Baaghi TV

Author: سعد فاروق

  • اسرائیلی کے مغربی کنارہ قبضہ بل کی پاکستان سمیت 17 ممالک کی مذمت

    اسرائیلی کے مغربی کنارہ قبضہ بل کی پاکستان سمیت 17 ممالک کی مذمت

    پاکستان، سعودی عرب، او آئی سی اور عرب لیگ سمیت 17 ممالک نے اسرائیلی پارلیمنٹ کی جانب سے مغربی کنارے پر قبضے سے متعلق بل کی منظوری کی شدید مذمت کی ہے۔

    ان ممالک کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔بیان میں 1967ء سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی آبادی، کردار اور قانونی حیثیت تبدیل کرنے کے اسرائیلی اقدامات کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے ان کی مذمت کی گئی۔مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ عالمی عدالتِ انصاف نے فلسطینی سرزمین پر اسرائیلی قبضے، آبادکاری اور انضمام کو غیر قانونی قرار دیا ہے، جبکہ عدالت کی جانب سے غزہ میں انسانی امداد سے متعلق اسرائیلی ذمے داریوں پر دی گئی رائے کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔

    بیان میں مزید کہا گیا کہ مشرقی بیت المقدس کا اسرائیل میں انضمام سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق غیر قانونی ہے، لہٰذا اسرائیل کو یک طرفہ اور غیر قانونی اقدامات فوری طور پر بند کرنے چاہییں۔

    17 ممالک کے مشترکہ بیان میں عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ اپنی اخلاقی اور قانونی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے اسرائیل پر دباؤ ڈالے تاکہ فلسطینی عوام کے جائز حقوق تسلیم کیے جائیں، اور 1967ء کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد و خودمختار فلسطینی ریاست قائم کی جائے جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو.

    جنگ بندی کے باوجود فلسطینی بھوک، پیاس اور پناہ کے لیے ترسنے لگے

    کے ڈی اے میں 11 ارب 33 کروڑ کے ٹھیکے بغیر ٹینڈر دیے جانے کا انکشاف

    گھوٹکی: معمولی جھگڑے میں داؤدپوٹو برادری کا نوجوان شدید زخمی، ملزمان فرار

  • جنگ بندی کے باوجود فلسطینی بھوک، پیاس اور پناہ کے لیے ترسنے لگے

    جنگ بندی کے باوجود فلسطینی بھوک، پیاس اور پناہ کے لیے ترسنے لگے

    اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے باوجود غزہ میں انسانی بحران مزید سنگین ہوتا جا رہا ہے۔

    اسرائیلی پابندیوں کے باعث امدادی سامان کی محدود فراہمی نے فلسطینیوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، ہزاروں خاندان مناسب پناہ، خوراک اور پانی کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، جبکہ بیمار فلسطینی فوری طبی امداد کے منتظر ہیں۔قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق جنگ بندی کے باوجود غزہ کے شہریوں کے حالات میں کوئی بہتری نہیں آئی۔ امداد کی کمی کے باعث بیشتر فلسطینی خاندان فاقہ کشی اور بے گھری کا شکار ہیں۔الجزیرہ کی رپورٹنگ ٹیم کے مطابق غزہ کے شمال، وسطی اور جنوبی علاقوں میں تمام فلسطینی یکساں طور پر مشکلات سے دوچار ہیں۔

    ابو عمّارہ نامی 12 رکنی خاندان اس وقت ایک چھوٹے خیمے میں مقیم ہے۔ شام کے 4 بجے ان کا دن کا پہلا کھانا تیار ہوتا ہے، جبکہ بچوں نے صبح سے کچھ نہیں کھایا۔ والدین صبح سے خوراک کی تلاش میں ہیں مگر حالات انتہائی خراب ہیں۔یہ خاندان غزہ کے علاقے شجاعیہ کا رہائشی ہے اور امید کر رہا تھا کہ جنگ بندی کے بعد اپنے گھر واپس جا سکے گا، مگر ان کا کہنا ہے کہ ان کا علاقہ "غیرمحفوظ زون” میں ہونے کے باعث وہ واپس نہیں جا سکتے۔پناہ گاہوں کی کمی اور واپسی کی گنجائش نہ ہونے پر کئی بے گھر خاندان قبرستانوں میں خیمے لگا کر رہنے پر مجبور ہیں، کیونکہ وہی واحد جگہ ہے جو اب بھی خالی ہے۔

    ادھر عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق 15 ہزار فلسطینی ایسے ہیں جنہیں فوری طبی علاج کی ضرورت ہے اور وہ غزہ سے انخلا کے منتظر ہیں۔ گزشتہ روز 41 نازک حالت کے مریضوں کو نکالا گیا، تاہم جنگ بندی کے باوجود رفح بارڈر تاحال بند ہے.

    گھوٹکی: معمولی جھگڑے میں داؤدپوٹو برادری کا نوجوان شدید زخمی، ملزمان فرار

    اسلام آباد پولیس کےایس ایس پی نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی

  • کے ڈی اے میں 11 ارب 33 کروڑ کے ٹھیکے بغیر ٹینڈر دیے جانے کا انکشاف

    کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) میں 11 ارب 33 کروڑ روپے کے ٹھیکے ٹینڈر کے بغیر دینے کا انکشاف ہوا ہے۔

    وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کے ڈی اے کے کنسلٹینسی ٹھیکوں میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔صوبائی وزراء ناصر شاہ اور جام خان شورو کو مشترکہ طور پر ان بے ضابطگیوں کی تحقیقات کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔سندھ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جمع کرائی گئی شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ کریم آباد انڈر پاس منصوبے کی لاگت 700 ملین روپے سے بڑھا کر 3 ہزار 810 ملین روپے کر دی گئی۔

    شکایت کے مطابق کے ڈی اے نے منصوبہ پرانے ریٹس پر دیا، بعد میں غیر قانونی طور پر نئے ریٹس لاگو کیے گئے، جبکہ منصوبہ منسوخ کرنے کے بجائے پرانے ٹینڈر پر ہی جاری رکھا گیا، جو قواعد کی سنگین خلاف ورزی ہے

  • روسی تیل کی خریداری،مودی حکومت نے ٹرمپ کے دباؤ میں آگئی

    روسی تیل کی خریداری،مودی حکومت نے ٹرمپ کے دباؤ میں آگئی

    بھارت کی مودی سرکار نے امریکی دباؤ کے سامنے جھکنے کی تیاری کر لی ہے اور روس سے تیل کی خریداری میں کمی پر غور شروع کر دیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی بڑی آئل ریفائنریز نے روس سے خام تیل کی خریداری کم یا مکمل طور پر بند کرنے کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔اس پیش رفت پر بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ کانگریس نے کہا کہ ’’ٹرمپ نے کہا جنگ روکو تو مودی نے لڑائی بند کر دی، اب ٹرمپ نے روسی تیل نہ خریدنے کا کہا تو مودی نے فوراً سرنڈر کر دیا۔‘‘

    کانگریس نے امریکی صدر کے پاک بھارت جنگ سے متعلق اب تک کے چھپن بیانات پر بھارتی حکومت کے نام طنزیہ پوسٹر بھی جاری کیا ہے.

    اسلام آباد پولیس کےایس ایس پی نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی

    اوکاڑہ: سموگ مہم کے دوران دھواں چھوڑتی گاڑیاں بند، ڈی آر ٹی اے کی کارروائیاں تیز

  • اسلام آباد پولیس کےایس ایس پی نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی

    اسلام آباد پولیس کےایس ایس پی نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی

    اسلام آباد پولیس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) عدیل اکبر نے مبینہ طور پر خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔

    یہ افسوس ناک واقعہ آج شام شاہراہِ دستور پر پیش آیا، جہاں ایس ایس پی عدیل اکبر نے گاڑی میں خود کو گولی مار کر جان لے لی۔وفاقی وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقات جاری ہیں، تاہم سیف سٹی کے کیمروں میں واقعے کی کوئی فوٹیج نہیں ملی۔ انہوں نے بتایا کہ مرحوم کا موبائل فون لاک ہے جس کا فرانزک تجزیہ کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق عدیل اکبر کا تعلق ضلع گجرات سے تھا اور وہ پولیس سروس آف پاکستان کے 46ویں کامن کے افسر تھے۔ ان کی ایک سالہ بیٹی بھی ہے۔مزید بتایا گیا کہ ایس ایس پی عدیل اکبر سی ایس ایس میں اپنے بیچ کے ٹاپر تھے اور گزشتہ روز انہیں ڈینگی کی تشخیص ہوئی تھی، تاہم وہ بیماری کے باوجود ڈیوٹی پر موجود رہے۔

    ذرائع کے مطابق وہ ترقی نہ ملنے کے باعث شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھے، کیونکہ ان کے بیچ کے تمام افسران گزشتہ سال ایس پی کے عہدے پر ترقی پا چکے تھے، جب کہ ان کی ترقی آئندہ بورڈ تک مؤخر کی گئی تھی۔عدیل اکبر اسلام آباد پولیس میں بطور ایس پی آئی نائن تعینات تھے.

    اوکاڑہ: سموگ مہم کے دوران دھواں چھوڑتی گاڑیاں بند، ڈی آر ٹی اے کی کارروائیاں تیز

    وفاقی کابینہ کا متفقہ فیصلہ، ٹی ایل پی دوبارہ کالعدم قرار

  • فیلڈ مارشل کا مصر کا سرکاری دورہ، فوجی تعاون اور علاقائی امن پر گفتگو

    فیلڈ مارشل کا مصر کا سرکاری دورہ، فوجی تعاون اور علاقائی امن پر گفتگو

    پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر مصر کے سرکاری دورے پر ہیں، جس کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان فوجی تعاون اور دفاعی اشتراک کو مزید فروغ دینا ہے۔

    انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل نے مصری وزیر دفاع و دفاعی پیداوار جنرل عبدالماجد صقر اور مصری مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل احمد خلیفہ فتحی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دفاعی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ مصر ایک برادر ملک ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون نہ صرف عوام کے لیے مفید ہوگا بلکہ علاقائی امن و استحکام میں بھی معاون ثابت ہوگا۔

    وزارت دفاع کے دورے کے دوران فیلڈ مارشل کا پُرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ انہوں نے گمنام سپاہیوں کی یادگار اور سابق مصری صدر محمد انور السادات کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔چیف آف آرمی اسٹاف نے جامعہ الازہر کے شیخ اعظم، شیخ احمد الطیب سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز اور انتہا پسندانہ نظریات کے خاتمے پر گفتگو ہوئی۔ فیلڈ مارشل نے اسلام کی درست تشریح اور اعتدال پسندی کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا.

    گوجرانوالہ: پٹرولنگ پولیس کی سموگ آگاہی واک، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان

    الیکشن کمیشن نے پی ایس 9 شکارپور کے ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا

  • وفاقی کابینہ کا متفقہ فیصلہ، ٹی ایل پی دوبارہ کالعدم قرار

    وفاقی کابینہ کا متفقہ فیصلہ، ٹی ایل پی دوبارہ کالعدم قرار

    وفاقی کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کو ایک مرتبہ پھر انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت کالعدم تنظیم قرار دینے کی منظوری دے دی ہے۔

    یہ فیصلہ جمعرات کے روز وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں کیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزارتِ داخلہ نے پنجاب حکومت کی سفارش پر سمری کابینہ میں پیش کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ٹی ایل پی 2016 سے اپنی سرگرمیوں کے ذریعے ملک میں شدت پسندی، تشدد اور انتشار کو فروغ دیتی رہی ہے۔اجلاس میں حکومت پنجاب کے اعلیٰ افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور تنظیم کی پر تشدد کارروائیوں اور عوامی املاک کو نقصان پہنچانے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

    کابینہ کو بتایا گیا کہ 2021 میں بھی اس وقت کی حکومت نے ٹی ایل پی پر پابندی عائد کی تھی، جو بعد ازاں اس شرط پر ختم کی گئی کہ تنظیم آئندہ کسی قسم کے تشدد یا بدامنی میں ملوث نہیں ہوگی۔ تاہم، تنظیم نے اپنی دی گئی یقین دہانیوں پر عمل نہیں کیا۔سرکاری اعلامیے کے مطابق، ٹی ایل پی کے احتجاجی دھرنوں اور ریلیوں میں متعدد مواقع پر سیکیورٹی اہلکار اور عام شہری جاں بحق ہوئے، جب کہ املاک کو نقصان پہنچا۔

    کابینہ نے پنجاب حکومت کی سفارش اور بریفنگ کے بعد متفقہ طور پر اس نتیجے پر پہنچا کہ ٹی ایل پی کی سرگرمیاں دہشت گردی اور تشدد کے زمرے میں آتی ہیں۔واضح رہے کہ ٹی ایل پی کو اب انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت کالعدم تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا جائے گا، اور تنظیم کی سرگرمیوں، فنڈنگ اور اثاثوں کے خلاف کارروائیاں بھی شروع کی جائیں گی۔

    ڈیرہ غازی خان: دیہی رابطہ سڑکوں کی تعمیر و توسیع، تین ارب کے منصوبے منظور

  • الیکشن کمیشن نے پی ایس 9 شکارپور کے ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا

    الیکشن کمیشن نے پی ایس 9 شکارپور کے ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا

    الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 9 شکارپور میں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔

    یہ نشست پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ 14 دسمبر کو منعقد ہوگی، جبکہ امیدوار 3 سے 5 نومبر تک کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔
    ابتدائی امیدواروں کی فہرست 6 نومبر کو جاری کی جائے گی، اور کاغذات کی جانچ پڑتال 11 نومبر کو ہوگی۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی کی حتمی فہرست 23 نومبر کو جاری کی جائے گی، جب کہ امیدوار 24 نومبر تک اپنے کاغذات واپس لے سکیں گے۔الیکشن کمیشن نے مزید بتایا کہ امیدواروں کو 25 نومبر کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے۔

    افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی مرحلہ وار بحالی ، کسٹمز نے طریقہ کار جاری کر دیا

  • افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی مرحلہ وار بحالی ، کسٹمز نے طریقہ کار جاری کر دیا

    افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی مرحلہ وار بحالی ، کسٹمز نے طریقہ کار جاری کر دیا

    ڈائریکٹوریٹ ٹرانزٹ ٹریڈ کسٹمز نے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی مرحلہ وار بحالی کا باقاعدہ طریقہ کار جاری کر دیا ہے۔

    جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کارگو آپریشن تین مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا، جس کا آغاز ابتدائی طور پر چمن بارڈر کے راستے کیا جائے گا۔پہلے مرحلے میں وہ 9 گاڑیاں کلئیر کی جائیں گی جو فرینڈشپ گیٹ بند ہونے پر واپس بھیجی گئی تھیں۔ دوسرے مرحلے میں نیشنل لاجسٹک سیل (این ایل سی) سے واپس آنے والی 74 گاڑیوں کا پراسیس مکمل کیا جائے گا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق تیسرے اور آخری مرحلے میں ہالٹنگ یارڈ میں کھڑی 217 گاڑیوں کو سرحد پار جانے کی اجازت دی جائے گی۔
    مزید بتایا گیا ہے کہ واپسی پر گاڑیوں کی نقل و حرکت کی سخت مانیٹرنگ کی جائے گی تاکہ عمل کو شفاف اور محفوظ بنایا جا سکے۔

  • مستونگ ، نامعلوم افراد کا حملہ، 9 مزدور اغوا ،سرچ آپریشن جاری

    مستونگ ، نامعلوم افراد کا حملہ، 9 مزدور اغوا ،سرچ آپریشن جاری

    بلوچستان کے ضلع مستونگ کی تحصیل دشت میں نامعلوم مسلح افراد نے 9 مزدوروں کو اغوا کر لیا۔

    لیویز ذرائع کے مطابق مزدور ایک زیرِ تعمیر عمارت پر کام کر رہے تھے اور واپسی پر پک اپ سمیت اغوا کر لیے گئے۔ حملہ آوروں نے کچھ فاصلے پر جا کر گاڑی کے ڈرائیور کو چھوڑ دیا، جبکہ مزدوروں کو اپنے ساتھ لے گئے۔اغوا ہونے والے مزدوروں کا تعلق پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں سے بتایا گیا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر لیویز فورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مزدوروں کی بازیابی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، تاہم تاحال کسی گروہ نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی.

    افغانستان میں پھنسے 5 ہزار پاکستانی تاحال واپسی کے منتظر

    تیونس کے ساحل پر کشتی ڈوبنے سے 40 تارکین وطن ہلاک

    پی ٹی آئی رہنما شاندانہ گلزار کے خلاف ریاست مخالف مواد پھیلانے پر مقدمہ درج

    پنجاب میں امن و امان کے لیے سخت اقدامات، لاؤڈ اسپیکر ایکٹ سمیت کئی فیصلے