Baaghi TV

Category: گوجرانوالہ

  • سابق وفاقی وزیر قانون محمود بشیر ورک انتقال کرگئے

    سابق وفاقی وزیر قانون محمود بشیر ورک انتقال کرگئے

    گوجرانوالہ کے سینئر سیاستدان اور سابق وفاقی وزیر قانون چوہدری محمود بشیر ورک 89 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ وہ کئی روز سے لاہور کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھے۔

    چوہدری محمود بشیر ورک عام انتخابات 2024ء میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر حلقہ این اے 77 (گوجرانوالہ-I) سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ وہ مجموعی طور پر 5 مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے جبکہ ایک مرتبہ وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف بھی رہے۔

    چوہدری محمود بشیر ورک کا جنازہ کل ان کے آبائی گاؤں موضع کمو ورکاں میں ادا کیا جائے گا۔

    محمود بشیر ورک پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر سیاستدان اور معروف وکیل تھے، جو گوجرانوالہ کے مختلف حلقوں سے 5 مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

    وہ پہلی مرتبہ 1997ء کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر حلقہ این اے 77 (گوجرانوالہ) سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ 2008ء کے عام انتخابات میں انہوں نے حلقہ این اے 97 (گوجرانوالہ-III) سے کامیابی حاصل کرکے دوسری مرتبہ قومی اسمبلی میں جگہ بنائی۔

    2013ء کے عام انتخابات میں بھی محمود بشیر ورک اسی حلقے این اے 97 سے بھاری اکثریت کے ساتھ تیسری مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ اسی دور حکومت میں وہ جنوری 2018ء سے مئی 2018ء تک پاکستان کے وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف کے منصب پر بھی فائز رہے۔

    2018ء کے عام انتخابات میں نئی حلقہ بندیوں کے باعث حلقوں کے علاقوں میں تبدیلی کے باوجود محمود بشیر ورک اپنے آبائی علاقوں پر مشتمل حلقہ این اے 80 (گوجرانوالہ-II) سے چوتھی مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

    2024ء کے عام انتخابات میں محمود بشیر ورک مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی حیثیت سے حلقہ این اے 77 (گوجرانوالہ-I) سے میدان میں اترے اور ایک لاکھ 6 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کرکے پانچویں مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

    چوہدری محمود بشیر ورک کا تعلق گوجرانوالہ کے مضافاتی علاقے کے ایک معزز زمیندار گھرانے سے تھا۔ ان کا آبائی گاؤں گوجرانوالہ کی تحصیل نوکھر/کامونکی کے قریب واقع موضع کمو ورکاں، جسے قلعہ کمو ورکاں بھی کہا جاتا ہے، ہے جہاں ان کی خاندانی زمینیں اور حویلی موجود ہے۔ ان کا خاندان گوجرانوالہ شہر کے ڈی سی روڈ پر بھی مقیم رہا ہے۔

    محمود بشیر ورک کے والد چوہدری بشیر احمد ورک علاقے کے معروف زمیندار اور مقبول سماجی شخصیت تھے۔ ان سے منسوب ایک تاریخی واقعہ 1947ء کے فسادات کے دوران انسانیت اور رواداری کی ایک مثال کے طور پر بیان کیا جاتا ہے۔

    قیام پاکستان کے وقت فسادات کے دوران چوہدری بشیر احمد ورک نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر اپنے گاؤں اور گردونواح کے سکھ اور ہندو خاندانوں، جن میں کیپٹن اجیت سنگھ بوٹالیا کا خاندان بھی شامل تھا، کو اپنے گھر میں پناہ دی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے قرآن پاک پر حلف اٹھا کر ان خاندانوں کی جانوں کی حفاظت کی تھی۔

    اس انسانی ہمدردی کے باعث بعد ازاں سکھ برادری کے افراد ان کے والدین کی قبروں پر شکریہ ادا کرنے کے لیے بھی آئے تھے۔

  • گوجرانوالہ میں ستھرا پنجاب کی ٹریکٹر ٹرالی نے 5 سالہ بچی کو کچل دیا

    گوجرانوالہ میں ستھرا پنجاب کی ٹریکٹر ٹرالی نے 5 سالہ بچی کو کچل دیا

    گوجرانوالہ کی پیپلز کالونی میں افسوسناک حادثے کے دوران ستھرا پنجاب کی ٹریکٹر ٹرالی نے 5 سالہ کمسن بچی کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں بچی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔

    پولیس کے مطابق 5 سالہ منہا شہزادی گلی میں کھیل رہی تھی کہ ٹریکٹر ڈرائیور نے گاڑی ریورس کی۔ اس دوران بچی ٹریکٹر ٹرالی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوئی اور موقع پر ہی دم توڑ گئی۔

    حادثے کے فوراً بعد ڈرائیور ٹریکٹر ٹرالی چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگیا، جس کے باعث علاقے میں غم کی فضا پھیل گئی۔

    پولیس نے حادثے میں ملوث ستھرا پنجاب کی ٹریکٹر ٹرالی قبضے میں لے کر تھانے منتقل کردی ہے جبکہ فرار ڈرائیور کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔

    اہلخانہ نے کمسن بچی کی ہلاکت پر شدید غم کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ دار ڈرائیور کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔

  • محسن نقوی کا گوجرانوالہ پاسپورٹ آفس کا اچانک دورہ، دفتر وقت سے پہلے بند اور عملہ غائب

    محسن نقوی کا گوجرانوالہ پاسپورٹ آفس کا اچانک دورہ، دفتر وقت سے پہلے بند اور عملہ غائب

    گوجرانوالہ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے اچانک دورے کے دوران ریجنل پاسپورٹ آفس میں بدانتظامی کا انکشاف ہوا، دفتر مقررہ وقت سے پہلے ہی بند کر دیا گیا تھا جبکہ متعدد اہلکار بھی ڈیوٹی سے غائب پائے گئے۔

    محسن نقوی نے گوجرانوالہ ریجنل پاسپورٹ آفس کا اچانک معائنہ کیا تو صورتحال دیکھ کر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ پاسپورٹ آفس کے اوقات کار سہ پہر ساڑھے 4 بجے تک مقرر ہیں، تاہم وزیر داخلہ کے دورے کے وقت تقریباً 4 بجے ہی دفتر کو تالے لگا دیے گئے تھے اور اندر صفائی کا کام جاری تھا۔

    پاسپورٹ سے متعلق مختلف خدمات کے لیے آنے والے شہری دفتر کے باہر موجود تھے، تاہم انہیں اندر داخل ہونے کی اجازت دینے کے بجائے واپس بھیجا جا رہا تھا۔ اس صورتحال پر محسن نقوی نے دفتر میں موجود واحد ملازم سے صورتحال کے بارے میں دریافت کیا، تاہم وہ کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔

    وفاقی وزیر داخلہ نے دفتر کے مقررہ وقت سے پہلے بند ہونے اور شہریوں کو سہولیات فراہم نہ کیے جانے پر سخت ناراضی کا اظہار کیا۔ انہوں نے تمام متعلقہ عملے کو فوری طور پر عہدوں سے ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے فرائض میں غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی بھی ہدایت کردی۔

    محسن نقوی نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لیے قائم کیے گئے سرکاری دفاتر میں اس قسم کی صورتحال کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری دور دراز علاقوں سے سرکاری خدمات کے حصول کے لیے آتے ہیں، اس لیے انہیں مقررہ اوقات میں سہولت فراہم کرنا متعلقہ عملے کی ذمہ داری ہے۔

    وفاقی وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ پاسپورٹ دفاتر میں شہریوں کو خدمات کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور سرکاری فرائض میں لاپرواہی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب نے گوجرانوالہ ییلو لائن کی تکمیل کیلئے مارچ 2027 کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی

    وزیراعلیٰ پنجاب نے گوجرانوالہ ییلو لائن کی تکمیل کیلئے مارچ 2027 کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گوجرانوالہ ییلو لائن ماس ٹرانزٹ منصوبے کی تکمیل کے لیے مارچ 2027 کی ڈیڈ لائن مقرر کرتے ہوئے منصوبے پر کام ہر صورت مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

    وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت ماس ٹرانزٹ منصوبوں سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا، جس میں گوجرانوالہ اور فیصل آباد ماس ٹرانزٹ سسٹمز پر جاری کام، تعمیراتی پیش رفت اور منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    اجلاس کے دوران گوجرانوالہ ییلو لائن اور فیصل آباد ماس ٹرانزٹ منصوبوں کی پیشرفت کا ڈرون فوٹیج کے ذریعے بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو دونوں منصوبوں پر کام تیز کرنے اور مقررہ ٹائم لائن کے مطابق تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

    مریم نواز شریف نے گوجرانوالہ ییلو لائن ماس ٹرانزٹ منصوبے کی تکمیل کے لیے مارچ 2027 کی حتمی ڈیڈ لائن مقرر کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی تکمیل میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تعمیراتی کام تین شفٹوں میں جاری رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ منصوبہ جلد مکمل ہو اور شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ کیا جاسکے۔

    اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گوجرانوالہ ییلو لائن ماس ٹرانزٹ منصوبہ 31.5 کلومیٹر طویل ہوگا، جس پر مجموعی طور پر 25 اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔ ان اسٹیشنز میں 2 انڈر گراؤنڈ اسٹیشن بھی شامل ہوں گے۔

    بریفنگ کے مطابق گوجرانوالہ ییلو لائن منصوبے کے تحت 12 انڈر پاسز، 35 کلومیٹر طویل سروس لائن اور سگنل فری یوٹرنز بھی تعمیر کیے جائیں گے، جبکہ منصوبے کے تقریباً ایک تہائی حصے پر کام تکمیل کے قریب پہنچ چکا ہے۔

    حکام نے بتایا کہ منصوبے کے راستے میں آنے والے 1233 پولز اور 552 ٹرانسفارمرز کو منتقل کیا جاچکا ہے۔ اس کے علاوہ گوجرانوالہ ییلو لائن منصوبے کے لیے 15 ہزار فٹ سیوریج لائن، 12 ہزار فٹ واٹر سپلائی لائن اور 11 ہزار فٹ گیس پائپ لائن بھی بچھائی جائے گی۔

    بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے لیے 62 کلومیٹر طویل ڈرین کی تعمیر بھی جاری ہے، جس کا تقریباً 40 فیصد کام مکمل کیا جاچکا ہے۔

    فیصل آباد ماس ٹرانزٹ منصوبے کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ یہ منصوبہ 20.3 کلومیٹر طویل ہوگا، جس میں 11.1 کلومیٹر طویل اوور ہیڈ برج بھی تعمیر کیے جائیں گے۔ منصوبے کے تحت شہریوں کے لیے 12 بس اسٹاپ قائم کیے جائیں گے جبکہ 15 کلومیٹر طویل سوئی گیس لائن بھی بچھائی جائے گی۔

    بریفنگ کے مطابق فیصل آباد ماس ٹرانزٹ منصوبے کے دوران 1835 درختوں کی ری پلانٹیشن بھی کی گئی ہے، جبکہ گوجرانوالہ اور فیصل آباد ماس ٹرانزٹ منصوبوں میں مجموعی طور پر تقریباً 5 ہزار درختوں کی ری پلانٹیشن کا ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔

    وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ترقیاتی منصوبوں کے دوران درختوں اور ماحول کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی کام کے دوران جہاں ممکن ہو درختوں کو محفوظ رکھا جائے اور ضرورت کے تحت ری پلانٹیشن کی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور ماس ٹرانزٹ منصوبوں کی تعمیر کے دوران شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اس لیے منصوبوں کو جلد مکمل کرنا انتہائی ضروری ہے۔

    مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ ماس ٹرانزٹ منصوبوں کی مقررہ ٹائم لائن کسی صورت آگے نہیں جانی چاہیے۔ متعلقہ محکمے اور ادارے کام کی رفتار مزید تیز کریں اور تمام ضروری وسائل بروئے کار لاتے ہوئے منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    وزیراعلیٰ نے فیصل آباد اور گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ منصوبوں کی بروقت تکمیل کو حکومت کی ترجیح قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام، ٹریفک مینجمنٹ اور شہری سہولیات کے معاملات پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ منصوبے مکمل ہونے کے بعد شہریوں کو جدید اور بہتر سفری سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

  • کرپشن کے سنگین الزامات: سینٹرل جیل گوجرانوالہ کے سپرنٹنڈنٹ اظہر چیمہ گرفتار

    کرپشن کے سنگین الزامات: سینٹرل جیل گوجرانوالہ کے سپرنٹنڈنٹ اظہر چیمہ گرفتار

    گوجرانوالہ میں محکمہ اینٹی کرپشن نے کارروائی کرتے ہوئے سینٹرل جیل کے سپرنٹنڈنٹ اظہر چیمہ کو گرفتار کر لیا۔
    اینٹی کرپشن حکام کے مطابق اظہر چیمہ پر بدعنوانی اور کرپشن کے سنگین الزامات ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ملزم کو مقامی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں تفتیش کیلئے جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کی استدعا کی گئی۔
    اینٹی کرپشن حکام کے مطابق کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • گوجرانوالہ:9 سالہ بچے کے اندھے قتل کا معمہ 8 گھنٹوں میں حل،دادا  گرفتار

    گوجرانوالہ:9 سالہ بچے کے اندھے قتل کا معمہ 8 گھنٹوں میں حل،دادا گرفتار

    گوجرانوالہ کے تھانہ واہنڈو کی حدود میں 9 سالہ بچے کے اندھے قتل کا معمہ پولیس نے محض 8 گھنٹوں میں حل کرتے ہوئے مقتول کے دادا کو گرفتار کر لیا۔

    نامعلوم ملزموں نے دس سالہ شعب کے پیٹ کو چاک کر دیاتھا ، آنتڑیاں باہر آگئیں تھیں، بچے کی لاش سیج کالر گورنمنٹ سکول کے قریب سے برآمد ہوئی۔ واقعہ کی اطلاع پر پولیس کے اعلیٰ حکام بھاری نفری سمیت موقع پر پہنچ گئے، امدادی ٹیمیوں کو بھی طلب کر لیا گیا پولیس کے مطابق سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کے نوٹس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں-

    ان کا کہنا تھا کہ بچے کو بے دردی سے قتل کرنے والوں سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی انہیں کیفرکردار تک پہنچا کر دم لیں گے، انہو ں نے جدید تفتیش اور شواہد کی مدد سے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزم عبدالرحمان، جو مقتول کا دادا ہے، نے قتل کی منصوبہ بندی اپنے مخالفین کو جھوٹا پھنسانے کے لیے کی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے واردات کو گمراہ کن رخ دینے کے لیے بچے کے پیٹ پر بھی وار کیے تاکہ واقعے کو کسی اور انداز میں پیش کیا جا سکے۔

    ایس پی صدر کی نگرانی میں خصوصی تفتیشی ٹیمیں واقعے کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہیں، جبکہ مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے کہا ہے کہ مضبوط تفتیش، ٹھوس شواہد اور مؤثر پیروی کے ذریعے ملزم کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی-

  • مسلم ریسکیو مشن کے زیر اہتمام اپر چناب کے کنارے پری فلڈ موک ایکسرسائز کا انعقاد

    مسلم ریسکیو مشن کے زیر اہتمام اپر چناب کے کنارے پری فلڈ موک ایکسرسائز کا انعقاد

    ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے، ریسکیو رضاکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے شعبہ خدمت خلق پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ذیلی مسلم ریسکیو مشن کے زیر اہتمام اپر چناب کے کنارے پری فلڈ موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔ موک ایکسرسائز میں رضاکاروں نے ممکنہ سیلاب کے دوران ریسکیو، ریلیف اور انخلاء کی مختلف عملی مشقوں کا کامیاب مظاہرہ کیا۔

    چیئرمین شعبہ خدمت خلق پاکستان چوہدری شفیق الرحمان وڑائچ، نائب صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ گوجرانوالہ راشد علی سندھو، صدر مرکزی کسان لیگ ذوالفقار علی اولکھ اور رہنما پاکستان مرکزی مسلم لیگ چوہدری حمید الحسن گجر عملی مشقوں کا جائزہ لیا

    مسلم ریسکیو مشن کے انچارج ابرار وحید نے مہمانوں کو ریسکیو کے مختلف شعبہ جات، ایمرجنسی رسپانس سسٹم، واٹر ریسکیو یونٹ، بوٹس، لائف جیکٹس، ریسکیو آلات اور دیگر حفاظتی سامان کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر رضاکاروں نے بوٹ ہینڈلنگ، سرچ اینڈ ریسکیو، واٹر ریسکیو، فلڈ ایویکیوشن، ابتدائی طبی امداد، متاثرین کی محفوظ منتقلی، ریلیف مینجمنٹ اور ایمرجنسی کوآرڈینیشن کی عملی مشقوں کا مظاہرہ کیا۔

    اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین شعبہ خدمت خلق پاکستان چوہدری شفیق الرحمان وڑائچ نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ غیر معمولی بارشوں، دریاؤں میں طغیانی، گلیشیئر پگھلنے اور اچانک آنے والے سیلاب کے باعث ہزاروں خاندان متاثر ہوتے ہیں۔ ان حالات میں صرف امدادی سرگرمیاں کافی نہیں بلکہ پیشگی تیاری، جدید تربیت اور مؤثر منصوبہ بندی وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ قومی و صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں کی جانب سے بھی مون سون کے دوران ممکنہ سیلابی صورتحال کے خدشات ظاہر کیے جا چکے ہیں، اسی لیے شعبہ خدمت خلق پاکستان نے ملک بھر کے دریا کنارے اور سیلاب کے خطرے سے دوچار اضلاع میں پری فلڈ موک ایکسرسائزز کا سلسلہ شروع کیا ہے تاکہ رضاکار کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری، منظم اور مؤثر انداز میں اپنی ذمہ داریاں ادا کر سکیں۔

    چوہدری شفیق الرحمان وڑائچ نے بتایا کہ گزشتہ سال سیلاب کے دوران شعبہ خدمت خلق پاکستان کے 16 ہزار سے زائد تربیت یافتہ رضاکاروں نے گلگت بلتستان سے دریائے پنجند تک متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز میں بھرپور کردار ادا کیا، لاکھوں متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ، خوراک، صاف پانی، طبی امداد اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنایا اور مشکل ترین حالات میں خدمتِ انسانیت کی روشن مثال قائم کی۔

    انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کو روکا نہیں جا سکتا، لیکن بروقت تیاری، تربیت یافتہ رضاکار، جدید ریسکیو وسائل، مضبوط رابطہ کاری اور عوامی آگاہی کے ذریعے جانی و مالی نقصانات کو نمایاں حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔ شعبہ خدمت خلق پاکستان مرکزی مسلم لیگ اسی وژن کے تحت ملک بھر میں اپنی ریسکیو استعداد کو مزید مضبوط بنا رہا ہے تاکہ ہر ہنگامی صورتحال میں عوام کو بروقت اور مؤثر امداد فراہم کی جا سکے۔

    انہوں نے نوجوانوں اور کارکنان سے اپیل کی کہ وہ خدمتِ انسانیت کے اس مشن کا حصہ بنیں، ریسکیو تربیت حاصل کریں اور ہر مشکل وقت میں اپنی قوم کے لیے امید، حوصلے اور عملی خدمت کی علامت بنیں۔

    تقریب کے اختتام پر ریسکیو ٹیموں کی پیشہ ورانہ تیاری، نظم و ضبط اور عملی مہارت کو سراہا گیا، جبکہ اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مون سون سیزن کے دوران پنجاب سمیت ملک کے مختلف اضلاع میں پری فلڈ موک ایکسرسائزز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ کسی بھی ممکنہ قدرتی آفت کی صورت میں بروقت، منظم اور مؤثر ریسکیو آپریشن کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • 
گوجرانوالہ میں ڈانس ویڈیو بنانے والے دو افراد گرفتار

    
گوجرانوالہ میں ڈانس ویڈیو بنانے والے دو افراد گرفتار

    ‎گوجرانوالہ میں عوامی مقام پر ڈانس کرتے ہوئے ویڈیوز بنانے اور سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے چار افراد کے خلاف پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ دو دیگر نامزد افراد کی تلاش جاری ہے۔
    ‎پولیس ترجمان کے مطابق عید کے روز سوشل میڈیا پر دو خواتین اور دو نوجوانوں کی ویڈیوز تیزی سے وائرل ہوئی تھیں۔ یہ ویڈیوز گوجرانوالہ کے علاقے چھچھروالی نہر کے کنارے بنائی گئی تھیں، جہاں چاروں افراد کو عوامی مقام پر ڈانس کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا۔
    ‎وائرل ویڈیوز سامنے آنے کے بعد پولیس نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے چاروں افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا اور اس کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کی گئی۔
    ‎پولیس کے مطابق مقدمے میں نامزد دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ باقی دو ملزمان تاحال مفرور ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور انہیں جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
    ‎ترجمان پولیس نے بتایا کہ کارروائی عوامی مقامات پر مبینہ طور پر غیر اخلاقی حرکات کرنے کے الزام میں کی گئی ہے۔ ان کے مطابق عوامی مقامات پر قانون اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسے واقعات کے خلاف قانونی کارروائی جاری رہے گی۔
    ‎واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں، جہاں بعض صارفین پولیس کارروائی کی حمایت کر رہے ہیں جبکہ بعض اس معاملے پر مختلف نقطہ نظر کا اظہار کر رہے ہیں۔ تاہم پولیس کا مؤقف ہے کہ قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

  • بھائی اور بہن نے مل کر باپ کو قتل کر دیا

    بھائی اور بہن نے مل کر باپ کو قتل کر دیا

    جھنگ میں بہن اور بھائی نے مل کر باپ کو قتل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق جھنگ کے علاقے ماڑی بلوچاں میں بھائی بہن نے مل کر باپ کو قتل کر دیا15 سالہ فرخ نے 13 سالہ بہن کے ساتھ مل کر باپ کو قتل کرکے لاش صحن میں دفنا دی ملزموں کی نشاندہی پر آلہ قتل کلہاڑی گھر کی چھت سے برآمد ہوئی۔

    ملزم بہن بھائی سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے مقتول کی اپنی بیوی سے علیحدگی ہو چکی تھی ملزم بیٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ مقتول باپ مجھے جنسی زیاد تی کا نشانہ بناتا تھا اور تشدد بھی کرتا تھا جب اپنے بھائی کو اس بارے میں بتایا تو اس نے باپ کو قتل کر دیا۔

    دوسری جانب گوجرانوالہ کے علاقے لدھے والا وڑائچ میں بیوی کے مبینہ آشنا نے فائرنگ کر کے اس کے خاوند کو قتل کر دیا،پولیس کے مطابق ملزم عثمان نے مقتول علی رضا کو گھر سے باہر بلایا اور فائرنگ کر کے اسے موقع پر ہی قتل کر دیا اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مقتول نے ملزم کو اپنی بیوی کو فون پر تنگ کرنے اور ہراساں کرنے سے منع کیا تھا، جس پر ملزم نے مبینہ طور پر رنجش رکھ لی،واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا لدھے والا وڑائچ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں،ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

  • گوجرانوالہ ڈویژن میں غیر محفوظ پلازوں کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد عمارتیں سیل

    گوجرانوالہ ڈویژن میں غیر محفوظ پلازوں کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد عمارتیں سیل

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی/نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) گوجرانوالہ ڈویژن میں غیر محفوظ کمرشل عمارتوں اور پلازوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ نے سخت کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی کی ہدایات پر فائر سیفٹی اور حفاظتی انتظامات کی عدم موجودگی پر مختلف علاقوں میں متعدد پلازوں کو سیل کر دیا گیا۔

    انتظامیہ کے مطابق ڈنگہ اور لالہ موسیٰ میں فاضل فارمیسی اینڈ مارٹ سمیت کئی پلازوں میں فائر سیفٹی کے ناقص انتظامات، ایمرجنسی ایگزٹ کی عدم دستیابی اور دیگر سنگین خلاف ورزیاں سامنے آئیں، جس پر فوری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ان عمارتوں کو سیل کر دیا گیا۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کا کہنا ہے کہ ایسے پلازے جو انسانی جانوں کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں، ان کے خلاف کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

    کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے واضح کیا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فائر سیفٹی قوانین اور ایمرجنسی اخراج کے انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور تمام کمرشل عمارتوں کو مقررہ معیار پر پورا اترنا ہوگا۔

    کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کے مطابق سیل کیے گئے پلازے اس وقت تک بند رہیں گے جب تک متعلقہ مالکان فائر سیفٹی، ایمرجنسی ایگزٹ اور دیگر حفاظتی تقاضوں کو مکمل طور پر پورا نہیں کرتے۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ڈویژن بھر میں ایسے تمام پلازوں اور کمرشل عمارتوں کی جامع جانچ پڑتال جاری رکھی جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے قبل حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔