Baaghi TV

Category: سیاست

  • پیکاایکٹ، کیا آزادی صحافت کو دبانے کی کوشش ہے؟تجزیہ:شہزاد قریشی

    پیکاایکٹ، کیا آزادی صحافت کو دبانے کی کوشش ہے؟تجزیہ:شہزاد قریشی

    پیکا او پیکا تیری کون سی کل سیدھی۔ پارلیمنٹ ہائوس میں جمہوریت کے علمبرداروں نے مشترکہ طور پر پہلے قومی اسمبلی ،پھر سینٹ میں ایک قانون پاس کرکے صدر ہائوس بھجوایا۔ اب وہ قانون بن گیا ۔ ملک بھر کے صحافی سراپا احتجاج ہیں۔ التجا ہی کی جا سکتی ہے کہ لکھنے والے اور بولنے والوں کو نہ ستائیں ۔ ہر صحافی فروخت کنندہ نہیں۔ گو کہ صحافیوں کی صفوں میں بھی ایسی مخلوق داخل ہو چکی ہے جو قومی فریضہ سے کوسوں دور ہیں۔ا یسے لوگوں کی اکثریت سوشل میڈیا پر نظر آتی ہے۔جانبداری میڈیا کے لئے زہر قاتل ہے۔ میڈیا کاکوئی فرد جب وہ جانبدار بن گیا تو وہ ختم ہو گیا، یعنی اس نے اپنی حیثیت اور وقار کو ختم کردیا ۔ میڈیا کی آزادی کے لئے ماضی میں بڑی قربانیاں دی گئی ہیں ۔ماضی میں قومی مسائل اور تحریکوں میں میڈیا کا کردار بہت اہم رہاہے۔ لیکن جب پیسہ بولنے اور لکھنے لگتا ہے تو پھر سوالیہ نشان میڈیا پر آتا ہے۔ آج میڈیا کو لکھنے اور بولنے کی آزادی ہے ۔

    قربانیو ں کی لمبی کہانی ہے ایک ا یسا وقت بھی آیا ان پر کوڑے برسائے گئے۔ جیلوں میں بند کردیا گیا۔ اظہار رائے کی آج جو آزادی ہے اس کا کریڈٹ ماضی کے اُن صحافیوں کو جاتا ہے جنہوں نے قربانیاں دیں۔ اُن صحافیوں کی ایک لمبی کہانی ہے ۔ پیکا قانون بنانے والوں کو یاد رکھنا چاہیئے میڈیا آپ کا اُس وقت تک کچھ بگاڑ نہیں سکتا جب تک آپ خود اپنے بگاڑ پر آمادہ نہ ہوں۔یہ بھی حقیقت ہے صحافت کا گلہ دبانے والے خود اپنے پھندے تیار کررہے ہوتے ہیں۔

    نئے امریکی صدر ٹرمپ اور اُن کی انتظامیہ کی طرف سے آنے والے دنوں میں بھارت کے لئے اچھی خبریں نہیں ہیں ۔ روسی صدرپیوٹن جو برکس کی میٹنگ بلائی تھی اس میں بھارت بھی شامل تھا۔ اُ س میٹنگ کا مطلب امریکہ کو ایشیا سے باہر نکالنا تھا یعنی ڈالر کو ختم کیا جائے ۔ روس کو کامیابی تو حاصل نہ ہوسکی تاہم مودی کی لومڑی کی چال امریکہ اور خاص طور پر ٹرمپ یہ جان چکے ہیں کہ مودی امریکہ اور یورپ کو روس کے ساتھ مل کر کمزورکرنے میں شامل رہا۔ ٹرمپ کے آنے سے امریکہ کو ایشیا سے دورکرنے والا روس خود دور جاتے دکھائی دینے لگا ہے۔ چین نارتھ کوریا کا حال دیکھ کر امریکہ کے خلاف کسی بھی سازش میں جانے کا ارادہ نہیں کرے گا۔ افغانستان اور ایران کو لے کر پاکستان کا کردار اہم ہوگا۔ ویسے بھی سعودی عرب امریکہ میں ٹرمپ کے کہنے پر 6 سو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ پاکستان اور سعودی عرب کے مستحکم تعلقات ہیں۔ صدر ٹرمپ لاطینی امریکہ یورپ اور مشرق وسطٰی کے نقشوں میں تبدیلی کرکے دنیا کو چونکا دے گا۔ صدر ٹرمپ صدارتی کرسی پر بیٹھ کر گھوم گھوم کر فائلیں دیکھ رہے ہیں۔ اور امریکہ فسٹ اور امریکہ گریٹ بنانے کا نعرہ لگا رہے ہیں

  • دوسروں کیلئے بنایا گیا پھندہ، اپنے ہی گلے میں آگیا

    دوسروں کیلئے بنایا گیا پھندہ، اپنے ہی گلے میں آگیا

    دوسروں کیلئے بنایا گیا پھندہ، اپنے ہی گلے میں آگیا
    تحریر:ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی
    پاکستان کے سیاسی منظرنامے میں حالیہ تبدیلیوں نے ایک نئی سمت اختیار کرلی ہے اور ایک طرف جہاں سیاسی استحکام کی علامات دکھائی دے رہی ہیں تو وہیں دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) اور اس کی قیادت کی سیاسی مشکلات اور چیلنجز میں مزید اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ اس تمام تر صورتحال میں ایک دلچسپ پہلو یہ سامنے آ رہا ہے کہ وہ پھندہ جو کبھی پی ٹی آئی نے حکومت میں ہوتے ہوئے سیاسی مخالفین کے لیے تیار کیا تھا اوروہی پھندہ اب پی ٹی آئی اور اس کے بانی کے لیے خطرہ بنتا جا رہا ہے۔

    اس وقت جب پاکستانی معیشت کے بارے میں مثبت خبریں آ رہی ہیں اور امریکی سرمایہ کاروں کے ایک وفدنے پاکستان میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی ہے تو یہ ایک ایسا موقع ہے جس کا فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ ملاقات کے دوران جینٹری بیچ کی قیادت میں امریکی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے شعبوں کی نشاندہی کی ہے جن میں مصنوعی ذہانت، توانائی، معدنیات اور رئیل اسٹیٹ شامل ہیں۔

    جینٹری بیچ نے اس بات کو واضح کیا کہ پاکستان کی موجودہ قیادت اور نئی امریکی انتظامیہ کی سوچ میں ہم آہنگی ہے اور پاکستان میں امریکہ کی سرمایہ کاری کی بڑھتی ہوئی دلچسپی نئی سیاسی حقیقت کا مظہر ہے۔یہ تبدیلی نہ صرف اقتصادی لحاظ سے اہم ہے بلکہ اس نے پاکستانی سیاسی جماعتوں کے لیے بھی نئے سوالات پیدا کیے ہیں۔ پی ٹی آئی کی قیادت نے امریکی انتخابات کے بعد ٹرمپ انتظامیہ سے بہت سی سیاسی توقعات وابستہ کی تھیں، لیکن جینٹری بیچ کے اس دورے نے ان تمام امیدوں کو ختم کر دیا ہے .

    امریکہ کے اس نئے رخ سے پاکستان کی اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھل جائیں گی ۔ لیکن شہبازشریف کی حکومت سے ٹرمپ انتظامیہ کے روابط سے پاکستان تحریک انصاف کے لیے یہ ایک نیا چیلنج بن گیا ہے۔پی ٹی آئی کی قیادت اس وقت ایک دائرے میں پھنس چکی ہے جہاں اس کے لیے دو آپشن ہیں، دونوں ہی سیاسی طور پربہت مشکل ہیں۔ اگر وہ حکومت کے ساتھ کسی معاہدے یا ڈیل کی طرف بڑھتے ہیں تو اس کا نتیجہ سیاسی موت کی صورت میں نکل سکتا ہے۔ دوسری جانب اگر وہ ڈیل سے انکار کرتے ہیں توعمران خان اور ان کی اہلیہ کو طویل عرصہ جیل میں گزارنا پڑ سکتا ہے۔

    یہ وہ پھندا ہے جو پی ٹی آئی نے اپنے مخالفین کے لیے تیار کیا تھا اور اب یہ ان کے اپنے گلے میں آچکا ہے کیونکہ پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکراتی عمل میں پیچیدگیاں آ چکی ہیں اور مذاکرات تقریباََ ختم ہوچکے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف نے 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن نہ بنائے جانے پر مذاکراتی عمل ختم کرنے کا اعلان کر دیا، منگل کے روز حکومتی مذاکراتی ٹیم انتظار کرتی رہی مگر پاکستان تحریک انصاف کے اراکین نہ پہنچے۔ پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے مذاکراتی عمل کا حصہ بننے کی بجائے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی اور گرینڈ الائنس بنانے پر مشاورت شروع کی۔لیکن اس کے باوجود یہ صورتحال پی ٹی آئی کے لیے مزید مشکلات پیدا کر رہی ہے۔

    یہ کہا جا سکتا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی انتشاری سیاست جو ہمیشہ مخالفین کو دبا ئومیں رکھنے اور اپنی حکومت کی طاقت دکھانے کے لیے استعمال کی گئی، اب وہی سیاست عمران خان اور ان کی جماعت کے لیے ایک بھاری بوجھ بن چکی ہے۔ دوسروں کے لیے بنایا گیا پھندہ اب ان کے اپنے گلے میں آچکا ہے اور ان کے سامنے ایک سنگین سیاسی بحران ہے۔ یہ وہ پھندہ ہے جو انہوں نے اپنے مخالفین کے لیے تیار کیا تھا، لیکن اب یہ ان کی سیاسی تقدیر کا فیصلہ کرنے والا ثابت ہو رہا ہے۔

    پاکستان کی موجودہ سیاسی اور اقتصادی صورتحال میں عمران خان اور ان کی جماعت کو اپنی سابقہ حکمت عملی پر نظرثانی کرنا ہوگی۔ اگر وہ اسی روش پر چلتے ہیں تو ان کے لیے مشکلات اور چیلنجز میں مزید اضافہ ہوگا اور اگر وہ مذاکرات یا معاہدے کی طرف قدم بڑھاتے ہیں، تو ان کے لیے سیاسی موت کے دروازے کھل سکتے ہیں۔ ان کے لیے یہ وقت ایک فیصلہ کن لمحہ ہے، جہاں ان کی سیاست کا مستقبل ان کے اپنے ہاتھ میں ہے اور یہ وقت ہی بتائے گا کہ وہ اس پھندے سے کیسے نکلتے ہیں اور اپنے سیاسی وجود کو کس طرح بچاتے ہیں۔

  • "نہ جائے ماندن نہ پائے رفتن’.تحریر اعجازالحق عثمانی

    "نہ جائے ماندن نہ پائے رفتن’.تحریر اعجازالحق عثمانی

    پاکستانی سیاست میں جو نظر آتا ہے، وہ حقیقت نہیں ہوتی، اور جو حقیقت ہوتی ہے، وہ نظر نہیں آتی۔ آج کل ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے، اسے دیکھ کر بس یہی کہا جا سکتا ہے کہ یہ بازی عشق کی بازی ہے، جو ہارے گا، وہ جیتے گا، اور جو جیتے گا، وہ ہارے گا۔
    عمران خان جیل میں ہیں، ان کی جماعت کٹی پھٹی حالت میں ہے، عدالتوں میں مقدمے، پارٹی میں بغاوتیں، اور مخالفین کا دباؤ۔۔۔۔۔۔لیکن پھر بھی وہ ملکی سیاست کے سب سے بڑے کھلاڑی ہیں۔ سیاسی میدان میں سب سے زیادہ اسکور اس وقت بھی ان کے بیانیے کا ہی ہے۔چاہے عدالتوں کے فیصلے ان کے خلاف آئیں، چاہے پارٹی پر پابندیاں لگیں، عوام کے دلوں میں ان کی جگہ اب بھی قائم ہے۔ مگر سوال یہ ہے کہ کیا وہ اپنی اس مقبولیت کو بچا پائیں گے؟ یا پھر اس کہانی کا انجام وہی ہوگا، جو اسٹیبلشمنٹ چاہتی ہے؟
    دوسری طرف، وہی پرانا کھیل جاری ہے۔ مذاکرات کی خبریں گرم ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ بات چیت ہو رہی ہے، کوئی درمیانی راستہ نکالا جا رہا ہے، لیکن سب جانتے ہیں کہ حکومت محض ایک مہرہ ہے۔ اصل فیصلہ کہیں اور ہوگا۔ جنہیں مذاکرات کرنا ہیں، وہ ٹیبل پر نہیں بیٹھے، اور جو بیٹھے ہیں، وہ اصل فیصلے کرنے کی طاقت نہیں رکھتے۔ سب کچھ طے شدہ ہے، بس اسکرپٹ پر عمل ہو رہا ہے۔ اور سنا ہے رائیٹر اب سکرپٹ بدلنے لگا ہے۔

    عمران خان جانتے ہیں کہ اگر وہ جیل سے باہر آتے ہیں تو عوام یہ سمجھے گی، کہ یہ کسی معاہدے کا نتیجہ ہے، تو ان کا سارا بیانیہ برباد ہو جائے گا۔ وہ اب تک ایک مزاحمت کار، ایک نظریاتی لیڈر، اور "حقیقی آزادی” کی علامت بن چکے ہیں۔ لیکن اگر یہی شخص ایک دن خاموشی سے باہر آتا ہے، کیسز ختم ہو جاتے ہیں، اور سیاست میں نرمی آ جاتی ہے، تو کیا یہ سب اتفاق ہوگا؟ نہیں! یہ وہی سیاست ہوگی، جو سالہا سال سے چل رہی ہے۔

    لیکن کھیل صرف عمران خان کے گرد نہیں گھوم رہا۔ اسٹیبلشمنٹ بھی ایک امتحان میں ہے۔ اگر عمران خان کو مکمل دیوار سے لگا دیا جاتا ہے، تو ملک میں بے چینی بڑھے گی۔ اگر انہیں کھلی آزادی دی جاتی ہے، تو وہ پہلے سے زیادہ طاقتور بن کر ابھریں گے۔ اس صورتحال میں درمیانی راستہ نکالنا سب سے ضروری مگر ایک مشکل کام ہے۔ اسٹیبلشمنٹ چاہتی ہے کہ عمران خان باہر بھی آ جائیں، لیکن یہ تاثر بھی نہ جائے کہ وہ جیت گئے ہیں۔ دوسری طرف، عمران خان یہ چاہتے ہیں کہ وہ باہر آئیں، لیکن ایسا نہ لگے کہ وہ کسی ڈیل کے تحت آئے ہیں۔
    یہ وہ مقام ہے جہاں سیاست اور طاقت کا اصل کھیل شروع ہوتا ہے۔ یہ وہ مقام ہے جہاں کچھ فیصلے پس پردہ کیے جاتے ہیں، اور عوام کو ایک اور کہانی سنا دی جاتی ہے۔ سوال یہ ہے کہ اس بار یہ کہانی کس کے حق میں لکھی جائے گی؟ کیا عمران خان ایک نئے انداز میں سیاست میں واپسی کریں گے؟ یا یہ ایک اور سبق ہوگا، جو پاکستانی سیاست کی کتاب میں شامل کر دیا جائے گا؟

    یہاں یہ سوال بھی اہم ہے کہ اگر واقعی ایک "سیاسی مفاہمت” ہونے جا رہی ہے، تو اس کے پیچھے محرکات کیا ہیں؟ کیا عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ دونوں ایک دوسرے کے بغیر نہیں چل سکتے؟ یا پھر پس پردہ کوئی ایسا دباؤ ہے جو ان دونوں کو دوبارہ کسی نہ کسی شکل میں اکٹھا کر رہا ہے؟ کچھ لوگوں کا ماننا ہے کہ عمران خان کو دیوار سے لگانے کی حکمتِ عملی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ عوام کا ردعمل، عدالتی فیصلے، اور بین الاقوامی دباؤ، سب نے مل کر ایک ایسی فضا بنا دی ہے جہاں عمران خان کو سیاست سے مکمل طور پر بے دخل کرنا ممکن نہیں رہا۔ دوسری طرف، اسٹیبلشمنٹ یہ بھی نہیں چاہتی کہ عمران خان پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر سامنے آئیں۔

    عمران خان کی سیاست میں ایک چیز واضح ہے کہ وہ ایک مقبول لیڈر ہیں، لیکن ان کی مقبولیت ان کی حکمتِ عملی کے ساتھ جُڑی ہوئی ہے۔ اگر وہ اپنے حامیوں کو یہ یقین دلا پاتے ہیں کہ وہ بغیر کسی ڈیل کے باہر آئے ہیں، تو ان کی سیاست مزید مضبوط ہو گی۔ لیکن اگر عوام کو ذرا سا بھی یہ تاثر گیا کہ عمران خان نے کسی ڈیل کے نتیجے میں اپنی مشکلات کم کی ہیں، تو ان کے لیے اپنی موجودہ مقبولیت کو برقرار رکھنا مشکل ہو جائے گا۔ یہی وہ توازن ہے جسے عمران خان اور ان کے قریبی ساتھی سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    دوسری طرف، اسٹیبلشمنٹ کے لیے بھی یہ ایک نازک موڑ ہے۔ اگر عمران خان بغیر کسی واضح سمجھوتے کے باہر آتے ہیں، تو ان کا بیانیہ مزید مضبوط ہو گا۔ لیکن اگر انہیں کسی شرط کے ساتھ ریلیف دیا جاتا ہے، تو عوام میں یہ تاثر جائے گا کہ یہ بھی وہی پرانی سیاسی بساط ہے، جہاں سب آخر میں ایک ہی میز پر آ کر بیٹھ جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پس پردہ بہت کچھ چل رہا ہے، اور عوام کو صرف اتنا دکھایا جا رہا ہے جتنا ضروری سمجھا جا رہا ہے۔ یہاں ایک اور سوال بھی پیدا ہوتا ہے: اگر عمران خان واقعی باہر آ جاتے ہیں، تو کیا وہ دوبارہ اُسی انداز میں سیاست کر سکیں گے؟ یا پھر ان کے لیے ایسے حالات بنا دیے جائیں گے جہاں وہ محدود ہو کر رہ جائیں؟ کیا ان کی جماعت کو مکمل طور پر بحال ہونے دیا جائے گا؟ کیا انہیں الیکشن میں آزادانہ حصہ لینے دیا جائے گا؟ یا پھر وہ ایک کنٹرولڈ سیاست کا حصہ بننے پر مجبور ہو جائیں گے؟ یہ تمام سوالات اس وقت پاکستانی سیاست کے گرد گھوم رہے ہیں، لیکن ان کے جوابات آنے والا وقت ہی دے سکتا ہے۔

    کھیل جاری ہے، اسکرپٹ پر کام ہو رہا ہے، کردار اپنے اپنے ڈائیلاگ یاد کر رہے ہیں۔ بس پردہ اٹھنے کی دیر ہے، دیکھتے ہیں کہ اس بار پردے پر کون ہیرو بن کر آتا ہے

  • دنیا بدل رہی پاکستان میں مذاکرات کا کھیل ختم نہیں ہورہا۔ تجزیہ: شہزاد قریشی

    دنیا بدل رہی پاکستان میں مذاکرات کا کھیل ختم نہیں ہورہا۔ تجزیہ: شہزاد قریشی

    بھارت افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف
    ٹرمپ کے آنے سے امریکی پالیسیاں بد ل گئیں،پاکستان کو بھی سٹینڈ لینا ہوگا
    امریکی صدر نے غزہ جنگ بند کراکر امن کا پیغام دیدیا،ہمیں بھی آگے بڑھنا چاہیے
    تجزیہ،شہزاد قریشی
    بھارت اور افغانستان کی دوستی ،سیاسی اور اقتصادی تعلقات کون نہیں جانتا،ان تعلقات کے نتائج کیا نکلیں گے،یاد رہے تادم تحریر کسی بھی ملک نے طالبان حکومت کے ساتھ باضابطہ سفارتی تعلقات قائم نہیں کئے، طالبان پورے ملک پر قابض نہیں ہیں ، حزب اختلاف کی مختلف تحریکیں ہیں جو طالبان کے خلاف مسلح تصادم کو بحال کرنے میں مصروف ہیں، پاکستان کی وزارت خارجہ اور قومی سلامتی کے اداروں کو چوکنا رہنے کی ضرورت ہے،دنیا بدل رہی ہے، دنیا کی پالیسیاں تبدیل ہو رہی ہیں، ماضی کیا تھا اُسے بھول جائیے ،مستقبل کے بارے سوچئے، ہمیں امریکہ کے ساتھ بات چیت جاری رکھنا ہوگی، پاکستان کی مدد اور حمایت کے بغیر امریکہ خطے میں امن قائم نہیں کر سکتا،پاکستان خطے کا اہم لک ہے،افغانستان کی موجودہ حکومت امریکہ سمیت دنیا کے لئے ایک سوالیہ نشان ہے ؟ بھارت نے ماضی میں بھی افغان سرزمین دہشت گرد ی اور دہشت گردوں کی پشت پناہی کے لئے استعمال کی جس کے ثبوت پاکستان کے پاس موجودہیں ، ٹرمپ انتظامیہ کو پاکستان کے مسائل مشکلات نئے حالات میں سمجھنا ہوگا، افغانستان کو لے کر امریکہ ایک بار پھر پاکستانی مدد کا خواہاں ہوگا جبکہ ایران کے معاملات طے کرنے کے لئے امریکہ کو پاکستان کی ضرورت پڑے گی، بھارت جتنی مرضی افغانستان میں سرمایہ کاری کا دعویٰ کرے ،ٹرمپ انتظامیہ افغانستان کے ساتھ معاملات پاکستان کے ذریعے ہی حل کرنے کی کوشش کرے گا، پاکستان امریکہ کا اتحادی رہا ہے امریکہ کی کوشش ہو گی کہ اس خطے میں پاکستان کا کردار تعمیری ہو۔ ملک کی موجودہ صورت حال اورٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ مستقبل میں تعلقات کی نوعیت کیا ہوگی،

    پاکستان آج کی بدلتی صورت حال میں اُس مقام پر پہنچ چکا ہے جہاں پر امریکہ اور دوسری عالمی قوتوں کے تعلقات میں اپنے مفادات کو سامنے رکھ کر بات کر سکتا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کی فسٹ امریکہ پالیسی اور گلوبل امن کا نعرہ یقینا قابل تحسین ہے، ٹرمپ کے آنے سے امریکہ بدل گیا ہے اس کی پالیسی بدل گئی ہے نئی پالیسی کے اثرات دنیا پر بھی پڑیں گے،ٹرمپ کے آنے سے غزہ میں جنگ بندی کا ثبوت ہے، روس اور یوکرین کی جنگ کا خاتمہ بھی قریب نظر آرہا ہے، ٹرمپ کی بھرپور توجہ معیشت پر ہے، وہ دنیا کو پیغام دے رہا ہے کہ جنگوں سے نکل کر معیشت پر توجہ دیں، اپنے اپنے ممالک میں عوا م کے بنیادی مسائل حل کریں، اپنے اپنے ممالک اور عوام پر توجہ دیں، ملک کی تمام سیاسی جماعتیں مذاکرات مذاکرات کے کھیل سے باہر نکل کر دنیا کی بدلتی صورت حال پر توجہ دیں اور پاکستان کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

  • چین کا نیا قمری سال، ترقی کا جشن،تحریر:جان محمد رمضان

    چین کا نیا قمری سال، ترقی کا جشن،تحریر:جان محمد رمضان

    چین کا نیا قمری سال، جو دنیا بھر میں خوشی، امید اور ترقی کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے، ایک خاص موقع ہے۔ اس دن کو چین کے عوام اپنے روایتی طریقوں سے جشن مناتے ہیں اور اسے خاندانوں، دوستوں اور عزیزوں کے ساتھ گزار کر نئی امیدوں کے ساتھ ایک نیا آغاز کرتے ہیں۔ پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے چین کے عوام، قیادت اور حکومت کو نئے قمری سال کی دلی مبارکباد پیش کی جاتی ہے۔چین کا نیا سال نہ صرف چین کے لیے خوشی کا موقع ہوتا ہے بلکہ پوری دنیا میں اس کے اثرات اور اہمیت کو تسلیم کیا جاتا ہے۔ یہ تہوار چین کی تاریخ، ثقافت اور روایات کی گہری جڑوں کی عکاسی کرتا ہے اور ہر سال یہ موقع چین کے عوام کی محنت، کامیابیوں اور ان کی مسلسل ترقی کا جشن منانے کا ہوتا ہے۔

    پاکستان اور چین کی دوستی ایک مثال ہے جو دنیا بھر میں ہر طرف سراہا جاتا ہے۔ ہماری یہ دوستی صرف ایک سفارتی تعلقات تک محدود نہیں بلکہ ایک گہری برادرانہ وابستگی پر مبنی ہے جس میں اعتماد، تعاون اور مشترکہ ترقی کا عزم شامل ہے۔ چین کی قیادت نے ہمیشہ دنیا کے سامنے ایک نئی مثال پیش کی ہے جس میں استقامت، محنت اور لگن کی بدولت وہ ترقی کی راہوں پر گامزن ہے۔ چین نے اپنے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے جس طرح کے اقدامات کیے ہیں، وہ قابل تحسین ہیں اور پوری دنیا کے لیے ایک مشعل راہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔پاکستان اور چین کے درمیان یہ شراکت داری نہ صرف سیاسی اور اقتصادی لحاظ سے مضبوط ہوئی ہے بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان ایک گہرا ثقافتی تعلق بھی قائم ہو چکا ہے۔ ہم ہمیشہ چین کی ترقی اور کامیابیوں کا دل سے احترام کرتے ہیں اور اس امید کا اظہار کرتے ہیں کہ یہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

    چین کی غیر معمولی ترقی اور کامیابیوں کو دیکھتے ہوئے، ہم دعا گو ہیں کہ یہ نیا قمری سال چین اور پاکستان کے لیے خوشحالی اور ترقی کا باعث بنے۔ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، ثقافتی اور سفارتی تعلقات میں مزید گہرائی آئے، اور دونوں کے عوام کے درمیان محبت، احترام اور تعاون کا سلسلہ جاری رہے۔پاکستان اور چین کے درمیان جاری تعاون کا سلسلہ ایک روشن مستقبل کی نشاندہی کرتا ہے اور ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ آنے والے سالوں میں دونوں ممالک کے درمیان یہ رشتہ مزید مضبوط ہو گا۔

    چین کے نیا قمری سال نہ صرف چین کی کامیابیوں کی عکاسی کرتا ہے بلکہ یہ دونوں ممالک کی گہری دوستی اور تعاون کی داستان کو بھی مزید نکھارتا ہے۔ اس موقع پر پاکستان کی طرف سے چین کے عوام اور قیادت کو نیک تمناؤں کے ساتھ نئی امیدوں اور کامیابیوں کا پیغام پہنچایا جاتا ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ایک دوسرے کے ساتھ تعاون، محنت اور عزم کے ذریعے ہم ہر چیلنج کو کامیابی میں تبدیل کر سکتے ہیں۔

    jaan

  • او سب دی ماں تے سرکاری میراثی

    او سب دی ماں تے سرکاری میراثی

    او سب دی ماں تے سرکاری میراثی
    تحریر: اعجازالحق عثمانی
    اقتدار کی کرسی ایک عجیب نشہ ہے جو حکمران کو حقیقت سے دور کر دیتی ہے۔ مگر اس نشے کو دوام دینے کا سہرا ان سرکاری میراثی نما خوشامدیوں کے سر جاتا ہے، جو اپنے ذاتی مفادات کے لیے حکمرانوں کے گرد ایسے گھیرا ڈال لیتے ہیں جیسے مکھی شہد پر۔ آج پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے گرد یہی میراثیوں کا ٹولہ واردات ڈالنے میں مصروف ہے، اور عوامی مسائل سے ان کی توجہ ہٹانے اور اپنے مفاد کے لیے اوچھے حربے آزما رہا ہے۔

    مریم نواز کے اقتدار کا آغاز امیدوں اور خوابوں کے ساتھ ہوا تھا، مگر حقیقت یہ ہے کہ وہ خود ان سرکاری میراثیوں کی گرفت میں آ چکی ہیں، جو صرف تعریفوں کے پل باندھنے میں ماہر ہیں۔ ان کے لیے حکومت کا مطلب عوامی خدمت نہیں بلکہ خوشامد کا ایسا کھیل ہے جس میں جیت صرف ان کی چاپلوسی کے ناپاک ہتھکنڈوں کی ہوتی ہے۔

    حال ہی میں پنجاب میں "کھیلتا پنجاب گیمز” کی تقریبات پر بھاری رقم خرچ کی گئی، جبکہ سپورٹس بورڈ کے ملازمین کو تین ماہ سے تنخواہیں نہیں ملی تھیں۔ ایسے حالات میں خوشامدی ٹولے نے وزیر اعلیٰ کو ایک شاندار تقریب کے ذریعے عوامی ہیرو بنا کر پیش کرنے کی ناکام کوشش کی۔ لیکن ان "میراثیوں” کی منصوبہ بندی اتنی کمزور تھی کہ یہ تقریب مریم نواز کے لیے بدنامی کا سامان بن گئی۔

    انہیں لگتا ہے کہ خوشامدی شاعری اور تقریبات کے ذریعے عوام کو مطمئن کیا جا سکتا ہے۔ حال ہی میں ایک تعلیمی دورے میں ایک طالبہ نے نظم پڑھی، جس میں مریم نواز کو "سب دی ماں” قرار دیا گیا۔ نظم کا انداز ایسا تھا کہ سننے والے ہنسنے پر مجبور ہو گئے، اور سوشل میڈیا پر خوب میمز بنی۔ یہ صرف ایک مثال ہے کہ کس طرح سرکاری میراثی مریم نواز کی سیاست کو کھیل تماشا بنا رہے ہیں۔

    یہ میراثی وہی لوگ ہیں جو سابق حکمرانوں کے گن گاتے تھے، اور آج مریم نواز کی خوشامد میں مصروف ہیں۔ ان کا کام صرف یہ ہے کہ حکمران کو عوامی مسائل سے دور رکھیں اور جھوٹے خواب دکھائیں۔ حقیقت یہ ہے کہ عوام مہنگائی، بے روزگاری، اور ناقص گورننس سے تنگ آ چکے ہیں، مگر وزیر اعلیٰ کے گرد موجود یہ میراثی انہیں بتاتے ہیں کہ سب کچھ "ٹھیک” ہے۔

    مریم نواز کو یہ بات سمجھنی ہوگی کہ سرکاری میراثیوں کے گھیرے اور ٹک ٹاک کی دنیا سے باہر نکلنا ان کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ خوشامدیوں کے فریب میں آ کر اگر وہ عوامی مسائل کو نظرانداز کرتی رہیں، تو ان کی حکومت کے دن گنے جا سکتے ہیں۔ پنجاب کے عوام کو لیپ ٹاپ، کارڈ سکیم یا تقریبات نہیں چاہیے؛ انہیں روزگار، انصاف اور بنیادی سہولیات چاہیے۔

    اقتدار میں آنے والے حکمرانوں کو تاریخ صرف اسی وقت یاد رکھتی ہے جب وہ عوامی فلاح کے لیے کام کرتے ہیں۔ مریم نواز کو چاہیے کہ وہ ان سرکاری میراثیوں کو پہچانیں اور ان سے چھٹکارا حاصل کریں۔ عوام کے مسائل حقیقی اقدامات کے ذریعے حل ہوں گے، نہ کہ خوشامدی نظموں اور مصنوعی تقریبات سے۔ ورنہ ایک دن ایسا آئے گا کہ یہ میراثی بھی کسی اور کی خوشامد میں مصروف ہوں گے، اور عوام مریم نواز کو تاریخ کے ایک اور ناکام کردار کے طور پر یاد کر رہی ہو گی۔

  • پیکا ایکٹ کیا ہے۔۔ کیوں ضروری ہے؟ تحریر:شاہد نسیم چوہدری

    پیکا ایکٹ کیا ہے۔۔ کیوں ضروری ہے؟ تحریر:شاہد نسیم چوہدری

    وفاقی حکومت نے پیکا ایکٹ میں ترمیم کا بل قومی اسمبلی میں پیش کر دیا جس کا مسودہ منظر عام پر آگیا ہے۔
    مجوزہ ترمیم کے تحت حکومت ڈیجیٹل رائٹس پروٹیکشن اتھارٹی قائم کرے گی، ڈی آر پی اے کو سوشل میڈیا مواد کو ’ریگولیٹ‘ کرنے کا اختیار ہوگا۔

    اتھارٹی پیکا ایکٹ کے تحت شکایات کی تحقیقات اور مواد تک رسائی کو ’بلاک‘ یا محدود کرنے کی مجاز بھی ہوگی۔
    پیکا ترمیمی بل2025 کے مسودے کے مطابق اتھارٹی کے پاس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو مواد ہٹانےکی ہدایت کا اختیار ہوگا۔نظریہ پاکستان کے خلاف کوئی بھی مواد ہٹانے کا اختیاراتھارٹی کے پاس ہوگا، عوام کو قانون،اداروں، ریاست کیخلاف اُکسانے والی پوسٹ ہٹانے کا اختیار ہوگا۔،اس کے علاوہ دہشت، خوف پھیلانے والی پوسٹ رکھنے والوں کیخلاف کارروائی کااختیاراور اسمبلی میں حدف شدہ الفاظ کہیں پوسٹ یا نشر کرنا قابل سزا جرم ہوگا۔آج کے ڈیجیٹل دور میں، جہاں انٹرنیٹ نے انسانی زندگی کو بے حد آسان بنایا ہے، وہاں اس نے چیلنجز اور مسائل کا ایک نیا باب بھی کھول دیا ہے۔ انٹرنیٹ کے بے تحاشہ استعمال کے ساتھ ساتھ جرائم کی نئی شکلیں بھی سامنے آئی ہیں، جن میں آن لائن ہراسانی، جعلی خبروں کی تشہیر، سائبر بُلنگ، اور ڈیجیٹل فراڈ شامل ہیں۔ ان تمام مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے، حکومتِ پاکستان نے پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 (پیکا ایکٹ) متعارف کروایا۔ اس قانون کا مقصد انٹرنیٹ پر ہونے والے جرائم کی روک تھام اور ان کے سدباب کو یقینی بنانا ہے۔

    پاکستان میں انٹرنیٹ کے استعمال میں پچھلے چند سالوں میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، آن لائن شاپنگ، اور ای میلز کے ذریعے معلومات کا تبادلہ روزمرہ کی زندگی کا حصہ بن چکا ہے۔ لیکن اس تیزی سے بڑھتے ہوئے ڈیجیٹل ماحول میں جرائم پیشہ افراد نے بھی اپنی سرگرمیاں بڑھا دی ہیں۔ اسی صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے پیکا ایکٹ متعارف کروایا گیا تاکہ سائبر کرائمز سے نمٹا جا سکے اور شہریوں کے ڈیجیٹل حقوق کا تحفظ کیا جا سکے۔پیکا ایکٹ کے تحت مختلف جرائم کی وضاحت اور ان کی سزائیں مقرر کی گئی ہیں۔ ان میں سے چند اہم شقیں درج ذیل ہیں:
    اگر کوئی شخص انٹرنیٹ کے ذریعے کسی کو ہراساں کرتا ہے، تو اسے سزا دی جائے گی۔
    فرقہ وارانہ یا مذہبی منافرت پھیلانے والے مواد کی اشاعت پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ جعلی خبریں: جھوٹی معلومات یا افواہیں پھیلانے پر سخت سزا کا تعین کیا گیا ہے۔
    غیر اخلاقی مواد: فحش مواد کی تشہیر یا کسی کی نجی زندگی میں مداخلت قابل سزا جرم ہے۔
    ڈیجیٹل فراڈ: آن لائن مالی دھوکہ دہی یا ہیکنگ جیسے جرائم پر سخت سزائیں تجویز کی گئی ہیں۔
    ڈیٹا چوری: کسی کے ذاتی یا کاروباری ڈیٹا کو چرا کر غیر قانونی استعمال کرنا جرم ہے۔

    پیکا ایکٹ کیوں ضروری ہے؟پیکا ایکٹ کی ضرورت اور اہمیت کو کئی حوالوں سے سمجھا جا سکتا ہے:انٹرنیٹ کی دستیابی اور آسان رسائی کے باعث سائبر کرائمز کی شرح میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان میں لوگ روزانہ جعلی اکاؤنٹس، مالی دھوکہ دہی، اور آن لائن ہراسانی جیسے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ پیکا ایکٹ ان مسائل کا قانونی حل فراہم کرتا ہے۔ڈیجیٹل دنیا میں لوگ اکثر اپنی پرائیویسی کے حوالے سے غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں۔ پیکا ایکٹ شہریوں کی ذاتی معلومات کے تحفظ کو یقینی بناتا ہے اور ان کے ڈیجیٹل حقوق کا دفاع کرتا ہے۔سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں اور افواہیں نہ صرف معاشرتی انتشار پیدا کرتی ہیں بلکہ سیاسی اور مذہبی کشیدگی کا بھی سبب بنتی ہیں۔ پیکا ایکٹ کے ذریعے ان جرائم کا سدباب ممکن ہے۔پیکا ایکٹ نفرت انگیز مواد اور فرقہ واریت پھیلانے والے افراد کے خلاف کارروائی کرتا ہے، جو کہ ایک پرامن معاشرے کے قیام کے لیے ضروری ہے۔پاکستان میں ای کامرس اور ڈیجیٹل کاروبار کی ترقی کے لیے ایک محفوظ آن لائن ماحول ضروری ہے۔ پیکا ایکٹ کے ذریعے کاروباری افراد اور صارفین کو اعتماد ملتا ہے کہ ان کے مالی لین دین محفوظ ہیں۔پیکا ایکٹ کی افادیت کے باوجود، اس پر تنقید بھی کی جاتی ہے۔ بعض حلقے اس قانون کو آزادیٔ اظہارِ رائے کے خلاف قرار دیتے ہیں۔ ان کے مطابق، حکومت اس قانون کا استعمال مخالفین کو دبانے کے لیے کر سکتی ہے۔ مزید یہ کہ، قانون کے نفاذ میں بعض اوقات تفتیشی ادارے اپنی حدود سے تجاوز کر جاتے ہیں، جس سے شہریوں کی نجی زندگی متاثر ہوتی ہے۔

    پیکا ایکٹ کو مؤثر بنانے کے لیے درج ذیل اقدامات ضروری ہیں:
    1. شفافیت کو یقینی بنانا: قانون کے استعمال میں شفافیت اور غیرجانبداری کو یقینی بنایا جائے۔
    2. تربیت یافتہ عملہ: سائبر کرائمز کی تحقیقات کے لیے تربیت یافتہ افراد کو تعینات کیا جائے۔
    3. آگاہی مہمات: عوام کو ان کے ڈیجیٹل حقوق اور سائبر کرائمز سے بچاؤ کے طریقوں سے آگاہ کیا جائے۔
    4. عدالتی نظام میں بہتری: سائبر کرائمز کے مقدمات کو جلد نمٹانے کے لیے عدالتوں میں خصوصی سیل قائم کیے جائیں۔پیکا ایکٹ ایک ایسا قانونی فریم ورک ہے جو ڈیجیٹل دور میں شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ اگرچہ اس قانون پر تنقید اور خدشات موجود ہیں، لیکن ان کو دور کر کے اسے ایک مؤثر اور منصفانہ قانون بنایا جا سکتا ہے۔ انٹرنیٹ کے بڑھتے ہوئے استعمال کے پیش نظر، پیکا ایکٹ کا نفاذ پاکستان کے معاشرتی اور اقتصادی استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ اس کے ذریعے نہ صرف شہریوں کے حقوق کا تحفظ ممکن ہے بلکہ ایک پرامن اور محفوظ ڈیجیٹل معاشرہ بھی تشکیل دیا جا سکتا ہے

  • پاکستان میں انسانی سمگلنگ: وزیراعظم  کیلئے ایک سنگین چیلنج ،تحریر:شاہد نسیم چوہدری

    پاکستان میں انسانی سمگلنگ: وزیراعظم کیلئے ایک سنگین چیلنج ،تحریر:شاہد نسیم چوہدری

    پاکستان میں انسانی سمگلنگ کا مسئلہ ایک ایسا موضوع ہے جس نے گزشتہ کئی دہائیوں سے حکومتوں، سوسائٹی، اور بین الاقوامی سطح پر توجہ کا مرکز بن رکھا ہے۔ انسانی سمگلنگ ایک سنگین جرم ہے جس کا شکار بیشتر افراد غربت، بے روزگاری، اور کمزوری کے شکار ہوتے ہیں، اور اس کے نتیجے میں نہ صرف ان کی زندگیوں کا مستقبل تباہ ہو جاتا ہے، بلکہ پورے معاشرتی نظام میں انتشار پیدا ہوتا ہے۔ انسانی سمگلنگ کا تدارک حکومت کے لیے ایک چیلنج بن چکا ہے، اور اس کے خاتمے کے لیے مؤثر حکمت عملی کی ضرورت ہے۔پاکستان میں انسانی سمگلنگ کے شکار افراد کی اکثریت خواتین اور بچوں پر مشتمل ہوتی ہے، جنہیں یا تو جنسی استحصال، جبری مشقت، یا دیگر غیر قانونی مقاصد کے لیے اغوا کیا جاتا ہے۔ انسانی سمگلنگ کا یہ عمل سرحدوں کے اندر اور بین الاقوامی سطح پر بھی ہوتا ہے، جہاں پاکستانی شہریوں کو دوسرے ممالک میں غیر قانونی طور پر منتقل کیا جاتا ہے اور انہیں مختلف قسم کی غیر انسانی سرگرمیوں میں ملوث کیا جاتا ہے۔پاکستان کے مختلف حصوں سے انسانی سمگلنگ کے شکار افراد کو اغوا کیا جاتا ہے اور انہیں غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک بھیجا جاتا ہے۔ ان افراد کو ٹریفکنگ، جبری مشقت، اور جنسی زیادتی جیسے جبر کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس کے علاوہ، سمگلرز ان افراد کو انسانی اعضاء کی تجارت یا دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں بھی ملوث کرتے ہیں۔غربت اور بے روزگاری: پاکستانی معاشرہ ایک ایسی صورتحال کا سامنا کر رہا ہے جہاں معاشی حالات بہت زیادہ خراب ہیں۔ زیادہ تر افراد خاص طور پر دیہاتوں میں غربت کے باعث بہتر زندگی کے لیے کسی بھی خطرے کو گوارا کر لیتے ہیں۔ ایسے لوگ انسانی سمگلروں کے جال میں پھنس جاتے ہیں، جو انہیں بہتر زندگی کا وعدہ کر کے اپنے ساتھ لے جاتے ہیں۔تعلیمی کمی اور آگاہی کی کمی: پاکستان میں تعلیمی شرح کم ہونے کی وجہ سے بہت سے لوگ انسانی سمگلنگ کے خطرات سے واقف نہیں ہوتے۔ اس کمی کی وجہ سے لوگ آسانی سے سمگلروں کے جھانسے میں آ جاتے ہیں اور اپنی زندگیوں کو داؤ پر لگا دیتے ہیں۔ پاکستان میں انسانی سمگلنگ کے خلاف مؤثر قوانین کی کمی اور ان پر عمل درآمد میں مشکلات ہیں۔ بیشتر سمگلروں کے خلاف کارروائیاں ناقص رہتی ہیں، اور یہ جرائم بااثر افراد کی پشت پناہی کی وجہ سے اجتناب پاتے ہیں۔انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے ذریعے سمگلنگ کے واقعات میں تیزی آئی ہے۔ نوجوانوں کو آن لائن اشتہارات اور جھوٹے وعدوں کے ذریعے بہکایا جاتا ہے اور انہیں غیر قانونی راستوں پر بھیجا جاتا ہے۔انسانی سمگلنگ کے اثرات نہ صرف متاثرہ افراد پر بلکہ پورے معاشرتی ڈھانچے پر گہرے اثرات مرتب کرتے ہیں۔ ان افراد کی زندگیوں کو تباہ کر دیا جاتا ہے، اور ان کے جسمانی، ذہنی اور جذباتی صحت پر طویل مدتی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ ان کی آزادی چھین لی جاتی ہے اور انہیں جبری مشقت، جسمانی تشدد، اور جنسی استحصال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    علاوہ ازیں، انسانی سمگلنگ پاکستان کی عالمی شہرت کو بھی نقصان پہنچاتی ہے۔ اس کے باعث دنیا بھر میں پاکستان کی تصویر ایک غیر محفوظ ملک کے طور پر ابھرتی ہے، جو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی معیشت اور سماجی صورتحال پر منفی اثرات ڈالتی ہے۔حکومت کے لیے چیلنج پاکستان میں انسانی سمگلنگ کا تدارک حکومت کے لیے ایک سنگین چیلنج ہے۔ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے مختلف سطحوں پر اقدامات کی ضرورت ہے۔ اس کے لیے حکومت کو کئی شعبوں میں مؤثر حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

    قانونی اصلاحات اور ان کا مؤثر نفاذپاکستان میں انسانی سمگلنگ کے خاتمے کے لیے سب سے اہم اقدام قانون سازی ہے۔ حکومت کو ایسے قوانین بنانے کی ضرورت ہے جو سمگلنگ کے حوالے سے سخت سزائیں اور مؤثر تحقیقات کو یقینی بنائیں۔ اس کے علاوہ، ان قوانین پر سختی سے عمل درآمد کیا جانا چاہیے تاکہ سمگلروں کو کسی بھی قسم کی پناہ نہ مل سکے۔ عوامی آگاہی اور تعلیم عوامی آگاہی بڑھانے کے لیے مختلف میڈیا پلیٹ فارمز کا استعمال کیا جانا چاہیے۔ عوامی شعور کو بڑھانے کے لیے حکومتی اداروں اور غیر سرکاری تنظیموں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ تعلیمی اداروں میں اس موضوع پر سیمینارز، ورکشاپس اور آگاہی پروگرامز چلائے جا سکتے ہیں تاکہ لوگ اس مسئلے کی نوعیت اور اس کے خطرات سے آگاہ ہوں۔

    معاشی ترقی اورروزگار کے مواقع اگر حکومت معاشی ترقی کی طرف قدم بڑھائے اور روزگار کے مواقع فراہم کرے، تو لوگوں کو اپنی زندگی کی بہتر حالت حاصل کرنے کے لیے غیر قانونی راستوں کا سہارا نہیں لینا پڑے گا۔ معاشی ترقی کے ذریعے لوگوں کے لیے جائز روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں، جس سے انسانی سمگلنگ کے واقعات میں کمی آ سکتی ہے۔ بین الاقوامی سطح پر تعاون ،پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر انسانی سمگلنگ کے خلاف تعاون کو مزید بڑھانا ہوگا۔ مختلف ممالک کے ساتھ مل کر مشترکہ حکمت عملی تیار کی جا سکتی ہے، تاکہ سمگلنگ کے نیٹ ورک کو عالمی سطح پر ناکام بنایا جا سکے۔ ٹیکنالوجی کا استعمال انسانی سمگلنگ کے خلاف جنگ میں اہم ثابت ہو سکتا ہے۔ جدید نگرانی سسٹمز، ڈیٹا بیس، اور دیگر ٹیکنالوجیز کے ذریعے سمگلنگ کے نیٹ ورک کو پکڑنے اور ان کے خلاف کارروائی کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔انسانی سمگلنگ ایک سنگین مسئلہ ہے جس کا تدارک حکومت کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ اس کے خاتمے کے لیے مؤثر قوانین، عوامی آگاہی، معاشی ترقی اور بین الاقوامی تعاون کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف حکومت کو اس مسئلے کے تدارک کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانے ہوں گے تاکہ انسانی سمگلنگ کی لعنت کو ختم کیا جا سکے اور پاکستان کو اس سنگین مسئلے سے نجات دلائی جا سکے۔

    shahid naseem

  • جیل میں قید”مرشد”،ملک ریاض کی پارسائی،حقیقت یا فریب؟.تجزیہ:شہزاد قریشی

    جیل میں قید”مرشد”،ملک ریاض کی پارسائی،حقیقت یا فریب؟.تجزیہ:شہزاد قریشی

    جیل میں قید مرشد پارسا، مرشد کے دوست پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض بھی پارسا،لینڈ مافیا اور قبضہ گروپوں کی پشت پناہی کرنے والے سیاستدان، بیورو کریٹ، بیورو کریسی، اعلیٰ ترین پولیس افسران، سول انتظامیہ اور محکمہ مال کے افسران بھی پارسا، لاہور، کراچی، راولپنڈی میں بطور گفٹ پلاٹ اور کوٹھیاں لینے والے بھی پارسا۔ تمام ادارے پارسا پارسائی کے تمام دعوے دار پھر پاکستان عالمی اداروں کا مقروض کس نے کیا؟ عام آدمی نے؟ پیرخانے بھی مالدار، گدی نشین بھی مالدار، عام آدمی غریب کیوں ہے؟
    کہاں میں اور کہاں یہ آب کوثر سے دھلی خلقت
    میرا تو دم گھٹ رہا ہے ان پارسائوں میں

    کیا ہم کو تسلیم کر لینا چاہئے ملک ریاض نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔ جیل میں قید مرشد سے تو خطا ہو ہی نہیں سکتی۔ بقول شاعر۔
    مجروع قافلے کی مرے داستاں یہ ہے
    رہبر نے مل کر لوٹ لیا راہزن کیساتھ

    سیاسی گلیاروں میں عجب بے معنی شور ہے مشکلات میں گھرے عوام اور پاکستان کو اس بے معنی شور نے اس مقام پر لاکھڑا کیا ہے جس کی توقع نہیں تھی۔ سیاسی گلیاروں میں چمچہ گیری، چاپلوسی اور واہ ہی واہ کرنے والوں اور اپنے ہی سیاسی قائدین کی مخبری کرنے والوں میں اضافہ ہو چکا ہے ذرا سوچئے! ہم کن راہوں پر چل نکلے ہمارا کیا بنے گا؟ وطن عزیز اور اس کے اداروں کی ناقدری نہ کریں غیروں کی سازشوں کا آلہ کار نہ بنیں۔ گھر کے سیاسی جھگڑوں کو لندن اور امریکہ کی پارلیمنٹرین کے سامنے اپنے وطن عزیز اور اداروں کو بدنام کر کے ہم کون سا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں؟ بلوچستان میں پاکستان مخالف قوتیں بالخصوص بھارت مکروہ کھیل میں شریک ہے۔ افغانستان کے راستے پاکستان میں دہشت گردی، پاک فوج اور جملہ ادارے وطن عزیز اور عوام کی سلامتی کے لئے شہید ہو رہے ہیں۔ برطانیہ اور امریکہ میں موجود مرشد کے عاشقان مرشد سے التجا ہے کہ وطن عزیز اور اس کی حفاظت پر مامور اداروں کے خلاف پروپیگنڈہ نہ کریں قوم کب تک محو تماشا رہے گی تاریخ آپ کو کوڑے دان میں پھینک دے گی۔ انہی حرکتوں کی وجہ سے ہم آج تک ترقی پذیر ہیں صدق دل سے وطن عزیز کی ترقی میں ہر آدمی اپنا اپنا کردار ادا کرے ترقی پذیر ممالک یک ترقی کا راز علم، عمل اور قانون کی حکمرانی ہے انصاف ہے۔ قوم کو اپنی پاک فوج اور جملہ اداروں کیخلاف پروپیگنڈہ کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دینا ہوگا۔ افغانستان میں موجود دہشت گرد بھارت کی توجہ کا مرکز ہیں پاک فوج ہی جس نے قربانیاں دے کر ان کا راستہ روکا ہوا ہے

  • گوادر کا جدید ہوائی اڈہ، پاک چین دوستی ،عالمی تجارتی نیٹ ورک میں اہم اضافہ،تجزیہ:شہزاد قریشی

    گوادر کا جدید ہوائی اڈہ، پاک چین دوستی ،عالمی تجارتی نیٹ ورک میں اہم اضافہ،تجزیہ:شہزاد قریشی

    ٹرمپ انتظامیہ کی بھرپور توجہ معیشت پر ہے اور فسٹ امریکہ پر ہے۔ پاکستان نے نیو ائیر پورٹ گوادر کا افتتاح کردیا ہے۔ اس بڑے منصوبے کی تکمیل میں جمہوری حکومتوں اور پاک فوج جملہ اداروں کا بہت بڑا کردار ہے۔ پاکستان کی معیشت کو لے کر مستقبل میں معاشی مستحکم پاکستان کا خواب پورا ہوتا نظر آرہا ہے۔ آج اس منصوبے کے مکمل ہونے پر میری بات نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ہوئی جنہوں نے خدا پاک کا شکریہ ادا کیا ۔

    قارئین، پاکستان کو معاشی مستحکم کرنے میں نواز شریف اور اسحاق ڈار جو نواز شریف کے دور حکومتوں میں وزیر خزانہ رہے۔ معیشت کو مستحکم کرنے میں کردار ادا کیا مگر سازشوں نے نواز شریف کو اپنی مدت پوری نہیں کرنے دی ،ہر بار کوئی نہ کوئی سازش تیار کی گئی، کبھی جلا وطنی ، کبھی اٹک قلعہ ،کبھی اڈیالہ جیل ، کبھی کوٹ لکھپت جیل بند کردیا گیا ۔ بدقسمتی سے سیاسی جماعتیں ان سازشوں کا حصہ رہیں۔ ملک کے اس عظیم الشان منصوبے سے بہت سے ممالک کے پیٹ میں مروڑ اُٹھ رہے ہیں ۔ نیو ائیر پورٹ کے منصوبے یعنی گوادر پورٹ بھارت سمیت دنیا کے کئی ممالک نے خوفناک سازش کی تاہم پاک فوج اور جملہ اداروں نے ان بین الاقوامی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ اس منصوبے کو ناکام بنانے کے لئے کس کس سازش کا نام لوں۔ اب اس کے فعال ہو جانے سے دبئی پورٹ اور ایران کی بندر گاہ عباس کی پہلے جیسی اہمیت نہیں رہے گی ۔ کاروباری لحاظ سے یہ بہت بڑی منڈی ہے۔ چین کو کم سے کم سمندری اور کم سے کم زمینی فاصلے کی ضرورت تھی ۔ گوادر پورٹ چین کی اس ضرورت کو پورا کرنے کے لئے نہایت اہم روٹ ہے۔ چین نے اس منصوبے میں دل کھول کر سرمایہ کاری کی ہے۔ چین موجودہ دور دور کا اقتصادی سپر پاور ہے ۔ اس سے تجارت اور سیاحت کو فروغ ملے گا ۔ پاکستان کی معیشت کو نمایاں فائدہ ہوگا۔ بین الاقوامی ہوائی کمپنیوں کے لئے ایک بہت بڑا مرکز بن جائے گا۔

    گوادر کا یہ بین الاقوامی ہوائی اڈہ پاکستان کے ایوی ایشن انفراسٹرکچر کو بڑھانے اور گوادر کو علاقائی اور عالمی تجارتی نیٹ ورکس میں مربوط کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ جنوبی ایشیائی قوم کے لئے ترقی کا ایک نیا باب کھولے گا۔ چین اور پاکستان کے درمیان ٹھوس دوستی کی علامت ہے۔ نیو گوادر ائیر پورٹ جدید ترین ٹیکنالوجی اور تعمیراتی منصوبے سے لیس ہے۔ اگر پاکستان فسٹ پر عمل کرتا رہا تو ایک دن پاکستان بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے چھٹکارا حاصل کرلے گا