فیصل آباد(نمائندہ باغی ٹی وی )ڈپٹی کمشنرطارق خاں نیازی کی ہدایت پر ضلع میں انسداد ڈینگی کی جاری مہم کے سلسلے میں محکمہ صحت کے زیر اہتمام تحصیل سمندری میں آگاہی واک منعقدہوئی جس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر سمندری فیصل سلطان نے کی۔محکمہ صحت ودیگر محکموں کے افسران کے علاوہ این جی اوز کے نمائندے اور سول سوسائٹی کے افراد بھی شریک تھے۔واک اسسٹنٹ کمشنر آفس سے شروع ہو کر مختلف راستوں سے گزرتی ہوئی واپس اسی مقامات پر پہنچ کراختتام پذیر ہوئی۔واک کے شرکاء نے آئیے ہم سب مل کر اپنے ماحول کو صاف ستھرارکھیں۔ڈینگی سے بچاؤ ممکن اوردیگر احتیاطی وانسدادی اقدامات پر مشتمل بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔اسسٹنٹ کمشنرنے کہا کہ ڈینگی لاروا کے انسداد کے لئے بھرپور انسدادی اقدامات کئے جارہے ہیں تاہم شہریوں کے تعاون کے بغیر مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کئے جاسکتے لہذا شہری گھروں اور ارد گرد صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال رکھیں اور کسی جگہ پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی ایک سماجی مسئلہ ہے جس سے بچاؤ احتیاطی تدابیر سے ہی ممکن ہے۔محکمہ صحت کے افسران نے بتایا کہ اینٹی ڈینگی ٹیموں کی طرف سے روزانہ کی بنیاد پر سرویلنس کا عمل جاری ہے اور ٹیمیں کباڑ خانوں،ٹائر شاپس،قبرستانوں،گھروں میں ڈینگی لاروا کی پیدائش وافزائش کو چیک کرکے ان کا صفایا کر رہی ہیں۔دیگر مقررین نے بھی ڈینگی کے انسداد کے لئے مشترکہ کاوشوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت پرزور دیا۔
Category: فیصل آباد
-
چنیوٹ میں ڈاکٹر کی ناقص کارکردگی، خدمات واپس کر دی
فیصل آباد ( نمائندہ باغی ٹی وی ) میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چنیوٹ ڈاکٹر انجم اقبال نے ناقص کارکردگی اور فرائض میں لاپروائی کی بناء پر ہسپتال میں تعینات لاجسٹک آفیسر عثمان تنویر کی خدمات پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب کو واپس کر دی ہے۔اس سلسلے میں پراجیکٹ ڈائریکٹر کے نام تحریر کئے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال چنیوٹ کا اچانک معائنہ کیا تو لاجسٹک آفیسر عثمان تنویر دستیاب طبی آلات کے فنکشنل ہونے کے بارے میں نہ صرف تفصیلات بتانے سے قاصر رہے بلکہ غلط روی کا مظاہرہ بھی کیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق مذکورہ آفیسر کو کئی بار اپنے فرائض پر توجہ دینے اور رویہ بہتر بنانے کی تاکید کی گئی تھی لیکن اصلاح نہ ہو سکی جبکہ ڈویژنل کمشنر کے دورے کے دوران بھی لاجسٹک آفیسر عثمان تنویر نے غلط رویہ اختیار کیا جس پر اس کی خدمات پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کو واپس کرنے کے لئے تحریر کیا گیا۔ دریں اثناء ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال چنیوٹ کے اچانک دورے کے دوران انتظامی و طبی امور کا معائنہ کرتے ہوئے نظم و نسق کو بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے گائنی وارڈ میں غیر متعلقہ افراد کی موجودگی کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ مریضوں کی بھلائی اور بہبود کا خصوصی خیال رکھا جائے۔
۔۔۔///۔۔۔ -
جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے پروفیسر ڈاکٹر رضوان اللہ کوکب کی کتاب کی تقریب رونمائی
فیصل آباد( نمائندہ باغی ٹی وی ) پاکستان کی تقسیم اور بنگلہ دیش بننے کا کوئی ایک طبقہ ‘ لیڈر یا ادارہ ذمہ دار قرار نہیں دیا جا سکتا۔ عالمی حالات’ محرومی کا مسلسل احساس ‘مشرقی پاکستان کی لیڈر شپ کاعوامی مؤقف سے دور رہنا اور مطالبات کو نظر انداز کرنا’سیاسی’ معاشی و معاشرتی صورتحال اور دیگر بہت سے عوامل تقسیم کی وجہ بنے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے معروف تاریخ دان اور جی سی یونیورسٹی کے شعبہ تاریخ و مطالعہ پاکستان کے انچارج ڈاکٹر رضوان اللہ کوکب کی کتاب ”مشرقی پاکستان میں علیحدگی پسندی : ناکام قیادت کا تحقیقی مطالعہ ” کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جی سی ویمن یونیورسٹی کی سابق وائس چانسلر اور جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کی ڈائریکٹر ایڈوانس سٹڈیز ڈاکٹر صوفیہ انور نے کہا ہے کہ معاشرے کے تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنا ہی قیادت کی کامیابی قرار دیا جا سکتا ہے۔ کسی بھی طبقے میں احساس محرومی ‘ معاشی وسائل کی تقسیم میں عدم مساوات’ سیاسی’ معاشی اور پاور سٹرکچر سے کسی بھی طبقے کی عدم شمولیت معاشروں اور قوموں کیلئے نقصان کا باعث بنتا ہے۔ ماضی کے تلخ حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل کیلئے بہتر منصوبہ بندی کرنا ہی زندہ قوموں کی پہچان ہوتی ہے۔ ڈاکٹر رضوان اللہ کوکب نے کہا کہ پاکستان کی تقسیم اور مشرقی پاکستان میں علیحدگی پسندی کا غیرجانبدارانہ انداز میں مطالعہ اور تحقیق کرنے کی ضرورت تھی۔ اس کتاب میں1947سے لے کر 1971تک کے حالات کا تحقیقی انداز میں غیرجانبدارانہ جائزہ لے کر صورتحال کو پیش کیا گیا ہے۔ تحقیق ثابت کرتی ہے کہ قائداعظم پورا بنگال اور سکھوں سمیت پورا پاکستان لینا چاہتے تھے۔جہاں دو دوردراز کے دوجغرافیائی خطوں پر مشتمل ایک آزاد ملک (پاکستان ) کا بننا ایک تاریخ کا ایک انوکھا واقعہ تھا وہیں مشرقی پاکستان کی علیحدگی دنیا کی تاریخ کا انوکھا واقعہ ہے کہ کسی بھی ملک کی اکثریتی آبادی نے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے اپنی الگ شناخت بنائی ۔ ہمیشہ اقلیت میں ہونے والے علیحدگی کی بات کرتے ہیں۔ مشرقی پاکستان میں علیحدگی پسندی کی تحریک صرف 70کی دہائی میں ہی شروع نہیں ہوئی۔ اس کی چنگاریاں 1947سے ہی پھوٹتی ہوئی نظر آتی ہیں۔ قومی زبان کے ایشو سے تو ایک زمانہ آگاہ ہے۔ قائد اعظم نے اردو کو قومی زبان قرار بھی سی لئے دیا تھا کہ اردو پاکستان کے کسی صوبے یا علاقے کی زبان نہیں ہے۔ اگست 1947کی تاریخی ہجرت’ 1948 میں وسائل کی تقسیم’ 1949 میں آئین کے بنانے پر اختلاف’ عوامی مسلم لیگ اور یوتھ لیگ کا قیام اور متعدد دیگر عوامل علیحدگی پسندی کے چشمے سے پھوٹتی ہوئی چنگاریاں ہی تو تھیں۔ 1971کی جنگ کے حالات و نقصانات کے حوالے سے بھی دونوں طرف مبالغہ آرائی سے کام لیا جاتا ہے۔ مشرقی پاکستان کی تقسیم کے عوامل اور حالات کا دو نہیں چار( پاکستان’ بنگلہ دیش’ انڈیا اور عالمی صورتحال) تناظر میں جائزہ لینے کی ضرورت تھی اور اس کتاب میں ایسا ہی کیا گیا ہے۔ جی سی یونیورسٹی کے انگلش ڈیپارٹمنٹ کے سینئر فیکلٹی ممبر ڈاکٹر محمد آصف نے اس موقع پر کہا کہ ڈاکٹر رضوان اللہ کوکب کی اس کتاب کا سب سے اہم پہلو کو مجھے لگا وہ یہ ہے کہ پوری کتاب میں ڈاکٹر رضوان خود کہیں نظر نہیں آتی۔ انہوں نے عام تاریخ دانوں کی طرح بیانیہ انداز میں صورتحال پیش کرنے کی بجائے غیرجانبدارانہ انداز میں حقائق پیش کئے ہیںاور یہی اس کتاب کی سب سے بڑی خوبی ہے۔ انہوں نے جس خوبی کے ساتھ حقائق کو غیرجانبدار رہتے ہوئے پیش کیا ہے وہ ان کا ہی خاصہ ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر اسماء آفتاب نے کہا کہ بھارت ہمارا ازلی دشمن ہے اس سے کسی رعائت کی امید رکھنا ہی عبث ہے مگر مشرقی پاکستان کی علیحدگی کے تناظر میں پاکستان کی اس وقت کی لیڈر شپ کا کردار بھی غلطیوں سے پاک نہیں ہے۔ ضرورت تھی کہ مشرقی پاکستان کی علیحدگی کے حوالے سے غیرجانبدارانہ بیانیہ کے ساتھ کام کرکے حقائق سامنے لائے جاتے۔ ڈاکٹر رضوان اللہ کوکب نے اس ضروت کو بری حد تک پورا کیا ہے اور تاریخ کے قارئین کو نئے زاوئیے سے حقائق کا جائزہ لینے کا موقع دیا ہے۔تقریب کے دوران جی سی یونیورسٹی شعبہ تاریخ کے لیکچرار حسن سانول نے بھی اظہار خیال کیا اور ڈاکٹر رضوان اللہ کوکب کو اس تاریخ کتاب کی تشکیل پر خراج تحسین پیش کیا۔
-
فیصل آباد پولیس، رواں سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران 19228 مقدمات درج
فیصل آباد(اے پی پی) فیصل آباد پولیس نے رواں سال کے پہلے چھ ماہ کے دورا ن جنوری سے جون تک19228مقدمات درج کئے ہیں۔سٹی پولیس فیصل آباد کے ترجمان نے منگل کے روز اے پی پی کو بتایاکہ ماہ جنوری میں 2711، فروری میں 4219، مارچ میں 3342، اپریل میں 3124،مئی میں 2929 اور جون میں 2903مقدمات کا اندراج کیا گیا۔انہوں نے بتایاکہ مذکورہ عرصہ کے دوران کرائم برخلاف اشخاص کے مجموعی طور پر 2024مقدمات درج کئے گئے جن میں جنوری میں 250، فروری میں 302، مارچ میں 375، اپریل میں 334،مئی میں 349 اور جون میں 414مقدمات درج کئے گئے۔ انہوں نے بتایاکہ اسی عرصہ کے دوران کرا ئم برخلاف پراپرٹی کے مجموعی طور پر 3205مقدمات درج کئے گئے جن میں جنوری میں 505، فروری میں 472، مارچ میں 3577، اپریل میں 519،مئی میں 570 اور جون میں 562مقدمات درج کئے گئے۔انہوں نے بتایاکہ فیصل آباد پولیس نے لوکل اینڈ سپیشل لا ء کے تحت مجموعی طو ر پر 8227مقدمات کا اندراج کیا جن میں جنوری کے 894، فروری کے2609، مارچ کے1387، اپریل کے1217،مئی کے1103 اور جون کے1017مقدمات شامل ہیں۔انہوں نے بتایاکہ متفرق کرائم کے کھاتے میں مجموعی طور پر 5772مقدمات درج ہوئے جن میں جنوری میں 1062، فروری میں 836، مارچ میں 1003، اپریل میں 1054،مئی میں 907 اور جون میں 910مقدمات کا اندراج کیا گیا۔
-
طلباء کا انسٹرکٹرز کے ہمراہ ریسکیو 1122 فیصل آباد کے مرکزی دفتر کا دورہ
فیصل آباد (اے پی پی) سول ڈیفنس کی تربیت حاصل کرنے والے طلباء نے منگل کے روز انسٹرکٹرز کے ہمراہ ریسکیو1122 فیصل آباد کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا اور ریسکیو 1122کے ورکنگ امور کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔اس موقع پر ریسکیو ایمرجنسی آفیسر، سیفٹی آفیسر اور انسٹرکٹرز نے سول ڈیفنس کے طلباء کو بریفنگ بھی دی۔اپنے دورہ کے دوران 100 کے قریب طلباء نے سول ڈیفنس فیصل آباد کے لیڈنگ فائرمین، فائرپریوینشن اینڈ سیفٹی کے شعبہ کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ معلوماتی دورے کے دوران طلباء کیلئے ایمرجنسی آلات کی نمائش کے اہتمام کے ساتھ ساتھ انہیں کنٹرول روم، وہاں موصول ہونے والی ایمر جنسی اطلاعات اور فوری ریسکیو سروس کے حوالے سے بھی آگاہی فراہم کی گئی۔اس دوران ریسکیو ایمرجنسی آفیسر سلطان محمود ریسکیو سیفٹی آفیسر طارق صدیق اور ریسکیو انسٹرکٹرز نے طلباء کو ایمرجنسی میں آلات کے استعمال اور ایمرجنسی حالات میں نبرد آزما ہونے سے متعلق آگاہ کیا۔بعد ازاں سول ڈیفنس کے انسٹرکٹرز اور طلبہ نے ریسکیو1122 کے ایمرجنسی آلات اور ایمرجنسی ہینڈلنگ پر بریفنگ کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ دورہ سے انہیں اپنی سکل کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
-
ہزار روپے مالیت کے قومی انعامی بانڈز کی قرعہ اندازی کل ہو گی
فیصل آباد (اے پی پی) مرکز قومی بچت کے زیر اہتمام 25ہزار روپے مالیت کے قومی انعامی بانڈز کی قرعہ اندازی کل یکم اگست بروز جمعرات کو منعقد ہو گی جس میں مختلف شعبہ زندگی کی اہم شخصیات شرکت کریں گی۔ سنٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز فیصل آباد ریجن کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ اس قرعہ اندازی کا پہلا انعام 5کروڑروپے کا ایک، دوسرا انعام ایک کروڑ 50لاکھ روپے کے تین ا ور تیسرا انعام 3لاکھ 12ہزار روپے کے 1696 انعامات ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ مذکورہ قرعہ اندازی رواں سال کی 22ویں اور مجموعی طور پر30ویں قرعہ اندازی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ شفاف کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے 1700 خوش نصیب افراد کا چناؤ کیاجائیگا۔انہوں نے بتایاکہ اس ضمن میں ایک تقریب کل یکم اگست کی صبح10 بجے سٹیٹ بینک آف پاکستان راولپنڈی میں منعقد ہو گی جس میں مختلف مکاتب فکر کی اہم شخصیات شرکت کریں گی۔
-
فیصل آباد میں 31 سالہ جرمن خاتون سے اجتماعی زیادتی
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر )باپ کی تلاش میں پاکستان آنے والی جرمن خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا ۔ تھانہ مدینہ ٹاؤن پولیس نے مقدمہ درج کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ۔ پولیس کے مطابق 31 سالہ جرمن خاتون نے کچھ عرصہ قبل کلر کہار کے علاقے بھون کے رہائشی محمد عاصم کے ساتھ شادی کی ۔ رامونا 30 برس قبل جرمنی چھوڑ کر پاکستان واپس آنے والے اپنے والد کی تلاش کے لئے اپنے شوہر عاصم کے ساتھ اس کے آبائی علاقے بھون میں مقیم ہو گئی ۔ اسی دوران سوساں روڈ پررانا حیدرالیاس نے رامونا سے رابطہ کر کے اسے اس کے باپ تک پہنچانے کا جھانسہ دے کر فیصل آباد بلایا ۔ ملزم حیدر ، ایک کزن اور دو نامعلوم دوست رامونا کو مدینہ ٹاؤن کے سوساں روڈ پر واقع اپنے دفتر لے گئے جہاں ملزموں حیدر اور جاوید نے اس کو زیادتی کا نشانہ بنایا ، بعدازاں اسے سوساں روڈ پر چھوڑ کر فرار ہوگئے متاثرہ خاتون نے تھانہ مدینہ ٹاؤن پولیس کو ملزموں کے خلاف کارروائی کے لئے درخواست دی جس پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے مرکزی ملزم حیدر الیاس کو گرفتار کرلیا جبکہ دیگر تینوں ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔
-
فیصل آباد میں ڈینگی کی روک تھام کے لیے آگاہی سیمینار کا انعقاد
فیصل آباد(نمائندہ باغی ٹی وی ) حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈینگی کی روک تھام کے لئے تمام انتظامی مشینری متحرک ہے جس میں محکمہ تعلیم کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ یہ بات چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن چوہدری ذوالفقار حسین نے انسداد ڈینگی کے موضوع پر گورنمنٹ بوائز ہائی سکول مندر روڈچنیوٹ میں منعقدہ آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ڈی ای او سکینڈری / فوکل پرسن رائے ارشاد‘ مختلف سکولوں کی ہیڈ مسٹریس روبینہ چوہدری‘ رفعت اسماعیل‘ سعدیہ شہاب‘ ٹیچرز مس طاہرہ‘ مدثر نذر اور بڑی تعداد میں محکمہ تعلیم کے دیگر افسران و سٹاف کے ارکان موجود تھے۔ سی ای او ایجوکیشن نے کہا کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لئے احتیاطی اور حفاظتی تدابیر کو اجاگر کرنے کے لئے تمام محکموں و طبقات نے مل جل کر کام کرنا ہے اور محکمہ تعلیم کو اپنے حصے کا کردار واضح طور پر اداکرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ گرمیوں کی تعطیلات کے بعد سکول کھلنے سے قبل سکولوں کی عمارتوں کی چھتوں‘ واٹر پمپس و پانی کی ٹینکیوں کی جگہوں‘ لان اور دیگر تمام حصوں کو اچھی طرح چیک کرکے معیاری صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں کیونکہ بارشوں کے باعث کسی جگہ پانی جمع ہونے کے باعث ڈینگی لاروا کی افزائش کے خدشات ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یکم اگست سے ضلع کے تمام سکولوں کا معائنہ کرکے صفائی ستھرائی کا خود جائزہ لیں گے۔انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سکولوں کو بھی انسداد ڈینگی کے حوالے سے احتیاطی وحفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کاپابندبنایا جائے اور ڈینگی سے بچاؤ سے متعلق احساس کو اجاگر کرنے کے لئے آگاہی مہم میں ان کی بھرپور معاونت حاصل کریں۔ ڈی ای او سکینڈری رائے ارشاد نے کہا کہ ڈینگی وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے احتیاطی تدابیر سے متعلق عوامی آگاہی بے حد ضروری ہے لہذا سکولوں میں اسمبلی کے وقت طالب علموں کو احتیاطی تدابیر سے ضرور آگاہ کریں تاکہ وہ اس پیغام کو اپنے گھروں تک پہنچائیں۔ سیمینار سے مختلف سکولوں کی ہیڈمسٹریس‘ ٹیچرز‘ سول سوسائٹی کے نمائندہ افراد نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ ڈینگی ایک سماجی مسئلہ ہے جس پر قابو پانے کے لئے ہر فرد کو اپنے حصے کا کردار ادا کرنا چاہئے اس سلسلے میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے گھروں میں صفائی ستھرائی‘ اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنے اور ڈینگی لاروا کی افزائش کی ممکنہ جگہوں سے پانی کو خشک کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چھتوں پر کاٹھ کباڑ اور ایسے برتن نہ رکھیں جن میں پانی جمع ہو سکتا ہو جوکہ ڈینگی لاروا کی پیدائش کا باعث بنتا ہے۔سیمینار میں کمپیرنگ کے فرائض مس طاہرہ نے انجام دئیے جبکہ طالبات نے انسداد ڈینگی کے پیغام پر مبنی نغمہ اور ٹیبلو پیش کیا.
-
فیصل آباد میں آرٹس کونسل کے زیراہتمام ساون کے گیتوں کامقابلہ
فیصل آباد ( نمائندہ باغی ٹی وی )فیصل آباد آرٹس کونسل کے زیراہتمام ساون کے گیتوں کامقابلہ نصرت فتح علی خاں آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی اس موقع پرمہمان خصوصی تھے جبکہ ڈپٹی کمشنر طارق خاں نیازی،اسسٹنٹ کمشنر(جنرل) مصور خاں نیازی،ڈائریکٹر آرٹس کونسل صوفیہ بیدار کے علاوہ شائقین موسیقی بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔مقابلہ میں نوجوان مردوخواتین نے ساون کے حوالے سے مختلف گیت پیش کئے۔ڈویژنل کمشنر نے مقابلہ کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ عوامی تفریح کے لئے پروگرامز کا انعقاد خوش آئنداقدام ہے۔انہوں نے مقابلہ میں شریک فنکارانہ صلاحیتوں کی مہارت کی بھی تعریف کی اورفنون لطیفہ کے مختلف نوعیت کی سرگرمیوں کے تسلسل سے انعقاد پر آرٹس کونسل انتظامیہ کی کاوشوں قابل ستائش ہیں۔ڈائریکٹر آرٹس کونسل نے مقابلہ گائیکی میں شرکت پر کمشنر،ڈپٹی کمشنراوردیگر مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کیا اورساون کے گیتوں کے مقابلہ کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس موسم کی کیفیت اوراحساسات کو اجاگر کرنے کے لئے اس پروگرام کاانعقاد کیا گیا ہے۔
-
فیصل آباد میں گاڑیوں کی پارکنگ کے مسئلہ کے حل کے لیے ڈپٹی کمشنر کا اجلاس
فیصل آباد ( نمائندہ باغی ٹی وی )فیصل آباد شہر میں گاڑیوں کی پارکنگ کے گھمبیر مسئلہ کو حل کرنے کے لئے موثر لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔اس سلسلے میں فیصل آباد پارکنگ کمپنی کی عمدہ کارکردگی بڑی اہمیت کی حامل ہے۔یہ بات ڈپٹی کمشنر طارق خان نیازی نے فیصل آباد پارکنگ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ایم ڈی پارکنگ کمپنی عامر ذیشان نے اس موقع پر کمپنی کی کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا اور بتایا کہ اس وقت شہر میں پارکنگ کی 43سائٹس فنکشنل ہیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ انورسعید،فنانس اینڈ پلاننگ آفیسر ڈاکٹر رانا تنویر،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ رانا نوید،پنجاب پولیس وٹریفک پولیس اورانجمن تاجراں سٹی کے نمائندہ بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ فیصل آباد پارکنگ کمپنی کی سروسز کو مزید بہتر اور وسیع بنانے کے لئے منصوبہ بندی کو آگے بڑھایا جائے۔انہوں نے کہا کہ عوامی توقعات پر پورا اترتے ہوئے مزیدسائٹس کے قیام کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں۔اجلاس کے دوران سالانہ ترقیاتی بجٹ،ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہوں سمیت دیگر امور بھی زیر بحث آئے۔اس موقع پر بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ارکان نے پارکنگ کمپنی کی سروسز کو مزید جامع بنانے کے لئے تجاویز پیش کیں۔
۔۔۔///۔۔۔