Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • پی ٹی آئی احتجاج:کراچی میں انٹرنیٹ اورموبائل سروس بند،اسلام آباد کنٹینر سٹی میں تبدیل

    پی ٹی آئی احتجاج:کراچی میں انٹرنیٹ اورموبائل سروس بند،اسلام آباد کنٹینر سٹی میں تبدیل

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آج ہر صورت احتجاج کا اعلان کیا ہے، حکومت نے پی ٹی آئی کے احتجاج سے نمٹنے کی تیاری مکمل کرلی۔

    باغی ٹی وی :شہر قائد کے مختلف علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں، متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو موبائل ڈیٹا اور وائی فائی سروسز کی بندش کا سامنا ہے۔

    وزارت داخلہ کے ترجمان نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا تھا کہ صرف سیکیورٹی خدشات والے علاقوں میں ہی موبائل ڈیٹا اور وائی فائی سروس کی بندش کی جائے گی،ملک کے دیگر حصوں میں انٹرنیٹ اور موبائل سروسز معمول کے مطابق چلتی رہیں گی۔

    واضح رہے کہ اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا احتجاج آج ہونے جا رہا ہے، جس کے پیش نظر وفاقی حکومت نے انتظامی اقدامات بڑھا دیئے ہیں،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی قیادت میں خیبرپختونخوا سے قافلے صوابی پہنچیں گے اور پھر صبح 11 بجے مرکزی قافلے کی صورت میں اسلام آباد کی جانب چل پڑیں گے۔

    اس حوالے سے اسلام آباد آنے والے راستے بند اور ہرطرف کنٹینرز ہی کنٹینرز لگادیئے گئے، لاہور کے تمام داخلی راستے بھی سیل کردیئے گئے جبکہ گوجرانوالہ، ٹیکسلا، جہلم کی شاہراہوں پر سمیت 24 مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کردی گئیں اور منگلہ پل بھی بند کردیا گیا، اس کے علاوہ میٹرو سروس معطل، بس اڈے بند، ہوٹل اور ہاسٹل بھی خالی کرالیے۔

    داخلی و خارجی راستوں پر پولیس، رینجرز اور ایف سی کے 30 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہیں جبکہ 17 اضلاع کے ڈی پی اوز اٹک اور راولپنڈی میں تعینات کردیئے گئے جبکہ اٹک فورس کو 40 ہزار شیل بھی دے دیئے گئے-

    پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، 6 ہزار پولیس اہلکار اور افسران تعینات کیے گئے ہیں جبکہ 2 ہزار پولیس نفری بیک اپ کے لیے تیار ہے۔ راولپنڈی سے اسلام آباد داخلے کے لیے 135 بلاگنگ پوائنٹس اور چوکیاں قائم ہیں، اینٹی رائڈ اور ایلیٹ فورس کو فسادات سے نمٹنے کے لیے آلات فراہم کردیئے گئے۔

    پولیس اہلکاروں کو موبائل فون کے استعمال سے روک دیا گیا، انٹرینٹ کی سہولت انتہائی سلو کردی گئی جبکہ میٹرو بس سروس تاحکم ثانی بند ہے، جڑواں شہروں کا مرکزی رابطہ پل فیض آباد انٹرچینج ہرطرح کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا، اسلام آباد ایکسپریس وے اور آئی جی پی روڈ کو مختلف مقامات پر بند کردیا گیا جبکہ مری روڈ کو فیض آباد سے صدر تک مختلف پوائنٹس سے بند کر دیا گیا70 مقامات کی سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی جائے گی، پولیس کو آنسو گیس کے شیل فراہم کردیئے گئے-

    علاوہ ازیں پنجاب اور خیبرپختونخوا کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا جی ٹی روڈ اٹک خورد کے مقام کو دونوں اطراف سے کنٹینر لگا کر مکمل سیل کردیا گیا، اٹک خورد چیک پوسٹ پر رینجر، ایف سی اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔

    موٹروے ایم ون بھی 3 مختلف مقامات سے دونوں اطراف سے مکمل بند ہے جبکہ پی ٹی آئی ضلع اٹک کی قیادت اور کارکنان خیبرپختونخوا پہنچ چکے ہیں، وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے قافلے کو پنجاب داخلے سے روکنے کے تمام ترانتظامات مکمل کرلیے گئے جبکہ فورسز موٹروے اور جی ٹی روڈ پر الرٹ ہے۔

    ادھر پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر لاہور کے تمام داخلی اور خارجی راستے بند کردیئے گئے، جس کے باعث شہریوں کومشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے احتجاج کے باعث تمام رابطہ سڑکیں کنٹینرز لگا کر بند کردی گئی، لاہور سے دیگر شہروں کو جانے والی موٹرویز کو بند کر دیا گیا، بابو صابو کو بھی کنٹینرز اور بیریئرز لگا کر بند کرکے پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔

    شاہدرہ اور بتی چوک جانے والی سڑک کو بھی دونوں اطراف سے بند کیا گیا، آزادی فلائی اوور پر بھی کنٹینرز موجود ہیں، جبکہ آزادی فلائی آوور پر پولیس کی نفری موجود ہے،لاہور سے اسلام آباد جانے والی موٹر وے بھی بند ہے، بند روڈ پر واقع تمام بس اڈے بھی بند کردیئے گئے جبکہ لاہور رنگ روڈ تمام انٹرچینجز سے ٹریفک کے لیے مکمل بند ہے۔

    راوی پل، پرانا راوی پل، سگیاں راوی پل، ایسٹرن بائی پاس اور بابوصابو مکمل ان اور آؤٹ کے لیے بند ہیں، ٹھوکر نیاز بیگ سے ملتان روڈ ٹریفک کیلئے کھلا ہے، رائے ونڈ روڈ، فیروز پور روز، گجومتہ ٹریفک کے لیے کھلے ہیں، ترجمان ٹریفک پولیس لاہور کے مطابق شہر کے اندر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔

  • راولپنڈی:سی ٹی ڈی اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ،فتنہ الخوارج کے 3 خطرناک دہشتگرد ہلاک 2 فرار

    راولپنڈی:سی ٹی ڈی اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ،فتنہ الخوارج کے 3 خطرناک دہشتگرد ہلاک 2 فرار

    راولپنڈی بڑی تباہی سے بچ گیا ،راولپنڈی چکری کے قریب سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں فتنہ الخوارج کے 3 خطرناک نامعلوم دہشت گرد ہلاک اور 2 فرار ہوگئے –

    باغی ٹی وی: ترجمان سی ٹی ڈٰ کے مطابق سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی ، دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر فائرنگ کردی ، فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے جبکہ 2 فرار ہو گئے –

    ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں خودکش جیکٹ ،سیفٹی فیوز وائر ،رائفلیں ،آئی ای ڈی بم ، گولیاں اور بارودی مواد برآمد ہوا
    فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے،سی ٹی ڈی ٹیموں نے چکری کے قریب ناکہ بندی کرلی ،ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے ،دہشت گرد راولپنڈی پر بڑے حملے کی منصوبہ بندی مکمل کرچکے تھے –

  • غزہ :اسرائیلی حملوں میں 48 گھنٹوں کے دوران 120 فلسطینی شہید

    غزہ :اسرائیلی حملوں میں 48 گھنٹوں کے دوران 120 فلسطینی شہید

    غزہ پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری جاری ہے،پچھلے 48 گھنٹوں کے دوران مزید 120 فلسطینی شہید ہو گئے-

    باغی ٹی وی : غزہ کی وزارت صحت کے جاری کردہ بیان کے مطابق صرف پچھلے 48 گھنٹوں کے دوران غزہ کی پٹی پر 120 فلسطینی اسرائیلی فوج نے قتل کیے ہیں یہ تازہ قتل و غارت گری زیادہ تر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں ہوئی-

    غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل نے 13 ماہ سے زیادہ عرصے پر محیط غزہ جنگ کے دوران اب تک 44176 فلسطینیوں کو قتل کر دیا ہے زیادہ تعداد فلسطینی بچوں اور فلسطینی عورتوں کی ہے،غزہ کی وزارت صحت کے جاری کردہ بیان میں اب تک غزہ میں زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 104473 بتائی گئی ہے۔

    حکام نے بتایا کہ غزہ سٹی کے مضافات میں زیتون کے علاقے میں رہائشی عمارت پر ہونے والی بمباری میں 7 فلسطینی شہید ہوئے اور دیگر شہادتیں وسطی اور جنوبی غزہ میں ہوئی ہیں، اسرائیلی بمباری سے وسطی غزہ کے مہاجر کیمپ نصیرت میں قائم مسجد الفاروق کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

    اسرائیلی فورسز شمالی غزہ میں بمباری کے ساتھ ساتھ زمینی حملوں میں بھی تیزی لا رہی ہیں جہاں ایک اسپتال کو بھی نشانہ بنایا گیا اور اسپتال میں کئی افراد زخمی ہوگئے،غزہ کے کمال عدوان اسپتال کے ڈائریکٹر حسام ابو صفیہ نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی فورسز نے اسپتال کے دروازے اور استقبالیہ پر براہ راست حملہ کیا اور اس کے ساتھ برآمدے، بجلی کے جنریٹرز اور اسپتال کے گیٹ کو بھی نشانہ بنایا،اس بمباری کے نتیجے میں ڈاکٹروں، نرسوں اور انتظامیہ کے اہلکاروں سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے۔

    دوسری جانب اسرائیلی فوج نے ان رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کمال عدوان اسپتال میں حملوں کا علم نہیں ہے۔

    غزہ کی وزارت صحت نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ اسپتال میں صرف دو دن کے لیے ایندھن رہ گیا ہے اور اس کے بعد سروسز محدود کردی جائیں گی۔

    واضح رہے کہ پچھلے چند ہفتوں کے دوران امریکہ جس ممکنہ جنگ بندی کے لیے خود کو کوشاں بتا رہا ہے امریکی صدارتی انتخاب کے بعد امریکہ کی طرف سے سلامتی کونسل میں پیش کردہ جنگ بندی قرارداد کو ویٹو کر کے جنگ بندی کی امید خود ہی ختم کر دی ہے۔

  • اسلام آباد کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ،آئی جی اسلام آباد

    اسلام آباد کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ،آئی جی اسلام آباد

    اسلام آباد: انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا-

    باغی ٹی وی : علی ناصر رضوی نے کہا کہ اسلام آباد کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا وفاقی دارالحکومت میں دفعہ144 کے تحت احتجاج، ریلی یا مجمع پر پابندی عائد ہے، خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج ہوں گے، سیکیورٹی انتظامات عوام کی جان اور مال کی حفاظت کے پیش نظر کیے گئے ہیں، شہری کسی قسم کی ہنگامہ آرائی اور غیر قانونی عمل کا حصہ نہ بنیں، کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔

    دوسری جانب وفاقی دارالحکومت میں پولیس نے سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے 300 پی ٹی آئی کارکنان کو گرفتار کرلیا ہے- پولیس نے گیسٹ ہاؤسز، ہاسٹلز کی چیکنگ کی، تھانہ کراچی کمپنی کی حدود سے 70 پی ٹی آئی کارکن گرفتار کیے گئے ہیں، گرفتار پی ٹی آئی کارکن جتھوں کی شکل میں اسلام آباد پہنچے تھےتھانہ کوہسار سے 60، تھا نہ بارہ کہو سے 20، تھانہ رمنانے سے 25 پی ٹی آئی کارکن گرفتار کر لیے گئے،اسلام آباد کے تھانہ لوئی بھیر سے 35، سنگجانی سے 45، تھانہ ترنول پولیس نے 42 کارکن گرفتار کیے۔

  • آئی ایم ایف نے سری لنکا کےقرض کے تیسرے جائزے کی منظوری دیدی

    آئی ایم ایف نے سری لنکا کےقرض کے تیسرے جائزے کی منظوری دیدی

    کولمبو: عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) نے سری لنکا کے 2.9 ارب ڈالر قرض کے تیسرے جائزے کی منظوری دے دی-

    باغی ٹی وی : آئی ایم ایف نے بیان میں کہا کہ سری لنکا کے 2.9 ارب ڈالر قرض کی قسط 33 کروڑ 30 لاکھ ڈالر جاری کردی جائے گی، جس کے بعد اب تک جاری ہونے والے قرض کا حجم 1.3 ارب ہوجائے گا،سری لنکا کی معیشت میں بہتری کے آثار ابھر رہے ہیں۔

    آئی ایم ایف نے کہا کہ معاشی طور پر خطرناک حالات سے دوچار رہنے والے سری لنکا کوقرض پروگرام آگے بڑھانے کے لیے تاحال 12.5 ارب ڈالر بونڈ ری اسٹرکچر اور 10 ارب ڈالر قرض پر جاپان، چین اور بھارت سمیت دیگر قرض دینے والے ممالک کے ساتھ موخر ادائیگیوں کی ضرورت ہے۔

    آئی ایم ایف کے سینئر مشن چیف پیٹر بریئیر نے کولمبو کے دورے کے اختتام پر بتایا کہ سری لنکا کو اگلے سال تک 2.3 فیصد شرح نمو کا ہدف حاصل کرنے کے لیے ٹیکس موصولات اور سرکاری اداروں میں ضروری اصلاحات نہایت ضروری ہیں، ہم پیکیج میں یہ اتفاق کرچکے ہیں کہ ان کی ترجیحات اور اہداف جتنا ممکن ہو جلد حاصل کرلیے جائیں گے اور یہ اصلاحاتی پیکیج پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا تو اس کے بعد ہی چوتھا جائزہ ممکن ہوگا۔

    سری لنکا کے نئے صدر انورا کمارا ڈیسانائیکے نے رواں ہفتے کہا تھا کہ دسمبر میں عبوری بجٹ پیش کیا جائے گا اور دسمبر کے آخر تک قرض کی ادائیگی موخر کرنے کا عمل مکمل ہوجائے گا۔

    واضح رہے کہ سری لنکا کو گزشتہ برس آئی ایم ایف بیل آؤٹ پیکیج کی منظوری دی گئی تھی تاکہ دیوالیہ ہونے والی معیشت کو سہارا دیا جاسکے۔

    سری لنکا کے بحران کے دوران، ڈالر کی شدید قلت نے مہنگائی کو 70 فیصد تک پہنچا دیا، اس کی کرنسی ریکارڈ کم ترین سطح پر پہنچ گئی اور اس کی معیشت بدترین خرابی کے دوران 7.3 فیصد اور گزشتہ سال 2.3 فیصد تک سکڑ گئی۔

    عالمی بینک کے مطابق، اس سال معیشت کی شرح نمو 4.4 فیصد متوقع ہے، جو تین سالوں میں پہلا اضافہ ہے۔

  • بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ:پاکستان کی  جنوبی افریقا کو 8 وکٹوں سے شکست

    بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ:پاکستان کی جنوبی افریقا کو 8 وکٹوں سے شکست

    اسلام آباد: بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم نے جنوبی افریقا کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

    باغی ٹی وی : میچ میں جنوبی افریقا بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورزمیں 7 وکٹ پر 129 رنز اسکورکیے لیسیڈی لے سوفی 24 رنزبناکرنمایاں رہے، ترہار 17 اور ٹیبوہو فرانسس نے 15 رنزبنائے،پاکستان بلائنڈ کی جانب سے بابرعلی نے دو اور شاہ زیب نے ایک کھلاڑی کوآؤٹ کیا۔

    130 رنزکا ہدف پاکستان بلائنڈ ٹیم نے 11 ویں اوورزمیں دو وکٹ پر باآسانی حاصل کرلیا،نعمت اللہ 59 رنزبناکرنمایاں رہے، ظفر اقبال نے ناقابل شکست 33 اور محمد صفدرنے 13 رنزبنائے۔

    افتتاحی روز کے ایک اور میچ میں سری لنکا نے نیپال کو مات دے دی، ایک اور میچ میں بنگلا دیش کو بھارت کے خلاف واک اوور دے دیا گیا۔

  • پنجاب مجھے دے دیں،اگر احتجاج ہو جائے تو استعفیٰ دے دوں گا، گورنر پنجاب

    پنجاب مجھے دے دیں،اگر احتجاج ہو جائے تو استعفیٰ دے دوں گا، گورنر پنجاب

    لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ حکومت صوبہ میرے حوالے کرے اگر پھر احتجاج ہوجائے تو استعفیٰ دے دوں گا۔

    باغی ٹی وی : گورنر پنجاب نے پی ٹی آئی احتجاج کے باعث سڑکوں کی بندش کے حوالے سے اپنا بیان جاری کیا ہے بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب کی پی ٹی آئی کی قیادت میں سے کوئی بھی احتجاج میں شریک نہیں ہوتا۔ موجودہ حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ سیاسی طور پر اس مسئلے کو حل کرے۔

    انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے احتجاج کا اعلان کرتے ہیں تو حکومت فوراً کنٹینر لگا دیتی ہے، موٹر وے اور سڑکوں کو کھولیں، پنجاب مجھے دے دیں کچھ بھی نہیں ہوگا، اگر احتجاج ہو جائے تو استعفیٰ دے دوں گا۔

    واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کے باسث حکومت نے اسلام آباد کے راستے بند کردیے، دارالحکومت کو جانے والے زیادہ تر راستوں پر بندش ہے اور چھبیس نمبر چُنگی کنٹینر لگا کر مکمل سیل کردی گئی، سری نگر ہائی وے بھی زیرو پوائنٹ کے مقام پر بند ، مختلف شاہراہوں پر کنٹینر رکھ کر راستے بند کردیئے گئے،راولپنڈی آئی جے پی روڈ پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے-

    مری سے آنیوالی سڑک کو کنٹینر رکھنے کے علاوہ بعض مقامات سے کھود کر بند کردیا گیا ہے اُدھر موٹرویز صبح سے بند ہیں، راستے بند ہونے کی وجہ سے راولپنڈی اسلام آباد کے شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں اس کے علاوہ جہلم کی اہم شاہراہوں پر بھی کنٹینر کھڑے کردیے گئے ، فیصل آباد کے دا خلی راستے بھی بند ہیں اور لاہور، پشاور اور فیصل آباد سے اسلام آباد کیلئے جانے والی موٹر ویز بھی بند کردی گئیں۔

  • محسن نقوی نے احتجاج مو خر کرنے سے متعلق بات نہیں کی،بیرسٹر گوہر

    محسن نقوی نے احتجاج مو خر کرنے سے متعلق بات نہیں کی،بیرسٹر گوہر

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹرگوہر نے کہا ہے کہ ،وزیرداخلہ محسن نقوی نے احتجاج مو خر کرنے سے متعلق بات نہیں کی اور انہوں نے ایسی کوئی بات نہیں کی کہ احتجاج موخر کریں تو بات آگے بڑھے-

    باغی ٹی وی : نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وزیرداخلہ محسن نقوی سے دو بار نہیں ایک بار رابطہ ہوا ہے، ان سے شام 6 بجے تک حتمی جواب دینے کی بات نہیں کی،اسلام آباد ہائیکورٹ کے آرڈر میں ہمیں سنا ہی نہیں گیا، اسلام آباد ہائیکورٹ کا یہ فائنل آرڈر نہیں۔

    بیرسٹر گوہر نے کہا کہ احتجاج کی کال صرف بانی پی ٹی آئی واپس لے سکتے ہیں، سیاسی کمیٹی میں احتجاج مو خر کرنے سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی، ہم نے ہر قدم بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کے مطابق لیا،وزیرداخلہ محسن نقوی نے احتجاج مو خر کرنے سے متعلق بات نہیں کی اور انہوں نے ایسی کوئی بات نہیں کی کہ احتجاج موخر کریں تو بات آگے بڑھے ، بانی پی ٹی آئی تمام کیسز میں ضمانت پر ہیں، ہماری کسی کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں، بانی پی ٹی آئی رہا ہوجاتے ہیں مذاکرات تو پھر بھی آگے چلنے ہیں۔

    گوہر نے کہا کہ ابھی تک ہماری بات چیت اس سطح پر نہیں کہ اس میں رہائی کا کوئی مطالبہ ہو، افسوس کی بات ہے پاکستان کے 8موٹرویز بند کیے گئے ، ٹرانسپورٹ بند، ہاسٹلز خالی کرا لیے گئے ، اگر ہم نے احتجاج سے یہ سب کچھ حاصل کرنا تھا تو یہ حکومت نے کردیا، لوگوں کا حق ہے کہ پرامن طریقے سے آئیں اور اپنا احتجاج کریں، ہم سے زیادہ لانگ مارچ تو پی ٹی آئی دور میں انہوں نے کیے۔

    انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کا نہ توشہ خانہ سے کوئی تعلق ہے نہ پیسے لیے، ان کو تکلیف دینا کہ شاید اس سے بانی پی ٹی آئی ٹوٹ جائیں، بشریٰ بی بی کا بیان روز روشن کی طرح عیاں ہے، سعودیہ کا نام نہیں لیا، بشریٰ بی بی گرفتاری دینے خود اڈیالہ جیل گئیں تو اس کو متنازع بنادیا گیا، بشریٰ بی بی اس احتجاج میں شرکت نہیں کریں گی، ان کی صحت بھی ٹھیک نہیں۔

  • پرویز الہٰی کی بھانجی باسمہ چوہدری کے گھر پرپولیس کا چھاپہ

    پرویز الہٰی کی بھانجی باسمہ چوہدری کے گھر پرپولیس کا چھاپہ

    منڈی بہاؤالدین: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کی بھانجی اور پی ٹی آئی کی رکن پنجاب اسمبلی باسمہ چوہدری نے کہا کہ منڈی بہاؤالدین میں ان کے آبائی گھر پر پولیس نے چھاپہ مارا ہے۔

    باغی ٹی وی : پرویز الہٰی کی بھانجی باسمہ چوہدری نے الزام لگایا کہ رات ڈھائی بجے پولیس اور سادہ لباس اہلکار ان کے گھر میں گھس آئے، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا، ملازمین کو ہراساں کیا، گھر کا سارا سامان توڑ دیا گیا، پنجاب حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہو چکی ہے، انہیں صرف بانی پی ٹی آئی کا ساتھ دینے کی سزا دی جا رہی ہے۔

    دوسری جانب اسلام آباد میں24 نومبر کا احتجاج کے لئے پہلے سے چھپے پی ٹی آئی کے کارکنان کی گرفتاریاں جاری ہیں گزشتہ شب اسلام آباد پولیس آفیسرز کی سربراہی میں 27 ٹیموں نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا، پی ٹی آئی کے 200 کار کنوں کو گرفتار کر لیا گیا، گرفتار کارکنوں میں مرد اور خواتین بھی شامل ہیں، گرفتار شر پسندوں سے ہتھیار اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے-

  • پی ٹی آئی احتجاج:راستوں کی بندش  کے باعث  چناب ٹول پلازہ پر  باراتیں پھنس گئیں

    پی ٹی آئی احتجاج:راستوں کی بندش کے باعث چناب ٹول پلازہ پر باراتیں پھنس گئیں

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے باعث راستوں کی بندش کی وجہ سے گوجرانوالہ اور گجرات کے درمیان چناب ٹول پلازہ پر دو باراتیں پھنس گئیں۔

    باغی ٹی وی : باراتیں سیالکوٹ اور گوجرانوالہ سے گجرات اور جہلم جا رہی تھیں لیکن چناب ٹول پلازہ پر دونوں باراتیں پھنس گئیں، دلہوں اور بارات کی گاڑیاں گھنٹوں انتظار کر بعد واپس لوٹ گئیں،جبکہ سیالکوٹ سے لاہور جانے والی بارات کو موٹر وے پر ہی روک دیا گیاجس پر د لہا نے میڈیا کے ذریعے اداروں سے فریاد کی کہ ہمیں راستہ دیا جائے تاکہ برقت پہنچ سکیں، دلہے کا کہنا تھا کہ دلہن والے لاہور میں بارات کے منتظر ہیں۔

    دوسری جانب ہیڈ خانکی پل بلاک ہونے کے باعث بارات کافی دیر پھنسی رہی، دلہا اور اس کے بھائی کی پولیس کو منت سماجت کے بعد دلہا کوبارات گجرات لے جانے کی اجازت مل گئی۔

    علاوہ ازیں پلوں اور راستوں کی بندش کے باعث سرائے عالمگیر میں مریض جہلم پل پر دم توڑ گیا، جہلم کے پرانے پل پر راستے بند ہونے کے باعث مریض ہسپتال نہ پہنچ سکا، گاڑیوں کو اجازت نہ ملنے کے باعث لواحقین میت کو اٹھائے ہوئے پیدل چلتے رہے، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ متوفی کے لواحقین میت اٹھائے پیدل چل رہے ہیں، دیگرفوت ہونے والے کو بھی راستوں کی بندش کے باعث ہسپتال نہ پہنچایا جا سکا، احتجاج کے باعث جہلم کے تینوں پلوں کو بند کیا ہوا ہے

    واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کے باسث حکومت نے اسلام آباد کے راستے بند کردیے، دارالحکومت کو جانے والے زیادہ تر راستوں پر بندش ہے اور چھبیس نمبر چُنگی کنٹینر لگا کر مکمل سیل کردی گئی، سری نگر ہائی وے بھی زیرو پوائنٹ کے مقام پر بند ، مختلف شاہراہوں پر کنٹینر رکھ کر راستے بند کردیئے گئے،راولپنڈی آئی جے پی روڈ پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے-

    مری سے آنیوالی سڑک کو کنٹینر رکھنے کے علاوہ بعض مقامات سے کھود کر بند کردیا گیا ہے اُدھر موٹرویز صبح سے بند ہیں، راستے بند ہونے کی وجہ سے راولپنڈی اسلام آباد کے شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں اس کے علاوہ جہلم کی اہم شاہراہوں پر بھی کنٹینر کھڑے کردیے گئے ، فیصل آباد کے دا خلی راستے بھی بند ہیں اور لاہور، پشاور اور فیصل آباد سے اسلام آباد کیلئے جانے والی موٹر ویز بھی بند کردی گئیں۔