مظفرگڑھ ۔ سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش کرنا مہنگا پڑ گیا۔ نوجوان اسلحہ سمیت گرفتار پولیس ذرائع کے مطابق مظفرگڑھ کے نواحی علاقہ محمود کوٹ تھانہ کے ایس ایچ او ملک عمران حمید ماڑھا نے فیس بک پر اسلحہ کی نمائش کرنے والے نوجوان صادق حسین کو تلاش کرکے گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا ہے اس سے ایک کلاشنکوف بھی برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
Author: Regional News

سیاح ڈوب گئے، دو بچوں کو زندہ بچا لیا گیا، جبکہ باپ کی تلاش جاری
بٹگرام۔ اسلام آباد سے آئے سیاح باپ اور دو بچے دریائے سندھ میں ڈوب گئے، دو بچوں کو زندہ نکال لیا گیا ہے جبکہ باپ کی تلاش کا کام جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سے آئے ہوئے سیاح دریا کے کناے پانی میں کھیل رہے تھے کہ اچانک دریا کی بے رحم موجوں کی نذر ہو گئے۔ مقامی غوطہ خور نے دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو بچوں کو پانی سے زندہ نکال دیا جہیں مقامی افراد نے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا۔ واقعہ کی اطلاع پر ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ دریا میں ڈوب جانے والے شخص کی تلاش کا کام جاری ہے۔ افسوسناک واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر بٹگرام عبدالحمید خان بمعہ ریسکیو 1122 کی تیراک ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اظہر خان اور پولیس حکام بھی موقع پر موجود ہے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دونوں بچوں کو زندہ نکال لیا گیا ہے جبکہ ان کے والد کی تلاش کا کام جاری ہے

گراؤنڈ میں ہونے والے جھگڑے میں زخمی ہونے والا کرکٹر دم توڑ گیا
کرکٹ کھیلتے ہوئے جھگڑے کے دوران زخمی ہونیوالا نوجوان دم توڑ گیا
فیصل آباد۔ کرکٹ کھیلتے ہوئے جھگڑے کے دوران زخمی ہونیوا لا نوجوان دم توڑ گیا۔ پولیس نے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔تفصیلات کے مطابق کرکٹ کھیلتے ہوئے تلخ کلامی پر تشدد کا نشانہ بننے والا نوجوان ہسپتال میں دم توڑ گیا۔واقعہ تھانہ بلوچنی کے نواحی علاقہ چکنمبر 54 رب میں پیش آیا۔دو روز قبل کرکٹ کھیلتے ہوئے مقتول محمد عمار اور عمر فاروق کے درمیان جھگڑا ہوا تھاجھگڑے کے دوران عمر فاروق نے بیٹ کے وار کر کے محمد عمار کو شدید زخمی کر دیا تھا۔مقتول محمد عمار دو دن ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔پولیس نے اطلاع ملنے پر نعش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹمارٹم کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔پولیس نے مقتول محمد عمار کے والد نوید الحسن کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ضابطہ کی کارروائی شروع کردی۔

بہن کے رشتہ سے منع کرنے پر نوجوان کو قتل کردیاگیا
قصور۔:کنگن پور کے نواح شامکوٹ نومیں رشتہ کے تنازعہ پر فائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کردیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق نواحی علاقہ شام کوٹ نو کے رہائشی مقتول شفیق کے والد محمدسرورنے پولیس تھانہ کنگن پورمیں مقدمہ درج کروایا کہ کچھ عرصہ قبل ملزم امجد نے شفیق کی ہمشیرہ کا رشتہ مانگاتھا،انکار کرنے پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی۔گزشتہ رات امجدوغیرہ نے فائرنگ کرکے میرے25سالہ بیٹے شفیق کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ پولیس نے موقع پرپہنچ کر نعش کو ہسپتال منتقل کردیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ بات بھی گردش کررہی ہے کہ محمدشفیق نے گھریلو ناچاقی پر دلبرداشتہ ہوکر اپنے آپ کو فائر مار کو موت کو گلے لگالیاہے تاہم پولیس تھانہ کنگن پور مصروف تفتیش ہے

پولیس نے منشیات کی فیکٹری پکڑ لی
پشاور پولیس نے بڑی کاروائی کاروائی کر تے ہوئے منشیات فیکٹری سیل کرکے3ملزمان کو گرفتار کرلیا
پشاور۔ پشاور پولیس نے بڑی کاروائی کاروائی کر تے ہوئے منشیات فیکٹری سیل کرکے3ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان کے قبضے سے اعلی کوالٹی کے 18کلوگرام ہیروئن سمیت منشیات بنانے کا سامان اور دیگر اشیا برآمد ہوئی، ملزمان نے رہائشی علاقے کے مکان میں منشیات کی فیکٹری بنائی تھی، گرفتار ملزمان میں سے دو کا تعلق افغانستان سے ہیں، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن نے ڈپلومہ جات کے سالانہ امتحان کے نتائج کا اعلان کر دیا
لاہور۔ پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن لاہور نے مختلف ڈپلومہ جات،ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجینئر، ڈپلومہ ڈریس ڈیزائنگ اینڈ ڈریس میکنگ، ڈپلومہ ان کامرس، میٹرک ٹیک اینڈ میٹرک ووکیشنل کے پہلے سالانہ امتحان 2020ء کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، چیئرمین ٹیوٹا پنجاب علی سلمان صدیق اور چیئرمین پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن محمد ناظر خان نیازی نے بٹن دبا کر رزلٹ کی اشاعت کی۔ کووڈ 19 پروموشن پالیسی کی منظوری کیلئے چیئرمین بورڈ ناظر خان نیازی نے صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں محمد اسلم اقبال کی ذاتی دلچسپی اور کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ امتحان میں شامل ہونے کیلئے ایک لاکھ 70,726 طلباء وطالبات نے داخلہ بھیجا،کووڈ 19 پروموشن پالیسی کے تحت ایک لاکھ 50,011 کامیاب قرار پائے جبکہ 20715 امیدواران ناکام ہوئے، ان طلبہ کا سپیشل امتحان دسمبر2020ء میں منعقد کیا جائے گا، بورڈ تمام طلبہ کو رولنمبر سلپس پہلے ہی جاری کر چکا ہے۔ رزلٹ بورڈ کی ویب سائٹ(www.pbte.edu.pk) پر جاری کر دیا گیا ہے جبکہ مزید معلومات کیلئے بورڈ کی ویب سائٹ وزٹ کی جا سکتی ہے۔

جواں سالہ لڑکی کے بہیمانہ قتل کے تین ملزمان اسلحہ سمیت گرفتار
دربند پولیس نے برادڑ میں جواں سالہ لڑکی کے بہیمانہ قتل کیس میں نامزد تین ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا
مانسہرہ۔ دربند پولیس نے برادڑ میں جواں سالہ لڑکی کے بہیمانہ قتل کیس میں نامزد تین ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق تین روز قبل ملزمان نے تھانہ دربند کے علاقہ برادڑ میں اپنے گھر میں موجود ایک لڑکی ارم شہزادی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا جس کی ایف آئی آر بابر ولد تاج محمد، علی خان ولد یعقوب، عمران ولد علی خان اور شکیل ولد اورنگزیب کے خلاف درج ہوئی تاہم ملزمان ارتکاب جرم کے بعد فرار ہو گئے۔ ڈی ایس پی سرکل اوگی مراد علی وزیر کی زیر قیادت ایس ایچ او تھانہ دربند طاہر اقبال اور آئی ایچ سی محمد ارشد خان نے دیگر نفری کے ہمراہ پورے علاقہ کی ناکہ بندی اور چھاپوں کا سلسلہ شروع کیا جس پر تین ملزمان علی خان، شکیل اور عمران بالآخر پولیس کے ہاتھ آ گئے جنہیں تھانہ منتقل کر دیا گیا، ملزمان سے دو پستول بھی برآمد ہوئے جبکہ ایک ملزم بابر ابھی تک روپوش ہے۔
بجلی چوروں کا واپڈا ٹیم پر حملہ
ایبٹ آباد . نتھیاگلی میں بجلی چور نے ایک کارروائی کے دوران واپڈا ٹیم پر حملہ کر کے ایس ڈی او کو زخمی کر دیا، پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد بجلی چور کے خلاف تحقیقات شروع کر دی۔ واپڈا سب آفس نتھیاگلی کے اہلکاروں نے گاؤں باگن محلہ ڈنہ میں خفیہ اطلاع پر بجلی چوری کرنے والوں کے خلاف چھاپہ مارا۔ اس موقع پر کے ایس ڈی او شکور خان اور مکول فیڈر کے لائن سپرنٹنڈنٹ اعجاز احمد بھی موجود تھے، منصف عرصہ دراز سے بجلی کے بقایا جات کی ادائیگی نہ کرنے سمیت بجلی چوری میں بھی ملوث رہا ہے۔ واپڈا کے اہلکاروں نے جب چھاپہ مارا تو منصف ولد منظور نے واپڈا ٹیم پر حملہ کر دیا جس سے ایس ڈی او زخمی ہو گئے جس پر واپڈا ملازمین نے مین بازار میں احتجاج شروع کر دیا۔واپڈا ٹیم پر حملہ کرنے والے منصف ولد منظور کے خلاف واپڈا ایکٹ کے تحت پرچہ درج کر کے تلاش شروع کر دی گئی تاہم پولیس ملزم کو گرفتار نہ کر سکی۔ ادھر واپڈا نتھیاگلی ٹیم پر حملہ کی خبر ملتے ہی واپڈا ہائیڈرو یونین کے جمیل تنولی، سردار لیاقت اور ماجد خان نے واپڈا نتھیاگلی کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور تھانہ ڈونگا گلی کے ایس ایچ او اور انچارج چوکی سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر ایف آئی آر میں درج ملزم کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دے۔

نامعلوم افراد کی گھر میں گھس کرفائرنگ سے نوجوان قتل
ایبٹ آباد۔ حویلیاں کے علاقہ سلطان پور میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کرفائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کردیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق جمعہ کی صبح سعودی عرب سے چھٹی پر گھر آنے والا نوجوان مجاہد خان اپنے گھر میں موجود تھا کہ اس دوران نامعلوم ملزمان نے گھر میں گھس کر مجاہد خان پر فائرنگ کی جس سے وہ شدید زخمی ہوگی جسے فوری طورپر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے نوجوان دم توڑ گیا۔ ملزمان ارتکاب جرم کے بعد فرار ہوگئے۔ مقتول کے والد کے مطابق ان کا کسی سے کوئی تنازعہ نہیں ہے۔ان کا بیٹا چھٹی گزار کر سعودی عرب واپس جانے والا تھا۔مقتول کے والد کی رپورٹ پر تھانہ حویلیاں پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

2افرادنے محنت کش کے 5سالہ کمسن بچے کو فائرنگ کرکے قتل کردیا
قصور۔ پتوکی کے نواحی علاقے جمبرخوردمیں رقم کے لین دین کے تنازعہ پر 2افرادنے فائرنگ کرکے محنت کش کے 5سالہ کمسن بچے کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ تفصیلات کیمطابق جمبرخوردکے رہائشی غریب محنت کش محمدریاض جوکباڑکاکام کرتاہے گزشتہ شام اپنی دکان واقعہ جمبرخوردمیں اپنے پانچ سالہ بیٹے عمرفاروق کو گودمیں لیکر بیٹھاہواتھاکہ اس دوران ملزم آصف اورملک عارف‘ محنت کش محمدریاض کی دکان پر آئے اور اپنی رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا‘سائل نے انکی منت سماجت کی کہ کورونا کیوجہ سے کاروبار بری طرح تباہ ہو چکاہے جلدآپ کی رقم واپس کردونگا ‘ملزم آصف نے طیش میں آکرریاض پر فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں ریاض کی گودمیں بیٹھا اسکا 5سالہ بیٹا عمرفاروق فائرلگنے سے موقع پر ہی جاں بحق اور ریاض زخمی ہوگیا‘ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش کواورزخمی ریاض کو تحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال پتوکی منتقل کردیا۔پولیس تھانہ پتوکی مصروف کارروائی ہے








