Baaghi TV

Blog

  • پاور ڈویژن کا پیک آورز میں روزانہ سوا 2 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا اعلان

    پاور ڈویژن کا پیک آورز میں روزانہ سوا 2 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا اعلان

    پاور ڈویژن نے ملک بھر میں بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر پیک آورز کے دوران روزانہ سوا 2 گھنٹے لوڈشیڈنگ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ فیصلہ صارفین کو بڑے مالی بوجھ سے بچانے اور بجلی کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔

    پاور ڈویژن کے ترجمان نے پیک آورز ریلیف اسٹریٹیجی سے متعلق بیان میں کہا کہ حکومت کو اس وقت سب سے بڑا چیلنج شام 5 بجے سے رات 1 بجے تک بجلی کی کھپت میں نمایاں اضافے کی صورت میں درپیش ہے۔ اسی لیے ان اوقات میں روزانہ سوا 2 گھنٹے بجلی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق تمام ڈسکوز کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ بجلی بندش کے شیڈول اور اوقات کار سے صارفین کو پیشگی آگاہ کریں تاکہ شہری اپنی روزمرہ سرگرمیوں کو اسی حساب سے ترتیب دے سکیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر کمرشل مارکیٹس کو بروقت بند کرنے سے بھی بجلی کی طلب میں خاطر خواہ کمی لائی جا سکتی ہے۔ اگر طلب کم ہوئی تو بجلی کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کو مزید محدود کیا جا سکے گا۔

    پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ مہنگے ایندھن کے کم استعمال سے بجلی کی پیداواری لاگت کو قابو میں رکھا جا سکتا ہے، جس سے صارفین پر اضافی بوجھ منتقل ہونے سے روکا جا سکے گا۔ترجمان کے مطابق جولائی سے فروری کے دوران بجلی صارفین کو مجموعی طور پر 46 ارب روپے کا ریلیف دیا گیا، جبکہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود بجلی 71 پیسے فی یونٹ سستی ہوئی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ کم لاگت ذرائع سے بجلی پیدا کرنے اور موجودہ پیداواری صلاحیت کو مؤثر انداز میں استعمال کرنے سے نظام پر دباؤ کم ہوا۔ اس کے ساتھ ساتھ ترسیلی اور انتظامی سطح پر بہتری لا کر نقصانات میں بھی کمی کی گئی۔پاور ڈویژن نے دعویٰ کیا کہ عالمی سطح پر سخت معاشی حالات کے باوجود ملک میں بجلی کی پیداوار مستحکم ہے اور موجودہ وقت میں ضرورت کے مطابق بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ترجمان نے بتایا کہ وزیرِ اعظم پاکستان کی ہدایات پر صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور واضح ٹاسک دیا گیا ہے کہ کسی بھی صورت بجلی کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ نہ ہونے دیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ 80 ایم ایم سی ایف ایف ڈی مقامی گیس پاور پلانٹس کو فراہم کر دی گئی ہے، جس سے بجلی کی قیمت میں 80 پیسے فی یونٹ اضافے اور اضافی لوڈ منیجمنٹ سے بچاؤ ممکن ہوا ہے۔پاور ڈویژن کے مطابق موجودہ لوڈ منیجمنٹ کا مقصد بجلی کی قیمت میں تقریباً 3 روپے فی یونٹ ممکنہ اضافہ روکنا ہے، جبکہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے جاتے تو قیمت میں 5 سے 6 روپے فی یونٹ تک اضافہ ہو سکتا تھا۔حکام نے خبردار کیا ہے کہ فرنس آئل کے محدود استعمال کے باوجود تقریباً ڈیڑھ روپے فی یونٹ اضافے کے لیے تیار رہنا ہوگا، تاہم حکومتی اقدامات کے باعث اس اضافے کو کم سے کم سطح پر رکھنے کی کوشش جاری ہے۔

  • عمران خان  فارن فنڈنگ کیس میں مرکزی ملزم قرار

    عمران خان فارن فنڈنگ کیس میں مرکزی ملزم قرار

    بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف فارن فنڈنگ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

    عمران خان کو فارن فنڈنگ کیس میں مرکزی ملزم قرار دیتے ہوئے 57 صفحات پر مشتمل چالان تیار کرلیا گیا ہےذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے کیس کا چالان تیار کر لیا گیا ہے جو کل تک عدالت میں جمع کروا دیا جائے گا،فارن فنڈنگ کیس کا چالان 57 صفحات پر مشتمل ہے جس میں مجموعی طور پر 11 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ بانی پی ٹی آئی کو مرکزی ملزم قرار دیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کے چالان میں طارق شفیع، حامد زمان سمیت دیگر افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے جب کہ 3 ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا گیا ہے جن میں عارف نقوی اور طارق رحیم شیخ سمیت دیگر شامل ہیں، دنیا کے مختلف ممالک سے پی ٹی آئی اکاؤنٹ میں 1800 ٹرانزیکشنز ہوئیں اور یہ رقم ’نیا پاکستان‘ کے نام سے موصول ہوئی، ملزمان پر 2.1 ملین ڈالر کی غیرقانونی فنڈنگ کا الزام ہے جبکہ پی ٹی آئی کو 2.1 ملین ڈالر کی رقم ’ووٹ آن کرکٹ لمیٹڈ‘ نامی کمپنی نے بھی بھیجی۔

    ایف آئی اے چالان کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو فراہم کردہ ریکارڈ میں اس کمپنی کی ملکیت عارف نقوی کے نام ظاہر کی گئی ہے اور پارٹی کے جمع کروائے گئے ریکارڈ کے مطابق کمپنی کیمن آئرلینڈ میں رجسٹرڈ بتائی گئی ہے مذکورہ کمپنی فیک ہے اور کہیں رجسٹرڈ نہیں پائی گئی ذرائع کے مطابق اسپیشل کورٹ نے ایف آئی اے کو چالان جمع کروانے کی ہدایت دے رکھی ہے، جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے چالان جلد عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    دوسری جانب بینکنگ عدالت اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی و دیگر کے خلاف فارن فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی جہاں خصوصی عدالت کے جج عبدالغفور کاکڑ نے کیس کی سماعت کی اس دوران اسپیشل پراسکیوٹر واثق ملک اور تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوئے۔

    دوران سماعت جج عبدالغفور کاکڑ نے استفسار کیا کہ چالان کی کیا صورتحال ہے، جس پر پراسکیوٹر واثق ملک نے عدالت کو بتایا کہ چالان مکمل طور پر تیار ہو چکا ہے اور ان کی جانب سے آج یا کل تک رجسٹرار کے پاس جمع کروا دیا جائے گا۔

    بعد ازاں عدالت نے مرکزی کیس کی سماعت 21 اپریل تک ملتوی کر دی جبکہ کیس میں نامزد ملزمان سراج احمد اور فیصل قاضی کی عبوری ضمانت میں بھی 21 اپریل تک توسیع کر دی گئی سماعت کے دوران ملزم فیصل قاضی کی عدم دستیابی کے باعث ضمانت کی درخواست پر دلائل نہ ہو سکے۔

    اس موقع پر پراسکیوٹر واثق ملک نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت کو بتائے بغیر ملزم بیرون ملک کیسے جا سکتا ہے۔ وکیل صفائی نے بتایا کہ فیصل قاضی ایک نجی بینک کے دبئی میں ہیڈ ہیں اور ہر سماعت پر پاکستان آتے ہیں اس پر جج عبدالغفور کاکڑ نے ریمارکس دیے کہ آئندہ پیشی پر اگر ملزم پیش نہ ہوا تو معاملہ دیکھا جائے گا۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کا گندم کے کاشتکاروں کو6 ارب روپے کا باردانہ مفت دینے کا اعلان

    وزیراعلیٰ پنجاب کا گندم کے کاشتکاروں کو6 ارب روپے کا باردانہ مفت دینے کا اعلان

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گندم کے کاشتکاروں کو6 ارب روپے کا باردانہ مفت دینے کا اعلان کر دیا

    وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کاشتکارسے 3500 فی من گندم فوری شروع کرنے کی ہدایت کر دی،رجسٹرڈ کاشتکاروں کو پرچیز سنٹر سے فی ایکڑ 10 بوری باردانہ دیا جائے گا،کسان کارڈ ہولڈرز کاشتکاروں سے ترجیحی بنیادوں پر گندم خریدنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے،3500 روپے کے نرخ پر گندم خریداری کے 72 گھٹنے کے اندر کاشتکار کو ادائیگی ضروری قرار دے دی گئی،صوبائی اور ڈویژن کی سطح پر سٹرٹیجک مینجمنٹ کمیٹیاں قائم، گندم خریداری کے امور کی مانیٹرنگ کی جائے گی، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے تاریخ ساز پراجیکٹس پر 88فیصد کسانوں نےا اظہار اعتماد کر دیا

    وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں ”ورک ود پنجاب گورنمنٹ“پروگرام شروع کرنے کا اعلان کر دیا،ایگریکلچر گرایجویٹ سمیت دیگر کو انٹرن شپ کے مواقع فراہم کیے جائیں گے،کسان کارڈ سے 100ارب روپے کے قرضوں کے اجراء کا ریکارڈ، 99 فیصد وصولی کاریکارڈ بھی بن گیا،کسان کارڈ کے ذریعے 9لاکھ کاشتکاروں کی رجسٹریشن، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے رجسٹریشن جاری رکھنے کی ہدایت کر دی،

    اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت 30 ہزار ٹریکٹرز کا ہدف، 20 ہزار ٹریکٹرز کاشتکاروں کو مل گئے،گرین ٹریکٹر سکیم اور ایگریکلچر میکانائزیشن کی وجہ سے مقامی انڈسٹری فروغ پانے لگی۔ ڈسکہ میں ہارویسٹر کی مقامی سطح پر تیاری کے لئے لوکل مینوفیکچرز بھی سرگرم عمل۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ کسان کو متاثر نہیں ہونے دیں گے،زرعی ترقی کو پائیدار بنیادوں پر استوار کیا جارہا ہے،دو سال میں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے حقیقی زرعی انقلاب لانے کا اعزاز حاصل ہے۔

  • اٹارنی کے ذریعے بیٹوں کے نام زمین منتقل کرنے کا کیس،سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ جاری

    اٹارنی کے ذریعے بیٹوں کے نام زمین منتقل کرنے کا کیس،سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ جاری

    سپریم کورٹ نے اٹارنی کے ذریعے اپنے بیٹوں کے نام زمین منتقل کرنے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اہم فیصلہ جاری کر دیا۔

    جسٹس بلال حسن نے کیس کا تحریری فیصلہ جاری کیا ،عدالتِ عظمیٰ نے قرار دیا کہ مختار نامہ رکھنے والا شخص مالک کی مرضی کے بغیر جائیداد اپنے رشتہ داروں کو منتقل نہیں کر سکتا۔ اگر پاور آف اٹارنی کے تحت کسی کو جائیداد منتقل کرنی ہو تو اس کے لیے اصل مالک سے پیشگی تحریری اجازت لینا لازمی ہے۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ جائیداد کی منتقلی سےقبل اٹارنی پر لازم ہے کہ وہ اصل مالک کو سودے کی تمام تفصیلات سے مکمل طور پر آگاہ کرے، بصورت دیگر ایسی منتقلی قانونی حیثیت نہیں رکھتی،زیرِ سماعت کیس میں خاتون نے اپنے اٹارنی کو زمین اس کے بیٹوں کے نام منتقل کرنے کی اجازت نہیں دی تھی ، ا س کے باوجود منتقلی کی گئی جو قانون کے منافی ہے سپریم کورٹ نے یہ بھی واضح کیا کہ محض چیک کے ذریعے رقم کی ادائیگی جائیداد کی فروخت کا حتمی ثبو ت نہیں سمجھی جا سکتی۔

    کیس کی تفصیلات کے مطابق جواب دہندہ فرحت اقبال کو چشتیاں میں زمین اپنے والد سے وراثت میں ملی تھی بعد ازاں انہوں نے اپنی زمین کی دیکھ بھال کے لیے ایک قریبی رشتہ دار کو مختار عام مقرر کیا، تاہم اٹارنی نے مالک کی اجازت کے بغیر وہ زمین اپنے ہی بیٹوں کے نام منتقل کر دی، جسے عدا لت نے کالعدم قرار دے دیا۔

  • امریکی ناکہ بندی کے باوجود چینی بحری ٹینکر آبنائے ہرمز سے نکلنے میں کامیاب

    امریکی ناکہ بندی کے باوجود چینی بحری ٹینکر آبنائے ہرمز سے نکلنے میں کامیاب

    آبنائے ہرمز میں امریکی ناکہ بندی کے باوجود ایک چینی بحری ٹینکر اس اہم آبی گزرگاہ سے نکلنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔

    برطانوی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق، واشنگٹن کی جانب سے پابندیوں کا شکار ایک چینی بحری ٹینکر اس اہم آبی گزرگاہ سے نکلنے میں کامیاب ہوگیا ہےبحری آمد و رفت پر نظر رکھنے والے اداروں ’میرین ٹریفک‘ اور ’ایل ایس ای جی‘ کے ڈیٹا سے معلوم ہوا ہے کہ ’رچ اسٹاری‘ نامی یہ ٹینکر امریکی ناکہ بندی شروع ہونے کے بعد خلیج سے باہر نکلنے والا پہلا جہاز بن گیا ہے۔

    اس ٹینکر اور اس کی مالک کمپنی ’شنگھائی شوان رن شپنگ‘ پر امریکا نے پہلے ہی ایران کے ساتھ کاروبار کرنے کی پاداش میں پابندیاں لگا رکھی تھیں،اس بار اس جہاز نے اپنا سفر متحدہ عرب امارات کی حمریہ بندرگاہ سے شروع کیا جہاں سے اس پر سامان لادا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ امریکا نے دعویٰ کر رکھا ہے کہ وہ اس راستے کو پوری طرح کنٹرول کر رہا ہے، لیکن اس چینی جہاز کے گزر جانے سے اب اس ناکہ بندی کی سختی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں رپورٹ میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ ایک اور امریکی پابندیوں کا شکار ٹینکر ’مرلی کشن‘ بھی اسی سمت بڑھ رہا ہے اور آج اس کے آبنائے ہرمز میں داخل ہونے کا امکان ہے یہ جہاز 16 اپریل کو عراق سے خام تیل لینے والا ہے یہ وہی جہاز ہے جو ماضی میں ’ایم کے اے‘ کے نام سے جانا جاتا تھا اور روس و ایران کے تیل کی ترسیل میں استعمال ہوتا رہا ہے۔

  • خواجہ سراء کے ساتھ زبردستی بدفعلی کرنے والا اوباش ملزم گرفتار

    خواجہ سراء کے ساتھ زبردستی بدفعلی کرنے والا اوباش ملزم گرفتار

    لاہور،لاری اڈہ پولیس کا 15 کی کال پر فوری ریسپانس ،خواجہ سراء کے ساتھ زبردستی بدفعلی کرنے والا اوباش ملزم گرفتار کر لیا گیا

    ویکٹم دوست سے ملنے اسکے کمرے میں گیا تو وہاں پہلے سے موجود ملزم نے دوست کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھایا،ملزم قربان نے کمرے مین زبردستی بدفعلی کا نشانہ بنایا ،لاری اڈہ پولیس نے اطلاع ملنے پر بروقت کاروائی کرتے ملزم کو گرفتار کر لیا ،ایس پی سٹی کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے،بروقت کاروائی اور اوباش ملزم کی گرفتاری پر ایس ایچ او لاری اڈہ نسیم خان اور ٹیم کو ایس پی سٹی کی جانب سے شاباش دی گئی، ایس پی سٹی کا کہنا تھا کہ خواجہ سراء کمیونٹی پر تشدد اور جنسی استحصال کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی ہے ،

    دوسری جانب کوٹ لکھپت، باپ بیٹے سمیت 3 افرد پر بہمانہ تشدد کا واقعہ ،کوٹ لکھپت پولیس نے 15 پر کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث مرکزی ملزم گرفتار کر لیا،واقعہ گذشتہ رات تھانہ کوٹ لکھپت کے علاقے قینچی بازار میں پیش آیا،باپ بیٹا دوکان سے گھر واپس جا رہے تھے ملزمان نے اسلحہ کے زور پر تشدد کا نشانہ بنایا ،3 نامزد اور 4 نا معلوم افراد نے والد جاوید، بیٹے شاہزیب اور بیٹے کے دوست عثمان پر تشدد کیا،ملزمان نے متاثرہ افراد پر فائرنگ بھی کی جو معجزانہ طور پر محفوظ رہے، تھانہ کوٹ لکھپت میں واقعے کا مقدمہ 3 نامزد اور 4 نامعلوم افراد کیخلاف درج ہے

  • دوسروں کو پھنسانے کیلیے شوہراپنی ہی بیوی کی فحش ویڈیو بنانے لگا

    دوسروں کو پھنسانے کیلیے شوہراپنی ہی بیوی کی فحش ویڈیو بنانے لگا

    بھارت میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا ہے جہاں شہریوں کو بلیک میل کرنے اور ان سے رقم بٹورنے کے لئے شوہر نے اپنی بیوی کا استعمال کیا، بیوی کو مردوں کے ساتھ دوستی اور پھر ان کے ساتھ جنسی عمل کرنے کے ساتھ فحش ویڈیو بنا کر شہریوں کو بلیک میل کئے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے

    واقعہ سورت کا ہے، جہاں 33 سالہ ہیرے کے کاریگر نے ایک خاتون، اس کے شوہر اور ایک ساتھی کے خلاف لاکھوں روپے کی جبری وصولی کا مقدمہ درج کرا دیا۔ شکایت گزار کے مطابق پہلے اس سے دوستی کی گئی، پھر جسمانی تعلقات قائم کیے گئے، بعد ازاں نجی ویڈیوز اور تصاویر وائرل کرنے کی دھمکیاں دے کر رقم بٹوری گئی۔پولیس رپورٹ کے مطابق متاثرہ شخص سورت کے علاقے کپودرا میں ہیرے کے کاریگر کے طور پر کام کرتا ہے۔ اس کی ملاقات سال 2023 میں ایک خاتون سے ہوئی جو اس کے کارخانے کے سامنے واقع اپارٹمنٹ میں رہتی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ دونوں کی پہلی ملاقات ایک مندر میں ہوئی، جہاں سے بات چیت کا سلسلہ شروع ہوا اور پھر تعلقات گہرے ہوتے گئے۔ تعلقات کے دوران خاتون مختلف بہانوں سے رقم مانگتی رہی۔ متاثرہ شخص کے مطابق وہ یو پی آئی اور دیگر ذرائع سے اسے پیسے بھیجتا رہا۔ خریداری، روزمرہ اخراجات اور سفر کے نام پر بھی اس سے رقم لی جاتی رہی۔ متاثرہ شخص نے الزام لگایا کہ جب اسے معلوم ہوا کہ خاتون دوسرے مردوں سے بھی رابطے میں ہے تو اس نے رقم دینا بند کر دی۔ اسی کے بعد صورتحال بدل گئی اور خاتون نے اس پر دباؤ ڈالنا شروع کر دیا۔

    شکایت کے مطابق خاتون نے دھمکی دی کہ اگر رقم نہ دی گئی تو وہ متاثرہ شخص کے خلاف زیادتی کا مقدمہ درج کرا دے گی، اس کے گھر والوں کو سب کچھ بتا دے گی اور نجی تصاویر وڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کر دے گی۔متاثرہ شخص کے مطابق خاتون نے اپنی دھمکیوں کو سنجیدہ ثابت کرنے کے لیے اس کے سالے کو کچھ تصاویر بھی بھیج دیں، جس کے بعد وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گیا۔شکایت گزار نے کہا کہ مسلسل دباؤ، بدنامی کے خوف اور مقدمات کی دھمکیوں کے باعث وہ مختلف اوقات میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 59 ہزار روپے دے چکا تھا۔ اس کا کہنا ہے کہ رقم نہ ملنے پر سال 2025 میں اس کے خلاف ریپ کی شکایت بھی درج کرائی گئی۔مزید تحقیقات کے دوران متاثرہ شخص کو شبہ ہوا کہ یہ منظم منصوبہ بندی ہے۔ اس نے دعویٰ کیا کہ خاتون کا شوہر اور ایک دوست بھی اس سارے نیٹ ورک میں شامل تھے اور تینوں مل کر لوگوں کو پھنساتے تھے۔پولیس نے شکایت کی بنیاد پر خاتون، اس کے شوہر اور مبینہ ساتھی کے خلاف سازش، جبری وصولی، دھمکی اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور یہ بھی دیکھا جا رہا ہے کہ آیا اس گروہ نے دیگر افراد کو بھی اسی طرح نشانہ بنایا یا نہیں۔

  • کوئٹہ سیشن کورٹ کے باہر فائرنگ، 3 افراد جاں بحق، 3 زخمی

    کوئٹہ سیشن کورٹ کے باہر فائرنگ، 3 افراد جاں بحق، 3 زخمی

    کوئٹہ میں سیشن کورٹ کے باہر پیش آنے والے افسوسناک فائرنگ کے واقعے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔

    واقعہ سریاب روڈ پر اُس وقت پیش آیا جب شہری ایک مقدمے کی سماعت کے سلسلے میں عدالت پہنچے ہوئے تھے۔پولیس کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ سیشن کورٹ کوئٹہ کے باہر پیش آیا، جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے اچانک فائرنگ کردی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دو افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دورانِ علاج ایک اور زخمی شخص جانبر نہ ہوسکا۔ اس طرح جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 3 ہوگئی۔اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمی ہونے والے 3 افراد کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے،پولیس حکام نے بتایا ہے کہ واقعہ زمین کے دیرینہ تنازع کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ مقتولین اور دیگر افراد عدالت میں پیشی کے لیے آئے تھے کہ مخالف فریق نے ان پر حملہ کردیا۔

    فائرنگ کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیئے ہیں جبکہ ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • لیوی ٹیکس  عوام کے ساتھ ظلم، ختم ہوگا تو معاشی سرگرمیاں بڑھ جائیں گی،حافظ نعیم الرحمان

    لیوی ٹیکس عوام کے ساتھ ظلم، ختم ہوگا تو معاشی سرگرمیاں بڑھ جائیں گی،حافظ نعیم الرحمان

    امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ لیوی ٹیکس ختم ہوگا تو معاشی سرگرمیاں بڑھ جائیں گی جس کا فائدہ ملک کو ہوگا –

    منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام ایک لیٹر پیٹرول پر سوا سو روپے ٹیکس ادا کر رہے ہیں، جنگ بندی پر سوچ رہے تھے کہ وزیراعظم پرانی قیمت پر پیٹرول لے آئیں گے لیکن 12 روپے کم کیا جو افسوسناک ہے، پیٹرول کی قیمت ڈھائی سو روپے لیٹر تک لائی جائے، لیوی ٹیکس ختم ہوگا تو معاشی سرگرمیاں بڑھ جائیں گی جس کا فائدہ ملک کو ہوگا کھرب پتی ٹیکس بچا رہے ہیں اور موٹرسائیکل چلانے والا ٹیکس دے رہا ہے، حکومت لیوی ٹیکس سے پانچ چھ سو ارب روپے کما رہی ہے اسے ختم ہونا چاہئے،پیٹرولیم لیوی ٹیکس کے معاملے پر عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے، لیوی ٹیکس عوام کے ساتھ ظلم ہے۔

    امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ پاکستان کی میزبانی میں ایران امریکا مذاکرات خوش آئند بات تھی، ہم چاہتے ہیں کہ ایران امریکا مذاکرات کامیاب ہوں، پاکستان نے بہت اچھا کردار ادا کیا ہے اور مزید ادا کرسکتا ہے، یہ اطلاعات بھی آئیں کہ فریقین معاہدے کے قریب تھے لیکن امریکی نائب صدرکو فون آیا اور وہ معاہدہ کیے بغیر چلے گئے، شیطان کی پوجا کرنیوالواں نے امریکا کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔

  • سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اضافہ

    سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اضافہ

    عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمت میں اضافہ ہو گیا-

    بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں آج منگل کے روز فی اونس سونے کی قیمت میں 46 ڈالر کا اضافہ ریکارڈ ہوا، جس کے نتیجے میں نئی عالمی قیمت 4 ہزار 776 ڈالر فی اونس کی سطح پر آ گئی ،جس کے ساتھ ہی مقامی صرافہ بازاروں میں بھی کاروباری ہفتے کے دوسرے دن 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت میں 4600روپے کا اضافہ ریکارڈ ہونے سے نئی قیمت 499962 روپے فی تولہ ہو گئی، 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 3943 روپے کا اضافہ ہوگیا اور نئی قیمت 429636 روپے کی سطح پر آ گئی۔

    دوسری جانب ملک میں چاندی بھی مہنگی ہو گئی۔ فی تولہ قیمت میں 326 روپے کے اضافے سے چاندی کی نئی قیمت 8260 روپے اور 279 روپے کے اضافے سے 10 گرام چاندی کی قیمت 7081 روپے کی سطح پر آگئی۔