Baaghi TV

Blog

  • ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، بھارت نے نمیبیا کوشکست دے دی

    ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، بھارت نے نمیبیا کوشکست دے دی

    آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں میزبان بھارت نے نمیبیا کو با آسانی93 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔

    دہلی میں کھیلے گئے میچ میں نمیبیا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی،بھارت نے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ پر 209 رنز بنائے۔ایشان کشن 61 اور ہاردک پانڈیا نے 52 رنز بنائے،
    نمیبیا کی جانب سے کپتان اراسمس نے 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا،بھارت کے 210 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم 19 ویں اوور میں 116 رنز بناکر آوٹ ہوگئی ۔ بھارت کی جانب سے ورون چکرورتی نے 3 اور ہاردک پانڈیا نے 2 وکٹیں حاصل کیں،یوں بھارت نے نمیبیا کےخلاف 93 رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایونٹ میں مسلسل دوسری جیت اپنے نام کی،بھارت کا ایونٹ میں اگلا میچ 15 فروری کو پاکستان کے خلاف کولمبو میں ہوگا۔

  • جنوبی کوریا کی بٹ تھم ایکسچینج کی داخلی خامیوں سے 40 ارب ڈالر سے زائد اثاثے غلطی سے منتقل

    جنوبی کوریا کی بٹ تھم ایکسچینج کی داخلی خامیوں سے 40 ارب ڈالر سے زائد اثاثے غلطی سے منتقل

    ‎جنوبی کوریا کی بڑی کرپٹو کرنسی ایکسچینج بٹ تھم نے انکشاف کیا ہے کہ داخلی نظام میں سنگین خامیوں کی وجہ سے گذشتہ ہفتے 40 ارب ڈالر سے زائد کے اثاثے غلطی سے منتقل ہو گئے۔
    ‎کمپنی نے تسلیم کیا کہ ان خامیوں کی وجہ سے اس کا سسٹم ممکنہ تخریب کاری کا بھی نشانہ بن سکتا تھا۔ تشہیری تقریب کے دوران صارفین میں غلطی سے تقریباً چھ لاکھ 20 ہزار بٹ کوائن تقسیم کر دیے گئے، حالانکہ اصل میں چھ لاکھ 20 ہزار وان (تقریباً 426 ڈالر) دئیے جانے تھے۔
    ‎اس بڑی غلطی کے نتیجے میں بٹ کوائن کی مارکیٹ قیمت میں 17 فیصد کمی واقع ہوئی۔ پارلیمانی کمیٹی کے سامنے بٹ تھم کے چیف ایگزیکٹیو افسر لی جے وون نے بتایا کہ غلطی سے دی گئی رقم ایکسچینج کے کل 42,000 بٹ کوائن کے اثاثوں سے 15 گنا زیادہ تھی۔
    ‎انہوں نے بتایا کہ لین دین کے عمل میں تقریباً 24 گھنٹے کی تاخیر نے ورچوئل اثاثوں کے بیلنس کو بروقت اپ ڈیٹ ہونے سے روک دیا، اور کہا: "ہم داخلی نظام کے کنٹرول میں خامی سے بخوبی واقف ہیں۔”

  • ممبئی، نیول ڈاکیارڈ کی عمارت میں آتشزدگی

    ممبئی، نیول ڈاکیارڈ کی عمارت میں آتشزدگی

    ممبئی کے جنوبی علاقے میں واقع نیول ڈاکیارڈ میں جمعرات کی رات اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد سیکیورٹی اور ریسکیو حکام فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔ حکام کے مطابق آگ لگنے کا واقعہ رات تقریباً 10 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ نیول ڈاکیارڈ کے اندر قائم سروے یارڈ بلڈنگ میں لگی۔ ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ جس مقام پر آگ بھڑکی وہ کولابا کے علاقے میں واقع گیٹ وے آف انڈیا کے بالکل سامنے ترچھی سمت میں واقع ہے، جو شہر کا ایک اہم اور حساس علاقہ تصور کیا جاتا ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی بحریہ کے حکام اور فائر فائٹنگ ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کے لیے کارروائی شروع کردی۔ حکام کا کہنا ہے کہ تاحال کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم مزید تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

    عینی شاہدین کے مطابق آگ کے شعلے دور سے دیکھے جا سکتے تھے جبکہ قریبی علاقوں میں موجود بعض افراد نے واقعے کی ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جو تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔حکام نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی طور پر کسی تخریب کاری یا بیرونی مداخلت کی تصدیق نہیں ہوئی، تاہم مکمل حقائق سامنے آنے تک کچھ بھی حتمی طور پر نہیں کہا جا سکتا۔

    نیول ڈاکیارڈ بھارت کا ایک اہم دفاعی مرکز ہے، اس لیے واقعے کو حساس نوعیت کا قرار دیا جا رہا ہے۔ مزید معلومات سامنے آنے پر صورتحال مزید واضح ہو سکے گی۔

  • فالورزحاصل کرنے میں ناکامی،یوٹیوبر نے سٹوڈیو کو آگ لگا دی

    فالورزحاصل کرنے میں ناکامی،یوٹیوبر نے سٹوڈیو کو آگ لگا دی

    بھارتی ریاست جھارکھنڈ کے ضلع گڑھوا میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 27 سالہ یوٹیوبر نے شدید ذہنی دباؤ کے باعث اپنے گھر میں قائم جدید اسٹوڈیو کو آگ لگا دی۔

    پولیس اور اہلِ محلہ کی بروقت کارروائی سے اہلِ خانہ کو تو بحفاظت نکال لیا گیا، تاہم لاکھوں روپے مالیت کا قیمتی سامان جل کر تباہ ہو گیا۔پولیس کے مطابق وِدھایاک پراجاپتی نامی نوجوان اپنے گھر سے فلم ایڈیٹنگ اور ڈیجیٹل ورک کا اسٹوڈیو چلا رہا تھا۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ پراجاپتی نے جدید اسٹوڈیو بنانے کے لیے آبائی زمین فروخت کی تھی اور اسے امید تھی کہ وہ یوٹیوب پر شہرت حاصل کر کے کامیاب کیریئر بنا سکے گا۔ تاہم کئی ماہ کی مسلسل محنت کے باوجود خاطر خواہ کامیابی نہ ملنے پر وہ شدید ذہنی دباؤ اور ڈپریشن کا شکار ہو گیا تھا۔اہلِ محلہ اور سابق گاؤں پردھان پرکاش کمار ارون کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے سے پراجاپتی نے خود کو لوگوں سے الگ تھلگ کر لیا تھا۔ گزشتہ تقریباً 10 بجے اس نے خود کو اسٹوڈیو کے اندر بند کر لیا اور مبینہ طور پر آگ لگا دی۔

    آگ لگنے کے بعد پورا گھر دھوئیں سے بھر گیا جبکہ اہلِ خانہ اندر ہی پھنس کر رہ گئے کیونکہ لوہے کا دروازہ اندر سے بند تھا۔ گھر والوں کی چیخ و پکار سن کر پڑوسیوں نے فوری طور پر میرال پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس ٹیم نے موقع پر پہنچ کر گھر کی عقبی دیوار توڑ کر اندر داخل ہونے میں کامیابی حاصل کی اور اہلِ خانہ کو بحفاظت باہر نکال لیا۔واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم آگ کی لپیٹ میں آ کر مہنگے کمپیوٹرز، کیمرے، ساؤنڈ سسٹم، لائٹنگ آلات اور دیگر جدید مشینری مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ ابتدائی اندازے کے مطابق 10 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔

    پرکاش کمار ارون کا کہنا تھا کہ "وہ ایک محنتی نوجوان تھا لیکن کامیابی کے شدید دباؤ نے اسے ذہنی طور پر توڑ دیا تھا۔”ریسکیو کارروائی کے دوران پراجاپتی مبینہ طور پر پچھلی دیوار پھلانگ کر فرار ہو گیا تھا۔ اہلِ خانہ نے اسے اتوار کی صبح تلاش کر لیا، جس کے بعد اسے ذہنی معائنے اور علاج کے لیے رانچی منتقل کر دیا گیا ہے۔واقعے کے بعد متاثرہ خاندان کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے اور انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے مالی امداد فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے جبکہ مقامی افراد نے نوجوانوں میں بڑھتے ذہنی دباؤ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

  • ہاتھ میں شراب کی بوتل،شوہر کو پھول دینے والے بیوی پر مقدمہ درج

    ہاتھ میں شراب کی بوتل،شوہر کو پھول دینے والے بیوی پر مقدمہ درج

    بہار کے ضلع منگیر میں "روز ڈے” کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ایک خاتون اور ان کے شوہر کو قانونی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

    ویڈیو میں ریاست میں نافذ سخت شراب بندی قانون کی مبینہ خلاف ورزی دکھائی دینے پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ خاتون کنچن دیوی نے مبینہ طور پر خود اپنے انسٹاگرام اور فیس بک اکاؤنٹس پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ اپنے شوہر کو گلاب کا پھول پیش کرنے کے بعد انہیں شراب کا گلاس دیتی اور ہاتھ میں شراب کی بوتل تھماتی دکھائی دے رہی ہیں۔ ویڈیو میں شوہر کو مسکراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، تاہم بہار میں مکمل شراب بندی کے باعث اس ویڈیو نے سوشل میڈیا پر شدید بحث چھیڑ دی۔

    واضح رہے کہ بہار میں 2016 سے مکمل شراب بندی نافذ ہے اور شراب کی خرید و فروخت، ذخیرہ اندوزی اور تشہیر قانوناً جرم ہے، جس پر سخت سزائیں مقرر ہیں۔معاملہ اس وقت مزید سنگین ہو گیا جب کنچن دیوی کی ایک اور تصویر منظر عام پر آئی، جس میں وہ ایک بیوٹی پارلر کے اندر پستول کے ساتھ پوز دیتی دکھائی دے رہی ہیں۔ اس تصویر نے بھی سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حرکت میں آنے پر مجبور کر دیا۔منگیر کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) سید عمران مسعود نے تصدیق کی ہے کہ تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوتے ہی ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خاتون کے گھر پر چھاپہ مارا۔

    تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ تصویر میں نظر آنے والا پستول ویشال کمار نامی شخص کا لائسنس یافتہ اسلحہ ہے، جو دین دیال چوک کا رہائشی ہے۔ اگرچہ اسلحہ قانونی طور پر رجسٹرڈ ہے، تاہم کسی غیر مجاز شخص کو اس کے ساتھ تصویر بنوانے یا سوشل میڈیا پر نمائش کی اجازت دینا قانون کی خلاف ورزی ہے۔پولیس نے کنچن دیوی اور اسلحہ کے مالک ویشال کمار کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایس پی سید عمران مسعود کا کہنا ہے کہ اسلحے کی نمائش اور شراب جیسے ممنوعہ مادوں کی تشہیر سنگین جرائم کے زمرے میں آتی ہے اور ایسے معاملات میں قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

  • پاکستان جنوبی ایشیا میں اہم شراکت دار، تجارتی و سکیورٹی تعلقات بڑھانے کا خواہاں

    پاکستان جنوبی ایشیا میں اہم شراکت دار، تجارتی و سکیورٹی تعلقات بڑھانے کا خواہاں

    ‎امریکی معاون وزیر خارجہ سمیر پال کپور نے بدھ کو کانگریس کی کمیٹی کو بتایا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں واشنگٹن کا ایک اہم شراکت دار ہے اور امریکہ اس کے ساتھ تجارتی، اقتصادی اور سکیورٹی تعلقات کو مضبوط کرنا چاہتا ہے۔
    ‎انہوں نے کمیٹی کو بتایا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ مل کر ملک کے اہم معدنی وسائل کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے اور نجی شعبے کے ساتھ مالی اعانت کو مربوط کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ دونوں ممالک کو اقتصادی فوائد حاصل ہوں۔
    ‎پال کپور نے توانائی اور زراعت میں دوطرفہ تجارت کے فروغ پر بھی روشنی ڈالی اور سکیورٹی تعاون کے حوالے سے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے شعبے میں موجودہ تعاون پاکستان کو اندرونی اور بین الاقوامی سلامتی کے خطرات سے نمٹنے میں مدد دیتا ہے۔
    ‎بعد میں قانون سازوں نے سوالات کے دوران عسکریت پسندی، پاکستان کی سابقہ سیکیورٹی حکمت عملی اور علاقائی حرکیات پر بھی بات کی۔

  • ٹرمپ کا  ایک اور ائیر کرافٹ کریئر بھیجنے کا اشارہ

    ٹرمپ کا ایک اور ائیر کرافٹ کریئر بھیجنے کا اشارہ

    ٹرمپ کا ایک اور ائیر کرافٹ کریئر بھیجنے کا اشارہ
    پیچھے ہٹنے سے صاف انکار، ایران نے بنکر بسٹر بم تیار کر لیے
    نیتن یاہو پریشانی میں واشنگٹن پہنچ گیا کہیں "صلح صفائی نہ ہو جائے”

  • اپوزیشن اتحاد کا عمران خان سے ملاقات ، علاج تک پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنے کا اعلان

    اپوزیشن اتحاد کا عمران خان سے ملاقات ، علاج تک پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنے کا اعلان

    ‎اپوزیشن اتحاد نے فیصلہ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات اور ان کے مکمل علاج تک پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنا دیا جائے گا۔

    اپوزیشن اتحاد کے رہنماؤں کا وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور مکمل علاج تک پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنا دیا جائے گا، پارلیمنٹ ہاؤس کے مرکزی دروازے پر تحریک انصاف کی مرکزی قیادت دھرنا دے گی، اس سلسلے میں تمام اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز کو پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنےکی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔اجلاس کے بعد پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےعلامہ راجہ ناصر عباس کاکہنا تھا کہ ہماری میٹنگ ہوئی ہے،ہم نے فیصلہ کیا کہ کل نماز جمعہ کے بعد پارلیمنٹ کے باہر پرامن دھرنا دیں گے، سینیٹر، اراکین قومی اسمبلی، صوبائی اسمبلی شریک ہوں گے، ابھی تک عمران خان کے علاج کے لئے حکومت نے کوئی رابطہ نہیں کیا، آج تین دن ہو گئے،ہمارا مطالبہ ہے کہ ملاقات کروائی جائے، ڈاکٹروں کو دکھایا جائے،

    ‎یہ فیصلہ اس رپورٹ کے منظرِ عام پر آنے کے بعد کیا گیا جس میں اڈیالہ جیل میں قید عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی دائیں آنکھ کی بینائی 15 فیصد تک محدود رہ گئی ہے۔
    ‎سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق عمران خان نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کا معائنہ ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر عاصم یوسف سے کرایا جائے یا کسی مستند ماہر امراض چشم سے مکمل طبی جانچ کروائی جائے۔ انہوں نے قید تنہائی اور ٹی وی تک رسائی نہ ہونے کی صورت میں کتابیں فراہم کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔
    ‎رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اکتوبر 2025 تک ان کی دونوں آنکھوں کی بینائی 6×6 یعنی نارمل تھی، تاہم بعد میں مسلسل دھندلاہٹ اور نظر کم ہونے کی شکایات شروع ہوئیں۔ عمران خان کے مطابق انہوں نے متعدد بار اُس وقت کے سپرنٹنڈنٹ جیل کو آگاہ کیا مگر کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا۔ بعد ازاں دائیں آنکھ کی بینائی اچانک متاثر ہوئی، جس پر پمز اسپتال کے ماہر امراض چشم ڈاکٹر محمد عارف کو معائنے کے لیے بلایا گیا۔
    ‎رپورٹ کے مطابق آنکھ میں خون کا لوتھڑا بننے سے شدید نقصان ہوا اور علاج، بشمول انجیکشن، کے باوجود بینائی صرف 15 فیصد تک بحال ہو سکی۔
    ‎دوسری جانب پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے سابق سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

  • بانی پی ٹی آئی کو علاج کے لیے باہر بھیجنا پڑا تو ضرور بھیجیں گے۔ ڈاکٹر طارق فضل چودھری

    بانی پی ٹی آئی کو علاج کے لیے باہر بھیجنا پڑا تو ضرور بھیجیں گے۔ ڈاکٹر طارق فضل چودھری

    وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو علاج کے لیے باہر بھیجنا پڑا تو ضرور بھیجیں گے۔

    نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چودھری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی بیماری کے حوالے سے یہ دوسری رپورٹ ہے اور پمز کی رپورٹ کے مطابق بانی کے علاج کے بعد آنکھ ٹھیک ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سلمان صفدر وکیل ہیں ان کی رپورٹ میڈیکل کی نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ اکتوبر کے بعد بانی پی ٹی آئی کو آنکھوں میں مسلسل دھندلاہٹ کی شکایت ہونے لگی تھی اور بعد میں ان کی دائیں آنکھ کی بینائی اچانک اور مکمل ختم ہوگئی۔ان کا کہنا تھا کہ تفصیلی معائنے کے بعد ہی پتہ چلے گا کہ ان کی بینائی کا نقصان کا ازالہ ہوسکتا ہے یا نہیں۔آنکھوں کے ماہرین دیکھ کر بتا سکتے ہیں کہ عمران خان کی اس وقت کیا صورتحال ہے اس کے بعد فیصلہ کیا جا سگتا ہے کہ آگے کیا کرنا ہے ،ماہرین کی رائے سے ہی اندازہ ہو سگتا ہے کہ آنکھ کا مسئلہ قابل علاج ہے یا نہیں ،عمران خان کی رپورٹس ایک نہیں دو ہیں ، ایک رپورٹ پمز کے آنکھوں کے ماہرین نے بنائی تھی ، ان کی رپورٹ مختلف ہے ،سلمان صفدر ایک وکیل ہیں ان کی رپورٹ عمران خان کی شکایت ہے میڈیکل رپورٹ نہیں ہے ،عمران خان کا باقاعدہ چیک اپ ہوتا ہے ان کا بلڈ پریشر چیک ہوتا ہے ،ان کی شکایت پر ہی انہیں پمز لایا گیا اور ان کا علاج کروایا گیا

  • بنوں: سی ٹی ڈی کی کاروائی اسسٹنٹ کمشنر  کے قتل  میں ملوث دہشتگرد گرفتار

    بنوں: سی ٹی ڈی کی کاروائی اسسٹنٹ کمشنر کے قتل میں ملوث دہشتگرد گرفتار

    محکمہ انسدادِ دہشتگردی (سی ٹی ڈی) خیبرپختونخوا نے بنوں ریجن میں ایک اہم انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کالعدم دہشتگرد تنظیم کے انتہائی مطلوب کمانڈر اسامہ عرف دانیال عرف باغی کو پیپل بازار بنوں سے گرفتار کر لیا۔ گرفتار دہشتگرد متعدد سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم کا تعلق ضلع بنوں سے ہے اور وہ ایف ایس سی تک تعلیم حاصل کرنے کے بعد ٹی ٹی پی اور ٹی ٹی جی کے اشتراک سے قائم تنظیم اتحاد المجاہدین پاکستان (IMP) میں شامل ہوا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے مجموعی طور پر 9 بڑی دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔اعترافی بیان کے مطابق ملزم دسمبر 2025 میں بنوں کے علاقے مل اڈہ میں اسسٹنٹ کمشنر میرانشاہ شاہ ولی خان پر ہونے والے مسلح حملے میں ملوث رہا، جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر اپنے دو محافظوں سمیت شہید ہوئے جبکہ سرکاری گاڑی کو بھی نذرِ آتش کر دیا گیا تھا۔ملزم نے نومبر 2025 میں نالی پل کے قریب سابق ایس ایچ او عابد وزیر کے اغوا اور شہادت، اکتوبر 2025 میں لکی مروت امن کمیٹی کے تین رہنماؤں عطاء اللہ، فرمان اللہ اور ولی اللہ کے اغوا و قتل میں بھی براہِ راست ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔

    اس کے علاوہ باران ڈیم کے قریب ایف سی کے دو اہلکاروں کے اغوا، جون 2024 میں پولیو افسر ملک اسحاق اور ان کے گن مین کے قتل، اور پیپل بازار میں پولیو ڈیوٹی سے واپسی پر دو پولیس اہلکاروں کے اغوا اور ان سے اسلحہ چھیننے کی وارداتیں بھی ملزم کے اعترافات میں شامل ہیں۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزم حساس اداروں کی ریکی، سیکیورٹی فورسز کی تصاویر فراہم کرنے، جاسوسی کے شبے میں شہریوں کے اغوا اور غیر قانونی ناکہ بندیاں قائم کر کے عوام کو ہراساں کرنے میں بھی سرگرم رہا ہے۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    علاوہ ازیں بنوں میں سیکورٹی فورسز کا گزشتہ روز ٹارگٹڈ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن، 5 دہشت گرد اور سہولت کار گرفتار،پولیس کے مطابق یہ کارروائی گزشتہ روز تھانہ احمدزئی اور چوکی کاشو پل پر ہونے والے سنائپر حملے میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے عمل میں لائی گئی۔ آپریشن کے دوران پولیس ٹیموں نے مختلف مقامات پر سرچ آپریشن کیا، جبکہ مشتبہ افراد کی کڑی جانچ پڑتال کے بعد پانچ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو حراست میں لے لیا گیا۔