Baaghi TV

Author: سعد فاروق

  • کراچی میں فائر سیفٹی کا بحران، 80 فیصد عمارتیں غیر محفوظ قرار

    کراچی میں فائر سیفٹی کا بحران، 80 فیصد عمارتیں غیر محفوظ قرار

    کراچی (سعد فاروق) شہر قائد میں فائر سیفٹی کا سنگین بحران پیدا ہوگیا ہے، جہاں 80 فیصد عمارتوں میں آگ سے بچاؤ کا کوئی نظام موجود نہیں جبکہ 90 فیصد عمارتوں میں ایمرجنسی راستے تک نہیں، جس کے باعث لاکھوں شہری روزانہ خطرے کے سائے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

    فائر پروٹیکشن ایسوسی ایشن آف پاکستان کے زیر اہتمام تیسری نیشنل فائر سیفٹی کانفرنس اور رسک بیسڈ ایوارڈز کی تقریب میں ماہرین نے خبردار کیا کہ بدعنوانی، غفلت اور قوانین پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث کراچی کسی بھی وقت بڑے سانحے سے دوچار ہوسکتا ہے۔آباد کے چیئرمین حسن بخشی نے کہا کہ جن عمارتوں کی تعمیر میں فائر سیفٹی کوڈز کو نظرانداز کیا گیا، انہیں این او سی جاری نہیں ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق غیر محفوظ عمارتوں کو اجازت دینا شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔

    ریسکیو 1122 کے سی ای او ڈاکٹر عابد جلال نے بتایا کہ نومبر 2024 سے اب تک کراچی میں 1700 سے زائد آگ لگنے کے واقعات رپورٹ ہوئے، جن کی بڑی وجہ شارٹ سرکٹ اور ناقص وائرنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک آگ کی روک تھام کو ترجیح نہیں دی جائے گی، یہ واقعات بڑھتے رہیں گے۔ریسکیو 1122 کی رپورٹ کے مطابق سندھ بھر میں اب تک 2700 سے زائد آگ کے واقعات، 1041 ٹریفک حادثات، 10 لاکھ سے زیادہ میڈیکل ایمرجنسیز اور 448 ڈوبنے کے واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔

    فائر پروٹیکشن ایسوسی ایشن کے صدر کنور وسیم نے بتایا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) پہلے ہی 500 سے زائد عمارتوں کو غیر محفوظ قرار دے چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی عمارتیں چند گھنٹوں میں آگ سے زمین بوس ہو جاتی ہیں، اگر احتیاط نہ کی گئی تو جانی نقصان کئی گنا بڑھ جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ 80 فیصد آگ کے واقعات کی وجہ ناقص وائرنگ ہے جبکہ گیس سلنڈر دھماکوں میں بھی تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "اصل حل فائر فائٹنگ نہیں بلکہ فائر پریوینشن ہے۔”

    مسجد اقصیٰ اور ابراہیمی مسجد پر اسرائیلی یلغار، فلسطینیوں میں شدید غم و غصہ

    چکلالہ گیریژن میں لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق اور میجر طیب راحت کی نمازِ جنازہ ادا

  • خیبرپختونخوا، گنڈاپور مستعفی،اپوزیشن متحرک، اجلاس طلب

    خیبرپختونخوا، گنڈاپور مستعفی،اپوزیشن متحرک، اجلاس طلب

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے مستعفی ہونے اور سہیل آفریدی کو نیا وزیراعلیٰ نامزد کرنے کے بعد صوبے میں سیاسی ہلچل تیز ہوگئی ہے۔

    قائد حزبِ اختلاف ڈاکٹر عباد اللہ متحرک ہوگئے ہیں اور انہوں نے کل پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اپوزیشن لیڈر کے ترجمان کے مطابق اجلاس میں وزیراعلیٰ کے استعفے کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور آئندہ کی حکمتِ عملی پر غور کیا جائے گا۔ اپوزیشن اراکین کو تجاویز پیش کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے آج وزیراعلیٰ کی تبدیلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ علی امین گنڈاپور کی جگہ سہیل آفریدی امیدوار ہوں گے۔

    انہوں نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ علی امین گنڈاپور نے علیمہ خان پر سنگین الزامات عائد کیے تھے اور پارٹی میں تقسیم کا ذمہ دار بھی انہیں قرار دیا تھا۔

    منڈی بہاؤالدین: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، بیمار و مردار جانوروں کا 500 کلوگرام گوشت برآمد

    چکلالہ گیریژن میں لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق اور میجر طیب راحت کی نمازِ جنازہ ادا

  • کراچی، کالعدم ٹی ٹی پی کے 3 کارندوں کو دو بار عمر قید

    کراچی، کالعدم ٹی ٹی پی کے 3 کارندوں کو دو بار عمر قید

    کراچی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے دھماکا خیز مواد رکھنے کے مقدمے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے 3 کارندوں کو دو، دو بار عمر قید کی سزا سنا دی۔

    عدالت نے مجرموں پر 2، 2 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔پراسیکیوشن کے مطابق تینوں ملزمان کو خفیہ اطلاع پر قائدآباد روڈ سے گرفتار کیا گیا تھا، جن کے قبضے سے دستی بم برآمد ہوئے۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی منصوبہ بندی کو ناکام بنایا اور سی ٹی ڈی تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا۔عدالت نے جرم ثابت ہونے پر فیصلہ سناتے ہوئے مجرموں کو سخت سزا سنائی۔

    منڈی بہاؤالدین: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، بیمار و مردار جانوروں کا 500 کلوگرام گوشت برآمد

    چکلالہ گیریژن میں لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق اور میجر طیب راحت کی نمازِ جنازہ ادا

  • مسجد اقصیٰ اور ابراہیمی مسجد پر اسرائیلی یلغار، فلسطینیوں میں شدید غم و غصہ

    مسجد اقصیٰ اور ابراہیمی مسجد پر اسرائیلی یلغار، فلسطینیوں میں شدید غم و غصہ

    اسرائیلی قومی سلامتی کے وزیر ایتامار بین گویر درجنوں یہودی آبادکاروں کے ساتھ مسجد اقصیٰ کے صحنوں میں زبردستی داخل ہو گئے اور تلمودی رسومات ادا کیں، جس سے علاقے میں شدید اشتعال پھیل گیا۔

    فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق اس دراندازی کو اسرائیلی پولیس اور فوج کی مکمل سرپرستی حاصل تھی۔ مسجد کے دروازوں پر رکاوٹیں کھڑی کر کے نمازیوں کو روکا گیا اور مقامی فلسطینیوں کی نقل و حرکت پر سخت پابندیاں عائد کی گئیں۔بین گویر نے موقع پر دعویٰ کیا کہ حرم الشریف اسرائیل کی ملکیت ہے اور وزیراعظم نیتن یاہو سے حماس پر مکمل فتح حاصل کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ اس اقدام پر پورے مقبوضہ بیت المقدس میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

    دوسری جانب الخلیل میں بھی سخت کشیدگی رہی۔ اسرائیلی فوج نے بدھ کی صبح سے جمعرات کی شام تک ابراہیمی مسجد کو فلسطینی نمازیوں کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا اور اطراف کی تمام سڑکیں و فوجی چیک پوسٹیں سیل کر دیں۔ پرانے شہر کی کئی مارکیٹیں بند کر دی گئیں جبکہ فلسطینی بچوں کو اسکول جانے سے بھی روک دیا گیا۔

    الخلیل اوقاف کے ڈائریکٹر امجد قراجہ نے کہا کہ ابراہیمی مسجد کی بندش مسلمانوں کے عبادت کے حق پر کھلا حملہ ہے۔ فوج نے جابر، سلیمے، غیث اور وادی الحسین سمیت متعدد محلوں میں کرفیو نافذ کر کے فوجی موجودگی میں اضافہ کر دیا۔فلسطینی شہریوں کا کہنا ہے کہ اسرائیل یہودی مذہبی تہواروں کو بہانہ بنا کر مقدس مقامات پر قبضے اور قابض علاقوں میں فوجی آپریشنز کو تیز کر رہا ہے، جبکہ عالمی برادری کی خاموشی ان کی مشکلات میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔

    چکلالہ گیریژن میں لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق اور میجر طیب راحت کی نمازِ جنازہ ادا

    ننکانہ صاحب: بابا گورونانک کے 556ویں جنم دن کی تقریبات کی تیاریوں کا جائزہ، کمشنر لاہور کی زیر صدارت اجلاس

    ننکانہ صاحب: کمشنر لاہور کی کھلی کچہری، غلط ڈیتھ سرٹیفکیٹ پر یو سی سیکرٹری معطل

  • چکلالہ گیریژن میں لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق اور میجر طیب راحت کی نمازِ جنازہ ادا

    چکلالہ گیریژن میں لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق اور میجر طیب راحت کی نمازِ جنازہ ادا

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق اور میجر طیب راحت کی نمازِ جنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا کر دی گئی۔

    یہ دونوں افسران اورکزئی میں بھارتی ایجنٹ خوارج کے خلاف جاری آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کر گئے تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق نمازِ جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ شہداء کو ان کے آبائی علاقوں میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔ترجمان نے بتایا کہ اورکزئی آپریشن میں مجموعی طور پر 11 بہادر جوان شہید ہوئے۔

    اس موقع پر وزیراعظم نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم دہشتگردی کے خلاف پختہ عزم رکھتی ہے اور شہداء کی قربانیاں مادرِ وطن کے دفاع کے عزم کی یاددہانی ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ دہشتگردی کے فتنے کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکا جائے گا۔

    سیاسی بیانات پر تعلقات خراب نہیں ہونے چاہئیں: وزیرِ اعظم

    غزہ جنگ: ٹرمپ نے ترکیہ سے حماس کو امن منصوبے پر قائل کرنےکا کہا

    شکاگو میں کشیدگی: ٹرمپ کا میئر اور گورنر کی گرفتاری کا مطالبہ، فوجی دستے تعینات

  • سیاسی بیانات پر تعلقات خراب نہیں ہونے چاہئیں: وزیرِ اعظم

    سیاسی بیانات پر تعلقات خراب نہیں ہونے چاہئیں: وزیرِ اعظم

    وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ محض سیاسی بیانات کی بنیاد پر پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے تعلقات خراب نہیں ہونے چاہئیں۔

    ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم نے اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں کے اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، احسن اقبال، طارق فضل چوہدری، رانا ثناء اللّٰہ اور رانا تنویر حسین شریک ہوئے۔اجلاس میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان پیدا ہونے والے سیاسی تنازع کے محرکات کا جائزہ لیا گیا۔ اسپیکر ایاز صادق نے اس حوالے سے دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں پر بریفنگ دی۔

    وفاقی وزراء کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے زیادہ تر تحفظات وفاق سے نہیں بلکہ پنجاب حکومت سے متعلق ہیں۔اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ پیپلز پارٹی کے تحفظات افہام و تفہیم کے ذریعے دور کیے جائیں، اسپیکر اور وفاقی وزراء پیپلز پارٹی کی سینئر قیادت سے رابطے جاری رکھیں۔اجلاس میں دونوں جماعتوں کے درمیان رابطے بڑھانے، بیانات کے تبادلے سے گریز اور تحفظات کے حل کے لیے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف اس معاملے پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے بھی بات کریں گے۔

    ننکانہ صاحب: کمشنر لاہور کی کھلی کچہری، غلط ڈیتھ سرٹیفکیٹ پر یو سی سیکرٹری معطل

    سندھ پولیس کا بھتہ خوری کے بڑھتے واقعات پر ردعمل، تاجروں کو مکمل تحفظ کی یقین دہانی

  • غزہ جنگ: ٹرمپ نے ترکیہ سے حماس کو امن منصوبے پر قائل کرنےکا کہا

    غزہ جنگ: ٹرمپ نے ترکیہ سے حماس کو امن منصوبے پر قائل کرنےکا کہا

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکیہ سے درخواست کی ہے کہ وہ حماس کو غزہ جنگ کے خاتمے کے لیے امریکا کے پیش کردہ منصوبے کو قبول کرنے پر قائل کرے۔

    العربیہ انگلش کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان نے بتایا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ان سے کہا ہے کہ وہ حماس کے رہنماؤں سے ملاقات کریں اور انہیں قائل کریں کہ وہ اس منصوبے کو تسلیم کریں۔اردوان نے یہ بات آذربائیجان سے واپسی کے دوران ترک صحافیوں سے گفتگو میں بتائی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے دورے کے دوران اور حالیہ فون کال میں ہم نے ڈونلڈ ٹرمپ کو بتایا کہ فلسطین میں کس طرح ایک حل ممکن ہے، اس پر انہوں نے ہم سے کہا کہ ہم حماس کو قائل کریں۔“

    یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مصر کے شہر شرم الشیخ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان بالواسطہ مذاکرات تیسرے روز میں داخل ہو گئے ہیں۔ ان مذاکرات میں قطر، ترکیہ اور امریکا کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہیں اور مقصد دو سال سے جاری غزہ جنگ کو روکنا ہے۔ترک صدر رجب طیب اردوان، جو فلسطینی مقصد کے ایک مضبوط حامی سمجھے جاتے ہیں اور اکثر اسرائیل پر غزہ میں ’نسل کشی‘ کا الزام لگاتے رہے ہیں، حماس کے ساتھ قریبی تعلقات رکھتے ہیں۔

    ننکانہ صاحب: کمشنر لاہور کی کھلی کچہری، غلط ڈیتھ سرٹیفکیٹ پر یو سی سیکرٹری معطل

    پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس طلب ،اہم فیصلے متوقع

    سندھ پولیس کا بھتہ خوری کے بڑھتے واقعات پر ردعمل، تاجروں کو مکمل تحفظ کی یقین دہانی

  • شکاگو میں کشیدگی: ٹرمپ کا میئر اور گورنر کی گرفتاری کا مطالبہ، فوجی دستے تعینات

    شکاگو میں کشیدگی: ٹرمپ کا میئر اور گورنر کی گرفتاری کا مطالبہ، فوجی دستے تعینات

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شکاگو کے میئر برینڈن جانسن اور ریاست الی نوائے کے گورنر جے بی پرٹزکر کی گرفتاری کا مطالبہ کر دیا، جبکہ ان کی انتظامیہ نے شکاگو میں فوجی دستے تعینات کر دیئے ہیں۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے الزام عائد کیا ہے کہ شکاگو کے میئر اور الی نوائے کے گورنر وفاقی امیگریشن افسران (ICE) کی حفاظت کرنے میں ناکام رہے ہیں، تاہم انہوں نے اس الزام کے حق میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔دونوں رہنما ڈیموکریٹ پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں اور ٹرمپ کی امیگریشن پالیسیوں کے سخت ناقدین سمجھے جاتے ہیں۔ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھا کہ شکاگو کے میئر کو آئس افسران کے تحفظ میں ناکامی پر جیل جانا چاہیے! گورنر پربھی!“

    یہ تنازع اس وقت شدت اختیار کر گیا جب میئر برینڈن جانسن نے ایک ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے شکاگو کو ”آئس فری زون“ قرار دے دیا۔ اس اقدام کے تحت وفاقی امیگریشن اہلکاروں کو شہر کی سرکاری املاک استعمال کرنے سے روک دیا گیا ہے۔میئر جانسن نے ٹرمپ کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا یہ پہلا موقع نہیں جب ٹرمپ نے ایک سیاہ فام شخص کو ناجائز طور پر گرفتار کرانے کی کوشش کی ہو۔ میں کہیں نہیں جا رہا۔سیاسی مبصرین کے مطابق یہ صورتحال وفاقی اور مقامی حکومت کے درمیان تعلقات کو مزید کشیدہ کر سکتی ہے۔

    سندھ پولیس کا بھتہ خوری کے بڑھتے واقعات پر ردعمل، تاجروں کو مکمل تحفظ کی یقین دہانی

  • پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس طلب ،اہم فیصلے متوقع

    پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس طلب ،اہم فیصلے متوقع

    پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔

    بلاول بھٹو زرداری نے سی ای سی کا اجلاس 18 اکتوبر، ہفتہ کے روز بلاول ہاؤس کراچی میں طلب کیا ہے۔ اجلاس میں پارٹی کی اعلیٰ قیادت شریک ہوگی اور موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی جائے گی۔ترجمان پیپلزپارٹی کے مطابق اس اجلاس میں ملکی سیاست سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں، جبکہ سیاسی حکمتِ عملی، عوامی رابطہ مہم اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں حالیہ سیاسی تبدیلیوں، اپوزیشن جماعتوں سے روابط، اور پارلیمانی امور پر بھی بات چیت ہوگی۔ اس کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل، معیشت اور صوبوں کو درپیش چیلنجز پر بھی پارٹی رہنماؤں سے رائے لی جائے گی۔

    واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی پارٹی کا اعلیٰ ترین فیصلہ ساز فورم ہے جو سیاسی پالیسی اور آئندہ کے اقدامات طے کرتا ہے۔

    سندھ پولیس کا بھتہ خوری کے بڑھتے واقعات پر ردعمل، تاجروں کو مکمل تحفظ کی یقین دہانی

  • سندھ پولیس کا بھتہ خوری کے بڑھتے واقعات پر ردعمل، تاجروں کو مکمل تحفظ کی یقین دہانی

    سندھ پولیس کا بھتہ خوری کے بڑھتے واقعات پر ردعمل، تاجروں کو مکمل تحفظ کی یقین دہانی

    سندھ میں کاروباری برادری کی جانب سے بھتہ خوری کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کے بعد آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ تاجروں کے تعاون سے صوبے میں معاشی و تجارتی سرگرمیوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

    کراچی میں جرائم کے اعداد و شمار پر مبنی رپورٹ کا جائزہ لینے کے دوران آئی جی سندھ نے کہا کہ معاشی سرگرمیوں میں رکاوٹ ڈالنے والے عناصر کو تاجروں کے تعاون سے ختم کیا جائے گا۔ یہ رپورٹ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز نے پیش کی۔پولیس کے مطابق رواں سال اب تک کراچی میں بھتہ خوری کے 118 واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں سے 44 حقیقی بھتہ خوری کے کیسز تھے جبکہ 74 ذاتی جھگڑوں اور کاروباری تنازعات سے متعلق نکلے۔ ان 44 مقدمات میں سے 39 حل کر لیے گئے، یوں کامیابی کی شرح 87 فیصد رہی۔

    ترجمان پولیس سید سعد علی کے مطابق ان کیسز میں ملوث 78 ملزمان کی شناخت ہوئی، جن میں سے 43 گرفتار اور 5 مبینہ طور پر پولیس مقابلوں میں مارے گئے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ تقریباً 10 روز قبل تاجروں سے ملاقات کے بعد 4 بھتہ خور پولیس کارروائی میں ہلاک ہوئے۔آئی جی سندھ نے کہا کہ تاجروں کے تعاون سے صوبے میں امن و امان اور کاروباری ماحول مستحکم ہو رہا ہے۔ انہوں نے تاجروں کی جانب سے اپنے مراکز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کے فیصلے کو سراہا اور یقین دلایا کہ حکومت سندھ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے تاجروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    پولیس کے مطابق حکومت سندھ کی جانب سے فراہم کردہ وسائل کے تحت روزانہ کی بنیاد پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں جبکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال اسٹریٹ کرائمز میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    پنجاب میں الیکشن کمیشن کا بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کاحکم خوش آئند ہے،حافظ طلحہ سعید

    بریکنگ،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور مستعفی