Baaghi TV

Category: سیاست

  • پی ٹی آئی کے متنازعہ اقدامات، عوامی مفاد یا پاکستان دشمنی؟

    پی ٹی آئی کے متنازعہ اقدامات، عوامی مفاد یا پاکستان دشمنی؟

    پی ٹی آئی کے متنازعہ اقدامات، عوامی مفاد یا پاکستان دشمنی؟
    تحریر:ڈاکٹرغلام مصطفےٰ بڈانی
    پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت پر مسلسل الزامات عائد کیے جا رہے ہیں کہ وہ ملکی مفادات کے خلاف سرگرمیاں کر رہی ہے۔ حالیہ دنوں میں پی ٹی آئی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے ایک اہم دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اسلام آباد میں آئی ایم ایف مشن کو ایک ڈوزیئر اور خط ارسال کیا ہے، جس میں عام انتخابات میں دھاندلی کے ٹھوس شواہد فراہم کیے گئے ہیں۔ اس ڈوزیئر کو چیف جسٹس آف پاکستان کو بھی بھیجا گیا ہے اور اس میں انتخابی نتائج کی انجینئرنگ اور ریاستی اداروں کی جانب سے پی ٹی آئی کے عوامی مینڈیٹ کو چھینے جانے کی تفصیلات درج ہیں۔ عمر ایوب کا کہنا ہے کہ شفافیت اور قانون کی حکمرانی کے اصولوں کی پاسداری کے بغیر پاکستان میں اقتصادی ترقی اور سیاسی استحکام ممکن نہیں اور ان سنگین خدشات کو بین الاقوامی اداروں کی توجہ دلانا ضروری ہے۔

    پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مختلف اقدامات نے ملکی ساکھ اور مفادات پر کئی سوالات اٹھائے ہیں۔ پی ٹی آئی کی جانب سے کیے گئے احتجاجات اور سیاسی سرگرمیاں ان الزامات کا سبب بنی ہیں کہ پارٹی نے ایسے اقدامات کیے ہیں جو پاکستان کے مفادات کے خلاف ہیں۔ ان میں غیر ملکی وفود کی آمد کے دوران احتجاج، اہم بین الاقوامی اجلاسوں میں شرکت سے انکار اور ملکی سلامتی کے خلاف سرگرمیاں شامل ہیں۔

    اکتوبر 2024 میں اسلام آباد میں ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کی کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی نے 15 اکتوبر کو ڈی چوک پر احتجاج کی کال دی۔ حکومتی وزراء نے اس اقدام کو پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش قرار دیا اور کہا کہ یہ سب کچھ دشمن کے ایجنڈے کے مطابق ہو رہا تھا۔ وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے اس احتجاج کو ریاست کو کمزور کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا۔ اسی طرح پی ٹی آئی نے کرکٹ میچز کے دوران بھی احتجاج کی کال دی، جس سے ملکی ساکھ پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔ 8 فروری 2025 کو لاہور میں ہونے والے کرکٹ میچ کے دوران احتجاج کی اجازت طلب کی گئی جو عالمی سطح پر پاکستان کی کرکٹ امیج کو متاثر کرنے کا سبب بن سکتی تھی۔

    پی ٹی آئی پر دشمن طاقتوں سے روابط کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔ وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے عمران خان پر دوغلی پالیسی اپنانے اور جھوٹ پھیلانے کا الزام لگایا، جس سے یہ سوال اٹھتا ہے کہ کیا پی ٹی آئی کے یہ اقدامات واقعی ملکی مفادات کے خلاف ہیں؟ ان الزامات میں یہ کہا گیا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے سیاسی مفادات کے لیے ملکی ساکھ کو داؤ پر لگایا ہے اور بعض رہنماؤں پر ملکی سلامتی کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات بھی لگائے گئے۔

    پی ٹی آئی کی احتجاجی تاریخ بھی غیر معمولی ہے، جس میں 2014 کا آزادی مارچ، 2016 میں پاناما پیپرز کے انکشافات کے بعد ہونے والا احتجاج اور 2024 میں عمران خان کی گرفتاری کے خلاف اسلام آباد میں ہونے والا احتجاج شامل ہیں۔ ان احتجاجات کا مقصد عموماً حکومت پر دباؤ ڈالنا اور سیاسی مطالبات کی منظوری حاصل کرنا ہوتا تھا، جو بعض اوقات غیر ملکی وفود کی آمد یا اہم بین الاقوامی اجلاسوں کے دوران بھی منعقد کیے گئے۔

    اس سارے تناظر میں یہ سوال اٹھتا ہے کہ کیا پی ٹی آئی کے اقدامات واقعی پاکستان دشمنی کے زمرے میں آتے ہیں؟ پی ٹی آئی کے حامیوں کا کہنا ہے کہ ان کے اقدامات کا مقصد ملک کو کرپشن سے پاک کرنا اور عوام کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے اور ان کا دعویٰ ہے کہ پاکستان دشمنی کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ تاہم مخالفین کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے پاکستان کی ساکھ اور سلامتی کو نقصان پہنچا ہے اور یہ پارٹی اپنے سیاسی مفادات کے لیے ملکی مفادات کو نظر انداز کر رہی ہے۔

    کیا واقعی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) غیر ملکی ایجنڈے کی تکمیل میں پاکستان میں عدم استحکام، انتشار اور ملک دشمنی میں ملوث رہی ہے؟ یہ سوال ایک سنگین پہلو اختیار کرتا ہے جس پر آزادانہ اور غیر جانبدار تحقیقات ضروری ہیں۔ اگر پی ٹی آئی کے اقدامات حقیقت میں پاکستان دشمنی پر مبنی ثابت ہوں تو ان الزامات کو ثبوتوں کے ساتھ عوام کے سامنے پیش کیا جائے اور پی ٹی آئی کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔

    تاہم اگر یہ تمام الزامات صرف سیاسی سکورنگ یا سیاسی بیانئے کا حصہ ہیں تو پھر ملک کو مزید انتشار اور خلفشار میں نہ دھکیلیں۔ پاکستان کی ساکھ اور سلامتی کے لیے ہر اقدام انتہائی احتیاط کے ساتھ اٹھایا جانا چاہیے کیونکہ آخرکار ہم سب کا مفاد اسی میں ہے کہ پاکستان کو داخلی طور پر پرامن، مضبوط اور عالمی سطح پر مستحکم رکھا جائے اور پاکستان دشمن قوتوں سے قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر ان کے ناپاک عزائم خاک میں ملا سکے۔

  • قیدی نمبر804کی محبت میں امریکی رکن کانگریس کی فوج پر تنقید مداخلت.تجزیہ:شہز ادقریشی

    قیدی نمبر804کی محبت میں امریکی رکن کانگریس کی فوج پر تنقید مداخلت.تجزیہ:شہز ادقریشی

    یادرکھیں فوج ہے تو ملک ہے ،ورنہ منہ کھولے دشمن اور حواری کھاجاتے،ذرا نہیں پورا سوچیں
    جیل جانے والے ملاقاتیوں کے پاس ذرائع نہ جیل انتظامیہ کو پتہ،دوسرا خط کہاں سے آگیا

    سیاستدانوں میں مقبولیت کا نشہ اس قدر تیز اور تند ہوتا ہے کہ وہ تمام حدوں کو عبور کرجاتے ہیں پھر بعد میں اُس کو جوش خطابت کا نام دیا جاتا ہے، جمہوری عمل کو برقرا ر رکھنا سیاستدانوں کے مرہون منت ہوتا ہے، جلسوں ، چوراہوں ،گلی محلوں اور سوشل میڈیا پر پاک فوج جملہ اداروں اور عسکری قیادت پر جس طرح کے الزامات لگائے جاتے ہیں کیا کسی مہذ ب معاشرے میں اس طرح کی زبان اپنے قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف بولی جاتی ہے ؟ پاک فوج میں غازیوں اور شہیدوں کی ایک بہت بڑی تعداد ہے ، پولیس کے افسران اور پولیس کے نچلے درجے کے شہداء کی بھی ایک بہت بڑی تعداد ہے جو اس وطن عزیز کی سلامتی اور قوم کی سلامتی کی خاطر شہید ہوئے، تاد م تحریر پاک فوج اور جملہ ادارے ملکی سلامتی کو برقرار رکھنے کے لئے دہشت گردوں کا مقابلہ کررہے ہیں، حکمران اور اپوزیشن ہوش کے ناخن لے، جمہوریت کی چوکھٹ پر سجدہ ریز جمہور تھوڑا نہیں پواسوچے ،غور کریں فکر کریں ، سیاسی گلیاروں میں باکردار با اخلاق شخصیات کا قحط ہے،سیاسی گلیاروں میں عصر حاضر میں باکردار بااخلاق شخصیات کا ظہور ممکن نہیں اب سیاسی گلیاروں میں چند سیاسی شخصیات ہی نظر آتی ہیں ،

    افسوس حکمرانوں اور اپوزیشن پر ہے کہ گزشتہ دنوں امریکی کانگریس کے ایک رکن نے قیدی نمبر804 کی محبت میں پاک فوج اورجملہ اداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا کیا یہ ایک خود مختار ریاست پر حملہ نہیں؟ چلیں امریکہ ،بھارت یا کوئی دوسرا ملک پاک فوج اور جملہ اداروں پر تنقید کرتا ہے تو سمجھ میں آتا ہے کیا جس ملک پر حکمرانی کررہے ہیں یا کرتے رہے آپ پر فرض نہیں کہ کسی بیرونی طاقت کو اس کا جواب دیں اگر آپ ان بیانات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں تو آپ اس وطن عزیز اور قوم کی خاطر شہید ہونے والوں کی کون سی خدمت کررہے ہیں؟ قیدی نمبر804 سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا کی منافع بخش انڈسٹری کا روپ دھار چکا ہے، جس پر وی لاگرز اور اینکر قوم کو مصروف رکھ کر ڈالرز کما رہے ہیں ، افسوس الیکٹرانک میڈیا بھی اب سوشل میڈیا پر انحصار کرنے لگا ہے، تمام میڈیا قیدی نمبر804 کے خط کے گرد گھوم رہا ہے، جس طرح امریکی صدر کے مشیر ایلون مسک بڑے یقین کے ساتھ لوگوں کو یقین دلاتا رہتا ہے کہ زمین ختم ہونے والی ہے اسی طرح ان خطوط کی داستان ہے خود الیکٹرانک میڈیا ،سوشل میڈیا ،وکلاء اور جیل جانے والے صحافی دعویٰ کرتے ہیں کہ جیل کے اندر داخل ہونے پر ان کی تلاشی لی جاتی ہے ،لکھنا بھی ممکن نہیں رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں سے موبائل لے لئے جاتے ہیں ایسی صورت میں خط کون لکھتا ہے ،کون باہر لاتا ہے بیرون ملک میں اخبارات میں مضمون کیسے شائع ہوتے ہیں تھوڑا نہیں پورا سوچئے؟

  • صوابی احتجاج اور پی ٹی آئی کی رسوائی. تحریر: حنا سرور

    صوابی احتجاج اور پی ٹی آئی کی رسوائی. تحریر: حنا سرور

    گزشتہ برس ہونے والے عام انتخابات کو لے کر پی ٹی آئی نے احتجاج کی کال تو دی اور احتجاج بھی کیا تو خیبر پختونخوا میں،جہاں پی ٹی آئی کی حکومت ہے،تاہم پی ٹی آئی کی انتشار، نفرت، تقسیم کی سیاست کو اب خیبر پختونخوا کی عوام نے بھی مسترد کر دیا ہے.پی ٹی آئی کی جانب سے حالیہ جلسے میں عوام کی عدم دلچسپی اور خالی پنڈال نے واضح طور پر یہ ثابت کیا کہ پی ٹی آئی کی سیاست اب عوام کے درمیان کوئی اثر نہیں رکھتی۔ جلسے کی ناکامی نے پارٹی رہنماؤں میں مایوسی کی لہر دوڑا دی ہے، جو پہلے ہی بحرانوں اور مشکلات کا شکار ہیں۔ پی ٹی آئی کے ساتھ عوامی تعلق کمزور ہوچکا ہے،درحقیقت پاکستان تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک انتہا پسند گروپ کی شکل اختیار کر چکی ہے۔نومئی، 26 نومبر کو جو کچھ ہوا وہ قوم کے سامنے ہے، خیبر پختونخوا میں حکومت ہوتے ہوئے بھی پی ٹی آئی کی قیادت نے عوامی مسائل کو نظر انداز کر دیا ،وہاں کے شہری علاج کے لئے پنجاب کا رخ کر رہے ہیں، تعلیم کی سہولیات ناکافی ہیں، پی ٹی آئی صرف اور صرف اپنی ذاتی مفادات کی سیاست کر رہی ہے جس کی وجہ سے عوام مایوس ہو چکی ہے

    پی ٹی آئی احتجاج کی کال دے کر قوم کو بچوں کو استعمال کر رہی ہے تو وہیں معیار یہ ہے کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے بیٹے بیرون ملک میں آرام سے زندگی گزار رہے ہیں، جبکہ عمران خان کی سیاسی جماعت اپنے ملک کے نوجوانوں کو فسادات اور عدم استحکام کی طرف دھکیل رہی ہے۔ یہ حقیقت عوام کے لیے باعث تشویش ہے کہ پی ٹی آئی کے رہنما اپنی ذات کی سیاست میں مگن ہیں اور دوسروں کے بچوں کو ملک میں انتشار اور فسادات کی طرف اُکسا رہے ہیں۔ن تحریک انصاف نے مرکز میں 3.5 سال اور خیبر پختونخوا میں 11 سال حکومت کی، لیکن ان برسوں میں ملک اور صوبے کی ترقی کے لیے کچھ خاص نہیں کیا گیا۔ عوام کو ترقی اور خوشحالی کی بجائے، صرف سیاسی مصلحتوں اور ذاتی مفادات کے کھیل کا سامنا کرنا پڑا۔ ان برسوں میں حکومت نے لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لانے کے بجائے مسائل میں اضافہ کیا۔

    پی ٹی آئی کا ایجنڈا صرف اور صرف ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا اور انارکی پھیلانا ہے۔ 9 مئی کے واقعات نے پی ٹی آئی کے منفی ایجنڈے کو بے نقاب کر دیا ہے، جب اس کے کارکنوں نے ملک کے اہم ترین اداروں پر حملہ کیا۔ یہ حملے ملک کی ترقی کے لیے نہیں، بلکہ ایک گروپ کی سیاسی مفاد کے لیے تھے، جس کا مقصد صرف اور صرف ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا تھا۔9 مئی 2023 کو ہونے والے واقعات نے پی ٹی آئی کے سیاسی ایجنڈے کی حقیقت کو کھول کر رکھ دیا۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے سیاسی مفادات کے لیے پاکستان کے مختلف اہم اداروں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ملک کی سلامتی اور استحکام پر سنگین اثرات مرتب ہوئے۔

    وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا، جنہیں پی ٹی آئی کی طرف سے صوبے کی ترقی کی ذمہ داری دی گئی ہے، وہ جلسوں، احتجاجوں ، دھرنوں میں خیبر پختونخوا کے خزانے کا پیسہ لٹا رہے ہیں،عوامی مسائل کا حل انکی ترجیح نہیں ہے. خیبر پختونخوا کی عوام کو سڑکوں کی بہتر حالت، صحت کے بہتر نظام اور تعلیم کے شعبے میں ترقی کی ضرورت ہے۔ لیکن اس کے بجائے، علی امین گنڈا پور عمران خان کی رہائی کا نعرہ لگا کر اور دھمکیاں دے کر اپنی سیاست کر رہے ہیں، وفاق کو دھمکیاں دینا علی امین گنڈا پور کی مستقل پالیسی بن چکی ہے جو خطرناک ہے، یہی وجہ ہے کہ عوام پی ٹی آئی کو اب مسترد کر چکی، جلسے کی ناکامی، پارٹی کے اندر کی لڑائیاں، اور پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی ناکامیوں نے عوام کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ اس جماعت کا ایجنڈا صرف اور صرف ذاتی مفادات پر مبنی ہے، نہ کہ ملک کی ترقی اور عوام کی بھلائی کے لیے۔خیبر پختونخوا کے عوام ترقی اور استحکام چاہتے ہیں، نہ کہ انتشار اور سیاسی لڑائیاں۔ وہ چاہتے ہیں کہ حکومت ان کے مسائل حل کرے، نہ کہ سیاسی نعروں میں وقت ضائع کیا جائے۔ پی ٹی آئی کا ایجنڈا اب عوام کے مفاد میں نہیں ہے، اور یہی وجہ ہے کہ عوام نے اس جماعت کو مسترد کر دیا ہے۔

  • ٹرمپ پالیسیوں نے خطرے کی گھنٹی بجادی،چوکنا رہنا ہوگا.تجزیہ:شہزاد قریشی

    ٹرمپ پالیسیوں نے خطرے کی گھنٹی بجادی،چوکنا رہنا ہوگا.تجزیہ:شہزاد قریشی

    پاکستان میں مسخرے پن کی سیاست نے اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا،بھانت بھانت کی بولیاں
    دنیا بھر میں بدلتی صورتحال پر پاکستان کیلئے زیادہ احتیاط کی ضرورت،سب ایک ہوجائیں
    تجزیہ شہزاد قریشی
    بین الاقوامی بدلتی ہوئی پالیسیوں کے پیش نظر پاکستان کو چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔ سیاسی گلیاروں میں مسخر ے پن کی حدوں کو کراس کرنے والوں کی اکثریت میں اضافہ ہو چکاہے۔ لہذا ذمہ داران ریاست کو بہت ہی زیادہ چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان خطے کا ایک انتہائی ملک ہے۔ بین الاقوامی پالیسیاں بالخصوص نئے امریکی صدر ٹرمپ کے تابڑ توڑ فیصلوں سے عالمی سیاست میں ہلچل سی پیدا کردی ہے۔ امریکی صدر کے فیصلوں کااثر دنیا کے کئی ملکوںپر پڑنے والا ہے۔ جس سے کشیدگی کا ماحول پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ایران کو دھمکی دے دی گئی ہے۔ بھارت کی مثال لے لیں ،ٹرمپ کی کامیابی پر بھارتی میڈیا ڈھول کی تھاپ پر ناچنے کے مترادف اُچھل رہا تھا۔ ٹرمپ اور مودی کی دوستی کے چرچے ہو رہے تھے مگر ایسا کچھ نہیں ہوا ۔ امریکہ سے غیر قانونی بھارتی شہریوں کو پکڑ پکڑ کرنکالا جا رہا ۔ ابھی مودی حکومت جو روس اور دیگر ممالک کے ساتھ مل کر برکس میں شامل ہوا تھا۔ ٹرمپ انتظامیہ اسکا بھی بھارت سے جواب طلبی کرنے والا ہے ۔ غزہ میں جنگ بندی تو ہو گئی ہے تاہم مشرق وسطی کے حالات ہمارے سامنے ہیں۔ روس اور یو کرین کا کیا ہوگا ان دنیا کے بدلتے ہوئے حالات پر اور امریکی سیاست نے جو انگڑائی لی ہے اس سلسلے میں سردست کچھ لکھنے کی گنجائش نہیں۔ پاکستان میں نفرت کی سیاست میں اضافہ ہورہا ہے ۔ سوال یہ ہے کہ موجودہ دور کی نفرت کی سیاست میں ملک وقوم کا خیر خواہ کون ہے؟ موجودہ نفرت کی سیاست میں اور بین الاقوامی بدلتی پالیسیوں کو دیکھ کر پاک فوج اور جملہ اداروں پر ملک وقوم کی حفاظت ان کی سلامتی بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ امریکہ نے چین ،کینیڈا، میکسیکواور دوسرے ممالک پر ٹیرف لگا کر ایک نیا پنڈورہ بکس کھول دیا ہے۔ اس کے اثرات عالمی معیشت پر پڑیں گے ۔ ادھر یورپی یونین ایک نیا اقتصادی ماڈل بنا رہا ہے ۔ بین الاقوامی حالات اور پالیسیوں کے موجودہ دور میں فہم فراست اور سوجھ بوجھ کا مظاہرہ کیا جائے۔ سیاستدان مسخرے پن کی سیاست سے باہر نکل کر ملکی مفاد کو مد نظر رکھ کر سیاست کریں۔ پاک فوج اور جملہ اداروں کے بارے میں افوا ہ سازی سے گریز کریں ۔

    یادرکھیئے اداروں کو بقا اور شخصیات کوفناحاصل ہے جس ملک میں ادارے مضبوط ہوں وہاں فیوڈل روئیے دم توڑ دیتے ہیں جہاں فیوڈل نفسیات غالب ہوں وہاں اداروں کے لئے آکاس بیل بنی رہتی ہےنہ خودبرگ و آب ہوتی ہے اور نہ کسی کو ثمر آور ہونے دیتی ہے۔بین الاقوامی اُفق پر تیزی سے رونما ہونے والی تبدیلیوں کے تناظر میں سیاستدانوں اور پالیسی سازوں کو زمانہ حاضر کے مطابق ترجیحات اور اہداف مقررکرنا ہو

  • "بولنا منع ہے!” .تحریر: اعجازالحق عثمانی

    "بولنا منع ہے!” .تحریر: اعجازالحق عثمانی

    کہتے ہیں کہ قانون سب کے لیے برابر ہوتا ہے، لیکن ہمارے ہاں انصاف و قانون کی تعریف ذرا مختلف ہے۔ یہاں قانون طاقتور کے لیے سہولت، اور کمزور کے لیے سزا ہوتا ہے۔ ابھی چند دن پہلے کی بات ہے، حکومت نے ایک اور کمال کاریگری دکھاتے ہوئے پیکا ایکٹ متعارف کرایا، جس کا سادہ مطلب یہ ہے کہ حکومت جو کہے، وہی سچ ہے، اور جو عام عوام کہے، وہ جھوٹ، پروپیگنڈہ اور فتنہ پروری۔ یعنی اگر آپ کہیے کہ ملک میں سب اچھا نہیں، تو آپ کو گرفتار کیا جا سکتا ہے،لیکن اگر کوئی سرکاری ترجمان کہے کہ ملک میں دودھ اور شہد کی نہریں بہہ رہی ہیں، تو اس پر چپ چاپ یقین کرلینا ہے۔ کیونکہ بولنا منع ہے۔

    دوسری طرف، حکومت نے ایک اور انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے یہ سوچا ہے کہ پنجاب میں بھکاریوں پر پابندی لگا دی جائے۔ گویا ملک میں غربت ختم ہو چکی ہے، بس ایک مسئلہ باقی تھا کہ سڑکوں پر بیٹھے یہ لوگ جو بھوک سے مجبور ہو کر ہاتھ پھیلا رہے ہیں، انہیں جیل میں ڈال کر غربت کو ہمیشہ کے لیے ختم کر دیا جائے۔ یعنی مسئلہ غربت نہیں، بلکہ غربت کا نظر آنا ہے!

    یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر یہ قوانین بناتے کون ہیں؟ یقیناً وہی لوگ جو خود عوام کے پیسوں پر عیاشیاں کرتے ہیں، ان کے ٹیکسوں سے چلنے والے ایوانوں میں بیٹھ کر ایسی پالیسیاں بناتے ہیں جو عام آدمی کی زندگی مزید اجیرن بنا دیتی ہیں۔ اگر بھکاریوں پر پابندی لگانی ہے، تو کیا ملک کے وہ "اعلیٰ درجے” کے بھکاری بھی اس میں شامل ہوں گے جو بیرون ملک سے قرضے مانگ کر ملک کو گروی رکھ دیتے ہیں؟ یا یہ قانون صرف عام عوام کے لیے ہے؟

    پیکا ایکٹ کی سب سے بڑی خاصیت یہ ہے کہ اب صرف وہی خبر معتبر ہوگی جو حکومت کی نظر میں قابلِ قبول ہو۔ اگر آپ نے کچھ ایسا لکھ دیا جو حکمرانوں کے مزاج کے خلاف ہوا، تو سیدھا جیل کی سیر کرنی ہوگی۔ اب اگر کوئی کہے کہ مہنگائی ناقابلِ برداشت حد تک بڑھ چکی ہے، تو یہ افواہ ہوگی۔ اگر کوئی کہے کہ لوگ فاقے کر رہے ہیں، تو یہ ریاست مخالف بیانیہ ہوگا۔ اور اگر کسی نے لکھ دیا کہ "حکومت نااہل ہے”، تو یہ یقیناً ریاست کے خلاف سازش تصور ہوگا۔یعنی اب عوام کی مرضی کی رائے نہیں چلے گی، صرف حکومت کی پسندیدہ رائے ہی سچ ہوگی۔ اگر سرکاری میڈیا کہے کہ ملک میں سب اچھا ہے، تو آپ کو ماننا پڑے گا۔ اگر حکومتی وزرا بیان دیں کہ مہنگائی کم ہو گئی ہے، تو آپ کو اپنے خالی ہاتھ اور خالی جیب کو نظرانداز کرنا ہوگا۔ اور اگر کوئی صحافی یا عام شہری حکومت کی پالیسیوں پر سوال اٹھائے گا، تو وہ ریاست مخالف، ملک دشمن، یا کسی غیر ملکی ایجنڈے پر کام کرنے والا قرار پائے گا۔

    یہ قانون ایک طرح سے اس خیال کو عملی جامہ پہنا رہا ہے کہ "عوام کو وہی دیکھنا اور سننا چاہیے جو حکومت انہیں دکھانا اور سنوانا چاہتی ہے۔” گویا جمہوریت اب بس ایک دکھاوا ہے، اصل طاقت وہی ہے جو چند طاقتور افراد کے ہاتھ میں ہے۔

    بھکاریوں پر پابندی لگانے کا قانون بھی ایک انوکھا تماشا ہے۔ حکومت کا خیال ہے کہ اگر سڑکوں پر بیٹھے فقیر نظر نہیں آئیں گے، تو غربت خودبخود ختم ہو جائے گی۔ بھئی، کوئی ان عقل کے اندھوں کو سمجھائے کہ غربت کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے معیشت کو بہتر بنانا پڑتا ہے، روزگار کے مواقع فراہم کرنے پڑتے ہیں، نہ کہ ان غریبوں کو پولیس کے حوالے کر دینا ہوتا ہے۔

    اگر حکومت واقعی سنجیدہ ہوتی، تو سب سے پہلے وہ یہ دیکھتی کہ ملک میں لاکھوں لوگ خطِ غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔ کئی خاندان ایسے ہیں جو اپنے بچوں کو اسکول بھیجنے کے بجائے چوراہوں پر بھیک منگوانے پر مجبور ہیں۔ ان بچوں کے پاس تعلیم، صحت اور روزگار کا کوئی ذریعہ نہیں، اس لیے وہ مانگنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ لیکن ان کے لیے کوئی پالیسی بنانے کے بجائے حکومت نے آسان راستہ اختیار کیا،بھیک مانگنے پر ہی پابندی لگا دو، مسئلہ خود حل ہو جائے گا!

    یہاں ایک سوال یہ بھی اٹھتا ہے کہ کیا واقعی یہ قانون پیشہ ور بھکاریوں کے لیے ہے؟ یا پھر اس کے ذریعے ان لوگوں کو نشانہ بنایا جائے گا جو حقیقتاً مجبور ہیں؟ پاکستان میں کئی ایسے گروہ موجود ہیں جو بھکاریوں کے نام پر مافیا چلا رہے ہیں، بچوں کو اغوا کر کے ان سے زبردستی بھیک منگوائی جاتی ہے۔ لیکن کیا یہ قانون ان مافیاز کے خلاف استعمال ہوگا؟ یا پھر صرف سڑک کنارے بیٹھے اس بوڑھے شخص کے خلاف، جو دو وقت کی روٹی کے لیے لوگوں کے آگے ہاتھ پھیلا رہا ہے؟
    اب اگر ہم یہ دیکھیں کہ ہمارے حکمران عوام کے لیے کتنے سنجیدہ ہیں، تو ایک اور دلچسپ حقیقت سامنے آتی ہے۔ جب بات اپنی تنخواہوں اور مراعات بڑھانے کی ہو، تو حکومت اور اپوزیشن ایک پیج پر آ جاتی ہے۔ ان کے بل چند منٹوں میں منظور ہو جاتے ہیں، کسی کو کوئی اختلاف نہیں ہوتا۔ لیکن جب عوام کی فلاح کے لیے کوئی پالیسی بنانے کی بات آتی ہے، تو یہی سیاستدان ایک دوسرے کی مخالفت شروع کر دیتے ہیں۔
    یہ وہی لوگ ہیں جو کروڑوں روپے مالیت کی گاڑیوں میں سفر کرتے ہیں، مگر عوام کو کہتے ہیں کہ صبر کرو، قربانی دو، اور حب الوطنی کا ثبوت دو۔ ان کے اپنے گھروں میں دنیا کی ہر سہولت موجود ہے، ان کے بچوں کے لیے بہترین تعلیمی ادارے ہیں، ان کے علاج کے لیے سرکاری خزانے سے لاکھوں روپے خرچ کیے جاتے ہیں، لیکن عوام کے لیے نہ صحت کی کوئی سہولت ہے، نہ تعلیم، نہ روزگار۔

    یہ وہی لوگ ہیں جو اپنے کتوں کے لیے بھی خصوصی خوراک درآمد کرواتے ہیں، لیکن عوام کو روٹی بھی مشکل سے نصیب ہوتی ہے۔ جنہیں دو وقت کا کھانا میسر نہیں، انہیں یہ لوگ سمجھاتے ہیں کہ حب الوطنی کا تقاضا ہے کہ وہ اپنی ضروریات کم کر دیں۔ سوال یہ ہے کہ قربانی ہمیشہ غریب ہی کیوں دے؟ حکمران اپنی عیاشیوں میں کمی کیوں نہیں کرتے؟ خیر بات کسی اور طرف چل نکلی ہے۔یہ دونوں قوانین پیکا ایکٹ اور بھکاریوں پر پابندی۔۔۔۔۔۔درحقیقت اس سوچ کی عکاسی کرتے ہیں کہ پاکستان میں قوانین بنانے کا مقصد عوام کی زندگی آسان بنانا نہیں، بلکہ ان پر مزید دباؤ ڈالنا ہے۔ پیکا ایکٹ کے ذریعے حکومت نے یہ واضح کر دیا کہ آزادیٔ اظہار صرف طاقتوروں کے لیے ہے، اور بھکاریوں پر پابندی کے قانون کے ذریعے یہ ثابت کیا جا رہا ہے کہ غربت کو ختم کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ غریبوں کو جیل میں ڈال دیا جائے۔

    اصل مسئلہ یہ نہیں کہ بھکاریوں پر پابندی لگانی چاہیے یا نہیں، بلکہ اصل مسئلہ یہ ہے کہ ملک میں غربت کی وجوہات ختم کیے بغیر صرف بھیک مانگنے پر پابندی لگانا سراسر ظلم ہے۔ اور یہی حال پیکا ایکٹ کا ہے۔ اگر حکومت واقعی صحافت اور سوشل میڈیا پر جھوٹی خبروں کو روکنا چاہتی ہے، تو اسے شفاف نظام بنانا ہوگا، نہ کہ ایسا قانون جس سے سچ بولنے والوں کی زبان بندی کی جائے۔

    لیکن ہوگا تو وہی جو "وہ” چاہیں گے۔ہمیں سمجھنا ہوگا کہ جب تک حکمران عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے اپنی طاقت کو مزید مضبوط کرنے میں لگے رہیں گے، تب تک یہی صورتحال رہے گی۔ جو سوال کرے گا، وہ مجرم ٹھہرے گا۔ جو بھوکا ہوگا، وہ قید میں جائے گا۔ اور جو حکمران ہوگا، وہ ہمیشہ دودھ اور شہد کی نہروں میں نہاتا رہے گا۔ یہی ہے پاکستان میں قوانین کا تلخ مگر اصل چہرہ ہے…

  • بتی چلی گئی،بتی آگئی،توہاڈا بل کتنا آیا،گیس آرہی یا نہیں،یہ ہیں قوم کے دکھ۔ تجزیہ : شہزاد قریشی

    بتی چلی گئی،بتی آگئی،توہاڈا بل کتنا آیا،گیس آرہی یا نہیں،یہ ہیں قوم کے دکھ۔ تجزیہ : شہزاد قریشی

    دنیا مریخ پر گھر بنانے میں مصروف،ہمیں خوشامدی لے ڈوبے
    خوشامد کے جراثیم سیاست کا حصہ،سائیکل پر آیا سیاسی کار بنگلے کا مالک بن گیا
    ذرا نہیں پورا سوچئے احکامات خداوندی اور سیرت النبیﷺ پر کتنا عمل ہورہا
    ملکی قرض آسمان پر پہنچ جائے دینا قوم نے ہی ہے،لینے والے ذمہ دار نہیں
    تجزیہ،شہزاد قریشی
    دنیا کہاں سے کہاں پہنچ گئی ہم وہ بدنصیب قوم ہیں آج تک گیس چلی گئی ،گیس آ گئی ، بجلی چلی گئی ،بجلی آگئی،ہر سو انتشار ہی انتشار ، ذاتی مفادات ،اقربا پروری ، علم اور عمل سے دور،علم اور عمل والوں کی قدر نہیں، خوشامد ایک ایسا ہنر ہے جس سے سب کو کاٹا جا سکتا ہے جو تیز دھار تلواروں سے کٹ سکے،انہیں خوشا مد اور قصیدہ خوانی نے بام عروج پر پہنچا دیا زمانہ ہی خوشامد خوروں کا ہے؟اگرسیاست کی بات کی جائے تو غربت سیاسی گلیاروں میں نہیں ہوتی ، بے روزگاری ،سیاسی گلیاروں میں نہیں دیکھی جا سکتی ، نہ کبھی نظر آئی ، ریاست کے سارے وسائل اس سیاست کی دسترس میں ہوتے ہیں، قرضے جتنے بھی بڑھ جائیں وہ عوام نے اُتارنے ہیں، سیاسی گلیاروں میں دیکھاجائے تو سیاستدانوں کی اکثریت اپنے آپ کو ملائکہ کرام کہلوانے میں ایڑی چوٹی کا زور لگادیتی ہے، دنیا بھرمیں جمہوریت ،جمہور کی خدمت ہے ریاستی مفادات میں ہماری جمہوریت ذاتی مفادات،اقربا پروری ،جھوٹ ، فریب ،دھوکے ، خوشامد پر قائم ہے،مفاد پرستی کی سیاست نے اتنے پَر پھیلائے کہ فوج محفوظ نہ عدلیہ،ان حالات میں سیاسی عدم استحکام نہ ہو تو کیا ہو، ایک طرف آئین کھڑا ہے وہ اپنی بے بسی کا رونا رو رہا ہے،معیشت کا حال تو مت پوچھیئے وہ اس وقت کہاں کھڑی ہے خود ساختہ خوشحالی کے قصے اور کہانیاں سنانے والے سنا رہے ہیں،المیہ یہ ہے کہ عوام ان مفادات پرست سیاستدانوں کو مسیحا اور ہیرو مانتی ہے، کل تک 1980 ء میں جن کے پاس موٹر سائیکل اور سائیکل تھی آج اُن کے پوش علاقوں میں محل نما گھر ، پلازے ، مارکیٹیں ، کروڑوں روپے کی گاڑیاں کہاں سے آگئیں ؟سیاسی جماعتوں میں خود ساختہ ا یسے رہنمائوں کو میں جانتا ہوں جن کو اپنا راستہ معلوم نہیں وہ قوم یا اپنے حلقے کےعوام کو کیسے راستہ دکھائیں گے یا رہنمائی کریں گے، کہیں فکر اسلام کی باتیں ہوتی ہیں،لیکن اسلامی مملکت میں احکامات خدا وندی سیرت النبی ؐ پر کتنا عمل کیا جاتا ہے ؟ عدل وانصاف کی بات کی جائے تو آج بھی جسٹس رانا بھگوان داس ،جسٹس کارنولیئس،جسٹس دراب پٹیل کا نام سنہری الفاظ میں یاد کیا جاتا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمارے سیاستدانوں اور عوام کو رائٹ مین فار جاب حقیقت پسندی اور اخلاص کے پیمانوں پر شخصیات کو تولہ جائے اور شعبہ ہائے زندگی میں مثبت تبدیلیاں لانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ قوم کی تعمیر اور ترقی کا سفر جاری ہو سکے۔

  • "ٹرمپ کی واپسی،امریکی سیاست اور عالمی منظرنامے پر اثرات”تحریر:اعجازالحق عثمانی

    "ٹرمپ کی واپسی،امریکی سیاست اور عالمی منظرنامے پر اثرات”تحریر:اعجازالحق عثمانی

    دنیا کے سیاسی نقشے پر امریکہ کی اہمیت اور اس کے فیصلوں کی گونج کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ جب ڈونلڈ ٹرمپ جیسی شخصیت دوبارہ امریکی صدارت کی گدی پر بیٹھتی ہے، تو دنیا کے کئی ملکوں کے سیاسی و معاشی نظاموں پر لرزہ طاری ہو جاتا ہے۔ 20 جنوری 2025 کو ٹرمپ کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد ایک نئی داستان لکھی جا رہی ہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا یہ داستان کامیابی اور امن کی ہوگی یا تنازعات اور مشکلات کی؟

    ڈونلڈ ٹرمپ کی سیاسی حکمت عملی کا بنیادی اصول ان کے معروف نعرے "امریکہ فرسٹ” میں مضمر ہے۔ وہ اپنی مہم میں ہمیشہ یہ تاثر دیتے رہے ہیں کہ امریکہ کو باقی دنیا سے کوئی لینا دینا نہیں، بلکہ اسے اپنے مفادات کو مقدم رکھنا چاہیے۔ اسی فلسفے کے تحت انہوں نے 2016 میں صدارت کا منصب سنبھالنے کے بعد کئی عالمی معاہدوں سے امریکہ کو نکال دیا، جن میں پیرس ماحولیاتی معاہدہ اور ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ شامل تھے۔ یہی فلسفہ ان کے دوسرے دور اقتدار میں بھی غالب نظر آتا ہے۔ ٹرمپ کا ارادہ ہے کہ وہ امریکہ کی معاشی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدام کریں، چاہے اس سے ماحولیات، انسانی حقوق، یا عالمی تعلقات پر کتنا ہی برا اثر پڑے۔ ان کی پالیسیوں کے مطابق امریکہ کا سب سے بڑا دشمن غیر ملکی مداخلت، امیگریشن، اور صنعتی معیشت پر لگائی گئی قدغنیں ہیں۔ ٹرمپ کے پہلے دور حکومت میں ان کی امیگریشن پالیسی نے دنیا بھر میں شہرت حاصل کی۔ میکسیکو کے ساتھ سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کا اعلان ان کی سب سے متنازع اور پہچانی جانے والی پالیسی تھی۔ یہ دیوار محض ایک تعمیراتی منصوبہ نہیں، بلکہ ٹرمپ کی سیاست کا علامتی مظہر تھی۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ تقریباً دو ہزار میل طویل سرحد پر وہ محض ساڑھے چار سو میل کی دیوار بنا سکے۔ کانگرس اور عدلیہ کی مخالفت نے اس منصوبے کو مکمل طور پر ناکام کر دیا۔ اب دوسرے دور اقتدار میں ٹرمپ اس منصوبے کو دوبارہ زندہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، ساتھ ہی وہ لاکھوں غیر قانونی تارکین وطن کو ڈی پورٹ کرنے کی دھمکی دے رہے ہیں۔

    ٹرمپ کی ماحولیاتی پالیسی کا خلاصہ یہ ہے کہ وہ صنعتی ترقی کو کسی بھی قیمت پر روکنا نہیں چاہتے۔ پیرس معاہدے سے نکلنے کا ان کا فیصلہ عالمی ماحولیات کے تحفظ کی کوششوں کے لیے ایک دھچکا تھا۔ ٹرمپ کا دعویٰ ہے کہ ماحولیات کے حوالے سے عائد کردہ قوانین امریکی معیشت پر غیر ضروری بوجھ ہیں۔ وہ گیس اور تیل کی پیداوار کو بڑھانے اور توانائی کے متبادل ذرائع پر انحصار کم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ لیکن ماہرین کے مطابق یہ پالیسی طویل مدت میں امریکہ اور دنیا دونوں کے لیے نقصان دہ ہوگی۔ بڑھتا ہوا ماحولیاتی بحران اور قدرتی وسائل کا بے دریغ استعمال عالمی معیشت اور ماحول کو غیر مستحکم کر سکتا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے عالمی تعلقات کا انداز روایتی سفارت کاری سے بالکل مختلف ہے۔ وہ اقوام متحدہ اور نیٹو جیسے اداروں کو غیر ضروری قرار دے چکے ہیں اور چین، روس، اور ایران جیسے ملکوں کو کھلے عام تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔ ٹرمپ کی پالیسی کا ایک بڑا امتحان مشرق وسطیٰ اور ایشیا میں ہوگا۔ ایران کے ساتھ تعلقات پہلے ہی خراب ہیں، اور ٹرمپ کی پالیسی انہیں مزید بگاڑ سکتی ہے۔ اسی طرح چین کے ساتھ تجارتی جنگ اور روس کے ساتھ تعلقات کی غیر یقینی صورتحال بھی ان کے لیے ایک چیلنج ہے۔

    ٹرمپ کا دعویٰ ہے کہ وہ امریکی معیشت کو دوبارہ عظیم بنائیں گے۔ ان کے دور میں امریکی اسٹاک مارکیٹ میں اضافہ دیکھنے کو ملا، لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کی پالیسیوں کا طویل مدتی اثر نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ ٹیکس میں کمی،غیر ضروری اخراجات، اور صنعتی قوانین میں نرمی امریکی معیشت کو عارضی طور پر فائدہ پہنچا سکتے ہیں، لیکن قرضوں کا بوجھ بڑھنے اور اقتصادی عدم توازن کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ ٹرمپ کی سیاست کا ایک تاریک پہلو ان کا انتقامی رویہ ہے۔ 6 جنوری 2021 کو کانگرس پر حملے کے بعد ان کے حامیوں کو مقدمات کا سامنا کرنا پڑا، لیکن اب ٹرمپ نےان افراد کو معاف کر دیا۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ اپنے سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانے کے لیے نئے قوانین اور احکامات جاری کر سکتے ہیں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کی دوبارہ صدارت امریکی جمہوریت کے لیے ایک کڑا امتحان ثابت ہو سکتی ہے۔ ان کی پالیسیاں نہ صرف داخلی بلکہ خارجی سطح پر بھی تنازعات کو ہوا دے سکتی ہیں۔ اگرچہ ان کے حامی انہیں ایک مضبوط لیڈر کے طور پر دیکھتے ہیں، لیکن ان کے ناقدین کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کا طرز حکمرانی جمہوریت کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے۔ یہ کہنا مشکل ہے کہ آنے والے چار سالوں میں ٹرمپ دنیا میں کتنی بڑی تبدیلی لا سکیں گے، لیکن ایک بات طے ہے کہ ان کا دوسرا دور اقتدار امریکہ اور دنیا دونوں کے لیے چیلنجز کا باعث بنے گا

  • مریم نواز کا کھیلتا پنجاب پروگرام .تحریر:شاہد نسیم چوہدری

    مریم نواز کا کھیلتا پنجاب پروگرام .تحریر:شاہد نسیم چوہدری

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کھیلتا پنجاب گیمز 2025 کے ڈویژنل مقابلے جیتنے والے 2200 کھلاڑی لڑکے، لڑکیوں کے لیے مفت ای بائیکس کا اعلان کیا،جوکہ نہایت خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیتنے والے کھلاڑیوں کو ہارس اینڈ کیٹل شو میں بھی مفت داخلے کی اجازت ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا، "میں پنجاب کے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر جیتتے دیکھنا چاہتی ہوں۔” وزیراعلیٰ نے کہا کہ چیمپئنز کو صرف اپنی کھیلوں کی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی اور ملک میں افراتفری اور بدامنی پھیلانے کے لیے شرپسندوں کے ہاتھوں گمراہ نہیں ہونا چاہیے، اگر کوئی آپ سے ملک میں انتشار پھیلانے کا کہے تو نوجوان توجہ نہ دیں۔ اگر کوئی آپ سے رینجرز کو مارنے، میٹرو بس کو جلانے، پیٹرول بم پھینکنے کے لیے کہے، تو آپ کو صاف صاف انکار کر دینا چاہیے۔ صرف تعلیم حاصل کریں تاکہ ترقی کریں۔اس راست پر چلانے والے آپ کے دوست ہیں، جو ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں اور آپ کو اپنا حصہ بننے پر آمادہ کرتے ہیں وہ آپ کے دوست نہیں بلکہ دشمن ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو بھی آپ کو اپنے ملک کو آگ لگانے پر اکساتا ہے، اداروں پر حملہ کرنے کا کہتا ہے وہ آپ کا سب سے بڑا دشمن ہے، صرف پاکستان کو سب کی ‘ریڈ لائن’ ہونا چاہیے، وطن عزیز کے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھایا جانا چاہیے۔ پاکستان کی ترقی اور صرف ترقی ہوگی۔ انشاالله

    کھیلوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر کامیابی حاصل کرتے دیکھنا ان کا خواب ہے۔ حکومت کی جانب سے کھلاڑیوں کو مفت ای بائیکس فراہم کرنا ایک ایسا عملی اقدام ہے جو نوجوانوں کو نقل و حرکت میں آسانی فراہم کرے گا اور انہیں اپنے کھیل پر زیادہ توجہ دینے میں مدد دے گا۔مریم نواز نے یہ بھی اعلان کیا کہ جیتنے والے کھلاڑیوں کو ہارس اینڈ کیٹل شو میں مفت داخلے کی سہولت دی جائے گی۔ اس سے نہ صرف ان کھلاڑیوں کی عزت افزائی ہوگی بلکہ انہیں مزید مواقع ملیں گے تاکہ وہ معاشرتی اور ثقافتی سرگرمیوں کا حصہ بن سکیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے نوجوانوں کو واضح پیغام دیا کہ وہ صرف اپنی تعلیم اور کھیلوں پر توجہ دیں اور کسی بھی ایسے عناصر کے جھانسے میں نہ آئیں جو انہیں ملک میں انتشار اور بدامنی کی طرف لے جائے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک تاریخی اعلان کیا ہے۔

    "کھیلتا پنجاب گیمز 2025” کے ڈویژنل مقابلے جیتنے والے 2200 کھلاڑیوں کے لیے مفت ای بائیکس دینے کا فیصلہ ایک ایسا اقدام ہے جو نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرے گا اور انہیں مزید محنت کرنے کی ترغیب دے گا۔کھیلوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر کامیابی حاصل کرتے دیکھنا ان کا خواب ہے۔ حکومت کی جانب سے کھلاڑیوں کو مفت ای بائیکس فراہم کرنا ایک ایسا عملی اقدام ہے جو نوجوانوں کو نقل و حرکت میں آسانی فراہم کرے گا اور انہیں اپنے کھیل پر زیادہ توجہ دینے میں مدد دے گا۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کا یہ اقدام ظاہر کرتا ہے کہ وہ نوجوانوں کی فلاح و بہبود کو اپنی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل کر چکی ہیں۔

    مفت ای بائیکس کی فراہمی، کھیلوں کے لیے اضافی بجٹ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کا پیغام—یہ تمام فیصلے اس بات کا ثبوت ہیں کہ پنجاب حکومت نوجوان نسل کو ایک روشن اور محفوظ مستقبل فراہم کرنا چاہتی ہے۔یہ اقدامات نہ صرف کھیلوں کو فروغ دیں گے بلکہ نوجوانوں میں حب الوطنی اور مثبت سوچ کو بھی پروان چڑھائیں گے، جو ایک ترقی یافتہ اور مستحکم پاکستان کی جانب اہم قدم ہے۔۔”یہ پیغام نوجوانوں کو ایک صاف اور مثبت راہ دکھانے کے لیے دیا گیا ہے، تاکہ وہ اپنی توانائیاں منفی سرگرمیوں میں ضائع کرنے کے بجائے اپنے مستقبل کی بہتری کے لیے استعمال کریں۔یہ تمام فیصلے اس بات کا ثبوت ہیں کہ پنجاب حکومت نوجوان نسل کو ایک روشن اور محفوظ مستقبل فراہم کرنا چاہتی ہے۔یہ اقدامات نہ صرف کھیلوں کو فروغ دیں گے بلکہ نوجوانوں میں حب الوطنی اور مثبت سوچ کو بھی پروان چڑھائیں گے، جو ایک ترقی یافتہ اور مستحکم پاکستان کی جانب اہم قدم ہے۔

  • پیکا ترمیمی ایکٹ ،صحافی برادری سڑکوں پر،تحریر: جان محمد رمضان

    پیکا ترمیمی ایکٹ ،صحافی برادری سڑکوں پر،تحریر: جان محمد رمضان

    پاکستان میں حالیہ دنوں میں حکومت نے پیکا ترمیمی ایکٹ میں تبدیلیوں کی منظوری دی، جس کے بعد صحافیوں اور میڈیا تنظیموں نے اس پر شدید اعتراض کیا۔ اس قانون کی منظوری کے خلاف ملک بھر میں یوم سیاہ منایا گیا۔ اس احتجاج کا مقصد حکومت کے اس اقدام کو مسترد کرنا تھا، جو صحافتی آزادی اور اظہار رائے کے حق پر ضرب لگانے کے مترادف قرار دیا جا رہا تھا۔ پیکا ایکٹ کا مقصد سائبر کرائمز اور آن لائن جرائم کے خلاف اقدامات کیے جا سکیں۔ اس کے تحت سوشل میڈیا اور دیگر الیکٹرانک ذرائع پر کسی بھی قسم کے ہتک عزت، جھوٹے مواد یا ریاستی اداروں کی بدنامی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔ تاہم، اس قانون میں حالیہ ترمیمیں مزید سخت اور وسیع کی گئی ہیں، جس کے باعث صحافتی حلقوں میں اس کے خلاف شدید ردعمل سامنے آیا۔

    پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کی اپیل پر، مختلف صحافتی تنظیموں نے جمعہ کو یوم سیاہ کے طور منایا۔ اس دن کے دوران پاکستان کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے، جن میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ، سکھر، کندھکوٹ، جیکب آباد اور دیگر بڑے شہر شامل تھے۔ صحافتی تنظیموں کے نمائندگان اور میڈیا کارکنان اس احتجاج کا حصہ بنے اور اس قانون کی مخالفت کی۔اسلام آباد میں یوم سیاہ کے سلسلے میں نیشنل پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر صحافیوں نے سیاہ پرچم لہرائے اور پیکا ترمیمی ایکٹ کے خلاف نعرے بازی کی۔ اس احتجاج میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے نمائندگان، آر آئی یو جے (اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس)، اور دیگر صحافتی تنظیموں کے افراد نے شرکت کی۔ نیشنل پریس کلب پر سیاہ پرچم لہرا کر اس احتجاج کا اظہار کیا گیا۔لاہور پریس کلب میں بھی یوم سیاہ کی تقریب منعقد کی گئی، جس میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سیکرٹری جنرل ،صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے قیادت کی، اس احتجاج میں سی پی این ای، پی بی اے، ایمنڈ، اے پی این ایس، پی یوجے، لاہور پریس کلب، پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی اور دیگر صحافتی تنظیموں کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔ارشد انصاری نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیکا ترمیمی ایکٹ ایک کالا قانون ہے جو صحافتی آزادی کو چھیننے کے مترادف ہے۔ انہوں نے اس قانون کے پیچھے حکومت کے غیر جمہوری اقدامات کو بے نقاب کیا اور اس پر زور دیا کہ حکومت اس قانون کو واپس لے۔ اس قانون کے ذریعے حکومت مخالف آوازوں کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    پیکا ترمیمی ایکٹ میں کی گئی تبدیلیوں پر صحافتی تنظیموں کا کہنا ہے کہ یہ قانون صحافیوں کے لیے ایک خطرہ بن چکا ہے۔ ان کے مطابق، یہ قانون آزادی اظہار رائے اور صحافت کے حق کو متاثر کرتا ہے۔ صحافیوں کا ماننا ہے کہ یہ قانون سوشل میڈیا پر تنقید کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے لیے استعمال ہو سکتا ہے، جو کہ ایک جمہوری معاشرت کے لیے خطرناک ہے۔اس قانون کے ذریعے حکومت مخالف آوازوں کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس سے نہ صرف میڈیا کی آزادی متاثر ہوگی بلکہ عوام کی آواز بھی خاموش کر دی جائے گی۔

    یوم سیاہ کے اس احتجاجی مظاہرے کے بعد صحافی تنظیموں نے حکومت پر دباؤ ڈالنا شروع کر دیا ہے کہ وہ اس متنازعہ ترمیمی ایکٹ کو واپس لے اور صحافت کی آزادی کو یقینی بنائے۔ صحافتی تنظیمیں اس بات پر زور دے رہی ہیں کہ آزادی اظہار رائے اور صحافت کی آزادی کسی بھی جمہوری معاشرت کا بنیادی ستون ہے، جسے ہر صورت میں محفوظ رکھا جانا چاہیے۔پیکا ترمیمی ایکٹ کی منظوری کے خلاف صحافیوں کا احتجاج اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان میں صحافتی آزادی کو لے کر ایک سنگین بحران پیدا ہو چکا ہے۔ حکومت کے اس متنازعہ اقدام کے خلاف صحافتی تنظیموں کی جدوجہد اب ایک بڑے قومی مسئلے کی صورت اختیار کر چکی ہے، جس کا اثر نہ صرف صحافیوں پر پڑے گا بلکہ پورے ملک میں جمہوریت اور آزادی اظہار پر بھی اس کے سنگین نتائج مرتب ہو سکتے ہیں۔صحافتی تنظیمیں اپنے احتجاج کو مزید بڑھا کر حکومت پر دباؤ ڈال رہی ہیں تاکہ اس قانون کو واپس لیا جائے اور میڈیا کی آزادی کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ پاکستان کے عوام، خاص طور پر میڈیا کارکنان، اپنے حقوق کی جنگ لڑنے کے لیے ایک ہو چکے ہیں اور اس جدوجہد میں ان کی کامیابی کے امکانات روشن ہیں

    jaan

  • پیکاایکٹ، کیا آزادی صحافت کو دبانے کی کوشش ہے؟تجزیہ:شہزاد قریشی

    پیکاایکٹ، کیا آزادی صحافت کو دبانے کی کوشش ہے؟تجزیہ:شہزاد قریشی

    پیکا او پیکا تیری کون سی کل سیدھی۔ پارلیمنٹ ہائوس میں جمہوریت کے علمبرداروں نے مشترکہ طور پر پہلے قومی اسمبلی ،پھر سینٹ میں ایک قانون پاس کرکے صدر ہائوس بھجوایا۔ اب وہ قانون بن گیا ۔ ملک بھر کے صحافی سراپا احتجاج ہیں۔ التجا ہی کی جا سکتی ہے کہ لکھنے والے اور بولنے والوں کو نہ ستائیں ۔ ہر صحافی فروخت کنندہ نہیں۔ گو کہ صحافیوں کی صفوں میں بھی ایسی مخلوق داخل ہو چکی ہے جو قومی فریضہ سے کوسوں دور ہیں۔ا یسے لوگوں کی اکثریت سوشل میڈیا پر نظر آتی ہے۔جانبداری میڈیا کے لئے زہر قاتل ہے۔ میڈیا کاکوئی فرد جب وہ جانبدار بن گیا تو وہ ختم ہو گیا، یعنی اس نے اپنی حیثیت اور وقار کو ختم کردیا ۔ میڈیا کی آزادی کے لئے ماضی میں بڑی قربانیاں دی گئی ہیں ۔ماضی میں قومی مسائل اور تحریکوں میں میڈیا کا کردار بہت اہم رہاہے۔ لیکن جب پیسہ بولنے اور لکھنے لگتا ہے تو پھر سوالیہ نشان میڈیا پر آتا ہے۔ آج میڈیا کو لکھنے اور بولنے کی آزادی ہے ۔

    قربانیو ں کی لمبی کہانی ہے ایک ا یسا وقت بھی آیا ان پر کوڑے برسائے گئے۔ جیلوں میں بند کردیا گیا۔ اظہار رائے کی آج جو آزادی ہے اس کا کریڈٹ ماضی کے اُن صحافیوں کو جاتا ہے جنہوں نے قربانیاں دیں۔ اُن صحافیوں کی ایک لمبی کہانی ہے ۔ پیکا قانون بنانے والوں کو یاد رکھنا چاہیئے میڈیا آپ کا اُس وقت تک کچھ بگاڑ نہیں سکتا جب تک آپ خود اپنے بگاڑ پر آمادہ نہ ہوں۔یہ بھی حقیقت ہے صحافت کا گلہ دبانے والے خود اپنے پھندے تیار کررہے ہوتے ہیں۔

    نئے امریکی صدر ٹرمپ اور اُن کی انتظامیہ کی طرف سے آنے والے دنوں میں بھارت کے لئے اچھی خبریں نہیں ہیں ۔ روسی صدرپیوٹن جو برکس کی میٹنگ بلائی تھی اس میں بھارت بھی شامل تھا۔ اُ س میٹنگ کا مطلب امریکہ کو ایشیا سے باہر نکالنا تھا یعنی ڈالر کو ختم کیا جائے ۔ روس کو کامیابی تو حاصل نہ ہوسکی تاہم مودی کی لومڑی کی چال امریکہ اور خاص طور پر ٹرمپ یہ جان چکے ہیں کہ مودی امریکہ اور یورپ کو روس کے ساتھ مل کر کمزورکرنے میں شامل رہا۔ ٹرمپ کے آنے سے امریکہ کو ایشیا سے دورکرنے والا روس خود دور جاتے دکھائی دینے لگا ہے۔ چین نارتھ کوریا کا حال دیکھ کر امریکہ کے خلاف کسی بھی سازش میں جانے کا ارادہ نہیں کرے گا۔ افغانستان اور ایران کو لے کر پاکستان کا کردار اہم ہوگا۔ ویسے بھی سعودی عرب امریکہ میں ٹرمپ کے کہنے پر 6 سو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ پاکستان اور سعودی عرب کے مستحکم تعلقات ہیں۔ صدر ٹرمپ لاطینی امریکہ یورپ اور مشرق وسطٰی کے نقشوں میں تبدیلی کرکے دنیا کو چونکا دے گا۔ صدر ٹرمپ صدارتی کرسی پر بیٹھ کر گھوم گھوم کر فائلیں دیکھ رہے ہیں۔ اور امریکہ فسٹ اور امریکہ گریٹ بنانے کا نعرہ لگا رہے ہیں