وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اقتدار میں لانے والے عناصر چاہتے ہیں کہ وہ دوبارہ اقتدار میں آئیں تاکہ پاکستان کو ان کے تابع بنایا جا سکے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کو گالیاں دینے والوں کو پناہ دینے والوں کی بھی یہی خواہش ہے کہ عمران خان دوبارہ اقتدار میں آئیں۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملے بھی انہی مقاصد کے حصول کی کوشش تھے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے دور میں بھارت نے حملہ کیا اور ابھی نندن کو راتوں رات واپس کر دیا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مئی 2025 میں بھارتی حملے کے جواب میں پاکستان نے فتح کی تاریخ رقم کی اور دنیا حیران رہ گئی کہ یہ وہی پاکستان ہے جس نے چند برس قبل بھارتی پائلٹ واپس کیا تھا۔
خواجہ آصف کے مطابق اس وقت پارلیمنٹ کو بتایا گیا تھا کہ بھارت کے ساتھ جنگ کا رسک نہیں لیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے اللہ کی مدد سے قوم کا سر فخر سے بلند کیا، شہداء نے وطن کو دوام بخشا اور دشمن آج بھی تاک میں ہے، اس لیے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک بیٹھے نام نہاد پاکستانی، جو طالبان سے محبت بھرے مذاکرات کے حامی ہیں، ملک کی ترقی اور امن کے دشمن ہیں اور پاکستان کو معاشی استحکام اور محفوظ مستقبل سے دور رکھنا چاہتے ہیں۔
Category: سیاست

عمران خان کو اقتدار میں لانے والے چاہیں گے یہ دوبارہ اقتدار میں آئے، خواجہ آصف

ملک ریاض کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری
احتساب عدالت کراچی نے ساڑھے 13 ہزار ایکڑ زمین کی مبینہ غیرقانونی الاٹمنٹ سے متعلق ریفرنس میں ایک بار پھر ملک ریاض، زین ملک اور دیگر 10 مفرور ملزمان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی بریت کی درخواست کی سماعت ملتوی کر دی، جبکہ ملزمان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت بھی مؤخر کر دی گئی۔
اس کے علاوہ احتساب عدالت نے مختیار علی اقبال میرانی سمیت سات ملزمان کو سمن جاری کر دیے۔ ملزمان پر بحریہ ٹاؤن کو ساڑھے 17 ہزار ایکڑ زمین الاٹ کرنے کا الزام ہے، جسے نیب نے قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
سندھ میں صحت کے بجٹ کو 2.9 فیصد سے 10 فیصد تک بڑھا دیا
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ میں صحت کے شعبے کو مضبوط کرنے کے لیے بجٹ کو مجموعی بجٹ کے 2.9 فیصد سے بڑھا کر 10 فیصد کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ میں کینسر کے علاج کے لیے جدید اور مہنگی ترین سائبر نائف ٹیکنالوجی متعارف کرائی گئی ہے اور یہ علاج بالکل مفت فراہم کیا جا رہا ہے، جس کی مثال دنیا میں کہیں اور نہیں ملتی۔
اسلام آباد میں سندھ حکومت کی کارکردگی اور آئندہ لائحہ عمل پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت ہر شعبے میں بہتری کے لیے کام کر رہی ہے اور تعلیم بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صحت اور تعلیم کے شعبے میں اقدامات سندھ کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کئے جا رہے ہیں اور حکومت کی کوشش ہے کہ ہر شہری کو معیاری سہولتیں فراہم کی جائیں۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا بڑا دعویٰ، بلاول بھٹو کراچی کے لیے جلد بڑے ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گے
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام نے پیپلز پارٹی کو موقع دیا اور اس کے نتائج شہر میں نظر آ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کے ایم سی اور سندھ حکومت مل کر کام کر رہی ہیں جبکہ ٹاؤن انتظامیہ بھی اسی طرح تعاون کرے۔
مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ آئندہ چند روز میں بلاول بھٹو کی قیادت میں کراچی کے لیے ایک بڑا ترقیاتی پیکج متعارف کرایا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیراتی کام مرحلہ وار مکمل کیے جا رہے ہیں۔
میئر کراچی کے مطابق شہر کی تمام اہم شاہراہوں کو مرحلہ وار بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر روڈ کی تعمیر سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی اور شہریوں کو سہولیات میسر آئیں گی۔ جہانگیر روڈ کی بحالی کراچی کی مجموعی ترقیاتی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ شہر بھر میں مختلف ترقیاتی منصوبے بحال کیے جا رہے ہیں اور کراچی میں دن رات کام جاری ہے۔
متنازع ٹوئٹ کیس میں ایمان مزاری اور شوہر ہادی علی چٹھہ کی ضمانت منسوخ
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے متنازع ٹوئٹس کے کیس میں ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کی ضمانت منسوخ کر دی ہے۔ عدالت نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم بھی جاری کیا ہے۔
سماعت کے دوران ہادی علی چٹھہ عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ ایمان مزاری خود گواہ شہروز پر جرح کرنا چاہتی ہیں۔ جسٹس افضل مجوکا نے حکم دیا کہ جرح مکمل کریں ورنہ جرح کا حق ختم کر دیا جائے گا۔
اس موقع پر اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر نعیم گجر نے عدالت میں کہا کہ پیر کی تاریخ دے دی جائے، اس کے بعد مزید التوا نہیں دیا جائے گا کیونکہ ایمان مزاری کی طبیعت خراب ہے اور وہ خود جرح کرنا چاہتی ہیں۔ تاہم پراسیکوشن کے نمائندے رانا عثمان نے التوا دینے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ عدالت گواہ سے حلف لے اور جرح شروع کرے۔
سماعت کے دوران بار صدر اور پراسیکیوٹر کے درمیان کمرہ عدالت میں تلخ کلامی بھی ہوئی، جس پر جج چیمبر میں چلے گئے۔ وقفے کے بعد دونوں ملزمان عدالت میں پیش نہ ہوئے، جس کے باعث عدالت نے ان کی ضمانت منسوخ کر دی اور جرح کا حق بھی ختم کر دیا۔ سماعت کو کل تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔
نیب کورٹ میں بحریہ ٹاؤن کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت، مال آف اسلام آباد ضبط
نیب کورٹ کراچی میں بحریہ ٹاؤن کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ عدالت میں مال آف اسلام آباد کو عدالتی حکم پر ضبط کرنے کی رپورٹ پیش کی گئی۔
نیب حکام نے مال آف اسلام آباد کے چھ حصہ داروں کی درخواستوں پر اعتراضات بھی جمع کروائے۔ عدالتی احکامات متعلقہ مقامات پر آویزاں کر دیے گئے ہیں۔
درخواست گزاروں نے کہا کہ انہیں اس ریفرنس میں فریق بنایا جائے۔ ریفرنس میں ملک ریاض، ان کے بیٹے اور دیگر ملزمان ملوث ہیں۔
عظمیٰ بخاری کا پی ٹی آئی کے بیان پر سخت ردِعمل
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پاکستان تحریک انصاف کے حالیہ بیان پر سخت ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اڈیالہ جیل، زمان پارک یا پاکپتن کا پیر خانہ وہ جگہیں نہیں جہاں ہر ہفتے اہل وعیال اور چند کرائے کے افراد کے ساتھ تماشہ لگایا جائے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے باہر ان کی پارٹی کے کسی عہدے دار کی موجودگی نہیں ہوتی اور بعض اوقات خواتین کو سیاسی مقاصد کے لیے ڈھال کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پولیس ہمیشہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتی ہے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پولیس صرف تب حرکت میں آتی ہے جب قانون کی خلاف ورزی کی جاتی ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ پولیس کے ساتھ بدتمیزی یا ہاتھا پائی کریں تو کیا پولیس خاموش رہ سکتی ہے؟
عظمیٰ بخاری کے مطابق قانون کی عملداری اور سیکیورٹی اداروں کی شفاف کارکردگی ہر شہری کی ذمہ داری اور فریضہ ہے، اور کسی بھی سیاسی یا ذاتی مفاد کے لیے پولیس کو نشانہ نہیں بنایا جا سکتا۔
پاکستان 2047 تک 3 ٹریلین ڈالر معیشت بن سکتا، وزیر خزانہ
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان 2047 تک 3 ٹریلین ڈالر کی معیشت بننے کی صلاحیت رکھتا ہے
تاہم اس کے لیے آبادی پر قابو پانا ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سالانہ 2.55 فیصد آبادی میں اضافہ ملک کی ترقی میں رکاوٹ ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ نوجوانوں کا کردار اہم ہے کیونکہ پاکستان کی فری لانسر فورس دنیا میں تیسری بڑی ہے۔ حکومت نوجوانوں کے لیے ضروری نظام اور پلیٹ فارم فراہم کرے گی تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں۔
محمد اورنگزیب کے مطابق حکومت کی ذمہ داری ہے کہ نوجوانوں کو نظام اور مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ ملک کی اقتصادی ترقی میں اضافہ ممکن ہو۔
عطا تارڑ نے پاک-افغان سرحد سے متعلق گمراہ کن پروپیگنڈا مسترد کر دیا
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے پاک-افغان سرحد کے حوالے سے پھیلائے جانے والے گمراہ کن پروپیگنڈا کو مسترد کر دیا۔ اپنے حالیہ بیان میں انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سرحد کو بین الاقوامی سرحد ہی سمجھنا اور اسی کے مطابق عمل کرنا چاہیے۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ اس وقت وزیر اعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کو یہ بات پوری طرح سمجھ نہیں آ رہی۔اسد قیصر کا سندھ حکومت کے رویے پر تحفظات کا اظہار
پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر سے ملاقات کی اور وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی سے متعلق سندھ حکومت کے رویے پر تحفظات سے آگاہ کیا۔
اسد قیصر نے ملاقات کے دوران کہا کہ سندھ حکومت نے وزیراعلیٰ کے پی کے لیے ابتدائی طور پر مثبت تاثر دیا، لیکن بعد میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں۔ خوش قسمتی سے کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، ورنہ سندھ حکومت کی بدنامی ہو سکتی تھی۔
ان کے مطابق نوید قمر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ کو اس معاملے کی مکمل آگاہی نہیں تھی۔








