Baaghi TV

Author: سعد فاروق

  • حیدر علی کی معطلی،پی سی بی کا  لائحہ عمل قانونی کارروائی کے بعد طے ہوگا

    حیدر علی کی معطلی،پی سی بی کا لائحہ عمل قانونی کارروائی کے بعد طے ہوگا

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کرکٹر حیدر علی کی معطلی کے معاملے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ میں تمام قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہی اس حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق حیدر علی کے خلاف برطانیہ میں کیس سے متعلق پروسیجر ابھی باقی ہے، اور قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد انہیں وطن واپسی کی اجازت ملے گی۔ ان کی واپسی پر پی سی بی معاملے کا تفصیلی جائزہ لے کر آئندہ لائحہ عمل طے کرے گا۔پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ کوڈ آف کنڈکٹ کے مطابق حتمی فیصلہ لیگل کارروائی کے بعد ہی کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز مانچسٹر پولیس نے قومی کرکٹر حیدر علی کے خلاف مبینہ ریپ کیس ناکافی شواہد کی بنیاد پر خارج کر دیا تھا۔ پولیس کے مطابق الزامات کو ثابت کرنے کے لیے درکار شواہد میسر نہیں تھے، جس پر تحقیقات بند کر دی گئیں۔

    میڈرڈ میں تکنیکی خرابی سے ہائی اسپیڈ ٹرین سروس شدید متاثر

    بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح میں اضافہ، مزید پانی آنے کا خدشہ

    اندرونی اختلافات،سنی اتحاد کونسل کے 26 اراکین نے استعفیٰ نہیں دیا، فہرست منظرعام پر

  • میڈرڈ میں تکنیکی خرابی سے ہائی اسپیڈ ٹرین سروس شدید متاثر

    میڈرڈ میں تکنیکی خرابی سے ہائی اسپیڈ ٹرین سروس شدید متاثر

    اسپین میں کمپیوٹر سسٹم میں اچانک تکنیکی خرابی کے باعث ہائی اسپیڈ ٹرینوں کا نظام بری طرح متاثر ہوا، جس کے نتیجے میں درجنوں ٹرینوں کی آمد و رفت میں کئی گھنٹوں کی تاخیر ہوئی۔

    خبر ایجنسیوں کے مطابق یہ خرابی ریلوے کے مرکزی نیٹ ورک میں پیش آئی جس نے ٹرینوں کی شیڈولنگ اور ٹریکنگ سسٹم کو مفلوج کر دیا۔ اس دوران ٹرین آپریٹرز کو گاڑیوں کی نقل و حرکت کو دستی طور پر کنٹرول کرنا پڑا، جس کے باعث ٹرین سروس جزوی طور پر معطل رہی۔میڈرڈ کے مرکزی اسٹیشن پر بڑی تعداد میں مسافر پھنسے رہے، جنہوں نے انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نہ انہیں بروقت اطلاع دی گئی اور نہ ہی کوئی متبادل سفری سہولت فراہم کی گئی۔

    ریلوے حکام کے مطابق تکنیکی ٹیم نے فوری طور پر سسٹم کی بحالی کا عمل شروع کر دیا ہے اور زیادہ تر خدمات بحال ہو چکی ہیں، تاہم مکمل نظام کی بحالی میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔واضح رہے کہ اسپین کی ہائی اسپیڈ ٹرین سروس دنیا کی تیز ترین اور منظم ریلوے سروسز میں شمار ہوتی ہے، جہاں معمولی خرابی بھی بڑے پیمانے پر اثر ڈال سکتی ہے۔

    بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح میں اضافہ، مزید پانی آنے کا خدشہ

    اندرونی اختلافات،سنی اتحاد کونسل کے 26 اراکین نے استعفیٰ نہیں دیا، فہرست منظرعام پر

    حماس کی جامع جنگ بندی کی پیشکش، اسرائیل نے مسترد کر دی

    پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی، پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو خبردار کر دیا

  • بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح میں اضافہ، مزید پانی آنے کا خدشہ

    بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح میں اضافہ، مزید پانی آنے کا خدشہ

    پرووینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے بھارتی ڈیمز میں پانی کی بڑھتی ہوئی سطح سے متعلق تفصیلات جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس صورتحال کے باعث دریائے ستلج میں مزید پانی داخل ہو سکتا ہے۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق پونگ ڈیم (بیاس) پر پانی کی سطح 1394.51 فٹ تک پہنچ چکی ہے اور مسلسل بلند ہو رہی ہے۔ ڈیم میں پانی کی آمد 132,595 کیوسک جبکہ اخراج 100,000 کیوسک ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔اسی طرح دریائے ستلج پر واقع بھاکرا ڈیم میں پانی کی سطح 1679 فٹ ہے، جو زیادہ سے زیادہ گنجائش کے قریب ہے۔ بھاکرا ڈیم میں پانی کی آمد 95,400 کیوسک اور اخراج 73,459 کیوسک ہے۔

    ہریکے ہیڈ ورکس (ستلج و بیاس سنگم) پر پانی کی آمد 347,500 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے اور بہاؤ میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔ ہریکے سے پانی کا اخراج 330,677 کیوسک ہے، جس کے باعث پاکستان میں دریائے ستلج میں پانی کی مقدار مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ صورتحال پر لمحہ بہ لمحہ نظر رکھی جا رہی ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

    اندرونی اختلافات،سنی اتحاد کونسل کے 26 اراکین نے استعفیٰ نہیں دیا، فہرست منظرعام پر

    حماس کی جامع جنگ بندی کی پیشکش، اسرائیل نے مسترد کر دی

    پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی، پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو خبردار کر دیا

    بنوں میں گیس پائپ لائن پر حملہ، دھماکے سے آگ بھڑک اٹھی

  • اندرونی اختلافات،سنی اتحاد کونسل کے 26 اراکین نے استعفیٰ نہیں دیا، فہرست منظرعام پر

    اندرونی اختلافات،سنی اتحاد کونسل کے 26 اراکین نے استعفیٰ نہیں دیا، فہرست منظرعام پر

    قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی نہ ہونے والے سنی اتحاد کونسل کے اراکین کی فہرست سامنے آگئی ہے۔

    مستعفی نہ ہونے والے سنی اتحاد کونسل کے اراکین کی فہرست کے باوجود 26 اراکین نے کمیٹیوں کی رکنیت برقرار رکھی۔پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان نے پارٹی سے وابستہ اراکین کو تمام پارلیمانی کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت دی تھی۔ اس ہدایت کے بعد پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین جنید اکبر سمیت 51 اراکینِ قومی اسمبلی نے استعفے جمع کرا دیے تھے، تاہم 26 اراکین نے استعفیٰ نہیں دیا۔پارلیمنٹ ہاؤس کے ذرائع کے مطابق یہ اراکین اب بھی اپنی کمیٹیوں کے رکن ہیں اور پارلیمانی کارروائی کا حصہ بنے ہوئے ہیں۔ سیاسی حلقوں میں سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ پارٹی قیادت کی واضح ہدایت کے باوجود ان اراکین نے استعفیٰ کیوں نہیں دیا۔

    استعفیٰ نہ دینے والے اراکین کی فہرست
    سلیم رحمان، سہیل سلطان، محمد بشیر خان، محمد نواز خان، محمد عاطف، شیر علی ارباب، ذوالفقار علی، نسیم علی شاہ، شیر افضل خان، محمد مبین عارف، اسامہ احمد میلا، محمد مقداد علی خان، غلام محمد، علی افضل ساہی، محمد سعد اللہ، عمر فاروق، محمد ریاض خان فتیانہ، محمد محبوب سلطان، سردار محمد لطیف خان کھوسہ، عائشہ نذیر، میاں غوث محمد، محمد معظم علی خان، فیاض حسین، عنبر مجید اور خواجہ شیراز محمود۔

    پارلیمانی ذرائع کے مطابق اس فیصلے نے پارٹی کے اندرونی اختلافات کو مزید نمایاں کر دیا ہے۔

    حماس کی جامع جنگ بندی کی پیشکش، اسرائیل نے مسترد کر دی

    پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی، پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو خبردار کر دیا

    پاکستانی کرکٹر حیدر علی کے خلاف ریپ کیس خارج، وطن واپسی کی راہ ہموار

    بنوں میں گیس پائپ لائن پر حملہ، دھماکے سے آگ بھڑک اٹھی

  • حماس کی جامع جنگ بندی کی پیشکش، اسرائیل نے مسترد کر دی

    حماس کی جامع جنگ بندی کی پیشکش، اسرائیل نے مسترد کر دی

    فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے غزہ میں خونریز جنگ کے خاتمے کے لیے جامع جنگ بندی معاہدے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے، جس میں اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے فلسطینی قیدیوں کی رہائی کی شق بھی شامل ہے۔ تاہم اسرائیل نے یہ پیشکش فوراً مسترد کرتے ہوئے اپنے سابقہ مؤقف کو دہرا دیا۔

    امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق حماس کا کہنا ہے کہ وہ غزہ میں پائیدار اور مکمل جنگ بندی کے لیے تیار ہے، لیکن غیر مسلح ہونے کی شرط کو قبول نہیں کرے گی۔ حماس نے مؤقف اپنایا کہ غیر مسلح ہونا صرف ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے بعد ہی ممکن ہو سکے گا۔حماس نے اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری سے فوری مداخلت کی اپیل بھی کی اور کہا کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملے نسل کشی کے مترادف ہیں۔

    اسرائیلی وزیرِاعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگ صرف ان شرائط پر رک سکتی ہے جو اسرائیلی کابینہ نے مقرر کی ہیں، جن میں تمام یرغمالیوں کی غیر مشروط رہائی اور حماس کا مکمل غیر مسلح ہونا شامل ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی حماس سے یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اگر ایسا نہ ہوا تو صورتحال تیزی سے تبدیل ہو سکتی ہے۔

    پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی، پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو خبردار کر دیا

    پاکستانی کرکٹر حیدر علی کے خلاف ریپ کیس خارج، وطن واپسی کی راہ ہموار

    پاکستانی کرکٹر حیدر علی کے خلاف ریپ کیس خارج، وطن واپسی کی راہ ہموار

    پاکستان اور چین کے درمیان تعاون اور سرمایہ کاری کیلئے 21 یادداشتوں پر دستخط

  • پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی، پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو خبردار کر دیا

    پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی، پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو خبردار کر دیا

    صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے دریاؤں میں طغیانی کی صورتحال کے پیش نظر شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماہی گیری اور دیگر سرگرمیوں سے اجتناب کریں اور دریاؤں کے اطراف سیرو تفریح سے گریز کریں۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب میں مرالہ ہیڈ ورکس پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 17 ہزار کیوسک، خانکی ہیڈ ورکس پر 2 لاکھ 48 ہزار کیوسک اور قادرآباد ہیڈ ورکس پر 3 لاکھ 85 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ چنیوٹ پل پر پانی کا بہاؤ 5 لاکھ 54 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے۔تریموں ہیڈ ورکس پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 39 ہزار کیوسک ہے، جبکہ دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر بہاؤ 80 ہزار کیوسک، راوی سائفن پر 1 لاکھ 10 ہزار کیوسک اور شاہدرہ کے مقام پر 1 لاکھ 8 ہزار کیوسک ریکارڈ ہوا ہے۔

    بلوکی ہیڈ ورکس پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 38 ہزار کیوسک، سدھنائی ہیڈ ورکس پر 1 لاکھ 30 ہزار کیوسک، دریائے ستلج میں جی ایس والا پر 3 لاکھ 19 ہزار کیوسک اور سلیمانکی ہیڈ ورکس پر 1 لاکھ 39 ہزار کیوسک ہے۔ اسلام ہیڈ ورکس پر بہاؤ 1 لاکھ 2 ہزار کیوسک جبکہ پنجند ہیڈ ورکس پر 2 لاکھ 24 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ دریاؤں میں طغیانی کے باعث شہری اپنی اور دوسروں کی حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی قسم کی سرگرمیوں سے باز رہیں۔

    بنوں میں گیس پائپ لائن پر حملہ، دھماکے سے آگ بھڑک اٹھی

    پاکستان اور چین کے درمیان تعاون اور سرمایہ کاری کیلئے 21 یادداشتوں پر دستخط

    ٹرائی نیشن سیریز: پاکستان نے یو اے ای کو 172 رنز کا ہدف دیا

    اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

  • پاکستانی کرکٹر حیدر علی کے خلاف ریپ کیس خارج، وطن واپسی کی راہ ہموار

    پاکستانی کرکٹر حیدر علی کے خلاف ریپ کیس خارج، وطن واپسی کی راہ ہموار

    مانچسٹر پولیس نے قومی کرکٹر حیدر علی کے خلاف زیادتی کا کیس ناکافی شواہد کی بنیاد پر خارج کر دیا۔

    کیس ختم ہونے کے بعد برطانوی حکام نے حیدر علی کا پاسپورٹ بھی واپس کر دیا ہے۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق وہ ایک دو روز میں پاکستان واپس پہنچیں گے اور وطن واپسی پر ان کی معطلی ختم کر دی جائے گی۔گریٹر مانچسٹر پولیس اور کراؤن پراسیکیوشن سروس نے تصدیق کی کہ الزامات کو آگے بڑھانے کے لیے شواہد ناکافی ہیں، اس لیے تحقیقات بند کر دی گئی ہیں۔

    واضح رہے کہ 4 اگست کو مانچسٹر کے ایک ہوٹل میں برطانوی نژاد پاکستانی خاتون نے حیدر علی پر زیادتی کا الزام عائد کیا تھا، جس کے بعد پولیس نے انہیں کینٹ کے اسپٹ فائر گراؤنڈ سے گرفتار کیا تھا جہاں وہ پاکستان شاہینز کے ساتھ موجود تھے۔ بعد ازاں انہیں کینٹربری پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا تھا۔

    بنوں میں گیس پائپ لائن پر حملہ، دھماکے سے آگ بھڑک اٹھی

    پاکستان اور چین کے درمیان تعاون اور سرمایہ کاری کیلئے 21 یادداشتوں پر دستخط

    پاکستان اور چین کے درمیان تعاون اور سرمایہ کاری کیلئے 21 یادداشتوں پر دستخط

  • بنوں میں گیس پائپ لائن پر حملہ، دھماکے سے آگ بھڑک اٹھی

    بنوں میں گیس پائپ لائن پر حملہ، دھماکے سے آگ بھڑک اٹھی

    بنوں کے علاقے ہوید میں نامعلوم افراد نے گیس پائپ لائن کو بارودی مواد سے دھماکے کے ذریعے اڑا دیا، جس کے نتیجے میں پائپ لائن میں آگ بھڑک اٹھی۔

    پولیس کے مطابق دھماکا ٹوچی پل کے قریب گیس پائپ لائن کے پاس نصب بارودی مواد کے ذریعے کیا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں زور دار دھماکے کی آواز سنائی دی جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔دھماکے کے بعد گیس پائپ لائن میں لگی آگ تیزی سے پھیلنے لگی جسے قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کو طلب کر لیا گیا ہے۔ پولیس اور امدادی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کارروائی شروع کر دی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور دھماکے میں ملوث عناصر کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔

    پاکستان اور چین کے درمیان تعاون اور سرمایہ کاری کیلئے 21 یادداشتوں پر دستخط

    ٹرائی نیشن سیریز: پاکستان نے یو اے ای کو 172 رنز کا ہدف دیا

    ٹرمپ کا یورپ کو روسی ایندھن کی خریداری روکنے اور چین پر دباؤ ڈالنے کا مشورہ

  • پاکستان اور چین کے درمیان  تعاون اور سرمایہ کاری کیلئے 21 یادداشتوں پر دستخط

    پاکستان اور چین کے درمیان تعاون اور سرمایہ کاری کیلئے 21 یادداشتوں پر دستخط

    پاکستان اور چین نے زراعت ،الیکٹرک وہیکلز ،شمسی توانائی،صحت، کیمیکل وپیٹرو کیمیکلز، آئرن اور سٹیل سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ اور سرمایہ کاری کے لئے 4.2 ارب ڈالر مالیت کی 21 مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے ہیں .

    وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان چین بی ٹو بی کانفرنس اور مفاہمت کی یادداشتوں پر عملدرآمد دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی کے لئے لانگ مارچ ہوگا،یہ لانگ مارچ پاکستان کو ایسے ملک میں تبدیل کر دے گا جہاں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی،منافع بخش روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے،جی ڈی پی ترقی کرے گی اور معیشت مضبوط ہوگی،پاکستان چین کے ساتھ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں تعاون چاہتا ہے،چین کی ترقی ہمارے لئے رول ماڈل ہے،چینی سرمایہ کاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے،چینی صنعتوں کو پاکستان میں منتقلی سے سستی لیبر سمیت دیگر سہولیات میسر ہوں گی،پاکستان میں چینی بھائیوں کے سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

    پاکستان چین بی ٹو بی سرمایہ کاری کانفرنس کے موقع پر مفاہمت کی یادداشتوں اور جوائنٹ وینچرز پر دستخط کئے گئے۔اس موقع پر نائب وزیراعظم وزیر خارجہ اسحاق ڈار،متعلقہ وفاقی وزراء اور ممتاز پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے نمائندوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔1.54 ارب ڈالر کے جوائنٹ وینچرز ہائی ٹیک،زراعت، میڈیکل و صحت ،کیمیکل و پیٹرو کیمیکل، آئرن سٹیل و تانبے، شمسی توانائی، الیکٹرک وہیکلز کے شعبوں سے متعلقہ کمپنیوں کے نمائندوں نے مفاہمت کی یادداشتوں اور جوائنٹ وینچرز پر دستخط کئے۔پاکستان چین بی ٹو بی سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ میرے لئے باعث افتخار ہے کہ انتہائی اہمیت کے حامل چینی کاروباری اداروں سے مخاطب ہوں، میں اپنی زندگی کی سب سے بڑی کانفرنس شریک ہوں، پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندروں سے گہری اور سٹیل اور آئرن سے مضبوط اور شہد سے میٹھی ہے جس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی، ہماری یہ دوستی دیانتداری، باہمی احترام اور ایک دوسرے کے ساتھ ہر خوشی اور مشکل کی گھڑی میں تعاون کی بنیاد پر قائم ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان کا مخلص، سچا دوست ہے جو ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوا ہے، زلزلہ ہو یا سیلاب جس طرح چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوا ایسی کسی اور ملک کی مثال نہیں ملتی۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں اپنے دل کی گہرائیوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ ہمارے عظیم دونوں ممالک کے درمیان ہمارے اسلاف نے جو تعلقات قائم کئے تھے ،وہ تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں اور انہیں مزید آگے لے کر جائیں گے، 2015ء میں چین اور پاکستان نے سی پیک کے معاہدے پر دستخط کئے اور میرے بہت ہی پیارے بھائی چین کے صدر شی جن پنگ نے پاکستان کا دورہ کیا اور میرے بڑے بھائی وزیراعظم محمد نواز شریف کے ساتھ سی پیک کے معاہدے پر دستخط کئے اور اس کے نتیجہ میں چینی کمپنیوں نے 35 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان میں کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ چینی سرمایہ کاری سے 22، 22 گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوا اور 2018ء میں پاکستان توانائی کی ضروریات میں خود انحصار ہو گیا، صنعتیں بحالی ہوئیں، زراعت بحال ہوئی، انفراسٹرکچر کے بڑے منصوبے، روڈ نیٹ ورک، اورنج لائن لاہور، ڈیمز اور دیگر بہت سے منصوبے شروع ہوئے اور پاکستان کی معیشت کو ترقی ملی۔ وزیراعظم نے کہا کہ لیکن بدقسمتی سے درمیان میں یہ سلسلہ رک گیا لیکن آج نہ صرف یہ منصوبے بحال ہوئے بلکہ دوطرفہ اعتماد، باہمی احترام اور گرمجوشی میں اضافہ ہوا جو وقت کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج ہم سی پیک 2.0 کا آغاز کرنے جا رہے ہیں، یہ سی پیک 2.0 بی ٹو بی سرمایہ کاری پر مشتمل ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ زراعت کا شعبہ پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور ہماری معیشت کا 60 فیصد انحصار زراعت پر ہے، چینی سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کو دعوت دیتا ہوں کہ اپنے تجربات، مہارتیں اور سرمایہ کاری پاکستان کے زرعی شعبہ پر صرف کریں اور زراعت کو فروغ دیں جس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہو گا، چین وہ اشیاء پاکستان سے درآمد کر سکے گا جو دیگر ممالک سے کر رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) ایک اور اہم باصلاحیت شعبہ ہے جس میں چین عالمی سطح پر سب سے آگے ہے، کان کنی اور معدنیات باہمی تعاون کا ایک اور اہم باصلاحیت شعبہ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلاشبہ خصوصی اقتصادی زونز سی پیک 2.0 کے بنیادی ستون ہیں جو چینی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش مواقع فراہم کر رہے ہیں، چین ٹیکسٹائل، چمڑے اور دیگر شعبوں کی صنعتوں کو پاکستان منتقل کر سکتا ہے اور پاکستان کی افرادی قوت سے استفادہ کر سکتا ہے جو دیگر ممالک کے مقابلہ میں کم لاگت پر میسر ہے، چینی سرمایہ کار تھرڈ ممالک کے مقابلہ میں پاکستان میں ان سہولیات سے استفادہ کرتے ہوئے اپنا منافع بڑھا سکتے ہیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ میں چینی سرمایہ کاروں پر زور دیتا ہوں کہ وہ آگے بڑھیں اور ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بیجنگ میں پاکستانی وزراء اور توانائی، انفارمیشن، ٹیکنالوجی، کامرس اور تمام شعبوں کے حکام موجود ہیں جو چینی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان کی موجودگی اس بات کی غمازی ہے کہ پاکستان چین جیسے عظیم دوست ملک کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو کس قدر اہمیت دیتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ بطور چیف ایگزیکٹو آف پاکستان اور بطور پاکستانی وزیراعظم میں یہاں موجود ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہماری معیشت مضبوط ہو گی تو دونوں ملک مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ الحمدﷲ پاکستان کی معیشت اب مستحکم ہے اور اقتصادی اشاریے مستقبل کی مثبت پیشرفت کی نشاندہی کر رہے ہیں، قلیل المدتی، وسط مدتی اور طویل المدتی سطح پر معاشی ترقی ہو گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ چین کے صدر شی جن پنگ کے پاکستان کے ساتھ تعاون کے ذاتی عزم کی بدولت یہ سب ممکن ہوا ہے اور اب ہم اقتصادی ترقی کی دوڑ میں چین کے تعاون سے دیگر ممالک کے مقابلہ کیلئے تیار ہیں۔

    وزیراعظم نے واضح کیا کہ چینی بھائیوں اور بہنوں کی پاکستان میں سکیورٹی ہماری اولین ترجیح ہے، آئیں آگے بڑھیں اور معاشی منظرنامہ کو تبدیل کریں اور چین اور پاکستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے مل کر کام کریں۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ چینی بھائیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے سہولت فراہم کرنے میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کریں گے۔ اس موقع پر انہوں نے دو تین ہفتے قبل چینی گروپ کے لوگوں کی نشاندہی پر درپیش مسئلہ کو 24 گھنٹوں میں حل کرنے کی مثال دی اور کہا کہ اسلام آباد میں چینی گروپ نے ملاقات میں بتایا کہ انہیں بعض مسائل کا سامنا ہے جس پر میں نے اپنی کابینہ کے ارکان کو ہدایت کی کہ 24 گھنٹوں میں اس مسئلہ کو حل کیا جائے اور وہ مسئلہ حل کر دیا گیا اور یہی وجہ ہے کہ میں آپ سب کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان اسی طرح آپ کا دوسرا گھر ہے جس طرح چین ہمارا دوسرا گھر ہے، آگے بڑھیں اور جائنٹ وینچر سرمایہ کاری کریں، تمام وزارتیں، ادارے اور محکمے چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے اور جلد ہم چینی اور پاکستانی سرمایہ کاری کے ذریعے صرف ایک نہیں بلکہ ایک سے زائد خصوصی اقتصادی زونز قائم کریں گے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ یہ میرا خواب ہے اور ہم اس خواب کو معاہدوں پر عملدرآمد کے ذریعے پورا کریں گے، سی پیک 2.0 میرے لئے سب سے اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ چین 15 سال میں دنیا کی دوسری سب سے بڑی معیشت بن گیا ہے اور دنیا کی بہترین عسکری قوت ہے اور یہ محنت، محنت اور محنت کے ساتھ ممکن ہوا ہے اور ہم چینی ماڈل کے ذریعے پاکستان کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین کو جو شاندار ترقی ملی ہے اس کی مثال نہیں ملتی، چین نے 700 ملین لوگوں کو غربت سے نکالا اور نہ صرف اپنے لوگوں کو روزگار دیا بلکہ دنیا کے ہزاروں لوگوں کو روزگار کی پیشکش کر رہا ہے اور خوشحالی کی جانب گامزن ہے، آج اپنے تجربات کے استفادہ کرنے اور صنعتی ترقی کی جانب بڑھنے کا وقت ہے اور پاکستان ایک دن متحرک معیشت میں بدلے گا۔ کانفرنس میں اپنے اختتامی کلمات میں وزیراعظم نے کہا کہ سرمایہ کاروں کے درمیان مفاہمتی یاداشتوں کا تبادلہ خوش آئند ہے، ماضی میں بھی اس طرح کی تقریب ہوتی رہی ہیں لیکن انتھک کوششوں اور سخت محنت سے یہ ممکن ہوا ہے پاکستان میں چین کے سفیر، چینی حکومت اور اور چین کی عظیم کاروباری شخصیات نے اس کو ممکن بنایا ہے،متعلقہ وفاقی وزراء، سرمایہ کاری بورڈ، ایس آئی ایف سی اور صوبائی حکومتوں اور متعلقہ محکمہ کے درمیان بہتر رابطے سے اس سلسلے میں پیشرفت ہوئی ہے،اس سلسلے میں تمام متعلقہ اداروں کا کردار قابل تحسین ہے، مفاہمت کی یادداشتوں سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ ملے گا۔

    انہوں نے کہا کہ 1.5 ارب ڈالر کے جوائنٹ وینچرز پر پاکستان اور چینی کمپنیوں کی طرف سے دستخط کیے گئے ہیں،مفاہمتی یاداشتوں کو معاہدوں میں تبدیل کرنا اور ان پر عمل درامد ہمارے لیے ایک چیلنج ہے، اس کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا اور دونوں حکومتوں کو قریبی رابطے کے ذریعے اگے بڑھنا ہوگا، چین میں پاکستان کے سفیر اور چین کے پاکستان میں سفیر اور ہمارے وفاقی وزراء کو متعلقہ چینی عہدے داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے،یقین ہے کہ ہم اپنے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون لائق تحسین ہے،دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں اور جوائنٹ وینچرز پر اگر ہم عملدرآمد کرنے میں کامیاب ہو گئے تو یہ دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی کے لئے لانگ مارچ ہوگااور یہ لانگ مارچ بیجنگ سے شروع ہو کر اور اسلام آباد اپنی منزل پر پہنچ کرختم ہوگااور یہ لانگ مارچ پاکستان کو ایسے ملک میں تبدیل کر دے گا جہاں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہو گی،منافع بخش روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے،ہماری جی ڈی پی ترقی کرے گی اور معیشت مضبوط ہوگی۔

    وزیراعظم نے کہا کہ اس چیلنج کو قبول کرتے ہوئے ہم آج شام سے ترقی کا لانگ مارچ شروع کریں گے اور اقتصادی ترقی کی منزل پہنچنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور اس کے لئے انتھک محنت کریں گے اور یہ پاکستان کی تاریخ کا ایک انتہائی شاندار لمحہ ہوگا اس مقصد کے لیے تمام حکومتی ادارے، محکمے اور نجی شعبہ مل کر مکمل ہم آہنگی اور تعاون سے کام کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بی ٹو بی کانفرنس پاکستان کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگی،میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ میں اقتصادی ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے دن رات ایک کر دوں گا،اس کے لئے ہمیں سخت محنت کرنا ہوگی اس سے پاکستان اور چین وہ رول ماڈل بنیں گے جس کی دوسرے ممالک بھی پیروی کریں گے۔

    اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

    ٹرمپ کا یورپ کو روسی ایندھن کی خریداری روکنے اور چین پر دباؤ ڈالنے کا مشورہ

    خیبرپختونخوا کابینہ اجلاس کل، 31 نکاتی ایجنڈے پر غور ہوگا

  • ٹرائی نیشن سیریز: پاکستان نے یو اے ای کو 172 رنز کا ہدف دیا

    ٹرائی نیشن سیریز: پاکستان نے یو اے ای کو 172 رنز کا ہدف دیا

    شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے سہ فریقی سیریز کے پانچویں میچ میں پاکستان نے میزبان ٹرائی نیشن سیریزکو 172 رنز کا ہدف دے دیا۔

    پاکستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے۔ فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 44 گیندوں پر 77 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ ان کے ساتھ محمد نواز نے بھی بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 37 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔80 رنز پر آدھی ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد فخر زمان اور محمد نواز نے چھٹی وکٹ کے لیے 91 رنز کی شراکت قائم کی۔

    پاکستان کی جانب سے صاحب زادہ فرحان 16، محمد حارث 14، صائم ایوب 11، کپتان سلمان علی آغا 7 اور حسن نواز 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ یو اے ای کے بولر حیدر علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان نے اس میچ میں دو تبدیلیاں کیں: حارث رؤف کی جگہ سلمان مرزا اور صفیان مقیم کی جگہ ابرار احمد کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

    پاکستان کی پلیئنگ الیون:
    سلمان علی آغا (کپتان)، صاحب زادہ فرحان، صائم ایوب، فخر زمان، حسن نواز، محمد نواز، محمد حارث، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، سلمان مرزا اور ابرار احمد۔

    واضح رہے کہ پاکستان نے سیریز کے پہلے میچ میں افغانستان کو 39 رنز سے اور دوسرے میچ میں یو اے ای کو 31 رنز سے شکست دی تھی، تاہم تیسرے میچ میں افغانستان کے ہاتھوں 18 رنز سے ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

    ٹرمپ کا یورپ کو روسی ایندھن کی خریداری روکنے اور چین پر دباؤ ڈالنے کا مشورہ

    ملک بھر میں مون سون کا 9واں اسپیل، محکمہ موسمیات کی مزید بارشوں کی پیش گوئی