ایبٹ آباد۔ (اے پی پی) نواں شہر پولیس نے یونین کونسل ککمنگ کے گاؤں ریالی میں صدام نامی نوجوان کے قتل میں نامزد ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق پولیس کو چند روز قبل گاؤں ریالی میں صدام کی نعش ملی تھی، نوجوان کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔ مقتول نوجوان کے والد خورشید کی مدعیت میں تھانہ نواں شہر میں نامزد ملزم جہانگیر ولد رفیق کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ ایس ایچ او تھانہ نواں شہر طارق خان نے مخبر کی اطلاع پر پولیس نفری کے ہمراہ چھاپہ کے دوران ملزم جہانگیر کو گرفتار کر کے ملزم کے قبضہ سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا
Author: Regional News

گورنر سندھ سے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر کی ملاقات
کراچی۔ (اے پی پی) گورنر سندھ عمران اسماعیل سے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر شاہ غلام قادر نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں گورنر سندھ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ریاستی ظلم و بربریت کی مثال دنیا میں نہیں ملتی جبکہ بھارتی ریاستی دہشت گردی سے پورے خطے کے امن کو خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج دنیا میں امن کا دن منایا جا رہا ہے جبکہ بھارت میں اس کی بھرپور خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ ملاقات میں آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر شاہ غلام قادر نے عالمی برادری سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ کشمیریوں کو بھارت کے ظلم و ستم سے نجات دلانے کے لئے بھارتی حکومت پر زور ڈالے۔

سیشن جج اختر بہادر خان سپیشل جج کسٹم کورٹ راولپنڈی تعینات
لاہور۔(اے پی پی)لاہور ہائیکورٹ نے سیشن جج اختر بہادر خان کو سپیشل جج کسٹم کورٹ راولپنڈی تعینات کردیا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی منظوری کے بعد رجسٹرار نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔جس کے مطابق اختر بہادر خان کو تین سال کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔جج اختر بہادر خان کو 23 ستمبر تک چارج سنبھالنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس،سماعت 23 ستمبرتک ملتوی
ملتان۔(اے پی پی)ماڈل کورٹ ملتان نے قندیل بلوچ قتل کیس میں ڈی ایس پی عطیہ جعفری کے بیانات پر جرح مکمل ہونے اور مزید بحث کے لیے سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کردی ہے۔ فاضل عدالت میں سماعت کے دوران ڈی ایس پی عطیہ جعفری پیش ہوئیں جن کے بطور گواہ قلمبند کرائے گئے بیانات پر کیس کے مرکزی ملزم وسیم کے وکیل کی جانب سے جرح مکمل کرلی گئی ہے۔سماعت کے دوران ملزمان وسیم، مفتی عبدالقوی، عبدالباسط، حق نواز, ظفر بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

آزادکشمیر کا ہر بچہ جوان بوڑھا اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی مدد کو بے تاب ہے،وزیر اعظم آزادکشمیر
چکوٹھی۔ (اے پی پی) وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کا ہر بچہ جوان بوڑھا اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی مدد کو بے تاب ہے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ذلت و رسوائی کی زندگی گزارنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔۔مقبوضہ کشمیر میں ہمارے بھائی تکلیف میں ہیں ان کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ہمارے بھائی کرب میں ہیں ہم کیسے سکون کی نیند سو سکتے ہیں ہمارا ایک ہی نعرہ ہے رائے شماری جو باتیں اسلام آباد کنونشن سنٹر میں کہیں مرتے دم تک ان پر قائم رہونگا سول سوسائٹی تاجران دیگر سیاسی جماعتوں کا حمایت پر شکرگزار ہوں۔کشمیریوں کو سیز فائر توڑنے سے کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ بھارتی فوج چاہتی ہے کہ ایل او سی سے لوگ نقل مکانی کریں لیکن کنٹرول لائن سے کوئی شخص نقل مکانی نہیں کرے گا۔بھارت کا یہ خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔پاک فوج کے ساتھ مل کربھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔ آزادکشمیر کے عوام افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ عالمی برادری نوٹس لے کشمیریوں کا خون سستا نہیں۔وہ یہاں چکوٹھی کے مقام پر لائن آف کنٹرول پر بسنے والوں کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آپ اس ہر اول دستہ میں ہوں گے جو مظلوموں کی مدد کریگا اللہ کے فرشتے آپ کی مد د کے لیے موجود ہوں گے۔ اللہ کی تائید آپ ساتھ ہوگی۔ جو لوگ انسانیت کے او پر یقین رکھتے ہیں اللہ کی تائید ا ن کے ساتھ ہوتی ہے۔ اللہ کی مدد ان کے ساتھ ہوتی ہے۔پریشان نہ ہوں ہمیں اپنی فوج پرپورا یقین اور اعتماد ہے کہ اللہ نے انہیں پوری صلاحیت بخشی ہے وہ دشمن کی ہر چال کو ناکام بنائیں گے۔

محکمہ ایکسائز راولپنڈی کی جائیدادوں کی تشخیص نو کے لیے مالکان کو ڈیڈ لائن
راولپنڈی۔ (اے پی پی) محکمہایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی نے جائیدادوں کی تشخیص نو کے لیے مالکان کو 30 ستمبر تک کوائف جمع کرانے کی ہدایت کی ہے اور خبردار کیا ہے کہ مقررہ ڈیڈ لائن کے بعد محکمہ ازخود اسیسمنٹ پروسیس کا آغاز کردے گا ۔دستیاب معلومات کے مطابق محکمہ ایکسائز راولپنڈی نے آئندہ پانچ برس کے لیے جائیدادوں کی تشخیص نوکا فیصلہ کیا ہے،یہ اسیسمنٹ جائیدادوں کی موجودہ کرائے کی بنیاد پر ہوگی،غلط معلومات پر ایکسائز اسیسمنٹ حتمی تصور ہو گی۔ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی چوہدری محمد سہیل ارشد نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ انڈر ریٹنگ ایریا راولپنڈی شہر،مری، ٹیکسلا،گوجر خان،کلر سیداں، ضلع راولپنڈی سے ملحقہ قومی و صوبائی شاہرات اور مو ٹروے کی جائیدادوں کی نئی اسیسمنٹ برائے مالی سال 2020-21ء تامالی سال 2024-25ء موجودہ کرایوں کی روشنی میں کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ اس لیے مالکا ن بشمول قابضان،کرایہ داران،پٹہ داران، مکانات دکانات، کارخانہ جات ودیگر جائیدادمالکان کو متنبع کیا جاتا ہے کہ جائیداد کی نئی اسیسمنٹ کے لیے ایکسائز دفتر سے فارم پی ٹی 4 حاصل کر کے ضروری کارروائی کریں۔انہوں نے کہاکہ اپنی جائیداد کے کرایہ جات بابت مالی سال 2019-2020ء اور دیگر کوائف درست طور پر درج کرکے کمپیوٹر ائز قومی شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی اور موبائل نمبر کے ہمراہ ایک ماہ کے اندر(30ستمبر تک) نازیہ جاوید ای ٹی او پراپرٹی ٹیکس زون (I&IV) راولپنڈی،تجمل ارتضٰی علی ای ٹی او پراپرٹی ٹیکس زون (II) راولپنڈی اورمحمد سمیرای ٹی اوپراپرٹی ٹیکس زون (III) راولپنڈی یامتعلقہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر /اسیسنگ اتھارٹی کے دفتر میں جمع کروائیں۔ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر ایڈمن و پراپرٹی ٹیکس زون (III) راولپنڈی محمد سمیر نے ایک سوال کے جواب میں بتایاکہ جائیداد کی درست معلومات نہ دینے کی صورت میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی طرف سے تجویز کردہ سالانہ تشخیص حتمی تصور ہوگی،تاہم کسی جائیداد کی ملکیت میں کسی قسم کی ترمیم /تبدیلی کے لیے ثبوت کے ہمراہ علیحدہ درخواست دینا لازم ہوگا۔

مولانا ناکام ہونگے ،حکومت ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے، میاں محمود الرشید
لاہور۔(اے پی پی)صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ مولانافضل الرحمن کا لاک ڈاؤن ناکام ہو گا کیونکہ وہ اور ان کی سیاست الگ تھلگ ہو گئی ہے، مولانا فضل الرحمن اپنے حلقے میں ہار گئے اور کے پی کے میں دو تہائی اکثریت سے پی ٹی آئی اکثریت میں آئی، مولانا فضل الرحمن اپنی بچی کچی سیاست کو بچانے کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں،حکومت لاک ڈاؤن سمیت ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شجر کاری مہم کے تحت علامہ اقبال ٹاؤن لاہور میں پودا لگانے کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی کلین گرین کی مہم کے سلسلے میں ملک میں کروڑوں درخت لگائے جارہے ہیں جس میں ہر مکتبہ فکر کے لوگ بھرپور شرکت کررہے ہیں اور اس مہم کے تحت اگلے دو سے تین سالوں میں ماحولیاتی تبدیلی ضرور آئے گی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پی ایچ اے جاوید حامد، ڈپٹی ڈائریکٹر ظہیر الحسن‘ وی سی پی ایچ اے حافظ ذیشان رشید،چیئرمین سنابل الخیر حافظ شفیق نے بھی پودے لگائے۔ انہوں نے کہا کہ شجر کاری مہم کے تحت علامہ اقبال ٹاؤن میں تین ہزار پودے لگائے جائیں گے۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ نے کہا کہ شجر کاری مہم کو فروغ دینے کے لیے پرائیویٹ سیکٹرز بھی حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور جمعیتہ سنابل الخیر کی جانب سے علامہ اقبال ٹاؤن میں شجرکاری مہم کا آغاز اس سلسلہ کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر دو ماہ بعد شوشہ چھوڑا جاتاہے کہ عثمان بزدار کو تبدیل کیاجارہاہے، عمران خان نے دو ٹوک کہہ دیا عثمان بزدار کہیں نہیں جارہے ہم سب مل کر کام کریں گے، اب عثمان بزدار کی تبدیلی کے پروپیگنڈے کو دم توڑ دینا چاہئے جن لوگوں پر کیسز ہیں ان کے خلاف قانون حرکت میں آرہا ہے‘ نیب سمیت تمام اداروں کو آزاد کر دیا ہے ان پر کسی قسم کا دباؤ نہیں، کرپشن کرنے والوں کو گرفتار کیاجائیگا۔انہوں نے کہا کہ عبد العلیم خان اور سبطین خان بھی گرفتار ہوئے حالانکہ یہ دونوں حکومت کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پروڈکشن آرڈر کا جاری ہونا ہر اسمبلی اجلاس میں ضروری نہیں ہے،پروڈکشن آرڈر کاماضی میں اور اب بھی غیر ضروری استعمال کیاگیا۔

معروف قوال مقبول احمد صابری کی 8 ویں برسی کے موقع پر قرآن خوانی کی گئی
لاہور۔(اے پی پی) شہنشاہ قوالی و موسیقار حاجی مقبول احمد صابری کی 8 ویں برسی ہفتہ کے روز منائی گئی۔ صوفیانہ کلام کے ذریعے دنیا بھر میں شہرت کمانے والے غلام فرید صابری کے چھوٹے بھائی حاجی مقبول صابری (مرحوم) المعروف چاند میاں وارثی کی 8 ویں برسی کے موقع پرانکے صاحبزادے شمائل مقبول صابری قوال نے اپنی رہائش گاہ پر ان کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کا اہتمام کیا۔

کراچی کی صفائی کے حوالے سے مرتضی وہاب کا بڑا اعلان
کراچی۔ (اے پی پی) سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب نے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کی جانب سے اعلان کی گئی ”کلین مائی کراچی“ مہم کی نگرانی کی۔ انہوں نے ہفتہ کے روز کراچی کے علاقے قیوم آباد کے مختلف حصوں میں جاری صفائی مہم کا جائزہ لیا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر سیکرٹری محکمہ ماحولیات خان محمد مہر، ڈی سی کورنگی، پی ٹی آئی کے ایم پی اے راجہ اظہر سمیت دیگر ان کے ہمراہ موجود تھے۔ وزیراعلی سندھ نے کلین مائی کراچی مہم کی نگرانی کے لئے صوبائی وزراء اور مشیران کی کراچی کے چھ اضلاع میں ڈیوٹیاں لگائی ہیں، ہر ضلع میں دو وزیر اور مشیر موجود ہوں گے۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ اس مہم کے ذریعے شہر کے تمام علاقوں سے ایک ماہ میں کچرا صاف کردیا جائیگا کچرا بلاتفریق اْٹھایا جائیگا خواہ کسی کی بھی حدود ہو۔ انہوں نے کہا کہ کلین مائے کراچی مہم میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے، بلدیاتی ملازمین کی ہم نے چھٹیاں منسوخ کی ہیں، تمام بلدیاتی ملازمین جن کی تعداد چھ ہزار اے زائد ہے وہ سب فیلڈ میں ہیں۔ بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ ہم شہر کو صاف کرکے دم لیں گے کچرے کا بیک لاگ ختم کریں گے۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کورنگی انڈسٹریل ایریا، قیوم آباد اور ملحقہ علاقوں میں صفائی مہم کا جائزہ لیا اور بلدیاتی عملے کو ہدایات بھی دیں۔

خانیوال سے ڈینگی بخار کا اپنا کوئی کنفرم کیس نہیں ہے،ڈی سی
(اے پی پی)ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ ضلع خانیوال میں ڈینگی کے دو کنفرم کیس ہیں اور دونوں کی ہسٹری اسلام آباد سے ہے ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ڈینگی بخار کے ایک مریض کی رہائش میاں چنوں میں ہے جوکہ نشتر ہسپتال ملتان میں زیر علاج ہے اور پہلے سے کافی بہتر ہے جبکہ دوسرا مریض جس کاپتہ جہانیاں بتایا گیا ہے اسکی رہائش جہانیاں سے نہیں ہے بلکہ وہ راولپنڈی کا رہائشی ہے اور وہ مریض ڈسچارج ہوگیا ہے۔انہوں نے بتایاکہ ضلع خانیوال سے ڈینگی بخار کا اپنا کوئی کنفرم کیس نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع خانیوال میں ڈینگی کے انسداد کے لئے روزانہ کی بنیاد پر 68 ٹیمیں کام کر رہی ہیں جن میں 57 انڈور اور 17 آؤٹ ڈور ٹیمز شامل ہیں۔








