Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • تھائی لینڈ: اسکول بس میں آتشزدگی،20 سے زئاد بچوں کی ہلاکتوں کا خدشہ

    بنکاک: تھائی لینڈ میں ایک پرائمری اسکول کی بس میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی –

    باغی ٹی وی : عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بس میں 50 کے قریب کم سن بچے اور اساتذہ سوار تھے جو شمالی صوبے اتھائی تھانی کے سیاحتی دورے سے واپس آرہی تھی کہ تیز رفتار بس کا ٹائر پھٹ گیا جس کے نتیجے میں سڑک کنارے لگے باڑ سے ٹکرا کر الٹ گئی اور اس میں آگ بھڑک اُٹھی آگ بس کے اگلے حصے میں لگنا شروع ہوئی تھی۔

    بچے خوفزدہ ہوکر بس کے پیچھے حصے کی طرف گئے دروازے اور کھڑکیاں بند تھیں صرف 19 افراد بس سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوسکے جنھیں زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا امدادی کاموں کے دوران 3 سے 15 سال کی عمر کے بچوں کی سوختہ لاشیں بس کے پچھلے حصے سے ملیں لاشیں اتنی بری جلی تھیں کہ ان کی شناخت ہونا ناممکن ہے۔

    وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ زیادہ تر بسیں انتہائی خطرناک کمپریسڈ قدرتی گیس سے چلتی ہیں جس کے مسافر بسوں میں استعمال پر پابندی ہونی چاہیے ،بس حادثے میں 20 سے زائد بچوں کی ہلاکت کا خدشہ ہے جب کہ 19 نے چھلانگ لگا کر اپنی جانیں بچائیں۔

    واضح رہے کہ تھائی لینڈ میں غیر معیاری سڑکیں، گاڑیوں کی خراب حالت اور ٹریفک کے بدترین نظام کے باعث سالانہ 20 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوتی ہیں۔

  • اوچ شریف: نامعلوم کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق

    اوچ شریف: نامعلوم کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) نامعلوم کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق

    تفصیل کے مطابق احمد پور شرقیہ میں افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں 30 سالہ نوجوان بلاول بشیر نامعلوم کار کی ٹکر سے جاں بحق ہو گیا۔ یہ حادثہ چوہدری فلنگ اسٹیشن کے قریب احمد پور روڈ پر پیش آیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق، بلاول بشیر خدا بخش مہر کا رہائشی تھا۔

    ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں جبکہ پولیس نے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثہ کار کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ متوفی کی میت ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔

    مقامی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سڑکوں پر احتیاط برتیں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کریں تاکہ ایسے افسوسناک حادثات سے بچا جا سکے۔

  • اوچ شریف:نلکا اڈہ،عباسیہ کینال کا پل خستہ حالی کا شکار، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا

    اوچ شریف:نلکا اڈہ،عباسیہ کینال کا پل خستہ حالی کا شکار، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا

    اوچ شریف (باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان) نواحی علاقے نلکا اڈہ کے قریب عباسیہ کینال پر واقع پل کی حالت انتہائی خستہ ہو چکی ہے، جس سے مقامی آبادی کو آمدورفت میں شدید مسائل درپیش ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق، پل کی ٹوٹ پھوٹ اور حفاظتی جنگلوں کی عدم موجودگی نے روزانہ ہزاروں افراد کی زندگی کو خطرے میں ڈال رکھا ہے۔

    بشیر احمد نامی ایک مقامی رہائشی نے بتایا کہ "ہمیں پل عبور کرتے ہوئے ہر روز خوف محسوس ہوتا ہے۔ اگر کوئی حادثہ پیش آیا تو ذمہ دار کون ہوگا؟” بچوں، بزرگوں اور مزدوروں کے لیے اس پل کا استعمال روزمرہ کا معمول ہے، لیکن خراب حالت کے باعث انہیں خطرات کا سامنا ہے۔

    علاقائی رہنماؤں نے حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پل نہ صرف آمدورفت کے لیے بلکہ مقامی معیشت کے لیے بھی اہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقامی حکومت کی غفلت عوام میں مایوسی کا سبب بن رہی ہے اور لوگ محفوظ متبادل راستے کی تلاش میں ہیں۔ عوامی مطالبات کو نظرانداز کرنا کسی بڑی ناگہانی صورتحال کا باعث بن سکتا ہے۔

  • گوجرانوالہ: اویسو ڈکیت گینگ کے دو ارکان گرفتار، نقدی، موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد

    گوجرانوالہ: اویسو ڈکیت گینگ کے دو ارکان گرفتار، نقدی، موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی،نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی) گوجرانوالہ پولیس نے تھانہ قلعہ دیدار سنگھ کے علاقے میں ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث اویس عرف اویسو ڈکیت گینگ کے خلاف اہم کارروائی کرتے ہوئے دو ارکان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 1 لاکھ 24 ہزار 500 روپے نقدی، 2 موٹر سائیکل، 1 موبائل فون اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے۔

    یہ کامیاب کارروائی ایس ایچ او تھانہ قلعہ دیدار سنگھ انسپکٹر عبدالرحمٰن اور ان کی پولیس ٹیم نے ڈی ایس پی میاں عبدالجبار کی زیر نگرانی کی۔ کارروائی کے دوران اویس عرف اویسو اور علی رضا نامی ملزمان کو گرفتار کیا گیا جو کہ علاقے میں ڈکیتی اور موٹرسائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔

    سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) محمد ایاز سلیم نے اس موقع پر کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈکیتوں، موٹرسائیکل چوروں اور سماج دشمن عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

    علاقے کے مکینوں نے پولیس کی اس کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف علاقے میں امن کی فضا قائم ہوگی بلکہ مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کو بھی سخت پیغام ملے گا۔ سی پی او محمد ایاز سلیم نے ایس ایچ او انسپکٹر عبدالرحمٰن اور ان کی ٹیم کی اعلیٰ کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور آئندہ بھی اسی طرح کی کارروائیوں کی ہدایت کی۔

    پولیس حکام کے مطابق اس قسم کی کارروائیاں گوجرانوالہ میں جرائم کی روک تھام اور امن کی بحالی کے لیے ضروری ہیں اور عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

  • ڈیرہ غازیخان :بی ایم پی چیک پوسٹوں پر رشوت اور اثر و رسوخ کا راج

    ڈیرہ غازیخان :بی ایم پی چیک پوسٹوں پر رشوت اور اثر و رسوخ کا راج

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی رپورٹ) بی ایم پی چیک پوسٹوں پر رشوت اور اثر و رسوخ کا راج

    تفصیلات کے مطابق بین الصوبائی چیک پوسٹ و تھانہ بواٹہ پر تعینات ایس ایچ او اقبال لغاری اور اہلکار شوکت کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ چیک پوسٹ راکھی گارج پر تعینات فیاض نامی اہلکار کے ساتھ مل کر مبینہ طور پر سمگلروں اور با اثر سیاستدانوں کے مفادات کی حفاظت کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ اہلکار مبینہ طور پر سمگلنگ کے ذریعے کمایا گیا پیسہ سیاستدانوں تک پہنچاتے ہیں جبکہ ایس ایچ اوز بے بس ہو کر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

    عوامی حلقوں نے بارڈر ملٹری پولیس کے سینئر کمانڈنٹ شاہد زمان لک اور کمانڈنٹ اسد خان چانڈیہ سے اپیل کی ہے کہ ان اہلکاروں کو چیک پوسٹوں سے فوری طور پر ہٹایا جائے تاکہ کرپشن اور لوٹ مار کا خاتمہ ہو سکے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ان اہلکاروں کو چوٹی زیریں اور فورٹ منرو کے با اثر سیاستدانوں کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے جس کی وجہ سے موجودہ دور حکومت میں بھی ان کا تبادلہ ممکن نہیں ہو سکا۔

    مزید برآں ذرائع کا کہنا ہے کہ فیاض نامی اہلکار کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ وہ ایس ایچ اوز پر دباؤ ڈالتا ہے اور ان سے من مانی کرواتا ہے۔ اس نے یہاں تک دھمکی دی ہے کہ اگر اس کا تبادلہ کیا گیا تو وہ چوٹی جا کر تمام بڑے افسروں کو لاہور بھیج دے گا۔ عوامی حلقے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کر رہے ہیں اور فوری ایکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

  • اوچ شریف: موٹروے ایم 5 پر کروڑوں روپے کی چوری شدہ گاڑی اور بیٹریاں برآمد

    اوچ شریف: موٹروے ایم 5 پر کروڑوں روپے کی چوری شدہ گاڑی اور بیٹریاں برآمد

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) موٹر وے ایم 5 پر پولیس کی خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی میں ایک کروڑ روپے مالیت کی ہائی روف گاڑی اور 20 لاکھ روپے مالیت کی چوری شدہ بیٹریاں برآمد کر لی گئیں۔ کارروائی کے دوران ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے، تاہم ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق، ڈی ایس پی موٹر وے ایم 5 چوہدری مسرور علی کی قیادت میں ایڈمن آفیسر محمد شفیق اشرف قسرانی اور دیگر آفیسرز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔ موٹر وے پولیس نے حکمت عملی کے تحت گھیرا تنگ کیا، جسے دیکھتے ہوئے ملزمان گاڑی چھوڑ کر قریبی کھیتوں میں فرار ہو گئے۔

    موٹر وے پولیس نے ایک کروڑ روپے کی ہائی روف گاڑی اور 20 لاکھ روپے مالیت کی 23 چوری شدہ ڈرائی بیٹریوں کو تحویل میں لے کر مقدمہ درج کر دیا۔

    اس موقع پر ڈی ایس پی چوہدری مسرور علی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نہ صرف ٹریفک قوانین کے نفاذ اور حادثات کی روک تھام میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، بلکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھی کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

    انہوں نے کہا کہ موٹر وے پر موثر پٹرولنگ کی بدولت سفر محفوظ ہے، اور عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک گاڑی یا شخص کی موجودگی پر فوری طور پر ہیلپ لائن 130 پر اطلاع دیں۔

  • سچ سامنے آیا،ریاستی اداروں پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد،اندھے قتل کا قاتل گرفتار

    سچ سامنے آیا،ریاستی اداروں پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد،اندھے قتل کا قاتل گرفتار

    لنڈی کوتل (باغی ٹی وی رپورٹ)سچ سامنے آیا،ریاستی اداروں پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد،اندھے قتل کا قاتل گرفتار

    تفصیلات کے مطابق 18 اگست 2024 کو لنڈی کوتل بائی پاس پر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں خوگا خیل سے منتخب یوتھ کونسلر اور نوجوان فٹ بال کھلاڑی لاوید شاہ کو گولی مار کر قتل کیا گیا۔ لاوید شاہ اپنے اخلاق اور ملنسار طبیعت کی وجہ سے علاقے میں ایک ہردلعزیز شخصیت کے طور پر مشہور تھے۔ انہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال لنڈی کوتل اور بعد ازاں پشاور منتقل کیا گیا۔

    قتل کے بعد، پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے فوری تحقیقات کا آغاز کیا، مگر بعض ریاست مخالف عناصر نے اس سانحے کو پروپیگنڈہ کا ذریعہ بناتے ہوئے ریاست اور سیکیورٹی اداروں پر بے بنیاد الزامات لگانا شروع کر دیے۔ بجائے اس کے کہ ان عناصر نے مجرموں کی گرفتاری میں مدد کی ہوتی، انہوں نے اس واقعے کو ریاستی اداروں کے خلاف نعرے بازی اور عوام کو بھڑکانے کا موقع بنایا۔

    22 اگست کو لاوید شاہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے، جس کے بعد 25 اگست کو خیبر سپورٹس کلب کی جانب سے ان کے لیے انصاف دلانے کے لیے ایک ریلی نکالی گئی۔ اس ریلی کو بھی ریاست مخالف عناصر نے ہائی جیک کیا اور پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے خلاف نعرے بازی کی۔

    پولیس نے تمام پروپیگنڈے کو نظرانداز کرتے ہوئے سائنسی بنیادوں پر تفتیش جاری رکھی۔ حالانکہ واقعہ کے وقت موجود 200 سے زائد افراد میں سے کسی نے بھی قاتلوں کی شناخت یا مدد نہیں کی، پولیس نے مسلسل محنت جاری رکھی۔ 30 ستمبر 2024 کو پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے قاتل محمد نواز ولد سمندر خان کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا۔ دوران تفتیش، قاتل نے اعتراف کیا کہ اس نے لاوید شاہ کو غیرت کے نام پر قتل کیا اور وجہِ عناد مستورات تھیں۔

    پولیس کی اس کامیاب کارروائی سے ثابت ہو گیا کہ ریاست اور اس کے ادارے عوام کے تحفظ کے لیے سرگرم ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایسے عناصر سے ہوشیار رہیں جو ریاست مخالف پروپیگنڈے کے ذریعے مظلوم خاندانوں کے جذبات سے کھیلتے ہیں اور اپنی سیاست کو لاشوں پر قائم کرتے ہیں۔

  • ٹھٹھہ:گھارو  پولیس اور انتظامیہ ناکام، شہریوں کی جان و مال محفوظ نہیں،شہری کی پریس کلب میں دُہائی

    ٹھٹھہ:گھارو پولیس اور انتظامیہ ناکام، شہریوں کی جان و مال محفوظ نہیں،شہری کی پریس کلب میں دُہائی

    ٹھٹھہ (باغی ٹی وی، نامہ نگاربلاول سموں) گھارو شہر کے خانیہ محلہ کے رہائشی رجب خانیو نے عوامی پریس کلب ٹھٹھہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پولیس اور بااثر افراد کے خلاف انصاف کی دہائی دی ہے۔

    رجب خانیو کا کہنا ہے کہ وہ ایک غریب اور مہذب شہری ہیں لیکن ان کے علاقے کے کچھ اوباش اور لوفر لڑکے، جن کے نام فضل، صابر، گل حسن، میر حسن، اور اکو ہیں، ان کے بچوں خصوصاً بیٹیوں کو مسلسل ہراساں کرتے ہیں۔

    رجب خانیو نے مزید بتایا کہ جب انہوں نے ان لڑکوں کو منع کرنے کی کوشش کی تو وہ لڑنے اور جھگڑنے پر آمادہ ہو گئے۔ 27 ستمبر کو ان ملزمان نے رجب خانیو اور ان کے اہل خانہ پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئے۔

    انہوں نے گھارو تھانے میں شکایت درج کرانے کی کوشش کی، لیکن ایس ایچ او اور منشی نے ان کا مقدمہ درج کرنے سے انکار کر دیا۔ انہیں میڈیکل لیٹر تک فراہم نہیں کیا گیا اور نہ ہی ان ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

    رجب خانیو نے یہ بھی الزام لگایا کہ پولیس نے ملزمان سے رشوت لے کر ان کے گھر پر چھاپہ مارا اور چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا۔ رجب کا کہنا تھا کہ مذکورہ ملزمان بااثر اور امیر ہیں، جبکہ وہ خود ایک غریب شخص ہیں۔

    انہوں نے ایس ایس پی ٹھٹھہ سے مطالبہ کیا ہے کہ گھارو پولیس کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور ملزمان کو گرفتار کر کے انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔

  • میرپورخاص: سانحہ 30 ستمبر 1988ء کے شہداء کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی

    میرپورخاص: سانحہ 30 ستمبر 1988ء کے شہداء کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی

    میرپورخاص (باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص ڈسٹرکٹ آفس میں سانحہ 30 ستمبر 1988ء حیدرآباد کے شہداء کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب میں ڈسٹرکٹ کے ذمہ داران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    اس موقع پر ڈسٹرکٹ انچارج خالد تبسم، جوائنٹ ڈسٹرکٹ انچارجز آفاق احمد خان، سلیم میمن، ڈسٹرکٹ کمیٹی کے اراکین، مرکزی رکن اے پی ایم ایس او حارث راجپوت، یوسی چیئرمینز، وائس چیئرمینز، حق پرست کونسلرز، اور تمام یوسیز اور شعبہ جات کے ذمہ داران و کارکنان بھی موجود تھے۔ قرآن خوانی کے بعد شہداء کے بلند درجات، ملکی سلامتی، اور حق پرستانہ تحریک کی کامیابی و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خالد تبسم، آفاق احمد خان، اور سلیم میمن نے 30 ستمبر 1988ء کے سانحہ کی یاد تازہ کرتے ہوئے کہا کہ اس روز جدید آتشیں اسلحے سے لیس دہشت گردوں نے بے گناہ محب وطن پاکستانیوں کا قتل عام کیا، جس کی مثال دنیا کی تاریخ میں کم ہی ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملکی تاریخ کا ایک بڑا المیہ ہے کہ اس وحشیانہ قتل عام کے باوجود مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں نہیں لایا گیا، اور وہ آج بھی آزادانہ گھوم رہے ہیں۔

    انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام شواہد کے باوجود متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم نہیں کیا گیا، جس سے ان میں مایوسی پھیل رہی ہے۔ ایم کیو ایم رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سانحہ 30 ستمبر 1988ء میں ملوث عناصر کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف مل سکے اور ان کی مایوسی دور کی جا سکے۔

    تقریب میں شریک تمام افراد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ تحریک کی کامیابی کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور حق پرستانہ تحریک کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

  • خیبر رائفلز کی بڑی کارروائی،بچے سے منشیات برآمد

    خیبر رائفلز کی بڑی کارروائی،بچے سے منشیات برآمد

    خیبر (باغی ٹی وی رپورٹ) طورخم بارڈر ٹرمینل پر خیبر رائفلز نے ایک چھوٹے بچے سے بڑی مقدار میں منشیات برآمد کر لی۔

    ذرائع کے مطابق طورخم بارڈر پر تعینات سیکیورٹی اہلکاروں کو ایک بچے پر شک ہوا جسے تلاشی کے لیے روکا گیا۔ تلاشی لینے پر بچے کے پاس موجود سگریٹس کے ڈبے برآمد ہوئے، جن میں مبینہ طور پر 1.5 کلوگرام آئس (منشیات) چھپائی گئی تھی۔

    اس اہم کارروائی کے بعد برآمد شدہ منشیات کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات کی جا سکیں۔

    ذرائع نے اس افسوس ناک واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے بچوں کو اس طرح کے غیر قانونی اور غیر اخلاقی کاموں میں ملوث کرنا نہایت افسوسناک اور ناقابل معافی جرم ہے۔ ایسے عناصر جو بچوں کو غلط کاموں میں استعمال کر کے ان کی زندگیاں تباہ کرتے ہیں، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    عوام اور والدین کو خصوصی طور پر آگاہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ایسی مجرمانہ سرگرمیوں سے دور رکھیں اور ان کی تعلیم و تربیت پر بھرپور توجہ دیں تاکہ ان کا مستقبل محفوظ اور روشن ہو۔