پنجاب حکومت نے راولپنڈی میں قائم فیڈرل ٹی بی سینٹر کی اراضی صوبے کے حوالے کرنے کے لیے وفاق سے باضابطہ طور پر قبضہ مانگ لیا ہے، تاکہ وہاں چلڈرن اسپتال اور نرسنگ ایکسیلنس سینٹر تعمیر کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے پنجاب حکومت سے ٹرانزیشن پلان طلب کر لیا ہے، جس کی منظوری کے بعد ٹی بی سینٹر کی ملکیت صوبے کو منتقل کر دی جائے گی۔ وفاق کی جانب سے ارسال کردہ مراسلے میں اثاثوں، ملازمین کی حیثیت، مستقل عملے اور طبی آلات کے مستقبل کے استعمال سے متعلق تفصیلات مانگی گئی ہیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وزارت صحت کابینہ کے فیصلے پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائے گی۔ پنجاب حکومت کا مؤقف ہے کہ اراضی کی حوالگی کے فوری بعد تعمیراتی کام شروع کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ فیڈرل ٹی بی سینٹر راولپنڈی 129 کنال اراضی پر قائم ہے، جو اس وقت وفاقی حکومت کے نام ہے۔ اس جگہ چلڈرن اسپتال کے ساتھ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے نرسنگ ایکسیلنس سینٹر قائم کیا جائے گا، جہاں نرسوں کی پیشہ ورانہ تعلیم اور تربیت دی جائے گی۔
Blog
-

فیڈرل ٹی بی سینٹر کی جگہ چلڈرن اسپتال اور نرسنگ سینٹر بنانے کا فیصلہ
-

گورنر راج کا نفاذ ناممکن ہے، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا
مینگورہ میں پی ٹی آئی کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبے میں گورنر راج لگانا ناممکن ہے اور یہی وجہ ہے کہ انہیں نااہل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ خود تیراہ جائیں گے، وہاں کے عوام کے ساتھ جرگہ کریں گے اور ہر معاملے کو شفاف ثبوت کے ساتھ حل کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی حمایت اور سچائی کے سامنے کسی بھی قسم کی رکاوٹ کامیاب نہیں ہو سکتی۔
واضح رہے کہ اسٹریٹ موومنٹ کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ آج سوات، بٹ خیلہ اور تیمر گرہ میں بھی کارکنان سے خطاب کریں گے اور صوبے میں عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی جماعت کی کوششوں کا جائزہ لیں گے۔ -

سوہنا پنجاب پروجیکٹس کی پیش رفت کا جائزہ, مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ملتان، ڈیرہ غازی خان، بھکر، وہاڑی، وزیرآباد، گوجرانوالا، شیخوپورہ اور قصور کے ڈپٹی کمشنرز نے پنجاب ڈیولپمنٹ پلان پر پیش رفت کے بارے میں تفصیلی رپورٹس پیش کیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے کے 51 شہروں میں سوہنا پنجاب پروجیکٹس پر کام شروع کر دیا گیا ہے، اور وزیراعلیٰ نے جون 2026 تک پروجیکٹس مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ "مریم نواز کا سوہنا پنجاب” پروگرام کے تحت 100 کلومیٹر طویل سڑکیں اور گلیاں پختہ کی جائیں گی، ساتھ ہی 5 ہزار 887 کلومیٹر طویل سیوریج اور 181 ڈرینج لائنیں بھی تعمیر کی جائیں گی۔ اجلاس میں محکمہ جات کی کارکردگی اور وسائل کے مؤثر استعمال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ -

ملک بھر میں شدید سردی، طاقتور موسمی سسٹم آج داخل ہوگا
پاکستان کے کئی حصوں میں سردی کی شدید ترین لہر نے کئی سالوں کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں، جبکہ برف باری اور بارش برسانے والا طاقتور موسمی سسٹم آج ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے کئی درجے نیچے گر چکا ہے اور شدید برف باری کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔ بٹگرام، دیربالا اور چترال میں برف باری سے رابطہ سڑکیں بند جبکہ بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔
سوات اور مانسہرہ کے سیاحتی مقامات مکمل طور پر برف کی لپیٹ میں ہیں۔ مالم جبہ میں پانچ فٹ، کالام میں تین فٹ، شوگراں میں ایک فٹ اور کاغان میں ڈیڑھ فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔ بٹگرام کی تحصیل الائی میں کئی فٹ برف جمع ہونے سے گاڑیاں پھنس گئی ہیں جبکہ شانگلہ میں بھی سڑکیں بند ہیں، مریضوں کو چارپائیوں پر اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
دیر بالا اور چترال میں شدید برف باری کے باعث تمام بڑی رابطہ سڑکیں بند ہیں، ایک فٹ سے زائد برف پڑنے سے نظامِ زندگی مفلوج ہو گیا ہے اور بجلی کی ترسیل بھی متاثر ہوئی ہے۔
دوسری جانب شمالی اور بالائی بلوچستان میں برف باری کے بعد وادی کوئٹہ میں سردی نے کئی سال کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں، جہاں سورج نکلنے کے باوجود درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے اوپر نہ آ سکا۔ -

وینزویلا کے دفاعی نظام کو جام کرنے والا خفیہ ہتھیار: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک پوسٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا ہے کہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی گرفتاری کے دوران ایک خفیہ امریکی ہتھیار Discombobulator استعمال کیا گیا، جس نے وینزویلا کے دفاعی نظام کو مکمل طور پر ناکارہ بنا دیا۔ صدر ٹرمپ کے مطابق یہ ہتھیار کاراکاس میں امریکی فوج کی کارروائی کے دوران فعال ہوا اور وینزویلا کے راکٹ اور دیگر دفاعی آلات کام نہ کر سکے، جس کے نتیجے میں مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے امریکہ منتقل کیا گیا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ وینزویلا کے حکام کے پاس جدید روسی اور چینی راکٹ موجود تھے اور وہ مکمل طور پر تیار تھے، مگر Discombobulator کے استعمال سے یہ تمام ہتھیار غیر فعال ہو گئے اور کسی بھی قسم کی مزاحمت ممکن نہ رہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی فوج نے اس ہتھیار کی مدد سے کارروائی میں نہ صرف اپنے فوجی اہلکاروں کی حفاظت کو یقینی بنایا بلکہ کسی بھی جانی نقصان کے خطرے کو بھی کم کر دیا۔
واضح رہے کہ 3 جنوری کو وینزویلا میں امریکی فوج کی یہ خفیہ کارروائی بڑے پیمانے پر کی گئی تھی، جس میں مادورو کے رہائشی علاقے اور سیکیورٹی زون کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کارروائی کے بعد وینزویلا میں ہنگامی کیفیت جاری رہی اور بین الاقوامی سطح پر اس اقدام نے تہلکہ مچایا۔ امریکی صدر کے اس بیان کے بعد Discombobulator ہتھیار اور اس کی صلاحیتوں کے بارے میں عالمی میڈیا اور تجزیہ کار بھی متحرک ہو گئے ہیں۔ -

پاکستان علما کونسل کا افغان حکومت کے نئے فوجداری ضابطے پر اعتراض
پاکستان علما کونسل نے افغان حکومت کے نئے فوجداری ضابطے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ شریعت کے نام پر معاشرے کو غلام اور آزاد میں تقسیم کرنا ناقابل قبول ہے۔ کونسل نے نشاندہی کی کہ افغان حکومت کے یہ احکامات قرآن و سنت کے مطابق نہیں بلکہ ہندواتہ تعلیمات سے متاثر نظر آتے ہیں۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ طالبان حکومت اگر خود کو شرعی اسلامی حکومت قرار دیتی ہے تو اسے ایسے فیصلوں پر اپنا موقف فوری طور پر دنیا کے سامنے واضح کرنا چاہیے۔ کونسل نے خبردار کیا کہ عہد جاہلیت کے قوانین اور رسومات کو اسلام کے نام پر دوبارہ نافذ کرنا انسانی وقار اور حقوق کی توہین کے مترادف ہے۔
پاکستان علما کونسل نے اعلان کیا کہ اس طرح کے احکامات نہ تو شرعی ہیں اور نہ ہی انسانی، بلکہ یہ جدید جاہلیت کے دور کے مترادف ہیں اور عالمی برادری کے لیے تشویش کا باعث ہیں۔ -

چمن سمیت شمالی بلوچستان میں شدید سردی، پارہ منفی 12
چمن سمیت شمالی بلوچستان میں برفباری کے بعد کڑاکے
کی سردی برقرار ہے اور برفیلی ہواؤں کے باعث درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے کئی درجے نیچے چلا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چمن میں درجہ حرارت منفی 6، کوژک ٹاپ منفی 9، خواجہ عمران منفی 10، قلات منفی 11، قلعہ سیف اللہ منفی 5، قلعہ عبداللہ منفی 6 جبکہ توبہ اچکزئی میں پارہ منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔ کوئٹہ میں درجہ حرارت ایک ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
شدید سردی کے باعث چمن میں پانی کی پائپ لائنیں منجمد ہو گئیں، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ این ایچ اے، پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ نے کوئٹہ چمن شاہراہ این 25 سے برف ہٹا کر سڑک ٹریفک کے لیے بحال کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج رات اور کل صبح چمن سمیت شمالی بلوچستان میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ مغربی ہواؤں کا ایک طاقتور سسٹم آج خطے میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ -

سڈنی ہاربر میں شارک کے حملے میں 12 سالہ لڑکا جاں بحق
آسٹریلیا کے سڈنی ہاربر کے ساحل پر 12 سالہ نیکو اینٹک شارک کے حملے کے بعد شدید زخمی ہوا اور ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔ واقعہ اتوار کی سہ پہر پیش آیا جب لڑکا چٹان سے پانی میں چھلانگ لگا رہا تھا۔ دوستوں نے اسے فوری طور پر باہر نکال کر سڈنی چلڈرن ہسپتال منتقل کیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبر نہ ہو سکا۔ یہ حملہ 48 گھنٹوں کے دوران این ایس ڈبلیو کے ساحلوں پر ہونے والے چار شارک حملوں میں پہلا تھا۔
-

ڈسکہ میں کار اور ٹریکٹر ٹرالی کے تصادم میں 5 افراد جاں بحق
ڈسکہ میں تیز رفتار کار سڑک کنارے کھڑی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق حادثہ سٹی ہاؤسنگ کے قریب پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو کمسن بچے بھی شامل ہیں۔ ریسکیو حکام نے بتایا کہ مرنے والوں کی شناخت 36 سالہ سلمان، 58 سالہ اسلام، 29 سالہ عمران، 3 سالہ عزا اور 6 سالہ زمان کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ سہیل زخمی ہے۔
حکام کے مطابق کار میں ایک ہی خاندان کے چار افراد اور ان کے دو دوست سوار تھے۔ تمام افراد سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے بعد سیالکوٹ واپس جا رہے تھے۔ -

ترکیہ میں شدید برف باری کے ریکارڈ ٹوٹ گئے
ترک میڈیا کے مطابق مشرقی اناطولیہ کے علاقوں میں شدید برف باری کے بعد سردی کے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیے گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو وارننگ جاری کرتے ہوئے گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت کی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق صوبہ ھکاری کا قصبہ یوکسیکووا ملک کے سرد ترین رہائشی علاقوں میں سرفہرست رہا۔ صلاح الدین ایوبی ایئرپورٹ کے نواح میں درجہ حرارت منفی 32.7 ڈگری تک گر گیا۔
سطح سمندر سے 1950 میٹر کی بلندی پر واقع اس قصبے کو بھاری برف نے ڈھانپ دیا، گاڑیاں منجمد ہو گئیں اور عمارتوں کی چھتوں سے بڑی برف کی لٹکیں بن گئیں۔ اس صورتحال کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں، اور لوگ اس خطے کو روسی شہر یاکوتسک سے مشابہ قرار دے رہے ہیں جو دنیا کا سرد ترین شہر مانا جاتا ہے۔