Baaghi TV

Category: ڈیرہ غازی خان

  • ڈیرہ غازی خان: وڈور روڈ ڈکیتوں کی آماجگاہ، شہری سےنقدی اور موٹرسائیکل چھین کر فرار

    ڈیرہ غازی خان: وڈور روڈ ڈکیتوں کی آماجگاہ، شہری سےنقدی اور موٹرسائیکل چھین کر فرار

    ڈیرہ غازی خان، باغی ٹی وی(نیوز رپورٹر شاہد خان) ڈیرہ غازی خان کے وڈور روڈ پر ریلوے پھاٹک کے قریب سحری کے وقت ڈکیتوں نے شہری مزمل اشفاق کو گن پوائنٹ پر لوٹ لیا۔ ڈکیت مزمل اشفاق سے سی ڈی موٹر سائیکل، 80 ہزار روپے نقد اور موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے۔ مزمل اشفاق سبزی منڈی سے اپنی دکان کے لیے پھل لینے جا رہے تھے۔

    ذرائع کے مطابق وڈور روڈ ڈکیتوں کے لیے سیرگاہ بن چکا ہے، جہاں وہ جب چاہتے ہیں راہگیروں سے موٹر سائیکل، نقدی اور موبائل فون چھین لیتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں سحری کے وقت پولیس کو یہاں گشت کرنا چاہیے۔ شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہونی چاہئے، لیکن اس علاقے میں پولیس کا گشت نہ ہونے کے برابر ہے، جس کی وجہ سے یہاں ڈکیتوں کا راج ہے۔

    شہریوں نے کمشنر ڈیرہ غازی خان، آر پی او ڈیرہ غازی خان، ڈی پی او ڈیرہ غازی خان اور ایس ایچ او تھانہ صدر جعفر حبیب سے مطالبہ کیا ہے کہ اس ڈکیتی کا فوری نوٹس لیا جائے اور مزمل اشفاق سے چھینی گئی اشیاء برآمد کر کے انہیں واپس کی جائیں۔

  • ڈیرہ غازی خان: ماہِ صیام میں گراں فروشوں کے خلاف کارروائیاں، 1195 کاروباری مراکز سیل

    ڈیرہ غازی خان: ماہِ صیام میں گراں فروشوں کے خلاف کارروائیاں، 1195 کاروباری مراکز سیل

    ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی(نیوز رپورٹر شاہد خان) ماہِ صیام میں گراں فروشوں کے خلاف کارروائیاں، 1195 کاروباری مراکز سیل

    کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری کی زیر صدارت ماہِ صیام سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں غریب عوام کو معاشی ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

    کمشنر نے کہا کہ بڑے قصبات میں سستی چینی کے کاونٹرز قائم کر دیے گئے ہیں جبکہ گراں فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں مزید شدت لائی جا رہی ہے۔

    گزشتہ ایک ماہ کے دوران مارکیٹوں کے 4 لاکھ 56 ہزار معائنے کیے گئے، پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی پر 23 مقدمات درج کیے گئے، ناجائز منافع خوروں پر 30 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور 1195 کاروباری مراکز سیل کر دیے گئے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ڈویژن میں 131 افسران کو پرائس کنٹرول ایکٹ کے اختیارات تفویض کیے گئے ہیں تاکہ مصنوعی مہنگائی پر قابو پایا جا سکے۔

  • کوٹ چھٹہ:رمضان کی آمد پر مہنگائی بے قابو، غریب روزہ دار پریشان

    کوٹ چھٹہ:رمضان کی آمد پر مہنگائی بے قابو، غریب روزہ دار پریشان

    کوٹ چھٹہ،باغی ٹی وی( تحصیل رپورٹر مرید حسین ٹالپور)رمضان کی آمد پر مہنگائی بے قابو، غریب روزہ دار پریشان

    ماہِ مقدس کی آمد پر ناجائز منافع خوروں نے مہنگائی کا جن بوتل سے نکال دیا، جس سے غریب روزہ دار شدید مشکلات کا شکار ہو گئے۔ میڈیا کی نشاندہی کے باوجود ضلعی انتظامیہ کوئی عملی اقدامات نہ کر سکی۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع ڈیرہ غازی خان کی تحصیل کوٹ چھٹہ کے نواحی علاقے بستی تالپور پل 14 میں رمضان المبارک کے آغاز سے ہی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا۔ کھجور کی قیمت 300 روپے فی کلو سے بڑھ کر 500 روپے فی کلو ہو گئی، جبکہ چینی کی قیمت 6500 روپے بوری سے بڑھ کر 7500 روپے بوری تک جا پہنچی ہے۔ برائلر گوشت 500 روپے سے 700 روپے فی کلو ہو چکا ہے، جبکہ بڑے گوشت کی قیمت میں بھی 100 روپے فی کلو اضافہ کر دیا گیا ہے۔

    پھلوں کی قیمتوں میں بھی غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ سیب 200 روپے سے بڑھ کر 400 روپے فی کلو، امرود 100 روپے سے بڑھ کر 200 روپے فی کلو ہو چکا ہے۔ دیگر پھلوں جیسے مالٹا، اسٹرابیری، گنڈیری اور کیلا کی قیمتیں بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو گئی ہیں۔ اس کے علاوہ، انڈوں کی قیمت 260 روپے درجن سے بڑھ کر 300 روپے درجن ہو گئی ہے، جبکہ کئی جگہوں پر انڈے نایاب ہو گئے ہیں۔

    سبزیوں کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ آلو کی سرکاری قیمت 200 روپے فی 5 کلو مقرر کی گئی تھی، لیکن بازار میں 100 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ مرچیں 58 روپے کے بجائے 100 روپے فی کلو میں دستیاب ہیں، جبکہ سبز دھنیا 5 روپے کے بجائے 30 روپے گڈی اور پودینہ 6 روپے کے بجائے 15 روپے گڈی میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

    عوام نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے، ناجائز منافع خوروں، ذخیرہ اندوزوں اور کولڈ اسٹوریج مالکان کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کرنے اور قیمتوں کو اعتدال میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • پنجاب پختونخوا سرحد پر خوارجی دہشتگردوں کی 2 کارروائیاں ناکام

    پنجاب پختونخوا سرحد پر خوارجی دہشتگردوں کی 2 کارروائیاں ناکام

    ڈی جی خان: پنجاب پولیس ڈیرہ غازی خان نے خوارجی دہشت گردوں کے مختلف مقامات پر 2 حملے ناکام بنا دیئے، جس پر حملہ آور دہشتگرد فرار ہو گئے۔

    باغی ٹی وی : ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سرحدی علاقے مڑھا میں خوارجی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا گیا اس دوران پنجاب پولیس ڈی جی خان، سی ٹی ڈی اور رینجرز کا پنجاب و خیبر پختونخوا کے سرحدی علاقے مڑھا میں دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

    خوارجی دہشتگرد بھاری اسلحہ کے ساتھ پولیس ٹیموں پر حملہ آور ہوئے، جس پر پولیس ٹیموں نے بھرپور جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں خوارجی دہشت گرد پہاڑوں میں فرار ہو گئے اسی دوران خوارجی دہشت گردوں کے ایک اور گروہ نے تھانہ وہوا کی سرحدی چوکی لکھانی پر اچانک حملہ کردیا، 15 سے 20 خوارجی دہشت گرد چیک پوسٹ لکھانی پر چاروں طرف سے حملہ آور ہوئے، جس پر تھرمل امیج کیمروں کی مدد سے خوارجی دہشتگردوں کی نشاندہی کی گئی۔

    یورپ اور امریکہ ایک،ٹرمپ ڈرامہ چین کا راستہ روکنا؟تجزیہ:شہزاد قریشی

    ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق خوارجی دہشت گردوں نے راکٹ لانچرز، ہینڈ گرینیڈ اور دیگر بھاری اسلحہ کا استعمال کیا جب کہ پولیس کے جانبازوں نے مشین اور مارٹر گنز سے فائرنگ کرکے فوری جوابی کارروائی کی، جس نے خوارجی دہشت گردوں کو پسپائی اور فرار ہو نے پر مجبور کر دیا موثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں دہشتگردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

    حکومت اب مزید بجلی نہیں خریدے گی ،اویس لغاری

    ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی کمانڈ آر پی او ڈی جی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کی جب کہ ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی کی زیر کمانڈ ایلیٹ فورس اور کیو آر ایف کی بیک اپ ٹیمیں فوری موقع پر پہنچیں، آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا بارڈر پر پولیس ٹیمیں اور تمام چیک پوسٹس پہلے سے ہائی الرٹ ہونے کے باعث حملہ ناکام بنایا گیا ہے انہوں نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے والے جوانوں کو شاباش بھی دی۔

    سائنسدانوں نے مریخ کی سرخ رنگت کا معمہ حل کرلیا

  • ڈیرہ غازی خان: کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر، پیداوار بڑھانے کے لیے اقدامات تیز

    ڈیرہ غازی خان: کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر، پیداوار بڑھانے کے لیے اقدامات تیز

    ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹرجواد اکبر) ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں دو لاکھ 15 ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر کر دیا گیا ہے۔ کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے زیادہ سے زیادہ رقبے پر کپاس کی بروقت کاشت اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے لیے متعلقہ محکموں اور کاروباری افراد کو ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔

    ڈویژنل کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کپاس کی کاشت کے معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت توسیع مہر عابد حسین نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے لیے 31 مارچ تک کپاس کی کاشت مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

    کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ نہری پانی کی فراہمی، معیاری بیج، کھاد اور زرعی ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جعلی بیج، کھاد اور پیسٹی سائیڈ کی تیاری، ترسیل اور فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد، مختلف محکموں کے افسران، کھاد، بیج اور زرعی ادویات کے کاروباری افراد بھی شریک تھے۔

  • باغی ٹی وی کی محنت رنگ لائی، ڈیرہ غازیخان میں کینسر ہسپتال منظور

    باغی ٹی وی کی محنت رنگ لائی، ڈیرہ غازیخان میں کینسر ہسپتال منظور

    ڈیرہ غازیخان (ڈاکٹرغلام مصطفیٰ بڈانی سے)باغی ٹی وی کی مسلسل چار ماہ کی خصوصی رپورٹس اور سول سوسائٹی کی مہم کے بعد بالآخر وزیرِاعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان میں کینسر ہسپتال کے قیام کا باضابطہ اعلان کر دیا۔ باغی ٹی وی نے گزشتہ کئی ماہ سے کینسر کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تفصیلی خبریں شائع کیں، عوامی مطالبات کو اجاگر کیا اور حکومت سے فوری اقدامات کی اپیل کی۔ اسی تسلسل میں وفاقی وزیر سردار اویس لغاری نے بھی وزیرِاعظم کی توجہ دلائی، جس پروزیراعظم میاں شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان میں کینسر ہسپتال بنانے کا اعلان کر دیا۔

    علامہ اقبال میڈیکل کالج کے تحقیقی مقالے کے مطابق گذشتہ پانچ سالوں میں ڈیرہ غازی خان میں کینسر کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ تحقیق کے مطابق ضلع میں 817 کینسر مریضوں میں سے 415 کا تعلق قبائلی علاقے کوہِ سلیمان سے ہے، جبکہ 350 خواتین میں بریسٹ کینسر اور دیگر اقسام کے کینسر کی تصدیق ہوئی ہے۔ ماہرین کے مطابق جنوبی پنجاب، بالخصوص ڈیرہ غازی خان میں چھاتی، جگر، گلے اور معدے کے کینسر کے کیسز خطرناک حد تک بڑھ رہے ہیں، جس کی بنیادی وجوہات میں صحت کی ناکافی سہولیات، ماحولیاتی آلودگی اور ناقص خوراک شامل ہیں۔

    یہ خبر بھی پڑھیں
    ڈیرہ غازی خان: کینسر کا بڑھتا عفریت، ہسپتال کے قیام کا مطالبہ

    ڈیرہ غازی خان میں اس وقت کوئی سرکاری یا نجی سطح پر بڑا کینسر ہسپتال موجود نہیں، جس کی وجہ سے مریضوں کو علاج کے لیے ملتان، لاہور اور دیگر شہروں کا رخ کرنا پڑتا ہے جو کہ زیادہ تر مریضوں کی استطاعت سے باہر ہے۔ عوام طویل عرصے سے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (PAEC) کے تحت جدید کینسر ہسپتال کے قیام کا مطالبہ کر رہے تھے تاکہ خطے میں موجود مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج فراہم کیا جا سکے۔

    باغی ٹی وی کی مسلسل مہم، سوشل میڈیا پر اٹھنے والی عوامی آواز اور سول سوسائٹی کے دباؤ کے نتیجے میں بالآخر حکومت نے اس مسئلے پر توجہ دی۔ وزیرِاعظم کے اعلان پر مقامی شہریوں، سماجی رہنماؤں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ معروف سماجی شخصیات شیخ امجد ایڈووکیٹ، منظورخان لغاری ،چوہدری شکیل احمد،سیدریاض جاذب، ایاز احمد شاہ اور دیگر نے باغی ٹی وی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس منصوبے کو جلد از جلد عملی جامہ پہنایا جائے تاکہ مریضوں کو فوری طبی سہولیات فراہم ہو سکیں۔

    ڈیرہ غازی خان میں کینسرہسپتال کا قیام نہ صرف جنوبی پنجاب بلکہ بلوچستان کے عوام کے لیے بھی کسی نعمت سے کم نہیں ہوگا۔ بلوچستان میں اس وقت صرف کوئٹہ میں ایک کینسر ہسپتال موجود ہے جو صوبے بھر کے لیے ناکافی ہے۔ نیا ہسپتال خطے کے ہزاروں مریضوں کے لیے امید کی کرن بن سکتا ہے۔

    باغی ٹی وی عوام کی آواز بن کر حکومت کو بار بار باور کرا چکا ہے کہ کینسر ہسپتال کا اعلان کافی نہیں، اس پر فوری عملدرآمد بھی ضروری ہے۔ سول سوسائٹی نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس منصوبے کو جلد مکمل کر کے جدید ترین سہولیات سے آراستہ ہسپتال فراہم کیا جائے۔
    باغی ٹی وی عوامی مسائل کو اجاگر کرتا رہے گا، کیونکہ یہی ہے عوام کی اصل آواز!

  • اب ترقی و خوشحالی کا دور شروع ہوگا، باوقار روزگار ملے گا،شہباز شریف

    اب ترقی و خوشحالی کا دور شروع ہوگا، باوقار روزگار ملے گا،شہباز شریف

    ڈیرہ غازی خان:وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے اب ترقی و خوشحالی کا دور شروع ہوگا، باوقار روزگار ملے گا-

    باغی ٹی وی : ڈیرہ غازی خان میں مسلم لیگ ن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ڈی جی خان میں کینسر اسپتال بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا پنجاب میں نوازشریف کے دور میں ترقی ہوئی، آج آپ کی خدمت میں مریم نواز حاضر ہیں، جنوبی پنجاب کا کوٹا نواز شریف اور میں نے زیادہ رکھایہ آپ پر کوئی احسان نہیں بلکہ یہ آپ کا حق تھا،مریم نواز بھی یہاں اسپتالوں کا جال بچھا رہی ہیں۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے راجن پور میں یونیورسٹی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ساری عمر آپ کی خدمت کرتے رہیں گے تو احسان نہیں چکا سکیں گے جب اقتدار سنبھالا تو مہنگائی 40 فیصد پر تھی، نوازشریف نے سیاست قربان کرنے کا فیصلہ کیا، پاکستان کو بچایا، آج مہنگائی 2.4 فیصد پر آگئی ہے، بینکوں کی شرح سود 22 فیصد سے 12 فیصد پر آگئی ہے، اب ترقی و خوشحالی کا دور شروع ہوگا، باوقار روزگار ملے گا، صوبائی حکومتوں کےساتھ مل کر ملک کی ترقی کیلئے محنت کررہے ہیں، پاکستان قرضوں کے ساتھ ترقی نہیں کرے گا، دعا کریں قرضے ختم ہو جائیں۔

    شہباز شریف نے کہا کہ ایک سیاستدان کہتا تھا شہباز شریف پیسے مانگنے جاتا تھا، کیا آپ بانٹنے جاتے تھے؟ ملک کی معیشت مستحکم ہوگئی ہے، لیکن ہمیں خوشحالی لانی ہے، نوجوانوں کو روزگار دلانا ہے، بجلی کے بل مزید کم کریں گے دشمن گھس بیٹھیے گھات لگائے بیٹھے ہیں، دشمن کے کہنے پر خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردی ہو رہی ہے، دہشتگردوں کو ختم کرنے کیلئے قربانی دی جا رہی ہے، جب تک دہشتگردی کا خاتمہ نہیں ہوتا ملک کی ترقی نہیں ہو سکتی، اسلام آباد میں دھاوے بولے جاتے ہیں تو ترقی نہیں ہو سکتی، امن قائم ہوئے بغیر یہ سب نہیں ہو گا۔

    انہوں نے کہا کہ جب تک جان میں جان ہے خوب محنت کر کے پاکستان کو عظیم بنائیں گے، ترقی پاکستان کا مقدر بن چکی ہے اگر بھارت کو پیچھے نہ چھوڑا تو میرا نام شہباز شریف نہیں نواز شریف کا وژن صرف پاکستان کی ترقی ہے، پاکستان کی معیشت اب بہتری کی جانب گامزن ہے، صحت، تعلیم، انڈسٹری کی ترقی کیلئے خادم اعلیٰ کی حیثیت سے کام کیا۔

  • وزیراعظم کا راجن پور میں یونیورسٹی اور ڈی خان میں کینسر ہسپتال بنانے کا اعلان

    وزیراعظم کا راجن پور میں یونیورسٹی اور ڈی خان میں کینسر ہسپتال بنانے کا اعلان

    ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان میں کینسر ہسپتال اور راجن پور میں یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ترقیاتی منصوبوں کا وسیع نیٹ ورک پھیلا کر جنوبی پنجاب سمیت ملک کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی کے لیے پرعزم ہے۔

    وزیراعظم نے ڈیرہ غازی خان کے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کی تقدیر بدلیں گے اور زراعت، صنعت اور برآمدی شعبے کی ترقی کے لیے دن رات محنت کریں گے۔ جلسہ گاہ پہنچنے پر جنوبی پنجاب کے عوام نے وزیراعظم کا بھرپور استقبال کیا، جس پر انہوں نے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ وہ عوام کی محبت کو کبھی نہیں بھولیں گے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف کے وژن کے مطابق جنوبی پنجاب کو ہمیشہ زیادہ ترقیاتی منصوبے دیے گئے، جو کسی پر احسان نہیں بلکہ عوام کا حق ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مریم نواز پنجاب بھر میں ہسپتالوں کا جال بچھا رہی ہیں، مفت ادویات کی فراہمی جاری ہے، جبکہ لیپ ٹاپ اور کسان کارڈ بھی تقسیم کیے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سرگودھا میں امراض قلب کا ایک بڑا ہسپتال اور لاہور میں نواز شریف کینسر ہسپتال قائم کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کی درخواست پر ڈیرہ غازی خان میں کینسر ہسپتال بنانے کا اعلان کیا۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے سیاست پر ملک کو ترجیح دی، جس کے نتیجے میں مہنگائی کی شرح 40 فیصد سے کم ہو کر 2.4 فیصد پر آ گئی ہے اور بینک قرضوں کی شرح سود 22 فیصد سے کم کرکے 12 فیصد کر دی گئی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے اور ترقی پاکستان کا مقدر بن چکی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی جنوبی پنجاب کی ترقی مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہوئی اور اب مریم نواز روزگار کے مواقع اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں پر کام کر رہی ہیں۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ جب انہوں نے اقتدار سنبھالا تو مہنگائی عروج پر تھی، لیکن نواز شریف نے سیاست قربان کر کے ملک کو بچانے کا فیصلہ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان قرضوں کے سہارے ترقی نہیں کر سکتا، اس کے لیے زراعت، صنعت اور برآمدی شعبے کو فروغ دینا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جائے گا اور ملک کو احتجاجی سیاست اور انتشار سے نکالنا ضروری ہے۔

    وزیراعظم نے لیہ پل کی تکمیل کی ہدایت بھی جاری کی اور کہا کہ اب ڈیرہ غازی خان کی ترقی کا جائزہ لینے خود آئیں گے۔ جلسے میں مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، اویس لغاری اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

    وفاقی وزیر اویس لغاری نے جلسے سے خطاب میں وزیراعظم کو خوش آمدید کہا اور بتایا کہ شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان کو 131 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب ترقی کر رہا ہے، اور وزیراعظم نے اپنی سیاست قربان کر کے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔

    جلسہ گاہ میں شرکاء نے وزیراعظم کا پرجوش استقبال کیا اور خیرمقدمی نعرے لگائے۔ سردار جمال لغاری نے بھی خطاب میں وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں، وزیراعظم نے فاروق احمد خان لغاری انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی اپ گریڈیشن منصوبے کی نقاب کشائی کی اور 331 کلومیٹر طویل انڈس ہائی وے کو دو رویہ کرنے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔

    انڈس ہائی وے منصوبے کی تکمیل سے خیبر پختونخوا اور جنوبی پنجاب کے درمیان مواصلاتی رابطے بہتر ہوں گے اور تجارتی و کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔

    2/2

  • ڈیرہ غازی خان: عبدالغنی کھوسہ کو ڈسٹرکٹ بار الیکشن جیتنے پر مبارکبادوں کا سلسلہ جاری

    ڈیرہ غازی خان: عبدالغنی کھوسہ کو ڈسٹرکٹ بار الیکشن جیتنے پر مبارکبادوں کا سلسلہ جاری

    ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی(سٹی رپورٹرجواداکبر) نو منتخب صدر ڈسٹرکٹ بار عبدالغنی خان کھوسہ کو بار الیکشن میں کامیابی پر مبارکبادوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ اس سلسلے میں پیپلز پارٹی لیڈیز ونگ کی ضلعی صدر و سابق ممبر میونسپل کارپوریشن محترمہ طیبہ عزیز چوہان نے اپنے صاحبزادے شاہزیب چوہان اور سماجی رہنما صادق کھواوڑ کے ہمراہ ایک دعوت کا اہتمام کیا، جہاں انہوں نے عبدالغنی کھوسہ کو جیت پر مبارکباد پیش کی۔

    محترمہ طیبہ عزیز چوہان نے اس موقع پر کہا کہ عبدالغنی کھوسہ نے محنت، لگن اور ساتھیوں کی بھرپور کوششوں سے یہ کامیابی حاصل کی ہے، اور امید ہے کہ وہ وکلاء برادری سے کیے گئے تمام وعدے پورے کریں گے۔

    عبدالغنی کھوسہ نے مبارکباد دینے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی پوری ٹیم کے ہمراہ وکلاء برادری کی خدمت اور حصول انصاف کے لیے اقدامات جاری رکھیں گے۔

    دعوت کے اختتام پر شرکاء نے یادگاری گروپ فوٹو بنوایا اور میزبانوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

  • مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ترقی کے ناقابلِ فراموش سنگِ میل قائم کیے. رانا ثناء اللہ

    مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ترقی کے ناقابلِ فراموش سنگِ میل قائم کیے. رانا ثناء اللہ

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں بڑے ترقیاتی منصوبے، بشمول موٹرویز، کالجز، یونیورسٹیز، ہسپتال اور دانش اسکول، ن لیگ کی قیادت کے ویژن کا نتیجہ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ "قاتل روڈ” کے نام سے مشہور سڑک، جو ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور ڈیرہ اسماعیل خان کے عوام کے لیے سہولت کا باعث بنے گی، ن لیگ کا ایک اور تحفہ ہے، جس پر 121 ارب روپے لاگت آئے گی۔ علاوہ ازیں، ڈیرہ غازی خان ایئرپورٹ کو فعال بنانے کے لیے 2 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، یوں دونوں منصوبے مجموعی طور پر 123 ارب روپے میں مکمل ہوں گے۔ ان منصوبوں کا افتتاح وزیراعظم میاں شہباز شریف 22 فروری کو خود کریں گے۔

    رانا ثناء اللہ نے سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے عوام کی دیرینہ ضرورت تھے، مگر گزشتہ چار سالہ دورِ حکومت میں انہیں نظر انداز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پہلے بھی ترقیاتی کام کر چکی ہے اور اب ایک بار پھر خطے کی ترقی کے لیے سرگرم ہے۔

    پنجاب حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں حکومت ہیومن ڈیولپمنٹ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ عام آدمی کو آسان کاروبار، اپنی چھت، کسان کارڈ، مینارٹی کارڈ اور گرین ٹریکٹر جیسے منصوبے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ڈیرہ غازی خان کو بھی ان ترقیاتی پروگراموں میں زیادہ حصہ دیا جائے گا۔

    بلوچستان کے بارکھان واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ یہ دہشت گردی ہے، جس کے پیچھے پاکستان دشمن عناصر ہیں۔ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کر رہے ہیں اور ان کا جلد خاتمہ ہوگا۔

    مریم نواز کے ممکنہ وزیراعظم بننے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ فیصلہ عوام اور پارٹی کرے گی، لیکن مریم نواز کی محنت اور عوامی خدمت انہیں مزید عزت بخشے گی۔

    قبل ازیں، رانا ثناء اللہ نے سرکٹ ہاؤس میں مقامی پارلیمنٹرینز اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی، جس میں وزیراعظم کے متوقع دورے اور ترقیاتی منصوبوں پر مشاورت کی گئی۔ مقامی قیادت نے عوامی مسائل اور ترقیاتی تجاویز بھی پیش کیں۔ رانا ثناء اللہ نے یقین دلایا کہ وزیراعظم کے دورے میں ڈیرہ غازی خان کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا جائے گا، جو علاقے کے بنیادی مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہوگا۔