Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • اسحاق ڈار کی عرب و اسلامی سربراہی اجلاس میں شرکت،غزہ میں جاری نسل کشی کےخاتمے کا مطالبہ

    اسحاق ڈار کی عرب و اسلامی سربراہی اجلاس میں شرکت،غزہ میں جاری نسل کشی کےخاتمے کا مطالبہ

    ریاض: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ریاض میں غیر معمولی عرب و اسلامی سربراہی اجلاس میں شرکت کی ہے۔

    باغی ٹی وی : محمد اسحاق ڈار نے اجلاس میں اپنے خطاب میں اسرائیل کے فلسطینی عوام کے خلاف جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کی شدید مذمت کی اور ان جرائم پر احتساب کا مطالبہ کیا،وزیر خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں اسرائیلی جارحیت پر تشویش کا اظہار کیا جو خطے میں امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔

    انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں جاری نسل کشی کا خاتمہ کرے،نائب وزیراعظم نے مسئلہ فلسطین کے حوالے سے او آئی سی اور عرب لیگ کی غیر متزلزل وابستگی کو سراہا۔

    دوسری جانب قطر نے اسرائیل اور فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے درمیان ثالثی کی اپنی کوششیں عارضی طور پر روک دیں، بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ قطر نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے مذاکرات میں ثالث کے طور پر اپنے کردار کو معطل کر دیا ہے قطر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جب حماس اور اسرائیل مذاکرات کے لیے اپنی آمادگی ظاہر کریں گے تو ہم اپنا کام دوبارہ شروع کردیں گے۔

    یہ پیشرفت اُس وقت سامنے آئی ہے جب سینیئر امریکی حکام نے مبینہ طور پر کہا تھا کہ امریکا قطر میں حماس کے نمائندوں کی موجودگی کو مزید قبول نہیں کرے گا اور فلسطینی گروپ پر غزہ میں جنگ کے خاتمے کی نئی تجاویز کو مسترد کرنے کا الزام عائد کیا ۔

    رپورٹس کے مطابق قطر کی وزارت خارجہ نے کہا کہ اس نے 10 دن پہلے مذاکرات کے فریقین کو مطلع کیا تھا کہ اگر مذاکرات کے تازہ ترین دور کے دوران کوئی معاہدہ نہیں ہوا تو قطر حماس اور اسرائیل کے درمیان ثالثی کی اپنی کوششیں روک دے گا قطر ثالثی کی اپنی کو ششوں کو اس وقت دوبارہ شروع کرے گا جب دونوں فریقین جنگ کے خاتمے کے لیے اپنی آمادگی اور سنجیدگی کا مظاہرہ کریں گے۔

    واضح رہے کہ اکتوبر کے وسط میں دوحا میں ہونے والے مذاکرات کا تازہ دور بھی ناکام ہوگیا تھا کیونکہ حماس نے قلیل مدتی جنگ بندی کی تجویز کو مسترد کردیا تھا۔

  • یمن میں وزارت دفاع کے ملازم کی فائرنگ  سے 2 سعودی فوجی جاں بحق اور 1 زخمی

    یمن میں وزارت دفاع کے ملازم کی فائرنگ سے 2 سعودی فوجی جاں بحق اور 1 زخمی

    یمن کے علاقے حضر موت میں سعودی فوجی اڈے میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک افسر اور ایک نان کمشنڈ افسر جاں بحق اور ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔

    عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن میں حکومت مخالف مسلح قوتوں سے برسرپیکار اتحادی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ یمن میں سعودی فوجی اڈے میں فائرنگ کے واقعے میں یمن کی وزارت دفاع کا ایک ملازم ملوث ہےیمن میں فوج کی تربیت اور مدد کے لیے لگائے گئے کسی سعودی فوجی کیمپ میں فائرنگ کا یہ پہلا واقعہ ہے، یمن کی صدارتی کمانڈ کونسل کے سربراہ ڈاکٹر رشاد العلیمی نے واقعے کو دہشت گردی کی کارروائی قرار دیتے ہوئے مجرم کی گرفتاری اور کڑی سے کڑی سزا دلوانے کے عزم کا اظہار کیا۔

    قبل ازیں اتحادی افواج کے سرکاری ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ حملے کرنے والا یمنی وزارت دفاع کا ملازم یمن کے باوقار عوام کی ترجمانی نہیں کرتا، یہ واقعہ جمعہ کی شام کو سیؤن شہر میں اتحادی افواج کے کیمپ کے اندر پیش آیا سعودی افواج پر غدارانہ حملہ یمنی ڈیفنس فورسز کے ایک رکن نے کیا تھا اور یہ پہلا افواج کی تربیت اور مدد کے لیے ایک کیمپ میں کیا گیا تھا۔

    اتحادی فوج نے اس بات پر زور دیا کہ یہ حملہ یمنی دفاعی فورسز کے ایک رکن نے کیا جو یمن کے باوقار عوام کی نمائندگی نہیں کرتا، انہوں نے کہا کہ یمنی وزارت دفاع کے ساتھ مل کر اس کی وجوہات اور محرکات کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات کی جائیں گی، مجرم کی گرفتاری اور انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے مل کر کام کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ یمن میں حکومتی تنازع کے باعث 2014 سے سعودی قیادت میں اتحادی افواج اور حوثی باغیوں کے درمیان جنگ جاری ہے جس میں 3 لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ جنگ کے آغاز سے تاحال 40 لاکھ افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔

  • دہشت گردوں کا سر کچلنے کیلئے پوری طاقت سے  کارروائی  کا فیصلہ

    دہشت گردوں کا سر کچلنے کیلئے پوری طاقت سے کارروائی کا فیصلہ

    کوئٹہ: وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اجلاس ہوا،جس میں کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے خودکش دھماکے کی ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی-

    باغی ٹی وی: وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے ،اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ شہاب الدین، آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

    اعلامیے کےمطابق اجلاس میں شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی گئی، اجلاس میں گزشتہ روز کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے خود کش دھماکے کے بعد سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اجلاس میں کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والےخودکش دھماکے کی ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی، اجلاس میں دہشت گردوں کا سر کچلنے کے لیے پوری طاقت سے فیصلہ کن اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا، دہشتگردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن بڑھائے جائیں گے۔

    اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے بلوچستان حکومت سے ہرممکن تعاون کریں گے، بلوچستان حکومت کو ترجیحی بنیاد پر ضروری وسائل کی فراہمی کا اعلان کرتا ہوں، بلوچستان پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر فورسز کی تربیت اور استعداد بڑھانے میں تعاون کریں گے، شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں، شہداء کی قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا وفاقی حکومت کے تعاون سے پولیس اور لیویز کی پیشہ وارانہ استعداد بڑھانے کے اقدامات کریں گے، دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کیلئے پولیس اور لیویز کو جدید خطوط پر استوار کریں گے، پرعزم ہیں کہ بلوچستان سے دہشت گردی کا خاتمہ کرکے دم لیں گے، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے شکر گزار ہیں کہ وقتاً فوقتاً بلوچستان کا دورہ کرکے بحالی امن کیلئے متحرک کردار ادا کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے خود کش دھماکے میں 27 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوئےتھے، خودکش بمبار نے سامان میں 7 سے 8 کلو گرام بارودی مواد چھپا رکھا تھا جو اس نے جعفر ایکسپریس کے ٹریک پر پہنچنے سے پہلے اڑا دیا تھا۔

  • آسٹریلیا کیخلاف فتح: آج کی فتح نے پوری قوم کے چہروں پر خوشیاں بکھیر دی ہیں،محسن نقوی

    آسٹریلیا کیخلاف فتح: آج کی فتح نے پوری قوم کے چہروں پر خوشیاں بکھیر دی ہیں،محسن نقوی

    لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور سابق کرکٹر وسیم اکرم نے آسٹریلیا کو ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے سیریز میں شکست دینے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

    باغی ٹی وی : پاکستان نے پرتھ میں کھیلے گئے تیسرے اور فیصلہ کن ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر 22 برس بعد آسٹریلیا کو ان کے ہوم گراؤنڈ میں شکست دی۔

    صدر مملکت آصف زرداری نے قومی ٹیم کو تاریخی فتح پر مبارکباد اور 22 سال بعد آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز جیتنے پر شاباشی بھی دی۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کو مبار کباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم بہترین بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ہمیں اپنی کرکٹ ٹیم پر فخر ہے۔

    محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دے کر کھلاڑیوں نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا، تاریخی جیت پر تمام کھلاڑی اور مینجمنٹ تعریف کے مستحق ہیں، قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے فیلڈنگ، بولنگ اور بیٹنگ میں آسٹریلیا کو آؤٹ کلاس کیا، آج کی فتح نے پوری قوم کے چہروں پر خوشیاں بکھیر دی ہیں، 8 وکٹوں سے کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔

    چیمپئنزٹرافی: بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کا بیان سامنے آگیا

    انہوں نے کہا کہ پاکستانی بالر نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے عمدہ بولنگ کرکے آسٹریلیا کو کم سکور پر آؤٹ کیا، صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے ایک بار پھر ذمہ داری سے بلے بازی کرکے فتح دلائی جبکہ بابر اعظم اور محمد رضوان نے بھی بہترین بیٹنگ کی،میرا یقین ہے کہ جذبے، محنت اور عزم سے کیے ہر کام میں کامیابی ملتی ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستان ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ شاہینوں نے کینگروز کو ہوم گراؤنڈ پر ہراکر تاریخ رقم کی۔

    دوسری جانب وسیم اکرم نے قومی ٹیم کی تاریخی فتح پر کھلاڑیوں اور پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ میں پوری قوم سے یہی کہوں گا کہ ہماری ٹیم کا مستقبل بہت روشن ہے، ان لڑکوں کو سپورٹ کرتے رہیں، یہ لڑکے آخری وقت تک لڑتے ہیں، ٹیم چاہے ہارے یا جیتے ان لڑکوں کو سپورٹ کریں۔

    پاکستان نے آسٹریلیا میں 22 سال بعد ون ڈے سیریز جیت کر تاریخ رقم کردی

    وسیم اکرم نے کہا کہ رضوان نے بطور کپتان فاسٹ بولرز کو بہت اچھے طریقے سے استعمال کیا، کبھی 2 اوور کا اسپیل کروایا کبھی 5 اوورز کا اسپیل کروایا، جب ٹیم کو وکٹ کی ضرورت پڑی تو انہوں نے حارث رؤف کو استعمال کیا اور بریک تھرو حاص کیا، آج شاہین آفریدی نے بہت اچھی بولنگ کی، انہوں نے نئی گیند کو دونوں جانب سوئنگ کیا، اب آگے ٹی ٹوئنٹی سیریز ہے، امید ہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی اچھی رہے گی۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کی آسٹریلیا کے خلاف سیریز جیتنے پر قوم کو مبارکباد دی۔

  • کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر بم دھماکے کی  مذمت کیلئے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع

    کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر بم دھماکے کی مذمت کیلئے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع

    لاہور: کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر بم دھماکے اور جانوں کے ضیاع کی بھرپور مذمت کے لیے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی گئی۔

    باغی ٹی وی : قرارداد آئی پی پی کے صوبائی جنرل سیکریٹری اور پی پی 149 سے ایم پی اے شعیب صدیقی نے پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی جس میں غیر ملکی ایجنسیوں کی پاکستان میں مداخلت اور دہشت گردی کی کارروائیوں کی مذمت کی گئی، شعیب صدیقی کی قرارداد میں 27 ہلاکتوں پر اظہار افسوس اور 50 سے زائد زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی گئی ہے۔

    قرارداد کے متن کے مطابق پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان ملک کی تمام صوبائی اکائیوں کو یک جان سمجھتا ہے اور یہ ایوان اعادہ کرتا ہے کہ ملک کے چپے چپے کی حفاظت کے لیے قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،یقین ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت کر ملک میں امن و امان قائم کریں گے۔

    شعیب صدیقی نے قرارداد میں کہا کہ صدر استحکامِ پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کی قیادت میں ملکی تعمیر و ترقی میں حصہ ڈال رہے ہیں، ظلم کی رات جلد ہی امن کے اجالوں میں ڈھل جائے گی۔ شہداء کے خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحتیاب کرے، قرارداد کا مقصد ایوان میں دہشت گردی کے خلاف موقف کو اجاگر اور قومی اتحاد کا اظہار کرنا ہے۔

  • نو منتخب صدر ٹرمپ  صدر جوبائیڈن سے بدھ کو ملاقات کریں گے

    نو منتخب صدر ٹرمپ صدر جوبائیڈن سے بدھ کو ملاقات کریں گے

    واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن اور نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ بدھ کو وائٹ ہاؤس میں ملاقات کریں گے۔

    باغی ٹی وی :امریکا میں روایتی طور پر سبکدوش صدر نئے منتخب صدر سے ملاقات کرتا ہے، 2020 میں انتخابات ہارنے پر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس روایت کو توڑ دیا تھا اور نومنتخب صدر جوبائیڈن سے ملاقات نہیں کی تھی، تاہم اب وائٹ ہاؤس کے مطابق نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدر بائیڈن کی دعوت کو قبول کر لیا، ملاقات بدھ کی صبح 11 بجے اوول آفس میں ہو گی۔

    واضح رہے کہ 5 نومبرکو ہونے والے صدارتی انتخابات میں ڈونلڈٹرمپ موجودہ نائب صدرکملا ہیرس کوشکست دینے کے بعد 20 جنوری کو عہدہ سنبھالیں گے۔

    دوسری جانب نیویارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پیرس ماحولیاتی معاہدے سے علیحدگی کی تیاریاں جاری ہیں ، ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم نے ایگزیکٹو آرڈرز اور اعلانات تیار کرلیے ہیں، معاہدے سے علیحدگی کے بعد مغربی زمین کو کان کنی کے لیے کھول دیا جائے گا، ٹرمپ نے اپنی پہلی مدت میں بھی پیرس معاہدے کو غیر موثر قرار دے کر علیحدگی اختیار کرلی تھی،ماحولیاتی تبدیلی پرکاپ انتیس کا سربراہی اجلاس آذربائیجان میں 11 سے 22 نومبر کو ہوگا-

  • چیمپئینز ٹرافی:ایونٹ کی منسوخی کی اطلاعات پر  پی سی بی کا موقف سامنے آ گیا

    چیمپئینز ٹرافی:ایونٹ کی منسوخی کی اطلاعات پر پی سی بی کا موقف سامنے آ گیا

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام کا آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کا شیڈول جاری کرنے کے بارے میں ایونٹ کی منسوخی کی اطلاعات پر موقف سامنے آیا ہے-

    باغی ٹی وی : پی سی بی حکام کا موقف ہے کہ 11 نومبر کو لاہور میں حتمی شیڈول کے اعلان کا کوئی پروگرام تھا ہی نہیں اور ہی اس کا کوئی اعلان کیا گیا تھا، ایونٹ کا پلان ہی نہیں تھا تو منسوخ ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، میڈیا میں آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے شیڈول کے اعلان کی منسوخی پر ایک آفیشل نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر واضح کیا کہ آئی سی سی کی جانب سے ایسا کوئی ایونٹ ترتیب ہی نہیں دیا گیا تھا۔

    بورڈ کی جانب ذرائع نے مزید کہا کہ اگر ایسا کوئی پروگرام فائنل ہوتا تو پی سی بی سے ضرور مشاورت کی جاتی اور پی سی بی ہی اس کا انتظام کرتا، ہوسکتا ہے کہ کسی موقع پر ایسی کوئی بات زیر غور لائی گئی ہو لیکن ایسا کوئی ایونٹ فائنل نہیں ہوا تھا۔

    واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی فروری 2025 میں پاکستان میں شیڈول ہے تاہم ابھی تک بھارتی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں شرکت کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے جبکہ میڈیا رپورٹس سے خبریں پھیلائی جارہی ہیں کہ انڈین ٹیم پاکستان نہیں آئے گی۔

  • چیمپئنزٹرافی: بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کا بیان سامنے آگیا

    چیمپئنزٹرافی: بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کا بیان سامنے آگیا

    ممبئی: آئندہ برس فروری 2025 میں پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنزٹرافی سے متعلق بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کا بیان سامنے آگیا۔

    باغی ٹی وی: چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کی عدم شرکت کے حوالے سے خبریں سامنے آ رہی ہیں تاہم ابھی تک اس حوالے سے باضابطہ طور پر کوئی اعلان سامنے نہیں آیا،دو روز قبل بھارتی میڈیا پر یہ دعویٰ سامنے آیا تھا کہ بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان نہیں جائے گی اور ٹورنامنٹ ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہو گا، بھارت کے میچز دبئی میں کھیلے جائیں گے۔

    پاکستان میں چیمئنز ٹرافی سے متعلق بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کا بیان سامنے آیا ہے،میڈیا سے گفتگو کے دوران جب روہت شرما سے سوال پوچھا گیا کہ کیا بھارتی ٹیم پاکستان جائے گی تو اس پر روہت شرما کا کہنا تھا یہ فیصلہ دونوں کرکٹ بورڈز نے کرنا ہے، ہمارے ہاتھ میں تو ہے نہیں، ہم تو ٹورنامنٹ کے لیے آگے کی طرف دیکھ رہے ہوتے ہیں، ہمیں تو بورڈ جہاں بھیجتا ہے ہم کھیلنے کے لیے پہنچ جاتے ہیں، اگر بورڈ نے پاکستان بھیجا تو ہمیں وہاں کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

  • اسٹیج ڈرامہ کے معروف پروڈیوسر اور ہدایتکار سید فرقان حیدر رضوی  انتقال کر گئے

    اسٹیج ڈرامہ کے معروف پروڈیوسر اور ہدایتکار سید فرقان حیدر رضوی انتقال کر گئے

    ڈیلاس: اسٹیج ڈرامہ کے معروف پروڈیوسر اور ہدایتکار سید فرقان حیدر رضوی امریکا میں انتقال کر گئے۔

    باغی ٹی وی : اہل خانہ نے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سید فرقان حیدر رضوی گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے، سید فرقان حیدر کی نماز جنازہ آج ڈیلاس کے مومن سینٹر میں ادا کی جائے گی، جبکہ ان کی تدفین ڈینٹن مسلم قبرستان میں ہوگی، ان کے اہل خانہ نے تمام احباب سے ان کی مغفرت کے لیے دعا کی درخواست کی ہے۔

    فرقان حیدر نے اسٹیج ڈراموں کی دنیا میں معین اختر اور عمر شریف جیسے فنکاروں کو روشناس کرایا، ان کے ڈرامے ’بکرا قسطوں پر‘، ‘مصیبت در مصیبت’، اور ‘بچاؤ معین اختر’ نے پاکستانی اسٹیج ڈراموں کو عالمی سطح پر پذیرائی دلائی، انہوں نے اپنے دور میں 250 سے زائد اسٹیج ڈرامے پیش کیے، جن میں معاشرتی پیغامات اور حالات حاضرہ کو مرکزی حیثیت دی گئی، انہوں نے حال ہی میں دو ہفتہ قبل ڈیلاس میں اپنا آخری اسٹیج تھیڑ ’‘ دلہا آن لائن’’ پروڈیوس کیا تھا جس میں پاکستان سے انہوں نے کئی فنکاروں کو ڈیلاس مدعو کیا تھا۔

  • ریلوے اسٹیشن پر دھماکہ:پشاور اور کراچی جانے والی 2 ٹرینوں کو بند کرنے کا فیصلہ

    ریلوے اسٹیشن پر دھماکہ:پشاور اور کراچی جانے والی 2 ٹرینوں کو بند کرنے کا فیصلہ

    کوئٹہ: بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر دھماکے کے بعد کوئٹہ سے پشاور کے لیے چلنے والی جعفر ایکسپریس اور کراچی کے لیے چلنے والی بولان میل کو 4 روز کے لیے بند کرنے فیصلہ کرلیا گیا۔

    باغی ٹی وی : میڈیا رپورٹس کے مطابق جعفر ایکسپریس اور بولان میل کو 11 نومبر سے 4 روز کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا، یہ فیصلہ بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا۔

    واضح رہے گزشتہ روز کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر خودکش دھماکے میں 27 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد افراد زخمی ہو گئے تھے جعفر ایکسپریس نے 9 بجے پشاور کے لیے روانہ ہونا تھا، ٹرین ابھی تک پلیٹ فارم پر نہیں لگی تھی کہ دھماکا ہو گیا، دھماکا ریلوے اسٹیشن پر ٹکٹ گھر کے قریب ہوا جبکہ دھماکے کا مقدمہ نامعلوم افراد کےخلاف سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلیا گیا، آٹھ دس کلو بارودی مواد کا بیگ اٹھائے خودکش حملہ آور نے جعفر ایکسپریس کا انتظار کرتے مسافروں کے درمیان پہنچ کر خود کو دھماکے سے اُڑالیا تھا۔