Baaghi TV

Category: فیصل آباد

  • ملک میں گوشت اور اون کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث لائیو سٹاک فارمرز کو بھیڑوں کی علاقائی نسلیں پالنے کی ہدایت

    فیصل آباد (اے پی پی):ماہرین لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ نے ملک میں گوشت اور اون کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث لائیو سٹاک فارمرز اور دیہاتیوں و کسانوں کو ہدائت کی ہے کہ وہ زیادہ گوشت اور اچھی اون کیلئے بھیڑوں کی علاقائی نسلیں پالنے کو ترجیح دیں اور اس سلسلہ میں محکمہ لائیو سٹاک کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ مالی فائدہ حاصل کر سکیں۔ انہوں نے لائیو سٹاک فارمرز کو ہدائت کی کہ بھیڑوں کے باڑے کو سطح زمین سے 2فٹ اونچا رکھا جائے، بھیڑوں کو کرم کش ادویات ہر 4ماہ بعد پلوائی جائیں اور اون کی کترائی موسم بہار اور موسم خزاں میں سال میں 2بار کروائی جائے۔ا نہوں نے کہا کہ بھیڑوں بکریوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے محکمہ کی ہدایات کے مطابق حفاظتی ٹیکے لگوائیں جائیں اور حاملہ بھیڑوں کو آخری ماہ میں ریوڑ سے الگ کر کے انہیں زود ہضم غذا کی فراہمی کو بھی اولین ترجیح دی جائے۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں حکومت کی جانب سے ایک فری ہیلپ لائن بھی قائم کی گئی ہے لہٰذا لائیو سٹاک فارمرز یا دیگر سٹیک ہولڈرز صبح 8سے رات 8بجے تک مذکورہ ہیلپ لائن 0800-78685 پر مفت رابطہ کر سکتے ہیں۔

  • فیصل آباد، ماحولیاتی تحفظ کے لئے زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں۔ ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی

    فیصل آباد ( ) ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ کے لئے ہمیں اپنی ذمہ داریوں کا شدت سے احساس کرنا چاہئے۔ اس سلسلے میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں تاکہ موسمیاتی تغیر کے مسائل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل ہو سکیں۔ انہوں نے یہ بات پی ایچ اے کے زیر اہتمام گورنمنٹ ٹیکنیکل ہائی سکول پیپلزکالونی کے بالمقابل گرین بیلٹ میں پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت پودا لگاتے ہوئے کہی۔ چیئرمین پی ایچ اے / ایم پی اے لطیف نذر نے بھی مہم کے سلسلے میں پودا لگایا جبکہ ڈی جی پی ایچ اے محمد آصف چوہدری‘ ایڈیشنل کمشنرز رائے واجد علی‘ محبوب احمد‘ اسسٹنٹ کمشنر (ریونیو) ڈاکٹر انعم ساجد ملک‘ ڈائریکٹر پبلک سکولز چوہدری محمد اشرف و دیگر افسران نے بھی شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔ ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ مہذب اور ترقی یافتہ قومیں ماحولیاتی تحفظ پر گہری توجہ دے رہی ہیں اس سلسلے میں پاکستانی قوم کو بھی پیچھے نہیں رہنا چاہئے اور اپنی دھرتی سے پیار کرتے ہوئے ماحول کو خوشگوار اور صاف ستھرا رکھیں اور سرسبز و شادابی کے لئے زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر ان کی آبیاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم میں شامل ہونے کا مقصد عام شہریوں کو پودے لگانے کی ترغیب دینا ہے تاکہ وسیع پیمانے پر پودے لگا کر خوشگوار‘ صحت مند اور آلودگی سے پاک ماحول ممکن ہو سکے۔ ڈویژنل کمشنر نے بتایا کہ موسم برسات کی رواں شجرکاری مہم کے دوران 10 لاکھ پودے لگائے جارہے ہیں جبکہ مختلف محکموں کے زیر اہتمام بھر پور انداز میں شجرکاری مہم جاری ہے۔ چیئرمین پی ایچ اے / ایم پی اے لطیف نذر نے کہا کہ پودے معاشرتی زندگی کا اہم حصہ ہیں جن کی بقاء کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے کے زیر اہتمام رواں سیزن میں کم ازکم 60 ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر ہے۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ اپنے حصے کا پودا لگا کر وزیر اعظم عمران خان کی پلانٹ فار پاکستان مہم میں شریک ہوں۔ ڈی جی پی ایچ اے نے بتایا کہ ڈویژنل کمشنر کی ہدایت پر شہر کے چاروں ٹاؤنز میں گزشتہ روز اڑھائی ہزار پودے لگائے گئے ہیں۔

  • محکمہ سپیشل ایجوکیشن فیصل آباد کے زیراہتمام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے واک

    فیصل آباد( )فیصل آباد( )محکمہ سپیشل ایجوکیشن فیصل آباد کے زیراہتمام کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کی مذمت کے لئے سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (سپیشل ایجوکیشن)چوہدری عبدالحمید،خصوصی تعلیم کے اداروں کے سربراہان،ٹیچرز،سٹوڈنٹس اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔سیمینار گورنمنٹ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن برائے متاثرہ سماعت میں منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی او سپیشل ایجوکیشن چوہدری عبدالحمید نے کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار خیال کیا اور کہا کہ وہ آزادی کے حصول میں انشاء اللہ کامیاب ہوں گے جس کے لئے وہ اپنے لہو کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔انہوں نے بھارتی فوج کے ظلم وستم کی پرزور مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ظلم و استبداد کا فوری نوٹس لیکر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکا جائے۔سیمینار سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور کشمیری عوام پر ظلم پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم بے گناہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے وہ جلد فتح ونصرت حاصل کریں گے۔اس موقع پر کشمیری عوام سے یکجہتی اور بھارتی فوج کی جارحیت کے خلاف مذمتی قرار داد بھی منظور کی گئی۔بعدازاں کشمیری عوام سے یکجہتی کے اظہار کے لئے واک منعقد ہوئی جس کے شرکاء نے کشمیری عوام سے محبت اور بھارتی مظالم کے خلاف نعروں پر مبنی بینرز اٹھا رکھے تھے۔

  • بھارتی جارحیت کیخلاف فیصل آباد کے تعلیمی اداروں میں واکس و سیمینار منعقد کیے گئے

    فیصل آباد (نمائندہ باغی ٹی وی)حکومت پنجاب کی ہدایات پر کشمیری بھائیوں سے یکجہتی اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کے خلاف ضلع بھر کے تعلیمی اداروں کے زیر اہتمام واکس و سیمینار منعقد ہوئے جس میں طالب علموں و سول سوسائٹی کے افراد نے انڈین فوج کے مظالم کی بھر پور انداز میں مذمت کی۔ اس ضمن میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے زیر اہتمام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی واک ایم سی بوائز ہائر سکینڈری سکول کوتوالی روڈ سے شروع ہو کر کچہری بازار چوک‘پریس کلب سے ہوتی ہوئی ضلع کونسل چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ واک میں سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان‘ پرنسپل ادارہ راؤ اقبال‘ڈی او سکینڈری چوہدری خالد اختر کے علاوہ محکمہ تعلیم کے دیگر افسران‘ اساتذہ‘ طالب علم اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد واک میں شریک تھے۔ واک کے شرکاء نے بھارتی مظالم کے خلاف تحریروں پر مشتمل بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سی ای او ایجوکیشن نے کہا کہ کشمیری عوام کے ساتھ بھارتی افواج کے ظلم و ستم اور غیر انسانی سلوک کی شدید مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو سلام پیش کیا اور کہا کہ شہیدوں کا خون ضرور رنگ لائے گا۔ دیگر مقررین نے کشمیریوں کی آزادی کے لئے لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم کے دل کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں پوری قوم جدوجہد آزادی میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

  • فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے زیراہتمام کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے واک

    فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے زیراہتمام کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی فوج کے ظلم وستم کی مذمت کے لئے مختلف پروگرامز کا اہتمام کیا گیا جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر علی چوہدری،میڈیکل سپرنٹنڈنٹس الائیڈ وڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال ڈاکٹر خرم الطاف و ڈاکٹر خالد فخر،فیکلٹی ممبرز،میڈیکل طلباء اور پیرامیڈیکل سٹاف نے شرکت کی۔اس موقع پر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی سے الائیڈ ہسپتال تک انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی اور اس سے قبل کشمیری مجاہدین کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔بعدازاں شرکاء نے ”کشمیر بنے گا پاکستان“۔”کشمیریوں پر مظالم بند کرو“کے فلک شفاف نعرے لگائے گئے۔فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی آڈیٹوریم میں کشمیر کے مسئلہ پر سیمینار اور طلباء کے مابین تقریری مقابلے بھی منعقد ہوئے جن میں حق خود ارادیت کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد کو اجاگر اور مقبوضہ کشمیر پر انڈیا کے ناجائز تسلط کو ختم کرنے کے لئے عالمی طاقتوں کو اپنا کردار ادا کرنے کا احساس دلایا گیا۔اس سے قبل الائیڈ ہسپتال سے فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی تک واک منعقد ہوئی جس کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر علی چوہدری نے کی۔واک کے شرکاء نے کشمیری بھائیوں سے یکجہتی اور بھارتی افواج کے ظلم وبربریت کے خلاف نعروں پر مشتمل پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔
    ۔۔۔///۔۔۔

  • پاکستان میں بڑی تعداد میں ملٹی نیشنل کمپنیوں کی آمد

    فیصل آباد ( نمائندہ باغی ٹی وی ) فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے چئیرمین میاں کاشف اشفاق کا کہنا ہے کہ پاکستان معاشی سرگرمیوں کا حب بننے جارہا ہے ۔ بڑی تعداد میں ملٹی نیشنل کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہاں ہیں جس کے باعث پاکستان بہت جلد ساتھ ایشیاء میں معاشی سرگرمیوں کا مصروف ترین مرکز بن جائے گا ۔ انکا مزید کہنا تھا کہ نئی انڈسٹریل سٹییز وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ گنجان آباد شہروں میں صنعتیں پروان نہیں چڑھ سکتی فیصل آباد کی پاور لوم انڈسٹری اور ہوزری انڈسٹری کو شہروں کی تنگ گلیوں سے نکل کر انڈسٹریل سٹیز کا حصہ بننا چاہیے جوکہ وقت کی اہم ضرورت ہے انکا مزید کہنا تھا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے پرائرٹی اسپیشل اکنامک زون سے لوکل صنتکاروں کو فائیدہ اٹھانا چاہیے جہاں انہیں انکم ٹیکس میں چھوٹ اور ڈیوٹی فری مشنری کی امپورٹ جیسی سہولیات میسر ہوں گی ۔ فیصل آباد ایک انڈسٹریل سٹی ہے جہاں ہنر مند تجربہ کار سٹاف موجود ہے جوکہ انڈسٹری کی ضروریات مناسب اجرت میں پوری کرتا ہے ۔

  • فیصل آباد میں "ویلج واش کمیٹی” کے قیام کی افتتاحی تقریب، اہم راہنماوں کی شرکت

    فیصل آباد( نمائندہ باغی ٹی وی )ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے کہا ہے کہ حکومتی سطح پر دیہاتوں ودوردراز علاقوں میں صفائی ستھرائی،پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت دیگر بنیادی سہولیات کو یقینی بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں تاہم اپنی مدد آپ کے تحت دیہی علاقوں میں صاف ستھرے و خوشگوار ماحول کو پروان چڑھانے میں حصہ لینے والوں کے فلاحی اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جن کی بھرپور سرپرستی اور حوصلہ افزائی جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے یہ بات چک 4ج ب ارفع کریم آباد میں ”ویلج واش کمیٹی“کے قیام کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر طارق خان نیازی،اسسٹنٹ کمشنر(جنرل) مصور خاں نیازی،چیف کوآرڈینیٹر کمیٹی خاور شفیق رندھاوا،محمد عظیم رندھاوا،سماجی کارکن نذیر احمد وٹو کے علاوہ اہل دیہہ بڑی تعداد میں شریک تھے۔ڈویژنل کمشنر نے ویلج واش کمیٹی کے قیام کو سراہا اور کہا کہ دیگر دیہاتوں کو بھی اس اقدام کی پیروی کرتے ہوئے صحت مند معاشرے کی بنیادیں مضبوط کرنی چاہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن بھر میں کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام پر بھی بھرپور انداز میں عملدرآمد کے حوصلہ افزاء نتائج حاصل ہوئے ہیں جس کا تسلسل آئندہ بھی برقرار رہے گا۔ڈویژنل کمشنر نے اہل دیہہ پر زور دیا کہ وہ خواتین کو بھی ویلج واش کمیٹی میں مناسب نمائندگی دیں تاکہ کمیٹی کے قیام کے حقیقی مقاصد حاصل ہوسکیں۔انہوں نے مرحومہ ارفع کریم کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ارفع نے آئی ٹی کے میدان میں جودیاجلایا وہ ہمیشہ روشن رہے گا۔ڈپٹی کمشنر نے اپنی مدد آپ کے تحت ارفع کریم آباد میں ویلج واش کمیٹی کے شاندار اقدام کی تعریف کی اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ ایسے فلاحی اقدامات کی بھرپور سپورٹ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ گاؤں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائیں گے۔انہوں نے صفائی کی اہمیت وافادیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام نے صفائی کو نصف ایمان قرار دیا ہے لہذا اس مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں جذبہ کے تحت آگے بڑھایا جائے۔چیف کو آرڈینیٹر نے ویلج واش کمیٹی کے قیام کی افتتاحی تقریب میں شرکت پر ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی اور ڈپٹی کمشنر طارق خان نیازی کا شکریہ ادا کیا اور کمیٹی کے قیام کے اغراض ومقاصد پرروشنی ڈالی۔انہوں نے بتایا کہ اہل دیہہ کے تعاون سے صفائی کے نظام میں جدت لائی جارہی ہے۔اس سلسلے میں عارضی ویسٹ ورکرز کی خدمات حاصل اور اس اقدام میں اہل دیہہ بھر پور انداز میں شریک ہیں۔انہوں نے گاؤں کو درپیش دیگر مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گاؤں کو آنے والی سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جبکہ سوئی گیس وپینے کے صاف پانی کی فراہمی کی اشد ضرورت ہے۔قبل ازیں ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی اور ڈویژنل کمشنر طارق خان نیازی نے فیتہ کاٹ کر ویلج واش کمیٹی کے قیام کا افتتاح کیا۔

  • فیصل آباد میں قومی یکجہتی اور استحکام پاکستان کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد

    فیصل آباد ( نمائندہ باغی ٹی وی )صوبائی وزیر برائے پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین نے کہا ہے کہ استحکام پاکستان کے لئے قومی یکجہتی‘ اتحاد و اتفاق اور خلوص نیت سے قومی خدمت وقت کا اہم ترین تقاضا ہے جس کے لئے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت عملی اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے یہ بات جماعت اہلسنت کے زیر اہتمام تحصیل بار کونسل جڑانوالہ میں منعقدہ استحکام پاکستان سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر برائے وزیر اعلی معائنہ ٹیم محمد اجمل چیمہ‘ اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ شاہد ندیم رانا‘ ایس پی طارق محمود سکھیرا‘ سیکرٹری بار مہر آصف نذیر سمیت وکلاء کی بڑی تعداد اور علماء کرام اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی وزیر چوہدری ظہیر الدین نے کہا کہ پاکستان بے شمار قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ہے جس کے تحفظ و ترقی کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن عناصر پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کو کمزور کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں جنہیں ناکام بنانے کے لئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ امن و آشتی اور استحکام کے لئے مذہبی ہم آہنگی اور روا داری کو فروغ دیا جائے جس کے لئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام و مشائخ عظام کا مثالی کردار قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران کی قیادت میں پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر فلاحی مملکت بنائیں گے جس کے لئے ایسے اقدامات کئے جارہے ہیں جن کی بدولت طبقاتی تفریق ختم ہو گی اور ہر فرد کو انصاف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کو لوٹنے والوں سے قومی دولت واپس لے کر پاکستان کی ترقی اور عوامی خوشحالی پر خرچ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں ریاست مدینہ کی طرز پر فلاحی مملکت بنانے کے لئے عوام حکومت کا ساتھ دیں اور منفی قوتوں کے عزائم کو شکست دے کر تعمیر وترقی کے صحیح راستے کا انتخاب کریں۔ انہوں نے استحکام پاکستان کے اہم موضوع پر سیمینار کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی۔ صوبائی وزیر برائے وزیر اعلی پنجاب معائنہ ٹیم محمد اجمل چیمہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ استحکام پاکستان میں ہی ہماری قومی بقاء ہے جس کے لئے ہمیں دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ آزادی بڑی نعمت ہے جس کے تحفظ کے لئے قومی یگانگت کے تقاضوں پر آنچ نہیں آنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے محبت کا تقاضا ہے کہ تمام اختلافات بھلا کر ہم من حیث القوم ملک و ملت کی خدمت کے لئے کمر بستہ ہو جائیں۔ سیمینار سے امیر جماعت اہلنست ڈاکٹر مفتی محمد یونس رضوی‘ مفتی عبدالقوی اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے قیام پاکستان کے سلسلے میں علماء کرام کی خدمات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ علماء دین تعمیر پاکستان کے لئے بھی بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ آخر میں ملک و ملت کی ترقی و خوشحالی‘ قومی یکجہتی اور امن وسلامتی کے لئے دعا اور شہدائے پاکستان کی ارواح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

  • فیصل آباد ضلع میں 4 لاکھ 11 ہزار مستحق خاندانوں میں صحت کارڈ کی تقسیم

    فیصل آباد( نمائندہ باغی ٹی وی )وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق ضلع میں 4لاکھ 11ہزار مستحق خاندانوں میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کئے جارہے ہیں جس کی بدولت ایک خاندان کے افراد سالانہ 7لاکھ 20ہزارروپے تک پینل میں شامل سرکاری ونجی ہسپتالوں سے مختلف بیماریوں کا علاج معالجہ کراسکیں گے۔صحت انصاف کارڈز تقسیم کرنے کی تقریب میونسپل کارپوریشن کے ہال میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویز میاں فرخ حبیب تھے۔ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی،ڈپٹی کمشنر طارق خان نیازی،چیئرمین پی ایچ اے/ایم پی اے لطیف نذر،وائس چیئرمین واسا شیخ شاہد جاوید،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا،میڈیکل سپرنٹنڈنٹس الائیڈ،ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال وچلڈرن ہسپتال ڈاکٹر خرم الطاف،ڈاکٹر خالد فخر،ڈاکٹر حبیب بٹر،میاں نبیل ارشداوردیگر پارٹی کارکن بھی موجود تھے۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویز نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ پروگرام اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کی جانب اہم قدم اور وزیراعظم عمران خان کی طرف سے کئے گئے وعدے کی تکمیل ہے جس کی بدولت رواں مالی سال میں ضلع فیصل آباد کی 22فیصد آبادی مستفید ہوگی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گزشتہ روز دورہ فیصل آباد سے صحت انصاف کارڈ کی تقسیم کا آغاز کیااور اس سلسلے کو آگے بڑھایا جارہا ہے جس کے تحت ضلع کا کوئی مستحق کارڈ کی سہولت سے محروم نہیں رہے گا۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویز نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ کو ہر حقدار تک پہنچانے کے لئے دوبارہ سروے بھی کرایا جارہا ہے۔انہوں نے کارڈ حاصل کرنے والوں سے کہا کہ وہ دھوکہ بازوں سے ہوشیار رہیں کیونکہ صحت انصاف کارڈ کی کوئی فیس نہیں جبکہ انتظامی سطح پر مانیٹرنگ سسٹم بھی وضع کریں گے تاکہ ایسی کسی شکایت پر فوری کارروائی ہوسکے۔انہوں نے صحت انصاف کارڈ حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ شعبہ صحت کی ترقی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے اور جدید علاج معالجہ کی سہولیات کے ثمرات غریب ونادار مریضوں تک پہنچائے جارہے ہیں۔ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے صحت انصاف کارڈ کو موجودہ حکومت کا انقلابی قدم قرار دیا اور کہا کہ اس کی بدولت غریب ومستحق مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات میسر آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی سہولیات کا جائزہ لینے کے لئے دورے بھی کئے جارہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے صحت انصاف کارڈ پروگرام کے تحت کارڈ حاصل کرنے والوں کومبارکباد دی اور کہا کہ آئندہ مرحلے میں شروع کئے جانے والے سروے میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بھرپور معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ حقیقی معنوں میں حقدار ہی فہرست میں شامل ہوسکیں۔چیئرمین پی ایچ اے/ایم پی اے لطیف نذراوروائس چیئرمین واسا شیخ شاہد جاوید نے کہا کہ شعبہ ہیلتھ میں صحت انصاف کارڈ انقلاب ہے جسے صوبہ کے کونے کونے تک پہنچایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو راحت اوریلیف فراہم کرنا ہی پنجاب حکومت کامشن ہے۔قبل ازیں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویزمیاں فرخ حبیب نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ کی بدولت صوبہ بھر میں اب تک مختلف نوعیت کے 91ہزار آپریشنز اور ساڑھے تین لاکھ مریضوں نے او پی ڈی سے علاج کی سہولیات حاصل کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے شعبہ صحت پر ذرا بھی توجہ نہ دی لیکن وزیر اعظم عمران خان نے حلف اٹھاتے ہی پسماندہ طبقات کی فلاح کے لئے قدم اٹھایا اور صحت انصاف کارڈ کا اجراء کیا جس کی بدولت غریب آدمی بھی صحت کی بہترین سہولیات حاصل کررہا ہے۔اس موقع پر صحت انصاف کارڈ حاصل کرنے والے مستحقین نے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔

  • فیصل آباد، سینیر جج کا ڈسٹرکٹ جیل کا تفصیلی دورہ

    فیصل آباد( نمائندہ باغی ٹی وی )ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمدیوسف اوجلہ نے ڈسٹرکٹ جیل کا تفصیلی دورہ کیا۔سینئر سول جج(کریمنل)شہباز حجازی بھی ان کے ہمراہ تھے۔سپرنٹنڈنٹ جیل علی اکبر گجر،ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ غلام سرور لنگڑیال،میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد ارشد اور دیگر جیل افسران بھی موجود تھے۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے دورہ کے دوران جیل ہسپتال،نو عمر خواتین وارڈ،کچن اسیران اور دیگر بیرکس کا دورہ کیا۔انہوں نے قیدی مریضوں کے علاج معالجہ کے بارے میں دریافت کرتے ہوئے انہیں علاج کی بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کویقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کچن کا دورہ کرکے کھانے کے معیار کا بھی جائزہ لیا اور قیدیوں سے ملاقات کرکے مسائل دریافت کئے۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے جیل انتظامیہ کو تاکید کی کہ قانون کی عملداری اورمیرٹ کو ہر صورت ملحوظ خاطر رکھیں۔انہوں نے صفائی کے اعلیٰ معیار کو ہمہ وقت برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی۔سپرنٹنڈنٹ جیل نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو انتظامی وحفاظتی امور پر بریفنگ دی۔