Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • بنگلادیش کے صدارتی آفس سے شیخ مجیب الرحمان کی تصویر ہٹادی گئی

    بنگلادیش کے صدارتی آفس سے شیخ مجیب الرحمان کی تصویر ہٹادی گئی

    ڈھاکا: بنگلادیش کے صدارتی آفس سے ملک کے بانی اور سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کے والد شیخ مجیب الرحمان کی تصویر ہٹادی گئی۔

    باغی ٹی وی: بھارتی میڈیا کے مطابق عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر محمد یونس کے معاون خصوصی محفوظ عالم نے تصدیق کی ہےکہ ڈھاکا میں صدر کی سرکاری رہائش گاہ اور دفتر بنگابھبن میں موجود دربار ہال سے شیخ مجیب کی تصویر ہٹادی گئی ہے۔

    ایک روز قبل عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر محمد یونس کے معاون خصوصی کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے بعد حسینہ واجد حکومت کے خلاف طلبہ تحریک کے اہم رہنما محفوظ عالم نے فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ ‘ 71 کے بعد کے فاشسٹ شیخ مجیب کی تصویر دربار ہال سے ہٹادی گئی ہے، یہ ہمارے لیے شرم کی بات ہےکہ ہم 5 اگست کے بعد ان کی تصاویر بنگا بھبن سے نہیں ہٹاسکے’۔

    صدارتی آفس سے شیخ مجیب کی تصویر ہٹانے پر بنگلادیش میں مخالفت میں بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں اور مختلف سیاسی رہنماؤں نے اس کی مذمت بھی کی ہےاپوزیشن جماعت بی این پی نے بھی اس اقدام کی مخالفت کی ہے۔

    بی این پی کے سینئر جوائنٹ سیکرٹری جنرل روح الکبیر رضوی نے اس عمل کو نامناسب قرار دیتے ہوئےکہا ہےکہ 15 اگست 1975 کو شیخ مجیب کے قتل کے بعد خوندکر مشتاق احمد نے بھی صدارتی دفتر سے شیخ مجیب کی تصویر ہٹادی تھی لیکن بعد میں ضیا الرحمان نے تصویر واپس لگوادی تھی۔

    خیال رہے کہ رواں سال 5 اگست کو ملک میں ایک ماہ سے جاری پرتشدد مظاہروں اور ان میں سیکڑوں ہلاکتوں کے بعد بنگلادیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد استعفیٰ دے کر بھارت فرار ہوگئی تھیں، بعد ازاں نگران حکومت نے شیخ مجیب کی پیدائش اور وفات کے موقع پر دی جانے والی عام تعطیلات بھی منسوخ کردی تھیں،اس کے علاوہ بنگلادیشی کرنسی سے بھی شیخ مجیب کی تصویر ہٹا کر نئے ڈیزائن کے نوٹ جاری کرنے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔

  • محکمانہ احتساب میں مزید سختی ، پنجا ب پولیس کےچار اہلکارنوکری سے برطرف

    محکمانہ احتساب میں مزید سختی ، پنجا ب پولیس کےچار اہلکارنوکری سے برطرف

    لاہور: لاہور پولیس نے چیکنگ کے دوران شہری سے 85 ہزار روپے ہتھیانے والے چار اہلکاروں کو نوکری سے برطرف کردیا۔

    باغی ٹی وی : لاہور پولیس کے آپریشن ونگ نے محکمانہ احتساب میں مزید سختی کرتے ہوئے چار اہلکاروں کی نوکری ختم کردی ہےڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر ایس ایس پی آپریشنز نے بعد از انکوائری اہلکاروں کو برطرف کرنے کے آرڈر جاری کر دیئے ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق اہلکاروں کو انکوائری رپورٹ میں قصور وار ثابت ہونے پر ڈسمس کیا گیا ہے۔

    اعلامیے کے مطابق نوکری سے ہٹائے جانے والوں میں ہیڈ کانسٹیبل محمد نواز، کانسٹیبل امتیاز احمد، حمیر الحسن اور نعمان ساجد شامل ہیں جنہوں نے پانچ نومبر کو خیبرپختونخوا کے ضلع چار سدہ کے رہائشی مصطفیٰ اور ادریس کو خریداری کے بعد بس اڈے سے حراست میں لیا اور چیکنگ کے بہانے نامعلوم مقام پر لے گئے تھے برخاست اہلکاروں نے مصطفی اور ادریس سے 85 ہزار روپے ہتھیائے جس کا انہوں نے دوران تفتیش اعتراف بھی کرلیا ہے۔

    ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ عوام کو تنگ کرنے اور قانون شکنوں کی محکمہ میں کوئی جگہ نہیں ہے، لاہور پولیس خوداحتسابی کے تمام اصولوں پر سختی سے عمل پیرا ہے، افسر ہو یا اہلکار، اختیارات سے تجاوز کرنے پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت لاہور پولیس کے تمام افسران روزانہ مسائل سنتے ہیں، لاہور پولیس سے متعلق شکایت کی سنوائی متعلقہ دفتر میں نہ ہو تو شہری میرے دفتر بلاجھجک آسکتے ہیں۔

    دوسری جانب نجاب پولیس میں کانسٹیبلز کی بھرتیوں کا ریکارڈ غائب کر دیا گیا ہے جس کا بھانڈا آڈیٹر جنرل کی سالانہ رپورٹ میں پھوڑا گیا ہے۔

    آڈیٹر جنرل کی جانب سے سال 2023-2024 کی آڈٹ رپورٹ پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ ضلع ننکانہ صاحب میں 171 کانسٹیبل اور لیڈی کانسٹیبل کی بھرتیاں ہوئیں جس کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریکارڈ موجود نہ ہونے سے بھرتی کے عمل کی شفافیت اور درستگی پر سوالیہ نشان ہے، ریکارڈ کی عدم موجودگی انتظامی غفلت کا نتیجہ ہے، متعلقہ شعبے کو ریکارڈ پیش کرنے بارے خطوط لکھے گئے لیکن اب تک ریکارڈ پیش نہیں کیا گیا۔

    آڈٹ رپورٹ میں معاملے کے ذمہ داروں کیخلاف تادیبی کارروائی کرنے کی سفارش کی گئی اور کہا گیا ہے کہ بھرتی کے عمل کا سارا ریکارڈ بھی آڈٹ آفس میں جمع کروایا جائے۔

  • مغربی کنارے کو اگلے سال اسرائیل میں مکمل طور پر ضم کیا جائے گا،اسرائیلی وزیر

    مغربی کنارے کو اگلے سال اسرائیل میں مکمل طور پر ضم کیا جائے گا،اسرائیلی وزیر

    تل ابیب: اسرائیل کے انتہا پسند وزیر خزانہ بیتسالل اسموترچ نے کہا ہے کہ مغربی کنارے کو اگلے سال اسرائیل میں مکمل طور پر ضم کیا جائے گا۔

    غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق وزیر خزانہ نے صحافیوں کے سوال پر کہا کہ انہیں امید ہے کہ امریکا میں ٹرمپ انتظامیہ مغربی کنارے پر اسرائیل کی خود مختاری کو تسلیم کرے گی، اگرچہ اس معاملے پر ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے لیکن مستقبل کی امریکی حکومت کے ساتھ یہ معاملہ زیر بحث آسکتا ہے۔

    باخبر اسرائیلی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکومت ٹرمپ کی جیت کو مغربی کنارے کے الحاق کا ایک بہترین موقع سمجھتی ہے اور یہ مسئلہ اس وقت اسرائیلی مقتدر حلقوں میں زیر بحث ہے۔

    ان ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو 20 جنوری کو ٹرمپ کی تقریب حلف برداری کے فوراً بعد مغربی کنارے پر خودمختاری نافذ کرنے کی تجویز پیش کریں گے۔

    دوسری طرف ٹرمپ انتظامیہ کے کم از کم دو عہدیداروں نے سینیر اسرائیلی وزرا کو یہ خیال پیش کرنے کے خلاف متنبہ کیا ہےتین با خبر ذرائع نے ’ٹائمز آف اسرائیل‘ کو بتایا کہ منتخب صدر اپنی دوسری مدت کے دوران مغربی کنارے کے اسرائیل کے الحاق کی حمایت کریں گے۔

    دوسری جانب فلسطینی صدر محمود عباس کے ترجمان کی جانب سے اسرائیلی وزیر خزانہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس قسم کے بیانات اسرائیلی حکومت کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مغربی کنارے کو اسرائیل میں ضم کرنے کی نیت کو ظاہر کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ اسرائیل کے انتہا پسند وزیر خزانہ کئی برسوں سے مغربی کنارے پر اسرائیلی خودمختاری کا مطالبہ کرتے آرہے ہیں۔

  • ہمارا ڈر ختم ہو گیا ہے،ہمیں ڈرانے کی کوشش میں حکومت خود ڈر جائے گی،شیر افضل مروت

    ہمارا ڈر ختم ہو گیا ہے،ہمیں ڈرانے کی کوشش میں حکومت خود ڈر جائے گی،شیر افضل مروت

    شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ ہمیں حکومت سے خیر کی کوئی توقع نہیں، اڈیالہ جیل کا نیا سپرنٹنڈنٹ عمران خان اور پی ٹی آئی کو پریشان کرنے کے لیے لایا گیا ہے۔

    باغی ٹی وی : شیر افضل مروت نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس بار اگر حتمی احتجاج میں ہم ناکام ہوگئے تو پھر چھ ماہ تک ماحول نہیں بن سکے گا، پاکستان کے کسی بھی علاقے سے دو سے تین لاکھ لوگ نکل آئے تو کافی ہوں گے،ہم نے پی ٹی آئی کے کارکنوں اور عوام کے ذہن میں بٹھانا ہے کہ یہ فائنل احتجاج ہے، اس لیے تیاری کے ساتھ آنا ہے کیونکہ گرفتاری کے ساتھ کسی بھی طرح کے حالات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

    شیر افضل مروت نے کہااکہ بنگلہ دیش میں تین لاکھ شہری باہر نکلے اور حکومت کا تختہ الٹ دیا، پاکستان میں ایسا کیوں نہیں ہوسکتا، آج ہمارے تین اہم رہنماؤں کو اڈیالہ جیل میں گرفتار کرکے حکومت اپنا چہرہ دنیا کے سامنے لائی، عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ دینا ہائیکورٹ کے احکامات کے خلاف ہے، دفعہ 144 کا جیل کے احاطے میں اطلاق نہیں ہوتا۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں حکومت سے خیر کی کوئی توقع نہیں، اڈیالہ جیل کا نیا سپرنٹنڈنٹ عمران خان اور پی ٹی آئی کو پریشان کرنے کے لیے لایا گیا ہے،لوگوں کو اس سے قبل تھانے، کچہری اور جیل سے ڈر لگتا تھا لیکن اب دو ڈھائی سالوں میں وہ ڈر ختم ہوگیا ہے، اب ہمیں ڈرانے کی کوشش میں حکومت خود ڈر جائے گی۔

  • موسمیاتی تبدیلی حالیہ دور کے اہم ترین مسائل میں سے ایک ہے،وزیر اعظم شہباز شریف

    موسمیاتی تبدیلی حالیہ دور کے اہم ترین مسائل میں سے ایک ہے،وزیر اعظم شہباز شریف

    باکو: وزیراعظم شہباز شریف کی جمہوریہ چیک کے وزیر اعظم سے ملاقات ہوئی-

    باغی ٹی وی : وزیر اعظم شہباز شریف کی آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں کلائیمٹ ایکشن سربراہی اجلاس کے موقع پر جمہوریہ چیک کے وزیر اعظم پیٹر فیالا سے ملاقات ہوئی اور وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کا ذکر کیا جو دوطرفہ اور کثیرالجہتی شعبوں پر محیط ہیں، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون بڑھانے کے مواقع بالخصوص اقتصادی ترقی اور مشترکہ علاقائی اور عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تعاون پر گفتگو کی۔

    اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور جمہوریہ چیک کی اقتصادی ترقی اور خوش حالی کے لیے تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا، وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کے اسٹریٹجک محل وقوع اور وسطی ایشیا کے گیٹ وے کے طور پر استعداد پر بھی روشنی ڈالی اور چیک جمہوریہ کی کمپنیوں کو پاکستان میں توانائی، ٹیکنالوجی اور مینوفیکچرنگ سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے مستفید ہونے کی دعوت دی۔

    پیٹر فیالا اور شہباز شریف نے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے علاقائی سلامتی اور پائیدار ترقی جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مستقل کوششوں کی ضرورت پر اتفاق کیاوزیر اعظم شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی حالیہ دور کے اہم ترین مسائل میں سے ایک ہے، جس کے لیے اجتماعی عالمی اقدامات کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک ہونے کے باوجود ماحولیاتی استحکام اور موسمیاتی اثرات سے بچاؤ کے اقدامات کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

    شہباز شریف نے زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے مؤثر طریقے سے نمٹنے، گرین انرجی کو فروغ دینے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے جمہوریہ چیک سمیت بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون ضروری ہے۔

  • سموگ فصل جلنے سے نہیں، اصل حکمرانوں نے ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا ہوا ہے، خواجہ آصف

    سموگ فصل جلنے سے نہیں، اصل حکمرانوں نے ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا ہوا ہے، خواجہ آصف

    اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اصل حکمرانوں نے اس معاملے پر ہمیں ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا ہوا ہے۔

    باغی ٹی وی : سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر خواجہ آصف نے سموگ سے متعلق ایک چارٹ شیئر کیا جس میں بتایا گیا ہے کہ سب سے زیادہ فضائی آلودگی کی وجہ ٹرانسپورٹ ہے، اس کے بعد فصلوں کا جلانا، پھر کچرے کو نذر آتش کرنا دوسری اور تیسری بڑی وجوہات ہیں۔

    اس چارٹ کو شیئر کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ صرف شور ہے کہ سموگ چاول کی فصل کی باقیات جلانے سے ہوتی ہے، اس چارٹ کو دیکھیں تو آپ کو اصلی ملزم نظر آئیں گے جن کا اس معاملے میں نام ہی نہیں آتا،فصلوں کی باقیات تو موہنجوداڑو کے وقت سے ہر سال جلائی جارہی ہیں تاہم ہمارے اصل حکمران یعنی انتظامیہ/ نوکر شاہی executive نے ہمیں ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا ہوا ہے کہ سموگ یا فضائی آلودگی کی بڑی وجہ فصلیں جلانا ہے۔

    انہوں نے لکھا کہ سموگ بھارت سے امپورٹ ہو رہی ہے کیونکہ ہوا مشرق سے مغرب کی طرف چل رہی ہے، جب مغرب سے مشرق کی طرف چلے گی تو پھر کیا ہوگا ‏چند روز پہلے لاہور کے جج شاہد کریم صاحب نے مارکیٹیں 8 بجے شام بند کرنے کا فیصلہ سنایا جس پر عمل درآمد باقی ہے، پاکستان اور خصوصاً پنجاب کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ یہاں مارکیٹیں دوپہر کے بعد یعنی 2 بجے کے قریب کھلتی ہیں اور آدھی رات کے بعد یعنی 2 بجے کے بعد تک کھلی رہتی ہیں-

    انہوں ںے لکھا کہ محترم تاجر حضرات رات دیر سے گھر آتے ہیں تو بچے سوئے ملتے ہیں صبح بچے اسکول جاتے ہیں تو ابا حضور سورہے ہوتے ہیں، مارکیٹوں کے اوقات کا یہ منفرد اعزاز دنیا میں صرف وطن عزیز کو حاصل ہے،‏ تاجر تنظیمیں ایک بڑی قوت ہیں اور وہ ان منفرد اوقات کو تبدیل کرنے کی حامی نہیں، ہم سیاست دانوں کی بھی سیاسی دکان داری ہے کہ ہم مصلحتوں کا شکار ہیں کہ ہمارے کاروبار سیاست کو کوئی زک نہ پہنچے۔

  • کے پی حکومت کا  پی آ ئی اے کی نجکاری بولی میں حصہ لینے کیلئے حکومت کو ایک اور خط

    کے پی حکومت کا پی آ ئی اے کی نجکاری بولی میں حصہ لینے کیلئے حکومت کو ایک اور خط

    پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی نجکاری بولی میں حصہ لینے کیلئے حکومت کو ایک اور خط لکھ دیا ہے۔

    باغی ٹی وی : خیبرپختونخوا انوسٹمنٹ بورڈ نے وزیر نجکاری عبدالعلیم خان کے نام دوسرا خط ارسال کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پہلے خط کو 10 دن گزر چکے، لیکن کوئی جواب نہیں دیا گیا انوسٹمنٹ بورڈ پی آئی اے نجکاری میں حصہ لینے کے لیے تیار ہے، خیبرپختونخوا انوسٹمنٹ بورڈ آپ کے جواب کا منتظر ہے-

    واضح رہے کہ خیبرپختونخوا حکومت 10 ارب سے زائد بولی کے ذریعے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) خریدنے کی خواہاں ہیں، اس حوالے سے خیبر پختونخوا بورڈ آف انوسٹمنٹ کی جانب سے وفاقی وزارت نجکاری کو پہلے بھی ایک خط لکھا جا چکا ہے۔

    چند روز قبل اسلام آباد میں پی آئی کی نجکاری کے لیے بلیو ورلڈ سٹی کنسورشیم کی بولی کھولنے کے لیے تقریب منعقد ہوئی تھی جہاں واحد بولی دہندہ نے پی آئی اے کے 60 فیصد شیئرز کی صرف 10 ارب روپے کی بولی لگائی تھی۔

    وفاقی وزارت نجکاری کی جانب سے بولی کے لیے کم از کم 85 ارب 3 کروڑ روپے کی حد مقرر کی تھی جبکہ بولی دہندہ نے 10 ارب روپے سے رقم بڑھانے سے انکار کردیا تھا پی آئی اے کے اثاثوں کی مالیت 152 ارب روپے ہے اسی لیے نجکاری حکام نے سر پکڑ لیا تھا اور بڈ دیکھ کر پریشان ہوگئے تھے۔

    بولی دہندہ کنسورشیم کے نمائندہ اور چیئرمین بلیوورلڈ چوہدری سعد نذیر کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے ذمہ 200 ارب روپے کے واجبات ہیں، 85 ارب روپے میں تو نئی ایئر لائن کھڑی ہوجائے گی۔

  • چین کا ایک بار پھر پاکستان میں اپنی فورس تعینات کرنے پر زور

    چین کا ایک بار پھر پاکستان میں اپنی فورس تعینات کرنے پر زور

    چین کی جانب سے گزشتہ ماہ کراچی میں چینی انجینیئرز پر ہونے والے حملےکے بعد چین نے ایک بار پھر پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی سکیورٹی کیلئےاپنی فورس تعینات کرنے پر زور دیا ہے۔

    باغی ٹی وی : ”روئٹرز“ کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ چین نے گزشتہ ماہ کراچی میں حملے کے بعد پاکستان میں اپنے باشندوں پر حملے روکنے میں ناکامی پر ناراضی کا اظہار کیا اور پاکستان کو مشترکہ سیکیورٹی مینجمنٹ سسٹم کے لیے مجبور کیا تھا، پاکستان کے پانچ سکیورٹی اور حکومتی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس حوالے سے تفصیلات فراہم کی ہیں۔

    چینی باشندوں پر حملے کے بعد پاکستان اور چین کے درمیان مذاکرات میں شریک ایک سرکاری اہلکار نے روئٹرز کو بتایا کہ چین کی جانب سے ایک بار پھر پاکستان میں اپنی فورس تعینات کرنے پر زور دیا گیا ہے، لیکن پاکستان کی جانب سے ابھی تک اس سے اتفاق نہیں کیا گیایہ بات واضح نہیں ہوسکی کہ چین اپنے باشندوں کی سکیورٹی کیلئے اپنی فورسز پاکستان میں تعینات کرنا چاہتا ہے یا وہ اس کیلئے نجی سکیورٹی کانٹریکٹرز کی خدمات حاصل کرے گا۔

    دوسری جانب ابھی تک پاکستان یا چین کی جانب سے بھی دوطرفہ مذاکرات کے حوالے سے کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا ہے۔

    اسلامی تاریخ کی اہم ترین جنگ قادسیہ کا درست مقام تلاش

    روئٹز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ دونوں ممالک مشترکہ سکیورٹی مینجمنٹ سسٹم قائم کریں گے، لیکن اس بات پر اتفاق نہیں ہوسکا کہ چین کی سکیورٹی فورسز پاکستان میں تعینات ہوں، میٹنگ میں شریک سرکاری اہلکار نے بتایا کہ پاکستان نے چین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان میں اپنے سکیورٹی اہلکار تعینات کرنے کے بجائے پاکستان کو انٹیلیجینس اور سرویلنس کا نظام بہتر بنانے میں مدد فراہم کرے۔

    چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے روئٹرز کو بتایا کہ وہ ان مذاکرات کے حوالے سے کوئی علم نہیں رکھتے، تاہم چین پاکستان میں موجود اپنے باشندوں کی سکیورٹی کیلئے پاکستان کے ساتھ اپنا سکیورٹی تعاون جاری رکھے گا۔

    روئٹرز کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر اور وزارت داخلہ نے رابطہ کرنے پر ردعمل دینے سے گریز کیا۔

    جنوبی کوریا کے معروف اداکار نے خود کشی کر لی

    روئٹرز کے مطابق ایک سرکاری اہلکار نے چینی انجینیئرز پر حملے کو سکیورٹی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حملہ آور کو اندر سے مدد حاصل تھی سہولت کار کو یہ معلوم تھا کہ چینی انجینیئرز نے کب پہنچنا ہے اور کس روٹ کے ذریعے ایئرپورٹ سے باہر نکلیں گے چینی حکام نے حالیہ میٹنگ میں سکیورٹی معاملات پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے سکیورٹی پروٹوکولز کو نظرانداز کرنے کا شکوہ کیا، ’ان پروٹوکولز میں چینی باشندوں کی نقل و حرکت کے دوران بھاری سکیورٹی کی تعیناتی سمیت دیگر ایس او پیز شامل ہیں‘۔

    واضح رہے کہ چینی باشندوں کی سکیورٹی کیلئے پاکستان میں اسپیشل پروٹیکشن یونٹ بھی فعال ہے، جس میں پولیس، فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار شامل ہیں، پاکستان میں چین کے اپنے اہلکار چینی سفارتخانے اور قونصل خانوں کی اندرونی سکیورٹی پر تعینات ہیں، تاہم مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے باشندوں کی سکیورٹی کی ذمہ داری پاکستان پر ہے۔

    چینی شہریوں پر خود کش حملہ آور کے بارے میں نئے انکشافات

    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 6 اکتوبر کو کراچی ایئرپورٹ کے قریب خودکش دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 2 چینی انجینیئرز سمیت 3 افراد ہلاک اور 21 زخمی ہوگئے تھےخود کش حملہ آور نے 100 کلوگرام بارود سے بھرا ٹرک چینی انجینیئرز کی گاڑی سے ٹکرایا تھا، پاکستان میں پاور پلا نٹ پر کام کرنے والے یہ چینی انجینیئرز تھائی لینڈ میں چھٹیاں گزارنے کے بعد واپس پہنچے تھے۔

  • چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارت کو پاکستان ضرور آنا چاہئے،نواز شریف

    چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارت کو پاکستان ضرور آنا چاہئے،نواز شریف

    لندن: پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے ہندوستان کو مشورہ دیا ہے کہ بھارتی ٹیم کو پاکستان آکر کھیلنا چاہیے تاکہ اگر تعلقات کچھ خراب ہیں تو اُن کو بہتر کیا جاسکے۔

    باغی ٹی وی : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز لندن میں واقع ایون فیلڈ ہاؤس پہنچ گئے ہیں، لندن پہنچنے پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنان نے قائدین کا استقبال کیا، کارکنان نے قائدین کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔

    لندن پہنچنے پر نواز شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارت کو پاکستان ضرور آنا چاہئے، پاکستان تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے،اچھا ہوتا بھارتی ٹیم چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان آکر کھیلتی، امید ہے جلد ایسا وقت آئے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ مجھے بھارت کے ساتھ تعلقات سنوارنے میں کوئی مشکل نظر نہیں آتی، پاکستان کے تمام ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہونے چاہئیں پاکستان کے امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات رہے اور رہنے چاہئیں پاکستان تحریک انصاف نے ملک میں بدتمیزی کے کلچر کی بنیاد رکھ دی ہے، نوجوانوں کو لگا دیا گیا ہے کہ گاڑیوں کے پیچھے بھاگو،اور انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ جاؤ لوگوں کی پگڑیاں اچھالو، اگر ان کی قسمت میں احتجاج لکھا ہے تو پھر کسی اچھے طریقے سے کرنا چاہیے، کوئی ایک منصوبہ بتایا جائے جو پی ٹی آئی نے اپنے دور حکومت میں دیا ہو۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں بہتری آنا شروع ہوگئی ہے اور مہنگائی مسلسل نیچے آرہی ہے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سب سے پہلے آٹے اور روٹی کی قیمتیں کم کرنے کے لیے اقدامات کیے، معیشت کی بہتری کے لیے شہباز شریف نے بے پناہ اقدامات کیے، 6 سے 7 سال بعد پاکستان میں اب دوبارہ ترقی ہورہی ہے۔

    اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ اسموگ کا مسئلہ راتوں رات حل نہیں ہوسکتا، تاہم چند سال میں اس مسئلے کو حل کردیں گے۔

  • بلاول کا  اسموگ سے پریشان شہریوں کو کراچی منتقل ہونے کا مشورہ

    بلاول کا اسموگ سے پریشان شہریوں کو کراچی منتقل ہونے کا مشورہ

    کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملک کے دیگر شہروں میں اسموگ سے پریشان شہریوں کو کراچی منتقل ہونے کا مشورہ دے دیا۔

    باغی ٹی وی : پاکستان میں اسموگ اتنی زیادہ ہو گئی ہے کہ خلا سے بھی نظر آنے لگی ہے، شدید دھند اور اسموگ کی وجہ سے فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہےجب کہ موٹرویز کو بھی مختلف مقامات پر ٹریفک کے بند کرنا پڑ رہا ہے،پنجاب حکومت نے بڑھتی اسموگ اور فضائی آلودگی کے باعث صوبے کے تمام اضلاع کے نجی و سرکاری اسکول بند کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

    پنجاب میں بڑھتی ہوئی اسموگ اور فضائی آلودگی کے باعث تمام اسکولوں کو 17 نومبر تک مکمل بند رکھنے اور نجی اداروں کے نصف عملےکو آن لائن شفٹ کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے،وہیں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملک کے دیگر شہروں میں اسموگ سے پریشان شہریوں کو کراچی منتقل ہونے کا مشورہ دے دیا۔
    smog
    بلاول بھٹو زرداری نے ایکس پر جاری بیان میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے شہروں میں آلودگی کی تفصیل بھی شیئر کی ، جس میں بڑے شہروں میں اے کیو آئی پوائنٹس کی تفصیلات بھی موجود ہیں-