Baaghi TV

Category: کراچی

  • سانحہ گل پلازہ:ناقابل شناخت شخص کا ڈی این اے موصول، ہلاکتوں کی تعداد 74 ہوگئی

    سانحہ گل پلازہ:ناقابل شناخت شخص کا ڈی این اے موصول، ہلاکتوں کی تعداد 74 ہوگئی

    کراچی:پولیس سرجن کراچی کو ناقابل شناخت شخص کا ڈی این اے رزلٹ موصول ہوگیا جس کے بعد سانحہ میں ہلاکتوں کی تعداد 74 ہوگئی۔

    پولیس سرجن کراچی ڈاکٹر سمیعہ سید کا کہنا ہے کہ مرنے والے ایسے لوگ بھی موجود تھے جن کا کوئی ڈیٹا ہی موجود نہیں، سندھ فارنزک ڈی این اے لیب سےایک پازیٹیو ڈی این اے رزلٹ ملا ہے، ملنے والے ڈی این اے کا کوئی بھی ریفرنس سیمپل جمع نہیں کروایا گیا،اس کا مطلب ایسے بھی لوگ گل پلازہ میں جاں بحق ہوئے جن کا کچھ پتہ نہیں، ممکن ہے ملنے والا ڈی این اے شہر سے باہر کے کسی شخص کا ہو۔

    پولیس سرجن نے کہا ہے کہ پولیس سرجن کراچی آفس میں کل صبح 9 سے شام 5 بجے تک ڈی این اے کے لیے سیمپل جمع کروایا جاسکتا ہے، ڈی این اے سے کوئی پہچان عمر یا جنس نہیں بتائی جاسکتی، وہ لوگ جنہوں نے اپنے سیمپل جمع نہیں کروائے جلد جمع کروادیں۔

  • سونے اور چاندی کی قیمتیں تاریخ کی نئی بلندیوں پر پہنچ گئیں

    سونے اور چاندی کی قیمتیں تاریخ کی نئی بلندیوں پر پہنچ گئیں

    عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتیں تاریخ کی نئی بلندیوں پر پہنچ گئیں۔

    پیر کو سونے کی قیمت 5,100 ڈالر فی اونس کی تاریخی سطح سے تجاوز کر گئی،گرین وچ مین ٹائم کے مطابق صبح 6 بجکر 56 منٹ پر اسپاٹ گولڈ (نقد سونا) 2.2 فیصد اضافے کے ساتھ 5,089.78 ڈالر فی اونس پر رہا جبکہ اس سے قبل یہ 5,110.50 ڈالر کی تاریخی بلند ترین سطح کو چھو چکا تھا، اسی طرح فروری کی ڈلیوری کے لیے امریکی گولڈ فیوچر کی قیمت بھی اسی شرح سے بڑھ کر 5,086.30 ڈالر فی اونس ہو گئی، اسی دوران اسپاٹ سلور (نقد چاندی) کی قیمت 4.8 فیصد اضافے کے ساتھ 107.903 ڈالر تک پہنچ گئی، جبکہ اس سے قبل یہ 109.44 ڈالر کی ریکارڈ سطح کو چھو چکی تھی-

    ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت بھی 10ہزار 900روپے کے بڑے اضافے سے 5لاکھ 32ہزار 062روپے کی نئی بلند سطح پر آگئی،اس کے علاوہ فی دس گرام سونے کی قیمت 9ہزار 345روپے بڑھ کر 4لاکھ 56ہزار 157روپے کی سطح پر آگئی جبکہ فی تولہ چاندی کی قیمت یکدم 537 روپے کے اضافے سے 11ہزار 428روپے کی نئی بلند سطح پر آگئی، فی دس گرام چاندی کی قیمت 537روپے کے اضافے سے 9ہزار 797روپے کی سطح پر آگئی۔

  • گل پلازہ میں سرچ آپریشن مکمل، عمارت کو سیل کرنے کا فیصلہ

    گل پلازہ میں سرچ آپریشن مکمل، عمارت کو سیل کرنے کا فیصلہ

    کراچی: گل پلازہ میں لاشوں کی تلاش کے لیے جاری سرچ آپریشن تقریباً مکمل کر لیا گیا عمارت کو آج یعنی 26 جنوری کو سیل کر دیا جائے گا۔

    ڈپٹی کمشنر جنوبی جاوید نبی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گل پلازہ میں جاری سرچ آپریشن مکمل ہونے کے قریب ہے اور کسی کا پیارا لاپتا ہے تو وہ متعلقہ حکام سے رابطہ کر سکتا ہے اب تک عمارت کے ملبے سے ملنے والی انسانی باقیات کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 73 ہو گئی ہے جن میں سے 23 لاشوں کی شناخت ہو چکی، جبکہ 16 کی شناخت ڈی این اے کے ذریعے کی گئی،30 لاشوں کا ڈیٹا حکومت کو بھیج دیا گیا ہے جو معاوضے کی ادائیگی کے لیے بھی استعمال کیا جائے گا جبکہ شناخت اور جانچ کے عمل کے بعد جلد ورثاء میں چیک تقسیم کیے جائیں گے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی ساؤتھ نے بتایا کہ لاپتا افراد کی فہرست 79 تک پہنچ چکی ہے، تاہم ان میں سے 13 افراد کے لواحقین تاحال ڈی این اے نمونے فراہم کرنے نہیں آئے اور نہ ہی ان کا کوئی رابطہ ہوا ہے اب تک 55 افراد کے لواحقین ڈی این اے جمع کرا چکے ہیں، جبکہ باقی افراد کو پیر تک کی مہلت دی گئی ہے، بصورت دیگر انہیں فہرست سے خارج کر دیا جائے گا۔

    جاوید نبی کھوسو کے مطابق بعض کیسز میں ایک ہی خاندان کے 3 یا 4 افراد بھی شامل ہیں، جبکہ ابتدائی دن ہی 6 لاشوں کی شناخت کر لی گئی تھی اب تک مجموعی طور پر 23 جاں بحق افراد کی شناخت مکمل ہو چکی ہےگل پلازہ کے گراؤنڈ فلور اور میزنائن فرسٹ فلور کو مکمل طور پر کلیئر کر لیا گیا ہے، جبکہ ایک حصہ تاحال سرچ کے مرحلے میں ہے۔

    دوسری طرف ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے کہا کہ مقدمہ درج ہونے کے بعد بیانات لینے کا سلسلہ جاری ہے اور گل پلازہ کے چوکیداروں اور دیگر متعلقہ افراد کے بیانات حاصل کر لیے گئے ہیں،غفلت اور لاپروائی کے پہلو سامنے لائے جائیں گے گل پلازہ میں حادثے کے وقت موجود 6 سیکیورٹی گارڈز کے بیانات لیے جا چکے ہیں ایک ڈی وی آر بھی ملا ہے جس کی مدد سے یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ دروازے کیوں بند کیے گئے اور آگ کے بعد کیوں نہیں کھولے گئے، عمارت کے مکمل سیل اور تحقیقات کے بعد واقعے کے تمام پہلوؤں کو سامنے لایا جائے گا تاکہ ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکے۔

  • اسٹیٹ بینک مانیٹری پالیسی کا اعلان آج کرے گا

    اسٹیٹ بینک مانیٹری پالیسی کا اعلان آج کرے گا

    اسٹیٹ بینک آج بروز سوموار کو مانیٹری پالیسی کا اعلان کرے گا-

    تفصیلات کے مطابق گورنراسٹیٹ بینک پریس کانفرنس کےذریعےبنیادی شرح سود کا اعلان کریں گے گورنراسٹیٹ بینک کی سربراہی میں آج صبح ساڑھے 10بجےمانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس ہوگا،مانیٹری پالیسی کمیٹی بنیادی شرح سودکےحوالےسےحتمی فیصلہ کرے گی۔

    اس وقت بنیادی شرح سود10.5فیصدہے،گزشتہ اجلاس میں شرح سود 50بیسززپوائنٹس کم کیا گیا تھا، مانیٹری پالیسی کمیٹی کی جانب سے آئندہ 2ماہ کیلئےشرح سود کا اعلان کیا جائے گااجلاس میں درآمدات، برآمدات، لارج اسکیل مینوفیکچرنگ، تجارتی اورمالیاتی خسارہ کےاعدادوشمارکا جائزہ لیا جائیگا، ترسیلات، زرمبادلہ کےذخائر، فصلوں کی پیداوار،عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

  • سانحہ گل پلازہ: یہ بتایا جائے کہ ٹیسٹ اور فارنزک کہاں ہورہا ہے؟فاروق ستار

    سانحہ گل پلازہ: یہ بتایا جائے کہ ٹیسٹ اور فارنزک کہاں ہورہا ہے؟فاروق ستار

    کراچی:ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ لاپتا افراد کے اہل خانہ کی تسلی کے لیے ضروری ہے انہیں مطمئن کیا جائے ان کی تسلی و تشفی کے لیے فارنزک کی ویڈیو سامنے لائی جائے، باقیات کی تصدیق اور جسد اہل خانہ تک پہنچانے کے کام میں تیزی لائی جائے-

    دہلی کالونی میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ سانحہ گل پلازہ ایک المناک قومی سانحہ ہے جس میں 100 سے زیادہ قیمتی جانوں کا اور اربوں روپے کا نقصان ہوا، پورا ملک اس سانحہ پر سوگوار ہے ہر آنکھ اشک بار ہے، آج یہاں سے چار جنازے اٹھے ہیں جب کہ اس کالونی میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد شہید ہوئے، چار کا جسد خاکی ڈی این اے سے میچ ہوگیا ہے اور دو باقی ہیں، ایک بیٹی بچی ہے اور پورا خاندان شہید ہوگیا، شادی کے گھر کی خوشیاں خاک میں مل گئیں۔

    انہوں نے کہا کہ یہ بتایا جائے کہ ٹیسٹ اور فارنزک کہاں ہورہا ہے؟ باقیات کا احترام اور تقدس کے ساتھ فارنزک ٹیسٹ کیا جائے لواحقین صرف یہ چاہتے ہیں، وزیر اعلی سندھ اور میئر کراچی دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں اور تاجر تنظیموں کو اعتماد میں لیں، لاپتا افراد کے اہل خانہ کو مطمئن کریں، گنتی پوری کیے بغیر سکو ن نہیں ملے گا، اہل خانہ لواحقین کے لیے صبر کی دعا کرتے ہیں۔

    فاروق ستار نے کہا کہ ایک دکان سے 30 لاشیں مل سکتی ہیں تو یہ رش کا وقت تھا، بہت سے لوگوں کی رجسٹریشن نہیں ہوئی، اندرون ملک سے آنے والے محنت کشوں کے لواحقین کو تو معلوم بھی نہیں ہوگا، دو ٹرکوں کی باقیات کا چوری ہونا تشویش ناک ہے، بہت سے سوال ہیں جن کا جواب دینا ہے، لاپتا افراد کے اہل خانہ کی تسلی کے لیے ضروری ہے انہیں مطمئن کیا جائے ان کی تسلی و تشفی کے لیے فارنزک کی ویڈیو سامنے لائی جائے، باقیات کی تصدیق اور جسد اہل خانہ تک پہنچانے کے کام میں تیزی لائی جائے، جس طرح گورنر ہاؤس میں رابطہ مرکز بنایا گیا ہے اس طرح وزیراعلی اور میئر کے دفتر میں بھی مراکز قائم کریں-

    انہوں نے کہا کہ کمشنر کراچی سرکاری ملازم ہیں وہ کیسے رپورٹ دیں گے کہ حکومت سندھ یا بلدیاتی اداروں کی غفلت ہے؟ تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنائی جائے، آئی ایس آئی اور ایف آئی اے پر مشتمل آزاد اور غیر جانب دار کمیشن سپریم کورٹ کے جج کی سربراہی میں قائم کیا جائے، کمشنر کی سربرا ہی کی تحقیقات کو کوئی نہیں مانے گا۔ آپ جواب دیں آگ کیوں نہ بجھائی گئی؟ عوام سزا نہیں دے سکتے ہوسکتا ہے شفاف تحقیقات سے آپ سد ھر جائیں، فائر فائٹرز کی جانوں کو بچایا جائے، فائر فائٹر فرقان کے گھر وزیر اعلیٰ میئر کیوں نہ گئے؟ جو لوگ فرقان کے گھر نہیں گئے انہی جانا چاہیے۔

  • مونگ پھلی کے ٹھیلے کی آڑ میں کراچی میں رہائش پذیر دہشتگرد گرفتار

    مونگ پھلی کے ٹھیلے کی آڑ میں کراچی میں رہائش پذیر دہشتگرد گرفتار

    کراچی میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن, انتہائی مطلوب دہشتگرد کو گرفتار کرلیا گیا

    گرفتار دہشتگرد کا تعلق خیبر پختونخواں کے ضلع باجوڑ سے ہے، گرفتار دہشتگرد اسسٹنٹ کمشنر باجوڑ پرحملے کا مرکزی ملزم ہے،گرفتار دہشتگرد نےخیبر پختون خواں کے منرلز ڈیپارٹمنٹ کی سرکاری مشینری کو نذرِ آتش بھی کیاتھا،دہشتگرد نےگرفتاری سے بچنے کے لیےکراچی میں روپوشی اختیار کررکھی تھی، دورانِ روپوشی دہشتگرد مونگ پھلی کے ٹھیلے کی آڑ میں کراچی میں رہائش پذیر تھا،روپوشی کےدوران دہشتگرد اپنی سہولت کاری و رابطہ نیٹ ورک کو برقرار رکھے ہوئے تھا۔دہشتگرد ضلع باجوڑ میں پیش آنے والے متعدد سنگین دہشتگردانہ واقعات میں براہِ راست ملوث رہا،دہشتگرد کےخلاف خیبر پختونخوا میں انسدادِ دہشتگردی ایکٹ کےتحت متعدد مقدمات درج تھے

  • کراچی: سانحہ گل پلازہ،سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری، ہلاکتوں کی تعداد 71 ہوگئی

    کراچی: سانحہ گل پلازہ،سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری، ہلاکتوں کی تعداد 71 ہوگئی

    کراچی میں گل پلازہ کے المناک سانحے کو 9 روز گزرنے کے باوجود سرچ اینڈ ریسکیو اور ریکوری آپریشن تاحال مکمل نہ ہوسکا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ رات عمارت کی تیسری منزل سے مزید انسانی باقیات برآمد ہوئی ہیں، جنہیں شناخت کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کوشش کی جارہی ہے کہ ریکوری اور تلاش کا عمل آج مکمل کرلیا جائے۔

    ڈپٹی کمشنر کے مطابق آگ لگنے کے بعد سے ملبہ ہٹانے اور لاپتہ افراد کی تلاش کا عمل مسلسل جاری ہے، تاہم عمارت کے شدید متاثر ہونے کے باعث کارروائی میں مشکلات کا سامنا رہا۔ ریسکیو ٹیموں نے نویں روز بھی کام جاری رکھا، اس دوران تیسرے فلور سے انسانی باقیات ملیں جنہیں ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے بھیج دیا گیا۔پولیس سرجن ڈاکٹر سُمعیہ طارق کے مطابق اب تک 71 لاشیں اور انسانی باقیات سول اسپتال لائی جاچکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 22 جاں بحق افراد کی شناخت مکمل ہوچکی ہے، جن میں سے 6 لاشیں قابلِ شناخت تھیں جبکہ 15 لاشوں کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے ممکن ہوئی۔ ڈاکٹر سُمعیہ کے مطابق ایک لاش کی شناخت قومی شناختی کارڈ کے ذریعے کی گئی، جبکہ متعدد لاشوں کی شناخت کا عمل ابھی جاری ہے۔

    دوسری جانب سندھ حکومت نے آتشزدگی سے تباہ ہونے والے گل پلازہ کی ازسرِ نو تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت اپنے بجٹ سے کثیر المنزلہ گل پلازہ کی تعمیر کرے گی، جو ایک سال کے اندر مکمل کی جائے گی۔ تعمیر مکمل ہونے کے بعد دکانیں الاٹیز کے حوالے کی جائیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے اس منصوبے کے لیے ماہرینِ تعمیرات کی خدمات بھی حاصل کرلی ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچاؤ ممکن بنایا جاسکے۔

    واضح رہے کہ کراچی میں 17 جنوری کی رات شہر کے مشہور گل پلازہ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ شدید آتشزدگی کے نتیجے میں عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہوا۔ متاثرہ خاندان تاحال اپنے پیاروں کی شناخت اور انصاف کے منتظر ہیں، جبکہ شہر بھر میں واقعے پر گہرے رنج و غم اور غصے کی فضا پائی جاتی ہے۔

  • کراچی کے تین اضلاع میں عمارتوں کا فائر سیفٹی سروے شروع

    کراچی کے تین اضلاع میں عمارتوں کا فائر سیفٹی سروے شروع

    ‎سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے کراچی کے شرقی، وسطی اور جنوبی اضلاع میں رہائشی اور تجارتی عمارتوں کا فائر آڈٹ شروع کر دیا ہے۔ ابتدائی سروے میں 90 فیصد عمارتوں میں آگ سے بچاؤ کے انتظامات نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
    ‎ایس بی سی اے نے 300 سے زائد عمارتوں میں فائر سیفٹی کے ناقص انتظامات پر نوٹسز جاری کیے ہیں اور تین روز کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ چند عمارتوں میں فائر سیفٹی آلات ناکارہ اور ہنگامی اخراج کے راستے بند پائے گئے۔
    ‎حکام نے کہا کہ نوٹسز پر عمل نہ کرنے پر عمارتیں سیل کی جائیں گی اور مالکان و یونینز کو فائر بریگیڈ کا این او سی بھی لینا ہوگا۔ سروے میں فائر بریگیڈ عملہ بھی ایس بی سی اے کی ٹیم کے ساتھ موجود ہے۔

  • شہید فائر فائٹر فرقان علی کو ستارہ امتیاز سے نوازنے کے لیے سفارش

    شہید فائر فائٹر فرقان علی کو ستارہ امتیاز سے نوازنے کے لیے سفارش

    ‎گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے گل پلازہ سانحے میں شہید ہونے والے فائر فائٹر فرقان علی کی رہائش گاہ کا دورہ کیا اور اہلِ خانہ سے ملاقات کے دوران انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
    ‎گورنر سندھ نے کہا کہ فرقان علی نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر فرض کی ادائیگی کی اور قوم کے لیے قربانی دی۔ گل پلازہ سانحے میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور متعدد افراد کے کاروبار تباہ ہو گئے، جس پر پوری قوم افسردہ ہے۔
    ‎کامران ٹیسوری نے اعلان کیا کہ شہید فرقان علی کے نام سے ایک فائر اسٹیشن منسوب کیا جائے گا اور سرکاری رہائش بھی ان کے اہلِ خانہ کے نام منتقل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر فرقان علی کو سول ایوارڈ (ستارہ امتیاز) کے لیے نامزد کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں صدر مملکت کو خط بھی بھیجا جائے گا۔
    ‎مزید براں، شہید کے اہلِ خانہ کو ایک پلاٹ فراہم کیا جائے گا جس پر بلڈرز کی مدد سے گھر تعمیر کر کے منتقل کیا جائے گا۔ فرقان علی کے نام سے ایک اسٹریٹ منسوب کرنے کے لیے میئر کراچی کو بھی خط لکھا جائے گا۔
    ‎گورنر سندھ نے گل پلازہ سانحے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سیاست یا الزام تراشی کے بجائے اس سانحے سے سبق سیکھنے اور مستقبل کے لیے مؤثر حکمتِ عملی بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ سو سے زائد لواحقین اب بھی اپنے پیاروں کے ڈی این اے نتائج کے منتظر ہیں اور کئی خاندانوں کو اپنے پیاروں کی لاشیں تک نہیں مل سکیں۔
    ‎کامران ٹیسوری نے کہا کہ شہر میں پہلے ہی بہت خونریزی ہو چکی ہے اور سیاسی جماعتوں کے درمیان الزام تراشی بند ہونی چاہیے۔ ممکن ہے کہ شہید کے پاس جدید حفاظتی آلات نہ ہوں، جن سے وہ اپنی جان بچا سکتے۔

  • ضوابط کی خلاف ورزی پر ایکسچینج کمپنی کا لائسنس منسوخ

    ضوابط کی خلاف ورزی پر ایکسچینج کمپنی کا لائسنس منسوخ

    اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ضوابط کی سنگین خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی کرتے ہوئے میسرز گلیکسی ایکسچینج (پرائیویٹ) لمیٹڈ کا لائسنس فوری طور پر منسوخ کر دیا ہے،جس کے بعد کمپنی اب کسی قسم کی غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت نہیں کر سکتی-

    مرکزی بینک کے اعلامیے کے مطابق لائسنس کی منسوخی کے بعد میسرز گلیکسی ایکسچینج (پرائیویٹ) لمیٹڈ، اس کے صدر دفتر اور تمام آؤٹ لیٹس اب زرِ مبادلہ سے متعلق کسی بھی قسم کی کاروباری سرگرمی انجام دینے کے مجاز نہیں رہے،اسٹیٹ بینک نے واضح کیا کہ صارفین کے مفادات کے تحفظ اور فارن ایکسچینج مارکیٹ میں اعتماد برقرار رکھنے کے لیے ضوابط کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

    ‎فاروق ستار حقیقت مسخ نہیں کر سکتے، گل پلازہ میں ان کا کردار موجود ہے، شرجیل میمن

    انکل اپنی آواز بھی نہیں نکال سکتے،پاکستان مخالف ڈائیلاگ پر یاسر حسین کا سنی دیول پر طنز

    بھارتی اداکار رہائشی عمارت پر فائرنگ کے الزام میں گرفتار