Baaghi TV

Blog

  • بھارتی فضائیہ کا ایک اور لڑاکا طیارہ گر کر تباہ

    بھارتی فضائیہ کا ایک اور لڑاکا طیارہ گر کر تباہ

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، بھارتی فضائیہ کا تیجس لڑاکا طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران تکنیکی خرابی کا شکار ہو کر گر گیا اور تباہ ہو گیا۔ حادثے میں پائلٹ محفوظ رہا، جس نے بروقت خود کو ایجیکٹ کر لیا۔ بھارتی حکام نے اس کی تصدیق کر دی ہے۔
    حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے بھارتی میڈیا نے کہا کہ تربیتی مشق کے دوران طیارہ اچانک بے قابو ہو گیا، زمین سے ٹکرایا اور اس میں آگ لگ گئی۔
    بھارتی فضائیہ کے حکام نے بتایا کہ پائلٹ نے طیارہ گرنے سے پہلے بحفاظت ایجیکٹ کر لیا، جس سے اس کی جان بچ گئی۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے کورٹ آف انکوائری قائم کر دی گئی ہے۔
    ‎دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ تکنیکی خرابی ممکنہ وجہ ہو سکتی ہے، لیکن حکام نے زور دیا ہے کہ حتمی رپورٹ تفصیلی جانچ کے بعد ہی سامنے آئے گی۔ یہ سلسلہ بھارتی فضائیہ کے لیے شرمندگی کا باعث بن رہا ہے۔

  • ‎پاکستان کی فضائی کارروائی: افغانستان میں 80 سے زائد دہشتگرد ہلاک

    ‎پاکستان کی فضائی کارروائی: افغانستان میں 80 سے زائد دہشتگرد ہلاک

    ‎سکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان نے افغانستان میں فضائی حملوں کے ذریعے 80 سے زیادہ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
    ‎ان ذرائع کے مطابق، گزشتہ رات پاکستان نے افغانستان کے صوبوں ننگرہار، پکتیکا اور خوست میں فتنہ الخوارج (ٹی ٹی پی) کے 7 اہم مراکز کو نشانہ بنایا، جو مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ ان حملوں میں 80 سے زائد خارجی دہشتگرد مارے گئے۔

    ‎ذرائع نے مزید بتایا کہ ان کارروائیوں سے فتنہ الخوارج کے اضافی ٹھکانوں پر حملے متوقع ہیں۔ ننگرہار میں خارجی اسلام اور خارجی ابراہیم کے نئے مراکز (نمبر 1 اور 2) تباہ کیے گئے۔ خوست میں مولوی عباس کا مرکز، جبکہ پکتیکا میں خارجی ملا رہبر اور خارجی مخلص یار کے ٹھکانے نشانہ بنے۔
    ‎یہ حملے حالیہ دہشتگردانہ واقعات کے جواب میں کیے گئے، جو پاکستان کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

  • 
اسرائیلی جیلوں میں فلسطینی صحافیوں پر تشدد کی سنگین تفصیلات، عالمی رپورٹ میں انکشافات

    
اسرائیلی جیلوں میں فلسطینی صحافیوں پر تشدد کی سنگین تفصیلات، عالمی رپورٹ میں انکشافات

    ‎اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی صحافیوں کے ساتھ مبینہ بدسلوکی اور تشدد سے متعلق چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے ہیں۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق صحافیوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی عالمی تنظیم Committee to Protect Journalists نے اپنی تازہ رپورٹ میں متعدد سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔
    ‎رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حکام کی تحویل میں موجود کم از کم 56 فلسطینی صحافیوں کو دورانِ حراست جسمانی اور ذہنی تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ قیدی صحافیوں کو ذہنی اذیت دینے کے لیے مسلسل انتہائی بلند آواز میں موسیقی سنائی جاتی رہی تاکہ انہیں نفسیاتی دباؤ میں رکھا جا سکے۔
    ‎دستاویز میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ 17 صحافیوں کے ساتھ جنسی تشدد کے واقعات رپورٹ ہوئے، جبکہ 55 افراد کو جیلوں میں مناسب خوراک تک فراہم نہیں کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ان اقدامات کا مقصد غزہ اور مغربی کنارے کی زمینی صورتحال عالمی سطح پر سامنے آنے سے روکنا تھا۔
    ‎رپورٹ میں فلسطینی صحافی احمد عبدالعال کے کیس کا خصوصی ذکر کیا گیا ہے۔ بتایا گیا کہ انہیں پانچ روز تک آنکھوں پر پٹی باندھ کر رکھا گیا اور مسلسل تیز آواز میں موسیقی سنائی جاتی رہی۔ رپورٹ کے مطابق جب وہ شدید ذہنی دباؤ کے باعث بے ہوش ہو جاتے تو انہیں بجلی کے جھٹکے دے کر دوبارہ ہوش میں لایا جاتا تھا۔
    ‎رپورٹ میں شامل الزامات پر اسرائیلی حکام کی جانب سے باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم انسانی حقوق کی تنظیموں نے واقعے کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

  • 
لاہور میں ایف آئی اے کی کارروائی، ویزا فراڈ میں ملوث اشتہاری سمیت 2 انسانی اسمگلرز گرفتار

    
لاہور میں ایف آئی اے کی کارروائی، ویزا فراڈ میں ملوث اشتہاری سمیت 2 انسانی اسمگلرز گرفتار

    ‎وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) لاہور نے انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن میں ایک اشتہاری ملزم بھی شامل ہے۔
    ‎ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق کارروائیاں ضلع شیخوپورہ میں کی گئیں جہاں سے بابر علی اور ملک شہریار علی نامی ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد بیرونِ ملک ملازمت کے نام پر شہریوں سے بھاری رقوم بٹورنے میں ملوث تھے۔
    ‎تحقیقات کے مطابق ملزم بابر علی سال 2024 سے ایف آئی اے کو مطلوب تھا۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے متحدہ عرب امارات کے ورک ویزا کا جھانسہ دے کر ایک شہری سے 8 لاکھ 30 ہزار روپے وصول کیے، مگر وعدے کے باوجود بیرونِ ملک بھجوانے میں ناکام رہا۔
    ‎دوسری جانب ملزم ملک شہریار علی پر برطانیہ میں ملازمت کا ویزا دلوانے کے نام پر 57 لاکھ روپے فراڈ کرنے کا الزام ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق دونوں ملزمان رقم وصول کرنے کے بعد روپوش ہوگئے تھے اور متاثرہ شہریوں کو شدید مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
    ‎حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ ایف آئی اے نے واضح کیا ہے کہ انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی تاکہ شہریوں کو دھوکہ دہی سے محفوظ رکھا جا سکے۔

  • ایران ہتھیار نہ ڈالنے پر صدر ٹرمپ مایوس، فوجی طاقت بڑھانے کا فیصلہ

    ایران ہتھیار نہ ڈالنے پر صدر ٹرمپ مایوس، فوجی طاقت بڑھانے کا فیصلہ

    ‎ایران کے گرد بڑی فوجی اور بحری طاقت جمع کرنے کے باوجود ہتھیار نہ ڈالنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ شدید مایوسی کا شکار ہیں۔ صدر کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف نے انٹرویو میں بتایا کہ ٹرمپ نے ان سے پوچھا کہ اتنی فوجی طاقت اور دباؤ کے باوجود ایران ہتھیار کیوں نہیں ڈال رہا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ حیران ہیں کہ ایران صاف اعلان کیوں نہیں کرتا کہ اسے ہتھیار نہیں چاہئیں۔
    ‎امریکا اور ایران کے درمیان دو دور مزاکرات ہو چکے ہیں مگر کوئی مثبت پیشرفت نہیں ہوئی۔ دوسری جانب امریکا مشرق وسطیٰ میں فوجی قوت مزید بڑھا رہا ہے اور ایک اضافی طیارہ بردار جہاز (ایئر کرافٹ کیریئر) ایران کی طرف بڑھایا جا رہا ہے، جو کشیدگی کو مزید گہرا کرنے کا باعث بن سکتا ہے۔

  • پنجاب کے کونے کونے میں "مریم کے دستر خوان” روزہ داروں کی خدمت کر رہے ہیں،عظمیٰ بخاری

    پنجاب کے کونے کونے میں "مریم کے دستر خوان” روزہ داروں کی خدمت کر رہے ہیں،عظمیٰ بخاری

    وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کے کونے کونے میں "مریم کے دستر خوان” روزہ داروں کی خدمت کر رہے ہیں-

    عظمی بخاری کے مطابق پنجاب کے کونے کونے میں "مریم کے دستر خوان” روزہ داروں کی خدمت کر رہے ہیں، اور ہر تحصیل میں روزہ دار "مریم کے مہمان” بن رہے ہیں دسترخوانوں کو عوام کی جانب سے بے حد پذیرائی حاصل ہو رہی ہے، جبکہ مردوں کے ساتھ خواتین کی بھی بڑی تعداد افطاری کر رہی ہے، مریم نواز نے اس رمضان میں "مریم کے دستر خوان” کے ذریعے ایک نیا ٹرینڈ متعارف کروایا ہے۔

    وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پنجاب میں 74 سہولت بازار عوام کو سستی اور اعلیٰ کوالٹی کی اشیاء خوردونوش فراہم کر رہے ہیں سہولت بازاروں اور دسترخوانوں میں کھانے پینے کی اشیاء کا معیار فوڈ اتھارٹی پاکستان خود چیک کر رہی ہے، اور خواتین گھر بیٹھے سہولت بازاروں سے ضروریات زندگی کی اشیاء منگوا رہی ہیں،مریم نواز کی حکومت ہر شہری کی دہلیز پر ان کا حق پہنچا رہی ہے اور رمضان نگہبان پیکج کے تحت ہر مستحق تک امدادی کارڈ پہنچائے جا رہے ہیں ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کا عملہ دن رات اپنے فرائض سرانجام دے رہا ہے۔

  • کچھ لوگ ہر بات میں سیاست کرنا اور مایوسی پھیلانا چاہتے ہیں،شرجیل میمن

    کچھ لوگ ہر بات میں سیاست کرنا اور مایوسی پھیلانا چاہتے ہیں،شرجیل میمن

    کراچی: سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ حکومت سے کمی کوتاہیاں ہوئی ہوں گی مگر نیت بالکل ٹھیک ہے،کچھ لوگ ہر بات میں سیاست کرنا اور مایوسی پھیلانا چاہتے ہیں-

    شرجیل میمن نے یونیورسٹی روڈ پر ریڈ لائن منصوبے کا دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کوشش کر رہے ہیں کہ یونیورسٹی روڈ کو کلیئر کریں، اس پروجیکٹ کی مالیت بڑھ گئی ہے اسے بند کریں، تمام چیلنجز کے باوجود اس پروجیکٹ پر کام جاری رکھا گیا، اس پروجیکٹ کا جو کام رُکا تھا وہ انتظامی معاملات کی وجہ سے تھا۔

    شرجیل میمن نے کہا کہ عید سے پہلے یونیورسٹی روڈ کی سائیڈ کی سڑکوں پر کام مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، مقصد عوام کو سہولت دینا ہے، اس وقت کراچی میں بڑی تعداد میں میگا پروجیکٹ چل رہے ہیں، حکومت سندھ کی انتظامیہ اور میئر کراچی بھی دن رات کام کر رہے ہیں ریڈ لائن بی آر ٹی پراجیکٹ کو ختم کرنے کی باتیں کی جا رہی تھیں، یہ پراجیکٹ اگلی نسلوں کے کام آئے گاہمیں لوگوں کو ایسے پراجیکٹس دینے ہیں جس سے انہیں سہولت ہو، حکو مت سے کمی کوتاہیاں ہوئی ہوں گی مگر نیت بالکل ٹھیک ہے،کچھ لوگ ہر بات میں سیاست کرنا اور مایوسی پھیلانا چاہتے ہیں-

    انہوں نے مزید کہا کہ کسٹمز نے پنجاب حکومت کو ایک فیصد اور ہمیں 17 سے 18 فیصد چارج کیا، ابھی بھی ہماری بسیں کسٹمز میں پھنسی ہوئی ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ دونوں صوبوں کے ساتھ ایک جیسا رویہ ہونا چاہیے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق کہا کہ ان کی لمبی عمر کے لیے دعاگو ہوں، جہاں تک رہائی کی بات ہے تو رہائی ان کے اپنے ہاتھ میں ہے، سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کےحواری اداروں کو نشانہ بناتے ہیں، اگر یہ لوگ اپنے الفاظ کا چناؤ بہتر کریں تو معاملات میں بہتری آئے گی۔

  • صومالیہ کی پاکستان سے جے ایف 17 طیاروں کی خریداری کیلئے مذاکرات میں اہم پیشرفت

    صومالیہ کی پاکستان سے جے ایف 17 طیاروں کی خریداری کیلئے مذاکرات میں اہم پیشرفت

    صومالیہ اور پاکستان کے درمیان 24 جدید لڑاکا طیاروں کی خریداری کے حوالے سے مذاکرات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

    صومالیہ پاکستان سے جدید لڑاکا طیارے حاصل کرنے کیلئے اعلیٰ سطح مذاکرات میں تیزی لا رہا ہے اور مجوزہ معاہدے کے تحت 24 تک جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی خریداری پر غور جاری ہے، جو 1991 میں ریاستی انہدام کے بعد پہلی مرتبہ ملکی فضائی جنگی صلاحیت کی بحالی کی اہم کوشش قرار دی جا رہی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دفاعی پیکج تقریباً 2 کھرب 51 ارب روپے (900 ملین ڈالر) مالیت کا بتایا جا رہا ہے مذاکرات میں خاص طور پر جے ایف 17 کے جدید بلاک تھری ورژن پر توجہ دی جا رہی ہے دفاعی پیکج میں طیاروں کی فراہمی کے ساتھ پائلٹس کی تربیت، ہتھیاروں کا انضمام اور لاجسٹک سپورٹ بھی شامل ہو سکتی ہے۔

    اطلاعات کے مطابق سعودی عربیہ اور ترکیہ ممکنہ طور پر اس معاہدے کی مالی معاونت کر سکتے ہیں پاکستان اس سے قبل میانمار، نائجیریا اور آذربائیجان کو بھی جے ایف 17 طیارے فراہم کر چکا ہے، جبکہ بنگلادیش اور عراق نے بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔

    دفاعی ماہرین کے مطابق اگر یہ معاہدہ طے پا جاتا ہے تو یہ افریقہ کے خطے میں سیکیورٹی توازن پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔

  • ٹیم سیالکوٹ کے 90 فیصد شیئرز نئی پارٹی کو فروخت کرنے پر اتفاق

    ٹیم سیالکوٹ کے 90 فیصد شیئرز نئی پارٹی کو فروخت کرنے پر اتفاق

    ٹیم سیالکوٹ کے 90 فیصد شیئرز نئی پارٹی خریدنے پر آمادہ ہوگئی، او زی گروپ کو سابقہ پارٹنرز کی دستبرداری کے سبب مالی ذمہ داریاں سرانجام دینے میں مشکلات کا سامنا تھا۔

    پی سی بی نے گزشتہ ماہ پی ایس ایل کی ساتویں ٹیم کنگز مین کو ایک ارب 75 کروڑ جبکہ آٹھویں ٹیم او زی گروپ کو ایک ارب 85کروڑ روپے میں فروخت کی تھی، امریکی کمپنی نے تو وقت پر واجبات ادا کر دیے، البتہ آسٹریلوی گروپ کو مالی مشکلات کا سامنا رہا نیلامی کے وقت ہی جب بڈز بڑھتی رہیں تو اوز ی کے پارٹنرز کو تشویش ہوئی، درمیان میں وقفہ لے کر فون پر دونوں کو صورتحال سے آگاہ کیا گیا، جب بڈ جیت لی تو سیالکوٹ اور سوئٹزر لینڈ سے تعلق رکھنے والے دونوں پارٹنرز نے رقم زیادہ ہونے کا جواز دے کر دستبرداری اختیار کر لی۔

    او زی گروپ نے خاصی تاخیر سے بینک گارنٹی جمع کرائی جس سے معاہدہ ختم ہونے سے بچ گیا، البتہ فیس کی ادائیگی میں اسے مشکلات کا سامنا رہا، ایسے میں ایک نئی پارٹی کو 75 فیصد شیئرز فروخت کرنے پر اتفاق ہوا، اس کے اونر محمد شاہد سے رقم لیے بغیر ہی لاہور اور کراچی میں پریس کانفرنس کا انعقاد بھی کر لیا گیا لیکن کچھ بھی نہ ملنے پر پھر نئے پارٹنر کی تلاش شروع ہوئی، اس پر جس پارٹی سے پہلے بات ہوئی تھی اس نے سنگین الزامات بھی عائد کیے، صور تحال میں پی سی بی کے پاس بینک گارنٹی کیش کراتے ہوئے معاہدہ منسوخ کرنے کا آپشن موجود تھا، البتہ درمیانی راہ نکالنے کی کوشش جاری رہی۔

    ذرائع نے بتایا کہ بڈنگ میں ناکام رہنے والی ایک پارٹی 90 فیصد سے زائد شیئرز لینے پر آمادہ ہو چکی، اس سے اوزی گروپ کا انتظامی معاملات پر کنٹرول ختم ہو جائے گا قوانین کے تحت تین سال سے قبل 100 فیصد شیئرز کی منتقلی ممکن نہیں ہے، اسٹریٹیجک پارٹنر کی صورت میں نئی پارٹی آ سکے گی، جب پی سی بی نے اپنے طور پر مزید تحقیقات کیں تو ایک اونر کے ماضی میں دیوالیہ ہونے کا انکشاف بھی سامنے آیا، البتہ نئی پارٹی مالی طور پر مستحکم نظر آتی ہے، آئندہ ہفتے اس حوالے سے کوئی اعلان متوقع ہوگا-

    دوسری جانب، وسیم اکرم نے تصدیق کی کہ وہ سیالکوٹ اسٹالینز کے صدر نہیں رہے، ان کے مطابق کوئی معاہدہ نہیں ہوا صرف زبانی بات چیت ہوئی تھی۔

  • کوئٹہ: انسانی اسمگلنگ میں ملوث  سب ایجنٹ افغان شہریوں سمیت گرفتار

    کوئٹہ: انسانی اسمگلنگ میں ملوث سب ایجنٹ افغان شہریوں سمیت گرفتار

    فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کوئٹہ نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایک سب ایجنٹ کے ہمراہ افغان شہری بھی گرفتار کرلیے ہیں۔

    ایف آئی اے حکام کے مطابق سب ایجنٹ ڈرائیور عرفان کو گرفتار کیا، جس کے ساتھ 8 افغان باشندے بھی پکڑے گئے ہیں، اس ضمن میں مرکزی ملزمان گل بدین اور غمائی کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے،دونوں مرکزی ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

    گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک موبائل فون برآمد ہوا، جس سے واٹس ایپ چیٹس، تصاویر اور دیگر ریکارڈ حاصل کیے گئے ہیں، جو انسانی اسمگلنگ میں اس کے ملوث ہونے کے واضح شواہد فراہم کرتے ہیں،اس کارروائی میں استعمال ہونے والی گاڑی اور رکشہ کو بھی ایف آئی اے نے تحویل میں لے لیا ہے گرفتار سب ایجنٹ کے براہِ راست افغانستان میں موجود ایجنٹ تاج محمد اور کامل کے ساتھ رابطے ہیں،ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔