا ہے، کوشش یہی ہو گی کہ فرنچائز کی توقعات پر پورا اتروں۔

  • بلوچستان کے طالب علموں کےلئے اسکالر شپس کا اعلان

    بلوچستان کے طالب علموں کےلئے اسکالر شپس کا اعلان

    ہایئر ایجوکیشن کمیشن نے بلوچستان کے ہونہار طلبا کیلئے اسکالر شپس کا اعلان کیا ہے۔

    ہونہار طلبا کو جامعات میں ایل ایل ایم اور بیرون ملک ایل ایل ایم اور پی ایچ ڈی کی اسکالر شپس دی جائیں گی ، امیدوار کے پاس بلوچستان کا ڈومیسائل اور لوکل سرٹیفکیٹ کا ہونا ضروری ہے،ایل ایل ایم کے لئے عمر کی بالائی حد 30 سال جبکہ پی ایچ ڈی کے لئے 35 سال مقرر کی گئی ہے،امیدواروں کیلئے اہلیت ٹیسٹ میں 50 فیصد نمبر ضروری ہیں، درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 13 جنوری 2026 مقرر کی گئی ہے۔

    علاوہ ازیں ایچ ای سی نے ایل ایل بی ڈگری پروگرام میں داخلے کےلئے لا ایڈمیشن ٹیسٹ شیڈول بھی جاری کر دیا ہے جس کے مطابق درخواستیں 29 دسمبر تک جمع کرائی جا سکیں گی جبکہ ٹیسٹ 25 جنوری 2026 کو ہو گا۔

  • نوازشریف نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی، اور تعمیر وترقی کو ترجیح دی،احسن اقبال

    نوازشریف نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی، اور تعمیر وترقی کو ترجیح دی،احسن اقبال

    وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ۔نوازشریف نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی، اور تعمیر وترقی کو ترجیح دی، بار بار اقتدار سے نکالنے جانے کے باوجود ملک کو ترقی کی سمت پر ڈھالا-

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہاکہ نوازشریف کے دور میں ملکی معیشت تیزی سے ترقی کررہی تھی، جبکہ دہشتگردی اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوگیا تھا۔نوازشریف نے ملک میں موٹرویز کا جال بچھایا، ان کو 10 سال کا موقع مل جاتا تو مہاتیر محمد سے بڑے لیڈر ثابت ہوتےنوازشریف نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی، اور تعمیر وترقی کو ترجیح دی، بار بار اقتدار سے نکالنے جانے کے باوجود ملک کو ترقی کی سمت پر ڈھالا،نوازشریف کے دور میں پاکستان ترقی کررہا تھا اور پھر ایک نااہل شخص کو مسلط کیا گیا، جس کے بعد ترقی کا پہیہ رک گیا،اور سازشوں کی وجہ پالیسیوں کا تسلسل قائم نہ رہ سکا۔

    انہوں نے کہاکہ میثاق جمہوریت میں طے ہوا تھا کہ ملک میں آئینی عدالتیں بننی چاہییں، اب ہم نے یہ قدم اٹھایا تو کہا جاتا ہے کہ عدلیہ کے خلاف سازش ہوگئی، لندن میں جھوٹ بولنے پر مقدمہ ہو جاتا ہے، لیکن پاکستان میں تو میڈیا پر لوگوں کی پگڑیاں اچھالی جاتی ہیں،ماضی میں میرے خلاف ایک وزیر نے جھو ٹ بولا کہ سی پیک میں کرپشن کی گئی ہے، لیکن پھر کسی نے اس الزام کی تحقیق نہیں کی۔

  • ’’ دھی رانی پروگرام ‘‘ کے تحت96 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کا اہتمام

    ’’ دھی رانی پروگرام ‘‘ کے تحت96 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کا اہتمام

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر ڈی پی ایس میں سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب کے زیر اہتمام’’ دھی رانی پروگرام‘‘ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا-

    تقریب میں صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ نے خصوصی شرکت کی، ممبر قومی اسمبلی میاں سعد وسیم شیخ،احسن رضا،صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات خاں، ممبرز صوبائی اسمبلی محمدنعیم صفدر انصاری، حاجن صفیہ سعید، سیکرٹری سوشل ویلفیئر، ڈپٹی کمشنر محمدآصف رضا، سیکرٹری سوشل ویلفیئر،ڈی جی سوشل ویلفیئر طارق قریشی،سیاسی و سماجی رہنماؤں سمیت دولہا دلہن کے عزیز اقارب کی تقریب میں شرکت پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کیا گیا۔

    تقریب میں صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ کی سربراہی میں 96 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کا اہتمام کیا گیا جن میں ضلع قصورسے تعلق رکھنے والے 85 مسلم اور 11کرسچن نوبیاہتے جوڑے شامل تھے اس موقع پر صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ و دیگر صوبائی وزراء نے نوبیاہتے جوڑوں کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی طرف سے مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی طرف سے’’ دھی رانی سلامی کارڈ‘‘ کے ذریعے تمام نوبیاہتہ جوڑوں کو 2 لاکھ روپے سلامی پیش کی۔

    صوبائی وزیر برائے سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب دھی رانی پروگرام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ایک تاریخی اقدام ہے، اس انقلابی پروگرام کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا انہوں نے ایک ماں بن کے دکھایا ہے اور دھی رانی پرو گرام کے زریعے انہوں نے غریب والدین کی اس شرعی فریضے کی ادائیگی میں والدین کی بہت پر خلوص کوشش کی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے جوڑ وں کو 2 لاکھ روپے کا سلامی کارڈ دیا جا رہا ہے۔

    سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے آپ سب کو سلام اور مبارک باد دی ہے، اللہ تعالیٰ نے احساس کا رشتہ وزیراعلیٰ مریم نواز کو دیا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی طرف سے اجتماعی شادی کے تمام جوڑوں کو تحائف دئیے جا رہے ہیں وزیراعلیٰ مریم نواز پنجاب کی بیٹیوں کے لیے شفیق ماں کا کردار ادا کر رہی ہیں، وزیراعلیٰ کا ویژن سچے من سے عوام کی خدمت کرنا ہے، پنجاب دھی رانی پروگرام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے عوامی خدمت کے جذبہ کا عکاس ہے، خون کے رشتوں سے احساس کے رشتے بڑے ہوتے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ہر کام اللہ تعالیٰ کی رضا اور میرٹ پر کر رہی ہیں۔

  • پنجاب اسمبلی میں ڈرائیونگ لائسنس کی عمر 16 سال کرنے کی قرارداد جمع

    پنجاب اسمبلی میں ڈرائیونگ لائسنس کی عمر 16 سال کرنے کی قرارداد جمع

    لاہور : پنجاب اسمبلی میں ڈرائیونگ لائسنس کے لئے عمر کی حد کم کرنے کی ایک اہم قرارداد جمع کرائی گئی ہے۔

    یہ قرارداد اپوزیشن کے رکن شیخ امتیازمحمود نے پیش کی، جس میں تجویز دی گئی ہے کہ موجودہ 18 سال کی حد کے بجائے نوجوان 16 سال کی عمرمیں ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرسکیں،قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں نوجوانوں کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے سلسلے میں خود مختار بنانے کیلئے ڈرائیونگ کی عمرکم کرنا ضروری ہے۔

    متوقع طور پر یہ اقدام نوجوانوں کی نقل و حمل میں آسانی پیدا کرے گا اورانہیں زندگی کے اہم مواقع سے زیادہ فعال طور پر مستفید ہونے کا موقع دے گا،قرارداد میں عالمی تجربات کی مثال بھی دی گئی ہے، کینیڈا کے بیشتر صوبوں میں نوجوان 16 سال کی عمر میں ڈرائیونگ کر سکتے ہیں جبکہ جرمنی میں یہ حد 17 سال ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دنیا کے دیگر ممالک میں نوجوانوں کو جلدی سے ڈرائیونگ کی اجازت دی جاتی ہے۔

  • جاپان میں  انسانی واشنگ مشین متعارف

    جاپان میں انسانی واشنگ مشین متعارف

    ٹوکیو: جاپان کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی سائنس کارپوریشن نے انسانی واشنگ مشین متعارف کرا دی۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سردیوں کے موسم میں نہانے سے جھجھک اور سستی محسوس کرنے والوں کے لیے یہ مشین کسی نعمت سے کم نہیں، اس جدید مشین میں انسان کو ایک گرم اور آرام دہ ماحول میں بند کر دیا جاتا ہے جہاں مشینی نظام خودکار طریقے سے جسم پر پانی ڈالتا، صابن لگاتا اور میل کچیل صاف کرتا ہے اس دوران انسان کو انگلی تک ہلانے کی ضرورت نہیں پڑتی۔

    کمپنی کے مطابق یہ انسانی واشنگ مشین نہ صرف جسم کو صاف کرتی ہے بلکہ نہانے کے دوران انسان کے من پسند گانے بھی سناتی ہے جس سے یہ عمل مزید خوشگوار ہو جاتا ہےیہ مشین صرف 15 منٹ میں انسان کو صاف ستھرا اور تروتازہ کر کے باہر نکال دیتی ہے جاپان کے متعدد ہوٹلوں اور حماموں میں یہ انوکھی انسانی واشنگ مشین نصب کی جا چکی ہے جہاں صارفین اسے بے حد پسند کر رہے ہیں۔

    سائنس کارپوریشن نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ مشین انسان کو نہ صرف جسمانی بلکہ روحانی طور پر بھی پاکیزگی کا احساس دلاتی ہے، اور مستقبل میں اسے مزید بہتر فیچرز کے ساتھ عام صارفین کے لیے متعارف کرانے کا ارادہ ہے۔

  • پی ٹی اے نے صارفین کو سائبر فراڈ سے خبردار کر دیا

    پی ٹی اے نے صارفین کو سائبر فراڈ سے خبردار کر دیا

    اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین، خصوصاً حکومتی اور نجی اداروں کے ملازمین کو بڑھتے ہوئے سائبر فراڈ کے خطرات سے خبردار کر دیا ہے۔

    سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ای میل ہر ادارے کیلئے ایک انتہائی اہم ذرائع ابلا غ ہے،سائبر مجرم مسلسل فشنگ ای میلز کے ذریعے صارفین کو نشانہ بنا رہے ہیں، جن کا مقصد لاگ اِن تفصیلات چرانا، سسٹمز کو رینسم ویئر سے متاثر کرنا یا غیر مجاز رسائی حاصل کرنا ہوتا ہے فراڈ کرنے والے افراد اکثر دھمکی، لالچ یا جعلی وارننگز کا سہارا لیتے ہیں تاکہ صارف گھبرا کر فوری طور پر لنک پر کلک کر دے یا حساس معلومات فراہم کر دے۔

    اتھارٹی نے سائبر فراڈ سے محفوظ رہنے کے لیے صارفین کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جن میں ای میل بھیجنے والے کی شناخت اور ای میل ایڈریس کی تصدیق، اٹیچمنٹ کی فائل ایکسٹینشن چیک کرنا، اٹیچمنٹ کھولنے سے پہلے اسکین کرنا اور ای میل استعمال کرنے کے بعد لاگ آؤٹ کرنا شامل ہے۔

    https://x.com/PTAofficialpk/status/1999789211306607077?s=20

    پی ٹی اے نے کہا ہے کہ سرکاری ای میل کو ذاتی یا غیر سرکاری مقاصد کے لیے استعمال نہ کیا جائے، کسی بھی لنک پر کلک کرنے سے پہلے اصل یو آر ایل کی تصدیق ضرور کی جائے، جبکہ ای میل پاس ورڈ یا او ٹی پی کسی کے ساتھ شیئر نہ کیا جائے اور نہ ہی ای میل کے ذریعے ارسال کیا جائے۔

    اتھارٹی نے صارفین کو نامعلوم یا شارٹ لنکس پر کلک کرنے سے بھی سختی سے منع کرتے ہوئے کہا ہے کہ محتاط رویہ ہی سائبر حملوں سے بچاؤ کا مؤثر ذریعہ ہے۔

  • اسلام آباد میں 30 مختلف مقامات پرمفت وائی فائی فراہم کرنے کا منصوبہ

    اسلام آباد میں 30 مختلف مقامات پرمفت وائی فائی فراہم کرنے کا منصوبہ

    اسلام آباد میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (CDA) نے 30 مختلف مقامات پرمفت وائی فائی فراہم کرنے کا منصوبہ شروع کر دیا ہے۔

    یہ منصوبہ نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (NTC) کے تعاون سے عملی شکل اختیارکررہا ہے اورشہر کے مختلف اسٹیشنز، پارکس اور سیکٹرزمیں انٹرنیٹ کی مفت سہولت فراہم کرے گامنصوبے کے تحت میٹرو کے 84 اسٹیشنزکو شامل کیا گیا ہے جبکہ پارکس اوراہم مقامات جیسے پاک سیکریٹریٹ سے یو پی روڈ تک 14 اسٹیشنز اور فیض احمد فیض سے جی ٹی روڈ تک 70 اسٹیشنز میں وائی فائی سروس فراہم کی جائیگی، سی اے اے اسپتال، جاپان پارک، لیک ویو پارک، دامن کوہ اور فاطمہ جناح پارک میں بھی مفت وائی فائی دستیاب ہوگا،شہری ہفتہ وار بازاروں جیسا کہ جی سکس اور ایچ نائن کے بازاروں میں بھی اس سہولت سے مستفید ہو سکیں گے، اور اسلام آباد کے پوش سیکٹرز ایف سکس اور ایف سیون میں بھی وائی فائی فراہم کیا جائے گا۔

    سی ڈی اے کے حکام کے مطابق یہ سہولت رواں ماہ کے اختتام تک مکمل ہو جائے گی، جس سے شہر کے شہریوں اور وزیٹرز کو جدید اور تیز رفتار انٹرنیٹ تک رسائی حاصل ہو گی منصوبے کا مقصد نہ صرف شہریوں کیلئے انٹرنیٹ کی سہولت کو فروغ دینا ہے بلکہ شہرکے اہم عوامی مقامات پر ڈیجیٹل رابطے کو بھی مضبوط بنانا ہے تاکہ شہری اور سیاح دونوں جدید ٹیکنالوجی سے بھرپورفائدہ اٹھا سکیں۔

  • بارکھان اور گرد و نواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے

    بارکھان اور گرد و نواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے

    بارکھان اور اس کے گرد و نواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے-

    بارکھان اور اس کے گرد و نواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا،لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے،زلزلہ پیما مرکزکے مطابق زلزلے کی شدت4.2 اور گہرائی 25 کلومیٹر تھی، زلزلے کا مرکز بارکھان سے 27 کلومیٹرشمال مشرق میں واقع تھا۔

    مقامی انتظامیہ کے مطابق زلزلے کے فوری بعد مختلف علاقوں میں ریسکیو اور نگرانی کے عملے کو الرٹ کر دیا گیا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا بروقت مقابلہ کیا جا سکے تاحال زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی، تاہم شہریوں میں خوف کی کیفیت برقرار ہے اور لوگ حفاظتی اقدامات اختیار کر رہے ہیں۔

    مقامی حکومت نے عمارتوں میں کسی بھی ممکنہ نقصان کا جائزہ لینے کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں،ماہرین زلزلہ سے متعلق شہریوں کو ہدایت کر رہے ہیں کہ وہ محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں۔

  • پاکستان بار کونسل کے انتخابات، عاصمہ جہانگیر گروپ کو برتری حاصل

    پاکستان بار کونسل کے انتخابات، عاصمہ جہانگیر گروپ کو برتری حاصل

    پاکستان بار کونسل کے انتخابات میں عاصمہ جہانگیر گروپ نے برتری حاصل کرلی –

    پاکستان بار کونسل کی پنجاب کی 11 میں سے 8 نشستیں عاصمہ جہانگیر گروپ نے جیت لی ہیں،وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر گروپ نے پنجاب کی 11 میں سے 8 نشستوں پر کامیابی سمیٹ لی جبکہ دو نشستوں پر حامد خان گروپ کے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں اور ایک نشست پر رزلٹ آنا باقی ہے۔

    حامد گروپ کے سلمان اکرم راجا اور شفقت چوہان ممبر پاکستان بار کونسل منتخب ہوگئے ہیں،عاصمہ جہانگیر گروپ کے اعظم نذیر تارڑ، احسن بھون، پیر مسعود چشتی، عامر سعید راں، طاہر ناصراللہ وارئچ، حفیظ الرحمان چوہدری، ثاقب اکرم گوندل اور سید قلب حسن پاکستان بار کونسل کے رکن منتخب ہوگئے ہیں،پاکستان بار کونسل کے امیدواروں کی کامیابی کا حتمی نتیجہ 22 دسمبر کو جاری کیا جائے گا۔

    ادھر خیبرپختونخوا میں بھی پاکستان بار کونسل کے 4 ممبران کا انتخاب ہوا جہاں جمعیت علمائے اسلام کے نوید اختر ایڈووکیٹ، ملگری وکیلان کے رحمان اللہ شاہ ایڈوکیٹ، انصاف لائرز فوم کے ستار خان ایڈووکیٹ اور جماعت اسلامی کے وکلا ونگ آئی ایل ایم کے قاضی ارشد پاکستان بار کونسل کے رکن منتخب ہوگئے ہیں۔