Baaghi TV

Category: قصور

  • بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل سوار ٹریفک پولیس اہلکار کی ویڈیو وائرل،عوام کے سوالات

    قصور میں ایک شہری نے ٹریفک پولیس کے ایک اہلکار کی ویڈیو بنا لی، جو مبینہ طور پر بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل پر سوار ہو کر سفر کر رہا تھا۔ ویڈیو بنانے والے شہری کا مؤقف ہے کہ جب عام شہری ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں تو ان پر فوری چالان کیا جاتا ہے، اس لیے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو بھی انہی قوانین کا پابند ہونا چاہیے۔

    واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ٹریفک قوانین میں ترمیم کے بعد قصور میں ٹریفک پولیس کی جانب سے سخت کارروائیاں کی گئیں۔ اس دوران بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے اور دیگر خلاف ورزیوں پر دو ہزار روپے تک کے چالان بھی کیے گئے، جس پر شہریوں میں شدید ردِعمل دیکھنے میں آیا اور بعض حلقوں نے ان اقدامات کو سخت قرار دیا۔

    اب سامنے آنے والی اس ویڈیو کے بعد شہریوں میں یہ بحث زور پکڑ گئی ہے کہ قانون کا اطلاق سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے، چاہے وہ عام شہری ہوں یا سرکاری اہلکار۔ شہری کا کہنا ہے کہ اگر عوام کو قوانین کی خلاف ورزی پر سزا دی جاتی ہے تو ٹریفک پولیس اہلکاروں کو بھی اپنی ذمہ داریوں اور ضابطوں کی مکمل پابندی کرنی چاہیے۔

    دوسری جانب بعض شہری حلقوں کا مؤقف ہے کہ ایسے معاملات میں متعلقہ اداروں کو خود نوٹس لیتے ہوئے اندرونی تحقیقات کرنی چاہئیں تاکہ قانون کی بالادستی اور عوام کا اعتماد برقرار رکھا جا سکے۔

    یہ واقعہ ایک بار پھر اس بحث کو جنم دے رہا ہے کہ ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ شفافیت اور مساوی احتساب بھی ناگزیر ہے، تاکہ شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان اعتماد کی فضا قائم رہ سکے۔

  • ضلع بھر کی سڑکوں پر ہیوی ٹریفک راج،ایک اور جان چلی گئی

    قصور
    ضلع بھر کی سڑکوں پر اوور لوڈنگ،اوور سپیڈ گاڑیاں بے لگام،لوگوں کو کچلنا گاڑیوں کا کام،شہری سخت پریشان

    تفصیلات کے مطابق قصور کی تحصیل کوٹ رادھا کشن میں تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے 30 سالہ نوجوان جاں بحق ہو گیا
    ضلع بھر کی مین شاہراہوں پر ٹریکٹر ٹرالیوں، ڈمپروں اور بڑی گاڑیوں کی بے قابو رفتار کے باعث قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع روز کا معمول بنتا جا رہا ہے
    کوٹ رادھا کشن کے نواحی علاقے گھنیکی کے قریب ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں تیس سالہ نوجوان موٹر سائیکل پر سوار ہو کر رائے ونڈ جا رہا تھا کہ پیچھے سے آنے والی تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے اسے کچل ڈالا
    ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس قدر شدید تھا کہ نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیا
    واقعہ کے بعد علاقہ میں سوگ کی فضا چھا گئی جبکہ شہریوں نے مین شاہراہوں پر بھاری گاڑیوں کی بے لگام رفتار کے خلاف مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے
    شہریوں کا کہنا ہے اکیلے موٹر سائیکل سواروں کے چالانوں پر کچھ نظر ثانی کرکے بڑی گاڑیوں پر بھی نظر ڈالی جائے تاکہ قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے

  • ادویات کی قیمتوں میں پھر سے اضافہ ،شہری چیخ اٹھے،گورنمنٹ محض دعؤں تک محدود

    قصور
    سردی کی آمد کے ساتھ بیماریوں میں تیزی، ادویات مافیا دوبارہ سرگرم ، قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ، گورنمنٹ خاموش

    تفصیلات کے مطابق قصور میں ٹھنڈ نے زور پکڑا تو ساتھ ہی نزلہ، زکام، کھانسی، الرجی اور بخار جیسی موسمی بیماریوں میں خطرناک اضافہ ہو گیا ہے شہری پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے تھے اوپر سے ادویات کی بڑھتی ڈیمانڈ نے صورتحال مذید خراب کر دی ہے

    بلیک مارکیٹنگ مافیا نے حسبِ روایت سرگرم ہو کر مارکیٹ سے عام استعمال کی بیشتر ادویات غائب کر دیں ہیں اور جو دستیاب ہیں اُن کی قیمتیں کئی گنا بڑھا دی گئی ہیں مہنگائی کے ستائے لوگوں کے لیے علاج کروانا مذید مشکل ہو گیا ہے

    ادویات ساز کمپنیوں کی جانب سے من مانی قیمتوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ڈریپ، پرائس کنٹرول اتھارٹی اور دیگر متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں
    شہریوں کا کہنا ہے کہ سابقہ حکومت کی طرح موجودہ حکومت بھی صرف دعووں تک محدود ہے جبکہ عملی اقدامات کہیں نظر نہیں آتے
    ہر روز نیا وعدہ، اور ہر وعدہ ریت کا گھر ثابت ہو رہا ہے

    قصور کے میڈیکل سٹور مالکان بھی شدید دباؤ میں ہیں، کیونکہ ادویات کی سپلائی کم اور قیمتیں بڑی تیزی سے بڑھ چکی ہیں
    عوام نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ سردی کے موسم میں بیماریاں بڑھے تو علاج کم از کم عام آدمی کی پہنچ میں رہے

  • قصور:بہادر پورہ، مبینہ پولیس مقابلے میں ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

    قصور:بہادر پورہ، مبینہ پولیس مقابلے میں ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

    قصور (ڈسٹرکٹ رپورٹر،طارق نوید سندھو): بہادر پورہ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک مسلح ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ کا نشانہ بن کر ہلاک ہو گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق، ڈاکو لوٹ مار میں مصروف تھے کہ ایک شہری نے 15 پر کال کرکے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈاکوؤں کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے فائرنگ کر دی۔

    مقامی ذرائع کے مطابق، ڈاکوؤں کی اپنی فائرنگ کے نتیجے میں ہی ایک ڈاکو موقع پر ہلاک ہو گیا۔ ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت اشتیاق عرف ببلی کے نام سے ہوئی ہے اور اس کی لاش ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی قصور میں دو مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران تین ڈاکو ہلاک ہو گئے تھے۔ دونوں طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں تینوں ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے جان سے گئے تھے۔ ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت جبار، ذیشان اور علی رضا کے ناموں سے ہوئی تھی۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے یا ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کے خلاف مقدمات درج ہیں اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

  • بی آئی ایس پی پروگرام کیلئے سم کارڈز کیلئے عورتیں سخت اذیت میں

    بی آئی ایس پی پروگرام کیلئے سم کارڈز کیلئے عورتیں سخت اذیت میں

    قصور
    بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت خواتین سِم کے حصول کے لیے ضلع کونسل ہال میں شدید پریشانی کا شکار, انتظامیہ سے نوٹس کی اپیل

    تفصیلات کے مطابق قصور میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کی جانب سے خواتین کو سِم کی تصدیق اور بائیومیٹرک کے لیے ضلع کونسل ہال بلایا گیا مگر بنیادی سہولیات کے فقدان نے سارا عمل انتہائی تکلیف دہ بنا دیا

    ضلع کونسل ہال میں نہ مناسب بیٹھنے کی جگہ فراہم کی گئی اور نہ ہی پینے کے پانی کا کوئی انتظام موجود تھا
    سخت سردی کے موسم میں خواتین کو زمین پر بیٹھنے پر مجبور کیا گیا جب کہ عملے کی کم تعداد کے باعث گھنٹوں تک لائنوں میں کھڑے رہنا پڑا

    متاثرہ خواتین نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مناسب شیلٹر
    ،کرسیاں یا کم از کم چٹائیاں اور پینے کے پانی کے انتظام کیساتھ علیحدہ خواتین کا کاؤنٹر فراہم کیے جائیں تاکہ انہیں عزت اور سہولت کے ساتھ یہ سرکاری عمل مکمل کرنے کا موقع مل سکے

    شہریوں اور سماجی حلقوں نے بھی اس صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے

  • قصور، بابا بلھے شاہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں پارکنگ مافیا کی من مانی

    قصور، بابا بلھے شاہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں پارکنگ مافیا کی من مانی

    قصور کے سب سے بڑے سرکاری ادارے ڈی ایچ کیو ہسپتال المعروف بابا بلھے شاہ ہسپتال میں عوام کے ساتھ سخت ناانصافی روز کا معمول بن چکی ہے

    ہسپتال کی سرکاری ٹھیکے پر دی گئی پارکنگ میں شہریوں سے مقررہ نرخوں کے برعکس بھاری رقوم وصول کی جا رہی ہے، پارکنگ ٹھیکیدار کی جانب سے فی موٹر سائیکل فی پھیرا تیس روپے جبکہ ہیلمٹ کے الگ سے بیس روپے وصول کیے جا رہے ہیں جبکہ پارکنگ پرچی پر نہ تو رقم پرنٹ ہوتی ہے اور نہ ہی کسی قسم کی سرکاری رسید دی جا رہی ہے،واضع رہے کہ گورنمنٹ کی جانب سے موٹر سائیکل پارکنگ کی فیس دس روپے مقرر ہے مگر اس کے باوجود ٹھیکیدار مبینہ غنڈہ گردی کے ذریعے شہریوں سے تین گنا زائد رقم وصول کر رہا ہے

    شہریوں کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی اس غیر قانونی وصولی کے خلاف شدید احتجاج کیا جا چکا ہے جس پر سابقہ ڈپٹی کمشنر قصور نے ٹھیکیدار کے خلاف پرچہ بھی درج کروایا تھا تاہم چند دن کی وقتی کارروائی کے بعد معاملہ پھر وہیں آ کھڑا ہوا ہے اور لوٹ مار دوبارہ سے جاری ہے،عوامی حلقوں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر لاہور اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ازخود نوٹس لیتے ہوئے بابا بلھے شاہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں جاری اس کھلی لوٹ مار کو فوری طور پر بند کروائیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے

  • قصور:پاک چین دوستی تقریب، چینی قونصل جنرل اور صوبائی قیادت کی خصوصی شرکت

    قصور:پاک چین دوستی تقریب، چینی قونصل جنرل اور صوبائی قیادت کی خصوصی شرکت

    قصور (ڈسٹرکٹ رپورٹرطارق نوید سندھو) قصور میں پاک چائنہ دوستی کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چینی قونصل جنرل، سپیکر پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

    وفاقی وزیر ملک رشید احمد خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ:ضلع کے لیے اعزاز ہے کہ آج چین کے معزز مہمان ہمارے ساتھ ہیں۔چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔جنگی حالات سمیت ہر آزمائش میں چین پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا۔70 سالہ دوستی ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔گوادر تک سڑکوں کی تعمیر اور سی پیک منصوبے اس دوستی کو لازوال بنارہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاک چائنہ دوستی "بے مثال، ہمالیہ سے اونچی، شہد سے میٹھی اور سمندر سے گہری” ہے، اور دونوں ممالک ترقی، امن اور خوشحالی کے سفر میں ساتھ ساتھ رہیں گے۔

    تقریب میں شرکاء نے پاک–چائنہ تعلقات کو خطے کے استحکام اور ترقی کے لیے اہم قرار دیا اور دو طرفہ تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

  • مشترکہ موک ایکسر سائز ،دہشت گردی کے خلاف فرضی کاروائی


    قصور
    قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ موک ایکسرسائز، پال میموریل چرچ میں فرضی دہشت گردی کی کوشش ناکام

    تفصیلات کے مطابق قصور پولیس کی جانب سے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت جانچنے کے لیے شہر میں ایک ہمہ گیر موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا جس میں پولیس، سی ٹی ڈی، ٹریفک پولیس، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور دیگر اداروں نے بھرپور حصہ لیا

    فرضی مشق کے دوران پال میموریل چرچ قصور میں دہشت گردی کی ایک مذموم کارروائی کو بروقت ردعمل دے کر ناکام بنایا گیا
    مشق میں دہشت گردوں کے داخلے، شہریوں کے انخلاء، سرچ آپریشن اور کلیئرنس کی کارروائیوں کا عملی مظاہرہ کیا گیا

    پولیس حکام کے مطابق تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، جبکہ اس مشق کا مقصد ریئل ٹائم رسپانس کو مزید مؤثر بنانا تھا

    اداروں کے باہمی رابطے، رفتار اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ ایسی مشقیں سکیورٹی اداروں کی استعداد کار میں اضافہ کرتی ہیں اور شہریوں کے احساسِ تحفظ کو بھی مضبوط بناتی ہیں

  • پہیہ جام ہڑتال سے سخت کوفت،شہریوں کی گورنمنٹ سے استدعا

    پہیہ جام ہڑتال سے سخت کوفت،شہریوں کی گورنمنٹ سے استدعا

    قصور
    پہیہ جام ہڑتال، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح قصور میں بھی آج پہیہ جام ہڑتال ہوئی، جس کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند ہیں
    بسیں، ویگنیں اور کوسٹر نہ چلنے سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے

    ٹرانسپورٹ بند ہونے کے باعث لوگ مجبوری میں اپنی ذاتی سواریوں، موٹر سائیکلوں اور رکشوں پر سفر کرنے پر مجبور رہے جس کے سبب شہر بھر میں رش اور کوفت کی صورتحال دیکھنے میں آئی ہے

    شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری اقدامات کرے تاکہ روزمرہ زندگی معمول پر آ سکے

  • قصور: بار روم میں پولیس اور ایلیٹ فورس کے داخلے پر وکلاء کا شدید احتجاج

    قصور: بار روم میں پولیس اور ایلیٹ فورس کے داخلے پر وکلاء کا شدید احتجاج

    قصور (ڈسٹرکٹ رپورٹر طارق نوید سندھو)قصور کے تھانہ بی ڈویژن کی بھاری نفری نے ایلیٹ فورس کے اہلکاروں کے ہمراہ مقامی بار روم میں داخل ہو کر کارروائی کی، جس پر وکلاء نے شدید احتجاج کیا۔

    وکلاء نے صدر بار کے کمرے کو باہر سے تالہ لگا دیا اور تلخ کلامی کے بعد پولیس کے رویے پر شدید نعرے بازی کی۔ پولیس اور ایلیٹ فورس کے اہلکار بار سے باہر نہ جانے پر بھی وکلاء کے نعرے بازی جاری رہی۔

    ذرائع کے مطابق پولیس صدر بار کے کمرے میں ایس ایچ او بی ڈویژن اسلم بھٹی اور ملازمین کے ہمراہ داخل ہوئے تاکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جا سکے۔ تاہم، وکلاء نے اسے ہتک آمیز رویہ قرار دیتے ہوئے شدید مزاحمت کی۔

    اس دوران وکلاء نے صدر بار کے کمرے کو نوٹس لگا کر تھانہ بی ڈویژن بنا دیا اور پولیس کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔ واقعے کے نتیجے میں بار کے اندر موجود ماحول کشیدہ ہو گیا اور صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے مزید حکومتی اقدامات کی ضرورت محسوس کی گئی۔

    وکلاء نے مطالبہ کیا ہے کہ بار میں داخلے کے طریقہ کار میں قانون اور روایات کا احترام کیا جائے اور مستقبل میں کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مناسب رویہ اختیار کیا جائے۔