Baaghi TV

Category: گوجرانوالہ

  • گوجرانوالہ :عاشورہ محرم الحرام صوبائی وزیر بلال اکبر کا ضلعی کنٹرول روم کادورہ

    گوجرانوالہ :عاشورہ محرم الحرام صوبائی وزیر بلال اکبر کا ضلعی کنٹرول روم کادورہ

    گوجرانوالہ، باغی ٹی وی (نامہ نگار محمد رمضان نو شاہی ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے گوجرانوالہ ڈویژن میں عاشورہ محرم الحرام کو پر امن بنانے کے لیے سونپی گئی ذمہ داری نبھانے کا مشن لے کر صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی پنجاب بلال اکبر خاں کی گوجرانوالہ آمد، ضلعی کنٹرول روم ڈپٹی کمشنر دفتر کا دورہ کیا، کمشنر، آر پی او اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نے امن و امان اور لاجسٹک انتظامات کے حوالے سے انہیں تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

    صوبائی وزیرٹرانسپورٹ نے گوجرانوالہ ضلعی کنٹرول روم کو سکیورٹی معاملات، انتظامات اور دیگر محکموں کی آپسی کوآرڈینیشن بہترین ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سراہا۔

    دورہ کے موقع پر کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی، آر پی او طیب حفیظ چیمہ، ڈپٹی کمشنر محمد طارق قریشی، سابق ممبر قومی اسمبلی شازیہ فرید، ایس ایس پی آپریشنز رضا تنویر، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن محمد شفیق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مطاہر امین وٹو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر حسین بٹ، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

    کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی، آر پی او طیب حفیظ چیمہ اور ڈپٹی کمشنر محمد طارق قریشی نے انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے خصوصی چیک لسٹ جس میں کانٹیجینسی پلان، ڈی آئی سی اجلاس، ماک ایکسرسائز، سکیورٹی انتظامات، حساسں مقامات کی نشاندہی و اقدامات شامل ہیں۔

    ضلع کے تمام حساس جلوسوں، مجالس کے روٹس پر 337 جدید آئی پی کیمرے نصب کئے گئے ہیں جنہیں ڈپٹی کمشنر دفتر میں قائم مرکزی کنٹرول روم سے تمام محکموں کے نمائندے تین شفٹوں میں مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ضلع میں 22 جلوسوں کو حساس قرار دیا گیا ہے،ماضی کے واقعات کی روشنی میں 8 مقامات کو ٹربل پوائنٹ ڈیکلیئر کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ شعلہ بیانی اور انتشار پھیلانے والے مقررین کی زبان بندی کرتے ہوئیتمام مسالک کے 131 علماء و ذاکرین کی ضلع میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واک تھرو گیٹس، میٹل ڈکٹیٹرز، جنریٹرز اور دیگر انتظامات کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔

    ضلع گوجرانوالہ میں یکم محرم الحرام سے ریسکیو 1122، پولیس، رضاکاروں سمیت تمام متعلقہ محکموں کا عملہ اور مشینری فیلڈ میں موجود ہیں، آرمی اور رینجرز کی کمپنیز کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تعینات کی گئی ہیں۔

    ریجن بھر میں 49 سائبر پیٹرولنگ کیسز کی نشاندہی کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ضلع گوجرانوالہ میں شر پسند اور فرقہ پرست عناصر کے خلاف 11 مقدمات درج کئے گئے ہیں اور 5 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انتظامیہ اور پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح متحرک ہیں۔

    صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی بلال اکبر خان نے کنٹرول روم سے سیکورٹی کیمروں اور تمام جلوسوں کے روٹس کے تفصیلی نقشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حساس روٹس کی مانیٹرنگ کا میکانیزم قابل تعریف ہے ایسے تفصیلی انتظامات پنجاب بھر میں نہیں دیکھے جس پر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ پولیس مبارکباد کی مستحق ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر شر پسندی پھلانے والوں پر کڑی نظر رکھی جائے،لوکل میڈیا، سوشل میڈیا پیجز پر نظر رکھیں اور کاروائی بھی فوری شیئر کریں۔ حکومت پنجاب امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام تر اقدامات بروئے کار لارہی ہے۔ شر پسندی پھیلانے والوں پر کڑی نظر رکھنا اور نقص امن کا باعث بننے والے عناصر کے خلاف فوری کارروائی ضروری ہے۔

    ضلعی و ڈویژنل انتظامیہ، پولیس، پاکستان آرمی و رینجرز اور سمیت دیگر قانون نافذ کرنیوالے ادارے اسی طرح الرٹ رہیں تاکہ عاشورہ محرم الحرام کے آخری ایام بھی خیر و عافیت سے گزریں۔ کنٹرول روم میں موجود عملہ کا اپنے محکموں کے فیلڈ عملہ سے مربوط رابطہ اور سامنے آنے والے مسائل کا فوری ازالہ لائق تحسین ہے۔

  • گوجرانوالہ : فلور ملز ایسوسی ایشن کے تمام جائز مطالبات صوبائی حکومت کے ساتھ اٹھا رہے ہیں۔ طارق قریشی

    گوجرانوالہ : فلور ملز ایسوسی ایشن کے تمام جائز مطالبات صوبائی حکومت کے ساتھ اٹھا رہے ہیں۔ طارق قریشی

    گوجرانوالہ ،باغی ٹی وی ( نامہ نگار محمد رمضان نو شاہی )چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان اور کمشنر گوجرانوالہ ڈوثرن نوید حیدر شیرازی کی ہدایات کی روشنی میں ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے اجلاس طلب کر کے ملز مالکان کو طلب کر لیا ہے اسی ضمن میں ڈی سی دفتر میں منعقدہ اجلاس میں اس امر کا اظہار کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ گوجرانوالہ فلور ملز ایسوسی ایشن کے تمام جائز مطالبات صوبائی حکومت کے ساتھ اٹھا رہی ہے،

    جب تک کوئی فیصلہ نہیں ہوجاتا تب تک فلور ملز ایسوسی ایشن ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے شہر و ضلع میں آٹےکی وافر دستیابی کو یقینی بنانے میں اپنا مثبت کردار ادا کرے تاکہ مہنگائی سے پسی ہوئی عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

    ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ محمد طارق قریشی نے فلور ملز ایسوسی ایشن کے وفد سے ٹیکسز میں اضافے کیخلاف دی گئی ہڑتال کی کال کو عوامی مفاد میں موخر کرنے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مطاہر امین وٹو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر حسین بٹ سمیت فلور ملز مالکان اور دیگر شریک تھے۔
    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ فلور ملز ایسوسی ایشن کے تمام جائز مطالبات کو حکومت پنجاب تک پہنچایا جا رہا ہے اور دیگر جائز مطالبات کو بھی صوبائی حکومت تک پہنچایا جائے گا،

    ضلعی انتظامیہ امید کرتی ہے کہ فلور ملز ایسوسی ایشن گوجرانوالہ و وزیرآباد میں حکومت پنجاب کی جانب سے مقرر کیے گئے نرخوں پر آٹے کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ودہولڈنگ ٹیکس کا معاملہ وزیراعظم پاکستان کے علم میں ہے اور وہ فلور ملز ایسوسی ایشن پاکستان سطح کی قیادت سے اس بارے گفتگو کر رہے ہیں تاکہ اس کا کوئی حل نکالا جا سکے۔

    ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ان ٹیکسز کے علاوہ اور بھی جو جائز مطالبات ضلعی انتظامیہ سطح پر ہیں انہیں آپسی مشاورت سے حل کریں گے۔

    فلور ملز ایسوسی ایشن کے وفد نے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ و وزیرآباد کو یقینی دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ ضلعی انتظامیہ سے مکمل تعاون کررہے ہیں اور آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ فلور ملز مالکان اور ان کی انتظامیہ مشکل حالات کے باوجود شہر میں سپلائی جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ ضلع میں کہیں آٹا کی قلت پیدا نہ ہو۔

  • گوجرانوالہ :ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر اور گرین سٹار کے باہمی  اشتراک سے  فیملی ہیلتھ ڈے منایا گیا

    گوجرانوالہ :ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر اور گرین سٹار کے باہمی اشتراک سے فیملی ہیلتھ ڈے منایا گیا

    گوجرانوالہ، باغی ٹی وی ( نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفس گوجرانوالہ اور گرین سٹارTC-1 کے باہمی اشتراک سے فلاحی مرکز ریلوے ڈسپنسری اور فلاحی مرکز رکھ کیکرانوالی میں فیملی ہیلتھ ڈے کا انعقاد کیاگیا جس میں 90 سے زائد کلائنٹس کو آئی یوسی ڈی انجکشن اور دیگر 30 کلائنٹس کو فیملی پلاننگ کی سہولیات فراہم کی گئیں۔

    اس کے علاوہ 200 سے زائد جنرل کلائنٹس کو بھی خدمات فراہم کی گئیں۔ فلاحی مرکز ریلوے ڈسپنسری میں صحت مند خاندان کا شعور اجاگر کرنے کیلئے ”صحت مند ماں صحت مند بچہ“ کے عنوان سے صحتمند بچوں کے درمیان مقابلے کا انعقاد بھی کیاگیا جس میں اول‘ دوم اور سوم آنے والے بچوں کے درمیان انعامات تقسیم کئے گئے۔

    فلاحی مرکزرکھ کیکرانوالہ میں بیوٹیشن سٹال اور مہندی کے سٹال بھی لگائے گئے جن میں خواتین اور بچوں نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور ہاتھوں پر اپنے من پسند نقش ونگار بنوائے۔

    اس موقع پر ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر گوجرانوالہ عدنان اشرف نے کہا کہ صحت مند ماں اور صحت مند بچہ ہی خوشحال خاندان اور معاشرے کی بنیاد فراہم کرتے ہیں۔

    انہوں نے ماؤں پر زور دیا کہ قرآنی احکامات کے مطابق دو سال تک بچوں کو اپنا دودھ پلائیں اور بچوں کی پیدائش میں تین سال کا وقفہ رکھیں جو کہ ماں اور بچے دونوں کی صحت کا ضامن ہے۔

  • گوجرانوالہ :ممتاز ماہر تعلیم،دانشورپروفیسر عبداللہ نعمان گورنمنٹ کالج سیٹلائٹ ٹاؤن کے وائس پرنسپل مقرر

    گوجرانوالہ :ممتاز ماہر تعلیم،دانشورپروفیسر عبداللہ نعمان گورنمنٹ کالج سیٹلائٹ ٹاؤن کے وائس پرنسپل مقرر

    گوجرانوالہ، باغی ٹی وی (نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی )ممتاز ماہر تعلیم،استاداور دانشورپروفیسر عبداللہ نعمان گورنمنٹ کالج سیٹلائٹ ٹائون کے وائس پرنسپل مقرر ،ڈاکٹر بابر بیگ مطالی ڈین فیکلٹی آف آرٹس ہوں گے ،شعبہ انگریزی کے صدر اور ممتاز ماہر تعلیم پروفیسر عبداللہ نعمان کو گورنمنٹ کالج سیٹلائٹ ٹائون کا وائس پرنسپل تعینات کر دیا گیا،پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر نذیراحمد نے ان کو گزشتہ روز نوٹیفکیشن دیا،

    اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر بابر بیگ مطالی، ڈاکٹر طاہر بٹ ،ملک معراج اختر بھی موجود تھے،پرنسپل کی جانب سے سینئر پروفیسر ڈاکٹر بابر بیگ مطالی کو ڈین فیکلٹی آف آرٹس بنادیا گیا،ڈاکٹر بابر بیگ مطالی گریڈ 21میں سینئر ترین استاد ہیں ،پرنسپل گورنمنٹ کالج سیٹلائٹ ٹائون ڈاکٹر نذیر احمد نے توقع ظاہر کی کہ نئے تعینات ہونے والے اساتذہ اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی ادا کریں گے ،

    یاد رہے کہ پروفیسر عبداللہ نعمان ،سابق پرنسپل گورنمنٹ کالج اور استاد الاساتذہ پروفیسر حافظ محمد ارشد کے صاحبزادے ہیں ۔

  • گوجرانوالہ:محرم الحرام،چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت اجلاس

    گوجرانوالہ:محرم الحرام،چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت اجلاس

    گوجرانوالہ، باغی ٹی وی (نامہنگار محمد رمضان نوشاہی )محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کے سلسلہ میں صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر خواجہ سلمان رفیق کی صدارت میں کمشنر آفس گوجرانوالہ میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزراء مجتبٰی شجاع الرحمن، عاشق حسین کرمانی، بلال اکبر خان، سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے علاوہ کمشنر گوجرانوالہ نوید حیدر شیرازی، آر پی او طیب حفیظ چیمہ ،ڈی سی گوجرانوالہ محمد طارق قریشی،ڈوثرن کے دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز،سی پی او ،ڈی پی اوزاور گوجرانولہ ڈویژن سے ممبران اسمبلی ایم این ایز محمود بشیر ورک ،شاہد عثمان ابراہیم ،ایم پی ایز عمران خالد بٹ ،عمر فاروق ڈاڑ،محمد نواز چوہان اور متعلقہ اداروں کے افسران نے خصوصی طور پر اجلاس میں شرکت کی۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ محرم الحرام میں فول پروف سیکورٹی اور امن وامان حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے‘امن وامان میں رخنہ ڈالنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب میں امن وامان کی صورتحال تسلی بخش ہے‘ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور جلوس و مجالس کے منتظمین آپس میں باہمی اتفاق سے معاملات دیکھ رہے ہیں جو خوش آئند امر ہے۔

    تمام ڈوثرنل ہیڈ کوارٹرز پر ایک وزیر کو زمہ داریاں سونپی گئی ہیں وہ پارلیمنٹرینز اور انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں رہیں اور امن امان کے قیام کے لیے درکار اقدامات بروئے کار لائیں۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر کو گوجرانوالہ ڈوثرن کی زمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔اس موقع پرکمشنر نوید حیدر شیرازی اور آر پی او طیب حفیظ چیمہ نے سیکورٹی انتظامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گوجرانوالہ ڈویژن میں محرم الحرام کی 6858 مجالس اور 1588 جلوس کیلئے انتظامات مکمل ہیں۔

    کابینہ کمیٹی نے امن کمیٹی اور منتظمین سے ملاقات کی اور مسائل بارے دریافت کیا۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب کے 5 ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں خود جا کر انتظامات کا جائزہ لیا جن سے مطمئن ہیں۔

  • گوجرانوالہ: پروٹیکٹڈ یوٹرن کے ذریعے سگنل فری بنانے کےلئے،تمام متعلقہ محکمے ہائی ویز کے ساتھ مکمل تعاون کریں،کمشنر

    گوجرانوالہ: پروٹیکٹڈ یوٹرن کے ذریعے سگنل فری بنانے کےلئے،تمام متعلقہ محکمے ہائی ویز کے ساتھ مکمل تعاون کریں،کمشنر

    گوجرانوالہ،باغی ٹی وی (نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) کمشنر گوجرانوالہ ڈوثرن نوید حیدر شیرازی نے کہا ہے کہ عزیز کراس تا چندا قلعہ جی ٹی روڈ کو پروٹیکٹڈ یوٹرن کے زریعے سگنل فری بنانے کےلئے بہت جلدکام کا آغاز کر دیا جائے گا اس سلسلہ میں تمام متعلقہ محکمے محکمہ ہائی ویز کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ مل جل کر اشتراک عمل سےاس فلاحی منصوبے کو جلد از جلد پائہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں چندا قلعہ تا عزیز کراس تک جی ٹی روڈ کو کارپیٹڈ سگنل فری کوریڈور بنانے کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عبدالرؤف ،ایس ای ہائی ویز محمد نواز ،ڈی جی پی پی ایچ اے شاہد عباس جوتہ ،ایم ڈی واسا کاشان حفیظ بٹ ،کنزرویٹر فاریسٹ قاضی عبدالرحیم، ڈوثرنل آفیسر این ٹی سی عثمان شہزاد ،جی ایم گیپکو نوید چیمہ ،اے ڈی این ایچ اے لاہور غلام عباس ،اےڈی پی ایچ اے راشد چٹھہ ،محکمہ وایڈا،سوئی گیس ،ٹیلی فون ودیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی

    کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے پہلے سے موجود اور جاری ترقیاتی منصوبوں میں ہی تبدیلی کرتے ہوئے سگنل فری کوریڈوربنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت جی ٹی روڈ سے ٹریفک سگنل ختم کر کے سگنل فری کوریڈوربنایا جائے گا جس سے جی ٹی روڈ پر چلنے والی گاڑیوں کو سہولت میسر آئے گی ۔اس منصوبے کا مقصد جی ٹی روڈ سےسفر کے وقت کا دورانیہ کوکم سے کم کرنا ہے جس سے نہ صرف گوجرانوالہ بلکہ دوسرے شہروں سے بھی آنے والے مسافروں کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق جی ٹی روڈ پر ٹریفک کی بندش کے باعث محکمہ ہائی ویز کے زیر اہتمام سگنل فری کوریڈوربنانے کا آغاز کیا جارہا ہے ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کا مقصد سگنل فری کوریڈور کی تعمیر کے ذریعے شہریوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔ جس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ایس ای ہائی ویز محمد نواز نے بتایا کہ جی ٹی روڈ پر روانہ ایک لاکھ سے زائد گاڑیوں کی آمدورفت ہوتی ہے ۔اور ٹریفک بند رہنے سے شہری جہاں مشکلات کا شکار ہوتے ہیں وہیں سموگ اور آلودگی میں بھی اضافہ ہوتا ہے

    انہوں نے بتایا کہ منصوبہ کی فزیبلٹی اسٹڈی مکمل کرنے کے بعد منصوبے پر کام شروع کر دیا جائے گا ۔مزید برآں، 12.75کلومیٹر کارپیٹڈ روڈ کے سگنل فری کوریڈور میں جی ٹی روڈ کی مختلف جگہوں پر 9یوٹرن، چندا قلعہ پرایک فلائی اوور ،10.5کلومیٹر سروس روڈ،روڈ کے دونوں اطراف 4000فٹ ڈریننز کی مرمت اور 19680فٹ کی ایک نئی ڈرین کی تعمیر اور 95871وی پی او ٹریفک کورٹ تعمیر کیے جائیں گے ۔

    علاوہ ازیں اس منصوبے میں جی روڈ پر ری ماڈلنگ کا کام بھی شامل ہوگا۔ اور دونوں منصوبوں کی تکمیل کے بعد جی ٹی روڈ پر ٹریفک کا رش کم ہو جائے گا۔

  • گوجرانوالہ:شدید بارش ، شہر کے تمام نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کا عمل جلد یقینی بنایا جائے،کمشنر

    گوجرانوالہ:شدید بارش ، شہر کے تمام نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کا عمل جلد یقینی بنایا جائے،کمشنر

    گوجرانوالہ:باغی ٹی وی (نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی ) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی نے کہا ہے کہ شدید بارش کے باعث شہر کے تمام نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کا عمل جلد یقینی بنایا جائے اس ضمن میں واسا اور میونسپل کمیٹیز تمام ڈسپوزل اسٹیشن اور مشینری آپریشنل رکھیں

    یہ بات انہوں نے ایم ڈی واسا کاشان حفیظ بٹ کے ہمراہ بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کرنے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔انیوں نے ایم ڈی واسا کو ہدایت کی کہ لوڈشیڈنگ کی صورت میں جنریٹر کو بروئے کار لایا جائے،اور شہر کی سڑکوں پر سکر مشینیں اور ڈی واٹرنگ پمپس لگا کرجلد نکاسی آب یقینی بنائیں،

    انہوں نے کہا کہ شدید بارش کے باعث شہریوں کو پریشانی سے بچانے اور ٹریفک کی روانی کے لیے تمام وسائل بروئے کارلائے جائیں، انہوں نے کہا کہ وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے نکاسی آب کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں،ایم ڈی واسا،ایکسئین اور میونسپل کمیٹیوں کے چیف افسران ہمہ وقت الرٹ رہیں،

  • گوجرانوالہ:پرائیویٹ میٹرنٹی ہسپتال میں نان کوالیفائیڈ عملہ کے ہاتھوں دوران زچگی خاتون جاں بحق

    گوجرانوالہ:پرائیویٹ میٹرنٹی ہسپتال میں نان کوالیفائیڈ عملہ کے ہاتھوں دوران زچگی خاتون جاں بحق

    گوجرانوالہ،باغی ٹی وی س( نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) پرائیویٹ میٹرنٹی ہسپتال میں نان کوالیفائیڈ عملہ کے ہاتھوں دوران زچگی خاتون جاں بحق

    ڈاکٹرز اور عملہ کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سےحوا کی بیٹی دوران زچگی لقمہ اجل بن گئی، پرائیویٹ طفیل سیال میٹرنٹی ہسپتال کے نان کوالیفائیڈ ڈاکٹرز اور عملہ کے ہاتھوں ایک اور گھر کا چراغ بجھ گیا،

    پیسوں کے لالچ میں یہ قصائی نما ڈاکٹر انسانی جانوں سے کب تک کھیلیں گے ؟ مقتولہ ثمینہ کے والد کی دہائی وزیر اعلی پنجاب مریم نواز سے کارروائی کا مطالبہ

    راہوالی میں قائم پرائیویٹ طفیل سیال مٹرینٹی ہسپتال کی ڈاکٹر نائلہ سیال ،ڈاکٹر سعدیہ ،ڈاکٹر طلحہ اور نان کوالیفائیڈ عملہ کے خلاف تھانہ کینٹ میں درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ میری بیٹی ثمینہ کو برائے ڈلیوری ہسپتال لایا گیا،جہاں پر ڈاکٹرز اور عملہ کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے میری بیٹی کی دوران زچگی غلط اپریشن اور ناقص ادویات دینے پر موت واقع ہو گئی

    جاں بحق ہونے والی عورت کے والد فقیر محمد نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف سے اپیل کی کہ قاتل ڈاکٹرز اور عملہ کے خلاف میری بیٹی کو دوران زچگی قتل کرنے کا مقدمہ درج کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے.

  • کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کی زیر صدارت ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا

    کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کی زیر صدارت ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا

    گوجرانوالہ ،باغی ٹی وی س(نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی کی زیر صدارت ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا

    اجلاس میں حافظ آباد ، ،نارووال ،وزیر آباد اور گوجرانوالہ میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے نظرثانی شدہ تخمینہ جات کی منظوری دیتے ہوئے کمشنر نے اس توقع کااظہار کیا ہے کہ تمام سرکاری فنڈز شفاف اور بہترین عوامی و قومی مفاد کے تحت استعمال کئے جائیں گے۔

    کمشنر نے واضح کیاکہ دستیاب وسائل کو ذمہ داری اور ایمانداری کے ساتھ خرچ کرنا متعلقہ محکموں کے افسران کی اولین ترجیح ہونی چاہیئے

    انہوں نے کہا کہ حکومت کسی بھی صورت فنڈز کے استعمال میں بلا جواز تاخیر اور بد عنوانی برداشت نہیں کرے گی اورکسی شکایت کی صورت میں کرپشن ثابت ہونے پر ٹھوس کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد عبدالرؤف نے نظرثانی شدہ تخمینہ جات کے حوالہ سے بریفنگ دی۔

    اجلاس میں حافظ آباد میں محکمہ ہائی ویز کے 2منصوبوں کی منظوری دی گئی ان منصوبوں میں خانقاہ ڈوگراں 1.75 کلومیٹر روڈ اور دوسری حافظ آباد تا پنڈی بھٹیاں چنیوٹ روڈ شامل ہیں ۔

    اسی طرح نارووال ہائی ویز کی ایک سڑک کی سکیم کھیوے والی تا کاکا کھو 3.1کلومیٹر جسکی نظر ثانی تخمینہ لاگت 65.054ملین روپے اور دوسری پی سی سی گلیوں ،نالیوں اور سیوریج کی سکیمز تخمینہ لاگت 165.459ملین روپے کی منظوری دی گئی

    اس کے علاؤہ کمشنر نے وزیر آباد میں جی ٹی روڈ پر 15سے 20فٹ پیچ ورک کے کام کو 20دن کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی

    اجلاس میں گوجرانوالہ کی اے ڈی پی کی 53.787ملین روپے لاگت کی سکیموں کی بھی عبوری منظوری دی گئی ۔

  • گوجرانوالہ:ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقات عامہ کے ہونہار بیٹے کی میٹرک امتحان میں 1085 نمبر لیکر اپنے سکول میں پہلی پوزیشن

    گوجرانوالہ:ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقات عامہ کے ہونہار بیٹے کی میٹرک امتحان میں 1085 نمبر لیکر اپنے سکول میں پہلی پوزیشن

    گوجرانوالہ، باغی ٹی وی (نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی ) ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقات عامہ گوجرانوالہ منورحسین کے ہونہار صاحبزادے حافظ احمد حسن نےمیٹرک کے امتحان میں 1085 نمبر حاصل کرکے اپنے سکول میں ٹاپ کیا ہے

    ڈائریکٹرتعلقات عامہ گوجرانوالہ ڈوثرن سید افتخار علی شاہ،آفس سپرنٹنڈنٹ قاضی احسن شبیر ،اسسٹنٹ غلام دستگیر اور دفتر کے دیگر سٹاف ممبران نے انہیں مبارکباد پیش کی گلدستہ پیش کیااور انکے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

    انہوں نے کہا کہ حافظ احمد حسن کی کامیابی واضح طور پر یہ پیغام دیتی ہے کہ اگر گھر، سماج اور ملکی سطح پر ناموری حاصل کرنی ہے تو اس کیلئے محکم عزم اور عمل پیہم کی راہ اختیار کرنی پڑے گی اور اس راہ میں آنے والے سخت مقامات کو اپنے بلند حوصلوں سے سر کرنا ہوگا۔زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کا یہی وہ نسخہ ہے جسے استعمال کر کے نہ صرف تعلیم بلکہ دیگر شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کارکردگی انجام دی جا سکتی ہے

    حافظ احمد حسن نے میٹرک کے امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کر کے جو امتیازی مقام حاصل کیا ہے وہ یقیناً ایسی کامیابی ہے، جسے بجا طور پر غیر معمولی کہا جا سکتا ہے۔ اس کامیابی سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ اگر زندگی میں کچھ نمایاں کرنے کا عہد کر لیا جائے اور اس عہد کو سر کرنے کیلئے محکم عزم اور محنت کے ساتھ مسلسل کوشش کی جائے تو یہ کوشش کامیابی کی شکل اختیار کر لیتی ہے۔

    ڈائریکٹر تعلقات عامہ گوجرانوالہ ڈویژن افتخار علی شاہ نے کہا کہ اس کامیابی کیلئے حافظ احمد حسن اور اس کے والدین مبارک باد کے مستحق ہیں۔

    یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ حافظ احمد حسن نے رمضان المبارک کے ماہ مقدس میں میٹرک کا امتحان دینے کے ساتھ ساتھ مسجد بہار مدینہ میں تراویح بھی پڑھائیں اور تعلیمی بورڈ کے امتحان میں سکول میں اول مقام حاصل کیا ہے،

    حافظ احمد حسن کا کہنا ہے کہ ایسے مشکل حالات میں امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے طالب علم کو دن رات مسلسل محنت کرنی پڑتی ہے ۔ اس مسلسل محنت کے بعد بھی پورے وثوق کے ساتھ یہ نہیں کہا جا سکتا کہ جوطالبعلم اس امتحان میں شرکت کرے گا، اسے یقینی طور پر کامیابی حاصل ہو جائے گی۔

    ایسے مشکل امتحان میں ایسی شاندار کامیابی نہ صرف طالب علم کی ذہانت کا پتہ دیتی ہے بلکہ اس کے ارادے کی پختگی کو بھی نمایاں کرتی ہے۔