فیصل آباد(نمائندہ باغی ٹی وی ) حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈینگی کی روک تھام کے لئے تمام انتظامی مشینری متحرک ہے جس میں محکمہ تعلیم کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ یہ بات چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن چوہدری ذوالفقار حسین نے انسداد ڈینگی کے موضوع پر گورنمنٹ بوائز ہائی سکول مندر روڈچنیوٹ میں منعقدہ آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ڈی ای او سکینڈری / فوکل پرسن رائے ارشاد‘ مختلف سکولوں کی ہیڈ مسٹریس روبینہ چوہدری‘ رفعت اسماعیل‘ سعدیہ شہاب‘ ٹیچرز مس طاہرہ‘ مدثر نذر اور بڑی تعداد میں محکمہ تعلیم کے دیگر افسران و سٹاف کے ارکان موجود تھے۔ سی ای او ایجوکیشن نے کہا کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لئے احتیاطی اور حفاظتی تدابیر کو اجاگر کرنے کے لئے تمام محکموں و طبقات نے مل جل کر کام کرنا ہے اور محکمہ تعلیم کو اپنے حصے کا کردار واضح طور پر اداکرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ گرمیوں کی تعطیلات کے بعد سکول کھلنے سے قبل سکولوں کی عمارتوں کی چھتوں‘ واٹر پمپس و پانی کی ٹینکیوں کی جگہوں‘ لان اور دیگر تمام حصوں کو اچھی طرح چیک کرکے معیاری صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں کیونکہ بارشوں کے باعث کسی جگہ پانی جمع ہونے کے باعث ڈینگی لاروا کی افزائش کے خدشات ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یکم اگست سے ضلع کے تمام سکولوں کا معائنہ کرکے صفائی ستھرائی کا خود جائزہ لیں گے۔انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سکولوں کو بھی انسداد ڈینگی کے حوالے سے احتیاطی وحفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کاپابندبنایا جائے اور ڈینگی سے بچاؤ سے متعلق احساس کو اجاگر کرنے کے لئے آگاہی مہم میں ان کی بھرپور معاونت حاصل کریں۔ ڈی ای او سکینڈری رائے ارشاد نے کہا کہ ڈینگی وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے احتیاطی تدابیر سے متعلق عوامی آگاہی بے حد ضروری ہے لہذا سکولوں میں اسمبلی کے وقت طالب علموں کو احتیاطی تدابیر سے ضرور آگاہ کریں تاکہ وہ اس پیغام کو اپنے گھروں تک پہنچائیں۔ سیمینار سے مختلف سکولوں کی ہیڈمسٹریس‘ ٹیچرز‘ سول سوسائٹی کے نمائندہ افراد نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ ڈینگی ایک سماجی مسئلہ ہے جس پر قابو پانے کے لئے ہر فرد کو اپنے حصے کا کردار ادا کرنا چاہئے اس سلسلے میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے گھروں میں صفائی ستھرائی‘ اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنے اور ڈینگی لاروا کی افزائش کی ممکنہ جگہوں سے پانی کو خشک کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چھتوں پر کاٹھ کباڑ اور ایسے برتن نہ رکھیں جن میں پانی جمع ہو سکتا ہو جوکہ ڈینگی لاروا کی پیدائش کا باعث بنتا ہے۔سیمینار میں کمپیرنگ کے فرائض مس طاہرہ نے انجام دئیے جبکہ طالبات نے انسداد ڈینگی کے پیغام پر مبنی نغمہ اور ٹیبلو پیش کیا.
Category: فیصل آباد
فیصل آباد میں آرٹس کونسل کے زیراہتمام ساون کے گیتوں کامقابلہ
فیصل آباد ( نمائندہ باغی ٹی وی )فیصل آباد آرٹس کونسل کے زیراہتمام ساون کے گیتوں کامقابلہ نصرت فتح علی خاں آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی اس موقع پرمہمان خصوصی تھے جبکہ ڈپٹی کمشنر طارق خاں نیازی،اسسٹنٹ کمشنر(جنرل) مصور خاں نیازی،ڈائریکٹر آرٹس کونسل صوفیہ بیدار کے علاوہ شائقین موسیقی بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔مقابلہ میں نوجوان مردوخواتین نے ساون کے حوالے سے مختلف گیت پیش کئے۔ڈویژنل کمشنر نے مقابلہ کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ عوامی تفریح کے لئے پروگرامز کا انعقاد خوش آئنداقدام ہے۔انہوں نے مقابلہ میں شریک فنکارانہ صلاحیتوں کی مہارت کی بھی تعریف کی اورفنون لطیفہ کے مختلف نوعیت کی سرگرمیوں کے تسلسل سے انعقاد پر آرٹس کونسل انتظامیہ کی کاوشوں قابل ستائش ہیں۔ڈائریکٹر آرٹس کونسل نے مقابلہ گائیکی میں شرکت پر کمشنر،ڈپٹی کمشنراوردیگر مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کیا اورساون کے گیتوں کے مقابلہ کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس موسم کی کیفیت اوراحساسات کو اجاگر کرنے کے لئے اس پروگرام کاانعقاد کیا گیا ہے۔
فیصل آباد میں گاڑیوں کی پارکنگ کے مسئلہ کے حل کے لیے ڈپٹی کمشنر کا اجلاس
فیصل آباد ( نمائندہ باغی ٹی وی )فیصل آباد شہر میں گاڑیوں کی پارکنگ کے گھمبیر مسئلہ کو حل کرنے کے لئے موثر لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔اس سلسلے میں فیصل آباد پارکنگ کمپنی کی عمدہ کارکردگی بڑی اہمیت کی حامل ہے۔یہ بات ڈپٹی کمشنر طارق خان نیازی نے فیصل آباد پارکنگ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ایم ڈی پارکنگ کمپنی عامر ذیشان نے اس موقع پر کمپنی کی کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا اور بتایا کہ اس وقت شہر میں پارکنگ کی 43سائٹس فنکشنل ہیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ انورسعید،فنانس اینڈ پلاننگ آفیسر ڈاکٹر رانا تنویر،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ رانا نوید،پنجاب پولیس وٹریفک پولیس اورانجمن تاجراں سٹی کے نمائندہ بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ فیصل آباد پارکنگ کمپنی کی سروسز کو مزید بہتر اور وسیع بنانے کے لئے منصوبہ بندی کو آگے بڑھایا جائے۔انہوں نے کہا کہ عوامی توقعات پر پورا اترتے ہوئے مزیدسائٹس کے قیام کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں۔اجلاس کے دوران سالانہ ترقیاتی بجٹ،ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہوں سمیت دیگر امور بھی زیر بحث آئے۔اس موقع پر بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ارکان نے پارکنگ کمپنی کی سروسز کو مزید جامع بنانے کے لئے تجاویز پیش کیں۔
۔۔۔///۔۔۔روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا بغیر روٹ پرمٹ اور فٹنس سر ٹیفکیٹ چلنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز
فیصل آباد جولائی (اے پی پی) حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے فیصل آباد ڈویژن سمیت صوبہ بھر میں بغیر روٹ پرمٹ چلنے والی بسوں، ویگنوں، لگژری ہائی ایس، اے پی وی وینز، ٹیکسی کا رز و دیگر پبلک ٹرانسپورٹ کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے جبکہ گذشتہ روز ڈویژن کے بعض مقامات پر کئی گاڑیاں پکڑ کر مختلف تھانوں میں بندکر دی گئیں جس سے ان گاڑیوں میں سوار مرد و خواتین مسافروں اور بچوں کو شدید گرمی میں سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔اس موقع پر سیکرٹری روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی پنجاب کے ذرائع نے بتا یا کہ روٹ پرمٹ اور فٹنس سر ٹیفکیٹ کے بغیر گاڑیاں چلانا سخت جرم ہے جبکہ ان سرٹیفکیٹس و روٹ پرمٹ کی تجدید کے بغیر بھی گاڑیاں سڑک پر نہ لائی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ٹرانسپورٹ مالکان کو ہدائت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر روٹ پرمٹ بنوا لیں اور پرانے روٹ پرمٹس و فٹنس سرٹیفکیٹس کی تجدید کروا لیں ورنہ ان کی گاڑیاں بند کر دی جائیں گی اور بھاری جرمانہ سمیت سخت قانونی کاروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔
فیصل آباد میں جشن آزادی کے موقع پر طلباء و طالبات کے درمیان تقریری مقابلوں کے انعقاد کی ہدایت
فیصل آباد (اے پی پی) محکمہ تعلیم حکومت پنجاب نے جشن آزادی کے موقع پر سکولوں کے طلباء و طالبات کے درمیان تقریری مقابلوں کے انعقاد کی ہدائت کی ہے جس میں تحریک پاکستان سے تکمیل پاکستان تک کے مراحل پر طلباء اظہار خیال کریں گے۔ اس موقع پر طلباء و طالبات کے درمیان مضمون نویسی کا مقابلہ بھی ہو گا جس کا مقصد طلباء کی ذ ہنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔
بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی ہمشیرہ، محترمہ فاطمہ جناح ؒکی سالگرہ کل منائی جائے گی
فیصل آباد (اے پی پی) بابائے قوم، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی ہمشیرہ، مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح جو 31جولائی 1893 ء کو کراچی میں پیدا ہوئی تھیں کی 126ویں سالگرہ کل31 جولائی بروزبدھ کو ملک بھر میں قومی جوش و جذبے اور انتہائی عقیدت و احترام سمیت بھر پور طریقے سے منائی جائے گی۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ، نظریہ پاکستان فاؤنڈیشن، تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ اور دیگر تنظیموں کے زیر اہتمام سیمینارز، کانفرنسز، مذاکروں، مباحثوں اور دیگر تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جس میں مادر ملت کی تحریک پاکستان میں اپنے بھائی کے شانہ بشانہ جدو جہد سمیت ملک و قوم کیلئے ان کی گراں قدر خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ مادر ملت جنہیں شمع جمہوریت کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے نے برصغیر کی مسلم خواتین کو مسلم لیگ کے پلیٹ فارم پر جمع کرنے میں اہم کردار ادا کرنے سمیت انہیں مردوں کے شانہ بشانہ تکمیل پاکستان کی جدو جہد میں عملی طور پر شریک کیا۔ محترمہ فاطمہ جناح نے عمر رسیدہ ہونے کے باوجود قوم کے پر زور اصرار پر وطن عزیز کی صدارت کے عہدہ کیلئے صدر ایوب خان کے مقابلے میں الیکشن لڑا لیکن انہیں خفیہ ہاتھوں نے شکست سے دوچار کر دیا۔محترمہ فاطمہ جناح نے 74برس کی عمر میں 9جولائی 1967ء میں وفات پائی۔ مادر ملت کے یوم ولادت اور سالگرہ کے موقع پر قرآن خوانی کی محافل کا بھی اہتمام کیا جائے گا جس میں شہدائے تحریک پاکستان سمیت وطن عزیز کی سلامتی، استحکام، خوشحالی، فلاح کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔
فیصل آباد میں گٹ والا فاریسٹ پارک میں چڑیا گھر کے قیام کی منصوبہ بندی
فیصل آباد ( نمائندہ باغی ٹی وی )حکومت پنجاب گٹ والا فاریسٹ پارک میں چڑیا گھر کے قیام کی منصوبہ بندی پر غور کرے گی تاکہ شہریوں اور خصوصی طور پر بچوں کے لئے تفریحی سرگرمیوں میں اضافہ کیا جا سکے ۔ یہ بات انچارج صوبائی وزیر فاریسٹ ‘ وائلڈ لائف و فشریز محمد رضا حسین بخاری نے ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی سے ان کے دفتر میں ملاقات کے دوران کہی ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر فشریز رانا نجابت اور محکمہ جنگلات کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ انچارج صوبائی وزیر نے کہا کہ جنگلات اور وائلڈلائف کے تحفظ و فروغ کے لئے تحقیقی سرگرمیوں کا دائرہ وسیع کیا گیا ہے اس ضمن میں ان شعبوں کی ترقی کے ساتھ ساتھ عوام کے لئے تفریحی سہولتیں فراہم کرنے پر توجہ مرکوز ہے جس کے لئے متعدد منصوبے زیر غور ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گٹ والا فاریسٹ پارک کی جدید تقاضوں کے مطابق تزئین و آرائش کی گئی ہے جس میں چڑیا گھر کے قیام کی بہترین گنجائش موجود ہے اس ضمن میں تمام تر انتظامی و تکنیکی پہلوﺅں کا جائزہ لیا جائے گا ۔ انہوںنے بتایا کہ گٹ والا میں وائلڈ لائف پارک کی بہتری اور ترقی کے لئے اقدامات کرے گے ۔ ڈویژنل کمشنر نے انچارج صوبائی وزیر کا خیر مقدم کرتے ہوئے فیصل آباد کا دورہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ فیصل آباد میں بچوں کی دلچسپی و تفریح کے لئے چڑیا گھر کے قیام کی بے حد ضرورت ہے اس ضمن میں ابتدائی منصوبہ بندی کی گئی تھی جس پر عملدرآمد کرکے نہ صرف شہریوں کا مطالبہ پورا کیا جا سکتا ہے بلکہ وائلڈ لائف کی ترقی کے ساتھ ساتھ شہری ترقی میں مزید تفریحی منصوبے کا آغاز ہو گا.
فیصل آباد میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ ریویو کمیٹی کا اجلاس
فیصل آباد ( نمائندہ باغی ٹی وی )ڈسٹرکٹ ہیلتھ ریویو کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر طارق خان نیازی کی زیر صدارت ان کے آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ
مانیٹرنگ آفیسر ثمینہ سیف نیازی نے تحصیل ہسپتالوں کی مانیٹرنگ رپورٹس سے آگاہ کیا ۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد آصف شہزاد ‘ ڈسٹرکٹ مینجر پنجاب ہیلتھ فسٹیلیز مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر نوازش گورایہ ‘ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران ‘ میڈیکل سپرنٹنڈنٹس ‘ سینئر میڈیکل آفیسرز اور محکمہ صحت کے دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے مانیٹرنگ رپورٹس کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے صفائی ستھرائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ رورل ہیلتھ سنٹرز میں ادویات کی ہمہ وقت دستیابی کو یقینی بنائیں اور درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے ۔ انہوں نے مانیٹرنگ افسران سے کہا کہ وہ حقائق پر مبنی رپورٹس تیار کریں تاکہ کارکردگی مزید بہتر بنائی جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ہیلتھ روڈ میپ پروگرام کے تمام متعلقہ انڈیکیٹرز پورے ہونے چاہئیں جس کے لئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو اپنے فرائض احسن انداز میں انجام دینے چاہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے شعبہ صحت پر خصوصی توجہ مرکوز کر رکھی ہے لہذا افسران اپنے ذمہ ٹاسک کو مکمل کریں تاکہ معمولی سی غفلت یا عدم توجہی کے باعث ضلع کی مجموعی کارکردگی متاثر نہ ہوفیصل آباد میں حکومت پنجاب کی ہدایت پر انسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میں سیمینار کا انعقاد
فیصل آباد( نمائندہ باغی ٹی وی )حکومت پنجاب کی ہدایت پر انسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میں صنعت زار سوشل ویلفیئر میں سیمینار منعقد ہوا جس میں ہیلتھ ایجوکیشن آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی شفیق احمد آصف مہمان خصوصی تھے ۔مینجر صنعت زار محمد سلیم بلندیا،انسٹرکٹرز اور زیر تربیت طالبات بھی موجود تھیں۔ہیلتھ ایجوکیشن آفیسر نے کہا کہ ڈینگی سے بچاﺅ کے لئے احتیاط لازمی ہے لہذا ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے اور صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال رکھیں تاکہ ڈینگی لاروا کو افزائش کا موقع نہ ملے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر گزشتہ روز اینٹی ڈینگی ڈے منانے کا مقصد شہریوں کو ڈینگی سے بچاﺅ کا احساس برقرار رکھنا ہے ۔انہوں نے طالبات سے کہا کہ وہ اپنے گھروں اور ارد گرد خواتین کو بھی صفائی ستھرائی یقینی بنانے کی تلقین کریں۔انہوں نے کہا کہ گملوں کے ارد گرد پانی جمع نہ ہونے دیں اور فالتو سامان کو تلف کردیں کیونکہ موجودہ بارشوں کے موسم میں ڈینگی لاروا کی افزائش کے خدشات موجود ہیں لہذا غیر ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کیا جائے ۔انہوں نے صنعت زار سے ملحقہ لان اور دیگر مقامات پر ڈےنگی لاروا کی افزائش کی ممکنہ جگہوں کو بھی چیک کیا۔مینجر صنعت زار نے کہا کہ مشترکہ کاوشوں سے ہی ڈینگی سے بچاﺅ ممکن ہے اس سلسلے میں آگاہی پروگرامز باقاعدگی سے منعقد کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ادارہ میں صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ مرکوز ہے اور ڈینگی کی افزائش کے سدباب کے لئے اقدامات جاری ہیں۔
فیصل آباد ڈویژنل کمشنر/ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن محمود جاوید بھٹی نے شہری ترقی کے منصوبوں کا جائزہ لیا
فیصل آباد( نمائندہ باغی ٹی وی )ڈویژنل کمشنر / ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن محمود جاوید بھٹی نے کہا ہے کہ عوامی ریلیف اور شہری ترقی کے لئے میونسپل کارپوریشن کی سروسز کے معیار میں مزید اضافہ کیا جائے اس ضمن میں دستیاب وسائل کو دانشمندی سے استعمال کرتے ہوئے عوامی بہبود اور شہری خوبصورتی کے منصوبوں کو مکمل کریں ۔ انہوں نے یہ بات ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہری ترقی کے منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہی جس میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویز میاں فرخ حبیب ‘ ارکان اسمبلی چوہدری لطیف نذر ‘ شکیل شاہد ‘ میاں خیال احمد کاسترو کے علاوہ راجہ ریاض احمد ‘ چوہدری فیض اﷲ کموکا ‘ شیخ خرم شہزاد کے نمائندے ‘ اسسٹنٹ کمشنر جنرل مصور خان نیازی ‘ چیف آفیسر سردار نصیر احمد ‘ ایکسئین خالد محمود ‘ ایم او ریگولیشن الیاس شاکر و دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کی عمدہ کارکردگی سے ہی عوامی مسائل تیز رفتاری سے حل ہوتے ہیں جس کے لئے افسران اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اعلی نظم و نسق کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی و مذہبی تہواروں پر میونسپل کارپوریشن کے انتظامات شایان شان ہونے چاہیںکیونکہ یہ ادارہ شہریوں کے لئے نمائندہ کی حیثیت رکھتا ہے۔ اجلاس کے دوران مختلف حلقوں میں اہم سڑکوں کی تعمیر و بحالی اور سٹریٹ لائٹس کے منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ ترقیاتی سرگرمیوں میں مکمل شفافیت برقرار اور محلوں کی سٹریٹ لائٹس کو بحال رکھنے کے لئے ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کریں ۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کے زیر اہتمام واٹر فلٹریشن پلانٹس کے ثمرات شہریوں تک پہنچنے چاہیں اس ضمن میں غیر فعال واٹر فلٹریشن پلانٹس کو چالو کرنے کے لئے جامع حکمت عملی اختیار کریں۔اس موقع پر واٹر فلٹریشن پلانٹس اور سٹریٹ لائٹس کی تازہ ترین صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے ارکان صوبائی اسمبلی چوہدری لطیف نذر اور میاں خیال احمد کاسترو کی سربراہی میں دو الگ الگ کمیٹیز بنائی گئیں جن کی رپورٹس کی روشنی میں ضروری محکمانہ اقدامات کئے جائیں گے ۔ اجلاس کے دوران مختلف شہری علاقوں میں جمعہ ‘ اتوار اور دیگر ایام کے بازاروں کے انعقاد اور مویشیوں کے شہر سے انخلاءکے امور پر بھی غور و خوض کیا گیا ۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری میاں فرخ حبیب نے کہا کہ شہریوں کو بہترین سروسز کی فراہمی کے لحاظ سے میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کا اچھا تاثر ابھر کر سامنے آنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ شہری سہولتوں کی فراہمی اور مسائل کے حل کے سلسلے میں میونسپل کارپوریشن کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے لہذا نئے پاکستان میں تبدیلی کے مثبت اثرات واضح طور پرنظر آنے چاہیں ۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن کی آمدن و اخراجات میں توازن پیدا کرنے اور حکومت کی کفایت شعاری مہم پر موثر انداز میں عملدرآمد کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ شہری ترقی کے منصوبوں کے لئے وسائل میں اضافہ بے حد ضروری ہے لہذا میونسپل کارپوریشن کو غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی اور ریونیو کی وصولی میں اضافہ کرنا چاہئے ۔ انہوںنے کہا کہ پرائس میکنزم کے تحت عوام کو مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ فراہم کرنے کے لئے جمعہ و اتوار بازاروں کے منظم انداز میں انعقاد کے لئے جامع حکمت عملی اختیار کی جائے جس کے لئے بلدیاتی قوانین اور قائمہ طریقہ کار پر عملدرآمد ہونا چاہئے ۔ارکان صوبائی اسمبلی نے اپنے حلقوں میں سڑکوں کی تعمیر ‘ سٹریٹ لائٹس ‘ واٹر فلٹریشن پلانٹس اور عوامی ضرورت کی دیگرترقیاتی سکیموں کے بارے میں تجاویز پیش کیں اور کہا کہ علاقائی خوشحالی اور عوامی بہبود کے لئے ترقیاتی عمل کو مل جل کر آگے بڑھائیں گے ۔ اس سے قبل چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سردار نصیر احمد نے بریفنگ کے دوران مختلتف شہری سڑکوں کی تعمیر ‘سٹریٹ لائٹس کے منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔ انہوںنے بتایا کہ 310 مقامات کے سروے کے نتائج کے مطابق شہر میں 2209 بھینسیں موجودہ ہیں جن کے انخلاءکے لئے اپریشن کیا جائے گا اس مقصد کے لئے چھ مقامات پر کانجی ہاﺅس قائم کئے گئے ہیں جن میں ضبط کئے گئے مویشیوں کو رکھا جائے گا۔