Baaghi TV

Blog

  • بنگلہ دیش،انتخابات کے نتائج کا سلسلہ جاری،بی این پی کو واضح برتری

    بنگلہ دیش،انتخابات کے نتائج کا سلسلہ جاری،بی این پی کو واضح برتری

    ڈھاکا: بنگلہ دیش میں 13ویں قومی پارلیمانی انتخابات کے لیے ووٹنگ کے اختتام کے بعد ملک بھر میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور مختلف حلقوں سے غیر سرکاری و ابتدائی نتائج موصول ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ متعدد اہم نشستوں پر بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے امیدواروں کو برتری حاصل ہے، جبکہ بعض حلقوں میں سخت مقابلہ بھی دیکھنے میں آ رہا ہے۔اب تک کے نتائج کے مطابق بی این پی کو 68،جماعت اسلامی کو 21،این سی پی کو دو نشستیں ملی ہیں

    طارق رحمان ڈھاکا-17 اور بوگرا-6 سے کامیاب
    رات 10 بج کر 20 منٹ تک موصول ہونے والے غیر سرکاری نتائج کے مطابق بی این پی کے چیئرمین طارق رحمان نے ڈھاکا-17 اور بوگرا-6 کی نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی ہے۔ یہ بات بی این پی میڈیا سیل کے رکن شائرل کبیر خان نے بتائی۔اس سے قبل طارق رحمان نے جمعرات کی صبح 9:30 بجے گلشن ماڈل ہائی اسکول اینڈ کالج پولنگ اسٹیشن میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ اس موقع پر ان کی اہلیہ ڈاکٹر زبیدہ رحمان اور صاحبزادی زائمہ رحمان بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کی جماعت ملک میں مستحکم حکومت بنانے کی پوزیشن میں آئے گی۔

    میرزا فخرالاسلام عالمگیر کو ٹھاکرگاؤں-1 میں برتری
    رات 9:25 بجے تک کے ابتدائی نتائج کے مطابق بی این پی کے سیکریٹری جنرل میرزا فخرالاسلام عالمگیر ٹھاکرگاؤں-1 میں نمایاں برتری حاصل کیے ہوئے ہیں۔ 35 پولنگ مراکز کے نتائج کے مطابق انہیں 39 ہزار 101 ووٹ ملے، جبکہ ان کے قریب ترین حریف جماعت اسلامی کے امیدوار کو 25 ہزار 976 ووٹ حاصل ہوئے۔ اس حلقے میں مجموعی طور پر 185 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔دن کے وقت میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میرزا فخرالاسلام نے کہا کہ ملک بھر میں ووٹنگ کا ماحول توقع سے زیادہ پُرجوش اور پُرامن رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی بھرپور شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک جمہوری عمل کی جانب گامزن ہے۔

    کاکس بازار-1 میں صلاح الدین احمد کو واضح برتری
    کاکس بازار-1 (چکریا-پیکوا) سے بی این پی کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن صلاح الدین احمد کو نمایاں برتری حاصل ہے۔ 177 میں سے 74 پولنگ مراکز کے نتائج کے مطابق انہوں نے ایک لاکھ 21 ہزار 119 ووٹ حاصل کیے ہیں۔ مکمل نتائج کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

    سنام گنج-2 میں جماعت اسلامی کے امیدوار نے شکست تسلیم کرلی
    رات 9:04 بجے جماعت اسلامی کے امیدوار شیشیر منیر نے سنام گنج-2 (دیرائی-شالا) سے اپنی شکست تسلیم کرلی۔ انہوں نے فیس بک پر جاری بیان میں اپنے مدمقابل ناصر الدین چوہدری کو مبارکباد پیش کی۔

    براہمن باریا-2 میں رُمین فرحانہ کو برتری
    براہمن باریا-2 میں آزاد امیدوار رُمین فرحانہ 12 پولنگ مراکز کے نتائج کے مطابق 9 ہزار 648 ووٹ لے کر آگے ہیں، جبکہ بی این پی اتحاد کے امیدوار مولانا جنید الحبیب کو 6 ہزار 745 ووٹ ملے ہیں۔

    جھینائیدہ-1 میں اسدالزمان کامیاب
    جھینائیدہ-1 (شائل کوپا) سے بی این پی کے امیدوار اور سابق اٹارنی جنرل محمد اسدالزمان ابتدائی نتائج کے مطابق کامیاب قرار پائے ہیں۔ انہوں نے انتخاب لڑنے کے لیے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ اس حلقے میں ووٹر ٹرن آؤٹ زیادہ رپورٹ ہوا۔

    کومیلا-4 میں تنازع اور بائیکاٹ
    کومیلا-4 (دیبدوار) میں 11 جماعتی اتحاد کے امیدوار حسنت عبداللہ کو بعض مراکز پر برتری حاصل ہوئی، تاہم ان کے مدمقابل ایم ڈی اے جاسم الدین نے بے ضابطگیوں کا الزام لگاتے ہوئے انتخاب کا بائیکاٹ کر دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے پولنگ ایجنٹس کو کئی مقامات پر داخلے سے روکا گیا۔

    پوسٹل بیلٹس کی بڑی تعداد موصول
    الیکشن کمیشن کے مطابق 13ویں انتخابات اور ریفرنڈم کے لیے 11 لاکھ 43 ہزار 845 پوسٹل بیلٹس موصول ہوئے، جن میں تقریباً پانچ لاکھ بیرون ملک مقیم ووٹرز کے تھے۔ حکام کے مطابق بیرون ملک سے بڑی تعداد میں بیلٹس واپس موصول ہو چکے ہیں۔

    الیکشن کمیشن اور مبصرین کا ردعمل
    الیکشن کمیشن کے مطابق 4:30 بجے ووٹنگ کے اختتام تک 299 حلقوں میں پولنگ پُرامن طور پر مکمل ہوئی، جبکہ شیرپور-3 میں ایک امیدوار کی وفات کے باعث انتخاب ملتوی کیا گیا۔ دوپہر 2 بجے تک 47.91 فیصد ووٹ کاسٹ ہونے کی اطلاع دی گئی۔یورپی یونین کے چیف مبصر ایوارس ایجابس نے ووٹرز کی مثبت شرکت کو سراہا، جبکہ انٹرنیشنل ریپبلکن انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ اور سابق امریکی رکن کانگریس ڈیوڈ ڈرائر نے انتخابی عمل کو "آزاد، منصفانہ اور پُرجوش” قرار دیا۔نگراں حکومت کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس نے کہا کہ عوام نے آئینی حق استعمال کرتے ہوئے ملک کے مستقبل کے تعین میں فعال کردار ادا کیا ہے۔

    پولنگ کے اختتام کے بعد ملک بھر میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی اور پولنگ اسٹیشنز کے اطراف سے غیر متعلقہ افراد کو ہٹا دیا گیا۔ بعض مقامات پر بے ضابطگیوں کے الزامات پر چار انتخابی اہلکاروں کو معطل بھی کیا گیا۔
    ملک بھر میں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے اور سرکاری نتائج آئندہ چند دنوں میں مرحلہ وار جاری کیے جائیں گے۔ ابتدائی رجحانات کے مطابق بی این پی کو کئی اہم حلقوں میں برتری حاصل ہے، تاہم حتمی تصویر مکمل نتائج سامنے آنے کے بعد ہی واضح ہوگی۔

    بنگلادیش میں قومی انتخابات کے ساتھ قومی ریفرنڈم بھی کرایا گیا ہے۔اب تک کے غیر سرکاری غیرحتمی نتائج کے مطابق 67 فیصد ووٹرز نے اصلاحات کے حق میں ووٹ ڈالا ہے جبکہ 33 فیصد ووٹرز نے اصلاحات کے خلاف ووٹ ڈالا ہے۔بنگلادیشی میڈیا کے مطابق ریفرنڈم کے جواب میں عوام کو ہاں یا نہیں کا انتخاب کرنا تھا، ریفرنڈم سے ملک کے مستقبل کے سیاسی و آئینی ڈھانچے کا تعین کیا جائےگا۔ریفرنڈم میں جولائی نیشنل چارٹر میں وسیع آئینی اصلاحات کی تجویز مانگی گئی ہے۔

    جعلی ووٹ ڈالنے کی کوشش پر 2 افراد کو 2 ، 2 سال قید کی سزا سنا دی گئی،بنگلادیشی میڈیا کا کہنا ہے کہ سراج گنج4 اور جھالاکاٹھی 2 میں جعلی ووٹ ڈالنےکی کوشش کی گئی۔ سراج گنج میں 22 سال کے روبیل حسین نے ووٹ ڈالنے کے بعد بیرون ملک مقیم ووٹر کا ووٹ ڈالنے کی کوشش کی،انتخابی حکام نے روبیل حسین کو حراست میں لے کر سمری کورٹ میں پیش کیا تھا،اس کے علاوہ جھالاکاٹھی میں خاتون کو جعلی ووٹ ڈالنے کی کوشش پر 2 سال قید کی سزا ہوئی، 34 سال کی خاتون کو موبائل کورٹ نے سزا سنائی جبکہ 50 ہزار ٹکہ جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔

  • این سی سی آئی اے میں 77 کنٹریکٹ افسران فارغ

    این سی سی آئی اے میں 77 کنٹریکٹ افسران فارغ

    ‎نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے 77 کنٹریکٹ افسران کو فارغ کر دیا ہے، جن میں ٹیکنیکل، فرانزک اور انویسٹیگیشن ونگ کے گریڈ 16 سے 18 کے افسران شامل ہیں۔ ایف پی ایس سی کی جانب سے دی گئی تین ماہ کی آخری توسیع بھی ختم کر دی گئی۔
    ‎فارغ کیے جانے والے افسران میں چار ڈپٹی ڈائریکٹرز، 47 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، ایک آفس سپریٹنڈنٹ، سات ٹیکنیکل افسران اور 18 انسپکٹرز شامل ہیں۔ کیسز اور عدالتوں میں زیر سماعت درخواستوں کے معاملات بھی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
    ‎این سی سی آئی اے کے ڈی جی نے 258 نئی بھرتیوں کے لیے پی سی ون بھیجوا دیا ہے، جس کے مطابق نئی بھرتیوں سے سائبر کرائم تحقیقات اور پراسیکیوشن مضبوط ہوں گی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر انوسٹگیشن اسد فخرالدین کے خلاف انکوائری مکمل ہونے تک کنٹریکٹ میں توسیع دے دی گئی ہے۔

  • حکومت قانون سازی میں ملکی مفاد پر ذاتی مفاد کو ترجیح دے رہی ہے، پی پی ذرائع کا دعویٰ

    حکومت قانون سازی میں ملکی مفاد پر ذاتی مفاد کو ترجیح دے رہی ہے، پی پی ذرائع کا دعویٰ

    ‎پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے مسلم لیگ ن کی حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ قانون سازی میں ملکی مفاد کے بجائے ذاتی مفاد کو ترجیح دے رہی ہے اور ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔
    ‎پی پی پی ذرائع کے مطابق حکومت نے پارٹی کے قانون سازی سے متعلق تحفظات دور کرنے میں ناکامی اختیار کی، جس کے باعث پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ تحفظات ختم نہ ہونے تک وہ نیب اور ورچوئل ایسٹس سے متعلق بلوں کی حمایت نہیں کرے گی۔
    ‎حکومت نے پی پی پی کو دونوں بلوں کا مسودہ فراہم کیا ہے اور پارٹی نے غور کے لیے مہلت طلب کی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پی پی پی دونوں بلوں پر اپنی سفارشات پیش کرے گی، جبکہ حکومت چاہتی ہے کہ ورچوئل ایسٹس بل 2 مارچ سے قبل منظور ہو جائے۔
    ‎ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حکومت نے ورچوئل ایسٹس آرڈینینس کی مدت دو بار پارلیمنٹ سے بڑھائی ہے، جو اب دو مارچ کو ختم ہونے والی ہے، اور اس اقدام کے ذریعے چیئرمین کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پیپلز پارٹی کو نیب ترمیمی بل کی متعدد شقوں پر بھی اعتراضات ہیں۔

  • ‎سعودی وزیر دفاع محمد بن سلمان کی آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات

    ‎سعودی وزیر دفاع محمد بن سلمان کی آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات

    ‎سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی۔
    ‎ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط تعلقات اور اسٹریٹجک دفاعی شراکت داری کی توثیق کی۔ اس موقع پر باہمی دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی اور مشترکہ مفادات کے تحفظ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
    ‎دونوں جانب سے عالمی امن و استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کو تقویت ملے۔

  • لاپتا شہری شاہ میر پولیس مقابلے میں مارا گیا، سندھ ہائیکورٹ کا اظہارِ حیرت

    لاپتا شہری شاہ میر پولیس مقابلے میں مارا گیا، سندھ ہائیکورٹ کا اظہارِ حیرت

    ‎کراچی سے لاپتا ہونے والے شہری شاہ میر کے پولیس مقابلے میں مارے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ یہ بات جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ میں سماعت کے دوران سامنے آئی، جہاں شہر کے مختلف علاقوں سے 20 سے زائد لاپتا افراد سے متعلق درخواستوں پر کارروائی کی گئی۔
    ‎پولیس کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ شاہ میر ایک مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو چکا ہے، جس پر عدالت نے حیرت کا اظہار کیا۔
    ‎سچل تھانے کے تفتیشی افسر نے عدالت میں پیش ہو کر مؤقف اختیار کیا کہ شاہ میر مقابلے میں مارا گیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شاہ میر کو مبینہ مقابلے سے دو روز قبل حراست میں لیا گیا تھا۔
    ‎عدالت نے زیر حراست شہری کی پولیس مقابلے میں ہلاکت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا اور آئینی بینچ کو ہدایت کی کہ 19 فروری کو مکمل رپورٹ پیش کی جائے۔
    ‎عدالت نے دیگر لاپتا افراد سے متعلق بھی تفصیلی رپورٹس طلب کر لی ہیں۔

  • 2025 میں خلیجی ممالک سے 38 ہزار سے زائد پاکستانی ڈی پورٹ

    2025 میں خلیجی ممالک سے 38 ہزار سے زائد پاکستانی ڈی پورٹ

    وزارت اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ نے قومی اسمبلی میں سال 2025 کے دوران خلیجی ممالک سے ڈی پورٹ کیے گئے پاکستانیوں کی تفصیلات پیش کر دیں۔
    ‎دستاویزات کے مطابق رواں سال 38 ہزار 616 پاکستانی شہریوں کو مختلف خلیجی ممالک سے واپس بھیجا گیا۔ ان افراد کو غیر قانونی قیام، ویزہ خلاف ورزی، بھیک مانگنے اور دیگر جرائم میں ملوث پائے جانے پر ڈی پورٹ کیا گیا۔
    ‎اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ 27 ہزار 692 پاکستانی سعودی عرب سے واپس بھیجے گئے۔ متحدہ عرب امارات سے 6 ہزار 794، عمان سے 2 ہزار 537، بحرین سے 786، قطر سے 644 اور کویت سے 163 پاکستانی ڈی پورٹ ہوئے۔
    ‎ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے متعلقہ کمیٹی کو بتایا کہ 2025 میں 51 ہزار پاکستانی شہریوں کو بیرون ملک سفر کی کوشش کے دوران پاکستانی ہوائی اڈوں پر ہی روک لیا گیا۔
    ‎انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب نے 24 ہزار پاکستانیوں کو بھیک مانگنے کے الزام میں ڈی پورٹ کیا، جبکہ دبئی سے 6 ہزار اور آذربائیجان سے تقریباً 2 ہزار افراد کو واپس بھیجا گیا۔
    ‎کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ بیرون ملک بھیک مانگنے میں ملوث افراد کی واپسی سے پاکستان کی ساکھ متاثر ہوتی ہے۔ بعض افراد عمرہ ویزے پر بیرون ملک جا کر یورپ پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم سفری دستاویزات میں تضاد سامنے آنے پر انہیں پاکستانی ہوائی اڈوں سے ہی روک دیا جاتا ہے۔

  • جناح ایئرپورٹ پر ٹرالیاں غائب، پی اے اے کے 9 ملازمین معطل

    جناح ایئرپورٹ پر ٹرالیاں غائب، پی اے اے کے 9 ملازمین معطل

    ‎کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کو ٹرالیاں دستیاب نہ ہونے کے معاملے پر پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے 9 ملازمین کو معطل کر دیا گیا۔
    ‎ذرائع کے مطابق معطل افراد میں شفٹ کے ڈیوٹی فیلڈ آفیسر، ڈپٹی ڈیوٹی فیلڈ آفیسر اور ٹرالی اسٹاف شامل ہیں۔ شکایات سامنے آئیں کہ ٹرالیوں کو ٹرمینل بلڈنگ سے باہر نہیں لے جایا جا رہا تھا، جس کے باعث مسافروں کو سامان خود اٹھا کر لے جانا پڑا۔
    ‎واقعے کے بعد کراچی ایئرپورٹ منیجر کی سربراہی میں انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے پر مزید کارروائی کی جائے گی۔

  • اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گرینڈ سرچ آپریشن، 18 مشکوک افراد تھانے منتقل

    اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گرینڈ سرچ آپریشن، 18 مشکوک افراد تھانے منتقل

    ‎اسلام آباد پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں گرینڈ سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن کیا۔ آپریشن زونل ایس پیز کی نگرانی میں کیا گیا، جس میں لیڈیز پولیس اہلکاروں نے بھی حصہ لیا۔
    ‎کارروائی کے دوران 409 افراد اور 309 گھروں کی جانچ پڑتال کی گئی، جبکہ 126 موٹر سائیکلوں اور 56 گاڑیوں کو چیک کیا گیا۔
    ‎پولیس کے مطابق ایک افغان شہری سمیت 18 مشکوک افراد اور 14 موٹر سائیکلوں کو مزید تفتیش کے لیے متعلقہ تھانوں منتقل کیا گیا۔
    ‎حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کا مقصد جرائم کی روک تھام اور امن و امان کو یقینی بنانا ہے۔ آئی جی اسلام آباد نے ضلع بھر میں ایسے گرینڈ سرچ آپریشنز جاری رکھنے کے احکامات دیے ہیں۔
    ‎پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ چیکنگ کے دوران تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں، کیونکہ شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔

  • ایلون مسک کا چاند پر اے آئی سیٹلائٹ فیکٹری قائم کرنے کا منصوبہ

    ایلون مسک کا چاند پر اے آئی سیٹلائٹ فیکٹری قائم کرنے کا منصوبہ

    ‎دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل اور ٹیسلا، اسپیس ایکس سمیت متعدد کمپنیوں کے مالک ایلون مسک چاند پر مصنوعی ذہانت سے متعلق سیٹلائٹ فیکٹری قائم کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
    ‎نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق انہوں نے اپنی اے آئی کمپنی ایکس اے آئی کے ملازمین سے ملاقات کے دوران اس منصوبے کا ذکر کیا۔ بتایا گیا ہے کہ مسک چاند پر ایسی تنصیب چاہتے ہیں جہاں سیٹلائٹس تیار کیے جائیں اور انہیں خلا میں بھیجنے کے لیے ایک بڑی غلیل نما ڈیوائس استعمال کی جائے، جو لانچنگ کے عمل کو تیز اور کم خرچ بنا سکے۔
    ‎ایکس اے آئی کی جانب سے اس رپورٹ پر تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
    ‎یہ پہلا موقع نہیں جب ایلون مسک نے خلا میں صنعتی تنصیبات کے قیام کی بات کی ہو۔ چند روز قبل انہوں نے کہا تھا کہ مصنوعی ذہانت کی تیز رفتار ترقی بڑے ڈیٹا سینٹرز کی مرہون منت ہے، جنہیں بھاری مقدار میں بجلی اور جدید کولنگ سسٹمز درکار ہوتے ہیں۔ ان کے بقول زمین پر توانائی کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر طویل مدت میں اے آئی مراکز کو خلا میں منتقل کرنا ناگزیر ہو سکتا ہے۔
    ‎ایک پوڈ کاسٹ گفتگو میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ 36 ماہ یا اس سے بھی پہلے اے آئی انفرااسٹرکچر کو خلا میں منتقل کرنے کی پیش رفت دیکھنے میں آ سکتی ہے۔
    ‎مبصرین کے مطابق اگر چاند پر فیکٹری کے قیام کا منصوبہ عملی شکل اختیار کر لیتا ہے تو مستقبل میں وہاں انسانی موجودگی بڑھانے کی راہ بھی ہموار ہو سکتی ہے۔ ایلون مسک طویل عرصے سے یہ مؤقف دہراتے آئے ہیں کہ انسانیت کے مستقبل کے تحفظ کے لیے زمین سے باہر مستقل بستیوں کا قیام ضروری ہے، خاص طور پر مریخ پر انسانی شہر بسانا ان کے طویل المدتی وژن کا حصہ ہے۔

  • ایران کا جوہری مقام کے قریب زیر زمین سرنگوں کا کمپلیکس مضبوط کر نے کا انکشاف

    ایران کا جوہری مقام کے قریب زیر زمین سرنگوں کا کمپلیکس مضبوط کر نے کا انکشاف

    سیٹلائٹ تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران نے نطنز جوہری تنصیب کے جنوب میں تقریباً ایک میل کے فاصلے پر زیر زمین کمپلیکس کے داخلی راستوں کو مضبوط کیا ہے۔
    انسٹیٹیوٹ فار سائنس اینڈ انٹرنیشنل سکیورٹی (آئی ایس آئی ایس) کے تجزیہ کے مطابق، ماؤنٹ کولنگ گاز لا میں واقع کمپلیکس میں ایک سرنگ کے دروازے پر نیا کنکریٹ نظر آ رہا ہے۔ 10 فروری 2026 کی تصاویر سے معلوم ہوتا ہے کہ ایک اور سرنگ میں بھی کنکریٹ سے مضبوط ڈھانچہ شامل کیا گیا ہے۔
    ‎کمپلیکس کے ارد گرد بھاری تعمیراتی مشینری اور مواد کی موجودگی بتاتی ہے کہ یہ ابھی مکمل آپریشن کے لیے تیار نہیں ہوا۔
    ‎گذشتہ برس امریکہ اور اسرائیل نے ایران پر حملے کیے، لیکن نطنز جوہری پلانٹ کو براہِ راست نشانہ نہیں بنایا گیا، اور آئی ایس آئی ایس نے اصفہان میں ایک جوہری مقام کے سرنگوں کو مٹی ڈال کر بند کرنے کی تصاویر کا بھی تجزیہ کیا۔