Baaghi TV

Author: سعد فاروق

  • وزیراعظم شہباز شریف 30 اگست کو چین روانہ ہوں گے

    وزیراعظم شہباز شریف 30 اگست کو چین روانہ ہوں گے

    وزیراعظم شہباز شریف 30 اگست کو چین کے سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی چین جائے گا۔ اس دورے کے دوران وزیراعظم کی چینی قیادت سے اہم ملاقاتیں بھی شیڈول کی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی روسی صدر سمیت دیگر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں خطے کی صورتحال، باہمی تعاون اور تجارتی روابط پر گفتگو ہوگی۔

    یہ دورہ عالمی سطح پر پاکستان کے سفارتی تعلقات کو فروغ دینے کی ایک اہم کوشش تصور کیا جا رہا ہے۔

    قومی و صوبائی اسمبلی کے 3 حلقوں میں ضمنی انتخاب 18 ستمبر کو ہوں گے

    بلیک مارکیٹ کے خلاف کارروائی سے روپیہ مستحکم، غیر رسمی ڈالر تجارت محدود

    برطانیہ کا فلسطینی ریاست کو مشروط تسلیم کرنے کا اعلان

  • قومی و صوبائی اسمبلی کے 3 حلقوں میں ضمنی انتخاب 18 ستمبر کو ہوں گے

    قومی و صوبائی اسمبلی کے 3 حلقوں میں ضمنی انتخاب 18 ستمبر کو ہوں گے

    الیکشن کمیشن آف پاکستان کے قومی اسمبلی کے دو اور پنجاب اسمبلی کے ایک حلقے میں ضمنی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔

    جاری کردہ اعلامیے کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 66 وزیرآباد، این اے 129 لاہور اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 87 میانوالی میں ضمنی انتخاب 18 ستمبر 2025 کو منعقد ہوں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 66 وزیرآباد کی نشست محمد احمد چٹھہ جبکہ پی پی 87 میانوالی کی نشست ایم پی اے احمد خان بھچر کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی۔ دونوں رہنما 9 مئی کے مقدمات میں سزا یافتہ ہونے کے بعد نااہل قرار پائے۔ اسی مقدمے میں پی ٹی آئی کے سینیٹر اعجاز چوہدری بھی نااہل ہو چکے ہیں۔

    دوسری جانب این اے 129 لاہور کی نشست میاں اظہر کے انتقال کے باعث خالی ہوئی ہے۔الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی 4 سے 6 اگست تک جمع کروائے جا سکیں گے۔کاغذات کی جانچ پڑتال 11 اگست تک مکمل کی جائے گی۔اپیلوں پر ٹریبونل فیصلے 22 اگست تک دیں گے۔امیدوار 25 اگست تک کاغذات واپس لے سکیں گے۔انتخابی نشان 26 اگست کو الاٹ کیے جائیں گے۔

    الیکشن کمیشن نے تمام امیدواروں، سیاسی جماعتوں اور ووٹرز سے شفاف اور پرامن انتخابی عمل کو یقینی بنانے کی اپیل کی ہے۔

    بلیک مارکیٹ کے خلاف کارروائی سے روپیہ مستحکم، غیر رسمی ڈالر تجارت محدود

    برطانیہ کا فلسطینی ریاست کو مشروط تسلیم کرنے کا اعلان

    مون سون بارشوں کے دوران 288 افراد جاں بحق، 1567 مکانات تباہ

  • بلیک مارکیٹ کے خلاف کارروائی سے روپیہ مستحکم،  غیر رسمی ڈالر تجارت  محدود

    بلیک مارکیٹ کے خلاف کارروائی سے روپیہ مستحکم، غیر رسمی ڈالر تجارت محدود

    حکومت کی جانب سے امریکی ڈالر کی بلیک مارکیٹ کے خلاف کریک ڈاؤن نے پاکستانی روپے کو وقتی استحکام ضرور دیا، تاہم تاجروں اور بینکرز کا کہنا ہے کہ غیر قانونی ڈالر کی خرید و فروخت اب واٹس ایپ اور گھریلو ترسیل جیسے جدید ذرائع میں منتقل ہو چکی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 22 جولائی کے بعد سے متعدد غیر لائسنس یافتہ کرنسی ایکسچینج دکانیں بند ہو چکی ہیں۔ یہ اقدام اُس وقت شروع ہوا جب فوجی خفیہ ادارے نے کرنسی مارکیٹ کے نمائندوں کو ڈالر کی تیزی سے بڑھتی قیمت پر وضاحت کے لیے طلب کیا، جس کے بعد ایف آئی اے نے مالی جرائم اور اسمگلنگ کے خلاف چھاپے مارے۔اس کارروائی کے نتیجے میں پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری دیکھی گئی، اور 19 جولائی کو اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 288.6 روپے سے کم ہو کر حالیہ دنوں میں تقریباً 286 روپے فی ڈالر تک پہنچ گئی۔

    تاہم معاشی ماہرین اور کرنسی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ یہ بہتری وقتی ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ غیر رسمی کرنسی تجارت اب بھی جاری ہے، بس اس کا طریقہ کار بدل گیا ہے۔پشاور کے معروف بلیک مارکیٹ علاقے یادگار چوک کی کئی دکانیں بند ہیں، مگر بعض تاجر چھوٹے غیر واضح بوتھز میں اب بھی کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ایک تاجر احمد نے بتایا، تجارت ختم نہیں ہوئی، صرف پلیٹ فارم بدل گیا ہے، اب سارا کام واٹس ایپ پر ہوتا ہے اور ڈالر گھر پر پہنچا دیے جاتے ہیں۔

    اسی طرح ایک اور تاجر گل نے بتایا کہ بڑے کھلاڑی محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں اور اپنا نیٹ ورک جاری رکھے ہوئے ہیں۔کراچی میں ایک ملٹی نیشنل کمپنی کے منیجر حسن نے کہا کہ پیچیدہ دستاویزی تقاضوں کی وجہ سے وہ بھی اب غیر رسمی فارن ایکسچینج چیٹس پر انحصار کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق، "یہاں ہر کوئی براہ راست خریدار یا بیچنے والا ہوتا ہے، نہ کوئی کمیشن، نہ کوئی ایجنٹ، ادائیگی نقد، بینک ٹرانسفر یا کبھی کرپٹو کے ذریعے ہو جاتی ہے۔”

    مالیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ بینکوں اور ایکسچینج کمپنیوں پر ڈالر کی قیمت کو مصنوعی طور پر نیچے رکھنے کے لیے دباؤ بڑھتا جا رہا ہے، جس سے بلیک مارکیٹ مزید فعال ہو سکتی ہے۔ماہرین نے حکومت کو تجویز دی ہے کہ مستقل اصلاحات کے بغیر یہ عارضی استحکام دیرپا ثابت نہیں ہوگا۔

    برطانیہ کا فلسطینی ریاست کو مشروط تسلیم کرنے کا اعلان

    مون سون بارشوں کے دوران 288 افراد جاں بحق، 1567 مکانات تباہ

  • برطانیہ کا فلسطینی ریاست کو مشروط تسلیم کرنے کا اعلان

    برطانیہ کا فلسطینی ریاست کو مشروط تسلیم کرنے کا اعلان

    برطانیہ نے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا مشروط اعلان کر دیا ہے، برطانوی وزیراعظم سر کئیر اسٹارمر نے واضح کیا ہے کہ اگر غزہ کی صورتحال نہ بدلی تو برطانیہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس سے قبل ستمبر میں فلسطین کو تسلیم کر لے گا۔

    لندن میں کابینہ کے ہنگامی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اگر اسرائیل نے غزہ میں جنگ بندی، مغربی کنارے پر قبضے سے گریز، اور دو ریاستی حل پر رضامندی ظاہر نہ کی تو برطانیہ فلسطین کو ریاستی حیثیت دے گا۔سر کئیر اسٹارمر نے مزید کہا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان کوئی برابری نہیں، اور برطانیہ تاحال حماس سے یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حماس کو جنگ بندی اور غزہ کی حکومت میں کوئی کردار ادا نہ کرنے پر آمادہ ہونا ہوگا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل فرانس بھی فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کر چکا ہے، جس کے بعد برطانیہ کا یہ بیان مشرق وسطیٰ کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

    بٹگرام میں کارروائی، گدھے کا گوشت برآمد

  • مون سون بارشوں کے دوران 288 افراد جاں بحق، 1567 مکانات تباہ

    مون سون بارشوں کے دوران 288 افراد جاں بحق، 1567 مکانات تباہ

    نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے مون سون بارشوں کے باعث ملک بھر میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق 26 جون سے 29 جولائی تک 288 افراد جاں بحق اور 690 زخمی ہوئے۔

    این ڈی ایم اے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مون سون کے اس عرصے کے دوران 1567 مکانات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہوئے، جس سے ہزاروں افراد متاثر ہوئے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں بارشوں کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہوئے جن میں پنجاب سے 6 جبکہ سندھ سے 1 شہری شامل ہے۔

    اسی دوران مختلف حادثات میں پنجاب میں 14 اور خیبرپختونخوا میں 1 شہری زخمی ہوا، رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ این ڈی ایم اے تمام صوبائی اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ امدادی کارروائیاں بروقت مکمل کی جاسکیں۔حکام کے مطابق بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کے باعث مزید نقصانات کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    بٹگرام میں کارروائی، گدھے کا گوشت برآمد

    9مئی کیس،الیکشن کمیشن نے رکن قومی اسمبلی عبدالطیف چترالی کو نااہل قرار دے دیا

    لیبیا ، تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی، 18 ہلاک اور 50 لاپتا

  • الیکشن کمیشن نے بیرسٹر گوہر کے بیان کی سختی سے تردید کر دی

    الیکشن کمیشن نے بیرسٹر گوہر کے بیان کی سختی سے تردید کر دی

    الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان نے بیرسٹر گوہر کے بیان کو حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ سینیٹر اعجاز چوہدری، محمد احمد چھٹہ اور احمد خان کو انسداد دہشتگردی عدالت سے باقاعدہ سزا سنائی گئی تھی، جو تاحال برقرار ہے۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق، یہ سزا کسی بھی عدالت کی جانب سے کالعدم قرار نہیں دی گئی، اور مذکورہ افراد کو اب بھی قانوناً مجرم تصور کیا جا رہا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ عبدالطیف چترالی کا کیس دیگر ملزمان سے مختلف ہے، کیونکہ وہ خود اسلام آباد ہائی کورٹ نہیں گئے، بلکہ ان کے شریک ملزمان نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ عدالت نے انسداد دہشتگردی عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے صرف عبدالطیف چترالی کے شریک ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دیا، جبکہ چونکہ چترالی نے اپیل دائر نہیں کی تھی، اس لیے انہیں نوٹس جاری کیا گیا۔الیکشن کمیشن کے ترجمان کا مؤقف ہے کہ قانونی عمل کو مکمل طور پر مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کیے جا رہے ہیں، اور کسی بھی قسم کی غلط بیانی یا گمراہ کن تاثر کی گنجائش نہیں چھوڑی جا سکتی۔

    حماس سے ڈیل مشکل، غزہ میں شدید فاقہ کشی ہے، ٹرمپ

    بھارتی پارلیمنٹ میں آپریشن سندور پر ہنگامہ، راہول گاندھی کا سخت سوال

    امریکہ کے کیسینو میں فائرنگ، 2 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    کراچی میں 17 منزلہ عمارت زمین میں دھنسنے لگی،خطرے کا انتباہ

  • حماس سے ڈیل مشکل، غزہ میں شدید فاقہ کشی ہے، ٹرمپ

    حماس سے ڈیل مشکل، غزہ میں شدید فاقہ کشی ہے، ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ حماس کے ساتھ کسی بھی قسم کی ڈیل کرنا بہت مشکل ہے، اسرائیلی صدر سے مسلسل رابطے میں ہوں اور بہت سارے منصوبوں کے ساتھ سامنے آ رہا ہوں۔

    اسکاٹ لینڈ میں برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ حماس اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا نہیں کرنا چاہتی، غزہ میں جنگ بندی کے لیے ہونے والے مذاکرات میں شدید رکاوٹیں ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ غزہ میں غذائی امداد کے مراکز بغیر کسی رکاوٹ کے کھلے رکھے جائیں گے، اور اسرائیل پر امدادی سامان کی ترسیل اور تقسیم کی مکمل ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ امداد غزہ کے ضرورت مند شہریوں تک ضرور پہنچے گی۔

    سابق صدر نے اعتراف کیا کہ غزہ کے شہری حقیقی فاقہ کشی کا سامنا کر رہے ہیں، اور اگر فوری طور پر امداد نہ پہنچی تو ہزاروں جانوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امدادی سامان پہنچا کر بے شمار زندگیاں بچائی جا سکتی ہیں۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران کی جانب سے اب تک منفی اشارے موصول ہو رہے ہیں، جس سے خطے میں استحکام کی کوششیں متاثر ہو سکتی ہیں۔

    اس موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ ان کی مداخلت سے بھارت اور پاکستان کے درمیان ممکنہ جنگ روکی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر انہوں نے بروقت کردار ادا نہ کیا ہوتا تو دنیا میں 6 بڑی جنگیں شروع ہو چکی ہوتیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یورپی یونین کے ساتھ گزشتہ روز ایک بڑی ڈیل طے پا چکی ہے۔

    برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے گفتگو کے دوران کہا کہ غزہ میں جنگ بندی ناگزیر ہوچکی ہے، ہم دونوں (امریکا و برطانیہ) اس بات پر متفق ہیں کہ جنگ بندی تک پہنچنے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے امداد کی فراہمی کے بعد کا مکمل لائحہ عمل طے کیا ہے اور دیگر ممالک کو بھی اس مشن میں شامل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ غزہ میں مستقل جنگ بندی ممکن بنائی جا سکے۔

    بھارتی پارلیمنٹ میں آپریشن سندور پر ہنگامہ، راہول گاندھی کا سخت سوال

    چینی کمپنیوں نے گدھے کا گوشت برآمد کرنے کی اجازت مانگ لی

    امریکہ کے کیسینو میں فائرنگ، 2 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    کراچی میں 17 منزلہ عمارت زمین میں دھنسنے لگی،خطرے کا انتباہ

  • بھارتی پارلیمنٹ میں آپریشن سندور پر ہنگامہ، راہول گاندھی کا سخت سوال

    بھارتی پارلیمنٹ میں آپریشن سندور پر ہنگامہ، راہول گاندھی کا سخت سوال

    بھارت کی لوک سبھا (ایوان زیریں) میں آپریشن سندور پر جاری بحث اس وقت تلخ ہوگئی جب اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے حکومت سے سوال کیا کہ "آپریشن سندور کیوں روکا گیا؟”

    وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے خصوصی اجلاس کے دوران ایوان کو بتایا کہ بھارتی افواج کو مکمل آزادی دی گئی تھی کہ وہ اہداف خود طے کریں اور بھرپور جواب دیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 10 مئی کی صبح بھارتی فضائیہ نے کئی پاکستانی ایئربیسز کو نشانہ بنایا جس کے بعد پاکستان نے مبینہ طور پر جنگ بندی کی درخواست کی۔راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ پاکستان کے ڈی جی ایم او نے فون پر کہا’مہاراج، اب روک دیجیے؛ بہت ہوگیا’، اور ہم نے انسانی بنیادوں پر سیزفائر قبول کر لیا۔راہول گاندھی نے تقریر کے دوران مداخلت کرتے ہوئے سخت لہجے میں سوال کیا کہ تو آپ نے آپریشن سندور روکا کیوں؟

    ان کے اس سوال پر ایوان میں حکومتی بینچز میں بے چینی پھیل گئی، جس پر راج ناتھ سنگھ نے راہول گاندھی کو مکمل تقریر سننے کا مشورہ دیا۔بھارتی وزیر دفاع نے واضح کیا کہ بھارت کا مقصد صرف دہشت گردی کے مراکز کو نشانہ بنانا تھا، جنگ چھیڑنا نہیں۔ ان کے مطابق بھارت کے ڈی جی ایم او نے بھی پاکستانی ہم منصب کو صاف الفاظ میں یہ پیغام دیا تھا۔راہول گاندھی کے سوال نے ایک مرتبہ پھر سیزفائر کے پس منظر اور ٹیلیفون کال کے دعووں کو عوامی بحث کا مرکز بنا دیا ہے۔

    بعد ازاں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر گورو گوگوئی نے بھی اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ "جب پوری قوم اور اپوزیشن وزیر اعظم مودی کے ساتھ کھڑی تھی تو پھر اچانک 10 مئی کو سیزفائر کی اطلاع کیوں دی گئی؟ ،انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ "امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے متعدد بار دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے بھارت اور پاکستان کے درمیان سیزفائر کروایا۔کانگریس نے مطالبہ کیا ہے کہ آپریشن سندور اور سیزفائر کے فیصلے پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے تاکہ سچائی عوام کے سامنے آ سکے۔

    چینی کمپنیوں نے گدھے کا گوشت برآمد کرنے کی اجازت مانگ لی

    امریکہ کے کیسینو میں فائرنگ، 2 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    کراچی میں 17 منزلہ عمارت زمین میں دھنسنے لگی،خطرے کا انتباہ

    نیدرلینڈز نے پہلی بار اسرائیل کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دے دیا

  • چینی کمپنیوں نے گدھے کا گوشت برآمد کرنے کی اجازت مانگ لی

    چینی کمپنیوں نے گدھے کا گوشت برآمد کرنے کی اجازت مانگ لی

    دو چینی کمپنیوں نے پاکستان سے گدھے کا گوشت اور ہڈیاں چین برآمد کرنے کے لیے لائسنس کی باقاعدہ درخواست دے دی ہے، جن پر متعلقہ حکام کی جانب سے چھان بین کا عمل جاری ہے۔

    محکمہ خوراک کے حکام کے مطابق چینی کمپنیوں نے بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں سلاٹر ہاؤس قائم کرنے اور گوشت برآمد کرنے کی اجازت مانگی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ضوابط کی تکمیل کے بعد گوشت اور ہڈیاں صرف گوادر سے برآمد کی جائیں گی۔حکام کا کہنا ہے کہ گدھے کے گوشت اور ہڈیوں کی برآمد سے پاکستان کو قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوگا۔ مزید کہا گیا کہ گوشت کی تیاری اور پروسیسنگ صرف گوادر میں ہوگی اور کسی دوسرے مقام سے گوشت تیار یا برآمد کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کے مطابق ایک اور چینی کمپنی نے بھی حال ہی میں گوشت برآمد کرنے کے لائسنس کے لیے درخواست دی ہے، جس پر کارروائی جاری ہے۔دوسری جانب اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے 25 من گدھے کا گوشت برآمد کر لیا، جو مبینہ طور پر مقامی مارکیٹ میں سپلائی کیے جانے کا خدشہ تھا۔ حکام کے مطابق اسلام آباد میں ایک غیر ملکی باشندہ لائسنس کے بغیر غیر قانونی طور پر گدھے کا گوشت تیار کر رہا تھا۔

    امریکہ کے کیسینو میں فائرنگ، 2 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    کراچی میں 17 منزلہ عمارت زمین میں دھنسنے لگی،خطرے کا انتباہ

    نیدرلینڈز نے پہلی بار اسرائیل کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دے دیا

  • امریکہ کے کیسینو میں فائرنگ، 2 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    امریکہ کے کیسینو میں فائرنگ، 2 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    امریکی ریاست نیواڈا کے شہر رینو میں واقع گرینڈ سیرا ریزورٹ میں فائرنگ کے واقعے میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

    رینو پولیس کے ترجمان کرس جانسن کے مطابق، ایک مسلح شخص نے ریزورٹ میں اندھا دھند فائرنگ کی، جسے بعد ازاں زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ زخمیوں کی حالت کے بارے میں فی الحال کوئی تفصیلات نہیں دی جا سکتیں۔ریجنل میڈیکل سینٹر "ریناؤن” کی ترجمان کیرولین ایکرمن کے مطابق فائرنگ سے متاثرہ متعدد افراد کو اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    مقامی ذرائع کے مطابق فائرنگ کا آغاز ریزورٹ کے ویلے پارکنگ ایریا سے ہوا اور واقعہ عمارت کے دیگر حصوں تک پھیل گیا۔ مجموعی طور پر 4 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ مزید 4 افراد کو معمولی چوٹیں آئیں۔واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ کیسینو میں موجود افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔ فائرنگ کی وجوہات جاننے کے لیے تفتیش جاری ہے۔

    غیرت کے نام پر قتل: حکومت اور اپوزیشن کا آل پارٹیز کانفرنس پر اتفاق

    پشاور: کار سے 3 افراد کی لاشیں برآمد

    غیرت کے نام پر قتل: حکومت اور اپوزیشن کا آل پارٹیز کانفرنس پر اتفاق

    ملکی و عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں معمولی کمی