Baaghi TV

Author: سعد فاروق

  • کراچی میں 17 منزلہ عمارت زمین میں دھنسنے لگی،خطرے کا انتباہ

    کراچی میں 17 منزلہ عمارت زمین میں دھنسنے لگی،خطرے کا انتباہ

    کراچی کے مصروف علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع 17 منزلہ کثیرالمنزلہ عمارت کے زمین میں دھنسنے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر ادارہ ترقیات کراچی نے دو مرتبہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کو تحریری طور پر آگاہ کیا، مگر مبینہ طور پر کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔

    ادارہ ترقیات کراچی کے مطابق یہ عمارت لائنز ایریا کے سیکٹر ون میں واقع ہے، جو 1986 میں تعمیر ہوئی تھی اور گزشتہ 38 برسوں سے خالی پڑی ہے۔ تاہم حالیہ دنوں میں اس پر رنگ و روغن کر کے اسے دوبارہ شہریوں کو فروخت کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔خط میں نشاندہی کی گئی ہے کہ بارشوں اور زلزلوں کے باعث عمارت کا اسٹرکچر بری طرح متاثر ہو چکا ہے، جبکہ بیسمنٹ میں مسلسل پانی کھڑے رہنے سے بنیادیں بھی کمزور ہو گئی ہیں۔

    ادارہ ترقیات نے زور دیا ہے کہ ایس بی سی اے فوری طور پر عمارت کو "خطرناک” قرار دے اور اسے مسمار کرنے کے اقدامات کرے، کیونکہ یہ نہ صرف اردگرد کی آبادی بلکہ ایم اے جناح روڈ پر چلنے والی ٹریفک کے لیے بھی شدید خطرے کا باعث بن سکتی ہے۔یاد رہے کہ ادارہ ترقیات نے 2024 اور 2025 میں دو بار تحریری خطوط کے ذریعے خطرے سے آگاہ کیا تھا، تاہم تاحال کسی عملی اقدام کی اطلاع نہیں ملی۔

    غیرت کے نام پر قتل: حکومت اور اپوزیشن کا آل پارٹیز کانفرنس پر اتفاق

  • نیدرلینڈز نے پہلی بار اسرائیل کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دے دیا

    نیدرلینڈز نے پہلی بار اسرائیل کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دے دیا

    نیدرلینڈز نے تاریخ میں پہلی بار اسرائیل کو اپنی قومی سلامتی کے لیے باقاعدہ خطرہ قرار دے دیا ہے۔

    ہالینڈ کی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں اسرائیل پر ڈچ سیاست اور میڈیا پر خفیہ اثرانداز ہونے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے نہ صرف نیدرلینڈز کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی کوشش کی بلکہ ہیگ میں واقع بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کو بھی سنگین دھمکیاں دیں۔ یہ الزامات اس وقت سامنے آئے جب آئی سی سی نے غزہ میں جنگی جرائم کے الزامات کے تحت اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو اور وزیر دفاع یوآف گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔

    حکومتی رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ اسرائیل کی یہ سرگرمیاں نیدرلینڈز کی جمہوری اقدار، عدالتی خودمختاری اور بین الاقوامی اداروں کے تحفظ کے لیے براہِ راست خطرہ ہیں۔رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد ڈچ سیاسی حلقوں اور میڈیا میں بھی شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ بین الاقوامی سطح پر اس پیشرفت کو انتہائی اہم اور غیر معمولی قرار دیا جا رہا ہے۔

    ملکی و عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں معمولی کمی

    پنجاب اسمبلی ہنگامہ: ایوان سے احاطہ تک تصادم، دو اپوزیشن ارکان معطل

  • غیرت کے نام پر قتل: حکومت اور اپوزیشن کا آل پارٹیز کانفرنس پر اتفاق

    غیرت کے نام پر قتل: حکومت اور اپوزیشن کا آل پارٹیز کانفرنس پر اتفاق

    پاکستان مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے رہنماؤں نے ملک میں غیرت کے نام پر قتل جیسے سنگین مسئلے پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر اتفاق کرلیا ہے، تاکہ قومی سطح پر مؤثر لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔

    نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت شذرہ منصب علی نے کہا کہ ملک میں غیرت کے نام پر قتل سے متعلق قوانین موجود ہیں، لیکن اس مسئلے کے حل کے لیے سیاسی جماعتوں کو اکٹھا ہونا ہوگا۔ انہوں نے تجویز دی کہ ایک آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے تاکہ اس معاملے کو سنجیدگی سے زیر بحث لایا جا سکے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عامر ڈوگر نے بھی اس موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سنجیدہ مسئلہ ہے جس پر تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر مشترکہ موقف اپنانا چاہیے۔

    تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سینئر نائب صدر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے بتایا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں غیرت کے نام پر قتل کے خلاف قرار داد منظور کی جائے گی۔اس موقع پر اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین راغب نعیمی نے بھی اپنا موقف دیتے ہوئے کہا کہ اسلام غیرت کے نام پر قتل کی اجازت نہیں دیتا، اور ایسے واقعات اسلام کی روح کے منافی ہیں۔

    سیاسی اور مذہبی رہنماؤں کے اس متفقہ موقف کو ملک بھر میں انسانی حقوق کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

    پاک امریکا ٹریڈ ڈائیلاگ: وزیر خزانہ امریکا روانہ
    ملکی و عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں معمولی کمی

    سوات: مدرسے میں کمسن طالبعلم پر تشدد کے مرکزی ملزمان گرفتار

  • پشاور: کار سے 3 افراد کی لاشیں برآمد

    پشاور: کار سے 3 افراد کی لاشیں برآمد

    صوبائی دارالحکومت پشاور میں ایک کار سے تین افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جنہیں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک اجرتی قاتل بھی شامل ہے، جو سنگین مقدمات میں قانون کو مطلوب تھا۔پولیس حکام کے مطابق واقعے کی ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ تینوں افراد کو کسی اور مقام پر قتل کرکے لاشیں کار میں ڈال کر جائے وقوعہ پر چھوڑ دی گئیں۔مقتولین کی شناخت اور پسِ پردہ محرکات جاننے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، جبکہ ورثا کی تلاش اور تحقیقات کا عمل جاری ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ پرانی دشمنی یا گینگ وار کا شاخسانہ ہو سکتا ہے، تاہم حتمی نتیجہ فرانزک رپورٹ اور مزید تفتیش کے بعد سامنے آئے گا۔

    ملکی و عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں معمولی کمی

    ٹھٹھہ: لمس کے ڈاکٹر کے غلط آپریشن سے 14 سالہ لڑکا زندگی و موت کی کشمکش میں، باپ کی وزیراعلیٰ سندھ سے فریاد

    سوات: مدرسے میں کمسن طالبعلم پر تشدد کے مرکزی ملزمان گرفتار

  • پاک امریکا ٹریڈ ڈائیلاگ: وزیر خزانہ امریکا روانہ

    پاک امریکا ٹریڈ ڈائیلاگ: وزیر خزانہ امریکا روانہ

    پاک امریکا تجارتی مذاکرات میں پیش رفت کے امکانات کے پیش نظر وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب امریکا روانہ ہو گئے ہیں، جہاں وہ دونوں ممالک کے درمیان جاری ٹریڈ ڈائیلاگ کو حتمی شکل دیں گے۔

    وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق، اس دورے کے دوران پاک امریکا تجارتی مذاکرات پر فیصلہ کن بات چیت ہوگی۔ متوقع تجارتی معاہدے سے پاکستان اور امریکا کی معیشتوں کو نمایاں فائدہ پہنچے گا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، اور مضبوط معاشی و تجارتی تعلقات دوطرفہ روابط کا اہم ستون ہیں۔ پاکستان چاہتا ہے کہ یہ تعلقات صرف روایتی شعبوں تک محدود نہ رہیں بلکہ انہیں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)، معدنیات اور زراعت جیسے جدید شعبوں تک وسعت دی جائے۔

    وزارت خزانہ نے مزید کہا کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا یہ دورہ پاک-امریکا تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی کوشش کا حصہ ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور شراکت داری کو تقویت ملے گی۔ذرائع کے مطابق مذاکرات میں ممکنہ فریم ورک پر مشاورت کی جائے گی جس کے تحت دونوں ملکوں میں سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور تجارتی رکاوٹوں کے خاتمے پر تعاون بڑھایا جائے گا۔

    ملکی و عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں معمولی کمی

    ٹھٹھہ: لمس کے ڈاکٹر کے غلط آپریشن سے 14 سالہ لڑکا زندگی و موت کی کشمکش میں، باپ کی وزیراعلیٰ سندھ سے فریاد

  • ملکی و عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں معمولی کمی

    ملکی و عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں معمولی کمی

    عالمی اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں آج سونے کی قیمت میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث ملک بھر میں مسلسل چوتھے روز بھی سونے کی قیمت میں 100 روپے کی کمی واقع ہوئی۔

    آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے روز 24 قیراط فی تولہ سونا 100 روپے سستا ہو کر 3 لاکھ 56 ہزار 300 روپے کا ہوگیا۔ اسی طرح 24 قیراط 10 گرام سونا 85 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 5 ہزار 470 روپے میں فروخت ہوا جبکہ 22 قیراط 10 گرام سونے کی قیمت 2 لاکھ 80 ہزار 14 روپے ریکارڈ کی گئی۔ادھر چاندی کی قیمت میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئی، فی تولہ چاندی 3 ہزار 963 روپے اور 10 گرام چاندی 3 ہزار 397 روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔

    دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں ایک ڈالر کی معمولی کمی دیکھنے میں آئی، جس کے بعد فی اونس سونا 3 ہزار 336 ڈالر پر آگیا۔واضح رہے کہ 24 جولائی کو سونے کی قیمت میں 5 ہزار 900 روپے کی بڑی کمی ہوئی تھی، جس کے بعد 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 3 لاکھ 59 ہزار روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔

    سوات: مدرسے میں کمسن طالبعلم پر تشدد کے مرکزی ملزمان گرفتار

    9 مئی کیس: اعجاز چوہدری، احمد بھچر اور احمد چٹھہ نااہل، نشستیں خالی

  • سوات: مدرسے میں کمسن طالبعلم پر تشدد کے مرکزی ملزمان گرفتار

    سوات: مدرسے میں کمسن طالبعلم پر تشدد کے مرکزی ملزمان گرفتار

    خوازہ خیلہ کی چلیار کالونی میں واقع ایک مدرسے میں کمسن طالبعلم پر بہیمانہ تشدد کر کے قتل کرنے کے مقدمے میں مفرور مرکزی ملزمان قاری عمر اور اس کا بیٹا احسان اللہ کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

    ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سوات محمد عمر خان کے مطابق، 21 جولائی کو پیش آنے والے ہولناک واقعے کے بعد دونوں ملزمان روپوش تھے، جنہیں سوات پولیس کی جانب سے جاری بھرپور سرچ آپریشن کے دوران گرفتار کر لیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق، کمسن طالبعلم مدرسے میں شدید تشدد کے باعث جان کی بازی ہار گیا تھا اور ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ واقعے میں مدرسے کے کئی افراد، بشمول اساتذہ، ملوث تھے۔

    واقعے کے فوری بعد پولیس نے 10 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا تھا، تاہم مرکزی ملزمان فرار ہو گئے تھے، جس کے بعد سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔ڈی پی او محمد عمر خان کا کہنا ہے کہ قاری عمر اور اس کے بیٹے کی گرفتاری سوات پولیس کی انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے، اور دونوں کو قانونی کارروائی کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ "اس گھناؤنے جرم میں ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور متاثرہ خاندان کو انصاف ہر صورت میں فراہم کیا جائے گا۔”

    واقعے کے بعد شدید عوامی غم و غصہ دیکھنے میں آیا، جبکہ انسانی حقوق کے کارکنوں اور شہریوں کی جانب سے غیر رجسٹرڈ مدارس کے خلاف سخت کارروائی اور مؤثر نگرانی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔حکام نے بھی اس افسوسناک سانحے کے بعد بچوں کے تحفظ اور مذہبی تعلیمی اداروں میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات اٹھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

    سیلاب میں لاپتہ خاتون اینکر کی گاڑی ملبے سے برآمد

    9 مئی کیس: اعجاز چوہدری، احمد بھچر اور احمد چٹھہ نااہل، نشستیں خالی

    پنجاب اسمبلی میں ہاتھا پائی: اپوزیشن رکن کا حکومتی رکن کو تھپڑ

  • سیلاب میں لاپتہ خاتون اینکر کی گاڑی ملبے سے برآمد

    سیلاب میں لاپتہ خاتون اینکر کی گاڑی ملبے سے برآمد

    گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں تباہ کن سیلاب کے دوران لاپتہ ہونے والی نجی ٹی وی چینل کی اینکر پرسن شبانہ لیاقت کی گاڑی بابوسر کے مقام پر ملبے سے مل گئی، تاہم گاڑی میں کوئی فرد موجود نہیں تھا۔ متاثرہ فیملی سمیت دیگر لاپتہ افراد کی تلاش تاحال جاری ہے۔

    ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق، بابوسر ناران شاہراہ پر جاری سرچ آپریشن میں تیزی لائی گئی ہے۔ اب تک تقریباً 15 سیاح ریلے میں بہہ چکے ہیں، جن میں شبانہ لیاقت، ان کے شوہر لیاقت، اور چار بچے بھی شامل ہیں۔حکام کے مطابق، گاڑی کے ملبے سے ملنے کے بعد شبانہ لیاقت کا پرس بھی بابوسر تھک کے ایک مقامی رضاکار کو ملا ہے، جس میں ان کا شناختی کارڈ موجود تھا۔ یہ تفصیل لاپتہ فیملی کی شناخت کی تصدیق کرتی ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ شاہراہ بابوسر کو ایک ہفتے بعد جزوی طور پر بحال کر کے یکطرفہ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے، تاہم شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو آپریشن میں پولیس، ضلعی انتظامیہ، گلگت بلتستان ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی، ریسکیو ادارے، سراغ رساں کتے اور ڈرونز حصہ لے رہے ہیں تاکہ لاپتہ افراد کا سراغ لگایا جا سکے۔

    یاد رہے کہ حالیہ طوفانی بارشوں کے نتیجے میں بابوسر تھک نالے میں سیلاب آنے سے 10 افراد جاں بحق اور کئی لاپتہ ہو گئے تھے، جس کے بعد سیاحتی مقام بابوسر میں ہر طرف تباہی کے مناظر دکھائی دے رہے ہیں۔

    9 مئی کیس: اعجاز چوہدری، احمد بھچر اور احمد چٹھہ نااہل، نشستیں خالی

    پنجاب اسمبلی ہنگامہ: ایوان سے احاطہ تک تصادم، دو اپوزیشن ارکان معطل

    پنجاب اسمبلی میں ہاتھا پائی: اپوزیشن رکن کا حکومتی رکن کو تھپڑ

  • 9 مئی کیس: اعجاز چوہدری، احمد بھچر اور احمد چٹھہ نااہل، نشستیں خالی

    9 مئی کیس: اعجاز چوہدری، احمد بھچر اور احمد چٹھہ نااہل، نشستیں خالی

    الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے 9 مئی کے مقدمات میں سزا یافتہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں سینیٹر اعجاز چوہدری، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر اور رکن قومی اسمبلی احمد چٹھہ کو نااہل قرار دیتے ہوئے ان کی نشستیں خالی قرار دے دیں۔

    ای سی پی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سینیٹر اعجاز چوہدری کو 10 سال قید کی سزا سنائی، جس کے بعد وہ آئین کے آرٹیکل 63 (1)(h) کے تحت سینیٹ کی رکنیت کے لیے نااہل ہوگئے۔اسی طرح این اے 66 وزیرآباد سے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی احمد چٹھہ اور پی پی 87 میانوالی سے پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر بھی انسداد دہشت گردی عدالت سے 10 سال قید کی سزا پانے کے بعد نااہل قرار پائے۔ الیکشن کمیشن نے دونوں ارکان کی نااہلی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

    نوٹیفکیشن کے اجرا کے بعد ان تینوں نشستوں پر ضمنی الیکشن کرائے جائیں گے۔یاد رہے کہ 22 جولائی کو انسداد دہشت گردی عدالت سرگودھا نے 9 مئی 2023 کو میانوالی میں پُرتشدد احتجاج کے مقدمے میں پی ٹی آئی کے 32 رہنماؤں اور کارکنوں کو 10 سال قید کی سزا سنائی تھی، جن میں ملک احمد بھچر اور احمد چٹھہ شامل تھے۔ ان پر جلاؤ گھیراؤ اور دیگر سنگین الزامات عائد کیے گئے تھے۔

    اسی روز لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے شیرپاؤ پل جلاؤ گھیراؤ کیس میں ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور سرفراز چیمہ کو بھی 10، 10 سال قید کی سزا سنائی، جبکہ شاہ محمود قریشی اور دیگر رہنماؤں کو بری کر دیا گیا۔

    پی ٹی آئی کا ردعمل:
    پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے نااہلیوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے فیصلوں سے جمہوریت خطرے میں ہے اور الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کے ساتھ امتیازی سلوک کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آرٹیکل 63 (1)(h) کے تحت پی ٹی آئی رہنماؤں کو نااہل کرنے کا فیصلہ واضح امتیاز کی نشاندہی کرتا ہے۔

    پنجاب اسمبلی ہنگامہ: ایوان سے احاطہ تک تصادم، دو اپوزیشن ارکان معطل

    پنجاب اسمبلی میں ہاتھا پائی: اپوزیشن رکن کا حکومتی رکن کو تھپڑ

    متحدہ عرب امارات کا بڑا اقدام، لاکھوں فلسطینیوں کیلئے صاف پانی کی فراہمی شروع

  • پنجاب اسمبلی ہنگامہ: ایوان سے احاطہ تک تصادم، دو اپوزیشن ارکان معطل

    پنجاب اسمبلی ہنگامہ: ایوان سے احاطہ تک تصادم، دو اپوزیشن ارکان معطل

    پنجاب اسمبلی میں شدید ہنگامہ آرائی، گالم گلوچ اور ہاتھا پائی کے بعد صورتحال ایوان کی حدود سے نکل کر اسمبلی کے احاطے تک جا پہنچی، جہاں حکومتی اور اپوزیشن ارکان ایک بار پھر آمنے سامنے آ گئے۔

    واقعے کے بعد اسمبلی سیکریٹریٹ نے دو اپوزیشن ارکان کی رکنیت آئندہ 15 اجلاسوں کے لیے معطل کر دی۔ذرائع کے مطابق، ایوان میں جھڑپ کے بعد جب اپوزیشن ارکان پریس ہال سے باہر نکل رہے تھے، تو دو نامعلوم افراد ان سے مبینہ طور پر ٹکرا گئے اور بعد ازاں انہیں گالیاں دیں۔ اس ناخوشگوار صورتحال کے دوران اسمبلی سیکیورٹی فوری موقع پر پہنچی اور دونوں گروپوں کو علیحدہ کر دیا گیا۔

    اپوزیشن کے مطابق، واقعے میں رکن اسمبلی احمد مجتبیٰ کو خاص طور پر نشانہ بنایا گیا جبکہ اسامہ نامی رکن بھی زد میں آئے۔ اپوزیشن کا دعویٰ ہے کہ گالیاں دینے والے افراد مبینہ طور پر حکومتی ارکان کے اسٹاف سے تعلق رکھتے تھے۔بعد ازاں جب حکومتی وزرا پریس کانفرنس کر رہے تھے تو اپوزیشن رکن اعجاز شفیع اچانک پریس ہال میں داخل ہوئے اور بلند آواز میں سوال کیا: "وہ دو افراد کون تھے جنہوں نے ہمارے ایم پی ایز کو گالیاں دیں؟” اس پر دوبارہ شور شرابا شروع ہو گیا اور وزرا نے انہیں خاموش کروانے کی کوشش کی۔

    وزیر ذیشان رفیق اور بلال اکبر نے بعد میں اپوزیشن ارکان کو ساتھ لے کر ایوان کا رخ کیا اور انہیں یقین دہانی کروائی کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور گالیاں دینے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ تاہم اعجاز شفیع کا کہنا تھا کہ چونکہ قائم مقام اسپیکر موجود نہیں تھے، اس لیے فوری کارروائی ممکن نہیں ہو سکی۔اسی ہنگامہ آرائی کے بعد پنجاب اسمبلی کے قائم مقام اسپیکر ظہیر اقبال چنڑ کے حکم پر اپوزیشن ارکان خالد زبیر نثار اور شیخ امتیاز محمود کی رکنیت 15 نشستوں کے لیے معطل کر دی گئی ہے۔

    اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، خالد زبیر نثار نے رکن اسمبلی محمد احسان ریاض پر حملہ کیا، جبکہ شیخ امتیاز محمود نے اسپیکر کی اتھارٹی کو چیلنج کیا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ رول 210 کے تحت دونوں ارکان کی رکنیت معطل کی جاتی ہے۔

    پنجاب اسمبلی میں ہاتھا پائی: اپوزیشن رکن کا حکومتی رکن کو تھپڑ

    متحدہ عرب امارات کا بڑا اقدام، لاکھوں فلسطینیوں کیلئے صاف پانی کی فراہمی شروع