امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کی پریس کانفرنس میں صدر ٹرمپ کی کھل کر تعریف، ایران سے متعلق بڑے دعوے سامنے آگئے۔
پریس کانفرنس کے دوران پیٹ ہیگستھ نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے ایران کو بڑی شکست دے کر نئی تاریخ رقم کی اور وہ کامیابی حاصل کی جو پہلے کسی کو نہیں ملی۔ انہوں نے جنگ میں حصہ لینے والے امریکی فوجی اہلکاروں کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔
امریکی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ایران کو جنگ میں شدید نقصان پہنچا، اس کی فضائیہ اور نیوی کو تباہ کر دیا گیا جبکہ اس کی جوہری صلاحیت کو بھی بڑا دھچکا لگا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران نے خود جنگ بندی کے لیے درخواست کی جس پر صدر ٹرمپ نے نرمی کا مظاہرہ کیا۔
پیٹ ہیگستھ نے یہ بھی کہا کہ ایران کی قیادت میں تبدیلی کے آثار ہیں اور اب ایسے افراد سامنے آ رہے ہیں جو مذاکرات کے حامی ہیں۔ جوہری پروگرام سے متعلق سوال پر انہوں نے واضح کیا کہ امریکا کا مؤقف ہمیشہ یہی رہا ہے کہ ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار نہیں ہونے چاہئیں۔
انہوں نے جنگ بندی کو ایک مثبت موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہی راستہ حقیقی امن اور مستقل معاہدے کی طرف لے جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق وزارت دفاع اپنا کردار ادا کر چکی ہے تاہم امریکا اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تیار ہے کہ ایران کسی بھی معاہدے کی شرائط پر مکمل عمل کرے۔
Blog
-

امریکی وزیر دفاع کی ٹرمپ کی تعریف، ایران پر بڑی کامیابی کا دعویٰ
-

شالیمار ایکسپریس شہدادپور کے قریب حادثے کا شکار، کوئی جانی نقصان نہیں
کراچی سے لاہور جانے والی شالیمار ایکسپریس کو شہدادپور کے قریب حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ٹرین کی تین بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ اس واقعے نے مسافروں میں خوف و ہراس پھیلا دیا تاہم خوش قسمتی سے کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ریلوے حکام کے مطابق حادثے میں وی وی آئی پی کچن لاؤنج، ایک اے سی بزنس کلاس اور ایک اے سی اسٹینڈرڈ بوگی شامل ہیں جو پٹری سے اتر گئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ٹرین میں موجود مسافروں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔
حادثے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور صورتحال کو قابو میں لے لیا گیا۔ ریلوے حکام کے مطابق متاثرہ بوگیوں کو ہٹانے اور ریلوے ٹریک کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے تاکہ ٹرینوں کی آمدورفت جلد بحال کی جا سکے۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق حادثے کی وجوہات ابھی سامنے نہیں آ سکیں، تاہم ریلوے انتظامیہ نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹریک کی حالت، رفتار یا تکنیکی خرابی جیسے عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے جائزہ لیا جائے گا۔
حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے حفاظتی اقدامات مزید سخت کیے جائیں گے۔ -

شاید پاکستان کیلئے کھیلنا نصیب میں نہیں تھا: حسان خان
پاکستان سپر لیگ میں حیدرآباد کنگزمین کے بیٹر حسان خان نے کہا ہے کہ شاید ان کے نصیب میں پاکستان کی نمائندگی کرنا نہیں لکھا تھا، تاہم وہ اپنے کیریئر اور فیصلوں سے مطمئن ہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حسان خان کا کہنا تھا کہ انہیں کسی سے کوئی شکایت نہیں اور وہ اپنی موجودہ کرکٹ سے خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی لیگز میں کھیلنے کا موقع مل رہا ہے اور وہاں انہیں عزت بھی دی جا رہی ہے، جو ان کے لیے باعث اطمینان ہے۔
حسان خان نے کہا کہ ان کی پہچان پی ایس ایل اور پاکستان انڈر 19 ٹیم کی قیادت کی وجہ سے بنی، جہاں انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ان کا کیریئر پاکستان سے ہی شروع ہوا اور وہی ان کے لیے بنیاد ثابت ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ امریکا منتقل ہونے کا فیصلہ اچانک کیا گیا اور یہ تمام معاملات صرف 10 سے 15 دن کے اندر طے پا گئے۔ اس فیصلے نے ان کے کیریئر کو ایک نئی سمت دی، جہاں انہیں مزید مواقع ملے۔
واضح رہے کہ حسان خان نے آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں بھی شاندار کارکردگی دکھائی، جہاں ان کی بیٹنگ نے خاصی توجہ حاصل کی۔ سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے بھی ان کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں ایک بہترین بیٹر قرار دیا تھا۔
حسان خان ماضی میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان رہ چکے ہیں اور پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں، تاہم قومی ٹیم میں مواقع نہ ملنے کے باعث انہوں نے بیرون ملک کھیلنے کا راستہ اختیار کیا۔ -

پاکستان کی ثالثی میں جنگ بندی اسرائیل کیلئے سیاسی ناکامی
اسرائیل کے اپوزیشن لیڈر یائر لاپیڈ نے پاکستان کی ثالثی میں ہونے والے جنگ بندی معاہدے کو اسرائیل کے لیے ایک بڑی سیاسی ناکامی قرار دے دیا ہے۔ ان کے بیان نے اسرائیلی سیاست میں نئی بحث چھیڑ دی ہے اور حکومتی پالیسیوں پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
یائر لاپیڈ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو اس معاملے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔ ان کے مطابق نیتن یاہو نہ صرف سیاسی اور اسٹریٹجک سطح پر ناکام رہے بلکہ وہ اپنے طے کردہ کسی ایک بھی ہدف کو حاصل نہیں کر سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال نے اسرائیل کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے اور اس کے اثرات طویل عرصے تک محسوس کیے جائیں گے۔ لاپیڈ کے مطابق نیتن یاہو کے فیصلوں کی وجہ سے اسرائیل کو جو نقصان پہنچا ہے، اسے درست کرنے میں کئی سال لگ سکتے ہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے اس نوعیت کا سخت ردعمل ظاہر کرتا ہے کہ اسرائیل کے اندر بھی موجودہ پالیسیوں پر اختلافات بڑھ رہے ہیں۔ خاص طور پر جنگ بندی جیسے حساس معاملے پر اندرونی اختلافات مستقبل کی سیاست پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب اس جنگ بندی میں پاکستان کے کردار کو بھی عالمی سطح پر توجہ حاصل ہو رہی ہے، جہاں مختلف ممالک اس پیش رفت کو خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں اسرائیل کی داخلی سیاست اور خارجہ پالیسی میں مزید تبدیلیاں دیکھنے کو مل سکتی ہیں، خاص طور پر اگر اپوزیشن کی تنقید شدت اختیار کرتی ہے۔ -

پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی دھمکی
ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف ٹرانسپورٹرز اور پیٹرول پمپ ڈیلرز نے سخت ردعمل دیتے ہوئے ہڑتال اور بندش کی دھمکیاں دے دی ہیں، جس سے معاشی سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
حیدرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آل ٹرک ڈمپر ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی مسلسل بڑھتی قیمتوں نے گڈز ٹرانسپورٹرز کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اخراجات میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے جبکہ کرایوں میں اسی تناسب سے اضافہ ممکن نہیں رہا، جس کے باعث کاروبار چلانا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
انہوں نے سندھ حکومت کی جانب سے دی جانے والی سبسڈی کی پیشکش کو غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف دعووں تک محدود ہے اور عملی طور پر ٹرانسپورٹرز کو کوئی فائدہ نہیں پہنچ رہا۔ ان کا واضح مؤقف تھا کہ اگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی نہ کی گئی تو ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ بند کر دی جائے گی، جس سے سپلائی چین شدید متاثر ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب پیٹرول پمپ ڈیلرز ایسوسی ایشن نے بھی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ڈیلرز کے منافع میں اضافہ نہ کیا گیا تو وہ ایک بار پھر پیٹرول پمپس بند کرنے پر مجبور ہوں گے۔ چیئرمین ایسوسی ایشن کے مطابق موجودہ مارجن انتہائی کم ہے جس میں کاروبار جاری رکھنا ممکن نہیں رہا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو فوری طور پر پالیسی پر نظرثانی کرنی چاہیے تاکہ ڈیلرز کو مناسب منافع مل سکے، بصورت دیگر ملک میں ایندھن کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے۔
ادھر حکومت نے پیٹرول پمپس پر ڈیجیٹل فیول مینجمنٹ سسٹم نافذ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد شفافیت بڑھانا اور بے ضابطگیوں کو روکنا بتایا جا رہا ہے۔ تاہم اس فیصلے پر بھی ڈیلرز کی جانب سے تحفظات سامنے آ رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر ٹرانسپورٹرز اور پمپ ڈیلرز نے واقعی ہڑتال کی تو اس کے اثرات براہ راست عام عوام پر پڑیں گے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ -

حکومت نے عارضی جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا،حافظ نعیم الرحمان
حافظ نعیم الرحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ عارضی جنگ بندی پر ایرانی قوم کے عزم کو سلام پیش کرتے ہیں، حکومت نے عارضی جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا، پوری پاکستانی قوم مبارک آباد کی مستحق ہے۔
اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے گلف میں جاری کشیدگی کو نارملائز کیااور بڑی کامیابی حاصل کی، امریکہ اسرائیل کے پپٹ کے طور پر کام کررہا ہے، صہیونی دنیا بھر میں امریکہ کو استعمال کررہے ہیں، دنیا بھر میں باضمیر انسان امریکی دہشت گردی کے خلاف ہیں پاکستان کا کردار بہت اہم ہوگیا ہے،امریکہ کو اخلاقی، سفارتی اور فوجی شکست ہوئی ہے-
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان کو سب کے ساتھ مستحکم تعلقات رکھنے ہیں اور باہمی تجارتی تعاون کو بڑھانا ہے، ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن کا عمل شروع کیا جائے،خلیجی ممالک اور ایران کے ساتھ آزاد تجارت اور ملکی گیس و پیٹرول کی ضروریات کو پورا کرنا ہوگا پاک سعودی عرب دفاعی معاہدے میں ترکیہ، ایران کو شامل کیا جائے اور خلیجی ممالک رضاکارانہ شریک ہوں۔
-

اٹلی کے سابق وزیر اعظم نے شہباز شریف کو نوبیل انعام کا حقدار قرار دے دیا
اٹلی کے سابق وزیر اعظم پاؤلو جینٹی لونی نے پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کو نوبیل انعام کا حقدار قرار دے دیا۔
امریکا و اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ بندی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے جینٹی لونی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ اس جنگ بندی کیلئے کامیابی پر وزیراعظم شہباز شریف نوبیل انعام کے مستحق ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستانی وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی طرف سے جنگ بندی کیلئے کی گئی کوششوں کو پوری دنیا میں سراہا جارہا ہے،وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کو خطے میں امن کے قیام کے لیے مثبت پیشرفت قرار دے دیا۔
-

پاکستان میں سونے کی قیمت پھر 5 لاکھ سے زائد ہو گئی
ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے بعد پاکستان میں سونے کی قیمتوں کو پر لگ گئے –
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت میں یکدم 15 ہزار 700 روپے کا بڑا اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے بعد اب ایک تولہ سونا 5 لاکھ 4 ہزار 162 روپے کی ریکارڈ سطح پر فروخت ہو رہا ہے،اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 13 ہزار 460 روپے کا اضافہ ہوا ہے اور اب اس کی نئی قیمت 4 لاکھ 32 هزار 237 روپے مقرر کی گئی ہے۔
سونے کی قیمتوں میں اس اچانک اور بڑے اضافے کی بنیادی وجہ عالمی منڈی میں ہونے والی تبدیلی ہے،بین الاقوامی بازار میں سونے کا بھاؤ 157 ڈالرز کے نمایاں اضافے کے ساتھ 4814 ڈالرز فی اونس ہو گیا ہے اضافہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب صرف ایک دن پہلے ہی سونے کی قیمتوں میں کچھ کمی دیکھی گئی تھی، جہاں فی تولہ سونا 3 ہزار روپے اور 10 گرام سونا 2572 روپے سستا ہوا تھا۔
صرافہ ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں یہ اتار چڑھاؤ عالمی مارکیٹ کی صورتحال سے جڑا ہوا ہے اور سرمایہ کار اب سونے کو ایک محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر دیکھ رہے ہیں، جب تک عالمی سطح پر قیمتیں مستحکم نہیں ہوتیں، مقامی مارکیٹ میں بھی اسی طرح کا غیر یقینی اتار چڑھاؤ جاری رہنے کا خدشہ ہے۔
-

تحریک انصاف کی راولپنڈی میں جلسے کی درخواست مسترد
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے پاکستان تحریک انصاف کے لیاقت باغ میں جلسے کے لیے این او سی کی درخواست مسترد کر دی-
انتظامیہ کے مطابق امن و امان کی موجودہ صورتحال اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی (DIC) کے اجلاس میں اس معاملے پر غور کیا گیا، جس میں موجودہ خطرے کے اسپیکٹرم کو مدنظر رکھتے ہوئے کہا گیا کہ عوامی اجتماعات میں شرکا کے جان و مال کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں راولپنڈی میں دفعہ 144 بھی نافذ ہے جب کہ لیاقت باغ کی سیکیورٹی کلیئرنس کے لیے حفاظتی وسائل کی بڑے پیمانے پر تعیناتی حکومتی کفایت شعاری پالیسی کے تحت ممکن نہیں۔
انتظامیہ کے مطابق موجودہ حالات میں عوامی اجتماع کو محفوظ بنانے کے لیے ضروری انتظامی، لاجسٹک اور مالی ضروریات کو پورا کرنا ایک چیلنج ہے، اسی لیے ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے متفقہ فیصلے کی روشنی میں جلسے کے این او سی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ راولپنڈی کے لیاقت باغ میں 9 اپریل کے جلسے کے لیے دی گئی درخواست مسترد کر دی گئی ہے۔ پارٹی کے مطابق پرامن جلسہ ہر سیاسی جماعت کا بنیادی آئینی حق ہے۔
پی ٹی آئی راولپنڈی کے ڈسٹرکٹ صدر عاقل خان نے اس حوالے سے کہا کہ انہیں جلسے کے اجازت نامے سے انکار کے فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ امن و امان اور سیکیورٹی صورتحال کے باعث جلسے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
-

وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ
وزیراعظم شہباز شریف اور اراین کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے امریکا ایران جنگ بندی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم دفتر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان 45 منٹ تک ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی، جس میں حالیہ جنگ بندی اور مستقبل کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ،وزیراعظم شہباز شریف نے سیز فائز کے لیے ایرانی قیادت کی ذہانت کی تعر یف کی اور امریکا کے ساتھ اسلام آباد میں مذاکرات کے لیے آمادگی پر ان کا شکریہ ادا کیا، وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے بھی اپنا پیغام بھجوایا۔
اعلامیے کے مطابق ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے دو ہفتوں کی جنگ بندی کے لیے اقدامات کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی لیڈر شپ کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا مسعود پزشکیان نے اس بات کی تصدیق کی کہ ایران کا وفد مذاکرات کے لیے پاکستان آئے گا۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے حوالے سے جامع مذاکرات اسلام آباد میں ہونے جا رہے ہیں، جس میں ایران کی جانب سے اسپیکر پارلیمنٹ باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی جبکہ امریکا کی جانب سے نائب صدر جے ڈی وینس اور اسٹیو وٹکوف شریک ہوں گے۔