Baaghi TV

Category: قصور

  • شوہر نے قتل کے بعد بیوی کی لاش نہر میں دبا دی

    شوہر نے قتل کے بعد بیوی کی لاش نہر میں دبا دی

    قصور
    جھوٹا عشق، دو بچوں کی ماں قتل: فیکٹری مزدور نے دوستوں کی مدد سے پہلی بیوی کو نہر میں دفن کردیا
    کھڈیاں خاص (محلہ اسلام پورہ) کی رہائشی، دو بچوں کی ماں کائنات دختر سلمہ بی بی کو اس کے ہی شوہر نے بے دردی سے قتل کر دیا۔ قاتل فیکٹری مزدور ذیشان ولد حسن میو، ساکن دادے والا کنواں (ڈھنگ شاہ) نے دوستوں کی مدد سے واردات انجام دی اور لاش خشک نہر میں دبا دی
    تفصیلات کے مطابق کائنات، جن کے پہلے شوہر کا انتقال ہو چکا تھا، نے فیکٹری میں کام کرنے والے ذیشان سے خفیہ طور پر محبت کی شادی کر رکھی تھی۔ یہ شادی ذیشان نے اپنے گھر والوں سے چھپا کر کی، جس کا علم صرف فیکٹری کے چند ساتھیوں کو تھا۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ ذیشان نے چند روز قبل والدین کے دباؤ پر جگیاں کی ایک لڑکی سے دوسری شادی بھی کر لی۔
    9/12/25 کو ذیشان نے کائنات کو فون کر کے بلایا، جس کے بعد کائنات لاپتہ ہو گئی اور اس کا موبائل فون بند رہا۔ والدہ سلمہ بی بی اور اہل خانہ کی مسلسل کوششوں کے بعد معاملہ پولیس تک پہنچا۔ شہری اشرف سانول کی پیروی پر ایس پی انویسٹیگیشن قصور ضیاء اللہ خان سے ملاقات کی گئی، جنہوں نے ایس ایچ او تھانہ کھڈیاں شیخ عامر اور اے ایس آئی لیاقت کو فوری اور سخت کارروائی کی ہدایات دیں۔
    پولیس نے ذیشان کو اس کے نئے سسرال جگیاں سے گرفتار کر کے تفتیش شروع کی تو ملزم نے ابتدائی پوچھ گچھ میں خفیہ بیوی کائنات کے قتل کا اعتراف کر لیا۔ ملزم کی نشاندہی پر اے ایس آئی لیاقت نے رمضان خان چیئرمین کے بھٹے کے سامنے، دادے والا کنواں کی سمت مشرق واقع خشک نہر سے مقتولہ کی لاش برآمد کر لی، جسے قتل کے بعد دفنایا گیا تھا۔
    پولیس نے لاش تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی شروع کر دی ہے جبکہ ملزم اور اس کے ساتھیوں کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔
    افسوسناک حقیقت یہ ہے کہ کائنات اپنے دو معصوم بچوں کو یتیم چھوڑ کر جھوٹے عشق اور بے وفا رشتے کی بھینٹ چڑھ گئی

  • پولیس کاروائی میں ملزم شراب کے ساتھ گرفتار

    قصور
    گنڈا سنگھ والا پولیس کی کارروائی، ساندہ پھاٹک سے شراب فروش گرفتار

    تفصیلات کے مطابق تھانہ گنڈا سنگھ والا پولیس نے ایس ایچ او آصف جاوید خان کی زیر نگرانی گشت کے دوران بڑی کارروائی کرتے ہوئے ساندہ پھاٹک کے قریب سے شراب فروش کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا
    اے ایس آئی عبدالغنی ہمراہ پولیس ملازمان، سید محمد اور انصب سلیم سرکاری گاڑی کے ذریعے گشت پر موجود تھا کہ مخبر خاص نے اطلاع دی کہ ایک شخص شراب کی کینی سمیت ساندہ پھاٹک پر رکشے کے انتظار میں کھڑا ہے
    جس پر پولیس نے فوری ریڈ کیا تو ملزم پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کرنے لگا تاہم پولیس پارٹی نے گھیراؤ کر کے موقع پر ہی قابو کر لیا

    گرفتار ملزم نے اپنا نام رفیق مسیح ولد حنیف مسیح سکنہ ساندہ پھاٹک بتایا
    جس کے قبضے سے سفید پلاسٹک کی کینی برآمد ہوئی جس میں پچیس لیٹر دیسی شراب نکلی
    ملزم عیسائی ہے تاہم ملزم شراب رکھنے کا کوئی اجازت نامہ پیش نہ کر سکا

    برآمد شدہ شراب میں سے نمونہ PFSA تجزیے کیلئے الگ کر کے باقی شراب کو سربمہر کر کے قبضہ پولیس میں لے لیا گیا
    پولیس نے ملزم کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مذید تفتیش شروع کر دی ہے

  • چکن کی قیمت 500 روپیہ فی کلو،ہوٹلوں پر قیمت 1800 روپیہ کلو

    چکن کی قیمت 500 روپیہ فی کلو،ہوٹلوں پر قیمت 1800 روپیہ کلو

    قصور
    گوشت کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود ہوٹل مالکان کی من مانیاں جاری،ضلعی انتظامیہ خاموش
    تفصیلات کے مطابق قصور ضلع بھر میں مرغی کے گوشت کی قیمت میں نمایاں کمی کے باوجود ہوٹل مافیا کے من مانے ریٹس برقرار ہیں جس سے عوام پریشان ہے
    اس وقت مرغی کے گوشت کی قیمت کم ہو کر 500 روپیہ فی کلو تک آ گئی ہے جبکہ پچھلے چند دنوں کے دوران یہ ریٹ 400 سے 500 روپیہ کے درمیان بھی رہا مگر اس کے باوجود ہوٹلوں اور فوڈ پوائنٹس پر کڑاھی گوشت وغیرہ بدستور 1200 سے 1800 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کیا جا رہا ہے

    اسی طرح برگر، شوارما، پیزا اور دیگر فاسٹ فوڈ اشیاء کے نرخوں میں بھی کوئی کمی نہیں کی گئی حالانکہ خام مال سستا ہو چکا ہے
    شہریوں کا کہنا ہے کہ جب مرغی کے گوشت کی قیمت میں محض 10 روپیہ فی کلو اضافہ ہوتا ہے تو فوراً تمام اشیاء مہنگی کر دی جاتی ہیں لیکن جب قیمتیں کم ہوتی ہیں تو ریلیف عوام تک منتقل نہیں کیا جاتا
    عوامی حلقوں نے اس صورتحال کو کھلی ناانصافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہوٹل مالکان منافع خوری میں مصروف ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے
    شہریوں نے ڈپٹی کمشنر قصور اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لے کر سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور عوام کو مہنگائی کے اس غیر منصفانہ بوجھ سے نجات دلائی جائے

  • شدید سردی،دھند،مہنگائی سے شہری سخت پریشان،انتظامیہ سے نوٹس کی اپیل

    شدید سردی،دھند،مہنگائی سے شہری سخت پریشان،انتظامیہ سے نوٹس کی اپیل

    قصور
    شدید سردی،دھند مہنگائی اور بے روزگاری سے شہری پریشان

    تفصیلات کے مطابق قصور میں سردی کی شدت، دھند، مہنگائی اور بے روزگاری نے غریب کی زندگی اجیرن بنا دی ہیں

    شہر اور مضافاتی علاقوں میں شدید سردی کے ساتھ دھند میں اضافے نے معمولاتِ زندگی مفلوج کر دیے ہیں
    کھانے پینے کی اشیاء کی بڑھتی ہوئی قیمتیں اور دیہاڑی نہ ملنے کی وجہ سے محنت کش طبقہ دوہری آزمائش میں مبتلا ہو گیا ہے
    دیہاڑی دار مزدوروں کا کہنا ہے کہ دھند اور سرد موسم کے باعث کام کے مواقع مذید کم ہو گئے ہیں، صبح سے شام تک انتظار کے باوجود مزدوری نہیں مل رہی، جبکہ آٹا، سبزیاں، دالیں اور دیگر بنیادی اشیاء عام آدمی کی قوتِ خرید سے باہر ہو چکی ہیں
    کئی گھروں میں سردی کے باعث چولہے بجھنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے
    شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی پر قابو پایا جائے اور دیہاڑی دار طبقے کے لیے ہنگامی ریلیف فراہم کیا جائے اور سستے بازاروں کو فوری طور پر فعال کیا جائے ورنہ حالات مذید سنگین صورت اختیار کر سکتے ہیں

  • واپڈا قصور کا عوام کو پتھر کے دور اور بلیک آؤٹ کا عملی سبق

    واپڈا قصور کا عوام کو پتھر کے دور اور بلیک آؤٹ کا عملی سبق

    قصور
    واپڈا قصور نے عوام کو پتھر کے دور اور بلیک آؤٹ کا عملی سبق دینا شروع کر دیا

    تفصیلات کے مطابق قصور میں واپڈا نے عوام کو بلیک آؤٹ کا اور پتھر کے دور کا عملی سبق دینا شروع کر دیا ہے

    شہر کے مختلف علاقوں میں روزانہ 4 سے 10 گھنٹے تک غیر اعلانیہ طور پر بجلی بند رکھی جا رہی ہے، جس سے شہری شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں۔ سب ڈویژن راجہ جنگ، بہادر پورہ، بلھے شاہ اور دیگر ملحقہ علاقوں میں گزشتہ چند دنوں سے گھنٹوں پر محیط لوڈ شیڈنگ معمول بن چکی ہے

    غیر اعلانیہ بجلی بندش کے باعث گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ تاجر، مزدور، طلبہ اور مریض سب ہی متاثر ہو رہے ہیں۔ شدید سردی میں بجلی کی طویل بندش نے معمولاتِ زندگی مفلوج کر دیے ہیں جبکہ واپڈا حکام کی جانب سے نہ کوئی پیشگی اطلاع دی جا رہی ہے اور نہ ہی واضح شیڈول فراہم کیا جا رہا ہے

    شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر یہی صورتحال رہی تو احتجاج کے سوا کوئی راستہ نہیں بچے گا۔ عوام نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ قصور میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا فوری نوٹس لیا جائے اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے

  • بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل سوار ٹریفک پولیس اہلکار کی ویڈیو وائرل،عوام کے سوالات

    قصور میں ایک شہری نے ٹریفک پولیس کے ایک اہلکار کی ویڈیو بنا لی، جو مبینہ طور پر بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل پر سوار ہو کر سفر کر رہا تھا۔ ویڈیو بنانے والے شہری کا مؤقف ہے کہ جب عام شہری ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں تو ان پر فوری چالان کیا جاتا ہے، اس لیے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو بھی انہی قوانین کا پابند ہونا چاہیے۔

    واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ٹریفک قوانین میں ترمیم کے بعد قصور میں ٹریفک پولیس کی جانب سے سخت کارروائیاں کی گئیں۔ اس دوران بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے اور دیگر خلاف ورزیوں پر دو ہزار روپے تک کے چالان بھی کیے گئے، جس پر شہریوں میں شدید ردِعمل دیکھنے میں آیا اور بعض حلقوں نے ان اقدامات کو سخت قرار دیا۔

    اب سامنے آنے والی اس ویڈیو کے بعد شہریوں میں یہ بحث زور پکڑ گئی ہے کہ قانون کا اطلاق سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے، چاہے وہ عام شہری ہوں یا سرکاری اہلکار۔ شہری کا کہنا ہے کہ اگر عوام کو قوانین کی خلاف ورزی پر سزا دی جاتی ہے تو ٹریفک پولیس اہلکاروں کو بھی اپنی ذمہ داریوں اور ضابطوں کی مکمل پابندی کرنی چاہیے۔

    دوسری جانب بعض شہری حلقوں کا مؤقف ہے کہ ایسے معاملات میں متعلقہ اداروں کو خود نوٹس لیتے ہوئے اندرونی تحقیقات کرنی چاہئیں تاکہ قانون کی بالادستی اور عوام کا اعتماد برقرار رکھا جا سکے۔

    یہ واقعہ ایک بار پھر اس بحث کو جنم دے رہا ہے کہ ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ شفافیت اور مساوی احتساب بھی ناگزیر ہے، تاکہ شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان اعتماد کی فضا قائم رہ سکے۔

  • ضلع بھر کی سڑکوں پر ہیوی ٹریفک راج،ایک اور جان چلی گئی

    قصور
    ضلع بھر کی سڑکوں پر اوور لوڈنگ،اوور سپیڈ گاڑیاں بے لگام،لوگوں کو کچلنا گاڑیوں کا کام،شہری سخت پریشان

    تفصیلات کے مطابق قصور کی تحصیل کوٹ رادھا کشن میں تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے 30 سالہ نوجوان جاں بحق ہو گیا
    ضلع بھر کی مین شاہراہوں پر ٹریکٹر ٹرالیوں، ڈمپروں اور بڑی گاڑیوں کی بے قابو رفتار کے باعث قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع روز کا معمول بنتا جا رہا ہے
    کوٹ رادھا کشن کے نواحی علاقے گھنیکی کے قریب ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں تیس سالہ نوجوان موٹر سائیکل پر سوار ہو کر رائے ونڈ جا رہا تھا کہ پیچھے سے آنے والی تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے اسے کچل ڈالا
    ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس قدر شدید تھا کہ نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیا
    واقعہ کے بعد علاقہ میں سوگ کی فضا چھا گئی جبکہ شہریوں نے مین شاہراہوں پر بھاری گاڑیوں کی بے لگام رفتار کے خلاف مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے
    شہریوں کا کہنا ہے اکیلے موٹر سائیکل سواروں کے چالانوں پر کچھ نظر ثانی کرکے بڑی گاڑیوں پر بھی نظر ڈالی جائے تاکہ قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے

  • ادویات کی قیمتوں میں پھر سے اضافہ ،شہری چیخ اٹھے،گورنمنٹ محض دعؤں تک محدود

    قصور
    سردی کی آمد کے ساتھ بیماریوں میں تیزی، ادویات مافیا دوبارہ سرگرم ، قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ، گورنمنٹ خاموش

    تفصیلات کے مطابق قصور میں ٹھنڈ نے زور پکڑا تو ساتھ ہی نزلہ، زکام، کھانسی، الرجی اور بخار جیسی موسمی بیماریوں میں خطرناک اضافہ ہو گیا ہے شہری پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے تھے اوپر سے ادویات کی بڑھتی ڈیمانڈ نے صورتحال مذید خراب کر دی ہے

    بلیک مارکیٹنگ مافیا نے حسبِ روایت سرگرم ہو کر مارکیٹ سے عام استعمال کی بیشتر ادویات غائب کر دیں ہیں اور جو دستیاب ہیں اُن کی قیمتیں کئی گنا بڑھا دی گئی ہیں مہنگائی کے ستائے لوگوں کے لیے علاج کروانا مذید مشکل ہو گیا ہے

    ادویات ساز کمپنیوں کی جانب سے من مانی قیمتوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ڈریپ، پرائس کنٹرول اتھارٹی اور دیگر متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں
    شہریوں کا کہنا ہے کہ سابقہ حکومت کی طرح موجودہ حکومت بھی صرف دعووں تک محدود ہے جبکہ عملی اقدامات کہیں نظر نہیں آتے
    ہر روز نیا وعدہ، اور ہر وعدہ ریت کا گھر ثابت ہو رہا ہے

    قصور کے میڈیکل سٹور مالکان بھی شدید دباؤ میں ہیں، کیونکہ ادویات کی سپلائی کم اور قیمتیں بڑی تیزی سے بڑھ چکی ہیں
    عوام نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ سردی کے موسم میں بیماریاں بڑھے تو علاج کم از کم عام آدمی کی پہنچ میں رہے

  • قصور:بہادر پورہ، مبینہ پولیس مقابلے میں ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

    قصور:بہادر پورہ، مبینہ پولیس مقابلے میں ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

    قصور (ڈسٹرکٹ رپورٹر،طارق نوید سندھو): بہادر پورہ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک مسلح ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ کا نشانہ بن کر ہلاک ہو گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق، ڈاکو لوٹ مار میں مصروف تھے کہ ایک شہری نے 15 پر کال کرکے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈاکوؤں کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے فائرنگ کر دی۔

    مقامی ذرائع کے مطابق، ڈاکوؤں کی اپنی فائرنگ کے نتیجے میں ہی ایک ڈاکو موقع پر ہلاک ہو گیا۔ ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت اشتیاق عرف ببلی کے نام سے ہوئی ہے اور اس کی لاش ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی قصور میں دو مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران تین ڈاکو ہلاک ہو گئے تھے۔ دونوں طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں تینوں ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے جان سے گئے تھے۔ ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت جبار، ذیشان اور علی رضا کے ناموں سے ہوئی تھی۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے یا ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کے خلاف مقدمات درج ہیں اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

  • بی آئی ایس پی پروگرام کیلئے سم کارڈز کیلئے عورتیں سخت اذیت میں

    بی آئی ایس پی پروگرام کیلئے سم کارڈز کیلئے عورتیں سخت اذیت میں

    قصور
    بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت خواتین سِم کے حصول کے لیے ضلع کونسل ہال میں شدید پریشانی کا شکار, انتظامیہ سے نوٹس کی اپیل

    تفصیلات کے مطابق قصور میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کی جانب سے خواتین کو سِم کی تصدیق اور بائیومیٹرک کے لیے ضلع کونسل ہال بلایا گیا مگر بنیادی سہولیات کے فقدان نے سارا عمل انتہائی تکلیف دہ بنا دیا

    ضلع کونسل ہال میں نہ مناسب بیٹھنے کی جگہ فراہم کی گئی اور نہ ہی پینے کے پانی کا کوئی انتظام موجود تھا
    سخت سردی کے موسم میں خواتین کو زمین پر بیٹھنے پر مجبور کیا گیا جب کہ عملے کی کم تعداد کے باعث گھنٹوں تک لائنوں میں کھڑے رہنا پڑا

    متاثرہ خواتین نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مناسب شیلٹر
    ،کرسیاں یا کم از کم چٹائیاں اور پینے کے پانی کے انتظام کیساتھ علیحدہ خواتین کا کاؤنٹر فراہم کیے جائیں تاکہ انہیں عزت اور سہولت کے ساتھ یہ سرکاری عمل مکمل کرنے کا موقع مل سکے

    شہریوں اور سماجی حلقوں نے بھی اس صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے