Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • جنوبی افریقا میں 5.3 شدت کا زلزلہ

    جنوبی افریقا میں 5.3 شدت کا زلزلہ

    کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقا میں 5.3 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    باغی ٹی وی: یورپی بحیرہ احمر سیسمولوجیکل سینٹر نے تصدیق کی ہے کہ زلزلے کے جھٹکے جنوبی افریقا اور نمیبیا میں محسوس کیے گئے ہیں جنوبی افریقا میں زلزلہ 10 کلو میٹر گہرائی میں آیا ہے زلزلہ ملک کے دارالحکومت کیپ ٹاؤن کے شمالی علاقہ جات میں محسوس کیا گیا، البتہ زلزلے سے کسی قسم کے نقصان کی اطلاعات فی الحال موصول نہیں ہوئیں۔

    امریکی جیولوجیکل سروے نے اطلاع دی ہے کہ 5.3 کی شدت کا یہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 2:51 بجے شمالی کیپ صوبے کے ایک چھوٹے سے قصبے Brandvlei سے 101 کلومیٹر مغرب میں آیا، زلزلے کا مرکز 30.45 ڈگری جنوبی عرض بلد اور 19.44 ڈگری مشرقی طول بلد تھا، جس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی-

    واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ جنوبی افریقا پر ہے جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان آج تیسرا اور آخری ون ڈے جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 5 بجے شروع ہو گا۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کےکھلاڑی دورہ جنوبی افریقا کے دوران کرکٹ کے ساتھ سیر سپاٹے بھی کر رہے ہیں کھلاڑی میچز کےساتھ ساتھ آؤٹ فیلڈ بھی خود کو خوب تازہ دم کر رہے ہیں قومی کھلاڑی کیپ ٹاؤن کے تفریحی مقامات کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ بابر اعظم، حارث رؤف ، محمد حسنین اور شاہین آفریدی سمیت کھلاڑیوں نے آؤٹنگ کی۔

    بابراعظم، شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے ایک ساتھ تصاویر بنوائیں بابر اعظم نے سیرو تفریح کی تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کیں،
    محمد حسنین نے ساحل پر چہل قدمی کی ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر لگائی اور کیپشن میں لکھا کہ خوشی لہروں کی طرح آتی ہے-

  • بہن کو بھائی سے جائیداد میں حصہ دلوانے کے لیے ہندو جج کا قرآن کی آیت کا حوالہ

    بہن کو بھائی سے جائیداد میں حصہ دلوانے کے لیے ہندو جج کا قرآن کی آیت کا حوالہ

    جموں کشمیر میں جائیداد کے ایک مقدمے میں چار دہائی بعد جائیداد کا مقدمہ نمٹا دیا گیا-

    باغی ٹی وی: اس کیس میں سب سے زیادہ دلچسپ بات یہ تھی کہ ہندو جج نے مقدمے کی سماعت کے دوران مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن مجید کی ایک آیت کا حوالہ دیا جموں کشمیر ہائی کورٹ کے جج جسٹس وِنود چٹرجی کول نے گذشتہ ہفتے سنائے گئے فیصلے میں ذیلی عدالتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ عدالتیں مسلم پرسنل لا سے کیسے لاعلم ہوسکتے ہیں۔

    جسٹس کول نےقرآن کی سورة النساٴ کی گیارہویں آیت کا حوالہ دے کر کہا کہ اسلام نے تقسیم وراثت کے واضح اصول بتائے ہیں لڑکوں کو لڑکیوں سے دوگنا ملتا ہے کیونکہ ان پر بیوی، بچوں، ماں باپ وغیرہ کی کفالت کا ذمہ ہے لیکن اسلام میں لڑکیوں کو والد کی وراثت سے حصہ دینے کو ترجیح دی گئی ہے۔

    سرینگر کے نواح میں رہنے والی مُختی نامی خاتون کو سنہ 1980 میں اُن کے بھائیوں کی جانب سے والد کی وراثت سے بے دخل کر کے زینہ کوُٹ نامی علاقے میں 69 کنال زمین پر قبضہ کرلیا تھاجس کے بعد مختی نے عدالت جانے کا فیصلہ کیا لیکن اس دوران اُن کے بھائیوں نے محکمہ مال کے افسروں کے ساتھ ساز باز کر کے زمین کو اپنے نام کروایا،مختی کئی سال تک اپنے بچوں کیساتھ عدالت کے چکر لگاتی رہیں۔

    سنہ 1996 میں ہائی کورٹ کی ڈویژن بینچ نے ان کے حق میں فیصلہ بھی سنایا تھا لیکن اُسے دوسری عدالت میں چیلنج کیا گیا اور پھر مختی کا انتقال ہوگیا،بعد ازاں اُن کے بڑے بیٹے محمد سلطان بٹ نے یہ ذمہ داری سنبھالی وہ بھی دہائیوں سے عدالت کے چکر کاٹتے رہے یہاں تاہم رواں برس ان کی وفات ہو گئی، جس کے بعد چھوٹے بیٹے محمد یوسف بٹ نے اس مقدمے کی پیروی کرنا شروع کی۔

    ان کے وکیل ولی محمد شاہ نے بتایا کہ دیر سے ہی سہی، مختی کے بچوں کو بالآخر انصاف ملامحمد یوسف کہتے ہیں کہ 17 دسمبر کو جب جسٹس کول کی عدالت میں کیس پر سماعت شروع ہوئی تو ان کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ فیصلہ ان کے حق میں آئے گامیں دعا کررہا تھا کہ کم از کم میری زندگی کے دوران ہی یہ معاملہ حل ہو جائے اور اللہ نے سُن لی،’ماں زندہ ہوتیں تو وہ بہت خوش ہو جاتیں۔‘

    ان کے وکیل ولی محمد شاہ کے مطابق مختی کے بھائی تازہ عدالتی حکمنامے کے خلاف اپیل کی کوشش کریں گے لیکن یہ فیصلہ اس قدر واضح ہے کہ مختی کے بچوں کو ان کا حق دیے بغیر ان کے پاس کوئی چارہ نہیں، عدالتی فیصلے میں مختی کے بھائی سے کہا گیا ہے ان برسوں کے دوران اگر مختی کے حصے (23 کنال) میں سے کچھ فروخت کیا گیا ہے تو انھیں موجودہ قیمتوں کے حساب سے ادائیگی کریں یا کسی دوسری جگہ اُتنا ہی رقبہ مختی کے بچوں کو دیا جائے۔

  • پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی فورسز کے ساتھ ہے،صدر مملکت

    پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی فورسز کے ساتھ ہے،صدر مملکت

    اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کے چیک پوسٹ پر حملے میں شہید 16 بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

    باغی ٹی وی: صدر آصف علی زرداری نے جنوبی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر دہشتگرد حملے میں شہید جوانوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور صبر جمیل کی دعا کی۔

    انہوں نے ملک سے فتنۃ الخوارج کے مکمل خاتمے تک کاروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی فورسز کے ساتھ ہے،دہشتگرد ملک و قوم اور انسانیت کے دشمن ہیں، دہشتگردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک کاروائیاں جاری رکھیں گے۔

    واضح رہے کہ جنوبی وزیرستان کے علاقے سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش میں 8 خوراج ہلاک اور 16 جوان شہید ہوئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20 اور 21 دسمبر کی رات خوارج کے گروپ نے جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی،شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 خوراج مارے گئے، خوارج سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 16 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

  • ‏تحریک انصاف سے مذاکرات کیلئے حکومتی کمیٹی  تشکیل

    ‏تحریک انصاف سے مذاکرات کیلئے حکومتی کمیٹی تشکیل

    اسلام آباد: ‏تحریک انصاف سے مذاکرات کیلئے حکومتی کمیٹی بن گئی-

    باغی ٹی وی : وزیراعظم شہباز نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے حکومتی اتحاد پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی تشکیل دیتے ہوتے ممبران کے ناموں کا اعلان کیا ہے وزیراعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، رانا ثنا اللہ خان، سینیٹر عرفان صدیقی کے نام شامل ہیں، راجہ پرویز اشرف، نویدقمر، خالد مقبول صدیقی، علیم خان اور چوہدری سالک حسین بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔

    حکام کے مطابق وزیراعظم نے حکومتی اتحاد کی کمیٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی تجویز پر بنائی اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ مذاکرات میں ملکی سلامتی اور قومی مفاد کو مقدم رکھا جائے گاپاکستان ہے تو ہم سب ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی کی کاوش کو سراہتا ہوں۔

    گزشتہ رات چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر نے اسپیکر قومی اسمبلی سے مذاکرات کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی استدعا کی تھی، بیرسٹر گوہر نے تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کی پیشکش پر زور دیا تھا۔

  • اسعد الشیبانی شام کے عبوری وزیر خارجہ منتخب

    اسعد الشیبانی شام کے عبوری وزیر خارجہ منتخب

    شام میں ملٹری آپریشنز کے محکمے کی جنرل کمان نے آج ہفتہ کو اعلان کیا ہے کہ اس نے اسعد حسن الشیبانی کو عبوری حکومت میں خارجہ امور کا عہدہ سونپا گیا ہے۔

    باغی ٹی وی : خبر رساں ادارے ’روئٹرز‘ کے مطابق جنرل کمانڈ نے شام کی نئی حکومت میں مسٹراسعد حسن الشیبانی کو وزارت خارجہ کا قلمدان سونپنے کا اعلان کیا ہے”۔

    واضح رہے کہ الشیبانی کا تعلق بنی شیبان سے ہے وہ 1987ء میں الحسکہ گورنری میں پیدا ہوا ہوئے وہ اپنے خاندان کے ساتھ دمشق میں منتقل ہوئے جہاں انہوں نے 2009 میں دمشق یونیورسٹی سے آرٹس اینڈ ہیومینٹیز اور انگریزی زبان ادب میں گریجوایشن کی۔

    انہوں نے 2011ء میں شامی انقلاب کے آغاز سے ہی اس میں شمولیت اختیار کی شامی سالویشن گورنمنٹ کے قیام میں حصہ لیا اور سیاسی امور کے محکمے کی بنیاد رکھی انہوں انسانی ہمدردی کے میدان میں کام کیا اقوام متحدہ اور اس کی ایجنسیوں کے ساتھ تعلقات قائم کیے اور شمال مغربی شام میں انسانی ہمدردی کے کاموں میں سہولت فراہم کی۔

  • مرسڈیز میں بچوں کی حفاظت کے پیش نظر سینسرز نصب

    مرسڈیز میں بچوں کی حفاظت کے پیش نظر سینسرز نصب

    نئی مرسڈیز کار میں جدید ٹیکنالوجی بچوں کے اندر چھوڑے جانے کے ممکنہ جان لیوا خطرے کو کم کرنے میں مدد کرے گی۔

    باغی ٹی وی: اس کا چائلڈ پریزنس ڈیٹیکشن (سی پی ڈی) سسٹم کیبن میں سانس لینے والے کسی بھی شخص کا پتہ لگانے کے لیے سینسرز کا استعمال کرتا ہے اور اسے خصوصاً بچوں کی حفاظت کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے، جو خاص طور پر گرم موسم میں خطرناک ہو سکتا ہے۔

    آنے والے CLA کوپ میں ٹیکنالوجی گاڑی میں موجود بچے کو ان کے مخصوص سانس لینے کے انداز کے ذریعے پتہ لگاتی ہے، جبکہ کیمرے یہ جانچتے ہیں کہ آیا ان کے ساتھ کوئی بڑا ہے یا نہیں۔ اس کے سینسر اتنے حساس ہیں کہ وہ سوئے ہوئے نوزائیدہ بچے کو بھی اٹھا سکتے ہیں۔

    کار کے بند ہونے پر سسٹم ایک یاد دہانی پیش کرتا ہے۔ اگر ڈرائیور گاڑی کو چھوڑ کر لاک کر دیتا ہے جس میں بچہ ابھی بھی اندر ہو تو مالک کے اسمارٹ فون پر الرٹس بھیجے جاتے ہیں۔

    اگر کیبن کا درجہ حرارت ایک نازک نقطہ سے بڑھ جاتا ہے تو، ایئر کنڈیشنگ شروع ہو جاتی ہے، اور اردگرد لوگو ں کو خبردار کرنے کے مقصد سے کار کا ہارن اور لائٹس فعال ہو جاتی ہیں اگر بچہ کار میں ہو تو مرسڈیز SOS کال سینٹر کو مطلع کیا جاتا ہے اور ہنگامی خدمات کو الرٹ کیا جاتا ہے۔

    یہ نظام سابق وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون جیسے والدین کے لیے کارآمد ثابت ہو سکتا ہے، جنہوں نے 2012 میں اپنی اس وقت کی آٹھ سالہ بیٹی نینسی کو 15 منٹ کے لیے ایک پب میں چھوڑ دیا تھا کھڑی کار کا اندرونی حصہ دس منٹ میں 10C تک گرم ہو سکتا ہے جب جسم کا بنیادی درجہ حرارت 40C تک پہنچ جاتا ہے تو ہیٹ اسٹروک ہوتا ہے جو جان لیوا ہو سکتا ہے بچوں کے جسم بڑوں کے مقابلے تین سے پانچ گنا زیادہ تیزی سے گرم ہوتے ہیں۔

    مرسڈیز کے ترجمان نے کہا: ‘ریڈیو ٹیکنالوجی جانداروں کے سانس لینے کے نمونوں کا پتہ لگاتی ہے۔ یہ اس بات سے قطع نظر کیا جاتا ہے کہ وہ انسان ہیں یا جانور۔ تاہم، ہماری توجہ صفر سے چھ سال کی عمر کے بچوں کو پہچاننے پر ہے، جو نازک حالات میں اپنی مدد کے لیے جدوجہد کرتے ہیں۔‘‘

    سان ہوزے سٹیٹ یونیورسٹی میں ماہر موسمیات جان نول کے مطابق، امریکہ میں گاڑی میں چھوڑے جانے کے بعد ہر سال اوسطاً 15 سال سے کم عمر کے 37 بچے ہیٹ اسٹروک سے مر جاتے ہیں، رائل سوسائٹی فار دی پریونشن آف ایکسیڈنٹ نے کہا کہ برطانیہ کے اعداد و شمار دستیاب نہیں ہیں۔

  • مسلح گروپوں کو نئی فوج میں ضم کیا جائے گا،احمد الشرع

    مسلح گروپوں کو نئی فوج میں ضم کیا جائے گا،احمد الشرع

    دمشق:شام کے نئے رہنما احمد الشرع نے کہا ہے کہ مسلح گروپوں کو نئی فوج میں ضم کیا جائے گا-

    باغی ٹی وی: شام میں جنرل کمان نے اعلان کیا کہ احمد الشرع نے فوجی گروپوں سے ملاقات کی اور عسکری ادارے کی شکل کے بارے میں بات چیت کی ہے، ان دھڑوں کو وزارت دفاع کے زیر انتظام نئی فوج کے ایک ادارے میں ضم کر دیا جائے گا۔

    قبل ازیں احمد الشرع نے کہا تھا کہ تمام دھڑوں کو تحلیل کر دیا جائے گا اور شامی ریاست کے سوا کسی کے ہاتھ میں ہتھیار نہیں ہوگا اور شام میں اب جبری بھرتی نہیں ہو گی، انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی تھی کہ شام میں تنخواہوں میں 400 فیصد اضافہ کرنے کے لیے کام کا مطالعہ کیا جا رہا ہے۔

    "العربیہ” کے مطابق احمد الشرع نے زور دیا تھا کہ شام افغانستان میں تبدیل نہیں ہو سکتا، انہوں نے کہا ملک جنگ سے تھک چکا ہے اور شام سے اس کے پڑوسیوں یا مغرب کے لیے کوئی خطرہ نہیں ہے انہوں نے دمشق پر سے تمام امریکی اور یورپی پابندیاں اٹھانے کا بھی مطالبہ کیا تھا تاکہ شام دوبارہ اٹھ سکے۔

    انہوں نے اقوام متحدہ، امریکہ، یورپی یونین اور برطانیہ کی درجہ بندی کے مطابق ’’ھیئہ تحریر الشام‘‘ کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست سے نکالنے کا بھی مطالبہ کیا سابق صدر بشار الاسد کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد سے احمد الشرع نے ایک سے زیادہ مرتبہ اس بات پر زور دیا ہے کہ شام کے کسی بھی جز کو خارج کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے تمام شہریوں کے اتحاد پر زور دیا۔

    واضح رہے کہ 27 نومبر کو شام میں مسلح گروپوں نے اپنی کارروائیاں شروع کی تھیں اور پھر 8دسمبر کو بشار الاسد کی حکومت کو الٹ دیا تھا۔

  • امریکا نے بحیرہ احمر میں اپنا ہی لڑاکا طیارہ مار گرایا

    امریکا نے بحیرہ احمر میں اپنا ہی لڑاکا طیارہ مار گرایا

    امریکا نے غلطی سے بحیرہ احمر میں اپنا ہی لڑاکا طیارہ مار گرایا۔

    باغی ٹی وی : غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ غلطی سے گرائے گئے امریکی طیارے کے دونوں پائلٹ بچ گئے ہیں تاہم ایک کو معمول زخم آئے ہیں، ایف اے 18 ہارنیٹ طیارہ بحیرہ احمر میں امریکی جہاز کے قریب سے گزر رہا تھا ، میزائل کروز گیٹس برگ نے غلطی سے میزائل مار کر طیارے کو نشانہ بنایا، امریکی حکام نے اس ”فرینڈلی فائرنگ“ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

    واضح رہے کہ بحیرہ احمر گزشتہ ایک برس سے ملٹری حب بنا ہوا ہے اور امریکی فورسز یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے بحری جہازوں پر حملوں کو روکنے کے لیے حوثیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، جس نے خطے میں جہاز رانی کے خلاف متعدد حملے کیے ہیں۔

  • بھارتی آرمی چیف کی موت، ہیلی کاپٹر کریش کی  رپورٹ 3 سال بعد سامنے آ گئی

    بھارتی آرمی چیف کی موت، ہیلی کاپٹر کریش کی رپورٹ 3 سال بعد سامنے آ گئی

    نئی دہلی: بھارتی آرمی چیف کی موت، ہیلی کاپٹر کریش کی رپورٹ سامنے آ گئی-

    باغی ٹی وی : بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے قریبی چیف آف اسٹاف جنرل پبن کی ہیلی کاپٹرکریش میں موت سے متعلق رپور ٹ 3 سال بعد منظر عام پر آئی ہے جس میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کی ہیلی کاپٹر کریش میں موت کی وجہ کو انسانی غلطی کو قرار دے دیا گیا-

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے ایوان زیریں لوک سبھا میں پارلیمانی کمیٹی برائے دفاع کی پیش کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دسمبر 2021 کو ہیلی کاپٹر حاد ثہ انسانی غلطی کی وجہ سے ہوا تحقیقاتی ٹیم نے حادثے کی ممکنہ وجہ جاننے کے لیے تمام گواہوں سے بات چیت کی، فلائٹ ڈیٹا، ریکارڈر اور کاک پٹ وائس ریکارڈ کے مکمل تجزیہ کے بعد رپورٹ مرتب کی گئی، 22-2021 میں مجوعی طور پر 9 حادثات پیش آئے تھے، 8 دسمبر کو بھارتی جنرل کے ہیلی کاپٹر کا حادثہ انسانی کوتاہی کی وجہ سے ہوا۔

    واضح رہے کہ بھارتی فضائیہ کا ایم آئی 17 جنرل پبن راوت، ان کی اہلیہ اور بھارتی افواج کے 12 اہلکاروں کو لے کر تامل نائیڈو میں موجود سولر ایئر فورس بیس سے روانہ ہوا تھا بھارتی فضائیہ کا ہیلی کاپٹر ویلنگٹن میں ڈیفنس اسٹاف سروسز کالجز جا رہا تھا۔ اور لینڈنگ سے چند منٹ قبل پہاڑیوں سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا۔

  • 23 دسمبر  کو بارش برسانے والا سسٹم پاکستان میں داخل ہونے کا امکان

    23 دسمبر کو بارش برسانے والا سسٹم پاکستان میں داخل ہونے کا امکان

    لاہور: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 23 دسمبر پیر کو بارش برسانے والا سسٹم پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے-

    باغی ٹی وی : لاہور سمیت پنجاب بھر میں خشک موسم کا سلسلہ جاری ہے اسموگ اور آلودگی بڑھنے سے فضا دھندلی ہوگئی ہے البتہ 23 دسمبر پیر کو بارش برسانے والا سسٹم پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے بارش سے آلودگی اور خشک موسم کا سلسلہ ٹوٹ جائے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور زیادہ سے زیادہ 19 ڈگری تک جانے کا امکان ہے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے رات کے اوقات میں پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی علا قوں میں دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔

    خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہے گا تاہم چترال، دیر، سوات، ملاکنڈ، بونیر، مانسہرہ، بٹگرام، کوہستان، باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم، پشاور، مردان اور صوابی میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔