فیصل آباد ( نمائندہ باغی ٹی وی )صوبائی وزیر برائے پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین نے کہا ہے کہ استحکام پاکستان کے لئے قومی یکجہتی‘ اتحاد و اتفاق اور خلوص نیت سے قومی خدمت وقت کا اہم ترین تقاضا ہے جس کے لئے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت عملی اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے یہ بات جماعت اہلسنت کے زیر اہتمام تحصیل بار کونسل جڑانوالہ میں منعقدہ استحکام پاکستان سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر برائے وزیر اعلی معائنہ ٹیم محمد اجمل چیمہ‘ اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ شاہد ندیم رانا‘ ایس پی طارق محمود سکھیرا‘ سیکرٹری بار مہر آصف نذیر سمیت وکلاء کی بڑی تعداد اور علماء کرام اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی وزیر چوہدری ظہیر الدین نے کہا کہ پاکستان بے شمار قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ہے جس کے تحفظ و ترقی کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن عناصر پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کو کمزور کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں جنہیں ناکام بنانے کے لئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ امن و آشتی اور استحکام کے لئے مذہبی ہم آہنگی اور روا داری کو فروغ دیا جائے جس کے لئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام و مشائخ عظام کا مثالی کردار قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران کی قیادت میں پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر فلاحی مملکت بنائیں گے جس کے لئے ایسے اقدامات کئے جارہے ہیں جن کی بدولت طبقاتی تفریق ختم ہو گی اور ہر فرد کو انصاف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کو لوٹنے والوں سے قومی دولت واپس لے کر پاکستان کی ترقی اور عوامی خوشحالی پر خرچ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں ریاست مدینہ کی طرز پر فلاحی مملکت بنانے کے لئے عوام حکومت کا ساتھ دیں اور منفی قوتوں کے عزائم کو شکست دے کر تعمیر وترقی کے صحیح راستے کا انتخاب کریں۔ انہوں نے استحکام پاکستان کے اہم موضوع پر سیمینار کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی۔ صوبائی وزیر برائے وزیر اعلی پنجاب معائنہ ٹیم محمد اجمل چیمہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ استحکام پاکستان میں ہی ہماری قومی بقاء ہے جس کے لئے ہمیں دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ آزادی بڑی نعمت ہے جس کے تحفظ کے لئے قومی یگانگت کے تقاضوں پر آنچ نہیں آنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے محبت کا تقاضا ہے کہ تمام اختلافات بھلا کر ہم من حیث القوم ملک و ملت کی خدمت کے لئے کمر بستہ ہو جائیں۔ سیمینار سے امیر جماعت اہلنست ڈاکٹر مفتی محمد یونس رضوی‘ مفتی عبدالقوی اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے قیام پاکستان کے سلسلے میں علماء کرام کی خدمات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ علماء دین تعمیر پاکستان کے لئے بھی بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ آخر میں ملک و ملت کی ترقی و خوشحالی‘ قومی یکجہتی اور امن وسلامتی کے لئے دعا اور شہدائے پاکستان کی ارواح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔
Category: فیصل آباد
فیصل آباد ضلع میں 4 لاکھ 11 ہزار مستحق خاندانوں میں صحت کارڈ کی تقسیم
فیصل آباد( نمائندہ باغی ٹی وی )وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق ضلع میں 4لاکھ 11ہزار مستحق خاندانوں میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کئے جارہے ہیں جس کی بدولت ایک خاندان کے افراد سالانہ 7لاکھ 20ہزارروپے تک پینل میں شامل سرکاری ونجی ہسپتالوں سے مختلف بیماریوں کا علاج معالجہ کراسکیں گے۔صحت انصاف کارڈز تقسیم کرنے کی تقریب میونسپل کارپوریشن کے ہال میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویز میاں فرخ حبیب تھے۔ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی،ڈپٹی کمشنر طارق خان نیازی،چیئرمین پی ایچ اے/ایم پی اے لطیف نذر،وائس چیئرمین واسا شیخ شاہد جاوید،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا،میڈیکل سپرنٹنڈنٹس الائیڈ،ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال وچلڈرن ہسپتال ڈاکٹر خرم الطاف،ڈاکٹر خالد فخر،ڈاکٹر حبیب بٹر،میاں نبیل ارشداوردیگر پارٹی کارکن بھی موجود تھے۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویز نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ پروگرام اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کی جانب اہم قدم اور وزیراعظم عمران خان کی طرف سے کئے گئے وعدے کی تکمیل ہے جس کی بدولت رواں مالی سال میں ضلع فیصل آباد کی 22فیصد آبادی مستفید ہوگی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گزشتہ روز دورہ فیصل آباد سے صحت انصاف کارڈ کی تقسیم کا آغاز کیااور اس سلسلے کو آگے بڑھایا جارہا ہے جس کے تحت ضلع کا کوئی مستحق کارڈ کی سہولت سے محروم نہیں رہے گا۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویز نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ کو ہر حقدار تک پہنچانے کے لئے دوبارہ سروے بھی کرایا جارہا ہے۔انہوں نے کارڈ حاصل کرنے والوں سے کہا کہ وہ دھوکہ بازوں سے ہوشیار رہیں کیونکہ صحت انصاف کارڈ کی کوئی فیس نہیں جبکہ انتظامی سطح پر مانیٹرنگ سسٹم بھی وضع کریں گے تاکہ ایسی کسی شکایت پر فوری کارروائی ہوسکے۔انہوں نے صحت انصاف کارڈ حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ شعبہ صحت کی ترقی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے اور جدید علاج معالجہ کی سہولیات کے ثمرات غریب ونادار مریضوں تک پہنچائے جارہے ہیں۔ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے صحت انصاف کارڈ کو موجودہ حکومت کا انقلابی قدم قرار دیا اور کہا کہ اس کی بدولت غریب ومستحق مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات میسر آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی سہولیات کا جائزہ لینے کے لئے دورے بھی کئے جارہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے صحت انصاف کارڈ پروگرام کے تحت کارڈ حاصل کرنے والوں کومبارکباد دی اور کہا کہ آئندہ مرحلے میں شروع کئے جانے والے سروے میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بھرپور معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ حقیقی معنوں میں حقدار ہی فہرست میں شامل ہوسکیں۔چیئرمین پی ایچ اے/ایم پی اے لطیف نذراوروائس چیئرمین واسا شیخ شاہد جاوید نے کہا کہ شعبہ ہیلتھ میں صحت انصاف کارڈ انقلاب ہے جسے صوبہ کے کونے کونے تک پہنچایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو راحت اوریلیف فراہم کرنا ہی پنجاب حکومت کامشن ہے۔قبل ازیں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویزمیاں فرخ حبیب نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ کی بدولت صوبہ بھر میں اب تک مختلف نوعیت کے 91ہزار آپریشنز اور ساڑھے تین لاکھ مریضوں نے او پی ڈی سے علاج کی سہولیات حاصل کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے شعبہ صحت پر ذرا بھی توجہ نہ دی لیکن وزیر اعظم عمران خان نے حلف اٹھاتے ہی پسماندہ طبقات کی فلاح کے لئے قدم اٹھایا اور صحت انصاف کارڈ کا اجراء کیا جس کی بدولت غریب آدمی بھی صحت کی بہترین سہولیات حاصل کررہا ہے۔اس موقع پر صحت انصاف کارڈ حاصل کرنے والے مستحقین نے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔
فیصل آباد، سینیر جج کا ڈسٹرکٹ جیل کا تفصیلی دورہ
فیصل آباد( نمائندہ باغی ٹی وی )ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمدیوسف اوجلہ نے ڈسٹرکٹ جیل کا تفصیلی دورہ کیا۔سینئر سول جج(کریمنل)شہباز حجازی بھی ان کے ہمراہ تھے۔سپرنٹنڈنٹ جیل علی اکبر گجر،ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ غلام سرور لنگڑیال،میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد ارشد اور دیگر جیل افسران بھی موجود تھے۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے دورہ کے دوران جیل ہسپتال،نو عمر خواتین وارڈ،کچن اسیران اور دیگر بیرکس کا دورہ کیا۔انہوں نے قیدی مریضوں کے علاج معالجہ کے بارے میں دریافت کرتے ہوئے انہیں علاج کی بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کویقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کچن کا دورہ کرکے کھانے کے معیار کا بھی جائزہ لیا اور قیدیوں سے ملاقات کرکے مسائل دریافت کئے۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے جیل انتظامیہ کو تاکید کی کہ قانون کی عملداری اورمیرٹ کو ہر صورت ملحوظ خاطر رکھیں۔انہوں نے صفائی کے اعلیٰ معیار کو ہمہ وقت برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی۔سپرنٹنڈنٹ جیل نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو انتظامی وحفاظتی امور پر بریفنگ دی۔

حاصل بزنجو کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست سماعت کے لئے منظور
اپوزیشن اتحاد کے مشترکہ امیدوار برائے چیئرمین سینیٹ حاصل بزنجو کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لئے درخواست عدالت نے سماعت کے لئے منظور کر لی
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کے شہر فیصل آباد میں حاصل بزنجو کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لئے درخواست پر سماعت ہوئی،ایڈیشنل سیشن جج اقبال سپرا نے درخواست پر سماعت کی۔ میر حاصل بزنجو کیخلاف اندراج مقدمہ کیلئے تحریک انصاف کے مقامی رہنما رانا سفیان ایڈووکیٹ نے عدالت سے رجوع کیا۔
فیصل آباد کی عدالت نے درخواست گزار سے فوٹیج طلب کرتے ہوئے سماعت 8 اگست تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ حاصل بزنجو نے الزام لگایا تھا کہ سینیٹ میں اپوزیشن کے جن چودہ لوگوں نے حکومت کو ووٹ دئیے وہ مبینہ طور پر جنرل فیض کے بندے تھے
حاصل بزنجو کے بیان پر ڈی جی آئی ای پی آر نے بھی رد عمل دیا تھا اور کہا تھا کہ جس طرح انہوں نے زہر آلود بیان دیا یہ کوئی جمہوریت کی خدمت نہیں.ذرا سے سیاسی فائدے کے لیے پورے جمہوری عمل کو بدنام کرنا ایک بہت غلط سوچ ہے. اس بیان سے جمہوریت کا کوئی فائدہ نہیں ہوا . میر حاصل بزنجوکی طرف سے یہ الزام بے بنیاد ہیں.

بزنجو کی شکست کا ذمہ دار کون؟ اب جیل جانے کی کس کی باری؟ حکومتی رکن نے کیا اہم انکشاف
وفاقی پارلیمانی سیکریٹری برائے ریلوے فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پانامہ رانی آج کل جلسیاں اور کانر میٹنگز کر رہی ہیں۔ نارووال ایکسپریس کو بھی جیل میں جانا پڑے گا
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق فرخ حیبیب نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے چیئرمین سینیٹ کے امیدوارحاصل بزنجو چیئرمین سینیٹ کی شیروانی سلواکر بیٹھے تھے، نوازشریف ،فضل الرحمان ،زرداری نے حاصل بزنجو کو اوپرچڑھا کر سیڑھی کھینچ لی۔
فرخ حبیب کا مزید کہنا تھا کہ کرپٹ ٹولہ اکٹھا ہوا مگر ان کو ناکامی ہوئی، ان کے اپنے سینیٹرز نے انہیں شکست دی، انکا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف جیل میں بیٹھ کو نیلسن منڈیلا بننا چاہتے تھے، کرپٹ لوگوں سے مال واپس لیا جائے گا، آنے والے دنوں میں مزید لوگ جیل جائیں گے
فرخ حبیب کا مزید کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ کیس کے فیصلے کے بعد فیصل آباد میں نئے الیکشن ہوں گے، نارووال ایکسپریس بھی جیل جا رہی ہے، حاصل بزنجو کو آئی ایس آئی چیف پر الزامات کی بجائے مولانا اور زرداری سے پوچھنا چاہئے کہ شکست کیوں ہوئی.
سینیٹ کی تاریخ میں پہلی بار جمعرات کوچیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو عہدے سے ہٹانے کی قرارداد پر رائے شماری ہوئی۔ ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد حکومت اور اپوزیشن کے پولنگ ایجنٹس کے سامنے ووٹوں کی گنتی کی گئی،چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کیخلاف عدم اعتماد کی قراردادتین ووٹوںسے مسترد ہوگئی، کل 100ارکان نے ووٹ ڈالے ، قرارداد کے حق میں 50 مخالفت میں 45، پانچ ووٹ مسترد ہوئے جبکہ تین ارکان نے ووٹ نہیں ڈالا، عدم اعتماد کی تحریک مسترد ہونے پر ایوان ایک سنجرانی سب پے بھاری کے نعروں سے گونج اٹھا،
چیئرمین سینیٹ کیخلاف عدم اعتماد کی قرارداد کے حق میں 50ووٹ ،مخالفت میں 45 اورپانچ ووٹ ضائع ہوئے۔چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد حکومتی اراکین نے ڈیسک بجا کر ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور حکومتی اراکین کی جانب سے ایک سنجرانی سب پر بھاری کے نعرے لگائے گئے۔
اپوزیشن جماعتوں نے تحریک کی ناکامی پر کمیٹیاں بنا دی ہیں، پی پی سینیٹرز نے اپنے استعفے پارٹی قیادت کو دے دئیے ہیں
نشے کا بڑھتا ہوا رجحان ذہنی امراض میں اضافہ کا موجب بن رہا ہے،ڈاکٹر ذوالفقار رضوی
فیصل آباد(اے پی پی)نوجوان نسل میں دن بدن نشے کی طرف بڑھتا ہو ا رجحان ذہنی امراض کو بڑھانے کا ذمہ دار ہے جن میں چرس، افیون،ہیرؤن، بھنگ، کوکین، نشہ آور گولیاں اور ٹیکوں کااستعمال شامل ہے۔ ذہنی امراض کے ماہر ڈاکٹر سید ذوالفقار علی رضوی نے بتایا کہ منشیات کا استعمال نوجوان نسل کو تباہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے بعد دنیا کو سب سے بڑا خطرہ منشیات کے استعمال سے ہے کیونکہ نشے کی وجہ سے نوجوان نسل اپنے فرائض سے غافل ہوتی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں ریلوے اسٹیشنوں، پارکوں، قبرستانوں اور دیگر مقامات پر لوگ سر عام نشہ کرتے ہیں۔مگرانہیں کو ئی پوچھنے والا نہیں۔انہوں نے کہا کہ 18سال سے کم عمر کے نوجوانوں کے سگریٹ پینے اور خریدنے پر سختی سے عملدرآمد ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک میں منشیات کے خلاف قانون سازی کی گئی ہے جبکہ پاکستان میں بھی قانون موجود ہے لیکن اس پر عملدرآمد کی اشد ضرورت ہے۔
زرعی ماہرین نے ٹماٹر کی منظور شدہ اقسام روما، نگینہ، پاکٹ کی پنیری کی کاشت شروع کرنے کی ہدایت
فیصل آباد(اے پی پی)زرعی ماہرین نے ٹماٹر کی پنیری کی کاشت فوری شروع کر نے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار ٹماٹر کی منظور شدہ اقسام روما، نگینہ اور پاکٹ کی زیادہ سے زیادہ کاشت کی جانب توجہ مرکوز کریں تاکہ انہیں صحت مند اور زیادہ سے زیادہ بہتر پیداوار مل سکے۔ انہوں نے بتایاکہ ٹماٹر کی فصل کو 8 سے 10 دن کے وقفہ سے پانی دینا چاہیے البتہ کمزور زمین کی صورت میں یہ عرصہ آبپاشی 4 سے 5دن بھی کیاجاسکتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ موسم برسات کے دوران بینگن، بھنڈی کے پودوں پر ہڈابیٹل، سبز تیلے اور جوؤں کا حملہ ہو سکتاہے۔ اسی طرح ان ایام میں گھیا کدو، چپن کدو، حلوہ کدو، کھیرے، گھیاتوری پر لال بھونڈی بھی حملہ آور ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مذکورہ کیڑوں کے حملہ کی صورت میں فوری مناسب زہروں کا دھوڑا یا سپرے کیاجائے تاکہ سبزیوں کو مالی نقصان سے بچایاجاسکے۔
دوران ڈرائیونگ ایل سی ڈی استعمال کرنے والوں کے خلاف کاروائی کا آغاز کر دیا گیا
فیصل آباد(اے پی پی)چیف ٹریفک آفیسر فیصل آبادکی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ٹریفک پولیس فیصل آباد نے دوران ڈرائیونگ کاروں، ویگنوں اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ میں ایل سی ڈی، ٹی وی سکرین استعمال کرنے والوں کے خلاف فوری کاروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ٹریفک پولیس کے ذرائع نے بتا یا کہ ایل سی ڈی پر دوران ڈرائیونگ فلمیں دیکھنے کے باعث ٹریفک حادثات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے لہٰذا دوران ڈرائیونگ ایل سی ڈی استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کن افراد کو صحت کارڈ جاری کیے جائیں گے؟ محکمہ صحت نے اعلان کر دیا
فیصل آباد (اے پی پی)محکمہ صحت کے حکام نے کہا ہے کہ صرف پاکستان و پنجاب بیت المال، زکوٰۃ و عشر ڈیپارٹمنٹ اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے امداد لینے والے مستحق افراد کو ہی صحت انصاف کارڈز جاری کئے جائیں گے۔ جمعہ کے روز فیصل آباد اور چنیوٹ میں صحت انصاف کارڈز کی تقسیم کی افتتاحی تقریب کے موقع پر محکمہ صحت کے حکام نے بتایاکہ صرف انہیں مستحق و غریب اور بے سہارا خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ جاری کئے جائیں گے جو پہلے ہی مالی معاونت فراہم کرنے والے اداروں سے امداد حاصل کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ متعلقہ افراد موبائل فون کے ذریعے 8500 نمبرپر اپنا شناختی کارڈ نمبر میسج کرکے اپنی صحت انصاف کارڈ کی اہلیت کے بارے میں تصدیق حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ میسج کے جواب میں متعلقہ شخص کو بتایا جائے گا کہ اسے صحت انصاف کارڈ کس جگہ سے جاری ہوگا اس طرح مستحق افراد مقرر ہ جگہ پر جاکر بآسانی کارڈ جاری کرواسکتے ہیں۔
فیصل آباد ،میاں کاشف اشفاق کو اہم ذمہ داری مل گئی
فیصل آباد ( نمائندہ باغی ٹی وی ) چئیرمین فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی میاں کاشف اشفاق کو پنجاب میں ایک اور اہم زمہ داری سونپ دی گئی وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر میاں کاشف اشفاق ، وقاص صدیق ، مزمل سلطان ، جنید احمد ، رضوان اشرف اور خواجہ عاصم خورشید کو پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے ڈرائیکٹرز تعینات کردیا گیا جس کا باقاعدہ نوٹفکیشن سیکرٹری ھاوسنگ نسیم صادق کی جانب سے جاری کیا گیا ۔ اس موقعہ پر میاں کاشف اشفاق کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے جو ہم پر اعتماد کیا گیا ہم اس اعتماد پر پورا اتریں گے اور وزیراعظم کے وژن کے مطابق نیاء پاکستان ھاوسنگ سکیم پر دن رات محنت کرکے اسے کامیاب بنایا جائے گا ۔ انکا مزید کہنا تھا کہ نیا پاکستان ھاوسنگ اسکیم پاکستان کی غریب عوام کے لیے ایک تحفہ ہے جس سے غریب کے لیے اپنے گھر کا خواب پورا ہوگا ۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے میاں کاشف اشفاق کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب نے ہمیشہ پارٹی اور صوبہ پنجاب کی بہتری کے لیے احسن اقدامات اٹھائے جوکہ ایک وژنری لیڈر کی سوچ کی عکاسی ہے

