Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • دہشت گردی کیخلاف آپریشن کی بات کی تو پی ٹی آئی نے مخالفت کی،مصدق ملک

    دہشت گردی کیخلاف آپریشن کی بات کی تو پی ٹی آئی نے مخالفت کی،مصدق ملک

    لاہور:وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ ہم نے دہشت گردی کیخلاف آپریشن کی بات کی تو پی ٹی آئی نے مخالفت کی اور کہا کہ اگر دہشت گردی کیخلاف آپریشن کیا تو ایسی کی تیسی کر دیں گے-

    باغی ٹی وی: مصدق ملک نے نجی خبررساں ادارے کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے 9 مئی سانحہ کیا ، اور بھی پُر تشدد کام کیے، پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا مجھے علم نہیں ہے، مشاورت کے لیے ہماری اور دیگر اتحادی جماعتیں بیٹھیں گی اور دیکھیں گی کہ پی ٹی آئی نے کیا کیا ہے پی ٹی آئی کے پر تشدد اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا، جس جماعت نے 4 رینجرز اور پولیس اہلکاروں کو شہید کیا ہو اس کی سزا کیا ہو گی ؟-

    وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاسی جماعت کو مجرمانہ کارروائیوں کی اجازت تو نہیں ہوتی، پھر رٹ آف دی اسٹیٹ کبھی نہ کبھی تو قائم کرنی ہی پڑے گی ناں، پولیس کے پاس تو اسلحہ ہوتا ہے لیکن یہ سویلین کے پاس اسلحہ کیسے آ گیا؟ کیا کبھی سنا کہ سویلین نے پولیس والوں کو گولیاں مار کر شہید کر دیا ؟ پی ٹی آئی والے صوبائیت پھیلا رہے ہیں، ہم نے دہشت گردی کیخلاف آپریشن کی بات کی تو پی ٹی آئی نے مخالفت کی اور کہا کہ اگر دہشت گردی کیخلاف آپریشن کیا تو ایسی کی تیسی کر دیں گے۔

  • ضلع خیبر   میں انٹیلیجنس بیسڈ  آپریشن، 4 خوارج ہلاک اور 3  زخمی

    ضلع خیبر میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن، 4 خوارج ہلاک اور 3 زخمی

    راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز کا ضلع خیبر کے علاقے باغ میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن، سرغنہ سمیت 4 خوارج ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

    باغی ٹی وی : آئی ایس پی آر کے مطابق 27 نومبر کو سیکیورٹی فورسز نے خیبر ضلع کے علاقے باغ میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بنیاد پر آپریشن کیا،آپریشن کے دوران، فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا جس کے دوران 4 خوارج، بشمول ان کے سرغنہ باتور، ہلاک ہوگئے جبکہ 3 خوارج زخمی ہوئے، علاقے میں ممکنہ طور پر چھپے ہوئے دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

  • 190 ملین پاؤنڈکیس: نیب کا بشریٰ بی بی کی گرفتار ی کا فیصلہ،ٹیم خیبر پختونخواہ بھجوا دی

    190 ملین پاؤنڈکیس: نیب کا بشریٰ بی بی کی گرفتار ی کا فیصلہ،ٹیم خیبر پختونخواہ بھجوا دی

    اسلام آباد: نیب نےسابق خاتون اول بشری بی بی کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا ہے-

    باغی ٹی وی: نیب راولپنڈی کی ٹیم خیبر پختونخواہ بھجوا دی گئی،بشری بی بی کو 190ملین پاؤنڈ کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کی بنا پر گرفتار کیا جائے گا-

    احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 22 نومبر کو 8 سماعتوں سے مسلسل عدم پیشی پر بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے،بشریٰ بی بی کے وکیل نے طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی تھی جس پر نیب کے وکیل نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ بشریٰ بی بی کا میڈیکل لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور کا ہے جب کہ تصدیق اسلام آباد سے ہوئی، ملزمان نے آج بھی 342 کا بیان جمع نہیں کرایا۔

    جس پر عدالت نے بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے نیب کو بشریٰ بی بی کو گرفتار کرکے 26 نومبر کو پیش کرنے کی ہدایت کی تھی اور بشریٰ بی بی کے ضامن کو بھی شوکاز جاری کیا تھا-

    ذرائع کے مطابق نیب کی ٹیم 3 روز قبل بھی خیبر پختونخوا میں بشریٰ بی بی کی گرفتاری کی کوشش کرتی رہی، آج دوبارہ سے نیب کی ٹیم گرفتاری کے لیے تشکیل دی گئی ہے نیب خیبر پختونخوا کو بھی ٹیم سے مکمل تعاون کی ہدایت جاری کی گئی ہے، بشریٰ بی بی کی گرفتاری کے لیے خیبر پختونخوا پولیس کی بھی مدد لی جائےگی۔

  • ہلاکتوں کے دعوے درست نہیں، صدیق جان بھی مان گئے

    ہلاکتوں کے دعوے درست نہیں، صدیق جان بھی مان گئے

    اسلام آباد: پی ٹی آئی کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ 24 نومبر کے احتجاج یا پولیس کے ساتھ تصادم کے دوران درجنوں افراد مارے گئے ہیں-

    باغی ٹی وی : پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ اسلام آباد میں ہونے والے احتجاج کے دوران درجنوں افراد کی ہلاکتیں ہوئی ہیں، تاہم 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود ان دعووں کا کوئی حقیقی ثبوت سامنے نہیں آ سکا، نہ ہی کوئی ویڈیو یا تصاویر فراہم کی گئیں، نہ ہی کسی کی شناخت یا جنازہ کی تصاویر منظر عام پر آئیں اس صورت حال پر سوالات اٹھنا شروع ہوگئے ہیں، کہ کیا ممکن ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوں اور ان کا کوئی ثبوت نہ مل سکے؟

    عام طور پر جب کسی بڑے پیمانے پر ہلاکتیں ہوتی ہیں، تو اس کے متعلق ویڈیوز، تصاویر اور میڈیا رپورٹس آنا معمول کی بات ہوتی ہے۔ سوشل میڈیا اور مختلف نیوز چینلز کے ذریعے ایسی خبریں فوری طور پر پھیل جاتی ہیں، اس کے علاوہ، حکومت اور متعلقہ ادارے عموماً ہلاکتوں کی تصدیق کے لیے بیان دیتے ہیں،لاشیں سامنے آتی ہیں ،جنازے ہوتے ہیں،لواحقین سامنے آتے ہیں، لیکن اس مرتبہ ایسا کچھ بھی نہیں ہوا، جو اس دعوے کو حقیقت بناتا ہو-
    pti
    تاہم اب صحافی و یو ٹیوبرصدیق جان نے بھی پی ٹی آئی کی جانب سے ہلاکتوں کے دعووں کو بے نقاب کیا ہے،سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ میں کوشش کرتا ہوں کہ ہمیشہ حقائق سامنے لاؤں،میں نے سارا وقت گراؤنڈ پر گزارا،میری نظر میں سوشل میڈیا پر پھیلے ہلاکتوں کے دعوے درست نہیں ہیں،ہمارے سامنے کوئی لاش نہیں اٹھائی کسی نے ،دوستوں کو ایسے دعوے کرنے سے پہلے تصدیق کرنی چاہیئے-

  • بھارت میں نرس کیساتھ اجتماعی زیادتی کا انتہائی دل سوز واقعہ

    بھارت میں نرس کیساتھ اجتماعی زیادتی کا انتہائی دل سوز واقعہ

    بھارت میں خواتین سے اجتماعی زیادتی کے واقعات میں اضافہ،ایک اور نرس اجتماعی زیادتی کا نشانہ بن گئی-

    باغی ٹی وی : بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی شمالی ریاست اتر پردیش میں ایک نرس سے اجتماعی زیادتی کا انتہائی دل سوز واقعہ رونما ہوا ہےنرس کو یرغمال بناکر اُس سے اجتماعی زیادتی کی گئی اور اس کے بعد اس کے نازک حصوں میں پسی ہوئی مرچ اور لکڑی کے ذریعے بھی تشدد کیا گیا جس سے اُس کی حالت نازک ہوگئی۔

    پولیس نے جان چُھڑانے کے لیے یہ بیان دیا کہ اس نرس کا کسی مرد سے افیئر چل رہا تھا اُس شخص نے اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ مل کر اُس پر تشدد کیا،جبکہ نرس کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ اس گھناؤنے واقعے میں 6 افراد ملوث تھےچار افراد نے نرس کو جکڑ کر رکھا اور دو افراد نے اُس سے زیادتی کی، پولیس نے نرس کے بیان پرمقدمہ درج کرلیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق نرس کے شوہر نے بتایا کہ وہ چُرکھی پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع ایک اسپتال میں اسٹاف نرس کے طور پر کام کرتی ہے وہ اپنے اسکوٹر پر جمعرات کی صبح ڈیوٹی پر جارہی تھی کہ چند افراد نے اُس پر حملہ کیا اور جکڑ کر جھاڑیوں میں لے گئے ایک شخص نے اپنے بھتیجے اور چند ساتھیوں کی مدد سے اُس کی بیوی پر تشدد کیا پولیس نے نرس کو طبی معائنے اور علاج کے لیے اسپتال بھیجا ہے۔

  • پاکستان تعیناتی میرے کیریئر کا بہترین دور ہے،بنگلہ دیشی سفیر

    پاکستان تعیناتی میرے کیریئر کا بہترین دور ہے،بنگلہ دیشی سفیر

    اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی سے بنگلا دیش کے ہائی کمشنر محمد روح العالم صدیقی نے ملاقات کی،جس میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    باغی ٹی وی : ماجلاس کے حوالے سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور بنگلا دیش میں کرکٹ کے کھیل کے فروغ پر بھی بات چیت کی گئی اور بنگلا دیشی ہائی کمشنر نے چیمپئنزٹرافی کے انعقاد کے حوالے سے پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف اور بنگلا دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس کے مابین باکو میں ملاقات انتہائی خوش گوار رہی، وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر بنگلا دیش کا جلد دورہ کروں گا اور اس دورے کا مقصد بنگلہ دیش کی حکومت اورعوام کے ساتھ خیر سگالی اور دو طرفہ تعلقات مضوط تر بنانے ہیں، پاکستان اوربنگلا دیش کے درمیان دیرینہ برادارنہ تعلقات ہیں، پاکستان بنگلا دیش کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کا خواہاں ہے،چیمپینز ٹرافی کے بھر پور انعقاد کے لیے تمام تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں۔

    اس موقع پر بنگلا دیشی ہائی کمشنر محمد روح العالم صدیقی نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ اور آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ بنگلہ دیش میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بے پناہ پذیرائی اور سپورٹ حاصل ہے بنگلا دیش پاکستان کے ساتھ برادرنہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ملکوں کے مابین عوامی سطح پر بہترین روابط ہیں، پاکستان تعیناتی میرے کیریئر کا بہترین دور ہے اور مجھے بہت محبت ملی ہے اور سفارتی برادری میں پاکستان بہترین ڈیوٹی اسٹیشن مانا جاتا ہے۔

  • سپریم کورٹ میں  موسم سرما  کی تعطیلات کا شیڈول جاری

    سپریم کورٹ میں موسم سرما کی تعطیلات کا شیڈول جاری

    اسلام آباد:سپریم کورٹ آف پاکستان میں سردیوں کی تعطیلات کا شیڈول جاری کردیا گیا،چیف جسٹس یحیی آفریدی کی منظوری سے رجسٹرار آفس نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

    باغی ٹی وی:نوٹیفکیشن کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان میں 18 سے 31 دسمبر تک موسمِ سرما کی تعطیلات ہوں گی،موسمِ سرما کی تعطیلات کے دوران سپریم کورٹ میں دفاتر کھلے رہیں گے، اہم نوعیت کے مقدمات کمیٹی کی منظوری سے دستیاب بینچز کے سامنے سماعت کیلئے مقرر کیے جاسکیں گے۔

  • تیسرا ون ڈے:زمبابوے کو شکست،پاکستان نےسیریز 1-2 سےجیت لی

    تیسرا ون ڈے:زمبابوے کو شکست،پاکستان نےسیریز 1-2 سےجیت لی

    بلا وائیو: تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 99 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-2 سےجیت لی۔

    باغی ٹی وی: بلاوائیو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، قومی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں6 وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز اسکور کیےاور میزبان ٹیم کو 304 رنز کا ہدف دیا-

    پاکستان کی جانب سے کامران غلام نے 99 گیندوں پر سنچری اسکور کی، وہ 103 رنز بناکر نمایاں رہے،صائم ایوب نے 31، عبداللہ شفیق نے 50، محمد رضوان نے 37، سلمان علی آغا 30 اور عرفان خان 3 رنز بناکر پویلین لوٹے،طیب طاہر اور عامر جمال بالترتیب 29 اور 5 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

    304 رنز کے ہدف کے جواب میں زمبابوے کی ٹیم 204 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، میزبان ٹیم کے کریگ ایروین 51 اور برین بیننٹ 37 رنز بناکر نمایاں رہے، تاڈیواناشے اور سین ولیمز نے 24 ، 24 رنز بنائےپاکستان کی جانب سے سلمان آغا اور ابرار احمد نے 2 ،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، حارث رؤف اور عامر جمال نے بھی 2 ،2 وکٹیں حاصل کیں، فیصل اکرام اور کامران غلام نے ایک ایک وکٹ لی۔

  • دھرنوں کی وجہ سے  معیشت کو نقصان پہنچایا گیا،وزیراعظم شہباز شریف

    دھرنوں کی وجہ سے معیشت کو نقصان پہنچایا گیا،وزیراعظم شہباز شریف

    اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے دہشت گردی پھر سے سر اٹھارہی ہے، کے پی اور بلوچستان میں آئے دن افسوسناک واقعات ہورہے ہیں-

    باغی ٹی وی : نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سب سے پہلے آپ سب کو مبارکباد کہ ہمارا اسٹاک ایکسچینج آج ایک لاکھ پوائنٹس سے بڑھ گیا ہے، اور یہ میرا یا وزیرخزانہ کا کمال نہیں بلکہ پوری ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے، اور اس بارے میں کوئی دو رائے نہیں ہے، میرا یقین ہے کہ ہماری قومی سلامتی معیشت کے ساتھ براہ راست منسلک ہےاور یہ دونوں ساتھ ساتھ چلتی ہیں،اب پاکستان بتدریج درست سمت میں آگےبڑھ رہا ہےمگر دھرنوں کیوجہ سے معیشت کو نقصان پہنچایا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ پرسوں یہاں اسلام آباد میں جو کچھ ہورہا تھا اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ اسٹاک ایکسچینچ چار ہزار پوائنٹس گرگیا مگر کل اس میں بہتری آئی اور آج یہ ایک لاکھ پوائنٹس کی سطح سے بڑھ گیا ہےملک میں انتشار پھیلانے کے لیے اسلام آباد پر چرھائی کی گئی، ملک دشمن عناصر پاکستان کے خلاف نفرت انگیزاورپاکستان کوغیرمستحکم کرنے کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں، ہمیں پاکستان کا تحفظ کرنا ہوگا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ آج ملک ترقی کی راہ گامزن ہوچکا ہے، گذشتہ دہائی میں ملک میں تمام شعبے زوال پذیر تھے، جون 2023 میں پاکستان ڈیفالٹ کے دہانے پر تھا، پھر ہم آئی ایم ایف سے 37 ماہ پر مبنی معاہدہ کرنے میں کامیاب ہوئے ڈیفالٹ سے بچنے کے لیے آئی ایم ایف کے پاس جانے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا، اس سے پاکستان کے عوام کے لیے مشکل وقت آئے گا مگر یہ آئی ایم ایف کے ساتھ ہمارا آخری معاہدہ ہے اور دوبارہ ہم آئی ایم ایف سے رجوع نہیں کریں گے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے دہشتگردی پھر سے سر اٹھارہی ہے، کے پی اور بلوچستان میں آئے دن افسوسناک واقعات ہورہے ہیں، افواج پاکستان نے دہشت گردی کا بہادری سے مقابلہ کیا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمیں 130 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔

    واضح رہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس نے نئی تاریخ رقم کر ایک لاکھ پوائنٹس کی سطح عبور کرلی، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر ہی تیزی دیکھنے میں آئی اور 100 انڈیکس نے بلند ترین سطح ایک لاکھ 540 پوائنٹس کو چھوا، کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس مجموعی طور پر 813 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 82 پوائنٹس پر بند ہوا، بازار میں آج ایک ارب 16 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 39 ارب 77 کروڑ روپے رہی، مارکیٹ کیپٹلائزیشن 138ارب روپے بڑھ کر 12 ہزار 716 ارب روپے ہے۔

  • وفاقی حکومت کا اسلام آباد کو محفوظ بنانے کے لئے بڑا فیصلہ

    وفاقی حکومت کا اسلام آباد کو محفوظ بنانے کے لئے بڑا فیصلہ

    اسلام آباد: ‏وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے شہر اقتدار کو بلوائیوں سے بچانے کے لئے خصوصی سیکیورٹی اقدامات کی منظوری دے دی-

    باغی ٹی وی: ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں امن یقینی بنانے کے لیے خصوصی سیکیورٹی فورس کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے،اسپیشل سیکیورٹی فورس وفاقی دارالحکومت کو پروٹیکشن دے گی، وزیراعظم نے لاء اینڈ آرڈر ڈویژن کی تشکیل کا عمل جلد مکمل کرنے کے احکامات دیئے-

    حکومتی ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس کے ماتحت فورس سیکیورٹی امور پر کام کرے گی،اسلام آباد پولیس میں اسپیشل پروٹیکشن یونٹ الگ سے کام کرے گا ،پروٹیکشن یونٹ چینی باشندوں کو سیکیورٹی فراہم کرے گا، ایس پی یو میں اسلام آباد پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی خدمات لی جائیں گی،وفاقی حکومت کا محکمہ پولیس میں سینکڑوں نئی بھرتیوں کے پلان پر کام جاری ہے-