Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نیا ریکارڈ ، انڈیکس نے دو حدیں عبور کر لیں

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نیا ریکارڈ ، انڈیکس نے دو حدیں عبور کر لیں

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نیا ریکارڈ بن گیا ، کاروبار میں تیزی کے باعث انڈیکس نے دو حدیں عبور کر لیں۔

    مالی سال 2026 کے دوسرے ہفتے کے آغاز پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، کاروبار کے آغاز پر 100 انڈیکس میں 1066 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد انڈیکس ملکی تاریخ کی بلند ترین ایک لاکھ 33 ہزار 15 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔

    گزشتہ ہفتہ کے اختتام پر کے ایس ای-100 انڈیکس 1 لاکھ 31 ہزار 949 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، جو ہفتہ وار بنیاد پر 6.1 فیصد کا اضافہ ظاہر کرتا ہے،ماہرین کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں کے اعتماد، معاشی اشاریوں میں بہتری اور حکومتی مالی اصلاحات کے باعث اسٹاک مارکیٹ نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔

  • ایران : اسرائیل کے بارودی مواد کو ناکارہ بنانے کی کوشش کے دوران 2 پاسداران شہید

    ایران : اسرائیل کے بارودی مواد کو ناکارہ بنانے کی کوشش کے دوران 2 پاسداران شہید

    مغربی ایران میں اسرائیلی دھماکا خیز مواد کو ناکارہ بنانے کی کوشش کے دوران پاسداران انقلاب کے 2 اہلکار شہید ہوگئے۔

    ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ اتوار کو ایران کے مغربی علاقے خرم‌آباد میں دو ایرانی پاسدارانِ انقلاب اُس وقت شہید ہو گئے جب وہ اسرائیلی حملوں کے بعد علاقے میں بچ جانے والے دھماکا خیز مواد کو ناکارہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔

    تسنیم نیوز ایجنسی نے پاسدارانِ انقلاب کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ’اتوار کو خرم‌آباد میں صہیونی حکومت کی جارحیت کے نتیجے میں باقی رہنے والے دھماکا خیز مواد کو ناکارہ بناتے ہوئے پاسدارانِ انقلاب کے 2 اہلکار شہید ہو گئے‘۔

    ایران اور اسرائیل کے درمیان 13 جون کو شروع ہونے والی 12 روزہ جنگ میں اسرائیلی فضائی حملوں نے شدت اختیار کی، جس کے بارے میں اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ ان کا مقصد ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکنا تھا، جس کی ایران مسلسل تردید کرتا آیا ہےاس جنگ کے دوران اسرائیلی حملوں میں ایران کے اعلیٰ فوجی کمانڈر، پاسدارانِ انقلاب کے اہلکار اور بعض ممتاز جوہری سائنسدان بھی شہید ہوئے۔

    ایرانی عدلیہ کے مطابق، ان حملوں میں پورے ملک میں 900 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے، جب کہ ایران کے جوابی میزائل حملوں میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسرائیل میں کم از کم 28 افراد ہلاک ہوئے، ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی 24 جون کو نافذ ہوئی۔

  • برطانیہ انسداد دہشت گردی کے قوانین کا غلط استعمال کر رہا ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل

    برطانیہ انسداد دہشت گردی کے قوانین کا غلط استعمال کر رہا ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل

    انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سربراہ ایگنس کالمارڈ نے کہا ہے کہ برطانیہ ’ فلسطین ایکشن’ گروپ پر پابندی کے بعد انسداد دہشت گردی کے قوانین کا غلط استعمال کر رہا ہے۔

    الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سربراہ ایگنس کالمارڈ کا کہنا ہے کہ برطانوی حکومت نے ’ فلسطین ایکشن’ پر پابندی کے بعد مقامی انسداد دہشت گردی کے قوانین کا غلط استعمال کیا ہے انہوں نے ایمنسٹی یو کے کی قومی کانفرنس ایمپلی فائی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ’ برطانوی حکومت دہشت گردی کے قوانین کا استعمال مظاہروں کو محدود کرنے کے لیے زیادہ کر رہی ہے بجائے اس کے کہ ان اقدامات کی اصل وجہ یعنی غزہ سے براہِ راست نشر ہونے والی نسل کشی کا حل کرے۔’

    ترکش ریڈیو اینڈ ٹیلی ویژن کارپوریشن ( ٹی آر ٹی ) کی رپورٹ کے مطابق تین جولائی کو برطانوی قانون سازوں نے فلسطین کے حامی کارکن گروپ ’ فلسطین ایکشن ’ کو دہشت گرد تنظیم قرار دے کر اس پر پابندی لگانے کے حق میں ووٹ دیا تھا۔

    https://x.com/AmnestyUK/status/1941766366689714386

    ’ انسداد دہشت گردی ایکٹ 2000’ میں ترمیم کرنے اور تین تنظیموں بشمول فلسطین ایکشن کو کالعدم قرار دینے کا مسودہ حکم نامہ، جو اس ہفتے کے شروع میں وزیر داخلہ ایوٹ کوپر نے باضابطہ طور پر پیش کیا تھا، بدھ کو ہاؤس آف کامنز میں 26 کے مقابلے 385 ووٹوں سے منظور کر لیا گیا تھا۔

    الجزیرہ کے مطابق لندن میں درجنوں فلسطین کے حامی مظاہرین کو کالعدم قرار دیے گئے گروپ فلسطین ایکشن کی حمایت ظاہر کرنے پر ’دہشت گردی‘ کے شبے میں گرفتار کر لیا گیا، جن میں ایک 83 سالہ پادری بھی شامل ہیں۔

  • ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری

    ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری

    نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 10 جولائی تک ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کردیا۔

    این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی کا خطرہ ہے، دریائے چناب کے مرالہ اور قادرآباد مقامات پر کم درجے کا سیلاب آنے کا امکان ہے دریائے کابل، سندھ، چناب، سوات، پنجکوڑہ، چترال، ہنزہ، اور دیگر ندی نالوں کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے، شدید بارشوں کے پیش نظر شمال مشرقی پنجاب، جنوبی بلوچستان اور آزاد کشمیر میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

    اسی طرح شمال مشرقی پنجاب کے پیر پنجال سلسلے سے نکلنے والے نالوں میں طغیانی اور سیلاب کاخطرہ ہے ، آزاد کشمیر میں دریائے جہلم اور اس کے معاون نالوں میں اچانک طغیانی کا بھی خدشہ ہے اور گلگت بلتستان میں دریائے ہنزہ اور نالوں میں پانی کی سطح میں اچانک اضافہ ممکن ہے۔

    این ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ جنوبی بلوچستان کے کیرتھر رینج سے نکلنے والے ندی نالوں، خاص طور پر آواران، خضدار، جھل مگسی، قلعہ سیف اللہ اور موسیٰ خیل میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، تیز بہاؤ کی صورت میں ندی نالوں، پلوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے گزرنے سے گریزکریں، ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر نشیبی علاقوں کے مکین قیمتی اشیاء اور مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا قبل از وقت بندوبست رکھیں، حساس علاقوں کے مکین ہنگامی صورتحال کے لیے 3 سے 5 دن کی خوراک، پانی اور ادویات پر مشتمل ایمرجنسی کٹ تیار رکھیں۔

    دوسری جانب این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ مقامی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے فوری نکاسی آب کے لیے ضروری مشینری اور پمپس تیار رکھیں، سیلابی علاقوں کے مکین ٹی وی اور موبائل الرٹس کے ذریعے سرکاری وارننگز سے آگاہ رہیں۔

    علاوہ ازیں کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے، عوام سے گزارش کی ہے کہ موسم اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے آگاہی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے راہنمائی لیں۔

  • سمپسنز کارٹون کی مشہور پاکستانی کرکٹر کار حادثے میں جاں بحق ہونے کی  پیشگوئی

    سمپسنز کارٹون کی مشہور پاکستانی کرکٹر کار حادثے میں جاں بحق ہونے کی پیشگوئی

    سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ سمپسنز کارٹون نے ایک مشہور پاکستانی کرکٹر کے کار حادثے میں جاں بحق ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔

    سمپسنز کارٹون کی جو پوسٹ وائرل ہورہی ہے اس میں کسی کھلاڑی کا نام تو نہیں لکھا گیا لیکن کارٹون کی مشابہت کی بنا پر مداح کمنٹس سیکشن میں پاکستانی مشہور کرکٹر محمد رضوان، شاداب خان اور بابر اعظم کا نام لے رہے ہیں۔

    وائرل ہونے والی پوسٹ میں ایک جعلی سمپسنز اسکرین شاٹ کے ساتھ لکھا گیا ہے کہ یہ تکلیف دہ ہے پاکستان کے عظیم کرکٹرز میں سے ایک، اچانک کار حادثے میں چل بسا،پوری دنیا کے مداح صدمے میں ہیں، لیکن یہ کیسے ہوا؟ کیا یہ واقعی ایک حادثہ تھا؟ یا کچھ اور؟ سمپسنز نے پیشگوئی کر دی تھی، لیکن کسی نے یقین نہیں کیا۔

    دنیا بھر میں مشہور اینی میٹڈ سیریز سمپسنز کی ’’پیشگوئیوں‘‘ نے کئی بار سب کو چونکایا کبھی ڈونلڈ ٹرمپ کی امریکی صدارت، کبھی کورونا وائرس جیسی وبا کا اشارہ، اور کبھی ڈزنی کے فاکس خریدنے کا معاملہ، سمپسنز کے کچھ مناظر واقعی وقت سے پہلے حیران کن حد تک پیشگوئی جیسے ثابت ہوئے۔ یہی وجہ ہے کہ جب انٹرنیٹ پر سمپسنز کے کسی منظر کے اسکرین شاٹس یا دعوے سامنے آتے ہیں، لوگ چونک کر یقین کر لیتے ہیں۔

    مگر اس بار سوشل میڈیا پر گردش کرتی یہ پوسٹ کہ سمپسنز نے ایک مشہور پاکستانی کرکٹر کی ’’کار حادثے میں اچانک موت‘‘ کی پیشگوئی کی تھی، سراسر جھوٹ اور گمراہ کن پروپیگنڈا ہے۔

    حقیقت میں سمپسنز کی 35 سیزنز اور 750 سے زائد اقساط میں کہیں بھی کسی پاکستانی کرکٹر کے کار حادثے میں جاں بحق ہونے کا کوئی منظر یا حوالہ موجود نہیں، نہ ہی اس سے متعلق کوئی آفیشل کلپ، اسکرپٹ یا ریکارڈ سامنے آیا ہے، اور نہ ہی سمپسنز کے مصنفین یا پروڈیوسرز نے ایسا کوئی دعویٰ کیا ہے۔

    جعلی اسکرین شاٹ AI امیج ٹولز یا فوٹو ایڈیٹنگ کے ذریعے بنایا گیاہے،سمپسنز کا حوالہ اس لیے دیا گیا تاکہ لوگ اسے فوراً سچ سمجھ لیں کیونکہ ماضی میں سیریز کی کچھ ’’اتفاقی مماثلتیں‘‘ سچ ثابت ہوچکی ہیں کسی معتبر عالمی میڈیا، اسپورٹس ویب سائٹ یا سمپسنز کے آفیشل پلیٹ فارمز پر اس ’’پیشگوئی‘‘ یا کرکٹر کی موت کی کوئی خبر موجود نہیں۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے، لائکس اور کلکس بڑھانے کے لیے اکثر جعلی خبریں، خاص کر سمپسنز کی ’’پیشگوئیوں‘‘ کے نام پر پھیلائی جاتی ہیں ایسے دعوے نہ صرف کرکٹ شائقین کی جذباتی وابستگی کو ٹھیس پہنچاتے ہیں بلکہ بے وجہ خوف اور غلط معلومات بھی پھیلاتے ہیں۔

    میڈیا اینالسٹ ڈاکٹر عمران رضا کا کہنا ہے کہ یہ ایک کلاسیکل مثال ہے کہ کیسے سوشل میڈیا پر جذباتی واقعات کو پھیلانے کے لیے جعلی مواد استعمال کیا جاتا ہے، سمپسنز کی شہرت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لوگ اکثر ایسی جعلی پیشگوئیاں بناتے ہیں۔

  • سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کا نیا ضابطہ جاری

    سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کا نیا ضابطہ جاری

    سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی نے 2025 کے لیے نئے ضوابط جاری کر دیے ہیں جو اب باقاعدہ طور پر نافذالعمل ہوں گے یہ ضوابط پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ 2023 کے تحت جاری کیے گئے ہیں۔

    کمیٹی کی سربراہی چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کر رہے ہیں جبکہ کمیٹی میں جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس امین الدین بھی شامل ہیں کمیٹی کا اجلاس چیف جسٹس جب چاہیں، فزیکل یا ورچوئل کسی بھی صورت میں طلب کر سکتے ہیں ضوابط کے تحت کمیٹی کےکسی بھی اجلاس کے لیے کم از کم دو ارکان کی موجودگی کو لازمی قرار دیا گیا ہے، سپریم کورٹ کی یہ کمیٹی اب بنچوں کی تشکیل باقاعدہ بنیاد پر کرے گی مزید برآں، اگر چیئرمین یا کسی رکن میں تبدیلی آتی ہے تو یہ بنچ کی تشکیل کو غیر قانونی قرار نہیں دے گی۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق، اگر چیف جسٹس ملک سے باہر ہوں یا دستیاب نہ ہوں، تو وہ ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دے سکتے ہیں۔ یہ خصوصی کمیٹی جج کی بیماری، وفات، غیرموجودگی یا علیحدگی کی صورت میں ہنگامی بنیادوں پر بنچ میں تبدیلی کر سکے گی، ایسے تمام ہنگامی فیصلے تحریری طور پر ریکارڈ کیے جائیں گے اور ان کے اسباب درج کرنا لازمی ہوگا ان فیصلوں کو بعد ازاں کمیٹی کے اگلے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ رجسٹرار ہر اجلاس، فیصلے اور کسی بھی قسم کی تبدیلی کا مکمل ریکارڈ محفوظ رکھنے کا پابند ہوگا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق، کمیٹی کو یہ اختیار بھی حاصل ہے کہ وہ وقتاً فوقتاً ان ضوابط میں ترمیم کر سکتی ہے۔ مزید یہ کہ یہ ضوابط جب تک مؤثر ہیں، دیگر تمام قواعد پر بالادست ہوں گے،سپریم کورٹ کے ان نئے اقدامات کا مقصد اعلیٰ عدلیہ کے نظام کو مزید شفاف، مؤثر اور بروقت بنانا ہے تاکہ انصاف کی فراہمی میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔

  • ہماری زمین سے تقریباً 154 نوری سال کے فاصلے پر پانی سے بھرا ہوا نیا سیارہ دریافت

    ہماری زمین سے تقریباً 154 نوری سال کے فاصلے پر پانی سے بھرا ہوا نیا سیارہ دریافت

    ماہرین کو ہماری زمین سے تقریباً 154 نوری سال کے فاصلے پر ایک نیا سیارہ ملا ہے جو ممکنہ طور پر پانی سے بھرا ہوا ہے۔

    اس سیارے کا نام TOI-1846 b رکھا گیا ہے، اور اسے ناسا کے خلائی مشن ’ٹرانزٹنگ ایگزو پلینیٹ سروے سیٹلائٹ‘ (TESS) کی مدد سے دریافت کیا گیا یہ نیا سیارہ زمین سے تقریباً دو گنا بڑا اور چار گنا زیادہ وزنی ہے یہ سیارہ سپر ارتھ کی کیٹیگری میں آتا ہے، یعنی یہ زمین سے بڑا ہے لیکن اتنا بڑا نہیں جتنا نیپچون یا یورینس جیسے گیس کے دیو۔،تحقیق کے مطابق، TOI-1846 b کی عمر تقریباً 7.2 ارب سال ہے، یعنی ہماری زمین سے بھی زیادہ پرانا ہے۔

    تحقیقی ٹیم کےمطابق TOI-1846 b کا قطر زمین کے مقابلے میں 1.792 گنا ہے اور اس کا وزن زمین سے 4.4 گنا زیادہ ہے۔ یہ اپنے ستارے کے گرد صرف 3.93 دنوں میں ایک چکر مکمل کرتا ہے، یعنی وہاں ایک سال صرف چار دنوں کا ہوتا ہے! اس کی سطح کا درجہ حرارت تقریباً 568.1 کیلون (تقریباً 295 ڈگری سیلسیس) ہے۔

    غلطی سے فائر الارم بجنے سے مسافر جہاز سے کود گئے ، 18 زخمی

    ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ سیارہ پانی سے بھرپور ہو سکتا ہے، لیکن اس کی ساخت اور ماحول کو مزید بہتر طریقے سے جانچنے کے لیے ریڈیل ولاسٹی نامی ایک طریقہ استعمال کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ اس کا وزن اور دیگر تفصیلات واضح کی جا سکیں۔

    یہ سیارہ ایک چھوٹے سے ستارے TOI-1846 کے گرد گردش کرتا ہے، جو ہمارے سورج کے مقابلے میں 40 فیصد چھوٹا اور 42 فیصد کم وزنی ہے۔ اس ستارے کا درجہ حرارت تقریباً 3568 کیلون ہے، اور اس کی عمر بھی 7.2 ارب سال کے لگ بھگ بتائی گئی ہے۔

    اسی سال کے آغاز میں، سائنس دانوں نے ایک اور سپر ارتھ دریافت کیا جس کا نام HD 20794 d رکھا گیا ہے یہ سیارہ زمین سے 20 نوری سال کے فاصلے پر ہے اور زمین سے چھ گنا زیادہ وزنی ہے سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہ اپنے ستارے کے ایسے علاقے میں موجود ہے جسے قابلِ رہائش علاقہ یا ہیبیٹیبل زون کہا جاتا ہے، یعنی وہاں مائع پانی موجود ہونے کے امکانات ہیں لیکن اس سیارے کا مدار زمین کی طرح گول نہیں بلکہ بیضوی (elliptical) ہے، جس کی وجہ سے وہاں زندگی کے امکانات کے بارے میں حتمی رائے دینا مشکل ہے۔

    شیخ حسینہ سے منسلک دو افراد کی برطانیہ میں جائیدادیں ضبط

  • غلطی سے فائر الارم بجنے سے مسافر جہاز سے کود گئے ، 18 زخمی

    غلطی سے فائر الارم بجنے سے مسافر جہاز سے کود گئے ، 18 زخمی

    سپین میں مایورکا ائیر پورٹ پر نجی ائیر لائن کی پرواز میں غلطی سے فائر الارم بجنے سے مسافروں نے جہاز سے چھلانگیں لگا دیں۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق الارم بجنے سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا ، چھلانگیں لگانے کے نتیجے میں 18 مسافر زخمی ہو گئے جس کے بعد مانچسٹر جانے والی پرواز روک دی گئی،بیشتر مسافروں کو معمولی چوٹیں آئیں جبکہ 6 کو اسپتال منتقل کر دیا گیا گیا ، واقعے کے بعد ایئرپورٹ کی ایمرجنسی سروسز کو فوراً الرٹ کیا گیا ، نجی ائیر لائن نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    عینی شاہدین نے بتایا کہ کچھ مسافروں نے گھبراہٹ میں ایمرجنسی دروازے کھولے، طیارے کے ونگ پر چڑھے اور نیچے کود گئے-

    https://x.com/runews/status/1941406687518400798

    دوسری جانب اہور سے اسکردو جانے والی نجی ائیر لائن کی پرواز سے پرندہ ٹکرا گیا جس کے بعد طیارے کو واپس لاہور میں لینڈنگ کرنا پڑی۔

    نجی ائیرلائن کے ترجمان کے مطابق پرواز پی اے 481 کو لاہور سے ٹیک آف کرتے ہوئے برڈ اسٹرائیک کا سامنا ہوا پرواز کو فوری لاہور واپس اتار لیا گیا اور 149 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیااہور سے اسکردو کے لیے پرواز پی اے 481 منسوخ کر دی گئی ہے، اسکردو سے لاہور کی پرواز بھی منسوخ کردی گئی ہے،پرندہ ٹکرانے سے طیارے کے انجن نمبر 2 کے دو بلیڈ متاثر ہوئے ہیں۔

  • محرم الحرام: سوشل میڈیا پر اشتعال انگیزی کرنے پر 24 گھنٹوں میں 18 افراد گرفتار

    محرم الحرام: سوشل میڈیا پر اشتعال انگیزی کرنے پر 24 گھنٹوں میں 18 افراد گرفتار

    پنجاب پولیس نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لیے سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز اور قابل اعتراض مواد پھیلانے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی شروع کر دی ہے۔

    ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد اپ لوڈ کرنے کے 25 واقعات رپورٹ ہوئے،ان میں سے 19 واقعات پر مقدمات درج کر کے 18 قانون شکن افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے فیس بک پر قابل اعتراض مواد اپ لوڈ کرنے کے 16 واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ واٹس ایپ پر 3 اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر 6 ایسے واقعات سامنے آئے ہیں، گزشتہ 7 روز کے دوران سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز مواد کی تشہیر کرنے پر مجموعی طور پر 130 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں جبکہ 148 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    آئی جی پنجاب نے واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر اشتعال انگیزی پھیلانے والے کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اور ان کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے تحت کارروائی کی جا رہی ہےمحرم الحرام کے دوران امن و امان کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور نفرت انگیزی، فرقہ واریت یا اشتعال انگیزی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    پنجاب پولیس کا یہ کریک ڈاؤن اس بات کا مظہر ہے کہ ریاست محرم الحرام کے تقدس اور عوامی تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی فرقہ وارانہ نفرت کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

  • آج بھی غزہ میں کربلا دہرایا جا رہا ہے اور عالم اسلام بدستور خاموش ہے،خواجہ آصف

    آج بھی غزہ میں کربلا دہرایا جا رہا ہے اور عالم اسلام بدستور خاموش ہے،خواجہ آصف

    وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہےکہ چودہ سو سال قبل بھی قیامت برپا کی گئی تھی اور عالم اسلام خاموش تماشائی تھا آج بھی غزہ میں کربلا دہرایا جا رہا ہے اور افسوس کی بات ہے کہ عالم اسلام بدستور خاموش ہے۔

    سیالکوٹ میں یوم عاشور کے جلوس میں شرکت کے موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا،انہوں نے کہا کہ اس وقت غزہ کے عوام کرب و بلا کی یاد تازہ کر رہے ہیں، فلسطینی عوام اپنی جانیں قربان کر کے امام حسینؓ کی سنت کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ آج بھی مسلمانوں کا خون یزیدیت کے ہاتھوں بہایا جا رہا ہے۔

    وزیر دفاع نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے لاکھوں لوگ دنیا بھر میں سڑکوں پر نکلے، لیکن بدقسمتی سے ایسا مظاہرہ کسی اسلامی ملک میں نہیں ہوا ، یہاں تک کہ پاکستان میں بھی نہیں، یوم عاشور کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں سخت پابندیاں عائد کی گئیں، جو مودی سرکار کی کھلی اسلام دشمنی کا ثبوت ہیں، مقبوضہ کشمیر کی وادی میں پہلے کبھی اس نوعیت کی پابندیاں نہیں لگائی گئیں، وہاں ہمیشہ محرم الحرام کو عزت و احترام سے منا یا جاتا رہا ہے۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ آج سے ڈھائی ماہ قبل مودی کے چمچے چانٹے جو کچھ کر رہے تھے، وہ ذلیل و خوار ہوئے، ان کا تکبر خاک میں ملا اور ان کا سندور اجڑ گیا یہ وقت ہے مسلمان، خصوصاً حکمران طبقہ، اپنی ذمہ داری محسوس کریں فلسطینی بچے اور بزرگ بھوک کے باعث قطاروں میں کھڑے ہوتے ہیں اور ان پر فائر نگ کی جاتی ہے کیا ہمارے دین کو پھر لہو کی ضرورت ہے؟ کیا امت مسلمہ پر فرض نہیں بنتا کہ اسلام کا دفاع کرے، جو اس وقت اغیار کر رہے ہیں؟ پاکستان سمیت دیگر مسلم ممالک سے محض چند آوازیں بلند ہوتی ہیں جبکہ ڈیڑھ ارب مسلمان مصلحت پسندی کا شکار ہیں۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ آج یوم عاشور کو دہرایا جا رہا ہے، لیکن جو قربانیاں فلسطینی عوام دے رہے ہیں، ان کی کوئی مثال نہیں ملتی کربلا کے بعد ایسی قربانی دنیا کے کسی خطے میں نہیں دی گئی،یاد رکھیں، غزہ کے لوگ قیامت کے دن سوال کریں گے کہ ہم نے نواسہ رسولؐ کی سنت پر عمل کیا، لیکن امت مسلمہ نے ہمارا ساتھ نہ دیا، ان شاء اللہ، ان ظالم حکومتوں اور مظالم کو دوام نہیں، ابدیت صرف اللہ اور اس کے رسولؐ کے دین کی ہے۔