Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • مرغی چوری پرسزائے موت پانے والے کو 10 سال بعد معافی

    مرغی چوری پرسزائے موت پانے والے کو 10 سال بعد معافی

    نائیجیریا میں مرغی چوری پرسزائے موت پانے والے کو 10 سال بعد معافی مل گئی،نائیجیریا کی اوسون ریاست کے گورنر ایڈیمولا اڈیلیک نے 31 سالہ سیگن اولووکیری رہا کرنے کا اعلان کیا

    باغی ٹی وی : غیرملکی میڈیا کے مطابق مرغیاں اور انڈے چوری کرنے کے جرم میں موت کی سزا پانے والے سیگن اولو وکیری نامی قیدی کو معاف کردیا گیا، سیگن کو 17 سال کی عمر میں انڈے اور مرغیاں چرانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا،اولووکیری کا خاندان اور انسانی حقوق کی تنظیمیں طویل عرصے سے ان کی آزادی کی مہم چلا رہے تھے ان کے والدین نے ایک حالیہ پوڈ کاسٹ میں حکومت سے اپنے بیٹے کے لیے رحم کی التجا کی تھی-

    اولووکیرے اور ان کے ساتھی موراکینو سنڈے پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ وہ لکڑی کی بندوق اور تلوارکے ساتھ ایک پولیس افسر کے گھر میں داخل ہوئے اور مرغیاں اور انڈے چوری کر کے فرار ہوگئے واقعے کے بعد عدالت نے انہیں 2014 میں پھانسی کی سزا سنائی تھی جس پر ملک بھر شدید غصے کا اظہار کیا گیا تھا سیگن اولووکیری کو 2025 کے اوائل تک رہا کر دیا جائے گا لیکن ان کے ساتھی موراکینو سنڈے کی قسمت کا فیصلہ ابھی تک نہیں ہو سکا۔

    واضح رہے کہ نائیجیریا میں سال 2012 کے بعد سے کسی بھی مجرم کو پھانسی نہیں دی گئی ہے اور اس وقت 3 ہزار 400 سے زائد قیدی سزائے موت کا انتظار کر رہے ہیں۔

  • سابق بھارتی پر فراڈ‌کا الزام،گرفتاری کا حکم

    سابق بھارتی پر فراڈ‌کا الزام،گرفتاری کا حکم

    بنگلورو: سابق بھارتی کرکٹر رابن اتھپا کو ملازمین کی ریٹائرمنٹ فنڈز ادا نہ کرنے پر گرفتار کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    باغی ٹی وی : بھارتی میڈیا کے مطابق رابن اتھپا بنگلورو میں سینٹورس لائف اسٹائل برانڈز نامی کمپنی کے ڈائریکٹر ہیں کمپنی نے تقریباً 23 لاکھ روپے ادا نہیں کیے جو اس پر واجب الادا تھے اب حکام یہ رقم خود اتھپا سے وصول کرنا چاہتی ہیں سابق بھارتی کرکٹر کے وارنٹ 4 دسمبر کو جاری ہوئے تھے۔

    عدالت نے سابق کرکٹر رابن اتھپا کو ملازمین کی ریٹائرمنٹ فنڈز ادا نہ کرنے پر گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے،وہ کپڑے کی ایک کمپنی کے مالک ہیں جن پر تقریباً 24 لاکھ روپے واجب الادا ہیں، عدالت کی جانب سے بھارتی کرکٹر کو حکم دیا گیا کہ ان کے پاس صرف 27 دسمبر تک کا وقت ہے کہ وہ 24 لاکھ بھارتی روپے کے واجبات ادا کرے یا گرفتاری دیں۔

    واضح رہے کہ رابن اتھپا بھارت کی جانب سے 59 بین الاقوامی میچز کھیلے ہیں اور وہ انڈین پریمیئر لیگ میں مقبول کھلاڑی رہے ہیں، انہوں نے 54 ون ڈے اننگز میں مجموعی طور پر 1183 رنز بنائے اور بین الاقوامی کرکٹ میں ان کے نام 7 نصف سنچریاں ہیں۔

  • شہریار منور اور ماہین صدیقی کی قوالی نائٹ میں راحت فتح علی خان کی شاندار پرفارمنس

    شہریار منور اور ماہین صدیقی کی قوالی نائٹ میں راحت فتح علی خان کی شاندار پرفارمنس

    کراچی: پاکستانی اداکار شہریار منور اور ابھرتی ہوئی اداکارہ ماحین صدیقی کی شادی کی تقریبات کئی روز سے جاری ہیں-

    باغی ٹی وی : حال ہی میں منعقد ہونے والی قوالی نائٹ کی تصاویر و ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں،ڈھولکی کے بعد قوالی نائٹ میں بھی شوبز انڈسٹری کے فنکاروں ہمایوں سعید، احد رضا میر، سونیا خان، اریبہ حبیب سمیت دیگر نے شرکت کی،جن میں یہ جوڑا دلکش شادی کے ملبوسات میں خوشی اور دلکشی بکھیرتا نظر آیا۔

    تصاویر میں دلہن ماحین صدیقی ایک شاندار نیلے لباس میں بےحد خوبصورت لگ رہی ہیں، جس میں نفیس کڑھائی والا نیلا شرٹ اور چوڑے لہنگے کا امتزاج تھا جبکہ دولہا شہریار منور سنہرے شلوار قمیص میں ملبوس نظر آئے، جسے چمکدار واسکٹ، نیلی شال اور براؤن جوتوں کے ساتھ خوبصورتی سے مزین کیا گیا تھا۔

    عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان نے اس محفل میں پرفارم کر کے سماں باندھ دیا شہریار صدیقی نے سوشل میڈیا پر قوالی نائٹ کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے جہاں شاندار پرفارمنس پر راحت فتح علی خان کا شکریہ ادا کیا ہے تو وہیں ڈیزائنر محسن نوید رانجھا کے ملبوسات کی بھی تعریف کی ہے۔

    واضح رہے کہ شہریار منور نے گزشتہ ماہ ہی تصدیق کی تھی کہ وہ دسمبر کے اختتام تک شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے، ماہین صدیقی اور شہریار منور کے درمیان تعلقات کی اس وقت سے چہ مگوئیاں تھیں جب شہریار منور نے اپنی سالگرہ کے موقع پر اداکارہ ماہین صدیقی کے لیے ’جان‘ کا لفظ استعمال کیا تھا جس کے بعد اداکار کا نام اداکارہ کے ساتھ جوڑا جانے لگا تھا۔

  • وسیم اکرم کی ریمپ پر واک کے جلوے

    وسیم اکرم کی ریمپ پر واک کے جلوے

    کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی ہاتھوں میں گیند پکڑ کر ریمپ واک کی –

    باغی ٹی وی:برائیڈل کٹیور ویک 2024 کے 3 روزہ فیسٹیول کا رنگا رنگ آغاز لاہور میں ہو چکا ہے جہاں ملک بھر کے ڈیزائنرز کو ایک معزز اسٹیج پر اپنی تخلیقات پیش کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے، یہ 3 روزہ فیشن شو 20 دسمبر سے 22 دسمبر تک جاری رہے گا جو اس ایو نٹ کا 22 ویں ایڈیشن ہے-

    اس فیشن کے پہلے دن کئی مشہور پاکستانی اداکاروں نے مشہور ڈیزائنرز اور فیشن برانڈز کے لیے ریمپ پر واک کی، ان میں ’صبا قمر، کنزہ ہاشمی، عروہ حسین، نمرہ خان، نمرہ مہرہ، رجب بٹ، سونیا حسین، بلال سعید، وسیم اکرم’ اور دیگر شامل تھے جو اپنے غضب ڈھاتے عروسی جوڑوں میں حسن کے جلوے بکھیر رہے تھے۔

    کرکٹ کے میدان میں پچ پر اپنی تیز رفتار گیند بازی کا مظاہرہ کرنے والے سوئنگ کے سلطان نے لاہور میں منعقدہ برائیڈل کٹیور ویک میں ریمپ پر جلوے بکھیر دئیے،مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں وسیم اکرم کو سرخ شیروانی، سیاہ شلوار، گلے میں مالا اور دھوپ کے چشمے پہنے ریمپ واک کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    یہ پہلا موقع نہیں ہے جب وسیم اکرم نے برائیڈل کٹیور ویک میں ریمپ واک کی ہو، اس سے قبل 2019 میں وہ اہلیہ شنیرا اکرم کے ہمراہ ریمپ واک کر چکے ہیں۔

    دوسری جانب ریمپ پر واک کرتے ہوئے پاکستانی اداکارہ عروہ حسین لڑکھڑا گئیں، سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں عروہ حسین کو ریمپ واک کے دوران دو مرتبہ لڑکھڑاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہےاداکارہ نے لڑکھڑانے کے بعد بہت ہی بہترین انداز میں اپنے آپ کو سنبھالا اور اپنی واک جاری رکھی۔

    نیو ہم ٹی وی برائیڈل کٹیور ویک 2024 میں شرکت کیلئے عروہ حسین نے ڈیزائنر ‘عائشہ شعیب ملک’ کا شاہکار زیب تن کیے ریمپ پر واک کی ہاتھی دانت کے رنگ کے خوبصورت جوڑے کیساتھ عروہ حسین نے اپنے لُک کو مکمل کرنے کیلئے میچنگ چاندی اور ہیرے کے زیورات کا انتخاب کیا جبکہ چمکدار میک اپ انکی خوبصورتی کو چار چاند لگارہا تھا۔

  • ٹیکس پالیسی  ٹیکس کلیکشن سے بہتر بنائیں گے،وزیر خزانہ

    ٹیکس پالیسی ٹیکس کلیکشن سے بہتر بنائیں گے،وزیر خزانہ

    سیالکوٹ: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایف بی آرکا پالیسی میکنگ میں کوئی تعلق نہیں ہوگا، ان کا کام اب کلیکشن کرنا ہوگا-

    باغی ٹی وی : سیالکوٹ چیمبر آف کامرس میں تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پالیسی ریٹ نیچے آیا ہے تو یہ خوش آئند ہے، اوورسیز چیمبرز میں گئے تو وہاں سب کا اپنا پوائنٹ آف ویو تھا، آپ لوگوں کی مدد سے آئی ٹی انڈسٹری کو فروغ ملا ہے، بجٹ پیش کرتے ہیں تو اس کے بعد کچھ چیزیں رہ جاتی ہیں، اسے دوبارہ پورا کیا جاتا ہے، آپ ابھی سے ہمیں پرپوزل بھیجیں تاکہ اپریل میں آپ کو مسئلہ نہ ہو، ہم آپ سے ڈسکس کریں گے کہ ہم یہ چیزیں بجٹ میں لے کر جارہے ہیں۔

    محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سیلریڈ کلاس کی تنخواہ پر ٹیکس کٹ رہا ہے، ٹیکس پالیسی ہم ٹیکس کلیکشن سے بہتر بنائیں گے، ہرایک کو ٹیکس اتھارٹی کے ساتھ ڈیل کرنا پڑے گی، ایف بی آرکا پالیسی میکنگ میں کوئی تعلق نہیں ہوگا، ان کا کام اب کلیکشن کرنا ہوگا،تین چیزیں چکن، دال ماش اور دال چنا کی قیمتیں بڑھ رہی تھیں، اس پر کام کیا اور قیمتوں کو کم کیا جس کا فائدہ عام آدمی کو ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ 24 کروڑ کے ملک میں صرف دو فیصد لوگ ٹیکس دیتے ہیں، صنعت کاروں پر مزید ٹیکس کا بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے، مضبو ط معیشت ہماری سیکیورٹی کی ضامن ہے، حکومتی اقدامات سے مہنگائی میں کمی ہوئی، پالیسی ریٹ نیچے آیا، محنت کر رہے ہیں مہنگائی میں کمی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچیں، پاکستانی اشیا کو عالمی سطح پر متعارف کرانا ہو گا۔

    انہوں کہا کہ دھرنے اور احتجاج سے ملکی معیشت کو نقصان ہوتا ہے اور ہمیں ایک دوسرے کی عزت کرنا ہو گی کاروباری بندش سے 2.2 ارب روپے کا یومیہ نقصان ہوتا ہےمعاشی استحکام کے لیے سیاسی استحکام کی اشد ضرورت ہے پالیسی ریٹ اور کرنسی مارکیٹ کی ذمہ داری اسٹیٹ بینک کی ہے، اور ہم مارکیٹ کے حساب سے کرنسی پر رائے دے سکتے ہیں اس بار سیلری کلاس نے ٹیکس دیاجبکہ ریٹیلرز اور ہول سیلرز کو ٹیکس نیٹ میں لا رہے ہیں، چارٹرآف اکانومی کے لیے ہمیں ایک پیج پر ہونا ہو گا، اسمگلنگ پر ضرب لگائی اور پیٹرول اسمگلنگ پر قابو پایا، سگریٹ اسمگل کرنے پر 900 سے زائد دکانیں بند کی گئیں-

  • پاکستان میں منکی پاکس کا ایک اور کیس

    پاکستان میں منکی پاکس کا ایک اور کیس

    اسلام آباد: پاکستان میں منکی پاکس کا ایک اور کیس سامنے آگیا ،منکی پاکس کا مریض اپر دیر کا رہائشی ہے جو 18 دسمبر کو سعودیہ سے اسلام آباد پہنچا تھا-

    باغی ٹی وی : خلیجی ملک سے اسلام آباد آنے والے 32 سالہ نوجوان میں منکی پاکس کی تصدیق ہوگئی،وزارت صحت کے حکام نے منکی پاکس کے کیس کی تصدیق کی اور بتایا کہ متاثرہ شخص خلیجی ملک اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچا ،ایئرپورٹ پر دوران اسکریننگ مسافر میں منکی پاکس علامات پائی گئیں جس پر مریض کو ایئرپورٹ سے پمز منتقل کیا گیا۔

    وزارت صحت کے مطابق منکی پاکس سے متاثرہ مریض اس وقت پمز اسپتال میں زیر علاج ہے، سربراہ انفیکشنز ڈیزیز پمز کے مطابق منکی پاکس سے متاثرہ شخص کا تعلق خیبر پختون خوا کے علاقے اپر دیر سے ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں اب تک منکی پاکس کے 8 کیسز سامنے آچکے ہیں۔

  • غزہ جنگ حالیہ تاریخ کے تاریک ترین بابوں میں سے ایک ہے،شہباز شریف

    غزہ جنگ حالیہ تاریخ کے تاریک ترین بابوں میں سے ایک ہے،شہباز شریف

    قاہر: وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسرائیل کے بے دریغ مظالم غزہ میں تباہی مچانے کے بعد اب مغربی کنارے تک پھیل چکے ہیں، یہ ایک ایسی آگ بھڑک رہی ہے جو پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔

    باغی ٹی وی: ڈی-ایٹ سمٹ کے موقع پر فلسطین اور لبنان کی صورت حال پر خصوصی اجلاس سے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ میں پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے ڈی-ایٹ سربراہی اجلاس کی سائیڈ لائنز پر غزہ اور لبنان پر خصوصی اجلاس بلانے کے اس بروقت اقدام پر صدر عبدالفتاح السیسی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے بے دریغ مظالم غزہ میں تباہی مچانے کے بعد اب مغربی کنارے تک پھیل چکے ہیں، یہ ایک ایسی آگ بھڑک رہی ہے جو پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے اکتوبر 2023 سے غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے، وہ حالیہ تاریخ کے تاریک ترین بابوں میں سے ایک ہے، یہ ایک بہت بڑا انسانی المیہ ہے، جس کا تصور بھی انتہائی خوفناک ہے، پاکستان نے مسلسل سخت الفاظ میں اسرائیل کی غزہ، مغربی کنارے، لبنان اور شام کے خلاف جارحیت کی مذمت کی ہے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے اقوام متحدہ ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی فار فلسطین کے خلاف کارروائی بھی اتنی ہی قابل مذمت ہے، اقوام متحدہ ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی فار فلسطین، غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی مظالم سے متاثر لاکھوں بے بس فلسطینیوں کے لیے ایک لائف لائن ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ سلامتی کونسل اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کی کلید کے طور پر ایک منصفانہ، جامع اور دیرپا دو ریاستی حل کی مسلسل وکالت کی ہے 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک قابل عمل، خودمختار ریاست قائم کی جائے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، پاکستان جنگ بندی کے حصول کے لیے تمام بین الاقوامی ثالثی کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ہمیں غزہ، مغربی کنارے، لبنان اور دیگر جنگ زدہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے مناسب فنڈز کی فراہمی پر غور کرنا چاہیے جو اسرائیلی بمباری سے تباہ ہو گئے ہیں پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جنہوں نے مصر اور اردن کے راستے فلسطین کے لیے امدادی سامان روانہ کیا ہے، اس امدادی کام کو جاری رکھا جانا چاہیے، تاکہ لاکھوں جنگ سے متاثرین کی بقا کو یقینی بنایا جا سکے، میں اس بات پر زور دیتا ہوں کہ بہت ہوگیا اب دنیا کو غزہ کے بے گناہ لوگوں کی آواز کو سننا چاہیے۔

  • دوسرا ون ڈے:  پاکستان کا جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 330 رنز کا ہدف

    دوسرا ون ڈے: پاکستان کا جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 330 رنز کا ہدف

    کیپ ٹاؤن: دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو جیتنے کے لیے 330 رنز کا ہدف دے دیا،پاکستانی ٹیم 49.5 اوورز میں 329 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی-

    باغی ٹی وی: پاکستان نے 32 اوورز میں 160 رنز بنا لئے ہیں جب کے اس کے دو کھلاڑی آؤٹ ہوچکے ہیں، صائم ایوب 25 ، عبداللہ شفیق صفر پر آؤٹ ہوئے، پاکستان کی جانب سے کپتان محمد رضوان 80 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ بابر اعظم 73، کامران غلام 63، سلمان آغا 33،شاہین شاہ آفریدی 16، عرفان خان 15، حارث رؤف 6، ابرار احمد 4 رن بنا کر آؤٹ ہوئے،نسیم شاہ 0 رن بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔

    جنوبی افریقا کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے کوینا مافاکا نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا مارکو جینسن نے3 جبکہ ژورن فورٹن اور اینڈائل فیلوکوایا نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

    میزبان جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، کیپ ٹاؤں میں کھیلے جا رہے میچ میں جنوبی افریقہ نے پلیئنگ الیون میں 4 تبدیلیاں کی ہیں جبکہ قومی ٹیم نے دوسرے میچ کے لیے کوئی تبدیلی نہیں کی، جنوبی افریقی کرکٹر کیشو مہاراج انجری کا شکار ہوکر باقی میچز سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ ٹیسٹ میں بھی شمولیت کا امکان کم ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان نے پہلے ون ڈے میں میزبان جنوبی افریقا کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کی تھی۔
    پاکستان الیون

    کپتان محمد رضوان، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، بابراعظم، کامران غلام، سلمان علی آغا، عرفان خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف، ابرار احمد۔

    جنوبی افریقہ الیون

    ٹیمبا باوما (کپتان)، ٹونی ڈی زورزی، مارکو جانسن، ہینرک کلاسن (وکٹ کیپر)، کوینا مافاکا، ایڈن مارکرم، ڈیوڈ ملر، اینڈائل، تبریز شمسی، بجورن فورٹین اور ریسی وین دیر ڈیسن۔

  • فرانس: بیوی کو نشہ آور مشروب پلا کر جنسی زیادتی کروانیوالے شوہر کو سزا سنا دی گئی

    فرانس: بیوی کو نشہ آور مشروب پلا کر جنسی زیادتی کروانیوالے شوہر کو سزا سنا دی گئی

    فرانس کی عدالت نے جزیل پیلی کوٹ کے 72 سالہ شوہر اور دیگر 50 ساتھی ملزمان کو اجتماعی عصمت دری کے ایک مقدمے میں مجرم قرار دیتے ہوئے 20 سال قید کی سزا سنائی ہے-

    باغی ٹی وی: غیر ملکی میڈیا کے مطابق فرانس کے اس کیس نے پوری دنیا کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے جس میں شوہر نے اپنی بیوی کو بے ہوشی کی دوا کھلا کر 50 سے زائد اجنبیوں سے جنسی زیادتی کروائی، شوہر 72 سالہ ڈومینیک پیلیکوٹ نے اس شرم ناک حرکت کی 20 ہزا ر سے زائد ویڈیوز اور تصاویر بھی بنائیں اور انھیں اپنے لیپ ٹاپ میں محفوظ رکھا تھا۔

    تین ماہ سے جاری سماعت میں ڈومینک پیلی کوٹ نے اپنی بیٹی اور بیوی کا سامنا کیا کمرۂ عدالت میں متعدد بار جذباتی لمحات دیکھنے میں آئےشوہر ڈومینک پیلی کوٹ کے اقبال جرم کے بعد آج عدالت نے انھیں 20 سال قید کی سزا سنا دی جب کہ پیرول پر رہائی کے لیے انہیں 13 سال لازمی قید کاٹنا ہوگی،ڈومینک پیلی کوٹ کے وکیل نے سزا سننے کے بعد کہا کہ ان کے مؤکل سزا کے خلاف اپیل دائر کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

    جنسی زیادتی کرنے والے 50 ملزمان کے لیے 4 سے 18 سال قید کی درخواست کی گئی،جنسی زیادتی کرنے والوں کی عمریں 27 سے 74 سال کے درمیان ہیں جن میں سے کچھ نے اقبال جرم کیا اور اکثر نے کہا کہ وہ سمجھے یہ سب رضامندی ہو رہا ہےعدالت نے ان 50 ملزمان میں سے 47 کو عصمت دری اور 2 کو عصمت دری کی کوشش کا مجرم قرار دیتے ہوئے قید کی سزائیں سنائیں۔

    72 سالہ جزیل پیلی کوٹ نے عدالت سے انصاف ملنے پر اپنی حمایت کرنے والے ایک ایک شہری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیس ناانصافی کی شکار خواتین کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔

    سماعت کے آغاز پر جزیل پیلی کوٹ سیاہ چشمہ پہن کر عدالت آتی تھیں تاکہ ان کی شناخت نہ ہوسکے تاہم آخر میں انھوں نے اس کیس کا بہادری سے سامنا کرنے کا فیصلہ کیا جزیل پیلی کوٹ نے عدالت میں جنسی زیادتی کی ویڈیوز اور تصاویر دکھانے اور کھلی سماعت کی بھی اجازت دی تاکہ اس مکروہ جرم کا پردہ فاش ہو 72 سالہ جزیل پیلی کوٹ نے یہ بھی مطالبہ کیا تھا انھیں اب ان کے شادی سے پہلے والے نام سے پکارا جائے فرانس سمیت دنیا بھر میں جزیل پیلی کوٹ کے دلیرانہ طور پر سامنے آکر اپنے ساتھ ہونے والی زیادتی کا کیس لڑنے پر تعریف کی گئی ہے۔

  • سیاسی جماعتوں کو پولیٹیکل ڈائیلاگ کا آغاز کرنا  چاہیے،شاہ محمود قریشی

    سیاسی جماعتوں کو پولیٹیکل ڈائیلاگ کا آغاز کرنا چاہیے،شاہ محمود قریشی

    راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین اور سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو پولیٹیکل ڈائیلاگ کا آغاز کرنا چاہیے،سول نافرمانی کی تحریک مؤخر کرنے کا مشورہ میں نے دیا تھا۔

    باغی ٹی وی : رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، 9 مئی کو راولپنڈی نہیں بلکہ کراچی میں تھا میں کہتا ہوں اے ٹی اے کی سیکشن 16 کے تحت 9 مئی پر میرا اور پراسیکیوشن کا حلف لیں، 40 سال سے عملی سیاست کر رہا ہوں کسی کے ایک ٹکے کا روادار نہیں، ڈیڑھ سال ہو گیا میری ضمانت کا فیصلہ نہیں ہو رہا ہے، میرٹ پر فیصلہ کر دیں، میں کوئی رعایت نہیں مانگ رہا ہوں –

    ان کا کہنا تھا کہ پیر کو سلمان اکرم راجا مجھے ملنے کوٹ لکھپت جیل آئے تھے لیکن میں راولپنڈی میں تھا جس کی وجہ سے ملاقات نہیں ہو سکی،پی ٹی آئی میں واحد سیاست دان ہوں جس نے بلدیاتی، صوبائی اور وفاقی سطح پر سیاست کی ہے اور میرا نکتہ نظر ہے کہ پارٹی میں مجھے بھی سنا جائے سیاست میں مشاورت ہوتی ہے اور یہ سنت بھی ہے، بانی پی ٹی آئی کو سول نافرمانی تحریک ملتوی کرنے کی تجویز دی تھی، حکومتی مطالبے پر ہم نے قدم اٹھا کر مذاکراتی کمیٹی بنا دی ہے اب حکومت بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت مذاکرات کا آغاز کرے، ملک کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے، سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام نہیں آسکتا،سیاسی جماعتوں کو پولیٹیکل ڈائیلاگ کا آغاز کرنا چاہیے،جب مذاکرات کی بات ہو رہی ہے تو ہمیں بھی حکومت کو وقت دینا چاہیے، سول نافرمانی تحریک ملتوی کرنے کا حتمی فیصلہ بانی پی ٹی آئی کریں گے اورمذاکرات میں پیشرفت ہوئی تو یہ اچھی بات ہوگی ۔

    انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی بڑھ رہی ہے جہاں روزانہ ہمارے فوجی بچے شہید ہو رہے ہیں، جو لمحہ فکریہ ہے بلوچستان میں جس طرح غیر ملکی ہاتھ شورش کو ہوا دے رہا ہے وہ بھی لمحہ فکریہ ہے، سیاسی استحکام کے بغیر کوئی پاکستان میں سرمایہ کاری نہیں کرے گا ملک میں اعتماد کافقدان ہے، ان چیلنجز کے پیش نظر سیاسی ڈائیلاگ شروع کیا جائے، میں نے بانی پی ٹی آئی سے گزارش کی تھی کہ حکومت کو وقت دیں تاکہ ان کی سنجیدگی کا اندازہ ہو جائے گا۔