Baaghi TV

Blog

  • بنگلادیش ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 سے باہر، اسکاٹ لینڈ کی شمولیت

    بنگلادیش ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 سے باہر، اسکاٹ لینڈ کی شمولیت

    بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں بنگلادیشی ٹیم کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کرنے کے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے فیصلے کو باضابطہ طور پر قبول کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بی سی بی نے اس معاملے کو مزید طول نہ دینے اور تنازع کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے اعلان کے فوراً بعد بنگلادیش کرکٹ بورڈ کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں عالمی ایونٹ سے دستبرداری، آئی سی سی کے فیصلے کے مضمرات، اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ موجودہ حالات میں آئی سی سی کے فیصلے کو چیلنج کرنے کے بجائے تنظیمی اور ٹیم کی بہتری پر توجہ دی جائے۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی نے آج باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں بنگلادیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کیا جا رہا ہے۔ آئی سی سی نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر بھارت میں میچز کھیلنے سے انکار کے موقف کو تسلیم نہیں کیا۔

    ادھر اسکاٹ لینڈ کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے اپنی ٹیم کے لیے تاریخی موقع قرار دیا ہے۔ اسکاٹ لینڈ کی شمولیت سے ٹورنامنٹ میں نئی ٹیموں کو خود کو منوانے کا ایک اور موقع ملے گا۔بی سی بی ذرائع کے مطابق بنگلادیش آئندہ برسوں میں آئی سی سی ایونٹس میں شرکت کے لیے سیکیورٹی، سفارتی اور انتظامی معاملات پر پہلے سے بہتر تیاری کرے گا تاکہ مستقبل میں ایسی صورتحال سے بچا جا سکے۔

  • ڈیرہ اسماعیل خان میں خودکش حملہ آور کی شناخت،افغان شہری نکلا

    ڈیرہ اسماعیل خان میں خودکش حملہ آور کی شناخت،افغان شہری نکلا

    ڈیرہ اسماعیل خان: شہر کے علاقے قریشی موڑ پر امن کمیٹی کے سربراہ نور عالم محسود کے گھر میں ہونے والے ہولناک دھماکے کے بعد خودکش حملہ آور کی شناخت ہو گئی ہے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں حملہ آور کی شناخت 21 سالہ عبدالرحمن کے نام سے ہوئی ہے جو افغانی شہری بتایا جا رہا ہے۔پولیس کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب گھر میں شادی کی تقریب جاری تھی۔ دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ متعدد افراد شدید زخمی ہو گئے۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ گھر کا بڑا حصہ منہدم ہو گیا اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت اور طریقہ کار کا تعین کیا جا رہا ہے جبکہ شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔

  • پاک بحریہ کا بحرہند میں کامیاب ریسکیو آپریشن،سری لنکن شہری کو بچا لیا

    پاک بحریہ کا بحرہند میں کامیاب ریسکیو آپریشن،سری لنکن شہری کو بچا لیا

    پاک بحریہ نے بحر ہند میں طویل فاصلے پر کامیاب ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے سری لنکن شہری کو بچا لیا۔

    اعلامیے کے مطابق پاک بحریہ کے جہازوں تبوک اور معاون نے کھلے سمندر میں بحری جہاز پر موجود سری لنکن شہری کا کامیاب طبی انخلاء کیا،سری لنکن شہری کو فوری طبی امداد کی ضرورت تھی، ریسکیو آپریشن سری لنکن میری ٹائم ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹرکی درخواست پر شروع کیا گیا، پاک بحریہ نے اطلاع ملتے ہی فوری طور پر اپنے جہاز روانہ کیے اور بیمار رکن کو بحفاظت نکال لیا، مریض کو فوری طور پر پاک بحریہ کے جہاز تبوک پر ضروری طبی امداد فراہم کی گئی،سری لنکن حکام اور متاثرہ فرد کے اہل خانہ نے فوری ردعمل اور تعاون پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

  • دبئی میں سوشل میڈیا پر توہین آمیز پوسٹس کے لیے سخت قوانین نافذ

    دبئی میں سوشل میڈیا پر توہین آمیز پوسٹس کے لیے سخت قوانین نافذ

    ‎دبئی میں سوشل میڈیا پر کسی شخص، ادارے یا کمپنی کے خلاف توہین آمیز پوسٹس، کمنٹس یا مواد شیئر کرنے پر سخت قوانین نافذ کر دیے گئے ہیں۔
    ‎میڈیا رپورٹس کے مطابق خلاف ورزی کرنے پر 250,000 سے 500,000 درہم تک جرمانہ ہو سکتا ہے، اور بعض کیسز میں ایک سال یا اس سے زائد قید بھی دی جا سکتی ہے۔ بعض صورتوں میں دونوں سزائیں ایک ساتھ بھی دی جا سکتی ہیں۔
    ‎دبئی پولیس نے وارننگ جاری کی ہے کہ سوشل میڈیا پر کسی کی توہین یا ساکھ کو نقصان پہنچانے پر فوری کارروائی ہوگی۔ قوانین واٹس ایپ، پرائیویٹ چیٹس، یا ڈیلیٹ کی گئی پوسٹس پر بھی لاگو ہوتے ہیں، اور اسکرین شاٹس کو ثبوت کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
    ‎پچھلے سالوں میں متعدد افراد کو 50,000 درہم تک کے سول جرمانے ادا کرنا پڑے ہیں، جس پر پولیس اور پبلک پراسیکیوشن نے بار بار الرٹ جاری کیے ہیں کہ "سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد شیئر کرنے سے پہلے سوچیں”۔

  • جعلی سرکاری وفد کی فرانس کے ویزے لگوانے کی کوشش بے نقاب

    جعلی سرکاری وفد کی فرانس کے ویزے لگوانے کی کوشش بے نقاب

    ‎نجی افراد کو سرکاری ملازم ظاہر کر کے فرانس کے ویزے حاصل کرنے کا انکشاف سامنے آیا ہے، جہاں ایف آئی اے نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر جعلی سرکاری وفد بن کر یورپ جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔
    ‎رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے نے کارروائی کے دوران ڈرائیور محمد کامران اور پراپرٹی ڈیلر عامر شہزاد کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان نے ویزے لگوانے کے لیے مبینہ طور پر ایف بی آر کے ایک افسر کو 53 لاکھ روپے ادا کیے۔
    ‎ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ عتیق الرحمان نے سرکاری ای میل کا غلط استعمال کرتے ہوئے ویزے حاصل کروائے۔ تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ملزمان کا منصوبہ فرانس کے بجائے اسپین منتقل ہو کر یورپ میں پناہ لینا تھا۔
    ‎حکام کے مطابق ملزمان کے موبائل فونز سے جعلی ویزا اسکینڈل سے متعلق شواہد برآمد کر لیے گئے ہیں۔ ملزمان کے خلاف امیگریشن قوانین، جعلسازی اور بدعنوانی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

  • امریکا 78 سال بعد عالمی ادارہ صحت سے دستبردار

    امریکا 78 سال بعد عالمی ادارہ صحت سے دستبردار

    ‎امریکا نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) سے باضابطہ طور پر دستبرداری اختیار کر لی ہے، جو فوری طور پر نافذ العمل ہو گئی ہے۔ اس فیصلے کے بعد امریکا کا ڈبلیو ایچ او کے ساتھ عملی تعلق مکمل طور پر ختم ہو گیا ہے۔
    ‎امریکی حکومت کا موقف ہے کہ ڈبلیو ایچ او نے کورونا وبا کے دوران مناسب کارکردگی نہیں دکھائی اور ادارے میں سیاسی اثرات اور اصلاحات نہ ہونے کی وجہ سے امریکا کے مفادات کا تحفظ نہیں ہو رہا۔
    ‎دوسری جانب ڈبلیو ایچ او کے مطابق امریکا پر 130–270 ملین ڈالر سے زائد واجبات بقایا ہیں، جو تنازعے کا حصہ ہیں۔ امریکا نے اعلان کیا کہ اب وہ عالمی ادارے کے بجائے دیگر ممالک کے ساتھ دوطرفہ معاہدوں میں کام کرے گا، جیسے امراض کی نگرانی اور ویکسین کے مسائل۔
    ‎عالمی صحت کے ماہرین نے اس فیصلے پر شدید تشویش ظاہر کی ہے، کیونکہ ڈبلیو ایچ او عالمی سطح پر بیماریوں کی نگرانی اور بروقت معلومات فراہم کرتا ہے، اور امریکا ایسے ڈیٹا تک رسائی کھو سکتا ہے جو مستقبل میں وائرس یا فلو جیسے خطرات سے بچاؤ میں مدد دے سکتا ہے۔
    ‎واضح رہے کہ امریکا ڈبلیو ایچ او میں 1948 میں شامل ہوا تھا اور ادارے کا ایک بڑا مالی معاون تھا، جو کل بجٹ کا تقریباً 18 فیصد فراہم کرتا تھا۔

  • کراچی کے تین اضلاع میں عمارتوں کا فائر سیفٹی سروے شروع

    کراچی کے تین اضلاع میں عمارتوں کا فائر سیفٹی سروے شروع

    ‎سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے کراچی کے شرقی، وسطی اور جنوبی اضلاع میں رہائشی اور تجارتی عمارتوں کا فائر آڈٹ شروع کر دیا ہے۔ ابتدائی سروے میں 90 فیصد عمارتوں میں آگ سے بچاؤ کے انتظامات نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
    ‎ایس بی سی اے نے 300 سے زائد عمارتوں میں فائر سیفٹی کے ناقص انتظامات پر نوٹسز جاری کیے ہیں اور تین روز کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ چند عمارتوں میں فائر سیفٹی آلات ناکارہ اور ہنگامی اخراج کے راستے بند پائے گئے۔
    ‎حکام نے کہا کہ نوٹسز پر عمل نہ کرنے پر عمارتیں سیل کی جائیں گی اور مالکان و یونینز کو فائر بریگیڈ کا این او سی بھی لینا ہوگا۔ سروے میں فائر بریگیڈ عملہ بھی ایس بی سی اے کی ٹیم کے ساتھ موجود ہے۔

  • سال 2026 کی پہلی قومی انسداد پولیو مہم کب شروع ہوگی؟

    سال 2026 کی پہلی قومی انسداد پولیو مہم کب شروع ہوگی؟

    ‎وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق نے اعلان کیا ہے کہ سال 2026 کی پہلی قومی انسداد پولیو مہم 2 فروری سے 8 فروری تک ملک بھر میں چلائی جائے گی۔ اس دوران 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
    ‎عائشہ رضا فاروق کے مطابق مہم میں 4 لاکھ سے زائد تربیت یافتہ پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے۔ والدین پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ہر مہم میں اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں اور پولیو ورکرز کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔
    ‎انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی ادارے پولیو کے خاتمے کے لیے مکمل یکجہتی سے کام کر رہے ہیں اور عوامی تعاون کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ عائشہ رضا فاروق نے علمائے کرام اور میڈیا پر بھی زور دیا کہ وہ پولیو آگاہی میں مؤثر کردار ادا کریں تاکہ سب مل کر ایک صحت مند پاکستان یقینی بنایا جا سکے۔

  • اسپین کا امریکا کے غزہ امن بورڈ میں شمولیت سے انکار

    اسپین کا امریکا کے غزہ امن بورڈ میں شمولیت سے انکار

    ‎ہسپانوی وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے اعلان کیا ہے کہ اسپین نے نام نہاد غزہ پیس بورڈ میں شمولیت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بورڈ اقوام متحدہ کے دائرہ کار سے باہر ہے اور فلسطینی اتھارٹی اس میں شامل نہیں۔
    ‎وزیرِاعظم نے مزید کہا کہ غزہ اور مغربی کنارے کا مستقبل فلسطینی خود طے کریں گے۔ امریکا کی تشکیل کردہ اس بورڈ میں اب تک پاکستان، قطر، سعودی عرب، ترکی، انڈونیشیا، بحرین، مصر، اردن، قازقستان، ازبکستان اور متحدہ عرب امارات شامل ہو چکے ہیں۔

  • ‎لاہور پریس کلب انتخابات ، عظمی بخاری ایک گروپ کی سپورٹر

    ‎لاہور پریس کلب انتخابات ، عظمی بخاری ایک گروپ کی سپورٹر

    ‎سینئر صحافی اور تجزیہ نگار مبشر لقمان نے کہا ہے کہ لاہور پریس کلب کے انتخابات سے چند روز قبل صحافیوں کو کالونیاں اور پلاٹس دینے کا اعلان دراصل ایک مخصوص گروپ کی حمایت اور اسے فائدہ پہنچانے کی کوشش ہے۔
    ‎ان کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری اس اقدام کے ذریعے انتخابی عمل پر اثرانداز ہو رہی ہیں، جو صحافتی برادری کی آزادی اور انتخابی شفافیت کے لیے سوالیہ نشان ہے۔
    ‎مبشر لقمان کے مطابق صحافیوں کو مراعات دینا ایک پالیسی فیصلہ ہو سکتا ہے، لیکن اسے انتخابات سے عین پہلے متعارف کرانا اس تاثر کو مضبوط کرتا ہے کہ یہ اقدام رائے عامہ کو متاثر کرنے اور نتائج کو مخصوص سمت میں موڑنے کی کوشش ہے۔
    ‎انہوں نے زور دیا کہ پریس کلب کے انتخابات کو آزاد، غیر جانبدار اور حکومتی مداخلت سے پاک رہنا چاہیے تاکہ صحافتی برادری کا وقار اور اعتماد برقرار رہ سکے۔

    لاہور پریس کلب کے صدر کے امیدوار اور سینئر صحافی اعظم چوہدری نے صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کے بیان پر سخت ردعمل دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ صحافیوں کو ’’کالی بھیڑیں‘‘ اور ’’شرپسند‘‘ کہنا ناقابل قبول ہے اور پریس کلب کے انتخابات میں حکومتی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
    اعظم چوہدری نے کہا کہ انتخابات دسمبر سے جنوری منتقل کرنے کا فیصلہ صحافیوں کا اندرونی معاملہ ہے، کسی وزیر کو اس میں مداخلت کا حق نہیں۔ ان کے مطابق صحافی کمیونٹی کے مسائل، روزگار کے تحفظ اور فلاحی ایجنڈے پر الیکشن لڑتی ہے، مگر حکومتی بیانات نے نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے۔
    ‎انہوں نے واضح کیا کہ جب تک وزیر اطلاعات اور متعلقہ حکام صحافیوں سے معافی نہیں مانگتے، لاہور پریس کلب کے انتخابات ہونے نہیں دیے جائیں گے۔