ایبٹ آباد۔ (اے پی پی) کمشنر ہزارہ ڈویژن سید ظہیرالاسلام نے کوہستان کے تینوں اضلاع سمیت پورے ہزارہ ڈویژن میں سرکاری رقوم کے استعمال اور ترقیاتی کاموں میں ہونے والی مبینہ بدعنوانیوں کے ذمہ دار سرکاری افسران اور اہلکاروں کے خلاف اینٹی کرپشن مقدمات قائم کرنے کا حکم دیا ہے، کوہستان کے تینوں اضلاع میں طالبات کو فراہم کئے گئے وظائف میں کرپشن کی اطلاعات کا بھی سخت نوٹس لیتے ہوئے ان وظائف میں ہونے والی کرپشن کے معاملات بھی تفتیش کے لئے گئے، محکمہ انسداد بدعنوانی سے گذشتہ 30 جون سے قبل کے تمام ترقیاتی کاموں کی پراگریس رپورٹ اور ان کیلئے کی گئی ادائیگیوں کی تفصیلات دو ہفتوں کے اندر طلب کر لی گئی ہیں۔ یہ احکامات انہوں نے کمشنر ہاؤس میں سرکاری رقوم کے استعمال اور ترقیاتی کاموں کیلئے کی گئی ادائیگیوں کی جانچ پڑتال کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں لوئر کوہستان اور کولائی پالس کے ڈپٹی کمشنروں کے علاوہ بعض اضلاع کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران، محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، سی اینڈڈبلیو، ٹی ایم اے، کینٹ بورڈ، واسا، انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ضلعی مانیٹرنگ افسروں کی جانب سے پیش کی گئی مانیٹرنگ رپورٹس کی روشنی میں ترقیاتی کاموں اور مختلف دیگر مدوں میں کی گئی مالی ادائیگیوں میں ظاہر ہونے والی مبینہ بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔ کمشنر ہزارہ نے ان بے قاعدگیوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ان کے ارتکاب کو ناقابل معافی جرم قرار دیا اور متعلقہ مانیٹرنگ افسران کو حکم دیا کہ وہ ان بے قاعد گیوں کی تمام تفصیلات محکمہ اینٹی کرپشن کے حوالے کریں تاکہ سرکاری رقوم خرد برد کرنے کے ذمہ دار افسروں اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔ کمشنرہزارہ سید ظہیر الاسلام نے مانیٹرنگ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ کوہستان کے اضلاع میں طالبات کیلئے مختص کی گئی وظائف کی رقوم میں کرپشن کی گئی ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اس کرپشن کے ذمہ دار افراد کے خلاف محکمہ اینٹی کرپشن کے ذریعہ کارروائی کی جائے۔ انہوں نے ترقیاتی کاموں کے حوالہ سے کہا کہ آئندہ کوئی بھی ایسا منصوبہ شروع نہ کیا جائے جس میں عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ ضائع ہو۔ انہوں نے مانیٹرنگ افسران اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ 15 دن کے اندر تمام ترقیاتی کاموں اور ان کیلئے کی گئی ادائیگیوں کو چیک کر کے رپورٹ پیش کریں اور چیکنگ کے دوران جن منصوبوں میں بے قاعدگیاں یا بدعنوانیاں سامنے آئیں ان سے محکمہ اینٹی کرپشن کو فوری آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے کولائی پالس سمیت کوہستان کے تمام ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ ترقیاتی فنڈز یونین کونسلوں میں مساوی تقسیم کریں اور رابطہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کو ترجیح دی جائے اور کھلی کچہریوں میں جن مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے انہیں حل کیا جائے جبکہ ترقیاتی کاموں اور دیگر امور پر ماہانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی جائے۔ کمشنر ہزارہ نے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ایبٹ آباد میں صفائی ستھرائی کی صورتحال پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے واسا کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سالڈ ویسٹ پلانٹ کو بھی بیکار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پلانٹ پر 17 ملین روپے خرچ کئے گئے اور گذشتہ دس سال سے اس پر انکوائری چل رہی ہے جس کا تاحال کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ انہوں نے ٹی ایم اے کو ہدایت کی کہ وہ تین روز کے اندر اس پلانٹ کی انکوائری رپورٹ پیش کرے تاکہ اس ناکام منصوبہ کیلئے قومی خزانہ سے ادائیگیاں کرنے والوں سے یہ رقوم واپس لی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ ضائع ہونے نہیں دیا جائے گا اور نہ ہی آئندہ ایسا کوئی منصوبہ لگایا جائے گا جس سے عوام کو فائدہ نہ ہو۔
Author: Regional News

بچوں میں گلے کی خرابی امراض قلب کاباعث بن رہی ہے ماہر امراض قلب
فیصل آباد۔(اے پی پی) فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈ یالوجی کے ماہر امراض قلب ڈاکٹر اطہر رؤف رانا نے انکشاف کیاہے کہ بچوں میں گلے کی خرابی امراض قلب کا باعث بن رہی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ گلے خراب ہونے سے بچوں میں امراض قلب کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہاہے حتیٰ کہ روزانہ فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں دو سے تین ایسے بچے لائے جا رہے ہیں جو امراض قلب کا شکار ہیں اس طرح یہ شرح انتہائی تشویشناک ہے جس سے صرف نظر نہیں کیاجاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ گلے کی خرابی جسے رومینک فیور بھی کہاجاتاہے کو اکثر اوقات والدین یا میڈیکل افسران معمولی مرض سمجھتے ہیں لیکن یہ بیماری معصوم بچوں کے دل کے والو خراب کرنے کا موجب بن رہی ہے جس سے نوبت سرجری تک بھی پہنچ سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ والدین بچوں کے گلے خراب ہونے پر کسی غفلت کامظاہرہ نہ کریں اور بچوں کو فوری مستند ڈاکٹرز سے چیک کروایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ بچوں کو بازاری چٹ پٹی، مصالحے دار، رنگین، پیک شدہ اشیاء کھانے کو دینے سے گریز کرناچاہئے نیز تلی ہوئی، زیادہ ٹھنڈی یا بازاری آئس کریمیں، غیر معیاری مشروبات بھی بچوں کیلئے زہر قاتل ہیں اسلئے والدین اپنے بچوں کو سختی سے ایسی اشیاء کے استعمال سے روکیں۔ انہوں نے کہاکہ دل کی بیماریوں سے بچاؤ کیلئے پرہیز و پیشگی تدارکی اقدامات انسان کو دل کے عارضہ اور بڑی پریشانیوں سے بچا سکتے ہیں۔

20واں نیشنل سینئرز کرکٹ کپ، واہ پاور اور واہ کاریگر نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا
لاہور۔(اے پی پی)پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام جاری 20ویں نیشنل سینئرز کرکٹ کپ کے کوارٹر فائنل میچوں میں واہ پاور نے راولپنڈی رائل کو 4 وکٹوں جبکہ واہ کاریگر نے گجر خان کو 2 وکٹوں سے ہراکر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ اوول کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے گئے کوارٹر فائنل میچ میں راولپنڈی رائل نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 30 اوورز میں 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 213رنز بنائے۔ جواد حمید نے 67، شہزاد کیانی 40، راحیل فاروقی 29 اور تاج خان نے 42 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔ واہ پاور کی طرف سے محمد وسیم نے 2/25 اور عامر مجید نے 2/41 وکٹ حاصل کیں۔ جواب میں واہ پاور نے 29.2 اوورز میں 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر مطلوبہ سکور پوراکرلیا۔ یعقوب وسیم نے 88، یوسف خان 36اور نصیر نے 24رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔ جواد حمید نے 2/32 وکٹ حاصل کیں۔ گجر خان اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں گجر خان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 30 اوورز میں 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر 199رنز بنائے۔ عالم گیر خان نے 42، رضوان مجید 37 اور احتشام آزاد نے 32 رنز بنائے۔ واہ گاریگر کی طرف سے جاوید نے 2/28 اور آفتاب احمد نے 2/35 وکٹ حاصل کیں۔

صوبائی داراحکومت لاہور سمیت ملک کے بیشتر علا قوں میں موسم گرم و مرطوب ر ہے گا، محکمہ موسمیات
لاہور۔(اے پی پی)محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران صوبائی داراحکومت لاہور سمیت ملک کے بیشتر علا قوں میں موسم گرم و مرطوب ر ہے گا ، تا ہم گوجرانوالہ ڈویژن،راولپنڈی، اور کشمیر میں چند مقامات پرتیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے،گزشتہ24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم مرطوب وخشک رہا،منگل کے روز لاہور شہر کا درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ37اور کم سے کم35سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تنا سب77فیصد تھا۔

لاہور ہائیکورٹ نے نجی اسکولوں میں اضافی فیسوں کی وصولی کیخلاف سیکرٹری سکولز کو طلب کر لیا
لاہور(اے پی پی)لاہور ہائیکورٹ نے نجی سکولوں میں اضافی فیسوں کی وصولی کیخلاف دائر درخواست پر سیکرٹری سکولز کو ذاتی حیثیت میں طلب کر تے ہوئے قرار دیا ہے کہ آگاہ کیاجائے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کیوں نہیں ہو رہا ہے۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے عدالت کو بتایانے کہا کہ شہریوں کو مفت تعلیم کی فراہمی ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود نجی تعلیمی ادارے اضافی فیس وصول کرکے غیرقانونی اقدام کررہے ہیں۔ تعلیم کے نام پر طالبعلموں اور ان کے والدین کا استحصال کیا جا رہا ہے۔ عدالتی احکامات سے آگاہ کرنے کے باوجود محکمہ سکولز کاروائی نہیں کر رہا۔ عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنا توہین عدالت کے مترادف ہے۔ عدالت اضافی فیس وصولی روکنے کے احکامات پر عمل درآمد کرائے۔ جس پرعدالت نے سیکرٹری سکولز کو جواب سمیت ذاتی حیثیت میں 26 ستمبر کو طلب کرلیا۔

پارکوں کی تزئین وآرئش اورشہر کی خوبصورتی کے لئے جلد نئے منصوبے شروع کئے جائیں گے، مشیر وزیر اعلیٰ
راولپنڈی۔ (اے پی پی) وزیر اعلی پنجاب کے مشیر برائے ہارٹیکلچر و ٹورازم آصف محمود نے کہاہے کہ صوبہ کے دیگر شہروں کی طرح راولپنڈی کے تمام پارکوں کی تزئین وآرائش اورشہر خوبصورتی کے لئے جلد نئے منصوبے شروع کئے جائیں گے اور اراضی حاصل ہونے کے بعد جدید طرز کانیا پارک بنایا جائے گا۔ کلین اینڈ گرین پروگرامز کے تحت شہر بھر میں ٹری پلانٹیشن سمیت جاری منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ پیر کو میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے بتایا ہے کہ دو روز انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کی ہے جس دوران صوبے کے تمام پی ایچ ایز کی ترقی اور اہم امور پر بات چیت ہوئی۔ انہوں نے بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ ہدایت کی ہے کہ پنجاب کے تمام شہروں میں کام پارکس اینڈ ہارٹیکلچرل کے ادارے کریں گے۔ وزیر اعلی نے آصف محمود کو ہدایت کی کہ کلین اینڈ گرین پنجاب کے تحت تمام پی ایچ ایز میں شجرکاری مہم جاری رکھیں۔

سندھ پولیس نے سندھ بھر سے مجموعی طور پر کتنے ملزمان کو گرفتارکر لیا بڑی خبر
کراچی۔ (اے پی پی) سندھ پولیس نے گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران جرائم کے خلاف کی جانیوالی چھاپہ مار کاروائیوں، پولیس مقابلوں سمیت علاقہ گشت، پکٹنگ جیسے اقدامات کی بدولت مجموعی طور پر 2519 ملزمان کو گرفتارکر لیا گیا۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گرفتار کئے جانے والوں میں 1043 مفرور، 507 اشتہاریوں و دیگر 969 ملزمان سمیت مجموعی طور پر 2519 ملزمان شامل ہیں۔ حیدر آباد پولیس نے جرائم کے خلاف کی جانیوالی چھاپہ مار کاروائیاں کر کے 179مفرور،61 اشتہاری و دیگر 413 ملزمان سمیت مجموعی طور پر 653 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتا رکرتے ہوئے اسلحہ و ایمونیشن برآمد کر لیا۔ اسی طرح کراچی پولیس نے بھی چھاپہ مار کاروائیوں کے دوران 223 مفرور، 10 اشتہاری و دیگر331 ملزمان سمیت مجموعی طور پر 564 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتارکیا جن کے قبضے سے اسلحہ و ایمونیشن برآمد ہوا۔ لاڑکانہ پولیس نے 268 مفرور، 249 اشتہاری ودیگر 38 ملزمان سمیت مجموعی طور پر 555 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرتے ہوئے اسلحہ و ایمونیشن برآمد کیا جبکہ سکھر پولیس نے 263 مفرور، 179 اشتہاری و دیگر 104 ملزمان سمیت مجموعی طور پر 546 ملزمان کو گرفتار کیا۔ شہید بینظیرآباد پولیس نے 102 مفرور، 05 اشتہاری ملزمان سمیت مجموعی طور ہر 107 ملزمان کو گرفتار کیا۔ میرپور خاص پولیس نے 08 مفرور، 03 اشتہاری ودیگر 83 ملزمان سمیت مجموعی طور پر 94 ملزمان گرفتار کیا۔

آرٹس کونسل آف پاکستان میں اداکار عابد علی کے لئے تعزیتی اجلاس
کراچی۔ (اے پی پی) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے اداکار عابد علی کا تعزیتی اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں ان کے دیرینہ فنکارساتھیوں کے علاوہ اہل خانہ جبکہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوئے۔ اظہار خیال کرنے والوں میں صدر آرٹس کونسل محمداحمد شاہ اقبال لطیف، سید سعادت علی جعفری، سہیل احمد، عرفان موتی والا، ایم وارثی،صباحت، عاد ل واڈیہ، فرقان ٹی صدیقی، انور اقبال، ایاز خان، ایم ظہیر اور دیگرشامل تھے۔ صدر آرٹس کونسل محمداحمد شاہ نے کہا کہ ہم نے تو جب ہوش سنبھالا عابد علی اس ملک کے نامور اداکار تھے۔عابد علی، طلعت حسین، شفیع محمد شاہ اورمصطفی قریشی کا بہت اچھا دور تھا اور آج تک بڑے نامور اداکار ہیں، عابد علی کے ساتھ دوستانہ مسابقت تھی، ان کے کروڑ مداحوں میں شامل تھا آج جتنی محبت سے آ پ سب لوگ تشریف لائے ہیں اور ان کے پرانے ساتھی بھی اور جو میری طرح کے مداح ہیں تو میں آپ کا بھی شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ویسے تو ہزاروں لوگ اس دنیا سے چلے جاتے ہیں لیکن وہ افراد جو کسی نہ کسی پیرائے میں تخلیقی کام کرتے ہیں یا فنکار، شاعر و ادیب ہیں شاعر ہیں، ان کی جدائی ایک کڑا امتحان ہوتا ہے کیونکہ بہت مشکل سے عابد علی بنتا ہے۔ ٹی وی ڈرامہ پرڈیوسرکاظم پاشا نے کہا کہ عابد علی جتنے عظیم آرٹسٹ تھے اس سے زیادہ وہ قابل تعریف انسان تھے اور سچے پاکستانی تھے امریکہ میں رہتے ہوئے میں نے دیکھا کہ پاکستان کا نام انہوں ہمیشہ روشن کیا، ساحرلودھی نے کہا کہ میں نے عابد علی صاحب کے ساتھ ایک سیریل کیا تھا اس سیریل کے دوران میرا ان کے ساتھ جو وقت گزرا توان کی محبت اور ان کی شفقت مجھے ہمیشہ یاد رہے گی اور عابد علی صاحب ہمارے دلوں میں زندہ ہیں۔ اقبال لطیف نے کہا کہ عابد علی اور میں تقریباً پینتالیس سال پرانے دوست تھے۔ اپنے فن کا سفر جب انھوں نے کوئٹہ سے شروع کر کیسن 1974ء میں لاہور پہنچے،تو میری ٹیلی ویژن پر پہلی پوسٹنگ تھی،دونوں کے لیے شہراجنبی تھا ہم نے ایک دوسرے کے ذہن کو سمجھتے ہوئے ایک ہی گھر میں رہنا شروع کیا وہ زندگی کے چار سے پانچ سال عابد کی جو قربتیں، محبتیں اور اس کی ذات کو سمجھنا اور اسکے ساتھ ساتھ وہ گھر مرکز بن گیا تھا منو بھائی، یاور حیات، ایم این ایچ اور دیگر تمام سینئر فنکار جمیل فخری تمام لوگ وہاں شام میں اکثر و بیشتر جمع ہوتے ہمیں بہت کچھ سیکھنے کا سننے کا سنانے کا موقع ملتا عابد کو یاد کرنے کے لیے میرے پاس بہت کچھ ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ عابدعلی ایک اداکار،ہدایت کا رہونے کے ساتھ ساتھ ایک اچھے انسان بھی تھے، عابد علی کی صاحبزادی رحمہ علی نے ٹیلی فونک خطاب میں کہا کہ پاپا نے انڈسٹری کو پینتالیس سال دیئے ہیں اپنی زندگی کے انہوں نے بہت محنت کی انڈسٹری کے لیے اور ایک مقام اور مرتبہ حاصل کیا ہے اس انڈسٹری سے میں جب بھی پاپا کو یاد کرتی ہوں یا ان کے حوالے سے کسی سے کوئی بات کرتی ہوں تو رو پڑتی ہوں تو میں ان کی وجہ سے آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ صاحب اور اقبال انکل کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں کہ انہوں نے آج کے دن پاپا کو یاد رکھا اور ان کے لیے تعزیتی ریفرینس منعقد کیا، رابعہ عابد علی نے ٹیلی فونک خطاب میں کہا کہ میں اللہ تعالیٰ کی بے حد شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے ایک ایسے انسان کی بیوی بنایا جو انتہائی با کردار انتہائی مستقل مزاج لوگوں کے دکھ درد سمیٹنے والا خاموشیوں سے نیکیاں کرنے والا ایک عظیم انسان تھے وہ زندگی کو پیار کرنے والے انسان تھے وہ زندگی کوسجانے اور سنوارنے والے انسان تھے اورمیراان سے تعلق ایک شوہر کے ساتھ ساتھ ایک اچھے دوست کابھی تھا۔

کسٹمز کی کارروائی، 3 کروڑ روپے مالیت کی چھالیہ کی سمگلنگ کی کوشش ناکام
کوئٹہ۔(اے پی پی)کسٹمز کوئٹہ نے کارروائی کے دوران لکپاس اور مانی خوا کے مقام پر چھالیہ کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 3 کروڑ روپے کی چھالیہ قبضے میں لے لیں۔کلکٹر کسٹمز پریوینٹو کوئٹہ افتخار احمد کو خفیہ اطلاعات ملی کہ بڑے پیمانے پر چھالیہ پوڈر کی صورت میں ژوب کے راستے اندرون ملک اور لکپاس کے راستے سیب کی آڑ میں چھالیہ سمگل ہونے کی کوشش کی جارہی ہے جس پر ایڈیشنل کلکٹر پپریوینٹو جمیل بلوچ اور ایڈیشنل کلکٹر یاسر وہاب کہلوڑ، اسسٹنٹ کلیکٹر ز سلیم طاہر اور رانا عمیر اور سپرنٹنڈنٹس اسلم خان اور سلیم بگٹی بمعہ مانی خوا آفیسرز شبیر تبسم اعجاز خان اور لکپاس پر سینئر انسپکٹر یوسف نوتیزئی کو ہداہات جاری کیں جس پر مانی خوا کے مقام پر ٹرک سے چھالیہ 22 ہزار کلو گرام پاؤڈر کی صورت میں بر آمد کیں جو ایک بالٹی کی آڑ میں لکڑی کا برادہ کی صورت میں اندرون ملک سمگل ہونے کی کوشش کر رہا تھا قبضے میں لیا گیا۔ اسی طرح لکپاس پر ایک ٹرک سے جو سیب کی آڑ میں روکا گیا سے 10 ہزار سے زیادہ چھالیہ برآمد کی گئیں۔ دونوں ٹرکوں کو بھی قبضے میں لیا گیا۔ چیف کلکٹر ڈاکٹر چودھری ذوالفقار علی اور کلیکٹر پریوینٹو ڈاکٹر افتخار احمد نے سٹاف کی کامیاب کارروائی کو سراہا۔
قومی شاہراہ پر تیز رفتاری کے باعث موٹرسائیکل کو حادثہ، 2 نوجوان شدید زخمی
کوئٹہ۔(اے پی پی)مستونگ قومی شاہراہ پر کردگاپ کے علاقہ میں تیز رفتاری کے باعث موٹرسائیکل کو حادثے کے نتیجے میں 2 نوجوان شدید زخمی ہو گئے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق مستونگ قومی شاہراہ پر کردگاپ کے قریب تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل حادثے کا شکار ہو گیا جس سے2 نوجوان گر کر شدید زخمی ہوگئے جنہیں ضلعی انتظامیہ نے مقامی ہسپتال منتقل کردیا جہاں سے ایک زخمی کو تشویشناک حالت کے باعث کوئٹہ منتقل کردیا گیا جنہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔








