صادق آباد میں سندھ اور پنجاب پولیس نے سرحدی کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے خلاف مشترکہ گرینڈ آپریشن شروع کر دیا ہے، جس کے دوران اب تک 62 انتہائی مطلوب ڈاکوؤں نے سرنڈر کر کے خود کو قانون کے حوالے کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سرنڈر کرنے والوں میں لوند، کوش، لٹھانی اور سیکھانی گینگ کے خطرناک اور سرگرم عناصر شامل ہیں، جو طویل عرصے سے مختلف سنگین جرائم میں مطلوب تھے۔ اس کے علاوہ 50 سے زائد سہولت کاروں کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی غازی صلاح الدین نے بتایا کہ آپریشن میں دو ہزار پولیس اہلکار حصہ لے رہے ہیں، جبکہ نگرانی کے لیے آٹھ ڈرون ٹیمیں، چھ بلٹ پروف گاڑیاں اور درجنوں بکتر بند گاڑیاں استعمال کی جا رہی ہیں۔ ان کے مطابق آپریشن جدید ٹیکنالوجی اور موثر محاصرے کے تحت جاری ہے۔
ڈی آئی جی غازی صلاح الدین کا کہنا تھا کہ آپریشن کا بنیادی مقصد ڈاکوؤں کو قانون کے سامنے لانا اور ریاستی رِٹ قائم کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو افراد جرائم ترک کر کے رضاکارانہ طور پر سرنڈر کریں گے، ان کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا اور انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو عناصر ریاست کا سامنا کرنے سے انکار کریں گے، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ پولیس کے مطابق جاری آپریشن کے نتیجے میں علاقے میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی کی توقع ہے۔
Category: جرائم و حادثات
-

کچے کے علاقوں میں بڑا بریک تھرو، 62 انتہائی مطلوب ڈاکوؤں کا سرنڈر
-

اوکاڑہ: وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن “انصاف کی فراہمی دہلیز تک” کے تحت کھلی کچہریوں کا انعقاد
اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر)اوکاڑہ میں وزیراعلیٰ پنجاب کے عوام دوست ویژن “انصاف کی فراہمی دہلیز تک” کے تحت ضلعی پولیس کی جانب سے کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا۔ ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت نے ایک ہی روز میں دو مختلف مقامات پر کھلی کچہریاں منعقد کیں، جن میں تھانہ کینٹ اور الیونس میرج ہال شامل ہیں۔
کھلی کچہریوں کے دوران شہریوں نے اپنے مسائل اور شکایات براہِ راست ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے سامنے پیش کیں۔ ڈی پی او اوکاڑہ نے شہریوں کی درخواستیں بغور سنیں اور متعدد شکایات پر موقع پر ہی قانونی احکامات جاری کیے۔
اس موقع پر ڈی پی او راشد ہدایت کا کہنا تھا کہ کھلی کچہریوں کے انعقاد کا بنیادی مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر بروقت اور شفاف انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے ایسے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے۔
بعد ازاں انچارج کمپلینٹ سیل انسپکٹر ریحانہ کوکب کو تمام موصولہ درخواستوں کا مکمل فالو اپ لینے اور بروقت رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔
-

اوکاڑہ: دو مختلف روڈ حادثات میں خاتون سمیت دو افراد جاں بحق
اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر)اوکاڑہ میں پیش آنے والے دو الگ الگ ٹریفک حادثات میں ایک خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ دونوں کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق پہلا حادثہ ستگھرہ روڈ، چک 14 ون آر کے قریب پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار ڈمپر اور موٹر سائیکل میں تصادم کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار 35 سالہ جمشید احمد ولد محمد صدیق سکنہ ہڑپہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
دوسرا افسوسناک حادثہ پاکپتن روڈ، مرزا پل کے مقام پر پیش آیا، جہاں ایک ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار 60 سالہ غلام فاطمہ سکنہ موچی پورہ پاکپتن جان کی بازی ہار گئیں۔
حادثات کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور ریسکیو 1122 اوکاڑہ کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے امدادی کارروائیاں مکمل کرنے کے بعد دونوں جاں بحق افراد کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دیں، جبکہ پولیس نے واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
-

کوٹ رادھا کشن میں علامہ اقبال ایکسپریس کے انجن میں آگ
لاہور کے قریب کوٹ رادھا کشن میں علامہ اقبال ایکسپریس کے انجن میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث ٹرین ڈرائیور نے ریلوے پھاٹک پر ہی ٹرین روک دی۔ آگ لگنے سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ کر فوری طور پر آگ پر قابو پانے میں کامیاب ہو گئے۔ ریلوے حکام کے مطابق حادثے کے دوران کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
انجن میں آگ لگنے کی وجوہات کا ابھی تک تعین نہیں ہو سکا۔ ٹرین کے کولنگ کے عمل کے بعد اسے دوبارہ روانہ کر دیا گیا ہے۔ -

راولپنڈی،ملزم 3 سال کی بچی کے کانوں سے بالیاں نوچ کر فرار
راولپنڈی کے علاقے دھمیال میں ڈکیتی کی ایک نہایت دل دہلا دینے والی واردات پیش آئی ہے، جہاں ایک بے رحم ملزم نے تین سالہ معصوم بچی کو نشانہ بنایا اور اس کے کانوں سے بالیاں نوچ کر موقع سے فرار ہوگیا۔
واقعہ دھمیال کے ایک رہائشی علاقے میں پیش آیا، جہاں ملزم نے موقع پاکر معصوم بچی کے قریب آکر اچانک اس کے کانوں سے بالیاں نوچ لیں۔ بچی کے چیخنے چلانے پر ملزم گھبراہٹ کے عالم میں تیزی سے فرار ہوگیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، جس میں ملزم کو واردات کے بعد گلی سے بھاگتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد واقعے پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ شہریوں نے معصوم بچوں کے ساتھ ہونے والی اس طرح کی وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او راولپنڈی نے پولیس حکام کو ملزم کی جلد از جلد گرفتاری کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
-

غیر ملکی سفارتخانوں کا گل پلازہ سانحے پر اظہار افسوس
اسلام آباد میں غیر ملکی سفارتخانوں نے کراچی کے گل پلازہ میں ہونے والی آتشزدگی کے افسوسناک واقعے پر اپنے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
ترک سفارتخانے نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ روسی سفارتخانے نے اس واقعے کو المناک قرار دیتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
فرانسیسی سفارتخانہ نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں۔ برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ گل پلازہ میں ہونے والی المناک آگ نے دل توڑ دیا ہے اور وہ اپنے پیاروں کو کھونے والے متاثرین کے ساتھ ہمدردیاں رکھتی ہیں۔
یہ اظہار افسوس بین الاقوامی برادری کی جانب سے سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کے لیے ہمدردی اور حمایت کا عندیہ ہے۔ -

پشاور میں ڈانس کلب کے اعلان پر خاتون انفلوئنسر گرفتار
خیبرپختونخوا کے مرکزی شہر پشاور میں ڈانس کلب کھولنے کا اعلان کرنے والی ایک خاتون انفلوئنسر کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
پشاور پولیس کے مطابق سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں کو بے راہ روی کی جانب راغب کرنے اور غیر اخلاقی مواد پھیلانے میں ملوث خاتون کو حراست میں لیا گیا ہے۔ گرفتار خاتون کی شناخت سونیا شاہ زوجہ دادو شاہ کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں گلبہار نمبر 4، اعجاز آباد سے گرفتار کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے ایک وائرل ویڈیو میں پشاور میں ڈانس کلب کھولنے کا دعویٰ کیا تھا، جبکہ ویڈیو میں نازیبا زبان بھی استعمال کی گئی جو معاشرتی اقدار اور ملکی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ گرفتار انفلوئنسر کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، اور فحاشی، بدامنی اور بے راہ روی پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی مزید تیز کی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق افسرانِ بالا کے نوٹس لینے کے بعد غیر اخلاقی زبان کے استعمال پر خاتون کو تھانہ گلبہار کی لیڈیز پولیس کے ہمراہ گرفتار کیا گیا۔ -

گھوٹکی: پولیس کافیصلہ کن کچہ آپریشن، کوش گینگ کے دو بدنام ڈاکو ہلاک، 12 گرفتار
میرپورماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری)ضلع گھوٹکی کے کچہ ایریا میں امن و امان کی بحالی کے لیے جاری بڑے اور فیصلہ کن ٹارگیٹڈ آپریشن کے دوران سکھر رینج پولیس، وفاقی سول انٹیلیجنس ایجنسی اور سندھ رینجرز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کوش گینگ کے دو انتہائی خطرناک اور بدنام زمانہ ڈاکوؤں کو ہلاک کر دیا، جبکہ 12 سے زائد جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کر لیا گیا۔ آپریشن کے دوران 8 سے 10 ڈاکوؤں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
یہ آپریشن ڈی آئی جی لاڑکانہ/سکھر ناصر آفتاب، ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران، ایس ایس پی خیرپور ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو اور ایس ایس پی سکھر اظہر مغل کی براہِ راست قیادت میں کیا گیا، جس میں سکھر رینج پولیس اور سندھ رینجرز نے پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر حکمتِ عملی کے تحت اہم کامیابی حاصل کی۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت ملاؤ ولد جوت علی کوش اور محمد مراد عرف ڈاڈو ولد جوت علی کوش کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں ڈاکو کچہ ایریا میں طویل عرصے سے سرگرم اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔ ہلاک ڈاکو ملاؤ کوش کے خلاف سندھ اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں 40 سے زائد جبکہ محمد مراد عرف ڈاڈو کوش کے خلاف 16 سے زائد سنگین مقدمات درج تھے، جن میں اغوا برائے تاوان، قتل، ڈکیتی، اقدامِ قتل، بھتہ خوری اور سہولت کاری جیسے سنگین جرائم شامل ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق دونوں ڈاکو موٹر وے پر حملوں، اغوا کی وارداتوں اور پولیس افسران کو براہِ راست دھمکیاں دینے میں بھی ملوث رہے، جس کے باعث کچہ ایریا اور ملحقہ علاقوں میں خوف و ہراس کی فضا قائم تھی۔
آپریشن کے دوران مشترکہ فورسز نے کوش گینگ کے متعدد ٹھکانوں تک رسائی حاصل کی، جہاں سے اسلحہ، سہولت کاری کے شواہد اور دیگر مشتبہ مواد برآمد کیا گیا۔ بعد ازاں جرائم پیشہ عناصر کے زیرِ استعمال ٹھکانوں کو نذرِ آتش کر کے مسمار کر دیا گیا تاکہ مستقبل میں انہیں دوبارہ جرائم کے لیے استعمال نہ کیا جا سکے۔
ترجمان گھوٹکی پولیس کے مطابق کچہ ایریا میں ٹارگیٹڈ آپریشن پوری شدت کے ساتھ جاری ہے اور یہ کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک ڈاکوؤں کا مکمل خاتمہ یا ان کا غیر مشروط سرنڈر ممکن نہیں ہو جاتا۔ پولیس اور رینجرز نے واضح کیا ہے کہ ریاستی رٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
علاقہ مکینوں اور سول سوسائٹی حلقوں نے سکیورٹی فورسز کی اس کامیاب کارروائی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان مسلسل آپریشنز کے نتیجے میں کچہ ایریا ایک بار پھر امن کا گہوارہ بن سکے گا۔
-

آئل ٹینکر سے نو کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد، ملزم گرفتار
لاہور میں آئل ٹینکر کے خفیہ خانوں سے نو کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد کر لی گئی، جن میں ویڈ اور افیون شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے خفیہ اطلاعات پر موٹروے ایم ون پر کارروائی کرتے ہوئے برہان ریسٹ ایریا کے قریب ایک آئل ٹینکر کو روکا اور تلاشی کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی۔
ترجمان پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے مطابق آئل ٹینکر کے خفیہ خانوں سے مجموعی طور پر ایک ہزار ایک سو چالیس کلو گرام ویڈ اور افیون برآمد ہوئی، جس کی مالیت تقریباً نو کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ منشیات لاہور، شیخوپورہ، ملتان اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں اسمگل کی جا رہی تھیں۔
کارروائی کے دوران اسمگلنگ میں ملوث ایک ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا، جس کے خلاف پنجاب کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹنسز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ -

گل پلازہ متاثرین کو عدالتوں اور متعلقہ فورمز پر مفت قانونی معاونت فراہم کریں گے،کراچی بار
کراچی بار کا کہنا ہے کہ کراچی بار گل پلازہ میں پیش آئے افسوسناک آتشزدگی کے واقعے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتی ہےاور لواحقین اور تاجروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے-
تفصیلات کے مطابق کراچی بار کا کہنا تھا کہ گل پلازہ محض ایک تجارتی عمارت نہیں تھا بلکہ کراچی کی معاشی اور ثقافتی شناخت کا ایک اہم حصہ تھا گل پلازہ دہائیوں سے ہزاروں خاندانوں کا ذریعہ روزگار رہا، اس سانحے میں جاںبحق افراد کی درست تعداد شاید کبھی معلوم نہ ہو سکے تاہم تباہی کا حجم نا قابل تردید ہے تقریبا 1200 دکانیں مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں اور 20 سے 25 ملین امریکی ڈالر مالیت کا سامان جل کر راکھ ہو گیامجموعی نقصان تقریبا 100 ملین امریکی ڈالر کے قریب ہے اصل المیہ انسانی جانوں کا نقصان، روز گار کا خاتمہ اور خاندانوں کا بے چینی اور کرب میں مبتلا ہونا ہے۔
بار نے کہا کہ یہ سانحہ کوئی اچانک حادثہ نہیں بلکہ مسلسل غفلت، کمزور طرز حکمرانی اور انسانی جانوں سے لاپرواہی کا منطقی نتیجہ ہے کراچی بار لواحقین اور تاجروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے سانحہ سے متعلق تمام قانونی کارروائیاں بلا معاوضہ سر انجام دی جائیں گی،سینئر وکلا اور قانونی ماہرین پر مشتمل پروبونو لیگل کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے کمیٹی تمام متاثرین کو عدالتوں اور متعلقہ فورمز پر مفت قانونی معاونت فراہم کرے گی۔
گل پلازہ میں خارجی راستوں پر بھی دکانیں بنانے کا انکشاف
واضح رہے کہ ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ کراچی کے چند ان صف اول کے کاروباری مراکز میں شمار کیا جاتا ہے جہاں یومیہ بنیادوں پر سیکڑوں نہیں بلکہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ خریداری کے لیے آتے تھے اور یہاں سے تھوک کا کام بھی ہوتا تھا لیکن بد قسمتی سے چند گھنٹوں میں جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا۔
سانحہ گل پلازہ:جماعت اسلامی نے سندھ اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرادی